پل پل رنگ بدلتا چاند اور ہمارے جذبات و احساسات(5)

انسان کی فطری خوبیوں، خامیوں اور جذباتی ،احساساتی زندگی پر قمری اثرات

مقابلہ شمس و قمر
Moon opposition sun

بہترین حالت میں یہ نظر خارجی واقفیت اور کسی بھی مسئلے کے دونوں رخ دیکھنے کی صلاحیت دیتی ہے، پختہ لوگوں میں یہ دوسروں اور انسانیت کو خود پر فوقیت دینے کا رجحان لاتی ہے تاہم عام طور پر ہوتا اس سے مختلف ہے، ایسا شخص بیرونی دنیا کے مقابلے میں مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے زندگی گزاردیتا ہے، یہ ایک ایسی جنگ ہوتی ہے جس میں انا کومرکزی حیثیت حاصل ہو، اس جدوجہد کے مراکز عام طور سے انا کے پیدا کردہ مسائل ہوتے ہیں، کبھی کبھی اس کی وجہ غیر مفاہمانہ رویہ بھی ہوتا ہے، کبھی صرف اپنی تشفی کے لیے زندگی گزارنے کا رجحان ہوتا ہے، بہر صورت یہ علیحدگی کی نظر ہے،اس لیے نتیجہ لوگوں کے سابقہ تعلقات کے مسائل کی صورت میں نکلتا ہے اور بہ ظاہر ان مسائل کے اسباب بیرونی ہوتے ہیں۔
اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر ہے تو شاید آپ اپنی رومانی زندگی میں بڑے اتار چڑھاو دیکھ چکے ہیں، اس سلسلے میں آپ شدید ترین ناکامیوں سے بھی دوچار ہوئے ہیں، جان لیجئے ان ناکامیوں اور مایوسیوں کا سبب صرف آپ کی خود غرض خواہشات ہوں گی، اس سے پہلے کہ آپ خود کو مظلوم محسوس کرکے علیحدگی اختیار کریں، مسئلے کے دوسرے رخ پر بھی نظر ڈال لیجئے،فرض کرلیجئے کہ آپ دوسرا شخص ہیں، اب صورت حال کا جائزہ لیجیے۔
یہ نظر جسم کے اندر شدید جسمانی تناو لاسکتی ہے جس کا نتیجہ اعصابی کمزوری، تشویش اور توانائی کے زیاں کی صورت میں نکل سکتا ہے، جذباتی تناو آپ کے لیے جسمانی بیماری بھی لاسکتا ہے، اس لیے آپ کے لیے جسمانی ورزش کرنا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
بنیادی طور پر آپ ایسے موقع پر ست ہیں جو اپنے گرد و پیش کی ہر چیز کو ، ہر شخص کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ وہ مثبت اہلیت ہے جس کا استعمال بھی مثبت ہونا چاہیے، تاہم جب اس کا استعمال صرف اپنی اغراض کے سلسلے میں کیا جائے گا تو اس کا نتیجہ بھی بھگتنا ہوگا، آپ کو لینے اور دینے میں متوازن ہونا چاہیے ورنہ یہ عدم توازن آپ کی شہرت کو خراب کرسکتا ہے، مادی فوائد بھی آپ بغیر توازن کے مستقبل طور پر حاصل نہیں کرسکتے۔

