انوکھا لاڈلا مگر زمینی حقائق سے باخبر،ایک روایت شکن
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شمار اس وقت ملک کے ابھرتے ہوئے سیاست دانوں میں کیا جاسکتا ہے،ہمارے علاوہ اور بھی بے شمار لوگ یقینا ان کی شخصیت کے مختلف پہلوو¿ں اور ان کے مستقبل کے حوالے سے تجسس کا شکار ہوں گے،مشہور شخصیات ہمیشہ عوامی سرمایہ تصور کی جاتی ہیں، لوگ ان کے بارے میں سب کچھ جاننا چاہتے ہیں،بے شک علم نجوم اس حوالے سے ہماری بہترین رہنمائی کرسکتا ہے لیکن افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ ہمارے ملک میں مشہور شخصیات کی تاریخ پیدائش ، وقت پیدائش وغیرہ آسانی سے دستیاب نہیں ہوتی،اس سلسلے میں بڑی تگ و دو کرنا پڑتی ہے چوں کہ ہماری دلچسپی ان معاملات میں حد سے زیادہ ہے لہٰذا ہم اس کوشش میں ہمیشہ مصروف رہتے ہیں،ماضی میں ان کی والدہ اور والد کے برتھ چارٹ بھی بنانے میں بڑی دشواریوں کا سامنا رہا اور یہی صورت حال بلاول بھٹو کے برتھ چارٹ کے حوالے سے پیش آئی۔
ریکارڈ کے مطابق ان کی تاریخ پیدائش 21 ستمبر 1988 بہ مقام کراچی ہے،وقت پیدائش جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اس کے بارے میں ہمیشہ شکوک و شبہات رہے،برسوں پہلے ہم نے ان کا ایک اور زائچہ بنایا تھا جس سے ہم کبھی مطمئن نہ ہوسکے،وجہ یہی تھی کہ پیدائش کے وقت پر شبہات تھے، اتفاق سے گزشتہ دنوں ایک ایسی شخصیت سے ملاقات ہوئی جو پیپلز پارٹی سے دیرینہ وابستگی رکھتے ہیں،ہم نے یہ مسئلہ ان کے سامنے رکھا اور انھوں نے جو معلومات فراہم کیں اس کے مطابق ہمیں پیدائش کا درست وقت مقرر کرنے میں آسانی ہوئی،ان کا بیان یہ ہے کہ 1988 میں جب الیکشن سر پر تھے تو محترمہ چاہتی تھیں کہ اس مسئلے سے جلد از جلد فراغت حاصل ہوجائے اور نہایت رازداری کے ساتھ بلاول کی پیدائش کا عمل تکمیل تک پہنچے لہٰذا بہت ہی خفیہ انتظامات کیے گئے اور تقریباً3 بجے سہ پہر وہ خاموشی سے اسپتال پہنچ گئیں، یقینا دیگر تیاریوں میں تقریباً دو گھنٹے کا وقت تو لگا ہوگا،اس بنیاد پر جب زائچہ بنایا گیا تو وہ ہمیں بہت مناسب اور قرین قیاس معلوم ہوا لیکن ہمارے ملک میں تاریخ پیدائش اور وقت پیدائش کا مسئلہ ہمیشہ کی طرح مشکوک ہی رہا ہے کیوں کہ اس حوالے سے لوگ بہت زیادہ غلط بیانی سے کام لیتے ہیں ، خدا معلوم کس خوف کی وجہ سے اپنی تاریخ پیدائش چھپائی جاتی ہے،وقت پیدائش تو دور کی بات ہے۔
