پاکستانی سیاست کے اُتار چڑھاؤ اور پل پل رنگ بدلتے تیور اپنی جگہ مگر ان عارضی باتوں سے قطع نظر فی الحال لولی لنگڑی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرنے کی کوشش میں مصروف ہے اور یقیناً وہ اس میں کامیاب بھی ہوسکتی ہے، افواہیں تو پھیلتی ہی رہتی ہیں، نت نئے اندازے لوگ قائم کرتے رہتے ہیں، خاص طور پر میڈیا اور سوشل میڈیا اس حوالے سے بہت آگے ہے، ہر روز ایک نیا شگوفہ چھوڑ دیا جاتا ہے، اپوزیشن جماعتیں اپنی آخری مہم جوئی کے بعد اب معمول کی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف نظر آتی ہیں گویا کوئی بڑی ہلچل ممکن نہیں ہے، فضل الرحمن ہوں یا مریم نواز سب کے تعزیے ٹھنڈے ہوچکے ہیں۔
مثبت بات یہ ہے کہ حکومت نئی قانون سازی کے لیے کوشش کر رہی ہے لیکن منفی صورت حال یہ ہے کہ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے ذاتی مفادات کے کھیل میں مصروف افراد اپنے مفادات کے لیے تو فوراً قوانین پاس کرلیتے ہیں لیکن عوامی مفاد کے مسائل سے انھیں زیادہ دلچسپی نہیں ہے، یہی وہ صورت حال ہے جو جمہوریت کی ناکامی کا باعث بنتی ہے، جب تک یہ بزنس مین اور وڈیرے یا چوہدری سیاست داں اسمبلی میں رہیں گے، عوامی فلاح و بہبود کے قوانین پاس نہیں ہوسکیں گے، یہ کاروباری مفاد رکھنے والے لوگ پاکستانی سیاست کو گزشتہ کئی دہائیوں سے گندہ کر رہے ہیں، کروڑوں روپے خرچ کرکے یہ اسمبلی میں آتے ہیں اور پھر اربوں روپے کمانے کی دوڑ میں مصروف ہوجاتے ہیں، جمہوری مزاج سے عاری یہ لوگ درحقیقت استعماری قوتوں کے نمائندے ہیں، موجودہ وزیراعظم عمران خان کے لیے بھی یہی عناصر بہت بڑا مسئلہ ہیں پاکستان کی قومی زبان اردو کو بھی آج تک وہ مقام ابھی تک حاصل نہیں ہوسکا جو اسے ملنا چاہیے تھا، سرکاری طور پر اردو زبان کی سرپرستی کبھی نہیں کی گئی اور اس کی وجہ بھی یہی بزنس مین اہل سیاست ہیں۔
زائچہ ء پاکستان
پاکستان کے زائچے میں اب سیاروی پوزیشن مثبت ہے، زحل، مشتری بہتر پوزیشن میں ہیں خصوصاً زحل حکومت اور پارلیمنٹ کو تقویت دے رہا ہے، شاید اسی لیے قانون سازی پر زیادہ توجہ دی جارہی ہے، عطارد اور شمس پہلے اور دوسرے گھر میں سعد اثر دے رہے ہیں، البتہ زائچے میں پیدائش کا عطارد راہو کیتو سے متاثر ہے جس کی وجہ سے میڈیا اپنا درست کردار ادا نہیں کر رہا، بے شک میڈیا پر دباؤ بھی بہت ہے، انٹرٹینمنٹ اور تعلیمی سرگرمیاں بھی تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں جس کی وجہ سے راہو کیتو کی مستقیم پوزیشن ہے، جولائی کے بعد اس صورت حال میں بہتری آئے گی (ان شاء اللہ)
لاہور بم دھماکا
