نیتن یاہو کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی خطرے میں

نیتن یاہو کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی خطرے میں

جمعتہ الوداع کے مبارک موقع پر ایک اہم وظیفہ اور نقشِ خاص

اسرائیل اور امریکا کا ایران پر ظالمانہ حملہ پوری دنیا کی نظر میں متنازع صورت اختیار کرچکا ہے، شاید صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جو اپنے زائچے کی روشنی میں اب آنجہانی ہوچکے ہیں، یہ سمجھ رہے تھے کہ وینزویلا کی طرح ایران بھی ان کے آگے گھٹنے ٹیک دے گا لیکن وہ شاید ایرانی قوم سے واقف نہیں ہیں۔

 یہ جنگ آہستہ آہستہ پوری دنیا کی معیشت کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے اور شاید یہی بات امریکا کے لیے پریشان کن ہے جب کہ ایران کے لیے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے کیوں کہ پوری قوم شہادت کے جذبے سے سرشار ہے اور انھوں نے طے کرلیا ہے کہ اگر ہم نہیں ہوں گے تو کوئی نہیں ہوگا، نہایت کامیابی سے انھوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہوکو ہٹ کیا ، وہ اور اس کا بھائی اس حملے کا نشانہ بنے لیکن اسرائیل نیتن یاہو کی ہلاکت کو چھپا رہا ہے۔

ہم نے نیتن یاہو کا زائچہ دیکھا جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ حملے کا شکار ہوئے ہیں، اس حملے میں اگر وہ جہنم رسید نہیں ہوئے تو بھی ایسی حالت میں نہیں ہیں کہ پبلک کے سامنے لائے جاسکیں، اسی لیے ان کی فیک ویڈیوز چلائی جارہی ہیں۔

عزیزان من! انتہائی دلچسپ بات یہ ہے کہ ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای جو شہید ہوچکے ہیں ان کے ، نیتن یاہو کے اور ڈونالڈ ٹرمپ کے زائچوں میں ایک عجیب مماثلت موجود ہے۔ تینوں افراد ایسے وقت میں پیدا ہوئے جو ان کے زائچے میں سورج یا چاند گہن کی نشان دہی کرتا ہے یعنی وہ ایسے دن پیدا ہوئے جب سورج یا چاند گہن لگا ہوا تھااورایسے وقت میں حملے کا شکار ہوئے جو دوگہنوں کے درمیان یا چاند گہن کے بعد ہیں۔

اس حوالے سے ان کے تفصیلی زائچے فی الحال یہاں نہیں دیے جاسکتے، البتہ یہ ضرور کہا جاسکتا ہے کہ اب اگلا نمبر مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ کا بھی ہوسکتا ہے ۔ اس موضوع پر ان شاءاللہ آئندہ بات کریں گے ۔

ڈونالڈ ٹرمپ کا طالع پیدائش یا لگن برج اسد ہے اور زائچے کے چوتھے گھر میں چاند گہن ہے ، ان کے زائچے میں سیارہ مشتری کے دور اکبر میں زہرہ کا سب پیریڈ جاری ہے۔

بے شک مشتری زائچے کا سعد سیارہ ہے لیکن سیارہ زہرہ دکھ، تکلیف اور نقصانات کا کارک ہے۔مزید یہ کہ ٹرمپ کے زائچے کا ساتواں حاکم زحل زائچے کے آٹھویں گھر میں گزشتہ سال 29مارچ سے موجود ہے اور یہاں پراسرار نیپچون سے قران کرتا رہا ہے جس کی وجہ سے ایپسٹن فائل میں بھی ان کا نام موجود ہے اور شاید نیتن یاہو نے اسی بنیاد پر انھیں بلیک میل کرکے اس جنگ میں شریک ہونے پر مجبور کیا ہے ۔

15مارچ سے سیارہ شمس بھی آٹھویں گھر میں داخل ہوچکا ہے اور نیا چاند بھی 19مارچ کو زائچے کے آٹھویں گھر میں ہوگا۔ یہ بھی کسی نئی نحوست کی نشان دہی ہے ۔ 2اپریل کو سیارہ مریخ بھی برج حوت میں داخل ہوگا اور اس کے بعد عطارد ، زہرہ پہلے سے یہاں موجود ہے گویا ایک بڑا اجتماع زائچے کے آٹھویں گھر میں ہورہا ہے جو خانہ حادثات ہے، یہ صورت حال مسٹر ڈونالڈ ٹرمپ کے لیے اچھی نہیں ہے۔