قران قمر و عطارد
Moon Conjuct Mercury

امکان ہے کہ آپ ذہنی طور پر تیز ،حوصلہ مند اور ہر فن مولا ہیں، یہ نظر مصنفین اور خبریں پڑھنے والوں کے لیے بہت اچھی ہے جو اظہار پسند بھی کرتے ہیں اور ان میں یہ صلاحیت بھی ہوتی ہے،ا گر عطارد رجعت میں نہ ہو یا یہ قران آپ کے زائچے کے بارھویں یا آٹھویںگھر میں نہ ہو تو آپ کے پاس الفاظ کی کمی نہیں ہوسکتی اور آپ شدید کھنچاو کی صورت حال میںبھی حاضر جوابی کا مظاہرہ کرکے ہنسا سکتے ہیں، آپ بہت ذہین اور پرکشش شخصیت کے مالک ہیں اور بہت مقبول بھی ہیں۔
اگر قران آبی برج میں ہے تو آپ ذہنی سے زیادہ جذباتی ہیں، اگر آبی برج میںہے تو آپ اپنے جذبات کو منطقی طور پر پرکھتے ہیں اور ذہنی طور پر ان کا تجزیہ کرتے ہیں، اگر آتشی برج میں ہے تو آپ ذہنی طور پر بہت تیز ہیں لیکن زبانی اور عملی ہر اعتبار سے جلد باز ہیں، اگر یہ قران خاکی برج میں ہے تو آپ احتیاط پسند ہیں اور بے سوچے سمجھے کسی بھی چیز میں شامل نہیں ہوتے، بہر صورت یہ قران مادّی کامیابی اور ماہرانہ کاروباری معاہدوں کے لیے بہت اچھا ہے۔
اسکول کے دنوں میں آپ بہت جلدی سیکھنے والے رہے ہوں گے اور بے شمار حقائق کو لمحوں میں یکجا کرکے سمجھ لیتے ہوں گے، ساری زندگی آپ نے اپنی اس صلاحیت پر انحصار کیا ہوگا، کبھی کبھی آپ ان لوگوں سے اکتا جاتے ہوں گے جو آپ جتنے تیز نہیں، یہ نظر سیاست دانوں کے لیے بھی بہت اچھی ہے جو اپنی زبان اور الفاظ سے کسی بھی صورت حال پر قابو پاسکتے ہیں اور لوگوں کو اپنا ہم نوا بناسکتے ہیں۔

تثلیث و تسدیس قمر و عطارد
Moon Trine or SXT Mercury

یہ نظر اکثر اوقات بہت کامیاب مصنفین، ایڈیٹرز، مقررین اور ٹیلی ویژن کے مذاکراہ پر وگراموں کے میزبانوں کے زائچے میں ملتی ہے، اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر ہے تو آپ زبانی طور پر رواں، ذہنی طور پر تیز اور ذہین ہیں، آپ کو پڑھنا، لکھنا اور باتیں کرنا بہت پسند ہے، آپ ایسے لوگوں کے ہجوم میں رہنا پسند کرتے ہیں جو تحریک دینے والے ہوں، خواہ دلچسپ نہ ہوں۔
آپ میں اوسط سے بالاتر کاروباری شعور ہوگا اور وقت کا وجدانی احساس بھی، آپ ایسے موقع پر ست ہیں جو ہر صورت حال سے فائدہ اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہے، آپ کی ذہانت اور لوگوں کے اندر جھانکنے کی اہلیت آپ کو ایک سمجھ دار اور ہمدرد آدمی کی حیثیت سے متعارف کراتی ہے لیکن آپ جذبات و احساسات کو اپنے ذہن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیتے، کبھی کبھی لوگ آپ کو سرد مہر گردانتے ہیں، آپ حقائق کو بہت اچھی طرح جانچتے ہیں اور زندگی کا ہر پہلو سے جائزہ لیتے ہیں، تب کوئی قدم اٹھاتے ہیں، آپ کی قوت فیصلہ اور وجدان آپ کو عام طور پر بھٹکنے نہیں دیتے، معلمی سے لے کر ابلاغ تک آپ بہت کامیاب رہتے ہیں۔

