Jupiter’s New Station in the Taurus

سیارہ مشتری کا برج ثور میں نیا پڑاو

مختلف بروج کے حامل افراد کے لیے مشتری کا ٹرانزٹ کیسا ہوگا؟

سیارہ مشتری کا شمار فلکیاتی سائنس کے اہم سیارگان میں ہوتا ہے۔ یہ ایک برج میں تقریباً 13 ماہ بحالت رجعت و استقامت قیام کرتا ہے۔اس سال سیارہ مشتری یکم مئی کو برج ثور میں داخل ہوچکا ہے اور آئندہ سال 14 مئی تک اسی برج میں گردش کرے گا۔
کسی ایک برج میں مشتری کا قیام حالات وواقعات میں کس قسم کی تبدیلیاں لاتا ہے اور اپنے قابض برج کے علاوہ دیگر برجوں کو کس طرح فائدہ یا نقصان پہنچاتا ہے، یہ وہ اہم سوال ہے جو ہمارا موضوع ہے لیکن اس سے پہلے بعض غلط فہمیوں کا ازالہ ضروری ہے۔
عام طور پر یہ طے کرلیا گیا ہے کہ سیارہ مشتری ایک نہایت سعد ، مبارک اور فائدہ بخش سیارہ ہے۔ یہ بات ایک حد تک درست ہے لیکن مکمل سچائی ہر گز نہیں ہے۔اس کی اولین وجہ تو یہ ہے کہ کسی بھی فرد یا ملک و قوم کے زائچے میں مشتری کی پوزیشن ہی اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ وہ اس فرد یا قوم کے لیے فائدہ بخش ہے یا نہیں ہے اور دوسری وجہ یہ ہے کہ مشتری بعض طالعات (لگن) کے لیے نحس اثرات بھی رکھتا ہے لہٰذا کلی طور پر یہ خیال کرنا کہ مشتری کی سعادت تمام برجوں کے لیے یکساں ہوگی، غلط ہے۔
سیارہ مشتری دائرئہ بروج میں برج قوس اور برج حوت کا حاکم تصور کیا جاتا ہے۔برج قوس اس کا بنیادی برج ہے جب کہ حوت ذیلی۔
بارہ برجوں میں سیارہ مشتری برج سرطان اور برج جدی کے لیے عملی طور پر نحس اثرات کا حامل سیارہ سمجھا جاتا ہے کیوں کہ زائچے کے مطابق برج سرطان والوں کے چھٹے گھر کا حاکم ہے اور برج جدی والوں کے بارھویں گھر کا حاکم ہے۔یعنی چھٹے اور بارھویں گھر پر اس کا بنیادی برج قوس قابض ہے لہٰذا سیارہ مشتری سرطان اور جدی والوں کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوتا ہے۔ حالاں کہ برج سرطان میں اسے شرف حاصل ہوتا ہے۔
سیارہ مشتری برج ثور میں داخلے کے بعد کچھ عرصہ کمزور پوزیشن میں گزارے گا کیوں کہ ایک طرف وہ ابتدائی درجات پر ہوگا اور دوسری طرف نوامسا چارٹ میں ہبوط زدہ ہوگا لہٰذا روحانی ، مذہبی ، آئینی و قانونی معاملات میں اس کی یہ پوزیشن نہایت کمزور ہوگی۔اس دوران میں جو قانون سازیاں کی جائیں گی یا روحانی و مذہبی امور پر کام کیا جائے گا وہ بعد میں اپنی اہمیت کھو دے گا۔برج ثور میں قیام کے دوران تقریباً ایک ماہ کے لیے شمس کے قریب رہے گا جس کی وجہ سے غروب ہوگا ، یہ بھی اس کی کمزور پوزیشن ہے۔
اپنے 13 ماہ کے برج ثور میں قیام کے دوران میں سیارہ مشتری 14 جولائی 2024 کے قریب کیتو سے متاثر ہوگا اور اس وقت میں طالع (لگن) سرطان ، اسد ، سنبلہ، عقرب، جدی اور حوت افراد کسی پریشانی کا شکار ہوسکتے ہیں لیکن یہ عرصہ بہت مختصر ہوگا جب کہ اس کے برعکس طالع میزان، قوس، دلو، حمل اور جوزا والوں کے لیے زیادہ عرصے کی پریشانیاں اور مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، بہتر ہوگا کہ اس دوران میں پابندی سے ہفتہ اور منگل کو صدقات زیادہ سے زیادہ دیے جائیں۔

