برکاتی انگوٹھی کا راز

برسوں پہلے غالباً 1998 ء میں ہم نے برکاتی انگوٹھی کے راز کو عام کیا تھا اور بعد میں بھی شاید ایک بار اس کا طریقہ کار شائع کیا گیا مگر اب اتنا طویل عرصہ گزرنے کی وجہ سے لوگوں نے شکایت کی کہ ہمارے پاس پرانے کالموں کا ریکارڈ نہیں ہے اور آپ کی کسی کتاب میں بھی اس کے بارے میں کوئی مضمون نہیں ہے ، لہٰذ مجبوراً ہم اس کی تیاری کا طریقہ اور خصوصی نقش دے رہے ہیں۔
عزیزان من ! یہ انگوٹھی علم جفر کے اہم رازوں میں سے ایک راز ہے ، جفری اصولوں کے مطابق حروف ابجد کی ایک خاص قوت کو ’’اعداد متحابہ ‘‘ کہا جاتا ہے ، علمائے جفر کے درمیان ان اعداد کے سلسلے میں ایک دلچسپ اختلاف ہے ، یعنی بعض کے نزدیک 120 اعداد متحابہ ہیں اور بعض کے نزدیک 220ء ۔ اس اختلاف سے قطع نظر دونوں کی اہمیت اپنی جگہ مُسلّم الثبوت ہے، حقیقت یہ ہے کہ 120 کا مرکب عدد دولت کے لیے ہے اور 220ء کا مرکب عدد محبت کے لیے ، چناں چہ 120ء کا نقش مثلث اگر اپنے نام کے پہلے حرف کی عنصری چال کے مطابق تیار کیا جائے اور انگوٹھی میں پہنا جائے تو یہ برکاتی انگوٹھی مالی فراوانی اور کشادگی رزق و روزگار کے لیے تیر بہ ہدف ثابت ہوگی ، حضرت کاش البرنی ؒ اپنی کتاب ’’ عامل کامل ‘‘ حصہ اول میں لکھتے ہیں کہ اعداد 120 کا نقش مثلث چاندی کی انگوٹھی پر کندہ کرکے پہنا جائے تو ایسے شخص کا ہاتھ کبھی پیسے سے خالی نہیں رہے گا ، بس یہی اس انگوٹھی کا خفیہ راز ہے جو سب سے پہلے برنی صاحب ؒ مرحوم نے منکشف کیا ، اس انگوٹھی سے فائدہ اٹھانے والوں پر لازم ہے کہ ان کے لیے ضرور ایصال ثواب و دعائے خیر کریں ۔
عزیزان من ! ہر شخص کے نام کا پہلا حرف اس انگوٹھی کی تیاری میں معاون ہے ، خیال رہے کہ حروف ابجد اپنی عناصری تقسیم کے مطابق چار عناصر میں بٹے ہوئے ہیں یعنی آتش ، باد ، آب اور خاک ، ہم یہاں اس کی تفصیل دے رہے ہیں تاکہ آپ جان سکیں کہ آ پ کے نام کا پہلا حرف کس عنصر سے تعلق رکھتا ہے ، واضح رہے کہ اس سلسلے میں پورے نام کو لیا جائے ، مثلاً اگر نام محمد رفیع ہے اور رفیع کے نام سے پکارا جاتا ہے تو پہلا حرف ’’ر ‘‘ نہیں’’م‘‘ ہوگا ، اسی طرح عبد الرحمن میں ’’ع ‘‘ کو لیا جائے گا ، پکارنے والے نام کی اہمیت نہیں ہوگی اور نام بھی وہ جو آپ کے سرکاری شناختی کارڈ میں لکھا گیا ہو۔

 

