پرچھائیں سیارے راہو کیتو کی نحوست یا سعادت کا ماجرا

مختلف سیاروں کے زائچہ پیدائش میں اثرات(8)

زائچہ پیدائش کے مختلف گھروں میں سیارگان کے اچھے اور برے اثرات

راہو کیتو سیارے نہیں ہیں ، یہ سیارہ قمر کی پرچھائیاں ہیں اسی لیے انھیں پرچھائیں سیارے کہا جاتا ہے مگر ان کی کسی بھی زائچے میں اہمیت بہت زیادہ ہے، کہا جاتا ہے کہ راہو سر ہے اور کیتو دھڑ ہے لہٰذا راہو دماغ ہے، آنکھیں ہیں لیکن کیتو ایک عضوئے معطل ہے۔

راہو جس گھر میں ہو اس کی اہمیت کو بڑھا دیتا ہے، جس سیارے سے ناظرہو اس کی خصوصیت میں اضافہ کردیتا ہے لیکن یہ خصوصیت منفی بھی ہوسکتی ہے اور مثبت بھی ۔ عام طور پر راہو کو چھل فریب ، بہلاوا اور سہانے خواب دکھانے والا بھی کہا جاتا ہے اسی لیے اسے سیاست کا سیارہ بھی کہتے ہیں جب کہ کیتو کو ایک مجذوب جو دنیا سے بے زار، سب سے الگ تھلگ رہنے والا سمجھا جاتا ہے ۔ اکثر زندگی میں رکاوٹیں، تکالیف، محرومیاں، مہلک بیماریاں کیتو کا سبب ہوتی ہیں ، کیتو جب زائچے میں کسی گھر میں ہو تو اس گھر کی منسوبات کو نقصان پہنچاتا ہے۔

 اگر کسی سیارے سے حالت قران میں ہو یا اس پر نظر رکھتا ہو، اس سیارے کی بہترین خوبیوں کو نقصان پہنچاتا ہے، اسی طرح راہو اور کیتو کے دور اکبر یا دور اصغر وغیرہ کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔

مختلف گھروں میں راہو

راہو کیتو کا چکر لوگوں کے ان واقعات سے جڑا ہوا ہے جن کا ظہور پذیر ہونا طے ہے۔ راہو آپ کے مستقبل میں پیش آنے والے ان طے شدہ واقعات کی نمائندگی کرتا ہے جنہیں ٹرانزٹ کا راستہ عیاں کرتا ہے۔کیتو ماضی کے واقعات کی نمائندگی کرتا ہے نہ صرف ماضی کے بلکہ ماضی کی مجموعی یادوں کی بھی نمائندگی کرتا ہے اور مستقبل کی رکاوٹوں پر بھی اثر ڈالتا ہے۔

 ویدک ایسٹرو لوجی میں راہو کیتو(NODES)زندگی کی سچائیاں ہیں ۔ زندگی کا حقیقی مطلب اور راستہ لہٰذا راہو(شمالی نوڈ) کونئی چیزوں نئے دوستوں نئے گروپس کے معنی میں لیا جاتا ہے جو کسی فرد پر اثرات مرتب کرتا ہے اور یادوں کو تشکیل دیتا ہے جو بعد میں بہت اہم سمجھی جاتی ہےں۔ مزید یہ کہ فرد کو یہ احساس ہوجاتا ہے کہ زندگی کے راستے میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

پہلے گھر میں: اگر راہو کسی کے زائچے میں طالع یا پہلے گھرمیں ہو تو صاحب زائچہ اپنی علالت اور بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنی فیملی کی پرورش اور خدمت کرتا رہتا ہے۔ اس کے بہت سے بچے ہوتے ہیں ، وہ بامروت، ہمدرد ، جرات مند اور ناممکن کاموں کی تکمیل کرنے ولا ہوتا ہے۔ وہ کالی رنگت اور بیمار چہرے کا مالک ہوتا ہے، روشن دماغ اور نت نئی جائز و ناجائز حکمت عملیاں اختیار کرنے والا ہوتا ہے۔