بارہ بروج پر مشتری کے اثرات

طالع حمل، سیارہ مریخ

برج حمل والوں کے لیے سیارہ مشتری ان کے نویں گھر کا حاکم ہے، گویا ان کی قسمت کا ستارہ ہے، زائچے میں برج ثور میں اور دوسرے گھر میں اس کا تعلق اسٹیٹس سے ہے، کاروباری ترقی، خاندانی امور اور بچت کے معاملات بھی اسی گھر سے وابستہ ہیں۔مشتری کی یہاں موجودگی حمل افراد کے لیے شادی ، نیک نامی، عزت و وقار میں اضافہ اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع موجود ہوں گے، چناں چہ برج حمل والوں کے لیے مشتری کی نئی پوزیشن مبارک ثابت ہوگی اور انھیں زندگی میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔کارکردگی بہتر ہوگی، آمدن میں اضافہ ہوگا اور کرئر میں کوئی نیا مثبت موڑ سامنے آئے گا جس سے ضرور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ضروری ہے کہ پیدائشی زائچے میں مشتری کی پوزیشن مضبوط ہو، اگر ایسا نہ ہو تو مشتری کے فوائد بھرپور طریقے سے حاصل نہیں ہوسکیں گے۔ اس کے لیے ریمیڈی کرنا ضروری ہوگایعنی یلو سفائر یا لوح مشتری نورانی پاس رکھنا چاہیے۔

طالع ثور، سیارہ ثور

برج ثور سے تعلق رکھنے والے افراد کے زائچے میں سیارہ مشتری آٹھویں گھر کا حاکم ہوکر زائچے کا سب سے زیادہ عملی منحوس سیارہ بن جاتا ہے۔گزشتہ ایک سال یہ زائچے کے بارھویں گھر میں رہا ہے جس کی وجہ سے اخراجات میں زیادتی ، بیماریاں، مایوسی اور مختلف نقصانات کا سامنا رہا ہوگا، ساتھ ہی بچوں ، شریک حیات ، والدین اور انویسٹمنٹ وغیرہ کے حوالے سے بھی پریشانیاں دیکھنے کو ملی ہوں گی لیکن اس سال مخصوص اوقات کے علاوہ مشتری کی سعادت حاصل رہے گی، گزشتہ سال کی بہ نسبت یہ نیا سال بہتر ثابت ہوگا۔اگر آپ نے اپنا زائچہ کسی ماہر ایسٹرولوجر سے بنوا رکھا ہے تو دیکھیں کہ آپ کے لگن ثور کی ڈگری کیا ہے ؟مشتری جب اس ڈگری سے پانچ درجے پہلے اور پانچ درجے بعد ٹرانزٹ کرے گا تو وہ وقت محتاط رہنے کا ہوگا، اس وقت بہت سے مسائل و پریشانیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ایسے اوقات میں جمعرات کے روز پابندی سے صدقہ دیںاور ایسے لوگوں کی مدد کریں جو بچوں کو تعلیم دیتے ہوں یا اہل علم ہوں۔

طالع جوزا، سیارہ عطارد

برج جوزا کے لیے سیارہ مشتری سعد و مبارک اثر رکھنے والا سیارہ ہے لیکن آئندہ 13 ماہ تک یہ آپ کے زائچے کے بارھویں گھر میں مقیم رہے گا۔ چناں چہ ٹرانزٹ پوزیشن اچھی نہیں ہوگی۔اس عرصے میں آپ کو ناگہانی اخراجات اور نقصانات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔مزید یہ کہ غیر ممالک کے سفر اور نسبتاً لمبے عرصے کے لیے وہاں قیام کی نشان دہی بھی ہوتی ہے۔جو لوگ غیر ممالک میں شفٹ ہونے کے خواہش مند ہیں ان کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔البتہ آپ کو اپنی شریک حیات کی یا بزنس پارٹنر کی صحت کے حوالے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔بہتر ہوگا کہ اس عرصے میں کوئی نئی مالی انویسٹمنٹ کرنے سے گریز کریں۔

