علم نجوم سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک تجزیاتی زائچہ

جولائی کا آغاز سیاروی پوزیشن میں بہتری اور مثبت رجحانات کا آئندہ دار ہے، گزشتہ تین ماہ سے سیارہ مشتری اپنے ہبوط کے برج جدی میں ایک انتہائی خطرناک پوزیشن پر رہا ہے جس کے باعث ملک میں افراتفری ، بدنظمی، آئینی مسائل، حکومتی سطح پر انتشار، میڈیا کی بدحالی، ائرلائنز کی بندش اور حادثات جیسی خرابیاں مسلسل جاری رہیں، اب سیارہ مشتری واپس اپنے ذاتی برج قوس میں آچکا ہے اور آئندہ 20 نومبر تک اسی برج میں حرکت کرے گا، دوسری طرف گزشتہ ماہ 21 جون کو لگنے والا سورج گہن بھی زائچہ ءپاکستان میں نہایت نحس اور ناقص اثرات کا حامل تھا جس کے نتیجے میں داخلی معاملات اور صحت سے متعلق معاملات متاثر ہوئے، کرونا وائرس کی وباءنے مزید شدت اختیار کی، اس صورت حال میں بھی جولائی کا مہینہ بہتر ثابت ہوگا اور کرونا کی وباءپر قابو پانے میں مدد ملے گی، سیارہ عطارد گزشتہ ماہ سے مسلسل غروب اور مزید یہ کہ راہو کیتو کے نحس نظرات کا شکار بھی رہا، اس ماہ گیارہ جولائی سے عطارد طلوع ہوگا لیکن رجعت کا خاتمہ 13 جولائی کو ہوگا،بعد ازاں مریخ اور مشتری کے نحس اثرات بھی عطارد پر پڑیں گے لہٰذا اس مہینے میں عطارد کی پوزیشن اپ اینڈ ڈاو¿ن کا شکار رہے گی۔
عزیزان من! سیارہ مشتری کی خراب پوزیشن کے پیش نظر ہم نے گزارش کی تھی کہ اپریل ،مئی ، جون میں نکاح و شادی ، منگنی وغیرہ سے گریز کیا جائے، گزشتہ مہینوں میں سیارہ عطارد کی پوزیشن بھی بہتر نہیں تھی، الحمد اللہ اب دونوں سیارے بہتر پوزیشن میں ہیں لہٰذا شادی بیاہ منگنی وغیرہ کے معاملات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن خیال رہے کہ سیارہ مشتری اس سال 20 نومبر 2020ءسے اپریل 2021 ءتک دوبارہ برج جدی میں رہے گا، اس وقت بھی شادی بیاہ سے گریز کیا جائے، اسی طرح سیارہ زہرہ 24 اکتوبر 2020 ءسے 18 نومبر 2020 ءتک اپنے برج ہبوط سنبلہ میں رہے گا، یہ وقت بھی شادی بیاہ کے لیے ناموزوں ہوگا، وقت سے کافی پہلے اس حوالے سے رہنمائی کی جارہی ہے، اکثر لوگ ان باتوں کی پروا نہیں کرتے، نتیجے کے طور پر شادیاں ناکام ہوتی ہیں یا ان میں بدترین نوعیت کے مسائل ازدواجی زندگی کے لیے عذاب بنتے ہیں، ہمارا کام علمی طور پر وقت سے پہلے آگاہ کرنا ہے، جو لوگ ہمارے مشورے پر عمل کریں گے، یقیناً اس کے فوائد خود محسوس کرلیں گے، بہتر ہوگا کہ مندرجہ بالا نحس اوقات کو مدنظر رکھ کر نکاح و شادی یا منگنی وغیرہ کے پروگرام طے کریں۔
زائچہ ءپاکستان میں راہو کیتو دوسرے اور آٹھویں گھر میں رہتے ہوئے زائچے کے دوسرے ، چوتھے ، چھٹے ، آٹھویں، دسویں اور بارھویں گھروں کو متاثر کر رہے ہیں، اسی طرح اس ماہ راہو کیتو بھی زائچے میں سیارہ شمس کو متاثر کررہے ہیں، یہ صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ وزیراعظم کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا، ان کی حیثیت متاثر ہوگی،معاشی صورت حال کو بہتر کرنا مشکل ہوگا، موجودہ مہینے میں بھی صحت کے معاملات ملکی سطح پر اطمینان بخش نہیں ہوں گے،انتظامی عہدوں پر تبدیلیاں بھی اس مہینے میں متوقع ہیں، خاص طور پر سندھ بلوچستان میں حکومت کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا، میڈیا کی زبوں حالی بدستور جاری رہے گی،راہو کیتو کی ناقص پوزیشن پورا مہینہ جاری رہے گی جس کی وجہ سے جولائی کے مہینے کو زیادہ خوش آئند نہیں کہا جاسکتا (واللہ اعلم بالصواب)

