پل پل رنگ بدلتا چاند اور ہمارے جذبات و احساسات(6)

انسان کی فطری خوبیوں، خامیوں اور جذباتی ،احساساتی زندگی پر قمری اثرات

مقابلہ قمر و مریخ
Moon opposition Mars

آپ کے پاس اپنی ماں سے تعلقات کے نتیجے میں تلخیاں اور غصہ کافی مقدار میں موجود ہے جسے آپ دوسروں پر تھوپتے ہیں،آپ کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ آجاتا ہے، آپ لوگوں کے قصور ڈھونڈتے رہتے ہیں،ا ن کی اچھائیوں پر آپ کی نظر نہیں جاتی، مرد ہوں یا عورت آپ تحکم پسند ہیں، مرد ہیں تو یہ تحکم کھل کر سامنے آتا ہے، عورتیںکجرو، جوڑ توڑ والے مرد کو پسند کرتی ہیں اور مرد چھا جانے والی حاکمانہ مزاج عورتوں میں کشش محسوس کرتے ہیں۔
دونوں جنسوں کے لیے غصہ کا باعث ان کی ماں کی حاکمیت ہے اور انہیں اس پر رشک بھی ہوتا ہے ،جب تک ان جذبات کا شعوری طور پر موازنہ نہ کیا، ان جذبات کی غلامی کرنا پ©ڑے گی جس کا نتیجہ تخریبی رویوں کی صورت نکل سکتا ہے۔
آپ کے زائچے میں یہ نظرہے تو امکان ہے کہ آپ بے چین اور ہیجان پسند ہیں، بعض اوقات آپ ہیجانی تسکین کے لیے رومانوی تعلقات قائم کرتے ہیں، آپ کی جذباتی جلد بازی آپ کو پریشان کن صورت حال سے دوچار کرسکتی ہے، آپ کسی بھی عمل سے پہلے اس کی پڑتال کریں اور کسی منفی جذبے کو اپنے اوپر حاوی نہ آنے دیں، آپ کو اپنے غصے کا مقابلہ کرنا چاہیے اور اسے مثبت طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ورنہ ڈپریشن اور ہاضمے کی خرابی کا سامنا ہوسکتا ہے،آپ اولو العزم ہیں لیکن توانائی کی کمی بیشی آپ کا مسئلہ ہے، کبھی آپ کو زیادہ کام کا نتیجہ کم ملے گا اور کبھی صورت حال برعکس ہوگی، کبھی کبھی آپ بہت سارے کام کرنے کا ارادہ کرلیتے ہیں اور کوئی کام پورانہیں کرپاتے۔

