بیرون ملک مقیم شخص کی ایک کہانی، پہلی محبت کا عذاب

امریکا میں 19 سال

N نیو یارک سے لکھتے ہیں: امریکا میں رہتے ہوئے 19 سال ہو گئے ہیں۔ میں نے ان 19 سالوں میں بہت نشیب و فراز دیکھے ہیں۔ میں ہر وقت کسی نہ کسی مسئلے میں الجھا ہی رہا ہوں اور بعض مرتبہ تو بہت ہی سنگین قسم کے مالی بحرانوں میں بھی پھنسا رہا ہوں۔ کیوں کہ بہت محنتی ہوں اس لئے مسائل پر قابو پا لیتا ہوں لیکن جیسے ہی ایک مسئلہ حل ہوا کوئی دوسرا مسئلہ تیار ہو گیا۔ یہی حال میرے STATUS کا بھی ہے۔ میرے ساتھ آئے لوگ کب کے سٹیزن ہو چکے ہیں۔ میں ابھی تک وقت پرمٹ پر چل رہا ہوں۔ گزشتہ سال مجھے گرین کارڈ کا لیٹر ملا تھا لیکن فوراً بعد میں ایک کیس میں پھنس گیا اور اب کیس لڑ رہا ہوں۔ چانس کم نظر آ رہے ہیں۔
دوسرا مسئلہ میری شادی کا ہے۔ پہلی شادی 1997 میں ہوئی تھی لیکن 9/11 کے بعد وہ لڑکی یورپ چلی گئی۔ دوسری شادی امریکن سٹیزن ایک لڑکی سے ہوئی۔ آپ حساب کتاب لگا کر بتائیں کہ کیا میں یہاں رہ سکوں گا یا نکال دیا جاﺅں گا۔ میرا یہ شادی کا سلسلہ کب تک چلتا رہے گا اور کیا ایک اور علیحدگی ہو جائے گی۔ کیونکہ مجھے یہ کسی نے بتایا تھا کہ تمہارا یہ شادی کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا اور کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ میری زندگی کیا اسی طرح اپ اینڈ ڈاﺅن کے ساتھ چلتی رہے گی۔ یا اس میں کہیں ٹھہراﺅ بھی ہے؟
جواب: عزیزم! آپ کا شمسی برج حمل ہے اور قمری برج ثور ہے۔ آپ نے پیدائش کا وقت نہیں لکھا لہذا پیدائشی برج ہم نہیں بتا سکتے اور حالات زندگی پر زیادہ تفصیلی روشنی بھی نہیں ڈالی جا سکتی۔ ویسے بھی اس کے لئے یہ کالم زیادہ مناسب جگہ نہیں ہے۔ اصولی طور پر براہ راست اپنا مکمل برتھ چارٹ بنوانا چاہےے۔
مختصراً ہم آپ پر اور آپ کے گزشتہ و موجودہ حالات پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ پہلی بات تو یہ سمجھ لیں کہ ایک حملی شخصیت ہونے کی وجہ سے آپ خود بڑے مہم جو اور بے چین طبیعت انسان ہیں۔ کچھ کرنے سے پہلے سوچنا سمجھنا بہت زیادہ ضروری نہیں سمجھتے بس فوراً ایکشن میں آجاتے ہیں اور جو بھی مناسب لگے کر بیٹھتے ہیں۔ لہذا آپ کے فیصلوں اور کاموں کے نتائج بھی الٹے سیدھے دونوں طرح کے نکل سکتے ہیں۔ یعنی کبھی ہاتھ صحیح پڑ گیا تو واہ واہ…. ورنہ اللہ اللہ خیر صلا۔
آپ کے زائچے میں عطارد الٹا ہے۔ ایسے لوگ ماضی سے سبق حاصل نہیں کرتے بلکہ ماضی کی غلطیاں دہراتے رہتے ہیں۔ بے شک آپ اپنے اندر بڑی انرجی رکھتے ہیں۔ انتھک محنت کرنے والے، با حوصلہ اور جرات مند انسان ہیں۔ سچائی‘ ایمانداری اور کھلا انداز‘ کسی منافقت کے بغیر آپ کی اضافی خوبی ہے لیکن آپ کے اندر ”انا“ اور دوسرے معنوں میں ”میں“ بہت زیادہ ہے۔ جس کی وجہ سے دوسروں سے بنا کے رکھنا بڑا مشکل کام ہے۔ آپ ہر جگہ اور ہر صورت میں نمبر ون پوزیشن پر رہنا چاہتے ہیں۔ یعنی آپ کو کسی کی برتری اور بالا دستی قبول نہیں ہے۔ ایسی صورت میں دوسروں کے ساتھ زیادہ عرصے تک انڈراسٹینڈنگ مشکل ہو جاتی ہے۔ آپ کے ساتھ ماتحت بن کر رہنے والے ہی آپ کے ہمراہ زیادہ عرصہ گزار سکتے ہیں اور آپ بھی دوسروں کا زیادہ دباﺅ قبول نہیں کر سکتے۔
آپ جب پیدا ہوئے تو زحل‘ یورینس اور مریخ اور پلوٹو ایک دوسرے کے مقابل تھے۔ آپ کے زائچے میں یہ زاویہ بے شک آپ کو ایک سخت جان اور محنتی انسان ثابت کرتا ہے لیکن ساتھ ہی زندگی میں مستقل اپ اینڈ ڈاﺅن بھی اسی زاویہ کا نتیجہ ہے۔ آپ نے کبھی غور نہیں کیا کہ خود آپ کی شخصیت و مزاج میں کتنا تضاد موجود ہے۔ آپ خود مکمل طور پر آزاد اور خود مختار رہنا چاہتے ہیں لیکن دوسروں کو وہ آزادی اور خود مختاری نہیں دے سکتے جس کے آپ خود خواہش مند ہیں۔ آپ کی شادیوں میں نا کامی کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے۔ دوسری طرف آپ منگلیک بھی ہیں اور منگل بھی چوتھے خانے میں بیٹھا ہے۔ جو گھر نہیں بسنے دے گا۔
زحل اور یورینس کا جو زاویہ آپ کی پیدائش کے وقت تھا وہ آج کل بھی چل رہا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اس وقت یورینس برج سنبلہ میں تھا اور زحل برج حوت میں ۔ جبکہ آج کل ترتیب الٹی ہوئی ہے یعنی زحل برج سنبلہ میں ہے اور یورینس برج حوت میں۔ دوسری طرف زحل قمر سے چوتھے آگیا ہے۔ جسے ہندی جوتش میں ”ڈھیا“ کہتے ہیں۔ یہ تمام صورت حال آپ کے مستقبل کے لئے کچھ اچھی پیش گوئی نہیں کرتی۔ لہذا آپ کو بہت محتاط ہو کر آئندہ کی منصوبہ بندی کرنا چاہےے اور وقت سے لڑنے کی کوشش نہیں کرنی چاہےے۔ بلکہ وقت کے تقاضوں کو فالو کرنا چاہےے۔
آپ کی موجودہ وائف بھی اتفاق سے شمسی برج حمل سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا قمری برج بھی حمل ہے۔ یہ ایسی ہی بات ہے کہ ایک میان میں دو تلواریں جمع ہو گئی ہیں۔ یا یوں کہہ لیں کہ دو جنگ جو حکمران ایک چھت تلے آمنے سامنے آگئے ہیں۔ حمل خواتین کسی کا رعب و دبدبہ تسلیم نہیں کرتیں۔ ان پر حکم چلانا بہت مشکل کام ہے۔ لہذا آپ کی موجودہ شادی کا انجام صاف نظر آ رہا ہے۔ اگر آپ حکمت عملی سے کام لیں اور اپنی موجودہ ضرورت کو مد نظر رکھ کر بیگم کے سامنے ہتھیار ڈال دیں تو شائد بہتری کی کوئی صورت نکل آئے۔ یاد رکھیں حملی افراد اطاعت و فرمانبرداری کو پسند کرتے ہیں۔ دوسروں کی سرپرستی فرمانا انہیں بہت محبوب ہے مگر مشکل یہ ہے کہ آپ بھی حمل (ARIES) ہیں۔ آپ سے ہتھیار نہیں ڈالے جائیں گے اور وہ بھی آپ سے دو ہاتھ آگے ہے۔