جولائی کے ستارے

سیارہ شمس برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور 17جولائی کو برج سرطان میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد بحالت رجعت برج جوزا میں ہے اور غروب ہے، اس کی پوزیشن بہت کمزور اور خراب ہے، تقریباً گیارہ جولائی سے طلوع ہوگا تو اچھی پوزیشن میں آجائے گا، سیارہ زہرہ اپنے ذاتی برج ثور میں ہے اور اچھی پوزیشن میں ہے، سیارہ مریخ برج حوت میں حرکت کر رہا ہے جب کہ سیارہ مشتری بحالت رجعت اپنے ذاتی برج قوس میں واپس آچکا ہے، سیارہ زحل بھی اپنے ذاتی برج جدی میں ہے اور رجعت میں ہے، سیارہ یورینس برج حمل میں حرکت کر رہا ہے اور نیپچون برج دلو میں بحالت رجعت جب کہ پلوٹو برج جدی میں بحالت رجعت ہے، راہو کیتو برج جوزا اور قوس میں بالترتیب ہیں، یہ سیاروی پوزیشن ویدک ایسٹرولوجی کے مطابق دی گئی ہیں،گزشتہ 3 ماہ سے جس نوعیت کی انتہائی ناقص اور خراب سیاروی پوزیشن جاری تھی، اس ماہ سے اس کا خاتمہ ہوگا۔

جزوی چاند گہن

گزشتہ ماہ سے شروع ہونے والی گہن سیریز کا تیسرا چاند گہن اس ماہ 5جولائی کو ہوگا، فلکیاتی اعتبار سے یہ گہن برج قوس کے 19 درجہ 29 دقیقہ پر لگے گا، طالع برج اسد اور قوس سے متعلق افراد اس گہن سے خصوصی طور پر متاثر ہوں گے۔
گہن کا آغاز پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 08:07:23 am سے ہوگا جب کہ اس کا نقطہ ءعروج 09:29:51 am پر ہوگا اور اختتام 10:52:21 am تک ہوگا، چوں کہ گہن پاکستانی وقت کے مطابق دن میں لگے گا اس لیے پاکستان اور ایشیائی ممالک میں نظر نہیں آئے گا۔

قمر در عقرب

قمر اپنے برج ہبوط عقرب میں اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق یکم جولائی رات 08:28 pm پر داخل ہوگا اور 3 جولائی رات 11:38 pm تک برج عقرب میں رہے گا، یہ وقت انتہائی نحوست کا ہوتا ہے، اس وقت کوئی نیا کام شروع نہ کریں، اپنے معمول کے کاموں پر توجہ دیں، اس وقت میں کثرت سے استغفار بھی پڑھتے رہنا چاہیے۔
قمر در عقرب کا وقت عام طور پر علاج معالجے یعنی بیماریوں سے نجات کے لیے بہتر ہوتا ہے، اس وقت میں بری عادتوں سے چھٹکارے کے لیے خصوصی اعمال و وظائف کرنا مفید ہے، مخالفین کی زبان بندی اور ناجائز طور پر پریشان کرنے والوں سے نجات کے لیے بھی ضروری اعمال و نقوش کیے جاسکتے ہیں،ہماری ویب سائٹ پر قمر در عقرب یا سورج اور چاند گہن سے متعلق ایسے اعمال دیے گئے ہیں ان سے فائدہ اٹھائیں۔