کسی بھی ملک کے زائچے کی طرح ملک کے مختلف شہروں کے زائچے بھی اپنی ایک جداگانہ حیثیت رکھتے ہیں، دنیا بھر میں اس حوالے سے بعض ایسٹرولوجرز نے خصوصی طور پر کام کیا ہے، اسی طرح کسی بھی صوبے کا زائچہ بھی اس صوبے کے دارالحکومت کی بنیاد پر بنایا جاتا ہے، پاکستان کے چاروں صوبوں کے دارالحکومت لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی ہیں، چناں چہ چاروں شہروں کا پیدائشی برج حوت ہے، البتہ طول البلد اور عرض البلد کے فرق کی وجہ سے مختلف شہروں کے طالع کے درجات مختلف ہیں۔
لاہور یا صوبہ پنجاب کا زائچہ برج حوت 18 درجہ ہے، راہو کیتو زائچے کے تیسرے اور نویں گھر میں تقریباً 17 درجہ مستقیم حالت میں ہیں، یہ صورت حال لاہور اور پنجاب کے معاملات میں ابتری، بدنظمی اور حادثات کی نشان دہی کرتی ہے، زائچے کا نہایت اہم سیارہ مشتری بارھویں گھر میں سات درجے پر مستقیم ہے، تقریباً اس سال کے آخر تک مشتری کی پوزیشن ناموافق رہے گی جس کی وجہ سے پنجاب حکومت کی کارکردگی اور وزیراعلیٰ کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہے گی،یہی صورت حال ملک کے دیگر صوبوں میں بھی ہوگی۔
لاہور بم دھماکے کے وقت راہو کیتو زائچے کے پہلے، تیسرے، پانچویں، ساتویں، نویں اور گیارہویں گھر کو نحس ناظر تھے اور سیارہ زحل جو زائچے کا منحوس اثر رکھنے والا سیارہ ہے، وہ بھی پہلے پانچویں، آٹھویں (خانہ حادثات) اور گیارھویں گھر سے ناظر ہے، یہ صورت حال حادثے کا سبب بنی، جاری صورت حال میں اس امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، پنجاب میں انتظامی طور پر اور سیاسی طور پر بھی مزید واقعات سامنے آئیں۔
رفتارِ سیارگان جولائی
سیارہ شمس برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے، 16 جولائی کو برج سرطان میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد برج ثور میں ہے، 7 جولائی کو برج جوزا میں داخل ہوگا اور اپنی تیز رفتاری کے سبب 25 جولائی کو برج سرطان میں داخل ہوجائے گا۔
توازن اور ہم آہنگی کا سیارہ زہرہ برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے، 17 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوگا، توانائی کا سیارہ مریخ اپنے ہبوط کے برج سرطان میں ہے، 20 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوگا تو انرجی سے متعلق مسائل حل ہوں گے۔
ترقی اور وسعت کا سیارہ مشتری برج دلو میں مستقیم پوزیشن پر حالت رجعت میں ہے، 17 جولائی سے اس کی پوزیشن تبدیل ہوگی، محنت اور افرادی قوت کا سیارہ زحل بھی بحالت رجعت ایک ہی درجے پر برج جدی میں مستقیم رہا ہے، اس کی یہ پوزیشن بعض افراد کے انفرادی زائچے کے مطابق فائدہ بخش اور بعض کے لیے سخت نقصان کا باعث ہوسکتی ہے۔
راہو اور کیتو اپنے شرف کے برج ثور اور عقرب میں ایک ہی درجے پر مستقیم حالت میں ہے،13 جولائی کے بعد حرکت میں اضافہ ہوگا۔
