ایران اپنے زائچے کی روشنی میں ، خوبیاں اور خامیاں
موجودہ جنگ کی وجوہات اور مستقبل کے حالات پر نظر
دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ موضوع گفتگو ایران اسرائیل امریکا جنگ ہے جس نے پوری دنیا کو ایک بڑے معاشی بحران میں مبتلا کردیا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ یہ جنگ اگر اسی طرح جاری رہی تو پوری دنیا کی اسٹاک مارکیٹس زمیں بوس ہوجائیں گی، پیٹرول کی قیمتیں آسمان کی وسعتوں تک دراز ہوجائیں گی۔
پاکستان نے اس حوالے سے صلح جوئی اور امن و آشتی کے لیے جو کوششیں کی ہیں ، تمام دنیا اس کی تعریف کرر ہی ہے ۔ پاکستان کے فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور شہباز شریف بلاشبہ اب بھی اس جستجو میں مصروف ہیں کہ کسی طرح ایران اور امریکا کے درمیان مکمل جنگ بندی ہوجائے اور یہ بحران ختم ہوجائے ۔ ہم نے بھی اس موقع پر مناسب سمجھا کہ ایران کے زائچے کی روشنی میں صورت حال کا جائزہ لیا جائے ، ایران کا زائچہ ایران انقلاب کے بعد یکم اپریل 1979 03:00بجے سہ پہر تہران کے مطابق بنایا جاتا ہے۔
زائچے کا پہلا گھر جو طالع یا لگن کہلاتا ہے وہ سرطان ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا کا لگن بھی سرطان ہے لیکن دیگر منجمین کی نظر میں امریکا کے کئی زائچے ہیں اور وہ اپنے اپنے طور پر اسے دیکھتے ہیں، ہماری نظر میں لگن سرطان ہی مناسب ہے۔ ماضی میں اس حوالے سے ہم طویل مضمون لکھ چکے ہیں۔
زائچے کے پہلے گھرمیں سیارہ مشتری دوسرے گھر میں راجع زحل اور راہو ، آٹھویں گھر میں زہرہ اور کیتو جب کہ نویں گھر میں راجع عطارد، مریخ ، شمس ہیں جب کہ سیارہ قمر گیارھویں گھر میں اپنے شرف کے برج میں ہے ۔
سیاروی نشست کے مطابق لگن لارڈ قمر گیارھویں گھر میں شرف یافتہ ہے، گویا لگن طاقت ور ہے اور گیارھویں گھر میں قمرکی موجودگی دولت کی فراوانی کو ظاہر کرتی ہے، دوسرے اور تیسرے، پانچویں ، دسویں اور بارھویں گھروں کے مالکان نویںگھر بھاگیا استھان میں ہیں، یقینا یہ پوزیشن بہت اچھی ہے۔ نویں گھر کا تعلق قسمت، مذہب اور آئین وقانون سے ہے، عطارد اور مریخ شمس کی قربت کے سبب غروب ہیں، سیارہ مشتری چھٹے( اختلافات و تنازعات، چیلنجز) اور نویں گھر (مذہب اور قسمت) کا مالک پہلے گھر میں شرف یافتہ طاقت ور ہے اور دور اکبر (مہادشا) بھی مشتری ہی کی جاری ہے جب کہ دور اصغر (انتر دشا) فتنہ پرور راہو کی رواں ہے جو 21اکتوبر 2025سے شروع ہوئی اور 05نومبر2027تک جاری رہے گی، اس کے بعد ساتویں، آٹھویں کے حاکم سیارہ زحل کی مہادشا اور انتر دشا شروع ہوگی جو ایران میں کسی نئے انقلاب کا باعث بنے گی۔
زائچے میں چوتھے گھر کا حاکم سیارہ زہرہ آٹھویں گھر میں کیتو کے ہمراہ بیٹھا عوام کی حالت زار پر نوحہ کناںہے، یہ ملک کے عوام کے لیے نہایت خراب پوزیشن ہے، ایک ایسا ملک جہاں تیل اور گیس کی دولت فراوانی سے موجود ہے ، اس کے عوام مشکلات و پریشانیوں کا شکار رہیں! اسی وجہ سے ملک میں کئی بار احتجاجی مظاہرے بھی ہوچکے ہیں، پانچویں (علم و شعور) اور دسویں حکومت کا حاکم سیارہ مریخ نویں گھر میں غروب ہوکر مذہبی شدت پسندی کو فروغ دیتا ہے۔
ایران میں اگرچہ جمہوریت ہے اور ایک پارلیمنٹ بھی ہے لیکن ایرانی آئین کے مطابق سپریم لیڈر کوئی مذہبی شخصیت ہی ہوسکتی ہے جو سیاہ و سفید کا کلی اختیار رکھتی ہو، پہلے حضرت امام خمینی اس منصب پر فائز رہے پھر امام خامنہ ای شہید اور اب ان کے صاحب زادے مجتبیٰ خامنہ ای سپریم لیڈر ہیں، گویا حکومت بہر حال ایک مذہبی رہنما ہی کی ہے ۔