تربیع قمر و زحل
Moon Square saturn

قوی امکان ہے کہ آپ بہت زیادہ جاہ طلب ہیں اور استقلال اور ارادے کی پختگی آپ میں موجود ہے، اس کے ساتھ ساتھ آپ دنیا کے بے تحاشا خوش رہنے والے لوگوں میں سے نہیں ہیں، زندگی کی جانب آپ کا طرز عمل سپردگی، فرض کی بجاآوری، ذمہ داری اور محنت کا ہے، کبھی کبھی آپ موڈی ہوتے ہیں، ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں اور باطنی طور پر پریشان ،کشیدہ اور بے چین رہتے ہیں۔
یہ ایک مشکل نظر ہے کیوں کہ یہ جذبات کو دبانے کا رجحان ظاہر کرتی ہے، امکان ہے کہ بچپن میں آپ کو ماں سے علیحدگی کا تجربہ ہوا ہے، وہ جسمانی طور پر ہو یا نفسیاتی طور پر ، آپ کو وہ جذباتی قربت اور مدد نہیں ملی جس کی آپ کو ضرورت تھی، اکثر یہ نظر ایک سرد مزاج اور رد کرنے والی ماں کو ظاہر کرتی ہے جو خود سے محبت کے لیے کوئی بنیاد فراہم نہیں کرتی، بہر طور آپ کی ابتدائی زندگی جذباتی مزاحمت کے حالات سے بھرپور ہے جن کا مستقل اثر آپ کے مستقبل کے جذباتی اثر پر پڑا ہے۔
بہت گہرائی میں آپ شکی، اعتماد نہ کرنے والے اور غیر محفوظ ہیں، آپ ساری دنیا کو اپنی مسکراہٹ سے بے وقوف بناسکتے ہیں لیکن آپ کی محبت کے تعلقات عام طور پر جذباتی مزاحمت سے دوچار ہوتے ہیں، معاملات محبت میں آپ شرمیلے، سرد مزاج، ناقد اور غلطیاں تلاش کرنے والے ہیں، آپ کے لیے جسمانی محبت کا اظہار مشکل ہے اور غلطی تلاش کرنا آسان ہے، ایسے مرد، عورتوں کی موجوگی میں غیر محفوظ اور غیر موزوں محسوس کرتے ہیں، عورتیں ظاہری خوب صورتی کے ذریعے جذباتی کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں یا حیثیت، ذہانت کے اظہار سے اپنے عدم تحفظ کے احساس کی تلافی کرتی ہیں۔
آپ اپنے احساسات سے خوف زدہ رہتے ہیں اور جب تک ایسے کسی شخص سے نہیں ملتے جس کی موجودگی میں خود کو محفوظ محسوس کرسکیں تب تک ناکام معاشقوں کا بوجھ اٹھاتے رہتے ہیں، یہ بھی ہے کہ قابل اعتبار شخص سے ملنے پر آپ ان میں خامیاں تلاش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتے، جو لوگ آپ کی پہنچ سے دور ہوں ان کے لیے آپ کے جذبات بے حد شدید ہوتے ہیں، جذباتی بے سکونی اس نظر کے ساتھ لازم ہے، آپ بڑی ہوشیاری سے سطحی سرد مہری کے ذریعے اسے چھپا لیتے ہیں، آپ کی طبیعت میں شدید رقابت ہے اور محبت میں آپ غیر ضروری حد تک شکی ہیں، جذباتی معاملات سے فرار کے طور پر ایسے لوگ کسی کام میں گم ہوجاتے ہیں اور کامیاب بھی رہتے ہیں لیکن اس سے صرف انا کی تسلی ہوتی ہے، خو د پسندی ایک اور کمزوری ہے۔
اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر ہے تو آپ کو اپنے جذبات کا دیانتدارانہ اور حقیقت پسندانہ طور پر سامنا کرنا چاہیے اور خود پسندی کو کم کرنا چاہیے، آپ زیادہ دیں اور کم طلب کریں تو آپ کی زندگی پر سکون ہوسکتی ہے، اداسی کے لمحات میں اوروں کے مسائل پر توجہ دیجیے اور ان کے احساسات کے متعلق سوچیے، آپ بڑا آرام پائیں گے۔

قمر و زحل

سیارہ زحل دائرئہ بروج کا اہم سیارہ ہے جب یہ قمر کے ساتھ مختلف زاویے بناتا ہے تو ہماری شخصیت و فطرت میں کس قسم کی خوبیاں یا خامیاں پیدا ہوتی ہیں،ان کا بیان خاصا دلچسپ اور معلوماتی ہے،ذیل میں قمر اور زحل کے مختلف زاویوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

