جولائی سے شروع ہونے والی غیر معمولی سیاروی گردش
آنے والے مہینوں میں موجودہ نظام کی بساط لپٹ سکتی ہے
جولائی کی غیر معمولی سیاروی گردش پاکستان کو ایک نئے دور کی جانب گامزن کرسکتی ہے، اس مہینے میں زائچہ پاکستان میں سیاروی گردش اہم رخ اختیار کر رہی ہے جس کے نتائج آئندہ مہینوں تک اہم کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔
سیارہ مشتری زائچے کے تیسرے گھر میں حساس پوائنٹ پر موجود ہے ، زائچے کا تیسرا گھر بعض نئی سرگرمیوں ، پہل کاریوں ، نئے فیصلوں اور احکامات کے لیے اہم ہیں، سیارہ زہرہ بھی یہاں موجود ہے اور عطارد داخل ہونے کے فوری بعد راجع ہوگیا ہے واپس برج جوزا میں جائے گا اور پھر فوراً دوبارہ تیسرے گھر میں آنے کے بعد مشتری سے قران کرے گا،
اسی طرح سیارہ شمس بھی تقریباً 17جون کو برج سرطان میں داخل ہوگا اور اس کی وجہ سے مشتری غروب ہوجائے گا، سیارہ مریخ بھی زائچے کے پہلے گھر میں داخل ہوچکا ہے اور وہ چوتھے، ساتویں اور آٹھویں گھر پر نظر ڈال رہا ہے۔
ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ جولائی کے پہلے پندرہ دن ملک کے حوالے سے کچھ نئی منصوبہ بندی کا اشارہ کر رہے ہیں اور جولائی کا دوسرا ہاف اس حوالے سے عملی طور پر نئے اقدام سامنے لاسکتا ہے کیوں کہ جولائی کے آخر میں سیارہ زحل جو گیارھویں گھر میں ہے۔27جولائی سے راجع ہوجائے گا ۔اس کے علاوہ راہو کیتو بھی جولائی کے دوسرے ہاف میں اسٹیشنری پوزیشن پر آجائیں گے اور اکتوبر تک ایک ہی درجے پر قائم رہیں گے۔ یہ درجہ بھی پاکستان کے زائچے کے دوسرے ، چوتھے ، چھٹے ، آٹھویں ، دسویں اور بارھویں گھر کو متاثر کرے گا، گویا نمایاں قسم کی تبدیلیاں اکتوبر تک متوقع ہوسکتی ہیں ۔
سب سے زیادہ اہم نظراس دوران کیتو کا نظر آتا ہے جو زائچے میں آٹھویں گھر میں موجود سیارہ شمس پر نحس اثر ڈالے گا جس کے نتیجے میں اہم عہدوں پر فائز افراد یا دیگر صاحب حیثیت اور معزز شخصیات متاثر ہوں گی، وہ تنزلی یا برطرفی کا شکار بھی ہوسکتی ہیں اور اس دنیا سے رخصت بھی ہوسکتی ہیں۔
ایک مشہور اور انتہائی باخبر صحافی جناب سہیل وڑائچ نے چند دن پہلے اپنے ایک کالم میں حکمرانوں کو ہوشیار ، خبردار کے عنوان سے وارننگ دی ہے اور لکھا ہے کہ جولائی سے یہ حکومت اپنے زوال کی طرف گامزن ہوجائے گی، ہم ان کی اس خبر کی ایسٹرولوجیکل بنیاد پر تائید کرتے ہیں کیوں کہ جولائی سے دسمبر تک سیاروی گردش زائچے کے پہلے گھر سے چھٹے گھر تک نہایت ہی گوں نہ گوں واقعات اور ہنگامہ خیز صورت حال کی نشان دہی کر رہی ہے اور یہ صورت حال صرف یک طرفہ نہیں ہوگی، اس میں عوامی ردعمل، سول و ملٹری سروسز میں تغیر و تبدل اور سیاسی معاملات میں نئے رجحانات دیکھنے میں آئیں گے، اس دوران میں 28ویں آئینی ترمیم جس کا بہت چرچا ہوچکا ہے، وہ بھی پارلیمنٹ سے پاس کروائی جاسکتی ہیں۔ یہ ترمیم پاکستان کے پورے سسٹم کو تبدیل کرسکتی ہیں، جن لوگوں نے اس کے دس نکات کا مطالعہ کیا ہے وہ سمجھ سکتے ہیں کہ پورا نظام ہی تبدیل ہوجائے گا، اس کی ایک شق کے مطابق پاکستان میں سیمی صدارتی نظام کی بھی سفارش کی جائے گی اور صوبوں کی نئی تقسیم بھی اس ترمیم کا موضوع ہے۔
