مختلف سیاروں کے زائچہ پیدائش میں اثرات (7)
زائچہ پیدائش کے مختلف گھروں میں سیارگان کے اچھے اور برے اثرات
زائچہ پیدائش کے مختلف گھروں میں سیاروی نشست کے حوالے سے جو سلسلہ ء مضامین آپ کی نظر سے گزر رہے ہیں، یہ کسی ایک سیارے کی زائچے میں پوزیشن کے اثرات ظاہر کرتے ہیں لیکن انھیں حتمی نہیں سمجھنا چاہیے کیوں کہ ایک مکمل زائچہ اور اس میں دیگر سیاروں کی پوزیشن اپنی جگہ ایک جداگانہ اہمیت رکھتی ہے، عموماً زائچے کے کسی ایک ہی گھر میں ایک سے زیادہ سیارے مقیم ہوتے ہیں، اس صورت میں نتائج مختلف ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ دیگر سیارگان کے نظرات بھی کسی سیارے اور کسی گھر کی پوزیشن کو بہتر یا بدتر بناسکتے ہیں، اس کا درست اندازہ ایک مکمل برتھ چارٹ کو دیکھنے کے بعد ہی کیا جاسکتا ہے۔
ضروری نہیں ہے کہ زہرہ یا زحل یا کوئی اور سیارہ کسی دوسرے سیارے کی نظر یا قربت کے سبب اثرات میں تبدیلی کردے، اس کے علاوہ اس با ت کی بھی بڑی اہمیت ہے کہ زائچے کے مختلف گھروں میں کوئی بھی سیارہ کس برج میں واقع ہے، وہ اس کے شرف کا گھر ہے یا ہبوط کا یا اس کے دشمن کا یا دوست کا ، یہ تمام باتیں بھی اس کے اثرات پر اثر انداز ہوتی ہےں۔
مختلف گھروں میں زہرہ
زہرہ کا اثر آفریں رابطہ دنیا اور فرد واحد سے تعلقات پر زور دیتا ہے۔ دوستوں کے گروپ سے آپ کے رویے میں تبدیلی آئے گی یا پھر آپ یا تو کسی کی محبت میں گرفتار ہوں گے یا محبوب سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گے۔ آپ کو کسی چیز کی کتنی قدر ہے ، دوستی یا تعلقات کی کوئی قدر ہے کہ نہیں، آپ کو اس کا کتنا شعور ہے، اس کا امتحان ہوگا۔ انسان کو اپنے جذباتی، روحانی یا مالی ذرائع سے آگاہی ہوتی ہے اور یہی وہ وقت ہے کہ جب ذرائع کو وسیع کیا جاتا ہے۔
پہلے گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں پہلے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ بے حد خوش قسمت ہوگا، دلیر، فنون لطیفہ میں ماہر، بیوی کا دلدادہ، پر عزم اسکالر ، عملی لیکن ذہنی طور پر پریشان ، ایک منافق، اور ہمیشہ اپنی فیملی کی بہبود میں مصروف ہوگا۔
دوسرے گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں دوسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کو دوسروں کی وجہ سے دولت ملے گی وہ ایک تخلیقی یا طبع زاد مصنف ہوگا، دقیا نوسی ، کنفیوژ، زیورات، یا شیشے کے آئیٹم( آئینہ وغیرہ) کے کاروبار سے اپنی روزی کمائے گا، میڈیسن کا کاروبار بھی اس کے لیے بہتر ہوگا، خوش ذائقہ مشروبات( یا شراب) اور لذیذ مرغن غذاﺅں کا شوقین ہوگا۔ وہ نرم گفتار اور کمزور جسم کا مالک ہوگا۔
تیسرے گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میںتیسرے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص کا کسی سے لگاﺅ اس کے لئے اضطراب اور بے چینی کا سبب بنے گا، وہ آنکھ کی بیماریوں میں مبتلارہے گا لیکن مالدار ہوگا، سفر کرنا پسند کرے گا، نرم گفتار اور اچھے کپڑے پہننے کا شعور ہوگا، فنون لطیفہ کا دلدادہ، کنجوس، احسان کرنے والا، اور اچھی پوزیشن پر ہوگا۔ زہرہ ماں کی خوشحالی کی نشاندہی کرتا ہے، اس شخص کے اور بھی بھائی بہن پیدا ہوں گے۔ صاحب زائچہ کو شعرو ادب سے بہت لگاﺅ ہوگا۔