ممکن ہے بہت سے لوگوں کو حیرانی ہوکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی جو تاریخ پیدائش مشہور ہے وہ غلط ہے ، ہم برسوں اسی تاریخ پیدائش پر طبع آزمائی کرتے رہے اور 2008 میں یہ انکشاف ہوا کہ ان کی درست تاریخ پیدائش 21 جون نہیں 23 جون ہے،یہ انکشاف بھارت کے بزرگ ایسٹرولوجر کے این راو¿ نے کیا جن سے محترمہ کی کسی قریبی عزیز نے ان کا زائچہ بنوایا تھا، قصہ مختصر یہ کہ پاکستان میں مشہور شخصیات کا زائچہ بنانا کوئی آسان کام نہیں ہے،ایسٹرولوجر کو اپنے تجربے اور علم کی بنیاد پر تاریخ پیدائش اور وقت پیدائش کا جائزہ لینا پڑتا ہے،ایسا ہی معاملہ ن لیگ کے قائد جناب نواز شریف کا بھی ہے،ان کی ریکارڈ پر موجود تاریخ پیدائش 25 دسمبر 1949 ہے مگر ہمارے تجربے کے مطابق درست سال 1948 نظر آتا ہے،اس صورت حال کے پیش نظر مکمل اعتماد کے ساتھ زائچے کی ریڈنگ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
مشہور یا غیر معمولی افراد کے زائچے میں ایک اہم ذمے داری کسی بھی ایسٹرولوجر پر یہ عائد ہوتی ہے کہ وہ پیدائشی برج (لگن) مقرر کرتے ہوئے یہ ضرور غور کرے کہ صاحب زائچہ اپنی صفات ، عادت و اطوار اور کردار و عمل میں کشید کیے گئے لگن کے مطابق ہے یا نہیں،اگر نہیں ہے تو وقت پیدائش غلط ہوگا، یہ بات ہمارے تجربے میں روزانہ آتی رہتی ہے،اکثر لوگ اپنی تاریخ اور پیدائش کا وقت جو بتاتے ہیں وہ کبھی کبھی ہمیں غلط نظر آتا ہے اور ہم ان سے کہہ دیتے ہیں کہ یہ درست نہیں ہے۔
اس کے علاوہ زائچے میں سیاروی نشست اور قوت و ضعف بھی صاحب زائچہ کے معاملات پر روشنی ڈالتا ہے جس سے اس کے تعلیمی اور کرئر کے معاملات ، والدین کی پوزیشن اور زندگی میں حاصل ہونے والی کامیابیاں یا محرومیاں بھی سامنے آتی ہیں، اس تمام صورت حال کو سامنے رکھتے ہوئے بلاول بھٹو کا طالع برج دلو ہمیں درست نظر آتا ہے تو آئیے پہلے اسی موضوع پر بات کرتے ہیں کہ ہم نے کون سی وجوہات کی بنیاد پر برج دلو کو اولیت دی۔
طالع دلو کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد دنیا کے بہت ہی انوکھے ، روایت شکن ،زبردست آئیڈیالوجی کے حامل ،روشن خیال اور نہایت آزادی پسند ہوتے ہیں، ایسے آزادی پسند کہ شادی جیسی پابندی یا بندش بھی انھیں قبول نہیں ہوتی،والدین یا دیگر لوگ اکثر بہ مشکل تمام انھیں شادی کے لیے راضی کرتے ہیں، خود سے انھیں کسی بھی بندھن میں بندھنے کی خواہش نہیں ہوتی، بلاول صاحب اس سال 35 سال کے ہوجائیں گے لیکن ابھی تک ان کی شادی کے حوالے سے کہیں کوئی خبر موجود نہیں ہے،برج دلو کے علاوہ طالع سنبلہ بھی شادی کے معاملے میں جلد باز نہیں ہوتے لیکن ان کا مسئلہ معاشی استحکام ہوتا ہے جب کہ دلو کا مسئلہ آزاد روی ہے۔