شرفِ قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں ہے، اس ماہ 5 جولائی شام 06:30 pm پر داخل ہوگا اور 8 جولائی صبح 07:11 am تک اپنے شرف کے برج میں رہے گا، اس دوران میں شرف یافتہ قمر کی سعادت سے فائدہ اٹھانے کے لیے 6 جولائی سہ پہر 03:56 pm سے 04:44 pm تک کا وقت مناسب ہوگا، اس وقت میں قمر سے متعلق ضروری اعمال کیے جاسکتے ہیں۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 19 جولائی شام 04:25 pm پر داخل ہوگا اور 21 جولائی شام 06:00 pm تک برج عقرب میں رہے گا، یہ تمام وقت قمر کی نحوست کا ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے، البتہ علاج معالجہ کرانا یا بری عادتوں سے نجات کے لیے اور ظالموں سے نجات کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوتا ہے، اس وقت میں بندش اور رکاوٹ کے عملیات بھی کیے جاتے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر موجود ایسے اعمال و وظائف سے مدد لی جاسکتی ہے۔
سوالات و جوابات
”نا فرمان اولاد“
ف،س جگہ نامعلوم سے لکھتی ہیں ”میں ایک بیوہ عورت ہوں،گزشتہ 13 سال میں نے بڑی مشکل سے گزارے ہیں۔میرا تعلق ایک متوسط طبقے سے ہے۔میرا بیٹا میرے لئے ایک مسئلہ بنا ہوا ہے۔میں نے اسے اچھے تعلیمی اداروں میں پڑھایا ہے اور اپنے کم وسائل میں اس کی ہر ضرورت پوری کی ہے مگر یہ کچھ حاصل نہیں کرسکا یہ اس کی قسمت۔جب میں نے دیکھا کہ کچھ حاصل نہیں ہورہا بلکہ یہ آوارہ دوستوں کی صحبت میں پڑھ رہا ہے تو تنگ آکر میں اپنے آبائی گھر واپس آگئی۔میں نے سوچا کہ چلو تعلیم نہ سہی کم از کم اپنا آبائی کام تو کرے گا لیکن یہاں آکر بھی مجھ سے لڑائی جھگڑا کرتا رہتا ہے۔میرے ساتھ اس کا رویہ بہت خراب ہے۔اب میں چاہتی ہوں کہ اُس کی شادی کردوں، شاید یہ ٹھیک ہوجائے مگر شادی کے لئے راضی ہی نہیں ہوتا۔کسی دوسرے سے بات چیت کرے گا تو نہایت مہذ ب طریقے سے لیکن میرے ساتھ برا سلوک۔میں ہائی بلڈ پریشر کی مریضہ ہوگئی ہوں۔میری زندگی میں سکون نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔اس کی تاریخ پیدائش لکھ رہی ہوں اس کے مطابق مجھے بتائیں کہ اس کی شادی کرنا بہتر ہے یا نہیں۔ساتھ ہی میرے لئے کوئی لوح بھی تجویز کریں کہ میرے حالات میں بہتری آئے“۔
جواب:عزیزم!یقینا یہ آپ کی بد قسمتی ہے کہ ایک انڈہ اور وہ بھی گندہ۔آپ کے بیٹے کا شمسی برج جدی، پیدائشی برج ثور اور قمری برج بھی جدی ہے۔اس طرح تینوں خاکی برج اُس پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ایسے لوگ بہت زیادہ خود غرض، مفاد پرست اور غیر جذباتی ہوتے ہیں۔دولت ان کا دین ایمان بن جاتی ہے اور انہیں حقیقی رشتوں کی بھی زیادہ پروا نہیں رہتی۔اس کے زائچے میں زحل اور عطارد ساتویں گھر برج عقرب میں ہیں جبکہ شمس اور مشتری آٹھویں گھر میں ہیں اور قمر اور زہرہ نویں گھر میں ہیں۔ مریخ دسویں گھر میں ہے۔