اب جو خدا دکھائے سو لاچار دیکھئے!

عزیزم! جیسا کہ ہم نے عرض کیا کہ آگے حالات اچھے نظر نہیں آرہے اور ممکن آئندہ سال کی پہلی سہہ ماہی یا پھر جون جولائی کے مہینے آپ کو سخت آزمائش اور مشکلات میں ڈال دیں اور جیسا کہ آپ خود بھی سوچ رہے ہیں کہ دانہ پانی امریکا سے اٹھ جائے تو یہ سبب کچھ ممکن ہے۔ لہذا صورت حال کو سنبھالنے کے لئے جو کچھ بھی کر سکتے ہیں کر لیں۔ یہاں ہم آپ کا اسم اعظم لکھ رہے ہیں۔ اسے نیا چاند ہونے کے بعد جو پہلا اتوار آئے اس سے پڑھنا شروع کریں 648 مرتبہ روزانہ۔ اول آخر گیارہ بار درود شریف۔ ”یَا نُورُ الّلَطِیفُ النَافُعُ“
آپ جو صدقہ دے رہے ہیں وہ دیتے رہیں۔ ”گارنٹ“ کا نگینہ پہن لیں۔ جس کا اوپر ذکر کیا گیا ہے۔ آپ کے لئے لوح زحل برائے استحکام بہت مفید ثابت ہوگی۔