عزیزان من! اگست میں اس سال کے آخری سورج اور چاند گہن بھی ایک نئی شان کے ساتھ نظر آتے ہیں یعنی ایک ہی مہینے میں دو گہن، سورج گہن 12اگست کو جب کہ چاند گہن 28اگست کو لگے گا، سورج گہن مکمل گہن ہوگا جو پاکستان میں تو نظر نہیں آئے گا لیکن باقی پوری مغربی دنیا میں دیکھا جاسکے گا، چاند گہن البتہ جزوی ہوگا اور یہ بھی پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
واضح رہے کہ سورج گہن زائچے کے چوتھے گھر میں جو عوام اور اپوزیشن سے متعلق ہے اور چاند گہن دسویں گھر میں جو حکومت سے متعلق ہے لگے گا۔اس اعتبار سے جولائی تا دسمبر کا عرصہ اور بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہوگا۔
اس سیاروی گردش کی سب سے زیادہ اہم بات زائچے میں تیسرے اور نویں گھر کی فعالیت ہے ۔ تیسرا گھر پہل کاری اور اقدام کا ہے جب کہ نواں گھر مذہب ، آئین وقانون اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا ہے، پاکستان کے زائچے میں نویں گھر میں پیدائشی طور پر زہرہ، قمر اور راہو پہلے سے موجود ہیں، ٹرانزٹ کرتے ہوئے سیارے بھی انہی دونوں گھروں پر اثر انداز ہورہے ہیں۔
نویں گھر میں پلوٹو حرکت کر رہا ہے اور اب وہ آگے بڑھ کر پیدائش کے راہو سے قریب ہوگا، راہو بھی کچھ نیا کرنے پر زور دیتا ہے اور پلوٹو کایا کلپ کا سیارہ کہا جاتا ہے ، تیسرے گھر میں پیدائشی طور پر کیتو موجود ہے جہاں مشتری ، زہرہ ، عطارد اور پھر شمس کیتو سے قران کریں گے، کیتو نہایت ہی سفاک اور بے رحم ہے ، وہ زندگی سے ایسے مسائل یا روگ ختم کردیتا ہے جو عذاب بن گئے ہوں، چناں چہ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ وقت کا دھارا کون سی نئی سمت اختیار کرتا ہے اور کون سے مسائل اپنے اختتام کو پہنچتے ہیں ۔
ہمارے قارئین کو اگر یاد ہو کہ ہم نے سال کی آخری سہ ماہی کے حوالے سے لکھا تھا یہ ایسا وقت ہے جس میں کوئی بھی بیرونی یا عوامی طوفان انگڑائی لے سکتا ہے
اس کے علاوہ بھی ہم وقتاً فوقتاً یہ نشان دہی کرتے رہے ہیں کہ موجودہ سال میں اگر عوامی فلاح و بہبود پر توجہ نہ دی گئی اور عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا گیا تو پھر ساری جمی جمائی بساط الٹ جائے گی یعنی پورا نظام ہی تبدیل ہوگا سو ہمارے موجودہ حکمران تو شاید عوام کو بھول ہی بیٹھے ہیں اور صرف اپنے اقتدار کو انجوائے کر رہے ہیں لیکن یہ بھول گئے ہیں کہ سب ٹھاٹھ پڑا رہ جائے گا جب لاد چلے گا بنجارہ۔
ہمارے فیلڈ مارشل جناب عاصم منیر ایک نہایت سنجیدہ اور بردبار شخصیت کے مالک ہیں، وہ اپنے زائچے کی روشنی میں زمینی حقائق پر نظر رکھتے ہیں اور کبھی ہوائی قلعے نہیں بناتے، ایسے شخص سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ اس بدبودار اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے میں کوئی اہم کردار ادا کرے ورنہ اندرونی اور بیرونی دشمن بہر حال اس ملک کی سلامتی کے درپے ہیں۔ معاشی حالت دگرگوں ہیں ، لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں ، جرائم میں اضافہ ہورہا ہے، قتل و غارت گری ، چوری، ڈکیتی ، خواتین اور بچیوں کے ساتھ زیادتی، اس پر بڑھتی ہوئی جہالت جو لسانی اور مسلکی تضادات کو ہوا دے رہی ہے۔ آخر کہاں جاکر رکے گی؟ اللہ بس باقی ہوس۔