ہم آپ کو یہ بتانا اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ آپ جس بیٹے کے لئے اتنی پریشان ہیں وہ بہر حال آپ کا کبھی نہیں ہوسکے گا۔شادی بھی اُس کا علاج نہیں ہے۔جب بھی موقع ملے گا یہ آپ کو چھوڑ کر چلا جائے گا۔اُس کی شادی بھی دیر سے ہوگی اور یہ کسی ایسی عورت سے شادی کرے گا جو دولت مند ہو۔خواہ اس سے عمر میں بڑی ہو یا مطلقہ یا بیوہ ہو۔اس کی زندگی کا مقصد عیش و آرام ہے اور وہ ظاہر ہے دولت کے بغیر ممکن نہیں ہے۔بہر حال آپ کو یہ کبھی کوئی سکھ نہیں دے گا۔آپ کے لئے بہتر بات یہی ہوگی کہ اسے فی الحال اس کے حال پر چھوڑ دیں۔یہ ملک سے باہر جانے کا بہت شوقین ہے اور جب بھی موقع ملے گا باہر چلا جائے گا۔آپ اپنی زمین ٹھیکے پر دے دیں تاکہ آپ کا گزارا آرام سے ہوتا رہے۔باقی یہ کس طرح زندگی گزارے گا اسے اپنا مسئلہ نہ بنائیں اور آپ اس کی شادی کے چکر میں بھی نہ پڑیں ورنہ یہ بھی ممکن ہے کہ کسی لڑکی کی زندگی خراب کرنے کا گناہ آپ کے سر ہوجائے۔ہم یہاں اس کی اصلاح کے لئے ایک روحانی طریقہ لکھ رہے ہیں اُس پر عمل کریں اور اللہ سے ہدایت اور بہتری کی اُمید رکھیں۔
چوں کہ اس کے نام مع والدہ اعداد 1135 ہیں۔اس لئے مندرجہ ذیل آیت شریف اسی تعداد میں پڑھنا ہوگی۔نیا چاند ہونے کے بعد جو پہلا بدھ آئے اُس دن صبح فجر کی نماز کے بعد اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ سورۂ فاتحہ کی یہ آیت 1135 مرتبہ پڑھیں۔اِھْدِ ناِالصّراْط الْمُسْتَقِیمْ بِحَقِّ یا ھَا دِیُ اور آنکھیں بند کرکے بیٹے کا چہرہ تصور میں لائیں اور پیشانی پر پھونک مار دیں پھر پانی کی ایک بوتل میں پانی پر دم کریں۔یہ عمل 21 دن تک جاری رکھیں۔ اگر درمیان میں ماہانہ مجبوری کی وجہ سے وقفہ آجائے توعمل کا ناغہ کریں اور بعد میں غسل سے فارغ ہونے کے بعد دوبارہ شروع کردیں لیکن 21 دن پورے کریں۔22 ویں دن سے بوتل کا پانی صبح و شام تھوڑا سا بیٹے کو پلا دیا کریں۔یہ پانی ختم نہ ہونے دیں جب بوتل میں تھوڑا سا پانی رہ جائے تو بوتل کو دوبارہ پاک پانی سے بھر لیا کریں۔یہ پانی اُس کو طویل عرصے تک پلاتی رہیں۔اس کے علاوہ اُسے کھانے پینے کی جو چیز بھی دیں اُس پر بھی مندرجہ بالاآیت ایک بار پڑھ کے دم کردیا کریں۔
اگر بیٹے کو فیروزہ انگوٹھی میں پہنائیں تو یہ اُس کے لئے فائدے مند ثابت ہوگا۔آپ کے لئے لوح شمس فائدے مند لوح ثابت ہوگی اور آپ کا اسم اعظم یہ ہے”یَا اَللّہُ الْغَالِب۔ اسے کسی بھی نوچندی جمعرات سے 1129 مرتبہ روزانہ پڑھنا شروع کریں اور جب تک تعداد سوا لاکھ میں نہ ہوجائے، پڑھتی رہیں۔
منگنی ختم ہوگئی
B,K راجپوت،لطیف آباد: آپ کی فرمائش پر خط شائع نہیں کیا جارہا،صرف جواب دیا جارہا ہے۔
عزیزم! آپ اپنی منگنی ختم ہوجانے کی وجہ سے اس قدر پریشان ہیں کہ جیسے اس کے بعد دنیا ہی ختم ہوگئی ہے حالانکہ آپ کو یہ سوچنا چاہیے اللہ نے آپ کی غلط لوگوں سے جان چھڑا دی۔ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ لوگ اس بات پر بہت پریشان ہوتے ہیں کہ فلاں جگہ سے منگنی ختم ہوگئی، حالانکہ وہ اُن لوگوں کے بارے میں جو باتیں بتاتے ہیں اور اُن کی جو زیادتیاں اور نا مناسب حرکتوں کا ذکر کرتے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے تو یہی خیال آتا ہے کہ آخر ایسے لوگوں سے کوئی رشتہ برقرار رکھنا کہاں کی عقل مندی ہے۔