اوقات شرفِ شمس اور لوح شمس نورانی کی تیاری کا طریقہ

اوقات شرفِ شمس اور لوح شمس نورانی کی تیاری کا طریقہ

عروج و ترقی، عزت و مرتبہ، صحت و سلامتی کے لیے تحفہ ءخاص

انگارک یوگ کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک یہ یوگ ختم نہیں ہوجاتا، 2اپریل کو سیارہ مریخ برج حوت میں داخل ہوگا تو 3اپریل سے اس یوگ کا خاتمہ ہوگا، اس وقت تک ایران اور امریکا کے درمیان کسی معاہدے یا جنگ بندی کے آثار نظر نہیں آتے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا اور ایران دونوں کے زائچوں میں پہلا گھر یعنی لگن برج سرطان ہے اور یہ یوگ زائچے کے آٹھویں گھر میں دونوں ملکوں کو متاثر کر رہا ہے، بے شک ایران کا بھی بہت نقصان ہوا ہے لیکن امریکا بھی کچھ کم نقصانات کا شکار نہیں ہے بلکہ امریکا کے اس اقدام نے اسے دنیا بھر میں رسوا کردیا ہے، خصوصاً صدر امریکا (خبطی صدر) کی ذات و صفات دنیا بھر میں موضوع گفتگو ہے ۔ وہ اپنا اعتبار کھو بیٹھے ہی۔

 امریکا کے ایران پر حملے نے پوری دنیا کو ایک بدترین اقتصادی و تجارتی بحران میں مبتلا کردیا ہے اور ظاہر ہے کہ اس کی ذمے داری امریکا اور اسرائیل پر ہی عائد ہوتی ہے ۔

اسرائیل کے زائچے میں پہلا گھر یعنی لگن برج جدی ہے اور یہ انگارک یوگ زائچے کے دوسرے گھر میں فعال ہے۔ گویا معاشی، اقتصادی اور داخلی صورت حال وہاں بھی بہتر نہیں ہے ، شدید نوعیت کے نقصانات اور تباہی اسرائیل میں بھی ہوئی ہے ۔ چناں چہ اسرائیل بھی بلکہ درحقیقت اسرائیل ہی اس فتنے کا بانی مبانی ہے ۔

3اپریل کے بعد سیارہ مریخ جب واٹر سائن حوت میں داخل ہوگا تو امکان ہے کہ فضائی حملوں کا زور ٹوٹ جائے گااور زیادہ کشمکش سمندروں میں ہوگی یا زمین پر کیوں کہ برج حوت میں داخل ہوتے ہی مریخ نیپچون سے قران کرے گا اور اس کے بعد سیارہ زحل سے ، بے شک برج حوت میں سیارہ مریخ کی جارحیت میں کمی آئے گی لیکن نیپچون اور زحل سے قران کے نتائج دوغلی سیاست اور مکروفریب کے ذریعے حریفوں کو زیر کرنے کی حکمت عملی کا آغاز ہوجائے گا۔

زحل سے قران کے نتیجے میں دنیا بھر میں حکومتوں کے لیے نئے معاشی چیلنج پیدا ہوں گے، خصوصاً پاکستان، بھارت ، اسرائیل ، ملائشیا، برطانیہ ، جاپان، آسٹریلیا اور دیگر ممالک مسائل کا شکار ہوں گے ، سعودی عرب بھی اپنی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہوگا۔ قصہ مختصر یہ کہ 2026 جس کا عدد 1ہے اور جو کسی نئے آغاز کی نشان دہی کرتا ہے ، دنیا کی کایا پلٹ ضرور کرے گا۔

پاکستان بھی ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے، معاشی مسائل اپنی جگہ لیکن عالمی سیاست میں اس کا کردار اگرچہ اس وقت بہت نمایاں ہوکر سامنے آیا ہے مگر داخلی امور میں صورت حال بہتر نہیں ہے اور آگے مزید نت نئے چیلنجز منہ کھولے کھڑے ہیں، امکان یہ ہے کہ 15اپریل کے بعد سیاروی گردش پاکستان کو کوئی نیا رخ اختیار کرنے پر مجبور کرے گی۔