مقابلہ قمر و زحل
Moon opposition saturn

بنیادی طور پر یہ نظر مسئلہ تعلقات اور حقیقت پسندی کے چیلنج سے متعلق ہے، ممکن ہے کہ آپ کا رویہ بہت سے تعلقات کے خلاف توقع اختتام کا ذمہ دار ہو، اس نظر کی بنیاد بھی بچپن میں ماں سے دوری اور مایوس کن تعلقات ہوتے ہیں، جوانی میں رد ہوجانے کے لاشعوری خوف کی وجہ سے آپ ان لوگوں کے لیے بظاہر سرد اور محتاط طرز عمل اختیار کرتے ہیں جو آپ کے قریب آنا چاہیں، اس طرح آپ ان میں عدم تحفظ کا احساس پھونک دیتے ہیں جس کے باعث وہ دفاعی طرز عمل اختیار کرتے ہیں، آپ اسی کو رد کیے جانے سے تعبیر کرتے ہیں، ایک سطح پر آپ رد کیے جانے کے خواہش مند ہیں کیوں کہ دوسری سطح پر آپ رد کیے جانے سے بے حد خوف زدہ ہیں، امکان یہ ہے کہ جب کوئی خلوص اور شدت سے آپ کے قریب آنا چاہتا ہے تو آپ پیچھے ہٹتے ہیں اور اس پر بھروسا نہیں کرتے، وہ شخص جو آپ سے بہت تیزی سے محبت کرنے لگے، آپ کو خوفزدہ کردیتا ہے، اتنا خوف زدہ کہ آپ اپنے دل میں اس کے لیے ابھرنے والے محبت کے جذبات کا گلا گھونٹ دیتے ہیں، آپ جذبات کا اظہار نہیں کرتے اور تعلقات میں منفی طرز عمل اختیار کرتے ہیں، آپ خود کو دوسروں کا ہدف تصور کرنے لگتے ہیں اور اپنے لاشعور کو دنیا کے سامنے منفی انداز میں پیش کرتے ہیں۔
اگر آپ اس منفی سوچ پر قابو پالیں تو آپ کی شخصی نشوونما ہوسکتی ہے اور ڈپریشن کا خاتمہ بھی ہوسکتاہے، اس صورت میں آپ گہری باطنی آسودگی سے قریب تر ہوتے جائیں گے۔

