نومبر کی فلکیاتی گردش اور زائچہ پاکستان پر اثرات

نواز شریف، مریم نوازکے زائچوں پر ایک نظر

زائچہ پاکستان کے مطابق اکتوبر نومبر کے مہینے ہمیشہ نہایت اہمیت کے حامل رہے ہیں کیوں کہ اس عرصے میں سیارگان کی گردش زائچے کے چھٹے گھر کو متاثر کرتی ہے۔ گزشتہ ایک سال سے طرفہ تماشا یہ کہ سیارہ مشتری کے علاوہ سیارہ یورینس اور راہو برج حمل میں یعنی بارھویں گھر میں اور کیتو چھٹے گھر میں حرکت کر رہے ہیں۔چناں چہ دیگر سیارگان کی برج میزان یعنی چھٹے گھر میں آمد دیگر سیارگان کے ساتھ اہم اور موثر زاویے بناتی ہے جو غیر معمولی حالات و واقعات کا سبب بنتے ہیں۔

آپ اگر ماضی کا ریکارڈ چیک کریں تو اندازہ ہوگا کہ مارچ اپریل کے علاوہ اکتوبر نومبر اور دسمبر بھی اہم ، غیر معمولی واقعات کی نشان دہی کرتے نظر آئیں گے۔ اس سال اکتوبر میں جناب نواز شریف کی پاکستان آمد اور عدلیہ کے اہم فیصلے اور فعالیت نمایاں ہیں۔عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور مقتدر حلقے آئندہ بھی زیادہ فعال نظر آئیں گے اور امکان ہے کہ الیکشن کی تاریخ اور شیڈول بھی اسی دوران میں سامنے آجائے۔

نومبر کا آغاز چاند گہن سے ہورہا ہے جو پاکستان کے زائچے کے بارھویں گھر میں لگا۔ قمر کا تعلق زائچے کے تیسرے گھر سے ہے جو نئے احکامات اور فیصلوں یا اقدام کا گھر ہے ، گہن کے بعد فوری طور پر قمر کا مشتری اور یورینس سے قران عدلیہ کو مزید فعال کرے گا اور بہت سے چونکا دینے والے حیران کن فیصلے دیکھنے کو ملیں گے۔

راہو اور کیتو ستمبر کے آخری ہفتے سے زائچے میں ایسی پوزیشن میں ہیں جس کی وجہ سے زائچے کا دوسرا ، چوتھا، چٹھا، آٹھواں، دسواں اور بارھواں گھر بری طرح متاثر ہے۔ چناں چہ ان گھروں سے متعلق منسوبات نت نئے رنگ دکھا رہی ہیں جن کی تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں ورنہ مضمون بہت طویل ہوجائے گا۔مختصر بات یہ کہ ملکی زائچے کا دوسرا گھر ملک کی حیثیت اور معیشت سے متعلق ہے۔چوتھا گھر عوام اور اپوزیشن کا ہے۔چھٹا گھر سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے اور اقدام ، آٹھواں حادثات و سانحات ، دسواں حکومت اور ملک کا وقار ۔ بارھواں نقصانات ، خفیہ سرگرمیاں ۔ چناں چہ اندازہ لگالیں کہ ملک کے کون سے شعبے راہو کیتو کی اس پوزیشن سے مستقل متاثر ہیں اور ان شعبوں میں کیا ہورہا ہے۔پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے ملک کے وقار کو دھچکا پہنچایا، مسلسل چار میچ میں شکست کھائی، دنیا بھر میں اس وقت پاکستان ایک تماشا بنا ہوا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ زائچے کا نواں گھر راہو کیتو کے اثر سے پاک ہے۔ چناں چہ عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی بہتر ہے اور آئندہ بھی بہتر رہے گی۔

اس سال سیارہ زہرہ ابھی تک چھٹے گھر میں نہیں پہنچ سکا ہے۔ اس کے بجائے سیارہ مریخ چھٹے گھر میں حرکت کر رہا ہے جو بہت ہی اہم بات ہے۔ مریخ اگرچہ ملکی معاملات میں فوج ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا نمائندہ ہے لیکن زائچہ پاکستان کے مطابق بارھویں اور آٹھویں گھر کا حاکم ہونے کی وجہ سے غیر ملکی معاملات سے بھی جڑ جاتا ہے تو ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت پاکستان غیر ملکی قوتوں کی سرگرمیوں کا بھی مرکز ہے۔اقتدار کا سیارہ شمس برج میزان میں اور زائچے کے چھٹے گھر میں ہبوط زدہ ہے، چناں چہ حکومت اور مقتدر قوتیں شدید تنقید کا نشانہ بن رہی ہیں۔سیارہ عطارد بھی چھٹے گھر سے گزر رہا ہے لیکن 6 نومبر سے برج عقرب میں بہتر پوزیشن پر ہوگا۔اس وقت بہت سی نئی خبریں میڈیا میں آئیں گی جو بعض خفیہ امور کو بے نقاب کریں گی۔