اس وقت دنیا میں کوئی ملک بھی ٹرمپ کا ساتھ دینے کے لیے تیار نہیں ہے، بڑی بڑی باتیں اور ڈینگیں ہانکنے والا سپر پاور کا صدر خاصا بے بس نظر آتا ہے، انھیں مزید ناکامیوں اور زندگی کے حوالے سے خطرات کا سامنا رہے گا۔آنے والے مڈٹرم الیکشن میں بھی وہ شکست سے دوچار ہوسکتے ہیں ، اس کے علاوہ اس بات کا بھی خطرہ موجود ہے کہ ان کے جرائم اور غلط کاریوں کی بنیاد پر کانگریس یا کوئی عدالت کارروائی شروع کردے جیسا کہ ماضی میں امریکی صدر نکسن کے ساتھ ہوا تھا اور انھوں نے اپنی مدت پوری نہیں کی تھی۔(واللہ اعلم بالصواب)

عزیزان من! 19مارچ کو صبح 06:23منٹ پر قران شمس و قمر ہوگا اور یہ امکان نہیں ہے کہ شام کو بعد مغرب رویت ہلال ہوسکے ، چناں چہ رویت ہلال بھرپور طریقے سے 20مارچ ہی کو ممکن ہوگی، چناں چہ عید الفطر 21مارچ کو متوقع ہے ۔ اس اعتبار سے جمعتہ الوداع 20مارچ کو ہوگا اور اس کی مناسبت سے ہر سال ہم ایک خاص رمضان کا تحفہ یعنی نقش جمعتہ الوداع دیتے آئے ہیں سو اس بار بھی یہ نقش حاضر ہے۔

وظیفہ و نقشِ جمعتہ الوداع

پاکستانی عوام کے مسائل اگرچہ بے پناہ ہیں لیکن سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہے کیوں کہ اس کے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

بے روزگاری سب سے بڑا جہنم ہے جس کی آگ میں ہمارا ملک جل رہا ہے، حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ہمیں یاد ہے کہ برسوں پہلے جب ہماری شادی ہوئی تو ہمارے ایک بزرگ دوست جو ہم سے بے تکلف بھی تھے؛ لیکن ان دنوں مالی پریشانیوں کا شکار تھے لہٰذا ہماری شادی پر ہمیں کوئی تحفہ نہ دے سکے، مبارک باد دیتے ہوئے صرف اتنا کہا “میاں! ہماری طرف سے آپ کے لیے دو جملے بطورِ تحفہ حاضر ہیں اور وہ یہ کہ اللہ اگر روزگار دے تو ازدواجی زندگی سے بڑی جنت اور کوئی نہیں ہے ورنہ اس سے بڑا جہنم بھی کوئی نہیں ہے”۔

ہم نے اُن کی یہ بات اپنی گرہ میں باندھ لی تھی اور کبھی اپنے روزگار کی طرف سے غافل نہیں رہے لیکن انسان کی زندگی میں اچھے اور برے اوقات آتے رہتے ہیں۔

بعض لوگ اپنی بہترین کوششوں کے باوجود روزگار کے معاملات میں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرپاتے، ایسے افراد کے لیے ہم پہلے بھی مخصوص اوقات کی مناسبت سے ورد و وظائف عملیات و نقوش کی نشان دہی کرتے رہے ہیں۔

اسی مناسبت سے رمضان المبارک کے مقدس ترین مہینے میں جمعتہ الوداع سے متعلق ایک وظیفہ اور ایک نقش پیش کیا جارہا ہے جو مجرّب ہے اور انشاءاللہ تمام مسلمانوں کے لیے فائدہ بخش ثابت ہوگا۔ وظیفہ بہت آسان ہے اور صرف تھوڑی سی دیر کی محنت ہے، اس محنت کے صلے میں ایک قیمتی تحفہ ہاتھ آجائے گا۔

وظیفہ برائے جمعتہ الوداع

عمدہ خالص چنبیلی یا زیتون کا تیل حاصل کرلیں اور جمعتہ الوداع کی صبح فجر کی نماز کے بعد اول آخر سات بار درود شریف کے ساتھ سورہ والعادیات سات بار پڑھ کر چنبیلی کے تیل پر دم کرلیں اور اسے محفوظ رکھیں۔ تمام اقسام کے جسمانی درد اور نزلے کے لیے مفید ہے۔

اکثر آرتھرائیٹس کے مریضوں کو بھی جوڑوں کے درد میں آرام ملا ہے، پرانے نزلے کی صورت میں اس تیل کی سر پر مالش مفید ثابت ہوگی۔