ان کی شادی کے حوالے سے ایک اور اہم بات بھی زائچے میں غور طلب ہے،زائچے میں قمر برج جدی میں ہے اور پیدائشی نچھتر اُتر شدھ ہے،اس نچھتر کا تیسرا قدم ہے جو کلاسیکل ویدک سسٹم کے مطابق ایک دوسرے نچھتر کی بھی نشان دہی کرتا ہے جس کا نام ”ابھیچیت“ہے ، ہندو مائیتھالوجی کے مطابق رام کی پیدائش اسی نچھتر میں ہوئی تھی لہٰذا اسے نہایت ہی مبارک نچھتر سمجھا جاتا ہے،ابھی گزشتہ دنوں بابری مسجد کی جگہ جو رام مندر تعمیر کیا جارہا ہے اس کا سنگ بنیاد اسی نچھتر میں رکھا گیا ہے۔
اس نچھتر کی سعادت کے حوالے سے ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ بلاول کی والدہ ان کی پیدائش کے بعد ملک کی وزیراعظم بنیں اور یہ بھی کہ وہ منہ میں سونے کا چمچا لے کر پیدا ہوئے ہیں لیکن اس نچھتر کے ساتھ ایک اور بھی عجیب معاملہ ہے وہ یہ کہ اس کی حیوانی علامت نر نیولا ہے،دیگر تمام نچھتروں میں حیوانی علامات نر اور مادہ موجود ہیں، اس نچھتر میں مادہ علامت نہیں ہے،گویا نر نیولے کی جوڑی ادھوری ہے، اس حوالے سے ہمارا مشاہدہ یہی ہے کہ ایسے لوگ عموماً صنف مخالف سے دور رہنا پسند کرتے ہیں،اگر شادی ہو بھی جائے تو وہ کامیاب نہیں رہتی جس کی وجہ عام طور پر صنف مخالف سے عدم دلچسپی ہوتی ہے،ہماری پریکٹس کے دوران میں ہم نے ایسے مرد و خواتین کے زائچے دیکھے ہیں اور نتائج بھی۔
مناسب ہوگا کہ طالع پیدائش کی دیگر خصوصیات پر بھی بات کی جائے تاکہ اندازہ ہوسکے ، صاحب زائچہ اپنے کردار و عمل میں کیسا ہے؟
طالع دلو،کردار و عمل
جسمانی ساخت: دل کش چہرے کے ساتھ بھرا بھراجسم، کشیدہ قامت البتہ دانت کچھ بڑے اور ناہموار ہوسکتے ہیں۔
کردارو عمل: آپ ذہین ہیں، کوئی خوشامد اور چاپلوسی سے آپ کو بے وقوف نہیں بنا سکتی۔ آپ دوسروں کے کردار کو پڑھ سکتے ہیں اور ان کے ارادوں کو بھانپ کر ان کے محرکات سے واقف ہو سکتے ہیں۔ آپ ہر صورتِ حال یا شخصیت کی خوبیوں اور خامیوں پر دھیرے دھیرے غور کرتے ہیں تاکہ مشاہدہ کر سکیں کہ دوسرے کیا کررہے ہیں۔ پھر آپ نتیجہ دیکھتے ہیں اور اس کے بعد عمل کرتے ہیں۔ آپ کسی آئیڈیے کو گرفت میں لینے اور جذب کرنے میں سست واقع ہوئے ہیں لیکن آپ اسے بھولتے نہیں ہیں کیوں کہ آپ کا حافظہ بہت اچھا ہے۔
آپ کشادہ ذہن، صاف گو، ذہین، بے غرض، انسانیت نواز اور غیر جانبدار ہیں۔ ساتھ ہی آپ بے حد سوشل اور مجلسی بھی ہیں۔ دوست آپ کو پسند کرتے ہیں اور آپ بھی اپنے دوستوں میں خوش رہتے ہیں۔ آپ خاموشی سے اپنا کام کرتے ہیں اور ہمیشہ امن و آشتی کے خواہاں رہتے ہیں۔ آپ ناپسندیدہ حالات کو بدل دیتے ہیں۔ بہت زِیرک اور زُود فہم ہیں اور چاہتے ہیں کہ سب کی ذہنی سطح بلند ہو۔ نت نئے خیالات میں آپ سب سے آگے ہوتے ہیں۔ آپ کی اپروچ بھی بہت اعلیٰ ہوتی ہے۔ آپ کی ذہنی رسائی بلا کی ہے۔ آپ کی دوستی مستقل ہوتی ہے اور پسند ناپسند شدید۔ آپ ایسے کاموں میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں جن میں انوکھا پن اور جدت موجود ہو۔ آپ ہمیشہ روایت سے ہٹ کر نئے راستوںپر چلنا چاہتے ہیں، ممکن ہے عام لوگ آپ کے آئیڈیاز یا راستوں پر اعتراض کریں کیوں کہ وہ آپ جیسی دور بینی اور دانش نہیں رکھتے، یہ بھی ضروری نہیں ہے کہ آپ کا ہر آئیڈیا کامیابی سے ہم کنار ہو مگر آپ کے آئیڈیاز یا کام کرنے کے طریق کار بہر حال کبھی نہ کبھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ تمام دائرة البروج میں روایت شکن خصوصیات کے حامل آپ ہیں، آپ کبھی اس راستے پر نہیں جاتے یا وہ طریقہ اختیار نہیں کرتے جو دوسرے اختیار کر رہے ہوں، آپ کی سوچ اور طریق کار یا اختیار کردہ راستہ ہمیشہ دوسروں سے کچھ مختلف ضرور ہوگا ، خدمت خلق کا جذبہ آپ سے زیادہ کسی میں نہیں ہے اور وہ بھی بے لوث، آپ خلق خدا کے لیے جو کچھ بھی ممکن ہو کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، خواہ اس میں آپ کو کوئی مالی فائدہ ہو یا نہ ہو۔
محبت ورومان: چوں کہ آپ ذہین ہیں لہذا اپنے مساوی ذہین اور عموماً تعلیم یافتہ ساتھی کو ترجیح دیتے ہیں۔ آپ بنیادی طورپرمضبوط اور مستقل وابستگی کے حامل اور سیدھے سادھے ہیں لہذا اپنے شریکِ حیات کے لیے پریشانی کا باعث نہیں ہیں۔ آپ آزادی چاہتے ہیں اور گھومنا پھرنا پسند کرتے ہیں لہذا ایسے ساتھی کو ترجیح دیتے ہیں جو مساوی سوشل،ذہین اور مطالعے کا شوقین ہو۔ دراصل آپ کو ایک دوست نما بے تکلف شریکِ حیات چاہیے۔ اگر کوئی شخص آپ کے معیار پر پورانہیں اترتا تو آپ آہستہ آہستہ کوئی وجہ بتائے بغیر اس سے اپنی دوستی ختم کر لیں گے ۔
آپ مطابقت، ہم آہنگی اور سکون چاہتے ہیں۔ آپ جذباتی سے زیادہ ذہین ساتھی کے لیے موزوں ہیں۔ آپ اچھے کفیل ہیں اور پیشہ وارانہ زندگی میں پختہ شعور کے مالک اور مستقل مزاج ہیں۔ آپ گرم جوش نہیں ہیں۔ آپ کا جھکاو¿ جذبات سے زیادہ دانش مندی کی طرف ہوتاہے۔ آپ شادی کو ایک گھریلو منصوبے کے حصے کے طورپر قبول کرتے ہیں۔ آپ کی نمایاں خامی صرف ایک ہے کہ آپ اپنی بیوی میں کوئی دلچسپی نہیں لیتے اور وہ یہ محسوس کرتی ہے کہ آپ اسے نظرانداز کررہے ہیں۔ جب کہ آپ کی دلچسپیاں اور بہت سے لوگوں کی طرف بھرپور ہوتی ہیں،آپ کو اپنی آزادی بہت عزیز ہے جسے آپ کسی قیمت پر نظرانداز نہیں کرسکتے، اگر آپ کی بیوی جارحانہ مزاج اور شدت پسند رجحان کی مالک ہے وہ آپ کے ساتھ قابضانہ رویہ اپناتی ہے تو آپ اسے برداشت نہیں کرسکتے اور راہ فرار ڈھونڈنا شروع کردیتے ہیں، اپنی بیوی کو ہر طرح کی آزادی دیتے ہیں اور خود بھی ایک آزاد زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔
کاروبار: آپ جدید مشینری، ایجادات اور دریافت کے ذریعے پیسہ کماتے ہیں۔ اور بے حد باصلاحیت اور اولوالعزم ہوتے ہیں۔ اپنے کاروبار کو ترقی دینے کے لیے جدید طریقے اپناتے ہیں۔
اصلاح ودرستی کی ضرورت: آپ کو صرف تاریک پہلو نہیں دیکھنا چاہیے اورنہ ہی گھبراہٹ کا شکار ہونا چاہیے، آپ کو تنہائی سے گزیز کرنا چاہیے۔ ان لوگوں سے سخت رویہ نہیں اپنانا چاہیے جنہیں آپ ناپسند کرتے ہیں۔ آپ کو پریشان یا اداس بھی نہیں ہونا چاہیے۔ اپنی محنت کا معاوضہ فوراً یا ایڈوانس لے لینا چاہیے۔ ادھار دینے سے گریز کرنا چاہیے کیوں کہ آپ کے لیے وصول کرنا مشکل کام ہے،مندرجہ بالا برج دلو کی خصوصیات میں کمی بیشی یا منفی و مثبت پہلو زائچے میں سیاروی نشست و برخاست یا اچھے برے نظرات کے سبب ہوسکتی ہے مثلاً زیر نظر زائچے میں طالع برج دلو کا حاکم سیارہ زحل نوامسا چارٹ میں ہبوط یافتہ ہے،یہ خرابی کردار و عمل میں نمایاں ہوسکتی ہے۔
عزیزان من! آپ نے دیکھا کہ پاکستان کی سیاست کا یہ نیا نام اپنے کردار اور عمل میں کیسی خوبیوں اور خامیوں کا حامل ہے،بے شک ایسے لوگ سیاست میں آکر موجودہ بدترین ماحول کو بدلنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں، بشرط یہ کہ انھیں آزادانہ طور پر کام کرنے کا موقع ملے،پاکستان کی سیاست میں طالع برج دلو ہمارے علم کے مطابق شیخ رشید آف راولپنڈی کا ہے، جب بات چھڑ ہی گئی ہے تو بہتر ہوگا کہ اپنی ذاتی ریسرچ کے مطابق چند دیگر اہل سیاست کے طالع پیدائش (Birth sign) کی نشان دہی بھی کردی جائے ۔
جناب ذوالفقار علی بھٹو کا طالع پیدائش جوزا (Gemini) تھا، ان کی صاحب زادی کا میزان اور داماد جناب آصف علی زرداری کا بھی جوزا، مولانا فضل الرحمن اور چوہدری پرویز الٰہی کا طالع پیدائش بھی جوزا ہے، عمران خان کے ساتھ بھی تاریخ پیدائش اور وقت پیدائش کے ایسے مسائل رہے ہیں کہ اب تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنا مشکل ہے،پہلے ہماری تحقیق کے مطابق طالع میزان درست تھا لیکن کچھ عرصہ پہلے ایسے انکشافات ہوئے جس کے تحت ان پر برج قوس بھی صادق آتا نظر آیا، جناب نواز شریف اور الطاف حسین کا طالع پیدائش سنبلہ ، وزیراعظم شہباز شریف کا برج عقرب، ان کے صاحب زادے حمزہ شہباز کا بھی برج عقرب ،علامہ طاہر القادری کا برج جوزا، شاہد خاقان عباسی اور جناب یوسف رضا گیلانی کا برج قوس ،شاہ محمود قریشی کا برج اسدہے،حنا ربانی کھر کا برج میزان ہے، یہ مختصر تفصیل محض اپنے قارئین کی دلچسپی کے لیے بیان کردی گئی ہے تاکہ وہ ان بروج کی خصوصیات کا مطالعہ کرکے ان کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں،ہمارا مقصد بھی بنیادی طور پر اسی قدر ہے کہ ہم اپنے رہنماو¿ں کی شخصیت ، کردار اور فطرت سے واقفیت حاصل کرسکیں،باقی ان کے حالات زندگی سے سب ہی واقف ہوتے ہیں۔