اگرچہ اس وقت بھارت کی طرف سے کسی مداخلت یا حملے کا خطرہ بھی موجود ہے مگر عالمی صورت حال میں بھارت کو بھی اپنے داخلی مسائل میں الجھادیا ہے جس کی وجہ سے بھارت کسی نئی مہم جوئی کی شاید ہمت نہ کرسکے مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ اپنی کینہ پروری سے باز آجائے گا ، اس سال بہر حال بھارت کسی نہ کسی مہم جوئی کی کوشش ضرور کرے گا۔(واللہ اعلم بالصواب)

شمس اپنے درجہ شرف پر ہر سال آتا ہے اور ماہرین علم جفراس وقت کا نہایت شدت سے انتظار کرتے ہیں کیوں کہ شمس کا تعلق توانائی، اقتدار اور عزت و مرتبہ سے ہے۔سرکاری محکمہ اور تمام کارِ سرکار سیارہ شمس کے زیراثر ہیں، صحت اور توانائی کے حصول کے لیے بھی اس وقت کو موثر اور فائدہ بخش تسلیم کیا جاتا ہے،چناں چہ اس وقت سے فائدہ اٹھانے کے لیے سال بھر انتظار کیا جاتا ہے۔

اس وقت لوحِ اسم اعظم یا خاتم اسمِ اعظم اور لوح شمس وغیرہ تیار کی جاتی ہیں جو زندگی میں عروج و کامیابی، اعلیٰ پوزیشن کے حصول، اعلیٰ حکام یا مالکان کے روبرو عزت و وقار اور مرتبے میں اضافے کے لیے موثر ہوتی ہے۔

لوح شمس ان لوگوں کے لیے بھی فائدہ بخش ثابت ہوتی ہے جن کا طالع برج اسد ہو یا برج اسد زائچے کے کسی اہم اور سعد مقام پر قابض ہو مثلاً دوسرے، تیسرے، چوتھے، پانچویں، ساتویں، نویں، دسویں یا گیارھویں گھر پر زائچہ ءپیدائش میں برج اسد موجود ہو اور شمس زائچے میں کمزور ہو یا راہو کیتو یا کسی نحس سیارے کی بد نظر کا شکار ہو۔ایسی صورت میں مندرجہ بالا الواح و خاتم استعمال کرنا نہایت مفید نتائج کا حامل ہوتا ہے، انسان کی قسمت بدل جاتی ہے۔

شرف شمس

سیارہ شمس کو برج حمل میں شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے ، یونانی علم نجوم کے مطابق اس سال سیارہ شمس 8اپریل بہ روزبدھ اپنے درجہ ءشرف پردوپہر 12:49سے 9اپریل بہ روز جمعرات کی رات 01:14 تک درجہ ءشرف پر رہے گا۔جو لوگ اس دوران میں وظیفہ پڑھنا چاہتے ہوں، انھیں چاہیے کہ سیارہ شمس کے اسمائے الٰہی یا حی یا قیوم کا ورد کریں اور اپنے عزت و وقار ، تحفظ اور ترقی کے لیے اللہ سے دعا کریں۔

اس دوران میں شمس کی ساعتیں کارآمد ہوں گی، اس وقت میں لوح ”اسم اعظم“یعنی اسم ذات اللہ کی کثیر الفوائد لوح سونے یا چاندی کی تختی پر تمام شرائط وقواعد کے مطابق کندہ کریں تو یہ ایک عظیم تحفہ ہوگا۔اگر سونے یا چاندی پر کندہ کرنا ممکن نہ ہو تو ہرن کی جھلی پر زعفران و مشک و عنبر اور عرق گلاب کی روشنائی بناکر لکھیں۔یاد رہے کہ اسم اعظم ”اللہ“ ہے لیکن اسمائے الٰہی یا حی یا قیوم کو بھی اسم اعظم کا درجہ حاصل ہے۔

ہم یہاں ایک ایسی جامع چیز پیش کر رہے ہیں جسے تیار کرنے والا بے شمار مقاصد و فوائد حاصل کرسکتا ہے۔یاد رہے کہ یہ لوح مبارک اوپر بیان کیے گئے فوائد کے ساتھ ہر قسم کے سحروجادو اور دشمنوں کی کارروائی سے محفوظ رکھنے کا بھی موثر اور طاقت ور ذریعہ ہوگا۔

