پاکستان میں جادو اور جادوگروں کے ستائے ہوئے لوگ

پاکستان میں جادو اور جادوگروں کے ستائے ہوئے لوگ

جادو کی تصدیق کیے بغیر دوسروں کی باتوں پر یقین نہ کریں

سفلی عمل یا سحرو جادو

م ،م، الف، لکھتے ہیں ” آپ کا کالم چند ماہ سے پڑھ رہا ہوں ، آپ علم نجوم پر بہت زیادہ لکھتے ہیں لیکن سفلی اور کالا جادو وغیرہ کے توڑ کے بارے میں نہیں لکھتے حالانکہ آج کل ہمارے ملک میں ان چیزوں کا بڑا زور ہے۔ بے شمار لوگ سفلی علم والوں کے پاس جاتے ہیں اور دوسروں کو پریشان کرتے ہیں۔ میں خود اسی پریشانی میںمبتلا ہوں ۔ تقریبا چار پانچ سال پہلے تک میرے حالات اچھے تھے اور میرا کاروبار بھی ٹھیک چل رہا تھا۔ پھر ہمارے دشمنوں نے میری بیوی پر وار کیا اور وہ مرتے مرتے بچی۔ اس کو اچانک خون کی الٹیاں شروع ہوگئی تھیں۔ اس کے علاج معالجے میں کافی رقم اٹھ گئی۔ اسپتال میں اس کا معدے کا آپریشن بھی ہوا۔

ڈاکٹر کہتے تھے کہ پیٹ میں السر پھٹ گیا ہے لیکن عامل لوگوں نے بتایا کہ اس پر سفلی عمل کیا گیا ہے اور دھوکے سے ہندو مردے کی راکھ کھلائی گئی ہے۔ جسمانی علاج کے ساتھ روحانی علاج پر بھی ہزاروں روپیہ خرچ ہوا۔ یہاں تک کہ میں قرض دار ہو گیا اور آہستہ آہستہ میرا کاروبار بھی ختم ہوگیا۔ اب میں ملازمت کرتا ہوں۔ تنخواہ میں گزارہ نہیں ہوتا۔ دشمن مستقل ہمارے پیچھے لگے ہوئے ہےں۔ بیوی کے بعد انہوں نے میرے کاروبار کی بندش کروادی۔ آپ مہربانی کرکے سفلی عمل کا توڑ بتائیں اور ایسا عمل بتائیں کہ دشمنوں کا کوئی وار نہ چل سکے۔ میں آپ کا یہ احسان ہمیشہ یاد رکھوں گا۔“
جواب : عزیزم، آپ کا یہ فرمانا درست ہے کہ آج کل ہر طرف جادو ٹونے اور یہ سارے کام کرنے اور کرانے والوں کا بہت چرچا ہے۔ چھوٹے چھوٹے مسئلوں میں لوگ کسی عامل کامل یا کسی کالے پیلے عمل والے کی طرف بھاگتے نظر آتے ہیں۔ یہ بھی ہمارے ایمان کی کمزوری کی نشانی ہے۔مگر آپ کا معاملہ تو بالکل ہی الٹ ہے۔ یقینا آپ کو جعلی یاجاہل عاملوں نے بے وقوف بنایا ہے۔

آپ کی بیوی پر یا آپ کے کاروبار پر کسی دشمن نے کوئی وار نہیں کیا۔ آپ اپنی سادگی اور عدم واقفیت کے سبب کچھ رنگے سیاروں کے ہاتھوں لٹتے رہے جو بقول آپ کے موٹی موٹی رقمیں لے کر آپ پر کیے گئے فرضی سفلی عمل کا توڑ کرتے رہے۔ سفلی عمل کا ثبوت آپ کے پاس صرف اتنا ہے کہ بیوی کو خون کی الٹیاں شروع ہوگئیں اور بعد میں آپ کا کاروبار ٹھپ ہوگیا اور آپ کو جعلی عاملوں نے یہ یقین دلا دیا کہ یہ سب کچھ جادو کے ذریعے ہوا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ میڈیکل کی شدبدھ نہ ہونے کے سبب ہمارے ملک میں بےشمار لوگ تیزابیت  کو کوئی بیماری ہی نہیں سمجھتے اور زیادہ تر کولڈ ڈرنکس پی کر ایسیڈیٹی کا علاج کرتے ہیں یا پھر کوئی چورن یا ہاضمے کی گولی کھا کر گزارہ کرتے رہتے ہیں۔ خصوصا خواتین جو چٹ پٹی چیزیں کھانے کی شوقین ہوتی ہیں۔ عموما سینے کی جلن اور تیزابیت کا شکار ہوتی ہیں۔