طالع سرطان، سیارہ قمر

برج سرطان والوں کے زائچے میں مشتری چھٹے گھر کا حاکم ہے اور فعلی منحوس سیارہ ہے۔ مشتری آپ کے زائچے کے گیارھویں گھر میں داخل ہورہا ہے جس کا تعلق گھر ، آمدنی اور دوستوں سے ہے۔مشتری کی یہاں موجودگی مالی امور میں تنازعات ، دوستوں کے ساتھ اختلافات ، سرمایہ کاری میں نقصان کی نشان دہی رکھتی ہے۔اگر مشتری آپ کے پیدائشی زائچے میں مضبوط اور نحس اثرات سے پاک ہے تو اس ٹرانزٹ کے دوران میں یہ اچھی صحت ، قانونی معاملات میں کامیابی اور مضبوط مالی پوزیشن دے گا جب کہ خراب پوزیشن ہونے کی صورت میں پیشہ ورانہ امور میں مشکلات ، دوستوں اور دیگر تعلقات میں رکاوٹیں ڈالے گا، خصوصاً ان دنوں جب زائچے کے حساس پوائنٹس سے گزرے گا یا نظر بنارہا ہوگاتو ایسی صورت میں غیر ضروری سفر اور ڈرائیونگ سے پرہیز کرنا چاہیے۔ کوئی بھی نیا کام یا سرمایہ کاری نہیں کریں۔ دوسروں سے تعلقات میں نرمی اور درگزر سے کام لیں اور جمعرات کے روز پابندی سے صدقہ دیں۔

طالع اسد، سیارہ شمس

برج اسد والوں کے زائچے میں سیارہ مشتری خوش قسمتی کے نویں گھر سے نکل کر کرئر کے دسویں گھر میں داخل ہوا ہے۔یہاں موجودگی کے دوران میں کرئر میں ترقی اور عزت وقار میں اضافہ لائے گا۔ایسے اسدی افراد جو کسی تخلیقی ، تعلیمی یا تحقیقی کام میں مصروف ہیں ان کی نیک نامی اور شہرت میں اضافہ ہوگا۔اسد طالب علم کسی مقابلے کے امتحان میں حصہ لیں گے ، یقینا کامیاب و کامران رہیں گے۔اس گھر میں رہتے ہوئے مشتری زائچے کے چوتھے گھر پربھی نظر رکھے گا جس کی وجہ سے پراپرٹی اور رہائش سے متعلق امور بہتر ہوں گے ۔نئی سواری کا حصول ممکن ہوگا۔سیارہ مشتری آپ کے زائچے کے پانچویں گھر کا حاکم ہے لہٰذا آپ کے لیے سعد و مبارک سیارہ ہے۔اس کا تعلق زندگی میں خوشیوں سے ہے۔بعض اسد افراد بچوں کی شادیوں کے فرائض سے خوشی حاصل کریں گے یا پوتا، پوتی، نواسا ، نواسی کی خوشیاں انھیں ملیں گی۔

طالع سنبلہ، سیارہ عطارد

سنبلہ افراد گزشتہ ایک سال سے جن مسائل کا شکار رہے ہیں ، ان کے خاتمے کا وقت شروع ہورہا ہے کیوں کہ مشتری کا نیا پڑاو ان کے زائچے میں نویں گھر میں ہوگا جو قسمت کا گھر ہے، سیارہ مشتری آپ کے زائچے میں سعد اثرات کا حامل ہے جو آپ کی شخصیت ، جدوجہد اور ذہانت پر اثر انداز ہوتا ہے۔مشتری کے مثبت اثرات کے تحت آپ ذاتی طور پر مزید ترقی کریں گے اور ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ زمین و جائیداد کے معاملات اور والدین سے سپورٹ بھی آپ کے حصے میں آئے گی۔ خصوصی طور پر جو لوگ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہیں وہ زیادہ فوائد حاصل کریں گے، ان کے اثاثوں میں اضافہ ممکن ہوگا۔ ایسے افراد جو شادی کے لیے کوشش کر رہے ہیں ان کی کوششیں بھی رنگ لائیں گی۔انھیں مرضی کے مطابق شریک حیات مل سکے گی۔ اگر آپ کے زائچے میں سیارہ مشتری کمزور ہے تو آپ کو یلو سفائر یا لوح مشتری نورانی سے استفادہ کرنا چاہیے۔