چوتھے گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں چوتھے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ عورتوں میں ہر دلعزیز ہوگا، اس کے پاس ملبوسات کی ورائٹی ہوگی، وہ لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہوگا اور خوش نصیب بھی ہوگا۔ وہ تعلیم یافتہ ، زراعت پیشہ، دودھ کا شوقین ہوگا اور اس کی ماں بہت شفیق ہوگی ۔
پانچویں گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں پانچویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کے بہت سی بیٹیاں ہوں گی اور چند بیٹے ہوں گے ، وہ کسی ایک فیکلٹی میں ماہر ہوگا، فنون لطیفہ سے اسے لگاو ¿ ہوگا، اس میں لیڈر شپ کی بہترین خوبی ہوگی اور اس کی بیوی موج مستی کی دلدادہ ہوگی ۔
چھٹے گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کسی معزز گھرانے میں پیدا ہوگا اور اس میں اسکالر کی خوبیاں ہوں گی ، وہ اپنی محنت اور جدوجہد سے اپنا کرئر بنائے گا۔ اگر زہرہ برج حوت میں ہو تو صاحب زائچہ میں اپنے دشمنوں کو شکست دینے کی صلاحیت ہوگی۔
ساتویں گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص دولت مند ہوگا، اس کے بیٹے ہوں گے اور اس کی بیوی کا تعلق معزز گھرانے سے ہوگا۔ اس کی شادی خوش گوار ہوگی، وہ خوش قسمت ہوگا، وہ خوش جمال اور خوش اندام ہوگا اور ہمیشہ ہنستا مسکراتا رہے گا۔ لیکن وہ شہوت پرست ہوگا اور ہمیشہ جنسی لذت کے حصول کی طرف مائل رہے گا۔
آٹھویں گھرمیں: اگر زہرہ کسی زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ روایتی قدروں کا پیرو کار ہوگا۔ وہ شاہی خاندان کا خدمت گار ہوگا، اس کی بڑی بڑی آنکھیں ہوں گی اور وہ ایک طویل، خوش مال اور پرمسرت زندگی سے لطف اندوز ہوگا۔ اسے غیر متوقع ترقی ملے گا، ماں کو خطرہ ہوگا اور معاشقے میں ناکامی ہوگی ۔
نویں گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں نویں گھر میں موجود ہو تو وہ حسین و جمیل ہوگا، قابل اور مذہبی لوگوں کی صحبت میں رہے گااور ہمیشہ حج کی سعادت حاصل کرنے کا خواہش مند ہوگا اور اپنی محنت سے دولت حاصل کرے گا۔
دسویں گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں دسویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ والدین کا احترام کرے گا ، قانون داں کی حیثیت سے کامیاب ہوگا، مقبول ، سوشل ، اعتدال سے کھانے والا، صحت مند اور اچھے جسم کا مالک ہوگا، سب لوگ اس کی عزت کریں گے۔ اس کی تعلیم کا سلسلہ تعطل کا شکار ہوگا۔
گیارہویں گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اچھی خوبیوں کا مالک ، اچھی گاڑیوں کا مالک ہوگا، اس کے بہت سے دوست ہوں گے وہ بے حد مقبول ، حسین و جمیل و ضع قطع، با اثر قابل ، ہنس مکھ، مالدار اور کامیاب ہوگا۔