شرف قمر

سیارہ قمر اس ماہ اپنے شرف کے برج ثور میں 15 جولائی کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 10:50 pm پر داخل ہوگا، 18 جولائی صبح 08:30 am تک شرف یافتہ رہے گا، یہ نیک اور مبارک وقت ہے، اس وقت میں نئے کاموں کاآغاز کرنا یا اہم معاملات میں پیش رفت کرنا فائدہ بخش ثابت ہوتا ہے، اپنی جائز ضروریات کے لیے اس وقت میں خصوصی وردووظائف مناسب ہوتے ہیں،ہم ہر ماہ اس کا طریقہ کار دیتے رہتے ہیں، اس سلسلے میں ہماری ویب سائٹ سے مدد لی جاسکتی ہے۔
شرف قمر کا خصوصی اور مو¿ثر ترین وقت اس ماہ 16 جولائی بروز جمعرات ہوگا، اس وقت کا آغاز پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 07:16 pm سے ہوگا اور 08:06 pm تک رہے گا، اس وقت میں برکاتی انگوٹھی یا لوح قمر نورانی بھی تیار کی جاسکتی ہے، اس کی تیاری کا طریقہ ہماری ویب سائٹ پر موجود ہے۔
عام لوگ اپنے جائز مقاصد کے لیے اس وقت میں اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ سے عاجزءو انکساری سے دعا کریں، انشاءاللہ نیک مقاصد میں کامیابی ملے گی۔

مِری تعمیر میں مضمر ہے اک صورت خرابی کی

 

 

 