تربیع قمر و عطارد
Moon Square Mercury

آپ کا ذہن تبدیلی پذیر، بے آرام، ڈانوا ڈول اور نروس ہے، امکان یہ ہے کہ آپ بہت باتونی ہیں، ذاتی منصوبوں کو مکمل کرنا آپ کے لیے دشوار ہوتا ہے، کسی ایک خیال یا موضوع پر طویل عرصے تک مرتکز رہنے میں آپ کو بے حد دشواری ہوتی ہے، کبھی کبھی آپ کے جذبات اتنی مختلف سمتوں میں منتشر ہوتے ہیں کہ آپ کے ذہن کو انھیں سمجھنا دشوار ہوتا ہے، آپ زبانی طور پر بہت تیز ہیں اور اکثر لوگوں کے جملے ان سے پہلے مکمل کردیتے ہوں گے ، لفظوں کی آپ کو کمی نہیں اور آپ گھنٹوں باتیں کرسکتے ہیں۔
گفتگو آپ کی کمزوری ہے، آپ کسی اجنبی کے سامنے اپنی پوری زندگی کھول کر رکھ سکتے ہیں، جب آپ بولتے ہیں تو سننے والے کو بھی بولنے کا موقع نہیں دیتے، اندر آپ کے خیالات اور احساسات عام طور پر متصادم رہتے ہیں، یہ چیز کبھی آپ کے رومانی تعلقات میں اظہار کا مسئلہ پیدا کرسکتی ہے، کبھی آپ اپنے جذبات میں اس طرح ڈوب جاتے ہیں کہ دوسروں کا کہا ہوا آپ تک نہیں پہنچتا، یہ بھی آپ کے رومانی تعلقات میں مایوسی کا سبب ہوسکتا ہے کیوں کہ آپ خود کو کسی فرد سے وابستہ کرنے کے بجائے اس شخص کا آپ کے ذہن میں جو تصور ہوتا ہے اس سے وابستہ کرلیتے ہیں، کبھی کبھی آپ مکروہ جذبات انگیزی کا شکار ہوجاتے ہیں جس کا حقائق سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا، آپ کو پتا بھی نہیں چلتا کہ غیر حقیقت پسندانہ رویے اور سوچنے میں جلد بازی کے ذریعے آپ کتنے مسائل کھڑے کرلیتے ہیں، اپنے ذہن کی رفتار کم کرنے کی کوشش کیجئے اور اپنے ارد گرد حقیقتیں تلاش کیجیے، کم بولیے اور زیادہ سنیے، آپ نہ صرف زیادہ عقل مند بلکہ زیادہ خوش بھی رہیں گے۔

مقابلہ قمر و عطارد
Moon opposition mercury

آپ ایسے باتونی شخص ہیں جسے یہ معلوم نہیں کہ کب خاموش رہا جائے اور کب بولا جائے، آپ کا ذہن نروس، مسلسل مصروف کار اور بے چین ہے، آپ توجہ کے معاملے میں کمزور ہیں، آپ کو اکثر لوگوں سے رابطے کے مسائل کا سامنا رہتا ہے، آپ آدھی بات سنتے ہیں کہ آپ کا ذہن کسی اور چکر میں لگ جاتا ہے لہٰذا آپ سننے میں غلطیاں کرتے ہیں اور نتیجتاً سمجھنے میںبھی۔
آپ کی سوچ غیر حقیقت پسندانہ ہے، آپ کے لوگوں سے جھگڑے ہوتے ہیں اور آپ ان میں اپنی غلطی نہیں دیکھ پاتے، آپ اپنا دفاع کرنے میں اپنا تیز ذہن استعمال کرتے ہیں، آپ ہر چیز کو اپنی ذات کے حوالے سے سمجھتے ہیں، اکثر آپ لوگوں کو جملے پورے نہیں کرنے د یتے کہ اس پر تبصرہ کردیتے ہیں جو موضوع گفتگو سے قطعاًغیر متعلق بھی ہوسکتا ہے۔
ایک اور مسئلہ بے پروائی ہے جو عدم توجہ کا نتیجہ ہے، حالاں کہ ممکنہ طور پر آپ بے انتہا ذہن ہیں لیکن آپ کو اپنے ذہن اور جذبات کی تربیت کرنی چاہیے ورنہ آپ کا دماغ ہمیشہ آپ کے خلاف کام کرے گا،اگر آپ کی زندگی میں تعلقات کے مسائل ہیں تو بہتر ہے کہ کسی ماہر نفسیات سے گروپ تھراپی کرائیے،اس تجربے کی مدد سے شاید آپ اپنے رویے کو خود دیکھ سکیں، اگر آپ کھلے ذہن کے مالک ہیں، اگر آپ پہلے ہی یہ طے کرچکے ہیں کہ د وسرے لوگ ظالم ہیں اور آپ مظلوم تو یہ سب بھی بے کار ہے۔

