ستمبر کی ستم گر ،سیاروی گردش،ایک فیصلہ کن مہینہ

ملکی سیاست میں کوئی نئی چونکا دینے والی کروٹ

پاکستان کی تاریخ میں شاید ایسا بدترین سال پہلے کبھی آیا ہو،خاص طور پر عوام اس سال جو مشکلات اور پریشانیاں برداشت کر رہے ہیں، اس کی مثال گزشتہ 75 سالوں میں نظر نہیں آتی، سال کے آغاز ہی سے سیاسی افرا تفری اور مہنگائی عروج پر رہی، ڈالر کی اڑان نے نئے ریکارڈ قائم کیے،لوڈشیڈنگ کا عذاب اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل یقین حد تک بڑھ گیا اور بڑھتا ہی جارہا ہے،نت نئے ٹیکس اور اس پر طرفہ تماشا غیر معمولی بارشوں کی تباہ کاریاں تقریباً پورا ملک ہی زیر آب آچکا ہے،سندھ،بلوچستان ،پنجاب،خیبر پختونخواہ ، کوئی صوبہ بھی سیلاب کی تباہی سے نہیں بچ سکا لیکن دوسری طرف سیاسی انتشار اور محاذ آرائیاں پورے زور و شور سے جاری ہیں، بے شک یہ کثرت سے استغفار کا ورد کرنے کا وقت ہے۔
ایسی بدترین صورت حال کی ایسٹرولوجیکل وجوہات پر ہم شروع سال ہی سے اظہار خیال کرتے رہے ہیں لیکن افسوس صورت حال روز بہ روز پیچیدہ سے پیچیدہ تر ہوتی چلی جارہی ہے،شاید اس کی بنیادی وجہ سیاسی عدم استحکام ہے،اگر ملک میں کوئی مضبوط سیاسی حکومت ہو اور ملک کے تمام سیاسی رہنما ایسے نازک وقت میں اپنے ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر باہم مل بیٹھےں اور قومی مسائل کا حل تلاش کریں اور پھر مثبت کوششوں کا آغاز کریں تو عوام سکون کا سانس لینے کے قابل ہوسکتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہے ،غیر معمولی اشعار کہنے کی شہرت رکھنے والے میر احمد نوید کہتے ہیں

اب کہ اس زلف میں وہ پیچ پڑا ہے کہ اسے
دستِ قدرت ہی سنوارے تو یہ سنورے مری جان

زائچہ پاکستان

جولائی، اگست سے راہو،مریخ اور یورینس کے درمیان ایک بہت ہی منفرد قسم کا قران زائچے کے بارھویں گھر میں شروع ہوا جس کے نتیجے میں نہ صرف یہ کہ غیر متوقع اور اچانک پیش آنے والے حادثات و واقعات کا ایک سلسلہ شروع ہوا جو تاحال جاری ہے اور شاید اس سال کے آخر تک جاری رہے گا کیوں کہ ستمبر میں بہت مختصر عرصے کے لیے راہو یورینس کا قران ختم ہوگا لیکن پھر راہو 24 ستمبر سے اسٹیشنری ہوگا اور یورینس کو رجعت ہوجائے گا اور وہ دوبارہ راہو سے قریب ہونے لگے گا لہٰذا توقع رکھنا چاہیے کہ اچانک اور غیر متوقع حالات و واقعات ، حادثات و سانحات کا سلسلہ دسمبر تک جاری رہے گا محو حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی۔
عزیزان من! زائچہ پاکستان کے مطابق سیارہ مریخ پہلے گھر برج ثور میں حرکت کر رہا ہے جب کہ زہرہ اور شمس چوتھے گھر برج اسد میں ہیں،مریخ کی پوری نظر شمس پر ہے،شمس کا تعلق زائچے میں عوام اور اپوزیشن سے ہے،مریخ بارھویں گھر کا منحوس اثر رکھنے والا حاکم اور فوج، پولیس،خفیہ ایجنسیوں کا نمائندہ ہے،مزید یہ کہ سیارہ زہرہ زائچے کے پہلے اور چھٹے گھر کا حاکم ہے،اس کا تعلق سول و ملٹری بیوروکریسی سے ہے،الیکشن کمیشن اور عدلیہ کی فعالیت سے ہے،زہرہ اور شمس زائچے کے چوتھے گھر میں باہم قریب رہیں گے،زہرہ غروب ہوگا اور شمس کو متاثر کرے گا،یہ صورت حال پورا مہینہ جاری رہے گی،مزید طرفہ تماشا یہ کہ بارھویں گھر میںبیٹھا راہو بھی شمس پر برے اثرات ڈالے گا لہٰذا عوام کی حالت بد سے بدتر ہوگی اور اپوزیشن بھی شدید دباو¿ میں آئے گی،اسے نت نئے کیسوں کا سامنا اور گرفتاریاں بھگتنا پڑیں گی،سیارہ شمس اہم شخصیات ،صاحب حیثیت افراد اور امرا و وزرا، سربراہ مملکت کا بھی نمائندہ ہے لہٰذا اگر سکون و چین عوام اور اپوزیشن کو نہیں ملے گا تو حکومت بھی پریشان و سرگرداں ہی رہے گی اور ایک غیر یقینی کی صورت حال سے دوچار رہے گی،اس امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ کب یہ اتحاد اختلافات کا شکار ہوکر کوئی نئی غیر متوقع صورت حال پیدا کردے۔
زائچے میں سیارہ عطارد کی پوزیشن بھی نہایت عجیب ہے،اگرچہ عطارد اپنے شرف کے برج سنبلہ میں ہے لیکن زائچے کی ساخت کے مطابق سیارہ مشتری زائچے کا سب سے منحوس سیارہ بن گیا ہے،اس کی نظر مستقل پورا ماہ عطارد پر رہے گی،مزید طرفہ تماشا یہ کہ تقریباً 13,14 ستمبر سے سیارہ مریخ پیدائشی عطارد سے مقابلے کی نظر بنائے گا، اس کے نتیجے میں میڈیا پر کسی بڑے کریک ڈاو¿ن کا اندیشہ موجود ہے،ایک مشہور چینل پہلے ہی بند ہے،مزید چینل بھی زد میں آسکتے ہیں اور صحافیوں کی گرفتاریاں یا ان پر تشدد جیسے واقعات کا امکان موجود ہے،عطارد کا تعلق اضافی آمدن یعنی امدادی فنڈنگ سے بھی ہے،شاید اسی وجہ سے آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کی طرف سے بھی صورت حال اطمینان بخش نہیں ہے اور شاید آئندہ بھی نہ ہو ۔زائچے میں عطارد چوں کہ پانچویں گھر کا حاکم ہے جس کا تعلق بچوں سے ہے لہٰذا بچوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہے،وہ حادثات یا صحت کی خرابیوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔
25 ستمبر کا نیو مون چارٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے،ملک کے سیاسی حالات کوئی نئی کروٹ لیں گے اور کوئی مثبت درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کی جائے گی جس کے نتیجے میں نئے انتخابات یا کسی نئے سیٹ اپ کا امکان نظر آتا ہے ،یورینس اور راہو قران دوبارہ فعال ہوجائے گا، چار سیارگان برج سنبلہ میں اکٹھا ہوں گے جن پر مشتری کی نحس نظر ہوگی،ستمبر کا آخری ہفتہ غیرمعمولی حالات و واقعات کی نشان دہی کر رہا ہے(واللہ اعلم بالصواب)