پہلی محبت کا عذاب

S.H آف کینیڈا: عزیزم! آپ کے شوہر کا شمسی برج سرطان ہے اور سرطانی افراد اپنے ماضی سے بہت سختی کے ساتھ جڑے رہتے ہیں۔ خاندانی معاملات ہوں یا زندگی کی دیگر وابستگیاں۔ وہ انہیں کبھی نہیں بھولتے لیکن آپ کے شوہر کا مسئلہ صرف ان کی پہلی محبت ہی نہیں ہے۔ بلکہ دولت بھی ہے۔ ان کا پیدائشی اور قمری برج ثور ہے۔ جو دولت کا برج کہلاتا ہے۔ جیسا کہ آپ نے لکھا ہے کہ وہ لڑکی ڈاکٹر ہے۔ مالی طور پر بہت مضبوط پوزیشن رکھتی ہے۔ جبکہ آپ سے شادی کے بعد انہیں مالی طور پر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ چنانچہ وہ اب پچھتاوے کا شکار ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے زحل ان کے چوتھے گھر میں بیٹھا ہے۔ لہذا وہ اپنی موجودہ گھریلو زندگی سے عدم اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ کے ساتھ ان کی جوڑی غلط ہے۔ آپ کا شمسی برج عقرب ہے اور عقرب اور سرطان کے درمیان زبردست اٹرکشن پائی جاتی ہے۔ آپ ان کے مقابلے میں زیادہ ذہین اور ہوشیار بھی ہیں لیکن آپ ابتداءہی سے ایک غلطی کر رہی ہےں۔ اپنی عقربی فطرت کی وجہ سے آپ ان کی پہلی محبت سے جیلس ہیں اور لاشعوری طور پر اس سے نفرت کا اظہار طنزیہ انداز میں کرتی ہیں۔ عقربی افراد بڑے طناز ہوتے ہیں۔ بچھو کا ڈنک مشہور ہے۔ اپنے روےے پر نظر ثانی کریں۔ اب آپ ان کی وائف ہیں اور وہ آپ کے شوہر ہیں۔ کسی تیسری ایسی ہستی کو درمیان میں نہ لائیں جس کا اب دور دور تک کوئی وجود نہیں ہے۔ وہ اگر اپنے ماضی کو یاد کر کے ٹھنڈی آہیں بھرتے ہیں تو آپ اسے اپنی انا اور انسلٹ کا مسئلہ نہ بنائیں۔ بلکہ دانش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نظر انداز کر دیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ اگر آپ کے خیال میں وہ آپ سے محبت نہیں کرتے تو آپ بھی تو انہیں وہ محبت نہیں دے رہیں جو دینی چاہےے۔ یاد رکھیں ایک دوسرے کے حریف بن کر زندگی خوشگوار نہیں ہوگی۔ بلکہ جہنم بن جائے گی۔ اکتوبر 2009 تک کا وقت احتیاط اور صبرو برداشت کے ساتھ گزار لیں پھر سب ٹھیک ہو جائے گا۔ اس دوران میں اپنے روےے کو بھی تبدیل کریں۔ اپنے دل میں ان کے لئے جگہ پیدا کریں۔ ہر وقت جلنا، کڑھنا چھوڑ دیں۔ ان کے ماضی کے قصوں کو خوش دلی سے سنیں اور انجوائے کریں۔ کیا آپ کے لئے یہ فخر کی بات نہیں ہے کہ میدان آپ نے جیتا ہے۔ آپ کی نا معلوم رقیب تو شکست خوردہ ہے۔ جب آپ کے دل میں اپنے شوہر کے لئے حقیقی محبت پیدا ہو گی اور اس کا اظہار عملی طور پر وہ محسوس کریں گے تو سارا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ یاد رکھیں سرطان افراد دل کے برے نہیں ہوتے۔ یہ بڑے محبت کرنے والے گھر اور خاندان پر جان دینے والے لوگ ہیں۔ ان سے بدظنی اچھی نہیں ہے۔ یہاں ہم آپ کو ایک روحانی طریقہ بھی بتا رہے ہیں۔ اس پر عمل کریں۔ انشاءاللہ وہ اپنی پرانی محبت کو بھول جائیں گے اور آپ اپنے حسد اور جیلسی سے نجات پا جائیں گی۔
سورہ ”انبیائ“ کی آیت نمبر 66 کو یاد کر لیں جو یہ ہے۔
قُلنَا یَا نَارکُونِی بَردَاًوَّ سَلَام عَلٰے اِبرَاھِیم
اس آیت کو چلتے پھرتے جب فرصت ہو پڑھتی رہا کریں۔ اس کے علاوہ شوہر کو کھانے پینے کی جو چیز بھی دیا کریں اس پر سات بار یہ آیت پڑھ کر دم کر دیا کریں۔ خواہ سادہ پانی ہی کیوں نہ دیں رہی ہوں۔ اس عمل کو لمبے عرصے تک جاری رکھیں۔ انشاءاللہ اس کے نتائج آپ خود دیکھ لیں گی۔