علم نجوم سے واقفیت کے لیے ایک نہایت مفید و کارآمد سلسلہ (5)
زائچہ پیدائش کے بارہ گھروں میں سیارگان کی اچھی اور بری پوزیشن
عزیزان من! علم نجوم سے واقفیت اور سیکھنے سمجھنے کا شوق رکھنے والوں کے لیے یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے، اس سے پہلے ہماری چارکتابیں اسی موضوع پر شائع ہوچکی ہیں ” آپ شناسی “جو بارہ برجوں کی خصوصیات سے متعلق ہے، ”پیش گوئی کا فن حصہ اول “زائچے کو سمجھنے اور اس کی بنیاد پر پیش گوئی کرنے میں مددگار ہے، اسی طرح ”پیش گوئی کا فن حصہ دوم“ میں بھی زائچے کے دیگر حصوں یعنی ڈیجیٹل چارٹ کو سمجھنے کے علاوہ بعض دیگر اہم موضوعات پر تفصیلی مضامین دیے گئے ہیں۔
ہماری چوتھی کتاب پاکستان میں یعنی اردو زبان میں اپنے موضوع کے اعتبار سے نہایت منفرد ہے اس کا موضوع چاند کی منزلیں جنھیں سنسکرت میں نچھتر کہا جاتا ہے اس پر تفصیلی بات کی گئی ہے، موجودہ سلسلہ بھی اس اعتبار سے اہمیت رکھتا ہے کہ اکثر لوگ فی زمانہ ایسٹرولوجیکل سافٹ ویئرزبا آسانی اپنے موبائل میں ڈاون لوڈ کرلیتے ہیں اور پھر اپنا زائچہ بھی خود بنالیتے ہیں لیکن اسے پڑھنا اور سمجھنا ان کے لیے ممکن نہیں ہوتا، کم از کم اس سلسلے سے انھیں یہ فائدہ ہوگا کہ وہ جان سکیں، زائچے میں کون سا سیارہ کس برج میں اور کس گھر میں بیٹھا ہے اور کیا اثرات مرتب کر رہا ہے ۔
دنیا آہستہ آہستہ ڈیجیٹل میڈیا کی طرف بڑھ رہی ہے اور کہا جاتا ہے کہ یہ صدی کتاب کی آخری صدی ہے اور اب لوگ کتاب خریدنے کے بجائے کتاب کا پی ڈی ایف فائل ڈھونڈتے نظر آتے ہیں، اس سلسلے کو اپنی ویب سائٹ پر اسی لیے شروع کیا ہے کہ لوگ کتاب خریدنے کی زحمت سے بچ جائیں۔
سافٹ ویئر سے اپنا زائچہ بنائیں اور دیکھیں کہ کون ساسیارہ ان کے زائچے میں کہاں بیٹھا ہے اور کس قسم کے اثرات ان کی زندگی پر ڈال رہا ہے، حالاں کہ اس کے بعد بھی ایک نوسیکھیاپوری طرح اپنے زائچے کے نشیب و فراز کو نہیں سمجھ سکتا کیوں کہ علم نجوم ایک بہت ہی عظیم سائنس ہے۔
اس پر برسوں کی پریکٹس کے بعد ہی کسی حد تک عبور حاصل ہوتا ہے، یہ ایک ایسی سائنس ہے جس پر تحقیق اور تجربات گزشتہ تقریباً پانچ ہزار سال سے مسلسل جاری ہیں، گویا یہ علم کا ایک سمندر ہے جس میں عمر بھر کی غوطہ خوری کے باوجود کوئی یہ دعوی نہیں کرسکتا کہ وہ اس کے ہر پہلو پر عبور حاصل کرچکا ہے، علم کے اس سمندر میں سیکھنے سمجھنے کا علم عمر بھر جاری رہتا ہے ۔
بارہ گھروں میں چاند
نظام شمسی کی ملکہ ہونے کے ناطے، چاند ایک نہایت اہم سیارہ ہے جو ذہنی سکون عطا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ ایک طاقتور چاند صاحب زائچہ کو بے پناہ ہمت اور جرات عطا کرسکتا ہے اور ترقی اور خوش حالی کے لئے جرات بہت ضروری ہے۔ ترقی اور خوش حالی کا انحصار چاند اور مشتری کی پوزیشن پر ہے جو دولت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ویدک ایسٹرو لوجی میں چاند کو فطری طور پر فیض رساں تصور کیا جاتا ہے، واضح رہے کہ ویدک سسٹم میں چاند کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے کیوں کہ چاند کا تعلق ہمارے دماغ، ماں اور آرام و سکون سے ہے، سیاروں کی پوزیشن کو خصوصاً گوچر میں جنم راشی یعنی اس گھر سے جس میں چاند پیدائش کے وقت موجود ہو، دیکھا جاتا ہے یعنی اگر لگن سے سیاروی گردش کا مطالعہ کیا جاتا ہے تو جنم راشی سے بھی دیکھنا نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