آپ نے بھی اپنے منگیتر کی جو باتیں لکھیں ہیں اور منگنی کے ٹوٹنے کا جو سبب بیان کیا ہے وہ انتہائی نا معقول ہے اور اُس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لڑکا اور اُس کے گھر والے ہر گز اس قابل نہیں تھے کہ آپ ا س رشتے سے خوش ہوتیں پھر آخر اس منگنی کے ٹوٹنے پر اس قدر ماتم اور واویلا کی کیا ضرورت ہے اور یہ کیوں نہیں سوچا جارہا کہ جو کچھ ہوا آپ کے حق میں بہتر ہوا، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ لڑکے کی حرکت پر آپ کو شکایت کرنی چاہیے تھی اور آپ کو منگنی توڑنا چاہیے تھی۔
شاید رشتوں کی کمی لڑکی والوں کو اس سطح پر لے آئی ہے کہ وہ کسی نامناسب رشتے سے بھی جڑے رہنا غنیمت سمجھتے ہیں۔اپنی والدہ کو بھی سمجھائیں۔ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس حوالے سے ماؤں کا کردار بہت ہی کمزور اور بے وقوفی کی حد تک جذباتی ہے۔وہ ہر قیمت پر لڑکی کو رخصت کرنا چاہتی ہیں۔بعد میں ایسی ماؤں کو ہم نے روتے دیکھا ہے کہ اب اُن سے لڑکی کی تکلیف و پریشانی بھی نہیں دیکھی جاتی۔بہر حال آپ کی اور آپ کی بہن کی منگنی کا ختم ہونا ہمارے نزدیک تو ایک اچھی بات ہے اور آپ کو یہ سوچنا چاہیے کہ اللہ آپ کے لئے اور آپ کی بہن کے لئے اس سے بہتر انتظام کردے گا۔یہ بھی ایک افسوسناک حقیقت ہے کہ انتہائی مذہبی سوچ رکھنے والے افراد ایسی صورت حال میں اللہ کو اور اس کی رحمت کو بھول جاتے ہیں۔آپ کا شمسی برج دلو اور قمری برج اسدہے جبکہ پیدائشی برج سرطان ہے۔اس اعتبار سے آپ اپنے قمری برج سے زحل کی ساڑھ ستی کا شکار تھیں جوکہ اب ختم ہوگئی ہے۔شمسی برج سے زحل کی پوزیشن بہتر ہے۔آپ کی بہن کا شمسی برج سرطان اور قمری برج جوزا ہے۔اُن کے زائچے میں ایسی پوزیشن ہے جو شادی میں رکاوٹ ظاہر کرتی ہے،اس کا علاج ضروری ہے۔اُن کو لہسنیا جمعہ کے روز پہننا چاہیے اور جمعہ ہی کو نفلی روزہ رکھنا چاہیے اور سفید چاولوں کا صدقہ دینا چاہیے۔اوج زہرہ کے موقع پر اسم الٰہی العلی کا نقش گلے میں لاکٹ کے طور پر پہننا بہت فائدے مند ہوگا۔
آپ کی منگنی یا رشتے کی بات اس سال مئی سے اکتوبر تک ہوسکتی ہے مگر یہ کوئی یقینی ٹائم نہیں ہے البتہ 2022 اس حوالے سے یقینی سال ہوگا۔آپ کے لئے لکی اسٹون فیروزہ ہے اسے بدھ کے دن پہننا چاہیے۔ آپ بھی اپنے لئے اسم الہٰی العلی کا نقش بناسکتی ہیں۔آپ کی تیسری بہن کا شمسی برج میزان اور قمری برج سنبلہ ہے۔آپ تینوں بہنوں کے لیے ایک وظیفہ بھی ہم لکھ رہے ہیں،اسے لمبے عرصے تک پابندی سے پڑھتی رہیں اور جو دیگر بہت سارے وظائف آپ کر رہی ہیں انہیں بند کردیں۔سورۂ حدید کی ابتدائی 6 آیات روزانہ ہر نماز کے بعد 11 بار پڑھ کر دعا کیا کریں۔