دسمبر کی سیاروی گردش، ایک اور تیز رفتار مہینہ

دسمبر کی سیاروی گردش، ایک اور تیز رفتار مہینہ

عمران خان کے برے دنوں کا خاتمہ، اچھے وقت کا آغاز

ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال روز بہ روز پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتی چلی جارہی ہے، پورے ملک میں ری سیٹ کے نام پر نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس کی بحث عروج پر ہے جس کی سب سے زیادہ مخالفت پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کے نیشلسٹ حلقے کر رہے ہیں لیکن حکمران پارٹی مسلم لیگ ن نے فی الحال خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین جناب بلاول بھٹو نے ایک دھواں دھار پریس کانفرنس کراچی پریس کلب میں کی جس نے صورت حال کو مزید گرم کردیا،دلچسپ بات یہ ہے کہ ابھی تک یہ معاملہ سینیٹ یا قومی اسمبلی میں پیش نہیں کیا گیا، چناں چہ یہ بھی نہیں معلوم کہ مجوزہ ری سیٹ کس نوعیت کا ہوگا، صوبے بنیں گے تو کتنے، انتظامی یونٹ ہوں گے توکتنے؟ اوران کی ساخت و پرداخت کیا ہوگی؟ مگر پورے ملک اور خصوصاً صوبہ سندھ میں ایک ہنگامہ برپا ہے، صرف وزیر داخلہ جناب محسن نقوی اس حوالے سے دعوے کر رہے ہیں کہ یہ تو ہونا ہے اور ناگزیر ہے، وغیرہ وغیرہ۔ البتہ آئی ایس پی آرکے جنرل احمد شریف صاحب بھی ایک بار محسن نقوی صاحب کی اس تجویزسے اتفاق کرچکے ہیں ۔

عزیزان من! ہم شروع سال سے یہ نشان دہی کرتے آئے ہیں کہ نومبر کا مہینہ بہت ہی سنگین نوعیت کے اثرات کا حامل ہے، یہ بھی عرض کیا تھا کہ اس سال 2026 میں اگر عوام کو ریلیف دینے والے کام نہ کیے گئے تو نومبر کے مہینے میں صورت حال بہت بگڑ سکتی ہے، چناں چہ ایسا ہی ہورہا ہے ، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، بلوچستان کے بعد اب سندھ میں بھی سخت بے چینی کی لہر پائی جاتی ہے۔

زائچہ پاکستان کا چوتھا گھر جہاں 26 نومبر تک کیتو براجمان رہا ہے اور دسویں گھرمیں راہو کی گل افشانیاں جاری رہی ہیں، 31 اکتوبر سے سیارہ مشتری اور مریخ 13 نومبر سے داخل ہوئے، یہ تمام نحسین عوام اور اپوزیشن کے علاوہ حکومت کے لیے بھی نت نئے چیلنجزکا باعث رہے ہیں اور غضب ناک کیتو بھی ان کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے، اس کی وجہ سے صورت حال بے حد الجھ کر رہ گئی ہے لیکن اب 26 نومبر سے راہو کیتو زائچے کے تیسرے اور نویں گھر میں داخل ہوگئے ہیں اور اس قران سے نکل گئے ہیں۔

اب صورت حال واضح ہوگی، کیا ہونا ہے اور کس طرح ہونا ہے سب کچھ کھل کر سامنے آجائے گالیکن بہت کچھ پھر بھی پس پردہ ہی رہے گا کیوں کہ کیتو زائچے کے تیسرے گھر میں 18 ماہ کے لیے آگیا ہے، کیتو کی غضب ناکی اور سختی مشہور ہے جب کہ زائچے کا تیسرا گھر ایکشن اور ری ایکشن کا ہے ۔ ریاست کا موقف زیادہ سخت ہوگا۔

دوسری طرف راہو نویں گھر میں آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے راستے کھولے گا، امکان یہ ہے کہ سینیٹ کے مارچ میں ہونے والے الیکشن سے پہلے ہی بہت سے نئے فیصلے اور اقدام سامنے آئیں گے۔

دسمبر میں نیو مون یعنی قران شمس و قمر 8دسمبر کو برج عقرب میں ہورہا ہے ، یہ اس بات کی نشان دہی ہے کہ پاکستان میں سراغ رساں ایجنسیوں کا کردار زیادہ نمایاں ہوگا اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں ہوں گی۔ اسی دوران میں سیارہ مریخ کی آٹھویں نظر راجع زحل پر ہوگی، یہ صورت حال حکومت کے لیے تشویش ناک ہوسکتی ہے، ممکن ہے موجودہ حکومت کی جگہ کوئی نیا سیٹ اپ سامنے آجائے جوری سیٹ کے حوالے سے زیادہ معاون و مددگار ثابت ہو۔

