انسان عجیب ہے خدایا!انسانی نفسیات کی بوالعجبیاں

انسان عجیب ہے خدایا!انسانی نفسیات کی بوالعجبیاں

لندن میں پیدا ہونے والے جنونی کا خوں چکاں ماجرا

 دنیا کی تاریخ رنگ برنگے عجیب و غریب منفی و مثبت افراد سے بھری پڑی ہے۔ بڑے بڑے کارنامے انجام دینے والے نامور لوگ بھی اس دنیا میں آئے اور دنیا کی بھلائی کے لیے زندگی وقف کردی لیکن ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے جن کا دنیا میں آنا خود ان کے لیے بھی اور دنیا کے لیے بھی کسی عذاب سے کم نہیں تھا۔

 ہم تاریخ میں کیلی گولا، نیرو، چنگیز، ہلاکو ، ہٹلر، مسولینی جیسے جلاد صفت حکمرانوں کے بارے میں پڑھتے ہیں اور بہت سے سیریل کلرز کی کہانیاں یا فلمیں بھی ہماری نظر سے گزری ہیں۔

علم نجوم ایک نہایت ہی لطیف ترین علم ہے اور زائچہ پیدائش درحقیقت کسی بھی انسان عورت یا مرد کی زندگی کے رنگ ڈھنگ، طور طریقے اور مستقبل کے منفی یا مثبت رجحانات پر واضح روشنی ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ الگ بات ہے کہ فی زمانہ اگر کوئی فرد اپنا زائچہ بنواتا ہے تو اس کے مثبت پہلووں پر ہی بات کرنا مناسب ہوتا ہے۔ البتہ منفی پہلووں پر ڈھکے چھپے الفاظ میں کسی حد تک مشورہ یا نصیحت ہی سے کام لیا جاتا ہے کیوں کہ ایسی تلخ حقیقت کو برداشت کرنا کسی کے لیے بھی ممکن نہیں ہوتا۔

آج کی نشست میں ایک ایسے نوجوان کا زائچہ پیش کیا جارہا ہے جو اب اس دنیا میں نہیں ہے ۔ یہ کوئی بہت زیادہ پرانی بات بھی نہیں ہے۔ 2014میں یہ نوجوان ساری دنیا میں سنسنی پھیلانے کا باعث بنا تھا، یقینا اس کے بارے میں نیٹ پر تمام معلومات موجود ہیں، کوئی بھی اس کی زندگی کے بارے میں تصدیق کرسکتا ہے ۔

زندگی کے منفی پہلووں پر روشنی ڈالنے کے لیے ہم نے اس کا زائچہ منتخب کیا ہے تاکہ قارئین کے علاوہ ایسٹرولوجی سے دلچسپی رکھنے والے خواتین و حضرات بھی استفادہ کرسکیں ۔

زائچہ ایلیٹ راجر

زائچہ ایلیٹ راجر

ایلیٹ راجر کی ماں کوئی ایشیئن عورت تھی جبکہ باپ کا تعلق مغرب کے ہی کسی ملک سے ہے، نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر ماں باپ کے درمیان علیحدگی ہو گئی اورباپ نے دوسری شادی کرلی، ہمیں نہیں معلوم کہ یہ فیملی کب لندن سے امریکہ شفٹ ہوئی، بہرحال ایلیٹ راجر ایک کالج اسٹوڈنٹ تھا اور منشیات بھی استعمال کرتا تھا، سیکس کے حوالے سے اس کے نظریات خاصے متنازع اور عجیب و غریب تھے، اسی طرح نسلی امتیاز کے حوالے سے بھی وہ اپنے مخصوص نظریات رکھتا تھاجن کا اظہار اس نے یوٹیوب پر بعض ویڈیوز میں کیا ہے جو اب یو ٹیوب سے ہٹادی گئی ہیں لیکن بعض دیگر ویب سائیٹس پر موجود ہیں۔

طالع 8درجہ 10دقیقہ سنبلہ ہے، ذہانت کا ستارہ عطارد اس کا حاکم ہے لیکن زائچے کے بارھویں گھر برج اسد میں کمزور ہے۔ طالع کا مالک اگر بارھویں گھر میں ہو تو ایسا صاحب زائچہ اپنی پیدائش کی جگہ سے کہیں دور جا کر آباد ہوتا ہے یا معاشی مسائل اسے کسی دوسرے ملک جانے پر مجبور کرتے ہیں۔

 زائچے کے دوسرے گھر اور نویں گھر کا مالک زہرہ بھی بارھویں گھر میں سیارہ مریخ کے ساتھ حالت قران میں ہے۔ مریخ زائچے کا منحوس ترین سیارہ ہے کیوں کہ یہ آٹھویں گھر کا مالک ہے اور نوامسا چارٹ میں بھی ہبوط یافتہ ہے۔