آپ کی بیوی خدا معلوم کب سے معدے کے السر کو پال رہی تھی۔ کبھی تکلیف زیادہ ہوتی ہوگی تو محلے پڑوس کے کسی ڈاکٹر سے پیٹ میں درد کی کوئی گولی لا کر گزارہ ہوجاتا ہوگا۔ آخر ایک دن السر پھٹ گیا جیسا کہ بعد میں ڈاکٹروں نے بتایا اور ظاہر ہے کہ اس خطرناک ترین صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیسہ پانی کی طرح بہانا پڑا ہوگا۔ بیوی کی بیماری ، کاروبار سے توجہ ہٹادیتی ہے لہذا اس کا اثر کاروبار پر بھی پڑا ہوگا۔ پھر اسی دوران میں خیر سے روحانی علاج معالجے کے چکر بھی چل پڑے ، بس اس کے بعد کون سی کمی رہ گئی تھی۔

آپ کے فرضی دشمنوں کو کچھ کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ سب کچھ تو آپ اپنے خلاف خود ہی کررہے تھے۔ آپ نے اپنے دشمنوں کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں لکھی۔ وہ کون لوگ ہیں اور ان سے آپ کی دشمنی کی وجہ کیا ہے ؟آپ کو تباہ و برباد کرکے وہ کون سے فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ خود ان کے پاس آپ کے خلاف گندے عملیات کرانے کے لیے فالتو وقت اور پیسہ کتنا ہے ؟
آپ نے یہ بھی لکھا ہے کہ ہم علم نجوم پر بہت زور دیتے ہیں تو عزیزم اس کی وجہ یہی ہے کہ آپ جس گمرہی کا شکار ہوئے اگر کسی معقول علم نجوم جاننے والے سے مشورہ لیتے تو آپ کے ہزاروں روپے جعلی روحانی معالجوں کی جیب میں نہیں جاتے۔ ہم مختصراً آپ کو بتا رہے ہیںکہ آپ وقت کی گردش کا شکار ہوئے ہیں اور یہ گردش ابھی مزید ڈھائی سال تک جاری رہے گی۔ آپ کی یہ بات کہ ہم سفلی عمل یا گندے عملیات کا توڑ نہیں لکھتے ، کم علمی پر مبنی ہے۔ آپ شاید ہمارے نئے قاری ہیں ، گزشتہ دس سال میں بارہا ہم ایسے عملیات اور وظائف لکھتے رہے ہیں جو ایسی شر پسندیوں اور گندے کرتوتوں کا توڑ بھی ہیں اور حفاظت کا حصار بھی۔ بہرحال آپ کی فرمائش پر مزید چند نکات، توڑ اور حفاظت کے لیے بیان کیے جارہے ہیں۔
سب سے اہم بات یہ ذہن میں رکھیں کہ ہمیشہ پاک صاف رہیں۔ غسل طہارت کا درست اسلامی طریقہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے۔ اگر ایسا خطرہ محسوس کرتے ہیں کہ کوئی دشمن اپنی بد فطرتی کا مظاہرہ کر سکتا ہے یا کر رہا ہے تو کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ با وضو رہیں۔
دوسرے نمبر پر معوذتین کو حرز جاں بنائیں یعنی سورہ فلق اور سورہ ناس کو صبح و شام بلکہ رات کو سونے سے پہلے بھی تین یا سات بار پڑھ کر دونوں ہتھیلیوں پر دم کرکے چہرے پر پھیر لیں ، سینے پر دم کریں اور دونوں ہاتھ پورے جسم پر پھیر کر بائیں طرف جھٹک دیں ، ساتھ ہی تُھتکار بھی دیں۔
گھر میں بھی پاکیزگی اور صفائی کا خیال رکھیں، بیوی بچوں کو اس سلسلے میں سخت تاکید کریں۔ روزگار کی جگہ پر بھی پاکیزگی اور صفائی کا خیال رکھیں۔
توحید کا سبق اچھی طرح ذہن نشین کرلیں کہ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہے بشرطیکہ آپ اسے اپنا حامی و ناصر بنائیں، اس کے سوا کسی کو بزرگ و برتر ، افضل و اعلی، مقتدرو طاقت ور نہ سمجھیں۔ نماز کی پابندی کریں۔