سیارہ زحل زہرہ اور قمر کو ناظر ہے، یہ بھی عوام کی پریشانیوں کو ظاہر کرتا ہے، آٹھویں گھر کے مالک کی نظر نحس اثر ڈالتی ہے، دوسرے گھرکا حاکم سیارہ شمس نویں گھر میں نہایت عمدہ پوزیشن میں ہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جاسکتا ہے اور ماضی میں ایسا ہوا ہے لیکن ملک کی دولت ملک کو فوجی سطح پر مضبوط بنانے میںخرچ ہوئی۔
راہو کیتو زائچے کے دوسرے، چوتھے، چھٹے، آٹھویں، دسویں اور بارھویں گھروں کو متاثر کر رہے ہیں، سیارہ مشتری کی نظر بھی عطارد اورمریخ پر ہے، یہ بھی مذہبی امور کو اور ملک کے آئین کو مذہبی رنگ میں گہرائی دے رہا ہے۔ دسویں گھر پر راہو کی نظر حکومت کو جدید سائنسی ترقی کی طرف راغب کرتی ہے اور اس حوالے سے ایران نے خود کو بہت مضبوط کیا ہے، وہ ایٹمی تجربات کی طرف بھی متوجہ رہا ہے۔ گویا مادی رجحانات ایرانی قیادت کے نزدیک زیادہ اہمیت نہیں رکھتے ، وہ ملک کو ایک خالص اسلامی اسٹیٹ ہی دیکھنا چاہتے ہیں اور اسی کے لیے ان کی تمام کوششیں جاری رہتی ہیں ۔
موجودہ سیاروی گردش
سیارہ مشتری زائچے کے بارھویں گھرمیں گزشتہ سال 14مئی سے حرکت کر رہا ہے اور آٹھویں گھر میں موجود زہرہ اور کیتو سے بھی ناظر رہا ہے ،چوتھے اور چھٹے پر بھی اس کی نظر ہے جودیگر ممالک سے اختلافات اور عوامی اضطراب کا باعث ہے ۔ سیارہ زحل زائچے کے نویں گھر میں ایک فنکشنل منحوس سیارے کے طور پر اپریل 2025سے حرکت کر رہا ہے اور یہاں مریخ و عطارد سے قران میں بھی رہا۔
زحل کی یہ پوزیشن ہی ایران پر حملے اور سپریم لیڈر کی شہادت کا باعث بنی۔ اب سیارہ زحل آگے بڑھ کر سیارہ شمس سے قران کرے گاجو مزید نقصانات کا باعث ہوسکتا ہے، خصوصاً معاشی نقصانات جس کے آثار نمودار ہورہے ہیں کیوں کہ امریکا نے ایران کی سخت ناکا بندی کر رکھی ہے جس کی وجہ سے ایرانی تجارت تقریباً بند ہوگئی ہے۔
فروری میں راہو کیتو 14ڈگری پر اسٹیشنری ہوگئے تھے اور ان کی پوزیشن اپریل کے پہلے ہفتے تک رہی ، کیتو دوسرے گھر میں پیدائش کے زحل پر تھا کیوں کہ زحل بھی 14ڈگری پر ہے۔ چناں چہ ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملے سے بہت نقصان ہوا، بہت سی عمارتیں تباہ ہوگئیں، معصوم عوام خصوصاً اسکول کے بچے بھی اس تباہی کی لپیٹ میں آئے۔ اب آہستہ آہستہ کیتو پیدائشی زحل سے دور ہورہا ہے لیکن راہوپیدائشی زہرہ کے قریب آرہا ہے ، گویا اس بات کا امکان موجود ہے کہ عوام ایک بار پھر احتجاجی موڈ میں آجائیں ۔
عزیزان من! انقلاب ایران کے بعد ایرانی زائچے میں سیارہ قمر کا دور اکبر جاری تھا جس کا اختتام 4نومبر 1986 کو ہوا اور زائچے میں سیارہ مریخ کا سات سالہ دور شروع ہوا جس میں ایران کو ایک طویل جنگ کا سامنا کرنا پڑایعنی عراق ایران جنگ اس کے بعد 4نومبر 1993سے راہو کا دور اکبر شروع ہوا جو 18سال جاری رہا۔
اس دور میں ایران نے اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا اور ملک سے باہر بھی نہ صرف یہ کہ اثاثے بنائے بلکہ سائنسی طور پر بھی خود کو زیادہ مضبوط کیا، اسی دور میں ایٹمی ٹیکنالوجی کی طرف بھی توجہ دی جس کی وجہ سے اسرائیل اور امریکا تشویش میں مبتلا ہوئے اور بالآخر ایران پر پابندیاں لگائی گئیں، راہو کا دور 5نومبر 2011 میں ختم ہوا اور اس کے بعد سیارہ مشتری کا دور اکبر شروع ہوا، اس دور کو زیادہ چیلنجنگ دور کہا جاسکتا ہے کیوں کہ مشتری چھٹے گھر کا مالک بھی ہے اور نویں گھر کاحاکم بھی ہے ، اس دور میں دیگر ممالک سے تنازعات میں اضافہ ہوا ، تاحال یہی دور جاری ہے ۔