قران قمر و زہرہ
Moon Conjuct Venus

اگر دیگر سیارگان کے نحس نظرات نہیں ہیں تو آپ آرٹسٹک ہیں یا پیسے کے معاملے میں خوش نصیب ہیں یا دونوں خوبیاں آپ میں موجود ہیں، آپ مسرتوں سے محبت کرنے والے ہیں، خوب صورتی کو ہر مشکل میں سراہتے ہیں،ا ٓپ جذبات انگیز طبیعت کے مالک ہیں، اچھا کھانا، اچھا ماحول اور دلکش موسیقی آپ کو بہت پسند ہے، اگر چہ کبھی کبھی آپ بے حد فضول خرچ ہوجاتے ہیں لیکن عام طور پر آپ دولت کا بہت احترام کرتے ہیں،آپ کی پرکشش شخصیت آپ کو ایک بہترین میزبان ثابت کرتی ہے اور آپ کی حساسیت اور خوش اطواری آپ کو ایک ایسی شخصیت کے طور پر متعارف کراتی ہے جس کی موجودگی ہمیشہ سراہی جاتی ہے۔
بنیادی طور پر زندگی کی چاہت اورآپ کا رویہ رومان ہوتا ہے اور آپ اس رومانویت کو اپنے ارد گرد ہر طرف پھیلادیتے ہیں، جب آپ اپنی ہوائی نفسانی کو محبت میں شامل کرتے ہیں تو آپ ایک ایسی قوت بن جاتے ہیں جس کے خلاف مزاحمت بھی ناممکن ہوتی ہے اور جو ناقابل فراموش بھی ہوتی ہے۔

تثلیث و تسدیس قمر و زہرہ
Moon Trine or SXT Venus

اگر آپ کے قمر اور زہرہ زیادہ متاثر ہ نہیں ہیں تو امکان یہ ہے کہ آپ کی رومانوی زندگی بہت خوش قسمت ثابت ہوگی،آپ گرم جوش، پرکشش، محبت کرنے والے اور بے حد مقبول شخصیت ہیں،ا گر آپ مرد ہیں تو امکان ہے کہ آپ کسی بے حد پر کشش خاتون سے شادی کریں گے اور آپ کے لیے جسمانی کشش کی بہت اہمیت ہوگی، اگر آپ عورت ہیں تو آپ کی شخصیت بے حد پرکشش ہے جس کی بدولت آپ کو کم از کم بے حد کامیاب رومانی زندگی میسر آئے گی، یہ نظر پبلک سے متعلق ہمیشہ کامیابی لاتی ہے۔
یہ بھی امکان ہے کہ آپ تخلیقی جوہر سے مالا مال ہوں گے، اس کا مظاہرہ آپ اپنے کام میں کرتے ہیں یا اپنی زندگی میں، اس کا انحصار آپ ہی پر ہے اور اس کا دارومدار نظم و ضبط پر ہے۔