اکثر لوگ جو ایک ناکام زندگی گزارتے ہیں یا دوسرے معنوں میں ان کی زندگی مسلسل اتار چڑھاو¿ اور حادثات و سانحات کا شکار رہتی ہے، درحقیقت ان خرابیوں کا تعلق ان کے پیدائشی زائچے سے ہوتا ہے لیکن ہم ان باتوں کو اہمیت نہیں دیتے بلکہ قسمت کو کوستے ہیں یا سمجھتے ہیں کہ کسی نے کوئی جادو ٹونا ہمارے خلاف کیا ہے یا دوسرے لوگ ہماری تباہی و بربادی کے ذمے دار ہیں، آئیے آج ایک خاتون کے زائچے کا تجزیاتی مطالعہ کرتے ہیں، یہ سلسلہ ہم اس لیے شروع کر رہے ہیں کہ عام لوگوں کے علاوہ وہ لوگ بھی اس سے استفادہ کرسکیں جو ایسٹرولوجی سے دلچسپی رکھتے ہیں یا ایسٹرولوجی سیکھنا چاہتے ہیں۔
خاتون کی تاریخ پیدائش یا نام وغیرہ صیغہ ءراز میں ہے، ان کا لگن یا طالع پیدائش عقرب ایک درجہ 12 دقیقہ ہے، زائچے کا چوتھا گھر برج دلو جس میں راہو موجود ہے، چھٹے گھر برج حمل میں سیارہ زحل ، عطارد اور شمس ہیں، ساتویں گھر میں مریخ اور زہرہ حالت قران میں ہیں، نویں گھر کا حاکم قمر دسویں گھر میں راہو اور کیتو کے محور میں بری طرح متاثر ہورہا ہے، سیارہ مشتری زائچے کے بارھویں گھرمیں ہے۔
طالع عقرب کے لیے فنکشنل منحوس سیارے مریخ ، زہرہ اور راہو کیتو ہیں ،جب کہ فعلی سعد (Functional benificial) سیارے مشتری ، زحل ، قمر ، شمس اور عطارد ہےں، زائچے میں بہت چھوٹی عمر سے سیارہ زہرہ کا مین پیریڈ جاری ہے جو 20 سال کا ہوتا ہے، زہرہ بارھویں گھر کا حاکم ہے اور نوامسا چارٹ میں برج ہبوط میں ہے جس کی نحوست سے انکار ممکن نہیں۔
ہم دیکھتے ہیں کہ سیارہ مریخ زائچے کے ساتویں گھر میںموجود ہے اور فعلی منحوس یعنی بارھویں گھر کے حاکم زہرہ کے ساتھ قریبی قران رکھتا ہے اور زہرہ نوامسا چارٹ (D-9) میں اپنے برج ہبوط سنبلہ میں ہے یہ صورت حال صاحب زائچہ کے لیے منفی رجحانات کی آئینہ دار ہے، ایسے لوگ یقیناً کچھ غیر قانونی یا غیر اخلاقی دلچسپیوں یا سرگرمیوں کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور اپنا مستقبل بنانے کے لیے شارٹ کٹ ڈھونڈتے ہیں، مزید یہ کہ زہرہ اور مریخ کی اس قدر قربت اور وہ بھی ساتویں گھر میں لو میرج کا رجحان لاتی ہے لیکن ایسی شادیاں کامیاب نہیں ہوتیں، اس چارٹ میں چوں کہ زہرہ اپنے برج ہبوط میں ہے لہٰذا شادی اور ازدواجی زندگی ویسے بھی ناکام ہے،لگن عقرب کے ابتدائی درجات پر سیارہ زہرہ کا اثر ہے، یہ خرابی شادی سے پہلے ہی جنسی تعلقات ظاہر کرتی ہے،ایسی لڑکیاں اکثر پراسٹی ٹیوشن کا راستہ بھی اختیار کرسکتی ہیں،انتہا پسندانہ رجحان کا تعین قمری نچھتر سے کیا جاسکتا ہے،قمر برج اسد میں اور ماگھ نچھتر میں ہے۔
دوسرا گھر جو حیثیت ، ذرائع آمدن اور فیملی سے متعلق ہے، اس کا حاکم مشتری زائچے کے بارھویں گھر میں موجود ہے،چناں چہ ایسے لوگ یا تو کمانے کے لیے ملک سے باہر جاتے ہیں یا غیر قانونی راستے اختیار کرتے ہیں، خواتین کے زائچے میں مشتری کا تعلق شوہر سے ہے اور اس زائچے میں مشتری بارھویں گھر میں ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ شوہر صاحب کردار اور معقول رویے کا حامل نہیں ہوگا ، بہت زیادہ ہوس پرست اور لالچی ہوگا۔
چوتھے گھر کا حاکم سیارہ زحل چھٹے گھر میں اپنے برج ہبوط میں ہے، اس پر معمولی سی نظر کیتو کی بھی ہے گویا صاحب زائچہ کے والدین کی پوزیشن کمزور ہے اور وہ اس قابل نہیں ہےں کہ اپنے بچوں کی بہتر پرورش کرسکےں، ابتدائی تعلیم کا تعلق بھی چوتھے گھر سے ہے لہٰذا صاحب زائچہ کو ابتدائی تعلیم کے حوالے سے بھی دشواریوں کا سامنا رہا ہوگا، سیارہ عطارد زحل کے ساتھ قران میں ہے اور سیارہ شمس بھی قریب ہی موجود ہے جس کے باعث عطارد اور زحل دونوں غروب ہیں، صاف ظاہر ہے کہ صاحب زائچہ نے انتہائی نامساعد