طالع میں: اگر چاند کسی شخص کے زائچے میں پہلے گھر میں ہو، تو وہ مالدار، خوشیوں سے مالامال،حسین و جمیل اور پرکشش شخصیت کا مالک، ملنسار، تعلیم یافتہ، بے تکلف اور جنس مخالف کے لئے پسندیدہ ہوگا۔ اگر چاند کمزور یا کسی منحوس سیارے کے برج میں ہو تو صاحب زائچہ اوسط درجے کا ذہین ، کھانے میں اعتدال سے کام لینے والا، مائل بہ فربہی، بہت زیادہ سفر کرنے والا، بزدل اور غریب ہوگا۔ اس کا مزاج نرمی لفاظی کا حامل، اعضائے مخصوصہ اور کان میں بیماریاں، منکسر المزاج، اوباش، شرمیلا، ضدی، گھمنڈی، متلون مزاج اور سنکی ہوگا۔ اگر طالع ثور یا سرطان ہو تو صاحب زائچہ مالدار اور مشہور ہوگا۔
دوسرے گھر میں: اگر چاند زائچے میں دوسرے گھر میں ہوتو صاحب زائچہ مالدار، انتہائی ذہین ، وجیہہ وشکیل، دلکش، پرکشش، شاعرانہ طبیعت کا حامل، ایک تاریک دنیا، بے چین فطرت کا مالک، برداشت کرنے والا اور ایک شہوت پرست ہوگا۔ وہ شیریں گفتار، معزز اور بے حد تعریف اور تحسین کے قابل ہوگا۔ تعلیمی سلسلہ منقطع ہوجائے گا اور وہ غیر نصابی مطالع سے اپنے علم میں اضافہ کرے گا۔
تیسرے گھر میں: اگر چاند زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ بے حد دولت مند، تعلیم یافتہ، مشہور، سفر کرنے کا شوقین، ذہین، فعال ذہن کا حامل اور شاعری سے انسباط حاصل کرنے والا ہوگا لیکن اگر چاندنحس یا کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہو تو صاحب زائچہ بد ذات ہوگا اور اپنے چھوٹے بھائی کی جائیداد تباہ و برباد کردے گا۔ صاحب زائچہ اتنی دھیمی آواز میں بات کرنے والا ہوگا کہ اس کی بات سننا نا ممکن ہے۔ وہ بیمار جیسا، بد افعال کا شکار بعد میں بوا سیر میں مبتلا ہوگا، اس کے نصیب میں محرومیاں اور مایوسیاں ہوں گی۔
چوتھے گھر میں: اگر چاند کسی شخص کے زائچے کے چوتھے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو اس سے محبت کرتے ہیں۔ وہ بے پناہ دولت کا مالک ہوگا، عورتوں کا شوقین ہوگا، گوشت خور ہوگا، عمدہ گھر کا مالک ہوگا۔ اس کی ماں اس سے محبت کرنے والی ہوگی۔ وہ گاڑیوں کا مالک لیکن امراض میں مبتلا ہوگا۔ کسی منحوس سیارے کے زیر اثر متاثرہ چاند ایک بیمار ماں کی دلالت کرتا ہے۔ ساتھ ہی وہ ناخوش گوار گھریلو زندگی، منقطع تعلیم اور باپ کے لیے خطرے، تغیر پذیر پیشے، گھریلو جھگڑے اور غیر اطمینان بخش گھریلو زندگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