 دوسرے گھرمیں: اگر راہو کسی کے زائچے میں دوسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کا رحجان چوری اور ڈکیتی کی طرف ہوسکتا ہے گویا وہ اپنے ذرائع آمدن میں ناجائز یا غیر قانونی کام بھی کرسکتا ہے، متکبر اور ایک سیاست داں ہوگا۔ وہ ایسی چیزیں بے تحاشا کھاتا ہے جو کھانی چاہئیں۔ وہ مالدار ہونے کے باوجود ہمیشہ کسی گھٹیا یا غلط صحبت اختیار کرے گا۔

تیسرے گھر میں: اگر راہو کسی کے زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ مالدار اور خوش و خرم اور مطمئن زندگی بسر کرنے والا ہوگا اور اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے لیے نقصان کا باعث ہوگا، وہ اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے والاہوگا، زندگی گزارنے کے انوکھے اور نئے طور طریقے اختیار کرے گا۔

چوتھے گھر میں: اگر راہو کسی کے زائچے میں چوتھے گھرمیں ہو تو صاحب زائچہ تباہ حال اور غربت و افلاس کی زندگی بسر کرنے والا ہوگا۔ وہ بھائیوں اور دوستوں سے محروم ہوگا، گھٹیا درجے کے لوگوں میں تنہا زندگی گزارے گا، لڑائی دنگوں کا باعث ہوگا اور گناہ آلود افعال میں ملوث ہوگا، اپنی ماں کے لیے پریشانی کا سبب بنے گا، اپنے پیدائش کے مقام سے دور زندگی گزارے گا۔

 پانچویں گھر میں: اگر راہو کسی کے زائچے میں پانچویں گھر میں چاند کے ساتھ ہو تو یہ امتزاج صاحب زائچہ کے لئے سب سے زیادہ منحوس تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس کے یہاں اولاد پیدا ہوتے ہی مر جایا کرے گی ۔ صرف ایک بیٹا زندہ بچ پائے گا جو بد صورت اور زانی ہوگا البتہ صرف راہو کی پانچویں گھرمیں موجودگی ایسے شخص کو تخلیقی نوعیت کے کاموں کی طرف متوجہ کرسکتی ہے ۔

چھٹے گھر میں: اگر راہو کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اپنے دشمنوں کو تباہ کرنے والا ہوگا، وہ امیر اور کئی بچوں کا باپ ہوگا لیکن اگر راہو اونچی پوزیشن میں ہو یعنی برج ثور وسنبلہ میں تو یہ اس کی عزت اور وقار کے لئے تباہ کن ہوگا۔وہ کاروباری معاملات میں کامیاب رہے گا اور مسلسل کام کرکے اپنی مالی پوزیشن کو مستحکم کرے گا۔

ساتویں گھر میں: اگر راہو کسی زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کی دولت کے لئے تباہ کن ثابت ہوگا۔ اگر چہ وہ زندگی کی بہت سی لطافتوں اور خوشیوں سے لطف اندوز ہوگا لیکن اسے شادی کی خوشی نصیب نہیں ہوگی۔ اگر راہو، دوسرے سیاروں کے ساتھ موجود ہو تو صاحب زائچہ کی بیوی بد کر دار اور بد ذات ہوگی ۔پارٹنر شپ ایسے شخص کے لیے ہمیشہ مسائل اور مشکلات کا باعث ہوگی۔

 آٹھویں گھرمیں: اگر راہو کسی شخص کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ ذلیل، تنگ نظر، جھگڑالو، اخلاق بافتہ ، زانی اور کئی امراض میں مبتلا ہوگا۔ وہ گناہ کے کاموں یا بد کاریوں میں ملوث ہوگا۔ اس کا جسم کمزور ہوگا اور اگرچہ وہ امیر ہوگا لیکن کوئی اس سے سیدھے منہ بات بھی نہیں کرے گا۔