قران قمر و زحل
Moon conjuct saturn

آپ محتاط شخصیت کے مالک ہیں اور کسی بھی شخص کو قریب آنے کا موقع دینے سے پہلے بہت اچھی طرح جانچتے ہیں، آپ کا پہلا تاثر ان کے ارادوں پر شک کا ہوتا ہے اور آپ اچھی توقعات نہیں رکھتے تاہم جن پر آپ اعتبار کرتے ہیں ان کے بارے میں بڑا ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرتے ہیں اور وابستگی کا گہرا احساس رکھتے ہیں،یقینا آپ ایسے دوست ہیں جس پر مشکل حالات میں انحصار کیا جاسکتا ہے، آپ فرض کی ادائیگی کے احساس کے زیر اثر کام آتے ہیں، کام کے معاملے میں آپ نظم و ضبط کے پابند اور مقصدی ہیں، آپ کا ارتکاز بے پناہ ہے، آپ مستقبل کے فائدے کے لیے لمحاتی خوشی ترک کرسکتے ہیں، یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ آپ جن بلندیوں کے خواہاں ہوں انہیں حاصل کرکے رہتے ہیں اور مقابلوں میں بالآخر آپ ہی فتح یاب ہوتے ہیں،ا ٓپ کی کامیابی میں آپ کے تحمل کا بڑا دخل ہے،آپ قدم بہ قدم چلنے کے قائل ہیں،ا ٓپ جزئیات کو دھیان میں رکھتے ہیں، اگر آپ کے سامنے کوئی بڑا مقصد ہو تو آپ مسلسل اور انتھک محنت کرتے ہیں۔
آپ جذباتی طور پر پیچیدہ ہیں اور ناقدانہ مزاج رکھتے ہیں،ا یسا لگتا ہے کہ آپ پر بچپن میں اپنی ماں کے قوی اثرات ہیں جو بہت کنٹرول کرنے والی یا ذاتی طور پر طاقت ور رہی ہوگی، آپ کو خوف ہے کہ آپ کو تکلیف پہنچ سکتی ہے، جب یہ پوزیشن سعد نظرات رکھتی ہو تو یہ اس امر کی نشان دہی کرتا ہے کہ آپ کی زندگی کا ساتھی بہت سنجیدہ اور آپ کا خیال رکھنے والا ہوگا اور جس پر آپ مکمل طور پر اعتبار کرسکیں گے،ا ٓپ ایسا انتخاب کرنا چاہیں گے لیکن عام طور پر بدقسمتی سے ہوتا یہ ہے کہ اس نظر کے زیر اثر آپ غلط ساتھی کا انتخاب کر بیٹھتے ہیں اور نتیجتاً جذباتی ناکامی کا سامنا کرتے ہیں، یہ نظر عام طور پر سیاست دانوں کے زائچے میں پائی جاتی ہے، اکثر اس کے زیر اثر گہری محبت سے فرار اور اسٹیٹس سے اور ذاتی امیج سے محبت کا رجحان ہوتا ہے لہٰذا اس کے ساتھ اگر قمر متاثرہ ہو تو ایسا آدمی ایسی عورت کو پسند کرے گا جس کا ساتھ اس کے امیج کو بنادے، بجائے اس کے کہ وہ ایسی عورت کو پسند کرے جو جذباتی طور پر اسے مطمئن کرے، یہ نظر کسی خاتون کے زائچے میں ہو تو سرد مزاج، خود پسند اور اپنی جذباتی فطرت کی نفی کرنے والی ہوگی۔
کبھی کبھی ایسی عورت اپنی نسوانیت کی بھی نفی کرتی ہے، وہ اپنے غیر محفوظ ہونے کے احساس کو خود سے بھی چھپانا چاہتی ہے، کبھی ایسی عورت مسلسل رومانوی ناکامیوں کے بعد انہیں المیوں میں تبدیل کردیتی ہے، ایسی صورت میں وہ اپنے جذبات کو کچل کر خود کو قربان کرنے کی انتہا تک پہنچ جاتی ہے، جب اس کی منفی سوچ قابو سے باہر ہوجاتی ہے تو وہ خود کو معاشرے کا ایک ایسا ہدف سمجھ لیتی ہے جس کے پاس زندگی سے متعلق کوئی مثبت چیز نہ ہو۔
زائچے میں اس نظر کا حامل مرد اپنی ناکامی کے سلسلے میں مختلف رد عمل ظاہر کرتا ہے، وہ درد کے احساس سے لڑنے کے بجائے اسے دبانے کی کوشش کرتا ہے ، بے پناہ توانائی کی مدد سے وہ اپنی زندگی کو ازسر نو تعمیر کرنے کی کوشش کرتا ہے، غیر انسانی حد تک محنت کرتا ہے اور خود کو اتنا مصروف رکھتا ہے کہ اسے کسی درد اور تکلیف کا احساس ہی نہ ہوسکے، بدقسمتی سے یہ ترکیب بہت تھوڑا عرصہ کام دیتی ہے، پھر اس کے دیے ہوئے احساسات ڈپریشن کی صورت میں باہر آکر اس پر چھاجاتے ہیں۔
مرد اور عورت دونوں کے لیے اس نظر کا ایک اداس کن ،جذباتی اتار چڑھاو اور ڈپریشن کے خلاف جنگ سے بھرپوررُخ ہے، ان بدلتی ہوئی کیفیات کے زیر اثر ایسا شخص دنیا سے کٹ کر اداسی کو خود پرمسلط کرنا چاہتا ہے، ایسے لوگ خود پر بھی تنقید کرتے ہیں اور اپنے اور دوسروں کے لیے غیر انسانی معیار مقرر کرتے ہیں، جس کا لازمی نتیجہ مایوسی کی صورت نکلتا ہے، ایسے لوگ نہ صرف خود میں بلکہ دوسروں میں بھی کمزوریاں تلاش کرتے ہیں، ایسے لوگ تعلقات سے کبھی مطمئن نہیں ہوتے اور بہتر کی جستجو میں لگے رہتے ہیں، وہ بدترین توقعات رکھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ بہترین جذباتی تجربات کسی بھی وقت بدترین تجربات کے طور پر ظاہر ہوں گے، اس منفی سوچ کے ذریعے وہ خود پر بدقسمتی مسلط کرلیتے ہیں، وہ نہ صرف دوسروں کو بلکہ خود کو بھی جیسے ہیں ویسے قبول نہیں کرتے، وہ لوگوں کو اپنے خیالات کے مطابق دیکھنے میں لذت محسوس کرتے ہیں۔
اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر موجود ہے تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ کسی بھی ذریعے سے ہو،ا ٓپ اپنی ذات کے خول سے باہر نکلیں اور اپنے احساسات کا جال بھی توڑ دیں، بالآخر بہت سی چیزیں اتنی سنگین نہیں رہیں گی جتنی آپ کو محسوس ہوتی ہیں،آپ کو زندگی کے متعلق مثبت رویہ اختیار کرنا چاہیے ورنہ منفی سوچ آپ پر بہت سے ناکام تعلقات تھوپ دے گی، مثبت سوچ اپنے اور دوسروں کے بارے میں اختیار کرنا آپ آپ کے لیے ایک بڑی سرمایہ کاری ثابت ہوگی، یہ کام آپ کے لیے بہت مشکل ہے لیکن اگر آپ اسے اہمیت دیں تو آپ کو بہت فائدہ حاصل ہوگا۔