فطری خصوصیات
کردار و عمل پیدائشی برج سے ظاہر ہوتا ہے لیکن انسانی فطرت قمری برج اور قمری منزل کی روشنی میں دیکھی جاتی ہے تو آئیے دیکھتے ہیں بلاول بھٹو فطری طور پر (By Nature) کس قسم کے انسان ہیں۔
ان کی پیدائش کا برج (جنم راشی)برج جدی ہے،اس کا حاکم سیارہ سخت روک تھام کرنے والا زحل ہے،یہ خاکی برج ہے اور عملیت کو اولیت دیتا ہے،یہ لوگ نہایت مستقل مزاجی سے اپنے راستے پر منزل کی سمت رواں دواں رہتے ہیں اور بالآخر کسی بلند ترین مقام تک پہنچ جاتے ہیں، مزاحمت اس برج کی نمایاں خصوصیت ہے،مادّیت کا رجحان ان کا دوسرا وصف ہے،یہ لوگ کبھی زمینی حقائق کو نظر انداز نہیں کرتے،قائدے قانون ،اصول و ضوابط اور نظم و ضبط کی پابندی کرنا اور کرانا ان کی فطرت کا حصہ ہے جس میں ناکامی کی صورت میں یہ خوش نہیں رہ سکتے اور نتیجے کے طور پر کسی ڈپریشن کا شکار ہوسکتے ہیں،قنوطیت کا لفظ بھی اس برج کے لیے مخصوص ہے۔
قمری منزل (نچھتر) اُتر شدھ (ابھیچیت) ہے جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے کہ اسے ویدک علم نجوم میں نہایت مبارک تصور کیا جاتا ہے،اس کا نشان یا علامت ہاتھی دانت اور بستر ہے جو آرام اور امن کی علامت ہے،مذکر اور ثابت ہے،یہ عالمی ستارہ کہلایا جانے والا نچھتر گہری انسانیت اور تمام نسلوں کے لیے منصف مزاجی کی عکاسی کرتا ہے،امریکی صدر ابراہام لنکن کی پیدائش بھی اسی نچھتر میں ہوئی تھی،اس کی فطرت انسانی اور بنیادی محرک روحانی آزادی جب کہ حیوانی علامت نر نیولا ہے، اس نچھتر میں پیدا ہونے والے افراد زبردست بصیرت اور زیادہ مستحکم رویے ، جارحانہ فطرت کے مالک ہوتے ہیں، یہ لوگ کسی بھی کام میں انتہائی انہماک کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اپنی سدھ بدھ کھو بیٹھتے ہیں،عام طور پر زندگی میں فراوانی کے حامل ہوتے ہیں، قیادت کی خوبیاں اور لوگوں سے رابطے کی اہلیت انھیں اچھا سیاست داں بناتی ہے، یہ جو بھی کام کرتے ہیں اس میں استقامت کا اظہار کرتے ہیں، یہ لوگ بڑے آدرش وادی ہوتے ہیں، ان کے اہداف اونچے اور اوصاف نکھرے ہوئے ہوتے ہیں،فتح کا انحصار درست کاز پر ہے۔