پانچویں گھر میں: اگر چاند کسی شخص کے زائچے کے پانچویں گھر میں ہوتو صاحب زائچہ مالدار، خوش اور قانع،نمودو نمائش کا دلدادہ، ذہین، چالاک اور اپنی بیوی کے زیر اثر اور اس کے کنٹرول میں ہوگا۔اس کی بہت سی بیٹیاں ہوں گی ۔ اسے چوپایوں کے ذریعے منافع حاصل ہوگا نیز اعلیٰ سیاست سے منافع کمائے گا لیکن اگر چاند کسی منحوس سیارے یا کسی بد اندیش سیارے کے زیر اثر ہوا تو وہ بیوی کی طرف سے حاصل ہونے والی خوشیوں ، بیٹوں ، پوتوں سے محروم رہے گا، اور اس کی تعلیم کا سلسلہ ٹوٹتا رہے گا۔
چھٹے گھرمیں: اگر چاند کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو ا تو صاحب زائچہ جنس مخالف کا غلام ہوگا۔ وہ کابل ، نکما ، گھمنڈی بد مزاج، ذہین، چوڑے جسم کا مالک، کمزور جنسی تعلقات ، بیواﺅں کا شکاری، غریب شرابی ہوگا۔اسے ہمیشہ پیٹ کی تکلیف لاحق رہے گی، اور وہ شدید نوعیت کی بیماریوں کا شکار رہے گا اور ان بیماریوں کی وجہ سے پریشان رہے گا۔ اس گھر میں چاند صاحب زائچہ کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے لیکن اگر چاند مضبوط یا بہت اونچی پوزیشن میں ہوتو اثرات ہمیشہ اچھے اور مثبت ہوں گے۔
ساتویں گھر میں: اگر چاند کسی کے زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص بہت بے تاب، عورتوں کا شائق ، ملنسار، کامیاب حاسد، اور کئی معاملات میں قوی ہوگا۔ وہ ایک خوش قسمت شوہرہوگا، کیونکہ اس کی بیوی بڑی نیک، پاکدامن اور غیر معمولی ہوگی۔ لیکن اگر چاند کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہوا تو اثرات بر عکس ہوں گے، یعنی اس کی بیوی ہمیشہ بیمار رہے گی اور وہ خود خوشیوں اور لطف و کرم سے محروم رہے گا۔ اس کی ماں کی زندگی مختصر ہوگی۔ وہ تنگ نظر ہوگا۔
آٹھویں گھر میں: اگر چاند کسی کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ غیر مستقل مزاج اور غیر صحت مند ہوگا اور اگر چاند کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہو تو جلد موت واقع ہوجائے گی ۔ لیکن اگر چاند اس گھر میں کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہو تو صاحب زائچہ سانس کی تکلیفوں جیسے دمہ، برونکائٹس، ٹی بی وغیرہ کا شکار ہوگا۔اس کا رجحان عموماً اکلٹ سائنسزکی جانب رہے گا۔
نویں گھر میں: اگر چاند کسی کے زائچے میں نویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ مقبول ، تعلیم یافتہ، ذہین، مالدار، فعال، کثیر مطالعہ، فکشن کا شائق، خیراتی ادارے تعمیر کرنے والا، مذہبی، تصوف سے لگاﺅ رکھنے ولا، خدا ترس، سفر کرنے کے رحجان کا حامل، شہوانی لذتوں کے پیچھے بھاگنے والا، بہت سی عورتوں سے فلرٹ کرنے والال ہوگا لیکن اگر چاند کمزور ہو تو وہ دولت اور غیر منقولہ جائداد سے لطف اندوز نہیں ہوسکے گا۔ وہ کسی بھی خوبی کا مالک نہیں ہوگا اور کند ذہن ہوگا۔
دسویں گھر میں: اگر چاند کسی شخص کے زائچے میں دسویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص محبت میں پرجوش اور دل سوز، مخیر، دلیر، شاطر، زانی، باتدبیر، پر عزم، مذہبی اداروں کا ٹرسٹی اور اچھے لوگوں پر احسان کرنے والا ہوگا۔ اس کے بہت سے دوست ہوں گے۔ وہ مالدار، ہر دلعزیز اور غیر معمولی امیر کبیر ہوگا۔اس کی زندگی خوش گوار اور قانع ہوگی۔ لیکن اگر چاند کسی منحوس یا بد اندیش سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ کمزور جسم کا مالک ہوگا اور کھانسی کا مریض ہوگا۔ اگرچہ اس کے پاس دولت ہوگی اور والدین بھی ہوں گے لیکن وہ نکما ہوگا۔