تربیع قمر و زہرہ
Moon Square Venus

اگر چہ ظاہری سطح پر آپ کی شخصیت پراعتماد ہے لیکن اندر سے آپ شرمیلے اور خوف زدہ ہیں، شاید آپ کی ماں کو جسمانی محبت کا اظہار ناپسند ہوگا اسی لیے آپ نے بچپن ہی میں محبت کے جسمانی اظہار کے معاملے میں محتاط رہنا سیکھ لیا ہوگا، بلوغت کی زندگی میں آپ رد کیے جانے سے ڈرتے ہوں گے اور آپ کو ناکامی سے خوف آتا ہوگا، اسی خوف کی وجہ سے آپ کا طرز عمل مدافعانہ ہوگا، جس کا آپ کو شاید ہی اندازہ ہو، اسی کے جواب میں لوگ آپ کی شخصیت کے نازک حصے سے متعلق الجھن محسوس کرتے ہوں گے، آپ ان کی اس ہچکچاہٹ کو ( جس کے ذمہ دار آپ خود ہیں) رد کیے جانے کا انداز سمجھ کر اور دفاعی انداز اختیار کرلیتے ہوں گے، اس مسئلے کے پیچھے دراصل آپ کے اپنے محسوسات ہیں جنہیں خود پرستانہ بھی کہا جاسکتا ہے، آپ کو اپنے محسوسات سے کسی حد تک لاتعلق ہوجانا چاہیے اور دوسروں کے احساسات کو اہمیت دینا چاہیے۔
مرد ہوں یا عورت، آپ میں غلط شخص سے، غلط وقت پر غلط اسباب کی بنا پر وابستہ ہوجانے کا رجحان ہوسکتا ہے، وہ سبب دولت بھی ہوسکتا ہے،سوشل مرتبہ بھی اور سطحی حسن بھی، نتیجہ بہر حال بہت مایوس کن ہوگا، اگر آپ عورت ہیں تو آپ پچھلی محبت سے شدید وابستگی رکھ سکتی ہیں اور محبوب کے ذریعے فوائد حاصل کرنے کی بچگانہ خواہش بھی رکھ سکتی ہیں لہٰذا یہ بات آپ کے لیے زیادہ قابل غور ہوگی کہ آپ کیا حاصل کرسکتی ہیں،ا ٓپ یہ نہیں سوچیں گی کہ کیا دیا جاسکتا ہے، اس نظر کے تحت مرد، خواتین کی محبت میں عجیب طرز عمل اختیار کرتے ہیں اور اکثر غلط گفتگو یا حرکت کر بیٹھتے ہیں، اکثر وہ خواتین کی ضروریات، توقعات اور احساسات سے لاتعلقی برتتے ہیں، مرد ہو یا عورت ایک کامل ساتھی کو پانے کی جدوجہد کرتے ہیںلیکن اس سلسلے میں ان کا معیار مافوق الفطرت ہوتا ہے۔
یہ نظر غیر معمولی خود پرستی، فضول خرچی اور جہاں جذباتی اور مادی ترجیحات کا معاملہ ہو تو عقلمندی میں کمی لاتی ہے، اگر آپ کو جذباتی کامیابی درکار ہے تو لینے سے زیادہ دینے پر زور دیجیے۔

مقابلہ قمر و زہرہ
Moon Opposition venus

جذباتی طور پر آپ خود سے مصروف پیکار ہیں اور میدان جنگ آپ کی رومانوی زندگی ہے،ممکن ہے کہ اب تک آپ نے محبت کے معاملات میں بدقسمتی دیکھی ہو لیکن اپنی خواہشات کا جائزہ لیجیے، شاید آپ کی شخصیت کے دو حصے ہیں ایک قربت سے ڈرتا ہے، دوسرا قربت کا خواہاں ہے، ایک جذباتی وابستگی چاہتا ہے اور دوسرا آزادی، مشکل یہ ہے کہ آپ اسی شخص میں کشش محسوس کرتے ہیں جس کے جذباتی مسائل آپ جیسے ہوں،ا س کے نتیجے میں مسائل پیدا ہوتے ہیں، آپ کو لگتا ہے کہ آپ دوسروں کا ہدف نہیں لیکن درحقیقت آپ خود غلط انتخاب کے ذریعے اپنے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں، پہلے تو یہ سمجھ لیں کہ آپ دوسروں کا ہدف نہیں، پھر اپنی جذباتی منزل کا احتیاط سے یقین کیجیے، یہ جدائی لانے والی نظر ہے لہٰذا ناکام تعلقات اس کا ثمرہ ہیں، اگر آپ حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کریں اور اپنے باطن کی گہرائیوں سے، اس میں چھپی خواہشات سے واقف ہوجائیں تو آپ ناکام اور مایوس کن تعلقات سے بچ سکتے ہیں۔
یہ نظر خود پرستی بھی لاتی ہے جس کا نتیجہ حد سے بڑھی ہوئی حساسیت اور خود ترسی کی شکل میں نکلتا ہے، اگرچہ آپ کے لیے تسلیم کرنا مشکل ہے لیکن آپ خود اپنے بدترین دشمن ہیں،آپ بے غرض محبت دیں گے تو جواب میں آپ کو سچی محبت ضرور ملے گی، جذباتی فراریت بہر حال دکھ کے سوا کچھ نہ دے گی۔