اس نچھتر کا منفی رُخ یہ ہے کہ مستقل فعال رہنا اور کسی پہلو قرار نہ پانا ، ان کا انہماک ڈسٹرب ہو تو بے حسی پیدا ہوسکتی ہے،وہ پٹری بدل کر کوئی نیا پروجیکٹ شروع کرتے ہیں اور پھر اسے مکمل کرنے میں ناکام رہتے ہیں، ایک خود غرض اور ضدی شخصیت اس صورت میں واقع ہوسکتی ہے،جب اُتر شدھ کا حاکم سیارہ متاثر ہو جو شمس ہے اور زائچے میں اچھی پوزیشن نہیں رکھتا، یہ نچھتر برج جدی میں ہے اور اس کا حاکم زحل بھی اچھی پوزیشن نہیں رکھتا، کسی بھی برج یا نچھتر کی عمومی خصوصیات سیاروی نشست و برخاست کے سبب بہت اچھی یا بہت بری ہوسکتی ہےں۔
مشہور شخصیات
قارئین کی دلچسپی کے لیے دنیا کی ایسی مشہور شخصیات کی نشان دہی ضروری ہے جو اس نچھتر میں پیدا ہوئیں، نیپولین بونا پارٹ، سیزر اگسٹس، ابراہام لنکن، بدنام زمانہ نازی لیڈر ایڈولف ایشمین، سابق بھارت وزیراعظم اندرا گاندھی، رابرٹ کینڈی ، اٹل بہاری واجپائی، شیخ ایاز، کیری گرانٹ، موسیقار نوشاد، کلاسیکل گائیک پنڈت جسراج ، اداکارہ نوتن، کرشمہ کپور، ڈان ابو سالم وغیرہ۔
سیاروی نشست
پہلے اوربارھویں گھر کا حاکم سیارہ زحل گیارھویں گھر قوس میں ہے اور نوامسا چارٹ میں ہبوط یافتہ ہے،دوسرے اور گیارھویں گھر کا حاکم سیارہ مشتری چوتھے گھر برج ثور میں نہایت طاقت ور پوزیشن رکھتا ہے،طالع کے درجات سے قریب ہونے کی وجہ سے چوتھے (تعلیم ، والدین،رہائش اور سواری ) آٹھویں(وراثت، عمر اور دنیاوی مفادات )دسویں (عزت و مرتبہ، کرئر)بارھویں گھر کو ناظر ہے، بارھواں گھر نقصانات اور نامناسب دلچسپیوں یا سرگرمیوں سے متعلق ہے۔
تیسرے اور دسویں گھر کا حاکم سیارہ مریخ بھی دوسرے گھر برج حوت میں نہایت طاقت ور پوزیشن میں ہے اور زائچے کے دوسرے گھر (اسٹیٹس، ذرائع آمدن اور فیملی ) پانچویں گھر (شعور، زائد آمدن، محبت، اولاد، تفریحات)آٹھواں گھر اور نویں گھر (قسمت ،مستقبل کی منصوبہ بندی، مذہب، آئین و قانون )،سیارہ شمس ساتویں گھر کا حاکم ہوکر آٹھویں گھر میں ہے، یہ تعلقات و پارٹنر شپ کے حوالے سے اچھی پوزیشن نہیں ہے، مریخ اور مشتری زائچے میں اہم پوزیشن رکھتے ہیں اور اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
چوتھے اور نویں گھر کا حاکم سیارہ زہرہ چھٹے گھر میں ہے جو اختلافات اور تنازعات کا گھر ہے، تیسرے اور آٹھویں گھر کا حاکم سیارہ عطارد نویں گھر میں ہے جو وراثتی امور میں خوش بختی کا سبب ہے،ایک ملک گیر سیاسی پارٹی بغیر کسی کوشش و جدوجہد کے پلیٹ میں رکھ کر صاحب زائچہ کو پیش کردی گئی۔
راہو کیتو بالترتیب پہلے اور ساتویں گھر میں ہیں، یہ عملی زندگی میں ہمیشہ منفی کردار ادا کرتے ہیں لیکن مثبت بات یہ ہے کہ ایسے لوگ بہت ہوشیار اور چالاک ہوتے ہیں، انھیں آسانی سے فریب نہیں دیا جاسکتا۔