سطحی معلومات رکھنے والے اور خاص طور سے بڑے بڑے دعوے کرنے والے، اپنے مخصوص حلیوں اور لباسوں کی بنیاد پر خود کو اہل علم اور عامل و کامل، بزرگ و ولی صفت ثابت کرنے والوں کی باتوں میں نہ آئیں۔ اسی طرح بہت سے ہمارے ارد گرد رہنے والے سادہ لوح خواتین و حضرات جن کی معلومات عام سطح کی ہوتی ہے لیکن وہ اپنی سُنی سنائی باتوں کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتے نظر آتے ہیں اور مفت میں ہر پریشان حال کو کوئی نہ کوئی مشورہ یا کسی پیر فقیر بزرگ وغیرہ کا پتا دیتے پھرتے ہیں۔ اپنے جھوٹے سچے واقعے سناتے ہیں۔ ان کی باتوں میں آکر لوگ علاج معالجے کے صحیح راستے سے بھٹک جاتے ہیں۔
مرض روحانی ہو یا جسمانی اس کی صحیح تشخیص ضروری ہے۔ یہی وہ مرحلہ ہے جس میں غلطی کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے۔ جب آپ کی بیوی کے بارے میں قابل کوالیفائیڈ ڈاکٹر یہ کہہ رہے ہیں کہ السر پھٹ گیا ہے۔ پھر وہ کون سے، ڈاکٹروں سے زیادہ قابل مشیر تھے جو آپ کو روحانی علاج کی طرف لے گئے۔ حالانکہ اب آپ بھی جان گئے ہیں کہ آپ کی بیوی کو موت کے منہ سے واپس لانے میں اللہ کے کرم کی بدولت ڈاکٹروں کی کوشش شامل تھی۔
اگر گھر میں کبوتر ، قمری یا فاختہ پال کر رکھیں تو ایسے گھر پر سحری یا جادوئی یا سفلی اثرات نھیں ہوتے مگر شرط یہ ہے کہ ان پرندوں کو اسی طرح پالیں جیسے اپنے بچوں کو پالتے ہیں۔ بلی کتا اور گھوڑا جس گھر میں پلا ہوا ہو اس گھر پر اگر سحرو جادو کا حملہ ہوگا یا آسیب و جنات گھر میں داخل ہوں گے تو یہ جانور اپنی حرکات و سکنات سے اپنے مالکان کو ان کی موجودگی کی اطلاع دے دیتے ہیں۔ بلی ایسی صورت میں فورا کان کھڑے کر لیتی ہے اور دم پھلا کر اوپر اٹھالیتی ہے۔ پھر ایسی جگہ سے فورا راہ فرار اختیار کرتی ہے۔ اسے اپنے مالک کی حفاظت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ بلی کی بے وفائی مشہورہے۔ وہ مالک سے زیادہ مکان سے وفادار ہوتی ہے۔ البتہ کتا سحری و آسیبی فضا کو سونگھتے ہی خوف زدہ ہوجاتا ہے اور منہ سے عجیب طرح کی ڈری ڈری آوازیں نکالنے لگتا ہے۔ کسی پناہ گاہ میں چھپنے کی کوشش کرتا ہے۔ بعض کتے کسی پراسرار چیز کو دیکھ کر غراتے اور اس پر بھونکتے بھی ہیں۔ گھوڑا بری طرح چونکتا، ہنہناتا ہے اوراپنے سموں سے زمین کھودتا ہے ۔ اپنی بندش تڑانے کی کوشش کرتا ہے۔ گویا یہ تینوں جانور سحری و جادوئی یا آسیبی و جناتی معاملات کی شناخت کا ذریعہ بھی ہیں۔
مندرجہ بالا حفاظتی اقدام ہر قسم کے کالے پیلے ، سحری و جادوئی اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔ اس کے باوجود بھی اگر سحر و جادو وغیرہ کا امکان نظر آتا ہو تو سب سے پہلے معقول طریقے سے اس کی تصدیق ہونی چاہیے۔ عام آدمی گھر میں بلی یا کتا رکھ کر اس کی تصدیق کر سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اکثر گھروں میں حاضری سواری، آسیب و جنات کے کیس موجود ہیں اور ان میں سے اکثر گھروں میں بلیاں عموما موجود ہوتی ہیں یا آتی جاتی رہتی ہیں۔
اس کے علاوہ ہم پہلے بھی ایسے روحانی طریقے دے چکے ہیں جن کے ذریعے سحر و جادو کے اثر کی شناخت کی جاسکتی ہے۔ ایک طریقہ ہم یہاں لکھ رہے ہیں۔