طالع میزان، سیارہ زہرہ

سیارہ مشتری آپ کے زائچے کا نہایت اہم سیارہ ہے جو بہت سے معاملات پر اپنا اثر ڈالتا ہے لیکن مشتری کا موجودہ ٹرانزٹ آپ کے لیے نہایت منفی اثرات مرتب کرے گا کیوں کہ یہ زائچے کے آٹھویں گھر میں ہوگا جو مشکلات اور رکاوٹوں کا گھر ہے ، چناں چہ آپ کو چاہیے کہ ایک سال کے لیے اپنی اہم سرگرمیوں میں محتاط ہوجائیں، خصوصاً کوئی نیا کام یا کاروبار شروع کرنے میں محتاط رہیں۔آپ کو اپنے بعض اہم منصوبوں کو فی الحال ملتوی کردینا چاہیے اور سیارہ مشتری کے برج ثور سے نکل کر برج جوزا میں داخلے تک انتظار کرنا چاہیے۔برج ثور میں موجودگی کے دوران آپ کو مالی معاملات میں اور اپنے فیصلوں میں خصوصی طور پر احتیاط کی ضرورت ہوگی۔اس عرصے میں پراپرٹی سے متعلق معاملات میں بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیںاور والدین کی جانب سے بھی تشویش رہے گی۔غیر متوقع طور پر بعض مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، خصوصاً جب کیتو کی مشتری پر نظر ہوگی۔یلو سفائر کا نگینہ یا لوح مشتری نورانی آپ کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوگی۔

طالع عقرب، سیارہ مریخ

عقرب افراد نے گزشتہ ایک سال مشتری کے ناموافق ٹرانزٹ میں گزارا ہے کیوں کہ زائچے کے چھٹے گھر میں مقیم رہا ہے لہٰذا لڑائی جھگڑے ، اختلافات ، مالی مشکلات اور خراب صحت کے معاملات کا سامنا رہا ہوگا۔برج ثور میں مشتری کی آمد آپ کے لیے بہت مبارک رہے گی۔ساتویں گھر میں مشتری نئے تعلقات ، لوگوں کا تعاون ، مختلف کاموں اور کاروبار میں مالی فوائد لے کر آئے گا۔چناں چہ اس سال آپ یقینا سکھ ، خوشی اور اطمینان کا سانس لیں گے۔ وہ عقربی افراد جو شادی میں رکاوٹ کا سامنا کر رہے تھے اس سال ان کا یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔جو لوگ بیرون ملک جانے کے لیے کوشش کر رہے تھے انھیں بھی کامیابی مل سکتی ہے۔دوسروں کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے کا موقع ملے گا اور نئے مواقع سامنے آئیں گے۔بہتر ہوگا کہ عقرب افراد کو اپنے پیدائشی زائچے میں موجود سیارہ مشتری کی قوت میں اضافے کے لیے یلو سفائر یا لوح مشتری نورانی سے مدد لینا چاہیے۔

طالع قوس، سیارہ مشتری

مشتری طالع قوس کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل سیارہ ہے۔ اب یہ تقریباً ایک سال کے لیے برج ثور میں جو آپ کے زائچے کا چھٹا گھر ہے، قیام کرے گا۔زائچے کا چھٹا گھر آپ کی صحت ، مزاج ، بیماری ، اختلافات ، قانونی اور مالی مسائل سے متعلق ہے ۔ چناں چہ آپ کے لیے نت نئے مسائل کا دروازہ کھل گیا ہے۔ آپ کو اب بہت محتاط انداز میں مندرجہ بالا تمام امور کو دیکھنا ہوگا۔صحت پر توجہ دیں۔ کسی بھی اختلافی اور فسادی معاملے سے دور رہیں۔خود کو کسی مقدمے بازی میں نہ الجھائیں، مالی امور میں بھی احتیاط سے کام لیں ورنہ آپ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا اور ایک بار جن معاملات میں الجھ جائیں گے، وہ طویل ہوتے جائےں گے۔مشتری کی موجودہ پوزیشن زیادہ محنت اور سخت ماحول لائے گی جس کی وجہ سے آمدن کے نتائج بھی محدود ہوں گے۔اس عرصے میں آپ کو لازمی یلو سفائر کا نگینہ یا لوح مشتری نورانی پاس رکھنا چاہیے اور خصوصاً پیر کے روز اپنا صدقہ دینا چاہیے۔