عزیزان من! زائچے میں تمام سیارگان مختلف گھروں میں بکھرے ہوئے ہیں،یہ بھی ایک یوگ ہے، دو یا دو سے زیادہ سیارے کسی ایک گھر میں کوئی مخصوص یوگ نہیں بنارہے،البتہ دشا ماسا((D-10 میں جو کرئر سے متعلق ہے، راج یوگ موجود ہے لیکن ایسا کوئی یوگ موجود نہیں ہے جو عظیم شخصیات کے زائچوں کے لیے مخصوص ہو، خصوصاً ” پنچم مہاپرش یوگ“ اس حوالے سے مشہور ہیں۔
حال و مستقبل
اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ بلاول بھٹو کا حال فی الحال ان کے والد بزرگ وار اور والدہ کی وراثت کا نتیجہ ہے ، جیسا کہ پہلے عرض کیا تھا کہ وہ منہ میں سونے کا چمچا لے کر پیدا ہوئے،بے شک بطور وزیر خارجہ ان کی کارکردگی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہے،جس میں ان کی ذاتی صلاحیتوں کا اظہار ہوا ہے، امید ہے کہ یہ اظہار آئندہ بھی جاری رہے گا،اس سال جنوری سے ان کا ذاتی سیارہ زحل طالع میں آئندہ ڈھائی سال کے لیے آگیا ہے،یہ ایک سپورٹنگ صورت حال ہے، گزشتہ سال مشتری زائچے کے دوسرے گھر میں داخل ہوا تو وزیر خارجہ کی حیثیت سے ان کی شخصیت نمایاں ہوئی،سیارہ مشتری اس سال 14 اپریل سے تیسرے گھر میں ایک سال کے لیے قیام کرے گا تو یقینا ان کی کارکردگی ، کوشش و جدوجہد نمایاں رہے گی۔
زائچے میں راہو کا دور اکبر جاری ہے جو اکتوبر 2025 تک رہے گا،اس کے بعد سیارہ مشتری کا دور اکبر شروع ہوگا جو نہایت سعد اور مبارک ثابت ہوگا، فی الحال جون 2023 سے قمر کا دوراصغر شروع ہورہا ہے جو ناموافق مخالفانہ رویے اور تنازعات کا باعث ہوسکتا ہے،یہ دور ستمبر 2024 تک جاری رہے گا، البتہ اس کے بعد سیارہ مریخ کا دور نہایت موافق اور کرئر میں نمایاں پوزیشن دینے والا ثابت ہوسکتا ہے،خیال رہے کہ وہ ایک انوکھی سوچ کے حامل اور روایت شکن خصوصیات کے مالک ہیں ، جب بھی انھیں آزادانہ طور پر کام کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے وہ غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جس میں اپنی پارٹی کی اصلاح و درستگی کا کام سرفہرست ہوگا، ہمیں یقین ہے کہ وہ پارٹی کی موجودہ صورت حال سے خوش اور مطمئن نہیں ہوں گے،ان کی والدہ نے بھی پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنی نئی ٹیم ترتیب دی تھی،یہی وہ بھی کریں گے اور انھیں کرنا بھی چاہیے ، وہ ان لوگوں میں سے ہیں جو ماضی میں رہنا پسند نہیں کرتے،مستقبل کے امکانات پر نظر رکھتے ہیں،ان کے آئیڈیازانوکھے اور دور ازکار ہوتے ہیں جو فوری طور پر عام لوگوں کی سمجھ میں نہ آئیں،ایک عجیب تضاد ان کے زائچے میں میں موجود ہے،شخصیت ، کردار اور فطرت پر اثر انداز ہونے والے بروج متضاد اثر کے حامل ہیں، دلو ہوائی برج ہے جب کہ جدی (قمر)اور سنبلہ (شمس) خاکی برج ہے،گویا ان کی آئیڈیالوجی کو زمینی حقائق کے آگے سرتسلیم خم کرنا پڑے گا (واللہ اعلم بالصواب)