یہ بات طے ہے کہ کیتو کی تیسرے گھر میں موجودگی ریاست کو اپنی سوچ اور اپنے پروگرام کے حوالے سے مزید سخت موقف اختیار کرنے پر مجبور کردے گی۔ اس صورت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دسمبر کے مہینے میں 15 دسمبر سے 15 جنوری تک کا وقت نہایت اہم ثابت ہوسکتا ہے، اس دوران میں دہشت گردی میں بھی اضافہ ہوگا اور اس کا جواب بھی نہایت سخت طریقے سے دیا جائے گا، گویا اندرون ملک یا بیرون ملک مخالفت کرنے والوں کو معقول سبق سکھایا جاسکے گا۔

زائچہ عمران خان

عمران خان کے زائچے میں پہلا گھر برج قوس ہے جو زائچے کالگن ہے ، اس کا حاکم سیارہ مشتری ہے جو اگرچہ گزشتہ دنوں اپنے شرف کے برج سرطان میں رہا ہے اور اب 25 جنوری تک برج اسد میں ہے، اس کے بعد دوبارہ برج سرطان میں آجائے گا لہٰذا 25 جنوری تک کا وقت عمران خان کے لیے موافق و مددگار ہے۔

عمران خان کے زائچے میں اگرچہ دور اکبر سیارہ مشتری کا جاری ہے اور 14 جولائی 2025 سے قمر کا دور اصغر جاری تھا جس کا اختتام 15نومبر کو ہوگیا، قمر زائچے کے آٹھویں گھر کا حاکم ہونے کی وجہ سے زائچے کا سب سے زیادہ منحوس اثر رکھنے والا سیارہ ہے لہٰذا یہ تمام عرصہ نہایت سخت اور ناامید ی کا رہا لیکن اب زائچے میں سیارہ مریخ کا دور اصغر شروع ہوچکا ہے۔

مریخ زائچے کے پانچویں گھرکا حاکم ہونے کے علاوہ لگن میں بھی براجمان ہے ، سیارہ مشتری کے ساتھ پری ورتن مہا یوگ بنارہا ہے لہٰذا توقع کرنی چاہیے کہ عمران خان اب ایک بہتر وقت کی طرف بڑھ رہے ہیں مگر سیارہ مشتری 25 جنوری کے بعد دوبارہ برج سرطان میں آئے گا تو ایک بار پھر معاملات بگڑیں گے لیکن 26 جون 2027 کے بعد مشتری پھر برج اسد میں داخل ہوگا اور زائچے کی افقی سمت میں اپنا سفر شروع کرے گا جس میں عمران خان کو دوبارہ اقتدار کی دوڑ میں شامل ہونے کا موقع مل سکتا ہے ۔

فی الحال چوں کہ مشتری برج اسد میں اچھی پوزیشن میں ہے اور دور اصغر بھی موافق ہے لہٰذا 15 دسمبر کے بعد سے ایسا وقت شروع ہورہا ہے جس میں انھیں مزید رعایات حاصل ہوسکیں اور خصوصی طور پر عدالتوں سے بھی ریلیف مل سکے۔ ملکی سیاست میں بھی اب ایسے اتار چڑھاو شروع ہوچکے ہیں جو ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔ بہر حال جس ثابت قدمی کے ساتھ عمران خان نے جیل میں وقت گزارا ہے، وہ قابل تعریف ہے، البتہ اس دوران ان کی پارٹی کا حال بہت برا ہوا ہے لیکن جب وقت بدلتا ہے تو آہستہ آہستہ سب کچھ ٹھیک ہوتا چلا جاتا ہے اور جب وقت خراب ہوتا ہے تو سب کچھ خراب ہوتا چلا جاتا ہے

میں آج زد پہ اگر ہوں تو خوش گمان نہ ہو

چراغ سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں

عزیزان من! سال 2027 کے حوالے سے ہمارا اہم آرٹیکل زنجانی جنتری 2027 میں شائع ہوچکا ہے اور جنتری بازار میں بھی آچکی ہے ۔ ان شاءاللہ جلد ہی یہ آرٹیکل ہم اپنی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیں گے۔

دسمبر کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج عقرب میں حرکت کر رہا ہے، 16 دسمبر کو آتشی برج قوس میں داخل ہوگا، اس برج میں شمس کی پوزیشن طاقت ور ہوتی ہے۔

سیارہ عطارد برج میزان میں حرکت کر رہا ہے، 2دسمبر کو اپنے اوج کے برج عقرب میں داخل ہوگا، نہایت تیز رفتاری سے 22 دسمبر کو برج قوس میں داخل ہوجائے گا۔ سیارہ عطارد کی تیز رفتاری کاموں میں تیزی لاتی ہے اور خبریں بھی نئی جنم لیتی ہیں۔

سیارہ زہرہ برج میزان میں حرکت کررہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔

سیارہ مریخ برج اسد میں حرکت کررہا ہے اور دسمبر کے آخر تک اسی برج میں رہے گا۔

سیارہ مشتری برج اسد میں حرکت کر رہا ہے اور سیارہ مریخ کے قریب ہے ، پورا مہینہ اسی برج میں دونوں حرکت کریں گے۔

سیارہ زحل بحالت رجعت برج حوت میں حرکت کر رہا ہے ، 11 دسمبر کو مستقیم ہوکر اپنی سیدھی چال پر آجائے گا۔

سیارہ یورینس بحالت رجعت برج ثور میں جب کہ نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں اور پلوٹو بحالت استقامت برج جدی میں حرکت کر رہے ہیں۔

راہو کیتو تقریباً 18ماہ کے بعد 26نومبر کو برج تبدیل کرچکے ہیں اور بالترتیب برج جدی اور برج سرطان میں آئندہ 18ماہ گزاریں گے، چناں چہ اس 18ماہ میں سرطان اور جدی والے خصوصاًراہو کیتو سے متاثر ہوں گے اور ان کی زندگی میں نئی تبدیلیاں آئیں گی۔

قمر در عقرب

سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں بہ روز پیر 7دسمبر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 08:42پر داخل ہوگا اور بہ روز بدھ 9دسمبر رات 08:30تک ہبوط زدہ رہے گا، اس دوران میں اپنے درجہ ہبوط پر 7 دسمبر بہ روز دو پہر 12:38سے 02:36تک ہوگا۔

قمر در عقرب کا تمام وقت نحس تصور کیا جاتا ہے، اس وقت میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے، خصوصاً منگنی، شادی، نئی جاب کی جوائننگ یا کسی کاروبار کی ابتدا وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے۔ البتہ اس وقت میں علاج کرانا یا بری عادتوں سے نجات کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوتا ہے ۔جھوٹ بولنا، چوری، گالم گفتار یا کسی نوعیت کی دیگراخلاقی برائیوں کو روکنے کے لیے اس وقت میں حروف صوامت سے متعلق بندش کے اعمال کیے جاتے ہیں، اپنی مختلف ضروریات کے لیے ایسے اعمال ہماری ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں ۔

شرف قمر

سیارہ قمراپنے شرف کے برج ثور میں بہ روز پیر 21 دسمبر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شام 06:05پر داخل ہوگا اور بہ روز بدھ 23 دسمبر شام 05:55تک شرف یاب رہے گا، واضح رہے کہ یہ شرف قمر عروج ماہ میں ہوگا یعنی 21 دسمبر رجب کی 11 تاریخ ہوگی لہٰذا نہایت باقوت و موثر وقت ہوگا۔

قمر اپنے درجہ شرف پر 21 دسمبر کو رات 09:19سے 10:57تک رہے گا۔

شرف قمر کے اوقات میں اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے جائز و نیک مقاصد کے لیے دعاکرنا افضل ہے، اس کے علاوہ ہمارا ایک اور مشہور وظیفہ بسم اللہ الرحمن الرحیم کا ہے، اسے 786 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر کچھ چینی پر دم کریں اور وہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملادیں اور خیال رکھیں کہ جب چینی ختم ہونے لگے تو اس میں مزید چینی ڈال دیا کریں تاکہ گھر کے تمام افراد اسے استعمال کرسکیں،اس عمل سے گھر کے تمام افراد کے درمیان ناچاقی اور نااتفاقی ختم ہوتی ہے، باہمی طور پر محبت اور یگانگت میں اضافہ ہوتا ہے ، اس کے علاوہ خیروبرکت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ بہتر ہوگا کہ اس وظیفے کیے لیے پیر کے روز عصرو مغرب کا درمیانی وقت اختیارکریں۔

برکاتی انگوٹھی اور لوح قمر نورانی

شرف قمرچوں کہ عروج ماہ میں ہے لہٰذا یہ وقت برکاتی انگوٹھی یا لوح قمر کی تیاری کے لیے موزوں ترین ہے اوراتفاق سے شرف کے وقت دن بھی پیر کا ہے جو قمر کا دن ہے ۔ ہم کئی مرتبہ برکاتی انگوٹھی کی تیاری کا طریقہ اور لوح قمر نورانی کی تیاری کا طریقہ لکھ چکے ہیں اور ہماری ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔ اگر خود بنانا چاہتے ہیں تو اسے دیکھ کر استفادہ کیا جاسکتا ہے ، جو لوگ خود یہ کام نہ کرسکیں وہ براہ راست ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔

ہر ہفتے نئے آرٹیکل کی اپ ڈیٹ اپنے ای میل پر حاصل کرنے کے لیے ہمارے سبسکرائبر بنیں

یاد رہے کہ سبسکرپشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے اپنا ای میل ان باکس یا اسپیم فولڈر ضرور چیک کریں

ہم اسپیم ای میل نہیں بھیجتے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری پرائیوسی پالیسی پڑھیں۔