گیارہویں گھر میں: اگر چاند کسی شخص کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص بے پناہ دولت میں کھیلے گا، اور ایک پر تعیش زندگی گزارے گا۔ وہ طاقت ور، انساد دوست ، شائستہ مدد گار، بااثر ، مہذب ، مخیر ، صنف نازک میں ہر دلعزیز اور با اصول ہوگا۔ اس کے بہت سے بچے اور بہت سے دوست ہوں گے۔ وہ بہت اعلیٰ حیثیت اور ساکھ کا مالک ہوگا۔ اس کی زمینیں ہوں گی اور وہ آسانی سے کامیابی حاصل کرے گالیکن اگر چاند کمزور ہو تو متعلقہ شخص پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ وہ ناخوش اور رنجیدہ ہوگا۔
بارہویں گھر میں: اگر چاند کسی شخص کے زائچے میں بارہویں گھر میں ہوتو صاحب زائچہ ، نحیف، کمزور اور بھاری جسم کا مالک ہوگا اور غریب ہوگا لیکن اس کے برعکس اگر چاند کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ میں کوئی خامی یا برائی نہیں ہوگی اور وہ مخیر ہوگا ۔ اگر چہ اس کا جسم کمزور ہوگا تاہم وہ ایک پرمسرت اور آرام دہ زندگی بسر کرے گا۔
مریخ بارہ گھروں میں
مریخ انرجی ہے اور انتظامی صلاحیت کی علامت ہے۔ اگر مریخ کی آگ پیدائشی زائچے میں موجود نہ ہوتو صاحب زائچہ خواب دیکھنے والا اور بے عمل ہوگا، اس میں عملی صلاحیت کا فقدان ہوگا جو کامیابی کے لیے ضروری ہوتی ہے۔ لفظ مارشل‘ مریخ سے لیا گیا ہے۔
پولیس، دفاع مارشل آرٹ، یہ تمام چیزیں اس کی حاکمیت کے تحت آتی ہیں ۔ جنگ میں آتشی مزاج اور مہارت مریخ کی اہم ترجیح ہے۔ اگر مریخ کسی شخص کے زائچے میں شرف یافتہ ہواور زائچے کے سعد گھروں کا مالک ہو تو ایسا شخص زندگی میں کوئی نمایاں مقام حاصل کرتا ہے، اقتدار کے حصول میں اسے آسانی ہوتی ہے۔ البتہ اس کا مزاج جارحانہ اور سخت ہوسکتا ہے۔
یہ غصہ اور محرک کی نشاندہی کرتا ہے یا جذبے کو مہمیز کیا جاتا ہے۔ آئیڈیا یا احساس، مقصد یت میں جوش اور ولولہ پیدا کرتا ہے۔ یہ آئیڈیا جسمانی سرگرمیوں کے مقصد میں ابل سکتا ہے اور مضبوط جنسی محرک ، مشتعل لوگوں کا سامنا کرنے حتیٰ کہ صاحب زائچہ کو کسی حادثے کا ایک حصہ بنانے کا سبب ہوسکتا ہے۔
پہلے گھر میں: اگر مریخ کسی شخص کے زائچے میں پہلے گھر میں ہے تو صاحب زائچہ کمزور ہوگا۔ وہ پیٹ اور دانت کی بیماریوں میں مبتلا ہوگا،خصوصاً اگر وہ ہبوط زدہ، غروب یا دشمن کے گھر میں ہویا اس پر نحس اثرات پڑ رہے ہوں، چغل خور ہوگا، بے چین فطرت کا مالک اور گھٹیا لوگوں کا خدمت گار ہوگا بے ڈھنگے لباس پہنے گا۔ اس کا بدن گرم ہوگا، جسم پر خراشیں ہوں گی، چوری کرنے کی عادت ہوگی، رنگت سرخی مائل ہوگی، اس کے باپ کو اوائل عمر میں خطرہ ہوگا، وہ فعال مہم جو، طاقت ور اور گھٹیا ذہنیت کا حامل ہوگا۔اس کے برعکس مریخ کی اچھی پوزیشن صاحب زائچہ کو طاقت ، دولت اور اچھی صحت دے گی۔
