مختلف سیاروں کے زائچہ پیدائش میں اثرات (6)
زائچہ پیدائش کے بارہ گھروں میں سیارگان کی اچھی اور بری پوزیشن
بارہ گھروں میں عطارد
عطارد کی اثر آفرینی تحریر و تقریر ،علم ریاضی، کاغذی کام، مطالعہ ، فنون ، مختصر سفر اور نقل و حرکت کے تمام معاملات کی نقیب ہے۔ معلومات حاصل کرنے کے نئے طریقے، اکتساب علم، ڈگریاں عطارد کی دین ہیں۔ کتابیں، معلومات یہ سب اس کی عملداری میں ہیں ۔
پہلے گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں پہلے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ حسین و جمیل، خوش مزاج، ذہین، ایک اسکالر، مخیر، سچ بولنے والا، خوش طبع، ہنسی مذاق کرنے والا، غیب دانی اور پراسرار علوم کے مطالع کا شوقین، بزلہ سنج، بااثر دانشور، معزز، لمبی حیات کا،شعرو ادب کا ذوق رکھنے والا، عمدہ جسمانی صحت کا مالک اور بیرون ملک میں رہائش پذیر ہوگا۔
دوسرے گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں دوسرے گھر میں ہوتو متعلقہ شخص اپنے باپ کا جان نثار، نازک اندام لیکن بیمار وں جیسا ، گوری رنگت کا مالک، سچ بولنے والا مذہبی عالم اور فلسفیانہ معلومات میں طاق، پر مزاح، چالاک، گفتار ، کاغازی، مالدار، محتاط ، کفایت شعار، کمانے میں ہوشیار۔
تیسرے گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ، دلیر، چالاک، ظالم، صنف ناک میں مقبول، باتدبیر، ڈپلو میٹک ، ہو ش مند، اپنی فیملی سے وابستہ لیکن خوشیوں سے محروم ہوگا۔
چوتھے گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں چوتھے گھر میں ہو اور کسی منحوس سیارے کے زیر اثر بھی ہو تو یہ اس کے بھائی کی دولت تباہ و برباد کرد ے گا اور ماں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ اگر عطارد کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ کی بہت سی بیویاں ہوں گی، وہ بے چین فطرت کامالک قابل، زراعت پیشہ، ناخوش ، احسان کرنے والا، مہذب، پر خلوص اور شفیق ، ادبی سرگرمیوں سے باخبر رہنے والا، با صلاحیت اور عام طور سے بچپن میں بیماریوں کا شکار رہے گا۔
پانچویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں پانچویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ ظاہر داری اور نمو دو نمائش کا مریض ، قابل ، جھگڑالو، اچھے فرنیچر اور ملبوسات کا شوقین ،امیر وں میں معزز، اسکالر، قیاس سے کام لینے والا، اچھی انتظامی صلاحیتوں کا مالک اور گھریلو زندگی میں خوش ہوگا۔ اس کے والدین بیمار رہیں گے اور اس کے ماموﺅں کو خطرہ ہوگا۔
چھٹے گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہوتو متعلقہ شخص کے بہت سے دشمن ہوں گے۔وہ خائف بھی رہے گا، معزز، ماتحت آفیسر، جھگڑالو ، نمو دو نمائش کا شوقین ہوگا، اسے مالی نقصان ہوگا اور وہ پیروں اور انگوٹھوں کی تکلیف میں مبتلا رہے گا لیکن اگر عطارد کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے والا اور اس کے بدلے اعزاز حاصل کرنے والاہوگا ۔
ساتویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخض کے زائچے میں ساتویں گھرمیں ہو تو صاحب زائچہ بے چین اور مضطرب طبیعت کا مالک ہوگا۔ اس کا وزن درمیانہ درجے کا ہوگا اور تعلیمی سلسلہ تعطل کا شکار ہوگا لیکن اگر یہی عطارد کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ کی کم عمری میںشادی ہوگی، اس کی بیوی معزز گھرانے کی ہوگی اور وہ ایک خوش گوار ازدواجی زندگی گزارے گا اورکاروبار میں کامیاب ہوگا۔
آٹھویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ سچ بولنے والا ہوگا۔وہ حسین اور فتح مند ہوگا، مہمان نواز ہوگا لیکن اگر عطارد کسی نحس سیارے کے زیر اثر ہو تو صاحب زائچہ شہوت پرست ہوگا اور کسی گھٹیا درجے کی عورت سے اس کے ناجائز تعلقات ہوں گے۔
نویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں نویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اپنی گھر یلو زندگی میں اپنی بیوی ، بیٹو ں اور دولت کے ساتھ خوش و خرم زندگی بسر کرے گا۔ لیکن اگر یہی عطارد کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہو تو گناہ کے راستے پر چلنے والا ہوگا، وہ لٹریچر سے نفرت کرے گا لیکن سخت محنت اور مشقت سے روزی کمائے گا۔
دسویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں دسویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ فیض رساں ہوگا، وہ سخت محنت و مشقت سے دولت حاصل کرے گا اور اچھی طرح اس کی حفاظت کرے گا۔ وہ کم گو ہوگا۔ وہ پر عزم، خوش قسمت، ذہین، خراب بینائی، فعال، مخیر، خوش طبع، لائق اور انسان دوست ہوگا اور زندگی سے لطف اندوز ہوگا۔ عطارد کی اس موافق اور کرم گسترانہ پوزیشن کے تحت صاحب زائچہ اسکالر، مشہور اور زبردست قوت ارادی کا مالک ہوگا۔ اسے دولت اور ہر طرح کی آرام و آسائش حاصل ہوگا۔
گیارہویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ مالدار، سائنٹیفک، خوش، اچھاایسٹرولوجر، منطقی ہوگا، وہ مقدس تحریروں کا پیرو کار ہوگا اور انہیں تعلیمات کے مطابق اپنی فیملی کی خدمت کرے گا۔ وہ دبلا پتلا ، کمزور جسم کامالک ہوگا، اس کے مشہور لوگوں میں بہت سے دوست ہوں گے، بہت سی زمینیں ہوں گی، اسے دولت کی حد سے زیادہ ہوس ہوگی اور اس کی بیوی کالی لیکن خوش شکل ہوگی، صاحب زائچہ ہر طرح کا کام انجام دینے میں ماہر ہوگا اور کاروبار میں کامیاب رہے گا۔
بارہویں گھر میں: اگر عطارد کسی شخص کے زائچے میں بارہویں گھر رمیں ہو تو صاحب زائچہ معذور ہوگا، اسے دوسروں کی دولت اور دوسروں کی عورتوں کو ہتھیانے کی زبردست آرزو ہوگی۔ وہ غریب ہوگا، اسے منشیات کی عادت نہیں ہوگی اور وہ ایک فیض رساں شخص بھی ہوگا۔ اس کے چند بچے ہوں گے اور اس کی ماں کو خطرہ ہوگا۔
مشتری بارہ برجوں میں
جب مشتری کی اثر آفرینی پر اثر انداز ہوتی ہے تو دنیا بھر میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں ۔ آپ کیا پڑھ رہے ہیں، کیا مہارت حاصل کررہے ہیں ، آپ کس پر یقین رکھتے ہیں، یہ تمام علاقے متاثر ہوسکتے ہیں۔ مشتری وسعت پذیر ی کی توانائی ہے چاہے آپ پسند کریں یا نہ کریں۔
یہ ممکن نہیں ہے کہ سیارہ مشتری زائچے کے کسی سعد گھر میں جلوہ افروز ہو اور صاحب زائچہ بے فیض رہے، مشتری اس کی زندگی میں کوئی نہ کوئی مثبت بدلا ضرور لائے گا لیکن یہی مشتری اگر زائچے کے نحس گھروں میں (6,8,12) ہو تو صورت حال مختلف ہوسکتی ہے اور انسان کو بعض مشکلات اور سختیاں برداشت کرنے کے بعد ہی کامیابی ملتی ہے ۔
پہلے گھر میں: اگر مشتری کسی شخص کے زائچے میں طالع گھر یا پہلے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ ہر قسم کی دولت کا مالک ہوگا وہ حسین و جمیل اور حاکم وقت یا جدید دنیا کی حکومت میں شاہی خاندان کا منظور نظر ہوگا۔ وہ مقنا طیسی شخصیت کا مالک، ایک با اثر لیڈر، اور بہت سے بچوں کا باپ ہوگا،مذہبی رجحان رکھتا ہوگا۔اس کی بیوی کا تعلق بھی کسی معزز اور مذہبی گھرانے سے ہوگا۔
دوسرے گھر میں: اگر مشتری کسی شخص کے زائچے میں دوسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ ہمیشہ خوش و خرم رہنے والا، اعلیٰ تعلیم یافتہ، قابل ، مالدار، ذہین، باوقار، پر کشش امیرانہ انداز، بزلہ سنج، باذوق اور خوش بیاں ہوگا، وہ جیتنے کے طریقوں سے واقف ہوگا۔ اس کے پاس دولت کا انبار ہوگا، اچھی بیوی اور اچھی فیملی ہوگی، اس کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں گی، پیدائش کے وقت سر کے درد میں مبتلا ہوگا لیکن آگے زندگی خوش و خرم گزرے گی۔
تیسرے گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ مشہور، اپنی فیملی کے لیے وقف، کنجوس، احسان کرنے والا، شائستہ، بے ضمیر، اچھا کاشت کار، توانا، دلیر، اپنے بھائیوں کی دولت پر عیش کرنے والا یا اس میں شیئر کرنے والا، مذہبی رسم و رواج پر بے دریغ خرچ کرنے والا ہوگا، جس کے نتیجے میں مالی پریشانیوں کا شکار ہوگا۔