حالات میں ہوش سنبھالا اور اسے فوری طور پر اپنی زندگی کی بقا کی جنگ خود لڑنا پڑی، بہن بھائیوں میں وہ سب سے بڑی تھی، والدین کی خراب پوزیشن کے سبب اسے جاب کرنا پڑی اور فوراً ہی اپنے ایک کلیگ کو پسند کرلیا ، عقرب افراد ایک غیر معمولی مقناطیسی کشش کے حامل ہوتے ہیں، ان کا انداز اور طور طریقے دوسروں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں اور خاص طور سے عقرب لڑکیاں عشق و محبت کے معاملے میں خاصی شدت پسند اور گہری وابستگی رکھنے والی ہوتی ہیں، طالع کے ابتدائی درجات ظاہر کرتے ہیں کہ موصوفہ کو اپنے حسن و خوبصورتی کا احساس بہت زیادہ تھا اور اس حوالے سے اس کے خواب بھی بہت اونچے تھے ، چناں چہ اپنے کلیگ سے محبت کا کھیل صرف اس وقت تک جاری رہا جب تک اسے مزید بہتر جاب نہ ملی،نئی جاب میں وہ مالکان کی خصوصی نظرِ عنایت میں کا شکار ہوئی اور نتیجے کے طور پر ادارے میں اسے زیادہ بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی مل گئی ، ادارے میں اس کے چاہنے والوں کی فہرست میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، چناں چہ پہلے عشق کا انجام شادی سے پہلے ہی افسوس ناک ہوگیا، دیگر چاہنے والوں میں سے انتخاب پیش نظر رہا اور نتیجے کے طور پر ایک ابھرتے ہوئے ”اسٹار“ کو دل دے بیٹھی جو ایک غلط فیصلہ تھا حالاں کہ وہ جانتی تھی کہ مذکورہ شخص پہلے سے شادی شدہ ہے مگر اس نے خفیہ طور پر شادی کرلی، ایسی شادیاں بہر حال خفیہ نہیں رہتیں اور نتیجے کے طور پر اس کے شوہر کی پہلی بیوی نے خاصا ہنگامہ کھڑا کردیا۔
زائچے میں سیارہ شمس کا مین پیریڈ شروع ہوچکا تھا، شمس کے دور اکبر میں چوتھے گھر کے حاکم سیارہ زحل کا سب پیریڈ جاری تھا، جب یہ شادی ہوئی، شوہر دو بچوں کا باپ تھا اس کے پاس رہائش کے لیے اپنا گھر بھی نہیں تھا، آمدن بھی اتنی نہیں تھی کہ وہ دو گھروں کا خرچا اٹھا پاتا، نتیجے کے طور پر مالی مسائل نے سر اٹھایا اور دونوں کے درمیان لڑائی جھگڑے شروع ہوگئے، موصوفہ ماں باپ کے گھر سے کبھی رخصت نہ ہوسکی، پھر ایک مرحلہ ایسا بھی آیا کہ شوہر اپنے پہلے بیوی بچوں کو لے کر کسی اور شہر میں شفٹ ہوگیا، بحالت مجبوری دوبارہ جاب کرنا پڑی اور اب ہوس کاروں کا ایک ہجوم اس کے ارد گرد تھا، اسے بھی پیسا کمانا تھا، سو کماتی رہی ، پھر ایک وقت ایسا بھی آیا جب وہ عدالت سے خلع لینے پر مجبور ہوگئی اس دوران میں دو بچے بھی ہوچکے تھے ، ایک لڑکا اور ایک لڑکی،ماں بننا زندگی کا ایک اہم موڑ ہوتا ہے، انسان جذبات کی دنیا سے نکل کر مامتا کے عظیم جذبے سے سرشار ہوتا ہے، اب اسے اپنے بچوں کی فکر تھی اور کسی کی نہیں، چناں چہ جیسے تیسے بچوں کو پالتی رہی اور آج تک پال رہی ہے، اب بچے ماشاءاللہ جوان ہوچکے ہیں۔
عزیزان من!اس زائچے کی اہم ترین خرابی یہ بھی ہے کہ نویں گھر (بھاگیا استھان) کا حاکم سیارہ قمر برج اسد میں راہو کیتو سے بری طرح متاثر ہے جس کے نتیجے میں قسمت کی خرابی اور حالات کے اتار چڑھاو¿ زندگی بھر جاری رہے اور جاری ہیں، زائچے کے چار اہم اور سعد سیارگان چھٹے اور بارھویں گھر میں ہےں، یہ خرابیاں معمولی نہیں ہیں، ایسے لوگوں کی ساری زندگی بدقسمتی کے زیر اثر گزرتی ہے۔
کورٹ سے خلع لینے کے بعد ایک مرتبہ اس نے ہم سے پوچھا ”کیا مجھے زندگی میں کبھی سکون ملے گا؟“
ہم نے اسے بعض ریمیڈیز اور صدقات کا مشورہ دیا لیکن اس نے ہمارے مشوروں کو کوئی اہمیت نہ دی، چناں چہ ہم نے بھی اس سے مزید اصرار نہیں کیا، اسے اس کے حال پر چھوڑ دیا۔
امید ہے کہ ہمارے ایسٹرولوجی کے شائقین زائچے کے اس تجزیے پر غور کریں گے اور کسی زائچے کی اچھائیوں اور برائیوں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے۔