عامل بننے سے پہلے جائز و ناجائز میں فرق کی تمیز پیدا کریں
ہمارے قارئین کو یاد ہو گا کہ ہم نے ابتداءمیں حروف صوامت کی ذکات اور اعمال پر لکھا ہے لیکن بعد میں اس موضوع پر مزید لکھنے کا ارادہ ملتوی کر دیا۔ ساتھ ہی یہ بھی عرض کیا تھا کہ یہ ایک دو دھاری ننگی تلوار ہے جب نا اہل کے ہاتھ میں آجاتی ہے تو اندیشہ یہ رہتا ہے کہ وہ کہیں خود اپنا ہی گلا نہ کاٹ لے۔ بات دراصل یہ ہے کہ حروف صوامت کا عامل ہونا اتنا مشکل کام نہیں جتنا مشکل اس روحانی قوت کو سہارنا ہے۔ بہت سے ایسے لوگ جن کی ابتدائی تربیت کسی معقول استاد کی نگرانی میں نہ ہوئی ہو ان کے قدم لڑکھڑا جاتے ہیں وہ دانستہ نہ سہی نادانستہ طور پر کسی لغزش کا شکار ہو جاتے ہیں اور پھر نقصان بھی اٹھاتے ہیں۔
آئیے ایک خط سے پہلے کچھ اقتباسات ملاحظہ کیجئے تاکہ آپ کو بھی اندازہ ہو کہ نادانستہ طور پر غلطی کیسے ہوتی ہے اور ایسی غلطیوں کی بنیادی وجہ کیا ہے؟
آپ کا پرانا قاری ہوں اور ایک طرح سے آپ کا شاگرد بھی ہوں۔ گزشتہ سال آپ نے مجھے سورہ ”اخلاص“ کی ذکات کی اجازت دی تھی اور اس سال آپ سے حروف صوامت کی اجازت ملی تھی۔ اگست کے چاند گرہن میں میں نے ذکات ادا کی لیکن آپ کو پھر خط نہ لکھ سکا۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ میں اس کو چھوڑنا چاہتا ہوں کیونکہ آپ کی بات سچ ہے‘ لوگ جھوٹی کہانی سناتے ہیں‘ ایسا مرچ مسالہ لگا کر بات کرتے ہیں کہ لگتا ہے سچ بول رہے ہیں اور ان کے ساتھ واقعی ظلم ہوا ہے۔ دل کرتا ہے ان کی مدد کرنا چاہیے۔ بعد میں پتا چلتا ہے کہ جو مظلوم بن کے نقش لینے آیا تھا وہ خود ظالم ہے ۔ میں کوئی باقاعدہ عامل وغیرہ نہیں ہوں جو کچھ ہے آپ کی مہربانی ہے لیکن اب میں حروف صوامت سے کام نہیں لینا چاہتا۔ ایک آدمی نے مجھ سے کام کرا لیا اور ایک رشتے کی بندش کرا دی۔ اس نے میری کافی منتیں کیں اور مجھے جھوٹی کہانی سنائی، مجھے اس وقت تو اس پر رحم آگیا اور میں نے حروف صوامت سے عمل بنا کے اسے دے دیا کہ بھاری وزن کے نیچے دبا دو۔ اس کا کام ہو گیا لیکن کچھ دنوں کے بعد ایک دوست کے ذریعے سے مجھے معلوم ہوا کہ اس شخص نے مجھے جو کہانی سنائی تھی وہ جھوٹی تھی۔ وہ اپنی ذاتی دشمنی کی وجہ سے اپنے مخالف کی بیٹی کا رشتہ باندھنا چاہتا تھا۔ اب عرض یہ ہے کہ جب سے مجھے اس حقیقت کا پتا چلا ہے تو مجھے اتنا خوف آیا کہ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ میں اس وقت سخت ٹینشن میں ہوں کہ یہ میں نے کیا کر دیا۔ نا حق ایک لڑکی کا رشتہ باندھ دیا۔ اب میں سخت محتاط ہو گیا ہوں اور لوگ بھی میرے پاس ایسے کاموں کے لئے آتے ہیں لیکن میں اب سب کو منع کر دیتا ہوں آپ مجھے بتائیں کہ اس کا حل کیا ہے؟ کچھ دوسرے ذاتی مسائل بھی لکھ رہا ہوں ان کا جواب بھی ضرور دیں۔