بارہویں گھر میں: اگر زہرہ کسی کے زائچے میں بارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اوباش ہوگا، عورتوں کا رسیا، جنسی لذتوں کا شائق، گھٹیا ذہنیت کا حامل، کنجوس، ناقابل فہم یا پراسرار، بے اصول ہوگا،اس کی بینائی کمزور ہوگی، بچپن میں بیماریاں اور امراض کا شکار رہے گا۔ زندگی میں بعد میں مکرو فریب میں ماہر اور دھوکے بازوں کا سردار ہوگا۔ وہ کمزور جسم کا مالک ہوگا۔ اس گھرمیں زہرہ بہت ہی غیر یقینی قسمت عطا کرتا ہے۔ اپنی پر تعیش عادتوں کی بناءپر صاحب زائچہ اپنی عزت خاک میں ملا سکتا ہے۔
زحل مختلف گھروں میں
زحل مادی حالت کا سیارہ ہے لہٰذا مادی امور پر ہی زور دیتا ہے۔ اگر زحل ذاتی سیارے سے رابطہ کررہا ہو تو انسان کو اپنے اعمال کے انجام کو قبول کرنے کے ادوار مقرر کرتا ہے۔بیرونی سیاروں سے اپنے باہمی رابطے میں زحل انسانی زندگی پر غیر معمولی اثرات مرتب کرتا ہے۔
جب لوگ جوان ہوتے ہیں تو زحل کے رابطے عام طور پر بندشوں اور پابندیوں کے حامل ہوتے ہیں حتیٰ کہ دھمکی آمیز بھی ہوتے ہیں ۔ زحل علامتی طور ایک باپ، قانون داں، ٹیچر یا باس ہوتا ہے اور اس کی یہ صفات اس وقت سطح پر نمو دار ہوتی ہیں جب وہ پابند یاں عائد کرتا ہے تاکہ انسان قناعت اور ذمہ داری کا سبق سیکھ سکے۔ زحل کے رابطے سے کسی پختہ شعور کے حامل شخص کی زندگی ہی میں استحکام یا ذمہ داریوں کا زیادہ بوجھ( جاب میں ترقی) پڑ سکتا ہے۔
پہلے گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں پہلے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اپنے کام میں بہت سست رفتاری سے ترقی کرتا ہے۔ وہ گھمنڈی، اوباش، گھٹیا درجے کی عورتوں کا رسیا، کجرو، برے خیالات کا حامل، بد ذات ، کمزور جسم، لمبے قد کا ہوتا ہے۔ اگر زحل کسی ناموافق برج میں ہو تو صاحب زائچہ کے بہت سے دوست ہوں گے جو اس سے مخلص نہیں ہوں گے اور وہ آسانی سے گھٹیا اور کمتر درجے کے کاموں کی طرف متوجہ ہوگا۔
دوسرے گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں دوسرے گھرمیں ہو تو صاحب زائچہ تحمل مزاج، غیر مقبول، شرابی، بے چین فطرت کا ہوگا، اس کی نظر کسی نقطے پر ٹکے گی نہیں، وہ سخت گفتار ہوگا اورچوروں سے اس کے تعلقات ہوں گے۔ اس کی ایک سے زیادہ شادیاں ہوں گی، بیماروں جیسا چہرہ ہوگا، تعلیمی سلسلہ تعطل کا شکار ہوگا،بینائی کمزور اورزبان میںلکنت ہوگی۔
تیسر ے گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص خود اپنے بہن بھائیوں سے اختلافات کرے گا۔ کسی حکمراں جیسا شجاع ، خوش اور اپنی فیملی میں سست ہوگا۔
چوتھے گھر میں: اگر زحل کسی زائچے میں چوتھے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ اپنی ماں کے لیے مشکلات کا باعث ہوگا ،اس کی ماں اکثر بیمار رہے گی، وہ خود بھی بیماریوں میں مبتلا ، قولنج کے درد کا شکارہوگا ، اسے اپنے ملازمین سے تکلیف اور نقصان پہنچے گا۔ اگر زحل اس گھر میں روبہ زوال ہو تو صاحب زائچہ بیرون ملک مصائب ، مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہوگا۔