چوتھے گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں چوتھے گھر میں ہوتو صاحب زائچہ نام اور شہرت کمائے گا، ہر طرح کے عیش و آرام سے لطف اندوز ہوگا اور حاکم سے انعام و کرام وصول کرے گا، تعلیم یافتہ ہوگا، خوش ، ذہین، دولت مند، خیراتی اداروں کا بانی، آرام دہ زندگی، اچھی وراثت کا مالک ہوگا، اچھی مذہبی ماں ہوگی اور قانع زندگی ہوگی ۔
پانچویں گھر میں: اگر مشتری کسی زائچے میں پانچویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ خالص اور پاکیزہ دل کا مالک ، ایک لیڈر، ذہین، کاروبار میں ماہر، دوستوں میں معزز، مقدس نصاب کی معلومات رکھنے والا، فرماں بردار بچے ہوں گے اور لوگ اس سے ملنا اعزاز سمجھیں گے۔
چھٹے گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کمزور جسم کا مالک ہوگا ، اس کے پاس کئی گاڑیاں ہوں گی اور وہ اپنے دشمنوں کو دھمکانے ولاہوگا لیکن اگر مشتری اسی گھرمیں روبہ زوال ہو تو ایک حاکم ہونے کے باوجود وہ اپنے دشمنوں سے خوف کھائے گا۔
ساتویں گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں ساتویں گھرمیں ہو تو صاحب زائچہ تو اس کی بیوی اچھی ہوگی اور اس کے ذریعہ اسے فائدہ ہوگا، وہ تعلیم یافتہ اور گھمنڈی ہوگا، اس میں ڈپلو میٹک صلاحیت ہوگی ۔ وہ کسی حکمراں کی طرح عیش و عشرت کی شاہانہ زندگی بسر کرے گا، نرم گفتار اور دلکش شخصیت کا مالک ہوگا۔
آٹھویں گھر میں: اگرمشتری زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کو حج پر جانا اچھا لگے گا وہ بے چین اور مضطرب ہوگا، کنوارا رہنا پسند کرے گا ، اخراجات کی زیادتی سے پریشان رہے گالیکن صاحب جائیداد ہوگا،اس کا رجحان ریسرچ یا اکلٹ سائنسز کی طرف ہوسکتا ہے، غریب اور یوگا کی ورزش کرنے والاہوگا۔
نویں گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں نویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ لوگوں میں بہترین ، مالدار اور کسی حکمران کے جیسا خوش حال، پاکیزہ دل،مشہور ، مخیر ، خالص ، اپنے آپ کو وقف کر دینے والا، مذہبی، رحم دل، سختی سے اپنے نظریات کی تصدیق کرنے والا اور دوسروں کو بھی ایسا ہی کرنے کی حوصلہ افزائی کرنے والا ہوگا ، وہ اپنی بیوی، اپنی دولت اور اپنی فیملی سے محبت کرنے والا ہوگا ، اس کے بہت سے بچے ہوں گے۔اپنے باپ کے لیے خوش بختی لائے گا، مذہبی علوم میں دلچسپی لے گا۔
دسویں گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں دسویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ پارسا، قابل، انتہائی با اصول ہوگا، وہ بہت دولت اکھٹی کرے گا، اداروں کا بانی، اچھا کاشت کار، عدم تشدد کا حامی، پر عزم، باضمیر، دولت حاصل کرنے میں ہوشیار ، بہت سی گاڑیوں کا مالک ہوگا، بہت سے بچے ہوں گے، سیاست میں ماہر ہوگا، مذہبی ہوگا اور اپنی بیوی کے سوا کسی دسوسری عورت کی طرف مائل نہیں ہوگا چاہے وہ کتنی ہی خوب صورت کیوں نہ ہو۔
گیارہویں گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ خدا ترس ، مخیر، بااثر، کسی حکمراں کی طرح دولت مند ہوگا، اپنی فیملی کے نام کو چار چاند لگائے گا اور عمومی طور سے تمام مذاہب کا احترام کرے گا۔ مشتری کسی شخص کی آمدنی کو تین گنا کر دیتا ہے اور آمدو رفت کے اچھے ذرائع فراہم کرتا ہے۔ہمہ وقت مصروف اور حرکت میں نظر آئے گا، اس کی بیوی پاک باز اور خوب صورت ہوگی۔
بارہویں گھر میں: اگر مشتری کسی کے زائچے کے بارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ عارضئہ قلب میں یا پیٹ کی بیماری میں مبتلا رہے گا۔ وہ بے حد کنجوس ہوگا اور آباو اجداد سے ترکے میں ملی ہوئی دولت کا مالک ہوگا لیکن اگر مشتری کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہو تو ایسا شخص غریب ہوگا، اس کے چند بچے ہوں گے ، غیر مستحکم کردار کا حامل ہوگا اور زندگی میں بعد میں عزلت گزینی کی طرف مائل ہوگا۔