ستمبر کی سیاروی گردش

سیارہ شمس اپنے ذاتی برج اسد میں طاقت ور پوزیشن میں حرکت کر رہا ہے لیکن 4 ستمبر سے راہو کی نظر میں ہوگا اور یہ صورت حال تقریباً 13 ستمبر تک جاری رہے گی، اس دوران ہاضمے کی خرابیوں سے متعلق بیماریاں پھیلیں گی، صاحب حیثیت افراد اور اعلیٰ عہدوں اور مرتبوں پر فائز لوگوں کے لیے مشکلات پیدا ہو ں گی۔
سیارہ عطارد بھی اپنے ذاتی برج سنبلہ میں ہے،اس برج میں اسے شرف کی قوت بھی حاصل ہوتی ہے،10 ستمبر سے اسے رجعت ہوجائے گی اور پھر پورا مہینہ بحالت رجعت اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ زہرہ برج اسد میں داخل ہوچکا ہے،24 ستمبر کو اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں داخل ہوگا، اس دوران میں شمس سے قریب ہونے کی وجہ سے غروب ہوگا اور تقریباً 15 ستمبر سے 2 دسمبر تک غروب رہے گا، اس قدر طویل عرصہ سیارہ زہرہ کا غروب رہنا ان لوگوں کے لیے جن کا پیدائشی برج میزان ہے ،اچھا نہیں ہوگا،اس کے علاوہ اس عرصے میں شادی بیاہ منگنی وغیرہ کے معاملات بھی مناسب نہیں ہوں گے۔
سیارہ مریخ برج ثور میں حرکت کر رہا ہے،پورا مہینہ اسی برج میں گزارے گا، سیارہ مشتری برج حوت میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، سیارہ زحل برج جدی میں ہے اور بحالت رجعت پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، راہو اور کیتو بالترتیب برج حمل میں حرکت کر رہے ہیں ،24 جولائی سے مستقیم پوزیشن میں برج حمل اور میزان کے 20 درجے پر8 دسمبر تک اسی درجے پر رہیں گے،یہ راہو کیتو کی ہمیشہ اہم پوزیشن خیال کی جاتی ہے جو نہایت موثر بھی ہوتی ہے۔