 نویں گھر میں: اگر راہو کسی شخص کے زائچے میں نویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ بد معاش، تشدد کا حامی، آبرو بافتہ، جھگڑالو، بے ہنگم اور گندے لباس پہننے والا، بد قسمت اور اپنے دشمنوں سے ڈرنے والا ہوگا۔

دسویں گھرمیں: اگر راہو کسی شخص کے دسویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ ہر قسم کے کام میں ترقی کرے گا، ہمیشہ دوسروں کی دولت کی تلاش میں رہے گا، زیادہ خوش قسمت نہےں ہوگا۔

 گیارہویں گھر میں: اگر راہو کسی شخص کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ معاف کرنے والا ہوگا، وہ خوب صورت ناک نقشے کا مالک ہوگا، مقدس نصاب کے معنی سمجھتا ہوگا، مضطرب اور بے آرام ہوگا۔ کاروبار کے ذریعے فوائد حاصل کرے گا۔

بارہویں گھر میں: اگر راہو کسی شخص کے زائچے میں بارہویں گھر میں ہوتو ایسا شخص دولت اور مذہب دونوں سے محروم اور تہی دست ہوگا۔ وہ غربت اور افلاس میں زندگی بسر کرے گا۔ اس کے ناخن بھدے اوربد نما ہوں گے ، وہ منشیات کی طرف راغب ہوسکتا ہے اور شہوت پرست ہوسکتا ہے۔

کیتو بارہ گھروں میں

پہلے گھر میں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں پہلے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اپنے دوستوں کے لئے دکھ ، درد اور کرب کا باعث ہوگا۔ وہ مضطرب فطرت کا مالک ہوگا، اپنے بیوی بچوں کے سلسلے میں ذہنی کرب میں مبتلا ہوگا، حد سے زیادہ پریشانی اور اضطراب کے باعث مصیبت جھیلے گا، اس کے جسم میں ہوا کے عنصر کی زیادتی ہوگی ۔

 دوسرے گھرمیں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں دوسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ بے حس ذہن کا مالک ہوگا، حکمراں کے غیض و غضب کا شکار ہوگا، وہ منہ کی بیماریوں میں مبتلا ہوگا اور گھر میں باغی ہوگا۔ اگر کیتو کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہو تو یہ صاحب زائچہ کے لئے خوشیوں اور مسرتوں کا باعث ہوگا۔

تیسرے گھر میں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو اس کے دشمن تباہ ہوجائےں گے، وہ لڑائی جھگڑوں اور تنازعات میں ملوث ہوگا وہ معاشرے میں دولت اور شہرت حاصل کرے گا۔

 چوتھے گھر میں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں چوتھے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ بد قسمت ہوگا کیونکہ اس کی ماں زندہ نہیں ہوگی، وہ اپنے دوستوں سے ناخوش ہوگا، اور اس کے اسلاف کی دولت تباہ ہوجائے گی لیکن اگر کیتو اونچی پوزیشن میں ہو یعنی برج عقرب میںہو تو وہ دوستوں سے خوش لیکن بے چین ہوگا۔

پانچویں گھر میں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں پانچویں گھر میں ہو تو ایسا شخص کا اپنے بڑے بھائی سے جھگڑا ہوگا، اس کے جسم میں ہوا کی زیادتی ہوگی جو اس کے لئے پریشانی کا سبب ہوگی، اس کے چند بچے ہوں گے اور کوئی بچہ ضائع بھی ہوگا، وہ دلیر ہوگا۔ مذہب یا تصوف جیسے موضوعات کی طرف متوجہ ہوگا یا اکلٹ سائنسز میں دلچسپی لے گا۔