شناخت سحر زدہ و آسیب زدہ

کوری ٹھیکری پر مندرجہ ذیل الفاظ زعفران کی روشنائی سے لکھیں اور مریض کے بدن پر مل کر آگ میں ڈال دیں۔

طلقبول مصلحتہً

حروف سیاہ ہوجائیں تو بیماری جسمانی ہے، سفید ہوجائیں تو بیماری جان لیوا اور سحری اثرات کا نتیجہ ہے، حروف سرخ ہوجائیں تو نفسیاتی بیماری ہے۔ اگر حروف غائب ہوجائیں تو آسیب و جنات کا اثر ہے۔
اس کے علاوہ بھی سحری و آسیبی اثرات کی شناخت کے بہت سے طریقے موجود ہیں اور جب تک اثرات کا معقول ثبوت نہ مل جائے، روحانی علاج نہیں کرنا چاہیے ورنہ ہوتا یہ ہے کہ ایک ایسی بیماری کا علاج جس کا سرے سے کوئی وجود ہی نہ ہو کسی نئی بیماری کا سبب بن جاتا ہے۔ دوسرے معنی میں وہ نقش و تعویذ یا جھاڑ پھونک جو سحر و جادو کے توڑ کے لیے یا آسیب و جنات کو بھگانے کے لیے کی جاتی ہے خود نئے اثرات پیدا کردیتی ہے۔
پیشہ ور عاملوں یا مولویوں کی تشخیص اکثر غلط ہوتی ہے۔ ان کا مقصد تو اسی وقت پورا ہوتا ہے جب وہ مریض کو سحر زدہ یا آسیب زدہ قرار دیتے ہیں اور پھر لمبے علاج کے چکر میں پھنسا دیتے ہیں۔ اس لیے خود اپنی عقل سلیم استعمال کرنی چاہیے۔ ہم یہاں ایک مجرب عمل لکھ رہے ہیں جو ہر قسم کے سحروجادو کا خاتمہ کردیتا ہے بشرطیکہ واقعی سحری اثرات ہوں۔ اثرات خواہ کالے ہوں یا سفید، سفلی ہوں یا علوی، ہر صورت میں ختم ہوجائیں گے۔ ورنہ یہی ہوتا ہے کہ لوگ عمل پر عمل کیے جارہے ہیں، قرانی صورتیں اور آیات کا ورد کررہے ہیں۔ پانی پر دم کرکے پلارہے ہیں ، گھر کو کِیلا جارہا ہے ، نقش و تعویذ استعمال ہورہے ہیں مگر صورت حال میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی۔ تو اس کی وجہ یہی ہوتی ہے کہ غلط تشخیص کی جاتی ہے۔ کچھ ہوتا تو ختم ہوتا جب کچھ تھا ہی نہیں تو توڑ کس چیز کا؟گھر میں تھا کیا جو تیرا غم اسے غارت کرتا۔ بلا وجہ کی روحانی پریکٹس برسوں جاری رہتی ہے اور اس کے نتیجے میں کچھ غیر معمولی نوعیت کے منفی اثرات پیدا ہوجاتے ہیں جن سے کرنے والے اور کرانے والے دونوں بے خبر ہوتے ہیں۔ ظاہر ہے بندوق سے فائر ہوگا تو وہ کہیں تو جاکر تباہی مچائے گا۔
جب یہ تصدیق ہوجائے کہ گھر، دکان یا دفتر میں سحری اثرات یا کسی قسم کی بندش موجود ہے تو اس کا آسان اور انتہائی موثر توڑ کرنے کے لیے ایک پاﺅ لوبان اور ایک پاﺅ کالا دانہ لائیں۔ اگر گھر کے بجائے روزگار کی جگہ بندش کو کھولنا اور سحری اثرات ختم کرنا مقصود ہو تو لوبان کے ساتھ کالے دانے کے بجائے صندل سفید کا برادہ لیں۔ پھر کسی بھی نو چندے اتوار پیر یا جمعے کو صبح فجر کی نماز کے بعد بسم اللہ پڑھ کے ایک بار سورہ ءفاتحہ پڑھیں اور اکتالیس مرتبہ سورہ ءالم نشرح ، اس کے بعد ایک سو ایک مرتبہ سورہ ءفلق پڑھ کر لوبان اور کالے دانے یا صندل پر دم کردیں۔ یہ کام خود نہ کرسکیں تو کسی دوسرے نمازی پرہیز گار شخص سے کرالیں۔ بعد ازاں لوبان کو کوٹ کر کالے دانے یا صندل کے ساتھ مکس کرلیں۔ اب روزانہ صبح سورج نکلنے سے پہلے اور شام کو سورج ڈوبنے سے پہلے اس مکسچر کی دھونی پورے گھر یا دکان دفتر ، فیکٹری وغیرہ میں دیں اور جب تک سارا لوبان ختم نہ ہوجائے یہ دھونی پابندی سے دیتے رہیں۔ اس دوران میں ہفتہ اور منگل کے دن کچھ صدقہ اور خیرات بھی کرتے رہیں۔ بہتر ہوگا کہ کچھ فقیروں کو کھانا کھلادیا کریں یا ضرورت مندوں کی حسب توفیق مدد کردیا کریں۔ اس عمل سے انشاءاللہ گھر یا دکان ہر قسم کے سحری اثرات سے پاک ہوجائیں گے۔ ہر بندش کا توڑ ہوجائے گا۔
کسی عورت یا مرد پر بندش یا سحری اثرات کے شافی و کافی توڑ کے لیے نیلے دھاگے والا عمل کرنا بہتر ہوگا۔ یہ عمل ہم پہلے بھی لکھ چکے ہیں اور ہماری کتاب مسیحا میں بھی موجود ہے اور ہماری ویب سائٹ پر بھی مل سکتا ہے۔