نقش برائے جمعتہ الوداع

جمعتہ الوداع

دوسرا عمل تھوڑا سا مشکل ضرور ہے لیکن اس کی افادیت بھی کم نہیں ہے۔ جمعتہ الوداع کی صبح فجر کی نماز کے بعد سورج طلوع ہونے سے پہلے سورہ الاعراف کی آیت نمبر 10 کا نقش ہرن کی جھلّی یا عمدہ سفید کاغذ پر عرق گلاب میں زعفران ملاکر لکھ لیں۔ اگر زعفران نہ مل سکے تو عرق گلاب میں ہلدی ملا کر روشنائی بنالیں۔ بعد ازاں نقش کو عمدہ خوشبو سے معطر کریں اور اپنی دکان، دفتر یا کاروبار و ملازمت کی جگہ پر رکھیں تو انشا اللہ بے انتہا خیر و برکت ہوگی، کاروبار ترقی کرے گا۔

اگر ملازمت ہے تو پائیدار ہوگی اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے، اگر گھر میں رکھیں تو بے برکتی ختم ہوجائے گی۔ قرض ہے تو اس کی ادائیگی میں آسانی ہوگی، فی الواقع نہایت موثر اور مجرب المجرب عمل ہے۔

جمعتہ الوداع کا نقش لکھنے کے بعد سفید رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دے کر ایصال ثواب کریں اور حضرت کاش البرنی ؒ  کے لیے بھی دعائے خیر کریں۔

جمعتہ الوداع کا نقش پاس رکھنے کے بعد حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں، جمعتہ الوداع کے نقش کو تعویذ کے طریقے پر تہہ کرکے موم جامہ کرلیں اور گلے میں پہنیں یا بازو پر باندھیں تو آپ کی ذاتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

اگرآپ چاہیں تو فریم کراکے دکان یا دفتر میں یا گھر میں مغرب کی سمت دیوار پر آویزاں کرلیں، اگر نقش کو پوشیدہ رکھنا چاہیں تو چار تہہ کرلیں اور موم جامہ یا پلاسٹک کوٹڈ کرکے کاروبار کی جگہ یا گھر میں کسی محفوظ مقام پر رکھیں۔

نقش بھرنے کے لیے مناسب ہوگا کہ نقش کے خانے پہلے سے تیارکرلیے جائیں اورعین وقت پر بسم اللہ پڑھ کر نقش مکمل کیا جائے۔

سب سے پہلے نقش کی پیشانی پر 786 لکھیں پھر نقش کے چاروں کونوں پر قولہ الحق ولہ الملک اور چاروں ملائیکہ کے نام، کٓھٓیٰعٓصٓ اور حٰمٓعٓسٓعق لکھیں۔ پھر نقش کے بیرونی خانوں میں پوری آیت اسی طرح نقل کرلیں جیسے کہ لکھی ہوئی ہے۔

آخر میں درمیانی نقش مثلث بھریں، یہ مثلث اسی آیت شریف کا ہے  کیوں کہ آیت کے کل اعداد 2199 ہیں۔

جس خانے میں 729 کے اعداد ہیں، یہ نقش کا پہلا خانہ ہے۔ اس کے بعد ترتیب وار 730 ، 731 ، 732 ، 733 ، 734 ، 735 ، 736 اور آخری خانے میں 737 لکھ کر نقش مکمل کرلیں۔

خیال رہے کہ نقش کے خانے بھرنے کی ترتیب یہی رہے گی، بس کام مکمل ہوگیا۔  مٹھائی پر فاتحہ دیں اور ایصال ثواب کریں، اللہ سے اپنے نیک مقاصد کے لیے دعا کریں۔ بعد ازاں مٹھائی خود بھی کھائیں اور دوسروں میں بھی تقسیم کردیں۔

سمجھ لیں ایک بیش قیمت تحفہ ہاتھ آگیا ہے، اس کی حفاظت کریں اور ہمارے حق میں بھی دعائے خیر کریں۔

ہر ہفتے نئے آرٹیکل کی اپ ڈیٹ اپنے ای میل پر حاصل کرنے کے لیے ہمارے سبزکرائبر بنیں

یاد رہے کہ سبزکرپشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے اپنا ای میل ان باکس یا اسپیم فولڈر ضرور چیک کریں

ہم اسپیم ای میل نہیں بھیجتے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری پرائیوسی پالیسی پڑھیں۔