قران قمر و مریخ
Moon Conjuct Mars

آپ جلد باز،بے صبرے،جارح اور کسی حد تک جھگڑالو ہیں،آپ کو ہر وقت خود پر قابو رکھنے کی ضرورت ہے، آپ سوچنے سے پہلے عمل کرنے کا رجحان رکھتے ہیں، غصے پر قابو پانے میں آپ کو دشواری ہوتے ہیں اور آپ بے حد غیر متحمل ہیں، آپ مادی زندگی میں کتنے ہی کامیاب ہوں لوگ آپ کو دشوار شخص سمجھتے ہیں، مرضی کے خلاف کوئی بات آپ کو شدید برہمی میں مبتلا کردیتی ہے، آپ مرد ہوں یا عورت آپ کا اکھڑ پن اور بے حسی خواتین کے ساتھ آپ کے اچھے تعلقات نہیں ہونے دیتی، یہ نظر بہر حال کھلاڑیوں اور ایتھلیٹ کے لیے اچھی ہے کیوں کہ ان کی تو انائیوںکو اخراج کی ایک صورت مل جاتی ہے، ورنہ یہ منشیات، تشدد اور تخریب کا ایسا رجحان لاتی ہے جس کے بعد لوگوں سے صلح کرنا بھی ممکن نہیں رہتا۔

تثلیث و تسدیس قمر و مریخ
Moon SXT,Trine Mars

آپ پر عزم، ورزشی، شہ زور اور حاکمانہ مزاج رکھنے والے ہیں، آپ کی جذباتی توانائی مادی دنیا میں آپ کو بے حد کامرانی دے سکتی ہے، آپ میں یہ اہلیت ہے کہ جس کام کو آپ کا جی چاہے اس میں اپنی توانائی کو پوری طرح استعمال کرسکیں، آپ شدت پسند اور کسی حد تک غیر متحمل ہیں، ہر کام اپنی پسند کے مطابق کرنے کے عادی ہیں، آپ تیز سوچنے اور تیز باتیں کرنے والے ہیں، ہر چیز جلدی سیکھ لیتے ہیں، ایسے لوگوں سے آپ اکتا سکتے ہیں جو آپ کے مقابلے میں سست ہوں، ایسی صورت حال میں جب سب بزدلی کے ساتھ پسپائی اختیار کر رہے ہوں، آپ میں حوصلہ ہے کہ اپنی بات کہہ سکیں، کبھی کبھی آپ اپنے خیال سے بھی زیادہ تند ہوجاتے ہیں اور امن پسند لوگوں کو آزار پہنچا سکتے ہیں۔
آپ غصہ ور بھی ہیں،آپ کو جلد اور خوف زدہ کرنے والے وقفوں میں غصہ آتا ہے، اگر آپ کا قمر آبی برج میں نہ ہو تو آپ کینہ پروری نہیں کرتے، آپ بہت بے چین اور متحرک ہیں، اگر مزید متاثرہ نہ ہو تو آپ میں خود پر قابو پانے کی صلاحیت بھی ہے لہٰذا کوئی سنگین مسئلہ پیدا نہیں ہوگا، آپ ایسے پرجوش شخص ہیں جسے ہیجان انگیزی سے عشق ہے، آپ کو سست اور خاموش لمحوں سے نفرت ہے، آپ مستقل مصروفیت چاہتے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ آپ کے پاس وقت کم ہے اور کام بہت زیادہ۔