شادی میں بندش

م، ع، حیدرآباد سے لکھتے ہیں ” میں اپنی بیٹی کی طرف سے بہت پریشان ہوں، رشتے بہت آتے ہیں لیکن کہیں بات نہیں بنتی۔ ایک جگہ منگنی ہوئی مگر جب شادی میں ایک ماہ رہ گیا تو ٹوٹ گئی۔ کچھ عرصے بعد پھر منگنی ہوئی پھر چھہ ماہ بعد ٹوٹ گئی ، ہماری طرف سے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ سمجھ میں نہیں آتا کیا بات ہے۔ میری بیٹی اب بالکل خاموش رہتی ہے۔کچھ رشتے داروں اور ملنے والوں نے مجھ سے کہا کہ آپ لڑکی کو کسی مولانا وغیرہ کو دکھائیں، کوئی بندش اثر وغیرہ تو نہیں ہے۔ ہمارے ایک ملنے والے اپنے پیر کے پاس لے کر گئے۔

انہوں نے لڑکی کو دیکھتے ہی کہہ دیا کہ اس کی بہت خطرناک بندش ہوئی ہے۔ پانچ دن اتارا ہوگا۔ سات دن ہمارے پاس جھاڑنے کے لیے لانا ہوگا۔ڈیڑھ کلو زندہ مرغی لے کراس کے آٹھ پیس بنوالیں ، ایک ایک ٹکڑا لڑکی کے بدن پر مل کر دور کچرے پر پھنکوادیں پھر بیری کے پتوں کا اُبلا ہوا پانی لے کر اس سے غسل کریں۔ انہوں نے یہ تاکید بھی کی تھی کہ جب تک مرغی کے ٹکڑے کچرے پر نہ گریں لڑکی بولے نہیں۔ میں نے یہ سب کیا لیکن کچھ نہیں ہوا۔ اس واقعے کو بھی اب ایک سال گزر چکا ہے۔ پیر صاحب نے فرمایا تھا کہ توڑ کرنے کے بعد تین مہینے کے اندر شادی ہوجائے گی۔ تین ماہ بعد جب میں پیر صاحب کے پاس دوبارہ گیا اور عرض کیا کہ ابھی تک کوئی رشتہ نہیں آیا تو انہوں نے فرمایا، انتظار کریں، اب اللہ ہی کی طرف سے دیر ہے تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔ باقی بندش ختم ہوچکی ہے۔
ہمارے ایک جاننے والے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میں نے لڑکی کا زائچہ بناکر دیکھا ہے اور جب تک اس کا علاج نہیں ہوگا، شادی نہیں ہوگی اور اگر اس کی شادی ہو بھی گئی تو تین مہینے کے اندر اس کی طلاق ہوجائے گی۔ وہ علاج کے لیے پانچ ہزار مانگ رہے ہیں۔ ایک اور صاحب بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ پہلے لڑکی کا علاج کراﺅ پھر شادی ہوگی۔
لڑکی کی قسمت بہت خراب ہے، اس کا گھر بسنا بہت مشکل ہے، وہ بھی پانچ ہزار مانگ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ لیٹرین میں تعویذ جلانا ہے۔
سید صاحب ! میرا دل نہیں مانتا ان چیزوں کو ، نہ لڑکی تےار ہوتی ہے ان چیزوں کے لیے ، ہم سب نماز روزہ اور قران کی تلاوت کے پابند ہیں۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کریں ، آپ ہی کوئی حل بتائیں؟“
جواب : عزیزم، آپ کی کہانی بھی تقریباً ایسی ہی ہے جیسی آپ جیسے دیگر لوگوں کی ہوتی ہے اور ہم ایسے ہی پیروں فقیروں یا مولوی ملاﺅں سے بچنے کی تاکید کرتے ہیں۔ اب بھلا بتائیے اس طرح تو کسی کو بھی دیکھ کر بندش اور سحرو جادو یا آسیب و جنات کا فتوی لگایا جاسکتا ہے جس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