تثلیث و تسدیس قمر و زحل
Moon Trine or SXT saturn

آپ سنجیدہ ،ذمہ دار اور باضمیر ہیں، زندگی کے بارے میں حقیقت پسندانہ نظریات رکھتے ہیں اور مادی معاملات سے اچھی طرح نمٹتے ہیں، کبھی کبھی آپ جذباتی طور پر بے حد قربانی دینے والے اور والدین میں سے کسی ایک سے بہت زیادہ وابستہ ہوتے ہیں، ایک دوست کی حیثیت سے آپ وفادار ہیں اور جواب میں بھی یہی طلب کرتے ہیں، امکان ہے کہ آپ کی دوستی طویل عرصے تک قائم رہتی ہوگی۔
آپ دیانتدار، محنتی اور نظم و ضبط کے پابند ہیں، آپ میں جو راست بازی ہے وہ لوگوں میں کم ہی پائی جاتی ہے،آپ محنت کے باوجود مادی فوائد اور مرتبے کے لیے کوشش نہیں کرتے جو آپ کے لیے کافی ہوتا ہے،آپ میں کمی یہ ہے کہ کبھی کبھی آپ باطنی طور پر خود پر شک کرتے ہیں، رومانی طور پر ایک پابند تعلق کے خواہاں ہیں جہاں آپ کو خوبیوں پر سراہا جائے اور غلطیوں کو نظر انداز کیا جائے، جب آپ کسی سے بہت زیادہ وابستہ ہوجاتے ہیں تو غیر محفوظ اور رقیبانہ فطرت عودکرآتی ہے، آپ اس سے آگاہ بھی ہوتے ہیں اور شعوری طور پر ان احساسات کو دبانے کی کوشش کرتے ہیں، تحفظ آپ کے لیے اتنا اہم ہے کہ کبھی کبھی کسی حسب خواہش رخ اختیار نہ کرنے والے تعلق کو آپ طویل عرصے تک زبردستی کھینچتے ہیں، آپ کی مستقل مزاجی آپ کو کامیابیاں لاسکتی ہے لیکن آپ کو اپنے منفی رجحان پر قابو پانا ہوگا، آپ ایک بے پناہ طاقت ور وجود رکھتے ہیں، آپ کو یہ یاد رکھنا چاہیے اور منفی احساسات کو مسترد کردینا چاہیے، آپ جو چاہیں حاصل کرسکتے ہیں، آپ میں تحمل کی کمی نہیں، بس اپنی طاقت پر پختہ یقین کرلیں، پھر سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔(جاری ہے)