جواب: عزیزم ! آپ کو یاد ہو گا ہم نے اپنے کالموں میں اکثر اس بات پر زور دیا ہے کہ جائز و نا جائز کی تمیز بہت مشکل سے ہوتی ہے اور اس کے لئے بنیادی چیز دینی علم سے درست واقفیت ہے۔ صرف ایک اصول ہم یہاں آپ کو سمجھا رہے ہیں۔ اگر آپ نے اس پر عمل کیا تو کبھی غلطی نہیں کریں گے۔ کوئی شخص کتنا بھی مظلوم بن کر آپ کو کوئی بھی کہانی سنائے آپ اس کی مدد کرتے ہوئے کبھی کسی اور کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کریں۔ اس اصول کو سمجھنے کے لئے مزید مثال یہ ہے کہ اس شخص کو یا آپ کو کسی صورت بھی یہ حق نہیں پہنچتا کہ آپ کسی تیسرے شخص کے معاملات میں مداخلت کریں۔ اگر وہ شخص اس لڑکی سے خود شادی کا خواہش مند تھا اور لڑکی کے گھر والے رشتے سے انکار کر رہے تھے تو آپ اس کی مدد اس طرح کر سکتے تھے کہ اس شخص اور لڑکی کے گھر والوں کے درمیان محبت اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کریں اور اس شخص سے بھی یہ کہیں کہ وہ اپنی ان برائیوں کو ختم کرے جن کی وجہ سے لڑکی کے گھر والے اس کے خلاف ہیں اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو آپ کی مدد کا مستحق بھی نہیں ہے اگر اس کے علاوہ بھی کوئی اور کہانی وہ سناتا ہے تو آپ کو پہلے اس کی تصدیق کرنی چاہیے۔ قصہ مختصر یہ کہ صرف لوگوں کے رونے دھونے، مظلوم بننے سے متاثر ہونا درست نہیں ہے۔ بہرحال اگر آپ چاہتے ہیں کہ آئندہ حروف صوامت سے کام نہ لیں اور اس روحانی قوت سے علیحدہ ہو جائیں تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ روزانہ کی مداومت بند کر دیں اور کچھ مٹھائی پر فاتحہ دے کر دعا کریں کہ پروردگار میں تیری عطا کی ہوئی یہ صلاحیت تجھی کو واپس لوٹانا چاہتا ہوں تو میری اس درخواست کو قبول فرما اور مجھے سیدھا راستہ دکھا۔ اس کے بعد چار کلو چینی اور چار کلو چاول کا صدقہ اپنے سر سے وار کے چینٹیوں وغیرہ کو ڈال دیں۔
آپ نے اپنے جن دیگر مسائل کا ذکر کیا ہے ان کے حوالے سے ہم آپ کو یہی مشورہ دیں گے کہ حق اور سچائی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور اس معاملے میں کسی کی پروا نہ کریں۔ کوئی رشتہ بھی اس راستے میں کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ خاص طور سے جب آپ جانتے ہیں کہ ایک شخص غلط ہے اور وہ غلط لوگوں کے اثر میں ہے۔ لہذا اس کی بات ماننا آپ پر واجب نہیں ہے۔ اس کی شر پسندی کو روکنے کے لئے آپ جو کچھ بھی کر سکتے ہیں ضرور کریں۔ آپ کے زائچے کے مطابق اب بہت تھوڑا وقت رہ گیا ہے یعنی تقریباً ایک سال، اس کے بعد آپ کے یہ موجودہ مسائل ختم ہو جائیں گے۔