چھٹے گھر میں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں چھٹے گھر میں تو ایسے شخص کو اپنے ماموں کے ہاتھوں ذلیل ہونا پڑے گا، وہ اپنے دشمنوں کو تباہ کر دے گا اور خوش ہوگا، اسے ملازمت میں رکاوٹوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا، کسی دوسرے ملک میں قیام کرے گا۔

 ساتویں گھرمیں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو ایسے شخص میں استحکام نام کی کوئی شے نہیں ہوگی۔ وہ اپنی متزلزل شخصیت کی بنا پر بھاری نقصان اٹھائے گا۔ وہ پانی ( دریا، تالاب) سے خو ف کھائے گا لیکن اگر کیتو برج عقرب میں ہو تو یہ ایک سعد حالت سمجھی جائے گی اور اس کے بہت سے فائدے ہوں گے لیکن یہ اس کے بیوی ، بیٹوں کے لئے مصائب جھیلنے کا بھی سبب ہوگا۔ ایسا شخص حد سے بڑھے ہوئے اخراجات کے باعث ذہنی پریشانی اور بے اطمینانی کا شکار رہے گا۔

 آٹھویں گھر میں: اگر کیتو کسی شخص کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو اس کا بہت زیادہ امکان ہے کہ ایسا شخص بوا سیر کے مرض میں مبتلا ہوگا۔ اس کا بھی ڈر ہے کہ وہ گاڑی سے یا کسی اونچی جگہ سے گر پڑے گا۔ تاہم یہ امتزاج دولت کے معاملے میں ہمیشہ فائدہ مند ہوتا ہے اور ایسا شخص اکلٹ سائنسز کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور اس شعبے میں نام کماتا ہے۔

نویں گھر میں: کیتو اگر زائچے کے نویں گھر میں ہو تو باپ کے لیے بیماریاں اور پریشانیاں لاتا ہے، اس کے علاوہ تصوف یا دیگر علوم کی طرف متوجہ کرتا ہے ، اس کی اولاد کم ہوتی ہے اور اس کی بیوی کو اسقاط حمل کا خطرہ رہتا ہے ۔

دسویں گھر میں: کیتو زائچے کے دسویں گھر میں کاروباری معاملات میں مشکلات یا ناکامی ظاہر کرتا ہے، صاحب زائچہ کی ماں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے ۔ اگر کیتو طاقت ور پوزیشن رکھتا ہو یعنی برج عقرب میں ہو تو صورت حال مختلف ہوگی، وہ اپنے دشمنوں کی تباہی کا باعث بھی بن سکتا ہے اور اپنے اہل خانہ سے دور بھی رہ سکتا ہے۔

گیارہویں گھر میں: کیتو زائچے کے گیارھویں گھر میں قناعت پسندی کا درس دیتا ہے۔ ایسا شخص دولت کے پیچھے نہیں بھاگتا بلکہ آدرشوادی ہوتا ہے ۔ اس کی زندگی کے مقاصد میں دوسروں کی بھلائی کا خیال زیادہ ہوتا ہے ، عموماً ایسے لوگ دوسروں کی فلاح و بہبود کے کاموں میں پیش پیش نظر آتے ہیں۔

بارھویں گھر میں: بارھویں گھر میں کیتو دنیا بے زاری لاتا ہے، یہ لوگ تصوف ، اکلٹ سائنسز کی طرف راغب رہتے ہیں ، عموماً اپنے گھر سے کٹ کر رہنا پسند کرتے ہیں، ان کی ماں کی صحت متاثر ہوتی ہے ، بعض عجیب و غریب عادات و اطوار ان کے کردار میں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

ہر ہفتے نئے آرٹیکل کی اپ ڈیٹ اپنے ای میل پر حاصل کرنے کے لیے ہمارے سبزکرائبر بنیں

یاد رہے کہ سبزکرپشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے اپنا ای میل ان باکس یا اسپیم فولڈر ضرور چیک کریں

ہم اسپیم ای میل نہیں بھیجتے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری پرائیوسی پالیسی پڑھیں۔