5نومبر 2027سے سیارہ زحل کا 19سالہ دور اکبر شروع ہوگا، یہ دور یقینا کسی نئے انقلاب کا باعث بنے گا، زحل ساتویں اور آٹھویں گھر کا حاکم ہے اور ہر قسم کی شدت اور انتہا پسندی کے خلاف ہے ، اس کا تعلق نچلے درجے کے عوام سے ہے، اس امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ زحل کا دور ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے اور مذہبی شدت پسندی میں کمی واقع ہوجائے ۔
سیارہ زحل اگلے سال کے آخر سے برج حمل میں داخل ہوگا تو ایران کی ساڑھ ستی شروع ہوجائے گی ، گویا آنے والے ساڑھے سات سال بہت کچھ تبدیل کردےں گے (واللہ اعلم بالصواب)
مئی کی سیاروی گردش
سیارہ شمس اپنے شرف کے برج حمل میں حرکت کر رہا ہے ۔ 15مئی کو برج ثور میں داخل ہوگا۔
سیارہ عطاردبھی برج حمل میں داخل ہوچکا ہے اور نہایت تیز رفتاری سے حرکت کرتے ہوئے 15 مئی کو برج ثور میں داخل ہوجائے گا اور اسی مہینے کی 29تاریخ کو برج جوزا میں داخل ہوگا، مئی کے مہینے میں عطارد کی یہ تیز رفتاری قابل توجہ ہے۔
سیارہ زہرہ برج ثور میں حرکت کررہا ہے ۔ 14مئی کو اپنے اوج کے برج جوزا میں داخل ہوگا۔
سیارہ مریخ برج حوت میں حرکت کر رہا ہے۔ 11مئی کو اپنے ذاتی برج حمل میں داخل ہوگا ۔
سیارہ مشتری برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ زحل بھی برج حوت میں ہے اور اسی برج میں مہینے کے آخر تک حرکت کرتا رہے گا۔
سیارہ یورینس برج برج ثور میں پورا مہینہ حرکت کرے گا جب کہ نیپچون برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں حرکت کریں گے، 7مئی کو پلوٹو کو رجعت ہوجائے گی ۔
راہو اور کیتو پورا مہینہ بالترتیب برج دلو اور اسد میں حرکت کریں گے ۔
قمر در عقرب
قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اپنے ہبوط کے برج عقرب میں بروز ہفتہ 2مئی رات 11:59پر داخل ہوگااور بہ روز منگل 5مئی دوپہر 12:24تک ہبوط زدہ رہے گا۔اس عرصے میں اپنے درجہ ہبوط پر 3مئی بہ روز اتوارصبح 03:57سے 05:57 تک ہوگا۔
اس ماہ قمر دو مرتبہ اپنے برج ہبوط میں داخل ہوگا، دوسری مرتبہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق بہ روز ہفتہ 30مئی 06:08 صبح سے یکم جون بہ روز پیر شام 06:38 تک ہبوط زدہ رہے گا۔ اپنے درجہ شرف پر 30مئی کو صبح10:07 سے دوپہر 12:08 تک ہوگا۔
قمر در عقرب کا وقت ناموافق اور نحس خیال کیا جاتا ہے ، اس عرصے میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے خصوصاًمنگنی و شادی بیاہ سے گریز کرنا چاہیے۔ کسی ایگریمنٹ پر سائن کرنا یا کوئی نئی جاب جوائن کرنا بھی اس وقت میں ناموافق ثابت ہوتا ہے، البتہ علاج معالجہ کرانا یا بری عادتوں سے نجات کے لیے اعمال کرنا بہتر ہوتا ہے ، خصوصاً مخالفین کی زبان بندی ، ناجائز تعلقات کا خاتمہ ، دشمنوں سے تحفظ وغیرہ کے لیے اس عرصے میں اعمال و طلسم کیے جاتے ہیں، اپنی ضرورت کے مطابق اعمال ہماری ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔
شرف قمر
سیارہ قمر پاکستان اسٹینڈر ڈ ٹائم کے مطابق بہ روز ہفتہ 16مئی شب 10:16 پر برج ثور میں داخل ہوگا اور بہ روز پیر 18مئی شب 09:34 تک برج ثور میں رہے گا، اپنے درجہ ءشرف پر 17مئی کو شب 01:14 سے 02:58 تک ہوگا۔
برج ثور میں قمر کو شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے اور یہ باسعادت وقت ہوتا ہے، اس موقع پر اپنے جائز اور نیک مقاصد کے لیے اعمال و وظائف کرنا ذوداثر اور مفید رہتا ہے، ضروری اعمال ہماری ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں ۔