مریخ کا زہرہ سے قران فیملی تنازعات اور قسمت کی خرابی، مذہبی یا دیگر نظریات میں گمراہی کی نشاندہی کرتا ہے لہٰذا ماں باپ کے درمیان علیحدگی ہوئی اور اپنی دوسری ماں سے بھی اس کے تعلقات مناسب نہیں رہے، ایک بار اس نے اپنی دوسری ماں کی جان لینے کی کوشش بھی کی تھی۔

زہرہ چونکہ دوسرے گھر کا مالک ہے اور زائچے کے بارہویں گھر برج اسد میں ہے، مرد کے زائچے میں بیوی کی نشاندہی کرتا ہے۔آٹھویں گھر کے مالک مریخ سے قریبی قربت زائچے کی منحوس ترین پوزیشن ہے لہٰذا نظریاتی پیچیدگیاں اور زہرہ اور مریخ کی مناسبت سے ”سیکس فرسٹریشن“ اور خواتین کے حوالے سے نا پسندیدہ رحجانات اور خیالات اس کی زندگی کا حصہ بنے جن کا وہ کھل کر اظہار کرتا رہا۔

مریخ زائچے میں تیسرے، چھٹے، ساتویں اور بارہویںگھر سے ناظر ہے یعنی ان گھروں پر پوری نظر رکھتا ہے۔ تیسرا گھر ذہنی سرگرمیوں اور روز مرہ کے مشاغل اور ہمت و جرات سے متعلق ہے۔

مریخ کی نظر سوچ اور نظریات میں اشتعال اور انتہاءپسندی کی نشاندہی کر رہی ہے، چھٹا گھر اپنی سوچ کے مطابق اقدام اور عمل کو ظاہر کرتا ہے یہاں بھی مریخ کی نظر کارفرما ہے۔ ساتواں گھر تعلقات کا ہے لہٰذا اپنے گھر والوں یا کالج کے دوستوں کے ساتھ بھی جارحانہ رویہ مریخ کی نظر کا کمال ہے۔

بارھواں گھر زندگی کے خفیہ معاملات‘ ماضی کے حالات اور وجدانی قوتوں سے ہے، یہاں بھی مریخ اور زہرہ پوری طرح اثرانداز ہیںگویا ذہنی سوچ کے ساتھ کوئی وجدانی یعنی اندرونی آواز بھی اپنا غالب اثر رکھتی ہے اور اسے اپنا تابع فرمان بناتی ہے جو ظاہر ہے مریخ اور زہرہ کے اثر کی وجہ سے مثبت اثر نہیں ہو سکتا۔

 زائچہ کا دوسرا اہم امتزاج شمس اور زحل کا مقابلہ ہے، شمس زائچے میں بارھویں گھر کا مالک ہے اور زائچے کے تیسرے گھر میں موثر ترین پوائنٹ کو متاثر کر رہا ہے، زحل سے نظر کا تبادلہ جو پانچویں گھر میں حساس درجے پر شمس کے مقابل ہے، زحل کی نظر پانچویں کے علاوہ ساتویں۔ گیارھویں اور دوسرے گھر پر پڑ رہی ہے‘ زحل فعلی منحوس ہے۔

واضح رہے کہ پانچواں گھر زائچے کا نہایت اہم مقام ہے۔ اس گھر سے انسانی شعور اور تخلیقی صلاحیتیں وابستہ ہیں، زحل اور شمس اس گھر کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں جس کا نتیجہ ایلیٹ راجر کی زندگی میں شدید غصہ اور اشتعال کی صورت میں موجود ہے۔ ایسے لوگ کسی بھی نوعیت کی جیلیسی اور حسد میں مبتلا ہوتے ہیں اور دوسروں کے لیے مصیبت بنتے ہیں لیکن در حقیقت وہ خود اپنے ہی لیے کوئی گڑھا کھود رہے ہوتے ہیں جیسا کہ راجر کے ساتھ ہوا۔

ایلیٹ راجر نے بالآخر صرف 22,23 سال کی عمر میں، 23 مئی 2014 ءکو امریکہ کی سانتا باربرا یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے قریب 6 افراد کو ہلاک اور تقریباً 13 افراد کو زخمی کردیا۔ بعد ازاں خود کو بھی ہلاک کرلیا۔ زائچے کا تیسرا گھر دائیں ہاتھ کی نشان دہی کرتا ہے اس پر آٹھویں موت کے گھر کے حاکم مریخ کی نظر نے اسے اپنے ہی ہاتھ سے موت کا جام پلادیا۔

کسی بھی زائچے میں عمر کا تعین زائچے کے پہلے اور آٹھویں گھر سے کیا جاتا ہے۔ اگر پہلے گھر کا حاکم اور آٹھویں گھر کا حاکم مضبوط پوزیشن میں ہو اور طاقتور ہو،  نحس اثرات سے پاک ہو تو عمر طویل ہوتی ہے، صحت بھی بہتر رہتی ہے۔ اس کے برعکس صورت حال میں کم عمری کی نشاندہی ہوتی ہے۔