اسمائے الٰہی میں” الحیّ“ اور ”القیوم“ کو اسم اعظم کہا گیا ہے، یہ اسمائے الٰہی آیت الکرسی میں ابتدا ہی میں موجود ہیں۔ بعض روحانی سلاسل میں ان کا ورد بطور اسم اعظم مروج ہے۔

الحّی ہمیشہ زندہ رہنے والا اور القیوم ہمیشہ قائم رہنے والا، صفاتی اسما میں یہ دونوں اسم مبارک جن صفات کا اظہار کر رہے ہیں، یہ بہت ہی بزرگ و برتر صفات ہیں اور کائنات میں اللہ رب العزت کے سوا کوئی دوسرا فرد یا کوئی دوسری شے ان صفات کے ہر گز لائق نہیں ہے۔ پہاڑ، دریا ، سمندر، زمین، سیارے، آسمان اور کہکشائیں سب ایک روز فنا ہوجائیں گے۔

.خدا معلوم کس شاعر نے اتنی سادگی سے اس قدر سچی بات کہہ دی۔ بس ہمیشہ رہنے والی وہ خدا کی ذات ہے۔قصہ مختصریہ کہ جس طرح سیارگان کے درمیان شمس بادشاہ کا درجہ رکھتا ہے، اسی طرح اسم ذات اللہ کے بعد اسمائے صفات میں یا حی یا قیوم کی نورانیت میں بھی کوئی شبہ نہیں ہے۔

شرف شمس کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہم نے یہی دو اسمائے الٰہی منتخب کیے ہیں، جفرونجوم کے ماہرین سیارہ شمس سے انہی اسمائے الٰہی کو منسوب کرتے ہیں، دونوں اسما کے اعداد کا مجموعہ 174 ہے۔

اب اگر عام قواعد کے مطابق ان اسما کا نقش تیار کیا جائے تو نقش کی مخصوص چال کی پابندی ضروری ہوگی، شمس کا نقش مسدس ہے یعنی 36 خانوں کا چھ در چھ کا نقش۔

 اس کی مخصوص چال کے مطابق نقش تیار کرنا عام آدمی کا کام نہیں ہے، چناں چہ ہم نے مفاد عامہ کی خاطر اس کی ایسی لوح ترتیب دے دی ہے جس میں مشکل چال سے نجات مل جائے گی اور اثر پذیری برقرار رہے گی، وہ لوح یہ ہے۔

شرف شمس

شمس کی ساعت میں اس لوح کو سونے، چاندی یا ہرن کی جھلی پر لکھیں، اگر چاندی پر تیار کریں تو بعد میں سونے کا پانی چڑھوالیں یعنی گولڈپلیٹنگ کرالیں۔

پہلے چھ در چھ خانوں کا ایک نقش تیار کریں پھر پہلے 786 لکھ کر یاحیّ یاقیوم کے حروف اسی ترتیب سے لکھتے جائیں جس طرح ہم نے لکھے ہیں۔ یعنی پہلے خانے میں ”ح“ لکھیں پھر اس کے نیچے دو خانوں میں ”ی“ لکھیں پھر نیچے کے تین خانے ”ق“ لکھ کر بھردیں پھر اسی طرح”و“ اور ”م“ تک خانے بھردیں پھر اسی طرح خانے بھرتے ہوئے نیچے کی طرف اترتے چلے جائیں اور آخر میں سب سے نیچے کے خانے میں ”ح“ لکھ کر نقش پورا کرلیں۔

نقش بھرنے سے پہلے جب نقش کے خانے بنالیں تو نقش کے چاروں کونوں پر یہ چار لفظ لکھ دیں، پہلے کونے پر ”قولہ“ اور دوسرے پر ”الحق“ تیسرے پر ”ولہ“ پھر چوتھے پر ”الملک“، اسی طرح چاروں ملائکہ کے نام بھی ارد گرد لکھ دیں، پہلے جبرائیل پھر عزرائیل پھر میکائیل پھر اسرافیل۔

جب نقش مکمل ہوجائے تو اس کی پشت پر شمس کے موکلات اور طلسم لکھ دیں جو یہ ہیں” یاروقیائیل ابو عبداللہ المذہب“ اس کے ساتھ ہی اسمائے شمس بھی لکھے جائیں گے جو یہ ہیں ”ابرصا صبر صا صورصا صارصا”