قمر در عقرب

قمر اپنے حوت کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اس ماہ 2 ستمبر سہ پہر 05:27 pm پر داخل ہوگا اور 4 ستمبر رات 09:12 pm تک ہبوط یافتہ رہے گا، یہ نہایت ناموافق اور منحوس وقت تصور کیا جاتا ہے،اس وقت کسی نئے کام کی ابتدا نہ کریں،خصوصاً نکاح ،منگنی، نئی جاب یا نئے کاروبار کے لیے نامناسب وقت ہے،علم جفر کے اصولوں کے مطابق اس نحس وقت میں بندش سے متعلق عملیات و نقوش تیارکیے جاتے ہیں،بری عادتوں سے نجات،مخالفین کی زبان بندی یا کسی جانی دشمن کے خلاف کارروائی وغیرہ ،اس حوالے سے ضروری عملیات و نقوش ہماری ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 15 ستمبر کو دوپہر 01:59 pm پر داخل ہوگا اور 18 ستمبر دوپہر 01:13 pm تک شرف یافتہ رہے گا، یہ سعد وقت ہے،اس وقت میں اہم کاموں کی انجام دہی مبارک ثابت ہوتی ہے،نئے کاموں کا آغاز کرنا چاہیے،اس سعد وقت میں علم جفر سے متعلق ایسے اعمال کیے جاسکتے ہیں جو ترقی و خوش حالی ،باہمی محبت اور اتفاق و اتحاد کے لیے ہوسکتے ہیں،اس سلسلے میں موثر وقت 16 ستمبر کو 08:21am سے 09:22 am تک ہوگا۔

شرف عطارد اور خاتم عطارد

سیارہ عطارد کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 16 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک شرف کی قوت حاصل ہوگی،اس حوالے سے عطارد کی اہم ساعات کی نشان دہی کی جارہی ہے،اس وقت میں خاتم عطارد کے علاوہ لوح عطارد بھی تیار کی جاسکتی ہے یا عطارد سے متعلق دیگر حسب ضرورت اعمال کیے جاسکتے ہیں۔
پہلی موثر ساعت عطارد 16 اکتوبر کو شب 12:27 am سے 01:25 am تک ہوگی جب کہ دوسری 16 ستمبر کو صبح 07:09 am سے 08:21 am تک رہے گی اور تیسری ساعت عطارد دوپہر 02:29 pm سے 03:31pm تک رہے گی۔
عطارد ذہانت ‘ قوت حافظہ اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق ہے‘ سفر اور نشرو اشاعت کے معاملات بھی اس کے زیر اثر ہیں‘ وہ لوگ جو کند ذہنی‘ کمزور حافظہ اور تعلیمی امور میں عدم دلچسپی کی شکایات رکھتے ہیں،لازمی طور پر ان کے پیدائشی زائچے میں سیارہ عطارد کمزور ہوتا ہے،بعض لوگ غبی اور کم عقلی یا کم فہمی جیسی کمزوریوں میں مبتلا ہوتے ہیں،وہ بھی عطارد کی کمزوری ہے،عام طور پر جن لوگوں کے زائچے میں عطارد کمزور ہو وہ علم ریاضی میں ہمیشہ کمزور رہتے ہیں،بعض بچے سائنس کے سبجیکٹ میں اپنی ریاضی کی کمزوری کے سبب آگے نہیں جا پاتے، ان کے لیے یہ وقت نہایت فائدہ بخش ہے‘ اس وقت میں لوح عطارد نورانی کے علاوہ ”خاتم عطارد“ بھی تیار ہوتی ہے یعنی عطارد کا مخصوص نقش انگوٹھی پر یا کسی موافق اسٹون پر کندہ کرلیا جاتا ہے‘خاتم عطارد کا خصوصی نقش اس بار دیا جا رہا ہے‘ جو لوگ تیار کرنا چاہیں ‘ کر سکتے ہیں‘ یہ 9 خانوں کا مثلث نقش ہے‘ اسے چاندی کی انگوٹھی یا کسی ایسے پتھر پر لکھیں جو سبز یا فیروزی رنگ کا ہو‘ پتھر کو بعد میں انگوٹھی میں جڑوا لیں یا اس کا لاکٹ بنوا کر گلے میں بھی پہن سکتے ہیں‘ نقش یہ ہے ۔

عطارد سال میں کم از کم تین مرتبہ رجعت میں ہوتا ہے یا شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب رہتا ہے، خاتم عطارد اس صورت حال میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے، برج جوزا اور سنبلہ والوں کا ستارہ عطارد ہے،وہ بھی اس نقش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو لوگ خود تیار نہ کر سکیں وہ براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
نقش عطارد بہت سادہ اور آسان ہے ، نقش کا پہلا خانہ وہ ہے جس میں 4 کا عدد ہے، اسی خانے سے نقش کی چال کا آغاز ہوگا اور پھر بالترتیب 4 سے 11 تک نقش بھرا جائے گا، اوپر دیے گئے شرف کے وقت میں عطارد کی ساعت اس کام کے لیے مناسب ہوگی، نقش کندہ کرتے ہوئے باوضو ہوکر رجال الغیب کا خیال رکھ کر بیٹھیں،رجال الغیب سامنے یا دائیں ہاتھ پر نہ ہوں،رجال الغیب کی سمت معلوم کرنے کے لیے یہاں کلک کریں لوبان کی اگربتی جلائیں اور چنبیلی کا عطر استعمال کریں، کام مکمل ہونے کے بعد سبز رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دے کر چھوٹے بچوں میں تقسیم کریں اور پھر نوچندے بدھ کے روز صبح پہلی ساعتِ عطارد میں پہن لیں۔