جولائی کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے، 17اگست کو اپنے برج عروج میں داخل ہوگا اور مہینے کے آخر تک اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ عطارد برج سرطان میں داخل ہوچکا ہے، 7جولائی سے اسے رجعت ہوگی اور 24جولائی کو مستقیم ہوگا، 5اگست کو دوبارہ برج سرطان میں داخل ہوگا گویا جولائی اگست میں یہ بحالت رجعت رجعت و استقامت دو برجوں سرطان اور اسد پر اثر انداز رہے گا۔
سیارہ زہرہ برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے، 4 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوگا۔
سیارہ مریخ برج ثور میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔
سیارہ مشتری برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، سیارہ زحل برج حوت میں حرکت کر رہا ہے، 27 جولائی کو اسے رجعت ہوگی۔
سیارہ یورینس برج ثور میں پورا ماہ حرکت کرے گا جب کہ سیارہ نیپچون برج حوت میں حرکت کر رہا ہے ، 8جولائی کو اسے رجعت ہوجائے گی، سیارہ پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں پورا ماہ رہے گا، راس و ذنب بالترتیب برج دلو اور اسد میں حرکت کر رہے ہیں ، 24جولائی سے اسٹیشنری پوزیشن میں ایک ہی درجے پر اکتوبر تک رہیں گے، راہو کیتو کی یہ پوزیشن نہایت اہمیت کی حامل ہے۔
شرف قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں بہ روز جمعہ 10جولائی پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شام 06:14پر داخل ہوگا اور بہ روز اتوار 12 جولائی شام 06:25تک اپنے شرف کے برج میں رہے گا، اس دوران درجہ ءشرف پر 10جولائی کو شب 09:30سے 11:08تک شرف یافتہ ہوگا۔
شرف یافتہ قمر سعد اثرات دیتا ہے، اس وقت میں اہم اور ضروری کاموں کو انجام دینا فائدہ بخش ہوتا ہے، یہ وقت دعا کے لیے بھی بہتر سمجھا جاتا ہے، اپنی ضروری اور جائز ضروریات کے لیے اس وقت ورد و وظائف کرنا افضل ہے، اس حوالے سے ہم برسوں سے خصوصی اعمال و وظائف دیتے آرہے ہیں جو ہماری ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں جمعرات 23جولائی شام 06:30پر داخل ہوگا اور 26جولائی بہ روز اتوار صبح 07:04تک عقرب میں ہبوط زدہ رہے گا۔ اس موقع پر اپنے درجہ ءہبوط پر 23جولائی کو رات 22:49سے 24جولائی شب 12:25 تک ہوگا۔
یہ انتہائی نحس وقت تصور کیا جاتا ہے، اس وقت کوئی نیا کام شروع نہ کریں، اپنے پہلے سے جاری کاموں کو ہی نمٹانے کی کوشش کریں، منگنی، نکاح وغیرہ سے گریز کریں، البتہ اس وقت میں علاج معالجہ کرانا بہتر ہوتا ہے یا بری عادتوں سے نجات اور دیگر خرابیوں سے چھٹکارا پانے کے لیے اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں، ایسے اعمال ہماری ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