دوسرے گھر میں: اگر مریخ کسی شخض کے زائچے میں دوسرے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص دھات کے کاروبار میں بے حد کامیاب ہوگا، جھگڑالو، فضول خرچ، بد مزاج، غیر مقبول، بے ڈھنگا، زبان دراز، ہونے کے ساتھ رحم دل بھی ہوگا۔جسم دبلا پتلا ہوگا،ترکے میں دولت ہاتھ آئے گی، سخت گفتار، ٹوٹی پھوٹی تعلیم ہوگی اور وہ زندگی کی لطافتوں سے لطف اندوز ہوگا۔ وہ دولت پیدا کرنے کے لئے قرض بڑھائے گا۔ مریخ کی یہ صورت حال دولت اور تعلیم کے تناظر میں اچھی نہیں ہے۔
تیسرے گھر میں: اگر مریخ کسی شخص کے زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص اخلاقی طور پر کمزور ہوگا، اپنے بھائیوں کے لئے نقصان کا باعث اور موج مستی کا خواہش مند ہوگا لیکن اگر مریخ اونچی پوزیشن میں ہوتو یہ صاحب زائچہ کو شہوت پرستی، مہم جوئی، بد مزاجی، بے اصولی، اخلاق باختگی اور رسوائی عطا کرے گا اور اگر مریخ نچلی پوزیشن میں ہو اور کسی بد اندیش سیارے کے زیر اثر بھی ہوتو خوشیوں اور دولت سے محرومی کاسبب ہوگا ۔ دنیا کی تمام نصیحتوں اور سامان آسائش کے باوجود صاحب زائچہ ان سے لطف اندوز نہیں ہوسکے گا۔
چوتھے گھر میں: اگر مریخ کسی شخص کے زائچے میں چوتھے گھر میں ہوتو متعلقہ شخص بزدل ہوگا، سست الوجود اور کاہل ہوگا، نچلے طبقے کے اور گھٹیا لوگوں کی خدمت پر مامور ہوگا، اسے ملنا جلنا پسند نہیں ہوگا، دوسروں کے اثر اور کنٹرول میں ہوگا اور عورتوں کا پیچھا کرے گا۔ اس کے گھر میں جھگڑے ہوں گے، ماں بیمار ہوگی، ناخوش گوار گھریلو زندگی ہوگی ، باپ کو خطرہ ہوگا، غیر آرام دہ، حاکمیت پسند اور بد تمیز ہوگا۔
پانچویں گھر میں: اگر مریخ کسی شخص کے زائچے میں پانچویں گھر میں ہوتووہ جارحانہ مزاج رکھتا ہوگا، اس کا رحجان گناہ کے کاموں کی طرف ہوگا اور وہ غیر مقبول یا بد نام ہوگا، ٹیکنیکل تعلیم کا رجحان اوراسلحے سے رغبت پائی جائے گی، وہ پر عزم ، ذہین ، ثابت قدم، ناخوش، دلیر ، بے اصول اور غیر لچکدار ہوگا لیکن اگر مریخ اعلیٰ پوزیشن پر ہوتو سیارہ مریخ کی اعلیٰ خصوصیات کا حامل بنائے گا ، ایسا شخص اپنے مقاصد کے حصول کے لیے طاقت کے استعمال کو اولیت دے گا،اس کی زندگی میں تفریحی ایڈونچر ز بھی ہوں گے۔
چھٹے گھر میں: اگر مریخ کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص کی موت میدان جنگ میں ہونے کا امکان ہوگا۔ اگر مریخ اونچی پوزیشن پر ہوتو صاحب زائچہ طاقتور، کامیاب، ذہین، مالدار، خوش، سیاسی طور پر کامیاب اور زمینوں کا مالک ہوگا۔ لیکن اگر مریخ نچلی پوزیشن پر ہو یا کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہوتو متعلقہ شخص کسی عضو سے محروم ہوسکتا ہے وہ تعلقات سے پریشان، بد صورت ہوگا اور گناہ کا ارتکاب کرنے کی طرف مائل ہوگا لیکن اس میں پیسا کمانے کی صلاحت اور اپنے دشمنوں پر غالب آنے کی صلاحیت موجود ہوگی۔