تربیع قمر و مریخ
Moon Square Mars

آپ غصہ ور ،جلد باز اور جھگڑالو ہیں، امکان ہے کہ بچپن میں آپ اپنی ماں سے لڑتے رہے ہیں اور بالغ کی حیثیت سے وہی جنگ اپنی بیوی یا شوہر کے ساتھ کریں گے، لوگوں کے ساتھ آپ کا رویہ اکڑ پن اور بے حسی پر مبنی ہے، آپ کے لیے تعلقات میں ناکامی اور طلاق کے خطرناک حد تک امکانات ہیں کیوں کہ جذباتی اعتبار سے آپ داخلی انسان ہیں لہٰذا تعلقات کی ناکامی میں آپ اپنی غلطی نہیں محسوس کرتے، مریخ کی پوزیشن جتنی مضبوط ہوگی اور اس کے نظرات جتنے شدید ہوں گے اتنی ہی ان مسائل میں شدت ہوگی۔
مرد کے زائچے میں یہ خواتین سے ناکام تعلقات ظاہر کرتا ہے، باوجود انھیں چیلنج سمجھنے کے، ایسا مرد اکثر جارح اور مضبوط خواتین کو پسند کرتا ہے، شدید جنسی خواہشات کا اس پر گہرا غلبہ ہوتا ہے جن کا اظہار وہ صرف اپنی تشفی کے لیے کرتا ہے،جنس اس کے خیال میں ایک مشینی عمل ہے لہٰذا کبھی کبھی اس کا جنسی اظہار طمانیت اور گرم جوشی سے یکسر خالی ہوتا ہے، بنیادی طور پر وہ عورت کو ناقابل اعتبار سمجھتا ہے، عورت کو جنسی طور پر استعمال کرنا اس کے لیے خوش گوار عمل ہوتا ہے جب اس نظر پر دوسرے سیاروں کے شدید نظرات ہوں تو یہ جنسی اور ذہنی ایذارسانی کا رجحان لاتا ہے۔
عورتوں میں یہ حاکمیت اور جذباتی ہسٹیریا لاتا ہے، ایسی عورت اپنی توانائیاں اپنی نسوانیت سے جنگ کرنے میں ضائع کرتی ہے، وہ کچھ بننا چاہتی ہے جو وہ نہیں ہےں، مرد ہو یا عورت دونوں بے سوچے سمجھے بولتے ہیں اور اپنے الفاظ پر بعد میں انہیں افسوس بھی ہوتا ہے، مثبت انداز میں یہ ایسی جارحیت لاتا ہے جو بلندی تک لے جاسکتی ہے، بہر حال کامیابی کے بعد ان کا اپنی کھال میں رہنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
آپ اسی نظر کے زیر اثر ہیں تو آپ بے چین، توانا اور مستقبل کے بارے میں متجسس ہیں، توجہ کی کمی آپ کو حال کی خوشبو سے لطف اندوز نہیں ہونے دیتی، آپ کھیل میں شامل ہوکر اپنی فالتو توانائی کو مثبت طور پر کام میں لاسکتے ہیں، یاد رکھیے کہ لوگوں سے آپ کو وہی کچھ ملے گا جو انہیں آپ دے رہے ہیں، دوسروں کے تحفظ کو زیادہ اہمیت دیجیے اور اپنی توقعات کے بارے میں حساسیت کو کم کیجیے، اگر آپ تنہا زندگی نہیں گزارنا چاہتے، آپ کی مادی کامیابی آپ پر محبت کے دروازے نہیں کھول سکتی۔