طلسم کی شکل یہ ہے

طلسم شمس

اب 174 مرتبہ یا حیّ یا قیوم اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر نقش پر دم کردیں،کچھ زرد رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دیں اور لوح کو موم جامہ ، پلاسٹک کوٹڈ یالیمی نیشن کرکے اپنے پاس رکھیں۔

خیال رہے کہ موم جامہ خاصی پرانی روایت ہے، بہت سے لوگ تو اب جانتے ہی نہیں کہ موم جامہ کیا ہوتا ہے، جدید طریقہ پلاسٹک کوٹڈ یا لیمی نیشن ہے۔

لوح کی تیاری کے بعد نوچندے اتوار کو صبح سورج نکلنے کے فوری بعد اسے اپنے پاس رکھنا یا پہننا افضل ہے۔

اس وقت سورج نکلنے سے کچھ منٹ پہلے کسی ایسی جگہ بیٹھ جائیں جہاں سے سورج کے طلوع ہونے کا نظارہ کرسکیں۔جب تک سورج طلوع نہ ہو اسمائے الٰہی یا حی یا قیوم کا ورد کرتے رہیں۔ جیسے ہی سورج طلوع ہو، اللہ سے دعا کریں کہ اے پروردگار تو نے جس طرح سورج کو پوری دنیا میں عروج و بلند مقام عطا کیا ہے۔ اسی طرح اپنے اسمائے الٰہی کی برکت و سعادت کے سبب مجھے بھی دنیا میں عروج و فضیلت عطا فرما۔

دعا مانگنے کے بعد نقش اپنے پاس رکھیں اور اسی روز زرد میٹھے چاول پکاکر غریبوں میں تقسیم کردیں یا ممکن نہ ہوسکے تو زرد رنگ کی کوئی مٹھائی بھی تقسیم کی جاسکتی ہے۔

سمجھ لیں کہ آپ کے پاس ایک ایسی قوت آگئی ہے جو سحروجادو، آسیب و جنات اور دیگر بیماریوں کے خلاف جنگ میں مددگار ہوگی، اگر آپ کی ترقی رکی ہوئی ہے تو اعلیٰ افسران و حکام بالا آپ کی بات نہیں ٹال سکیں گے، عزت و مرتبہ میں اضافہ ہوگا، مقدمات میں کامیابی ملے گی۔

اگر کسی پر آسیب وغیرہ ہے یا سحروجادو کا اثر ہے تو اس لوح کو اس کے بازو پر باندھ دیں اور 174مرتبہ یا حیّ یا قیوم پڑھ کر اس کے دونوں کانوں میں دم کریں، ان شاءاللہ ٹھیک ہوجائے گا۔

لوح کو پانی میں ڈال کر اس کا پانی پلانے سے بھی بیماریوں میں شفا ہوگی، غرض اس کے بے شمار فوائد ہیں جس کے پاس یہ لوح ہوگی، لوگوں پر اس کا رعب و دبدبہ رہے گا، عزت و احترام سے پیش آئیں گے۔

اس نقش معظم کو اگر گولڈن کاغذ پر مشک زعفران اور عرق گلاب سے لکھ کر فریم کرالیں اور گھر میں مشرق کی سمت لگادیں تو گھر تمام بلاوں سے محفوظ رہے گا۔

آخری بات یہ کہ جو لوگ علم النقوش سے واقفیت رکھتے ہیں اور مسدس نقش کی چال سمجھتے ہیں وہ اس چال کے مطابق تیار کریں، کسی مجبوری کے تحت اگر خود تیار نہ کرسکتے ہوں تو وقت سے پہلے ہم سے رابطہ کریں۔

وہ لوگ جن کا برج اسد ،ستارہ شمس ہے ان کے لیے یہ لوح عروج و ترقی ہے،اس لوح کو پاس رکھنے والا کبھی بھی زوال کا شکار نہیں ہوتا، زندگی کے اونچے نیچے راستوں پر اسے قدم قدم پر اللہ کے ان مقدس ناموں کی مدد حاصل رہتی ہے۔

بہترین بات یہ ہوگی کہ دونوں اسمائے الٰہی یا حیّ یا قیوم روزانہ صبح سورج نکلنے کے وقت 174 مرتبہ ضرور پڑھ لیا کریں تاکہ اس لوح کے موکلات ہمہ وقت آپ کے معاون و مددگار رہیں۔