بہن کے معاملے میں آپ اس شخص کی روک تھام حروف صوامت کے ذریعے کر سکتے ہیں اور ایسا ہی ان لوگوں کے لئے بھی کر سکتے ہیں جو اس معاملے میں ملوث ہیں اور ایک معصوم زندگی کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ باقی اصل بات یہ ہے کہ بہن زحل کی نحوست کا شکار ہے ۔جب یہ نحوست ختم ہوگی پھر اس کی شادی آسانی سے ہو جائے گی۔ آخری بات یہ ذہن میں رکھیں کہ آپ کو ہر صورت میں اپنے روزگار پر توجہ دینا ہے اور اس معاملے میں کسی رکاوٹ کو قبول نہیں کرنا خواہ اس کے لئے اپنوں ہی سے مخالفت مول لینا پڑے۔ اپنے آپ کو مالی طور پر مضبوط بنائیں ۔ جب آپ ہم سے حیدرآباد میں ملے تھے، اس وقت کیا حال تھا؟ آج یہ پڑھ کر خوشی ہوئی کہ آپ پر اللہ کا بڑا کرم ہے۔ حاسدوں اور جلنے والوں کی پروا نہ کریں، یہ لوگ ایک روز حسد کی آگ میں جل کر خود ختم ہو جائیں گے۔
لڑکا کیسا ہے
س‘ع‘ کراچی: عزیزم! آپ نے جس لڑکے کے بارے میں معلوم کیا ہے وہ آپ کے لئے ہرگز مناسب نہیں ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ جذباتی رو میں بہہ کر اپنے لئے کوئی مسئلہ کھڑا کرنا چاہتی ہیں۔ حالانکہ آپ کی چھٹی حس آپ کو خبردار کر رہی ہے اور آپ کا دماغ اسے قبول نہیں کر رہا لیکن آپ اس کی چکنی چپڑی باتوں پر پھر بھی توجہ دے رہی ہیں۔ یاد رکھیں کوئی وقت، کوئی گھڑی ایسی بھی آتی ہے جب انسان وہ غلطی کر بیٹھتا ہے جو وہ خود نہیں کرنا چاہتا تھا۔ آپ کے ساتھ بھی ایسا کچھ ہو سکتا ہے لہذا اس آوارہ سے دور رہیں۔ آپ نے خود اس کے کردار پر شک ظاہر کیا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ آپ نے کچھ رعایت سے کام لیتے ہوئے اس کی خرابیوں کو ”تھوڑا سا بگڑا ہوا“ قرار دیا ہے۔
پہلی بات تو یہ سمجھ لیں کہ آپ کا شمسی برج سنبلہ اور اس کا قوس ہے۔ یہ تو بلی کتے کا بیر ہے۔ آپ کا قمری برج عقرب اور اس کا قمری برج دلو ہے۔ گویا فطری اعتبار سے بھی آپ دونوں مشرق و مغرب ہیں۔ آپ کے لئے بہترین بات یہی ہے کہ اپنے تعلیمی معاملات پر توجہ دیں اور انتظار کریں۔ یاد رکھیں کہ خراب وقت کی نحوست ایسے ہی فضول کاموں میں الجھا کر مستقبل کو تباہ کرتی ہے۔ آپ جو صدقہ وغیرہ دے رہی ہیں وہ دیتی رہیں اور شادی کے لئے زیادہ بے صبری کا مظاہرہ نہ کریں، 2025 آپ کے لئے بہترین سال ثابت ہو گا اور اس سال اچھی جگہ شادی ہو سکے گی۔
احساس کا زخم