کیا حضرت کو علم غیب حاصل تھا؟ یہ مولوی ملا اور پیر فقیر اسی طرح پیش گوئیاں کرتے ہیں تو ان پر غیب دانی کا فتوی نہیں لگتا۔اگر اعتراض کیا جائے تو جواب ملے گا کہ ہمیں ہمارے موءکلوں نے بتایا ہے۔یا یہ کہ ہمیں علم کے ذریعے معلوم ہوجاتا ہے کہ فلاں پر بندش ہے یا آسیب ہے لیکن علم نجوم کے ذریعے اگر پیش گوئی کی جائے یا کچھ بتایا جائے تو غیب دانی کا فتوی داغ دیا جاتا ہے اور علم نجوم کو شرعاً ممنوع قرار دے دیاجاتاہے۔ پھر ذرا علاج ملاحظہ فرمائیے ! مرغی کے ٹکڑے جسم پر مل کر کچرے کے ڈھیر پر پھینکے جارہے ہیں۔ بہرحال یہ کوئی مناسب رویہ نہیں ہے اور ایسے لوگوں کو جو لوگ اپنا پیر اور مرشد بناتے ہیں ان کی جہالت میں بھی کوئی کلام نہیں ہے۔
آپ کی بیٹی کا شمسی برج سرطان اور قمری برج حمل ہے۔ جبکہ پیدائشی برج سنبلہ ہے۔ سیدھی سی بات ہے کہ پچھلے تقریباً پانچ سال زحل کی نحوست اور بندش میں گزر چکے ہیں اور پیدائشی برج سنبلہ سے زحل ساتویں گھر میں موجود ہے تو پھر رشتہ کہیں ہو بھی ہوجائے تو ٹوٹنے کا امکان موجود ہے، زحل کی نحس اثرات آئندہ دو ڈھائی سال اور رہیں گے اس کے بعد صورت حال خود بہ خود بہتر ہوجائے گی۔شادی میں تاخیر ہورہی ہے تو لڑکی کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھائیں وہ اپنا کوئی بہتر کرئر بنائے ، ابھی اس کی عمر اتنی زیادہ نہیں ہے کہ زیادہ پریشان ہوا جائے ، ویسے بھی موجودہ دور میں لڑکے لڑکیوں کی شادیاں تاخیر سے ہی ہوتی ہیں جس کی وجہ ان کا تعلیمی کرئر بھی ہوتا ہے لیکن عام طور سے ہمارے متوسط اور نچلے درجے کے گھرانوں میں لڑکی سولہویں سال میں قدم رکھتی ہے تو ماں باپ کو اس کی شادی کی فکر سوار ہوجاتی ہے اور اگر اس دوران میں کوئی رشتہ نہ آئے تو فوراً مولویوں اور عاملوں کے پاس پہنچ جاتے ہیں اور پھر جو ہوتا ہے وہ آپ بھگت چکے ہیں ۔

ہر ہفتے نئے آرٹیکل کی اپ ڈیٹ اپنے ای میل پر حاصل کرنے کے لیے ہمارے سبسکرائبر بنیں

یاد رہے کہ سبسکرپشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے اپنا ای میل ان باکس یا اسپیم فولڈر ضرور چیک کریں

ہم اسپیم ای میل نہیں بھیجتے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری پرائیوسی پالیسی پڑھیں۔