حروف ابجد کی عنصری تقسیم

ا ، ہ ، ھ ، ط ، م ، ف ، ش ، ذ = آتشی حروف
ب ، پ ، و ، ی ، ن ، ص ، ت ، ٹ، ض = بادی حروف
ج ، چ ، ز ، ک ، س ، ق ، ث ظ = آبی حروف
د ، ڈ ، ح ، ل، ع ، ر ، ڑ، خ ، غ = خاکی حروف
اعداد 120 کو مثلث 9 خانوں کے نقش میں بھرا جائے تو اس کی چار عنصری چالیں ہوں گی ، ہر شخص اپنے نام کے پہلے حرف کے عنصر کے مطابق چال کا انتخاب کرکے اپنے لیے نقش منتخب کرسکتا ہے ، اس طرح کل چار نقش تیار ہوں گے جو تمام ناموں کے لیے کار آمد ہوں گے ، عام لوگوں کی سہولت کے پیش نظر چاروں چالوں کے عنصری نقوش یہاں دیے جارہے ہیں ، آپ اپنے نام کے پہلے حرف کا عنصر معلوم کریں اور اس کے مطابق عنصری چال کا نقش اپنے لیے منتخب کرکے چاندی کی انگوٹھی پر کندہ کرلیں ۔

تمام حروف کے عناصر کی مناسبت سے جو چار نقوش ترتیب پاتے ہیں وہ آپ کے سامنے ہیں ، کسی بھی نقش کے دائیں سے بائیں یا اوپر سے نیچے تین خانوں کی میزان 120 آئے گی جو اعدادِ متحابہ ہیں، نقش لکھتے وقت چال کی ترتیب کا خیال رکھنا ضروری ہوگا یعنی سب سے پہلے سب سے چھوٹا مرکب عدد 36 لکھا جائے گا ، پھر ترتیب وار 37 ، 38 ، 39 ، 40 ، 41 ، 42 ، 43 اور آخر میں 44 لکھ کر نقش مکمل کرلیا جائے گا ، چاندی کی انگوٹھی رنگ فنگر یعنی دائیں ہاتھ کی سب سے چھوٹی انگلی کی برابر والی انگلی کے سائز کی بنوالیں ، اس پر 9 خانے بھی بنا لیں اور مقرر وقت پر کسی علیحدہ کمرے میں پاک صاف باوضو بیٹھ کر پہلے 11 بار درود شریف پھر سورہ فاتحہ اور چاروں قل پڑھ کر سفید رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دیں اور ایصال ثواب کرتے ہوئے حضرت کاش البرنی ؒ کو نہ بھولیں ، بہتر ہوگا کہ سفید لباس زیب تن کریں اور فرش پر سفید کپڑا بچھائیں ، لوبان یا صندل کی اگربتی جلاکر کمرے کو خوشبو دار کریں اور پھر کسی تیز نوک دار چیز سے انگوٹھی پر نقش کندہ کریں ، بعد ازاں پیر کے روز صبح سورج نکلنے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر بسم اللہ پڑھ کر پہن لیں ، 2 فقیروں کو کھانا کھلادیں یا 200 روپے خیرات کریں ، بس سمجھ لیں کہ آپ کے ہاتھ میں ایک ایسا مقناطیس آگیا ہے جو پیسے کو کھیچنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا ، آپ کی ضروریات حیرت انگیز طورپر پوری ہوتی رہیں گی ، امید ہے جولوگ فائدہ اٹھائیں گے ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں گے ۔

نوٹ: برکاتی انگوٹھی ہر ماہ عروج ماہ کے نوچندے اتوار ، پیر، جمعرات یا جمعہ کو صبح کی پہلی ساعت میں تیار کی جاسکتی ہے اس کے علاوہ ہر ماہ کے شرف قمر میں بھی تیار ہوسکتی ہے لیکن ضروری ہوگا کہ شرف قمر عروج ماہ میں ہو، ہمارے ادارے الفراز ایسٹرو ہومیو سروسز سے یہ انگوٹھیاں دستیاب ہوسکتی ہیں، اس کے لیے فون پر براہ راست رابطہ کرکے ضروری معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