ش‘ ز‘ ش‘ سکھر: پیاری بیٹی! بے شک جس احساس نے تمہارے دل کو زخمی کیا ہے وہ ایسا ہی ہے جیسا تم نے محسوس کیا، لیکن ہمارے خیال سے تمہاری سوچ تھوڑی سی منفی ہو گئی ہے جسے مثبت بنانے کی ضرورت ہے۔ اگر تمہارے ساتھ کسی نے برا سلوک کیا ہوتا تو ضرور اس احساس کا زخم گہرا ہوتا لیکن ایسا نہیں ہوا اور تمہیں یہ بھی نہیں سوچنا چاہیے کہ تمہارے والدین تم سے محبت نہیں رکھتے ہوں گے۔ ان کی محبت صرف اپنے دوسروں بچوں کے لئے ہو گی۔ وہ یقیناً تم سے محبت رکھتے ہوں گے۔ یہ الگ بات ہے کہ حالات اور مصلحت کے تقاضے انہیں اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ وہ اپنی محبت کا کھل کر اظہار کر سکیں۔ دوسری بات یہ کہ تمہیں اپنے گھر میں کس چیز کی کمی محسوس ہوتی ہے؟ کیا تمہیں وہ محبت وہ اپنائیت اور وہ احساس جو اپنے گھر میں اپنے ماں باپ کے ساتھ ملتا ہے، نہیں ملا ؟ یقیناً ملا ہے۔ لہذا اس نعمت کا شکر ادا کرو۔ کبھی کبھی یہ نعمت اس صورت میں بھی نہیں ملتی جو تمہارے نزدیک بہترین صورت ہے اور جو تمہیں محرومی کا احساس دلا رہی ہے۔
تم نہایت ذہین، باحوصلہ، حقیقت پسند اور عملی سوچ رکھنے والی لڑکی ہو۔ بے شک تم نے جو کچھ سوچا ہے وہ تم کر بھی سکتی ہو اور یہی بہترین بات ہوگی کہ تم اپنے ماں باپ کا بیٹا بن کر دکھاﺅ۔ اب ہم تھوڑا سا تمہارے زائچے پر روشنی ڈالیں گے۔
شمسی برج جدی اور قمری برج سنبلہ ہے۔ جب کہ پیدائشی برج ثور ہے۔ تینوں برج خاکی ہیں۔ ہم ایسے لوگوں کو آہنی اعصاب کا مالک کہتے ہیں یعنی ان لوگوں کی زندگی میں مقصدیت، کام، کام اور صرف کام ہوتا ہے۔ سوشل لائف، جذباتی پن، فضول نوعیت کی دلچسپیاں وغیرہ نہیں ہوتیں لہذا امید ہے کہ تم جب ایک بار اپنے کسی مقصد کے لئے کوشش شروع کرو گی تو اسے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لو گی۔ تمہارے زائچے پیدائش میں عطارد، نیپچون اور یورینس اور زحل برج جدی میں ہیں۔ مشتری سرطان میں شرف یافتہ ہے۔ مریخ برج قوس میں طاقت ور ہے۔ زہرہ برج دلو میں بحالت رجعت کمزور ہے۔ تقریباً تمام اہم سیارگان باقوت ہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ سیارہ زحل اپنے گھر برج جدی میں اور زائچے کے نویں گھر میں ہے۔ جب کہ مشتری اپنے شرف کے گھر برج سرطان میں خانہ مال میں ہے۔ تم یقیناً اپنی محنت اور کوشش سے اپنے کیریئر میں نمایاں مقام حاصل کرو گی۔ البتہ اہم ترین مسئلہ جو ہر لڑکی کے لئے پریشان کن ہوتا ہے وہ شادی کا ہوگا۔ تمہاری شادی اگر جلدی کی گئی تو ناکام ہو گی۔ لہذا پہلے اپنا کیریئر بنانے پر توجہ دو، تعلیم حاصل کرو۔ شادی میں تاخیر ہوتی ہے تو ہونے دو۔ واضح رہے کہ زائچے میں سیارگان کی کثرت نویں دسویں دسویں گھر میں ہے لہذا اعلیٰ تعلیم کے لئے ملک سے باہر جانے کا موقع مل سکتا ہے اور شادی بھی غیروں میں یا ملک سے باہر ہو سکتی ہے۔