اپریل کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج حوت میں حرکت کر رہا ہے، 14اپریل کو اپنے شرف کے برج حمل میں داخل ہوگا۔

سیارہ عطارد برج دلو میں حرکت کر رہا ہے ، 11اپریل کو اپنے ہبوط کے برج حوت میں داخل ہوگا۔

سیارہ زہرہ برج حمل میں حرکت کر رہا ہے ، 19اپریل کو برج ثور میں داخل ہوگا جو اس کا اپنا ذاتی برج ہے ۔

سیارہ مریخ برج دلو میں حرکت کر رہا ہے ، 2اپریل کو برج حوت میں داخل ہوگا۔

سیارہ مشتری برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں اپنی سیدھی رفتار سے حرکت کرتا رہے گا۔

سیارہ زحل برج حوت میں حرکت کر رہا ہے اور غروب ہے ، پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔

سیارہ یورینس برج ثور میں جب کہ نیپچون برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں حرکت کریں گے۔

راہو اور کیتو بالترتیب برج دلو اور اسد میں اسٹیشنری پوزیشن میں ہیں، 7اپریل سے معمول کی رفتار پر آجائیں گے ۔

قمر در عقرب

سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 5اپریل بہ روز اتوار شام 04:57پر داخل ہوگا اور 8اپریل بہ روز بدھ صبح 05:23تک ہبوط زدہ رہے گا، یہ وقت نہایت نحوست کا خیال کیا جاتا ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے، خصوصاً منگنی نکاح یا نئے کاروبار کا آغاز کرنا نہایت نقصان اور پریشانی کا باعث ہوسکتا ہے۔ البتہ اس وقت میں علاج معالجہ کرانا یا اپنی اصلاح و درستی اور دوسروں کی اصلاح و درستی سے متعلق امور کی انجام دہی بہتر ہوتی ہے، اس دوران میں حساسیت میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوجاتا ہے اور چھوٹی چھوٹی باتوں کا بھی انسان گہرا اثر لیتا ہے۔

سیارہ قمر اپنے درجہ ہبوط پر 5اپریل کورات 8:55سے 10:59رات تک رہے گا، خصوصی اعمال و وظائف کے لیے یہ وقت موزوںترین ہوتا ہے۔اپنی ضرورت کے مطابق عملیات ہماری ویب سائٹ سے لیے جاسکتے ہیں، چاند اور سورج گہن کے درمیان جو اعمال دیے جاتے ہیں، وہ بھی اس وقت میں کیے جاسکتے ہیں ۔

شرف قمر

سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 19اپریل بہ روز اتوار دوپہر 12بجے داخل ہوگا اور 21اپریل بہ روز منگل دوپہر 12:30 تک اسی برج میں قیام کرے گا۔اپنے درجہ ءشرف پر 19اپریل کودوپہر 03:12 سے 04:46تک ہوگا۔

شرف قمر کا وقت سعد اور مبارک ہوتا ہے، اس دوران میں نئے کاموں کی ابتدا یا دیگر اہم امور کی انجام دہی مبارک ثابت ہوتی ہے۔خیال رہے کہ اس بار شرف قمر عروج ماہ میں ہوگا، ایسا شرف قمر زیادہ موثر ہوتا ہے، اس موقع پر لوح قمر نورانی، برکاتی انگوٹھی یا دیگر شرف قمر سے متعلق اعمال و وظائف کرنا افضل ہے۔

ہمیشہ سے ہم اس وقت کے لیے سیارہ قمر کے اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم کا وظیفہ دیتے آئے ہیں ۔ ان اسمائے الٰہی کو 556 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے جائز مقاصد کے لیے دعا کرنا فائدہ بخش ہوتا ہے۔

ہر ہفتے نئے آرٹیکل کی اپ ڈیٹ اپنے ای میل پر حاصل کرنے کے لیے ہمارے سبزکرائبر بنیں

یاد رہے کہ سبزکرپشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے اپنا ای میل ان باکس یا اسپیم فولڈر ضرور چیک کریں

ہم اسپیم ای میل نہیں بھیجتے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری پرائیوسی پالیسی پڑھیں۔