 ایلیٹ راجر کے زائچے میں پہلے گھر کا مالک عطارد بارھویں گھر میں کمزور ہے اور نوامسا چارٹ میں کیتو کے ساتھ بیٹھا ہے جبکہ آٹھویں گھر کا مالک مریخ بارھویں گھر میں اور نوامسا چارٹ میں سرطان میں ہونے کی وجہ سے ہبوط یافتہ ہے‘ یہی دو باتیں کم عمری کی دلیل ہیں۔

جیسا کہ پہلے بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ زائچے کا دوسرا اہم ترین امتزاج شمس اور زحل کا مقابلہ ہے جو حد درجہ نحس اثرات رکھتاہے۔ سیارہ شمس انا، طاقت، اسٹیٹس اور خوشحالی پر حکمران ہے۔

گیارھویں گھر میں جو مالی فوائد اور اہداف کا گھر ہے، ناجائز ذرائع سے حصول مطلب کی نشاندہی کر رہا ہے کیوں کہ زائچے میں ایک فعلی منحوس یعنی بارھویں گھر کا مالک ہے، ایسا شخص اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جائز اور ناجائز میں تمیز نہیں کرتا‘ جرائم کے راستے پر چل پڑتا ہے۔ ا س پر سونے پر سہاگہ زحل کی پوزیشن ہے جو پانچویں گھر میں باغیانہ اور گھٹیا طریقہ کار کی جانب راغب کر رہا ہے۔ زحل کا تعلق مزدوروں اور نچلے طبقے سے ہے۔ اپنی نحس پوزیشن میں یہ گھٹیا اور نامناسب کاموں کی طرف راغب کرتا ہے اور ایسے ہی لوگوں کی صحبت اختیار کرنے پر اُکساتا ہے، مزاج میں مایوسی اور ڈپریشن لاتا ہے۔ تنہاءپسندی، جذباتیت اور ذہنی جھکاﺅں پانچویں گھر سے ظاہر ہوتا ہے۔ شمس اور زحل کی زائچے میں پوزیشن نے ایلیٹ راجر کو انا پرست‘ خود غرض‘ لالچی اور گھٹیا ذہنیت کا مالک بنادیا۔

 واقعہ کے روز راجر ایلیٹ کے زائچے میں شمس کا دور اکبر جاری تھا جس کی ابتداء24 مئی 2012ءسے ہوئی تھی یقیناً راجر ایلیٹ کی زندگی کا ٹرننگ پوائنٹ یہی سال تھا، اس کے بعد ہی اس کی زندگی میں انا، اسٹیٹس اور جرائم کا رحجان غالب آیا ہوگا۔

بارہ مارچ 2013ءسے شمس کے دور اکبر میں مریخ کا دور اصغر شروع ہوا۔ اس دور میں حالات مزید خراب ہوئے ہوں گے۔ شراب نوشی، سیکس کا رحجان بڑھا ہوگا، وہ خواتین سے خصوصی طور پر نفرت کرنے لگا تھا۔ ممکن ہے اس کے والدین نے اسے کسی ماہر نفسیات کو بھی دکھایا ہو لہٰذا کوئی نفسیاتی علاج کی دوا بھی اس کے زیر استعمال تھی۔

اٹھارہ جولائی 2013ءسے شمس ہی کے دور اکبر میں راہو کا دور اصغر شروع ہوا، راہو زائچہ میں چوتھے گھر میں ہے اور یورینس و نیپچون کے ساتھ حالت قران میں ہے۔ دور اکبر کے حاکم شمس سے چھٹے گھر میں ہے لہٰذا اس کے مزاج میں چڑچڑا پن اور جارحیت بڑھ گئی ہوگی۔

 23 مئی 2014ءکو جب یہ واقعہ ہوا ٹرانزٹ کرتے ہوئے راہو کیتو زائچے کے دوسرے اور آٹھویں گھر میں موثر ترین پوائنٹ پر موجود تھے خصوصاً کیتو آٹھویں گھر میں اسٹیشنری پوزیشن پر تھا، کیتو علیحدگی اور تشددکا رحجان لاتا ہے۔ چار ڈگری پر ہونے کی وجہ سے وہ بارھویں گھر میں پیدائشی عطارد سے ناظر تھا، عطارد راجر کا اپنا ذاتی سیارہ ہے، لہٰذا قتل و غارت کے بعد اس نے خود کوبھی ختم کرلیا ۔

 عزیزان من! ایلیٹ راجر کے برتھ چارٹ کی اس قدر تفصیلی ریڈنگ رپورٹ یقیناً ایسٹرولوجی کے طالب علموں کے لیے مشعل راہ ہوگی

میں بھی بہت عجیب ہوں اتنا عجیب ہوں کہ بس

خود کو تباہ کرلیا اور ملال بھی نہیں