شادی اور موٹاپے کا خوف
ک‘ن‘ حیدر آباد: پیاری بیٹی! تمہیں دنیا کی باتوں کی پروا نہیں کرنی چاہیے۔ باتیں بنانا لوگوں کی عادت ہے۔ تمہارا زائچہ بتاتا ہے کہ تم بہت باصلاحیت ہو اپنی تعلیم جاری رکھو اور اپنا کیریئر بنانے پر توجہ دو۔ دنیا میں صرف شادی ایک اہم مسئلہ نہیں ہے۔ ایسے بھی ہزاروں افراد موجود ہیں جو شادی کے بعد بھی بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔
پہلی بات تو یہ کہ تم کو اپنی خوراک کا معقول چارٹ بنانا چاہیے اور ایسی تمام چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے جو مٹاپا لاتی ہیں۔ ایسی چیزوں میں سر فہرست چاول‘ چینی اور چکنائی ہے لیکن یاد رکھو چکنائی کا مطلب صرف گھی، تیل اور مکھن ہی نہیں ہے بلکہ ایسی تمام چیزیں ہیں جن میں چکنائی موجود ہوتی ہے۔ مثلاً دہی، دودھ، گوشت وغیرہ۔ میٹھے کے حوالے سے چینی اور اس سے بنی ہوئی اشیاءزیادہ نقصان دہ ہیں البتہ پھل یا شہد نقصان نہیں پہنچاتے۔ اسی طرح بادی چیزیں جن میں چاول ماش کی دال، آلو، اروی، پھول گوبھی، بادی اشیاءمیں شامل ہیں۔ اس پرہیز کے ساتھ جسمانی مشقت بھی ضروری ہے، چہل قدمی یا کسی اور نوعیت کی ورزش شروع کریں۔ ہومیو پیتھی میں ایسی دوائیں موجود ہیں جو جسم کی فاضل چربی کو ختم کر دیتی ہیں لیکن اس کے لئے کسی تجربہ کار ہومیو ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہو گا۔
روحانی طور پر ایک وظیفہ ہم یہاں لکھ رہے ہیں۔ اس پر پابندی سے عمل کریں۔ تیسویں سپارے میں سورہ ”والتّین“ موجود ہے۔ نیا چاند ہونے کے بعد جو پہلا جمعہ آئے اس دن سے یہ عمل شروع کریں۔ روزانہ صبح فجر کی نماز کے بعد تیرہ مرتبہ سورہ ”والتّین“ کی تلاوت کریں اور دونوں ہاتھوں پر دم کر کے چہرے پر اور پورے جسم پر ہاتھ پھیر لیں۔ پھر کچھ پانی پر دم کریں اور وہ پانی پی لیں۔ یہ عمل 120 دن تک کریں۔ انشاءاللہ نمایاں فرق آجائے گا۔
بہت پہلے ہم نے سیلف ہپناٹزم کی ایک مشق مٹاپے کو کنٹرول کرنے کے لئے دی تھی۔ شائد ہماری کتاب ”مسیحا“ حصہ دوم میں شامل ہے اس کے علاوہ ہماری دوسری کتاب مظاہر نفس میں بھی ہے۔ وہ مشق بھی آپ کر سکتی ہیں۔
شادی کے سلسلے میں زیادہ پریشان نہ ہوں۔ کچھ لوگوں کی شادی جلدی ہو جاتی ہے اور کچھ لوگ دیر سے شادی کرتے ہیں۔ تمہاری شادی میں دیر ضرور ہے لیکن مایوسی کی کوئی بات نہیں۔ تمہیں چاہےے کہ سچا موتی اورسرخ گومیدک کا نگینہ نوچندے پیر کو چاندی کی انگوٹھی میں پہن لیں۔ خیال رہے کہ تمہارا زائچہ ایسا کمزور نہیں ہے کہ زندگی کی خوشیاں نہ مل سکیں۔