طالع جدی، سیارہ زحل

برج جدی کے حامل افراد کے زائچے میں سیارہ مشتری بارھویں گھر کا حاکم ہوکر فعلی منحوس سیارہ بن جاتا ہے اور خصوصاً اس وقت زیادہ پریشان کن یا نقصان دہ ثابت ہوتا ہے جب طالع کے درجات کے قریب آتا ہے۔آپ کے زائچے میں مشتری پانچویں گھر میںقیام کرے گا جس کا تعلق آپ کے ہوش و حواس ، زائد آمدن، اولاد اور دیگر خوشیاں لانے والے معاملات سے ہے۔چناں چہ اس سال آپ کو کسی ایڈونچر سے دور رہنے کی ضرورت ہوگی۔خصوصاً ان دنوں جب سیارہ مشتری آپ کے زائچے میں طالع کے درجات کے قریب آرہا ہو۔ یہ بہت ہی محتاط رہنے کا وقت ہوگا۔اس وقت حادثات سے بچنے کی بھی ضرورت ہوگی اور دیگر نقصانات کا بھی اندیشہ ہوگا۔اولاد کے معاملات پر بھی خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ وہ وقت بھی مسائل و مشکلات لاسکتا ہے جب مشتری کیتو کی نظر میں ہوگا۔ بہتر ہوگا کہ آپ اس سال جمعرات کے روز پابندی سے اپنا صدقہ دیں ۔ایسے غریب افراد کی مدد کریں جو بچوں کو تعلیم دیتے ہوں یا اہل علم ہوں۔

طالع دلو، سیارہ زحل

دلو افراد کے لیے سیارہ مشتری سعد اور بار آور سیارہ ہے۔اس کا تعلق زائچے کے گیارھویں گھر سے ہے جو مالی معاملات ، منافع، دوست احباب اور بڑے بہن بھائیوں سے متعلق ہے۔مشتری برج ثور میں آپ کے زائچے کے چوتھے گھر میں حرکت کرے گا۔اگر زائچے میں طاقت ور ہے تو آپ کے اثاثہ جات ، خاندان، زمین ، جائیداد اور خوشیوں میں اضافہ متوقع ہوگا۔یہ آپ کے لیے کاروبار کے نئے مواقع لے کر آئے گا، ساتھ ہی ساتھ جائیداد سے کرائے کی وصولی کی شکل میں بھی اضافی آمدن کی نوید ہے۔آپ جو بھی کاروبار کر رہے ہیں ، وہ منافع بخش ثابت ہوگا۔اگر کسی وجہ سے بے خوابی کا یا بے آرامی کا شکار ہیں تو یہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔گویا ایک خوش قسمت سال آپ کا منتظرہے۔ پیدائشی طور پر اگر کمزور ہے تو اس کے لیے ضروری ریمیڈی کرنا چاہیے۔

طالع حوت، سیارہ مشتری

مشتری آپ کا ذاتی سیارہ ہے، دسویں کرئر کے گھر کا حاکم ہے اور برج ثور میں آپ کے زائچے کے تیسرے گھر میں قیام کرے گا۔تیسر ے گھر کا تعلق پہل کاری ، روابط اور رجحانات سے ہے۔گویا اس سال اکثر معاملات میں آپ پہل کاری کرتے ہوئے آگے قدم بڑھائیں گے۔آپ کے تعلقات میں اضافہ ہوگا اور نئے رجحانات پر توجہ رہے گی۔چھوٹے بہن بھائیوں کی طرف سے مدد یا ساتھیوں کی طرف سے تعاون کا امکان بھی موجود ہے۔اس تعاون کے ہمراہ آپ کی ذاتی کوششیں بھی نمایاں رہیں گی۔گویا اب تک اگر کسی سستی و کاہلی کا شکار رہے ہیں تو اب زیادہ تیزی اور پھرتی کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور نئے رجحانات کے ساتھ کامیابی کے راستے پر قدم بڑھائیں گے لیکن خیال رہے کہ جب کیتو مشتری پر خراب اثر ڈالے گا، اس وقت کاروباری یا لائف پارٹنر کے مشوروں پر توجہ نہ دیں۔یلو سفائر اور لوح مشتری نورانی آپ کے لیے موافق و مددگار ہیں۔اگر پیدائش کے زائچے میں مشتری کمزور ہے تو ان کی ضرورت لازمی ہے۔