پانچویں گھرمیں: اگر زحل کسی زائچے کے پانچویں گھر میں ہو تو ایسے شخص کو مالی نقصانات بہت زیادہ ہوں گے اور دوسرے اسے بے وقوف بناکر مالی نقصان پہنچائیں گے لیکن اگر زحل برج میزان میں اعلیٰ پوزیشن میں ہو تو اس کے بہت سے بیٹے ہوں گے اور وہ بہت دانا و بینا ہوگا۔
چھٹے گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ خود اپنی فیملی کی تباہی و بربادی کا سبب بنے گا، وہ ضدی، بیمار جیسا، بہرا، چند بچوں کا باپ، جھگڑالو، چالاک، فعال،مقروض ہوگا اور اسے جنسی بیماریاں لاحق ہوں گی۔ لیکن اس کے برعکس اگر زحل برج میزان میں اونچی پوزیشن میں ہو تو صاحب زائچہ اپنے دشمنوں کو تباہ و برباد کرنے والا، دولت مند اور کامیابیاں حاصل کرنے والا ہوگا۔
ساتویں گھرمیں: اگر زحل کسی کے زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کی بیوی کسی سنگین مرض میں مبتلا ہوگی اور اس وجہ سے صاحب زائچہ بہت سے مصائب اور پریشانیوں میں مبتلا ہوگا اور اس کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوگی ۔وہ خود نفسیاتی مریض ہوگا، اس کا ذہنی توازن ٹھیک نہےں ہوگا ۔بہت زیادہ مادّیت پرست ہوگا اور مذہب سے دوری اختیار کرے گا۔
آٹھویں گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ کی دوسری ذات کی عورتوں سے دوستی ہوگی، وہ درد قولنج میں مبتلا ہوگا، اس کی بینائی میں نقص ہوگا، اس کی بڑی سی توند ہوگی ، چند بچے ہوں گے، اسے زہر سے خطرہ ہوگا، وہ دمہ اور ٹی بی کا مریض ہوگا اور کسی غیر ملک میں مقیم ہوگا۔اسے اپنا کرئر بنانے میں خاصی دشواریوں کا سامنا رہے گا۔
نویں گھر میں: اگر زحل نویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ دہریہ، نہایت کنجوس، ایک منافق( مذہبی معاملات میں) اور گھریلو زندگی میںکفایت شعار ہوگا، خود اپنے باپ کو دھوکہ دے گا، غریب اور بد چلن ہوگا، گھٹیا درجے کی عورتوں کی صحبت سے لطف اندوز ہوگا ۔اسے اکثر مالی پریشانیوں کا سامنا رہے گا، سست اور کاہل ہوگا۔
دسویں گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں دسویں گھر میں ہوتو صاحب زائچہ ایک اچھا کسان، رقص و موسیقی کا شوقین، مالدار، سفر کرنے کا دلدادہ، مشہور اور اپنے دشمنوں سے نہ ڈرنے والاہوگا ، وہ اچانک مایوسی اور ڈپریشن کا شکار ہوگا، غیر ممالک میں رہائش پذیر ہوگا اور بعد میں اس کا رجحان روحانیت یا تصوف وغیرہ کی طرف ہوسکتا ہے۔
گیارہویں گھر میں: اگر زحل کسی کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ نہایت دولت مند ہوگا ، اپنا کام حیرت انگیز بصیرت سے کرے گا، بہت ہنس مکھ اور منکسر المزاج ہوگا۔ وہ اپنے بچپن میں عام طور سے بیماریوں میں مبتلا ہوگا، بہت سی زمینوں کا مالک ہوگا، تعلیمی سلسلہ منقطع ہوگا، گاڑیاں ہوں گی، سیاسی کامیابی، اور سیاسی عزت ملے گی ۔
بارہویں گھر میں: اگر زحل زائچے میں بارہویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص اپنے شہر یا گاﺅں کا سربراہ ہوگا، وہ امراض میں مبتلا ہوگا، عیار ہوگا اور اپنے کاموں میں جائز و ناجائز کی تمیز نہیں کرے گا، مذہب سے دوری اختیار کرے گا، مادّہ پرست ہوگا، بعض صورتوں میں اپنی پیدائش کی جگہ سے دور رہائش اختیار کرے گا۔