ساتویں گھر میں: اگر مریخ کسی کے زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص کی ازدواجی زندگی میں تناﺅ ہوگا ، وہ بیوی کی موت سے رنجیدہ ہوگا۔ اس کی دوشادیاں ہوں گی، انداز ے میں جلد باز، ناکامیاب ہوگا، ذہین بے تد بیر، ضدی، اور بے صبر ہوگا لیکن اگر مریخ برج جدی ، حمل یا عقرب میں ہوتو اس کی بیوی مضطرب ، بدمعاش اور بد صورت ہوگی۔ صاحب زائچہ بھی دوسری عورتوں کا رسیا ہوگا، ایسے شخص کو دوسروں کے ساتھ پارٹنر شپ میں کام نہیں کرنا چاہیے ۔
آٹھویں گھر میں: اگر مریخ کسی کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص کے پانی میں ڈوبنے کا خطرہ ہوگا۔ اس کی زندگی مختصر ہوگی، چند بچے ہوں گے، ماموﺅں کو خطرہ ہوگا، رشتوں سے نفرت کرے گا، شادی کے علاوہ دیگر عورتوں سے نا جائز تعلقات ہوں گے۔ وراثتی امور میں پریشانی ہوگی لیکن اگر آٹھواں گھر برج حمل ، عقرب یا جدی ہو تو صورت حال اس کے برعکس ہوگی۔ایسا شخص ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں ریسرچ کرنا پسند کرتا ہے اور نام کماتا ہے ۔
نویں گھر میں: اگر مریخ کسی کے زائچے میں نویں گھر میں ہوتو متعلقہ شخص کئی طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ نیز اس کی آنکھوں ، ہاتھوں اور جسم کی رنگت زرد ہوگی۔ وہ نامہربان ہوگا، وہ دنیوی طور پر کامیاب تاجر ہوگا، بد قسمت خود غرض، تیز فہم، ضدی، جوشیلا اور منطقی ہوگا اور اپنے باپ کے لیے فکر مندی کا باعث ہوگا۔مذہبی معاملات میںشدت پسند ہوگا، اگر کمزور اور نحس اثرات کا شکار ہو تو زندگی میں بہتر حکمت عملی یا منصوبہ بندی نہ کرسکے گا، اگر نواں گھر برج حمل ، قوس ، اسد ، جدی وغیرہ میں سے کوئی ہو تو نتائج بہتر آسکتے ہیں۔
دسویں گھر میں: اگرمریخ کسی کے زائچے میں دسویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کو اپنے حواس پر پورا کنٹرول ہوگا، اپنی فیملی کی شہرت اور نیک نامی کا باعث ہوگا، اداروں اور شہروں کا بانی ہوگا، توانا، مہم جو، مالدار، فعال، تندرست،مشہور، چالاک ، سلیف میڈ، اچھا کاشت کار، کامیاب، رشتے داروں میں ہر دلعزیز ، شاذو نادر ہی غصہ میں آتا ہے، ٹیچروں کی عزت کرتا ہے، زراعت یا قانون سے منسلک پیشوں کے ذریعے روزی کماتا ہے۔
گیارہویں گھر میں: اگر مریخ کسی کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص ہمیشہ مذہب کی خدمت میں لگا رہتا ہے اس کے منصوبے اتنے ہی منظم ہوتے ہیں جیسے کسی حاکم کے اور وہ درد میں مبتلا رہتا ہے لیکن اگر یہی مریخ اعلیٰ پوزیشن میں ہو یا کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہوتو وہ انتہائی خوش نصیب ، مالدار، روسن و رتابان، فنون لطیفہ میں سے کسی ایک میں عروج حاصل کرنے کا آرزو مند، اور مال و متاع پر اپنی ملکیت کا حق جتانے ولاال ہوگا۔
بارہویں گھر میں: اگر مریخ کسی کے زائچے میں بارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ دوسروں کی دولت ہتھیانے کا متمنی ہوگا، ہمیشہ غیر مستحکم اور متزلز ل ذہن کا ہوگا، پر مزاج ، ظالم فلرٹ، ناکامیاب، غیر مقبول ، غریب ،ہوگا اور آتشی امراض میں مبتلا ہوگا۔اس کی دلچسپیاں یا رجحانات دوسرے ممالک کی طرف ہوں گی اور اکثر اپنی پیدائش کے ملک سے دور رہنا پسند کرے گا۔