عزیزان من! اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ تقریباً 17 نومبر تک نت نئی خبروں اور غیر معمولی واقعات سے وابستہ رہے گا، اس کے بعد صورت حال کسی حد تک نارمل ہوگی۔ گویا نومبر کے آخر تک بہت سی پےچیدہ گتھیاں کھل جائیں گی اور مستقبل میں کیا ہونے جارہا ہے ؟ اسے سمجھنا زیادہ آسان ہوجائے گا۔

نواز شریف کی آمد

جناب نواز شریف تقریباً 4 سال بیرون ملک میں گزار کر 21 اکتوبر کو وطن واپس آگئے ہیں اور اس طرح فاتحانہ انداز میں جیسے ماضی میں مشہور رومن جنرل جولیس سیزر اسپین پہنچا تھا اور اس نے کہا تھا ”میں نے دیکھا اور میں نے فتح کرلیا”

لندن سے روانگی سے قبل انھوں نے اعلان کردیا تھا کہ اگلی حکومت ہم بنائیں گے۔یہ اعلان یقینا ان کے اعتماد کا ثبوت تھا ، ان کی صاحب زادی مریم نواز صاحبہ بہت پہلے سے یہ کہہ رہی تھیں کہ جب تک لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ہو وہ نہیں آئیں گی، چناں چہ اب میدان ہموار ہوچکا ہے، ان کے سب سے بڑے حریف عمران خان جیل میں ہیں اور بے شمار مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ان کی جماعت تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، کچھ نئی جماعتیں جنم لے رہی ہیں۔اب پاکستان پیپلز پارٹی بھی لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کرتی نظر آتی ہے اور اسے بھی اپنا مستقبل محفوظ نظر نہیں آرہا لیکن درحقیقت پیپلز پارٹی اور ن لیگ مقتدر حلقوں سے بہتر امیدیں لگائے بیٹھی ہیں، فی الحال سختی اور عتاب کا شکار صرف تحریک انصاف ہے جس کی وجہ عمران خان کے ذاتی زائچے میں راہو کیتو کی اسٹیشنری پوزیشن قیامت ڈھا رہی ہے، نومبر کے بعد عمران خان اس صورت حال سے نکل جائیں گے۔

سیاست کے میدان میں کیا ہورہا ہے اور آئندہ کیا ہوگا ، یہ تو سیاسی تجزیہ نگار ہی بہتر جان سکتے ہیں ۔ ہم تو صرف صورت حال کو علم نجوم کی روشنی میں ہی سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ جناب نواز شریف کے زائچے پر ہم نے برسوں محنت کی ہے اور ہماری نظر میں ان کا طالع پیدائش برج سنبلہ ہے۔یقینا ان کا زائچہ ایک مضبوط زائچہ ہے جس کی وجہ سے وہ ایک کامیاب بزنس مین کے علاوہ ملک کے تین بار وزیراعظم بھی بن چکے ہیں تو کیا چوتھی بار بھی وزیر اعظم بننے میں کامیاب ہوسکیں گے ؟آئیے اس سوال کا جائزہ لیتے ہیں۔

طالع برج سنبلہ اور قمر بھی برج سنبلہ میں ہی ہے لہٰذا لگن اور جنم راشی ایک ہی ہیں۔ ٹرانزٹ کرتا ہوا سیارہ مشتری زائچے کے آٹھویں گھر میں ہے جو زیادہ بہتر پوزیشن نہیں ہے البتہ سیارہ زحل کی پوزیشن ٹرانزٹ میں بہتر ہے ،وہ اپنے گھر میں طاقت ور ہے اور جو کچھ وہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اس میں معاون و مددگار ہے۔زائچے میں کیتو کا دور اکبر جاری ہے اور دور اصغر سیارہ زہرہ کا ہے۔ زہرہ زائچے کا طاقت ور سیارہ اور دوسرے اسٹیٹس کے گھر کا مالک ہے۔زہرہ کا دور 11 فروری 2024 تک رہے گا، اس عرصے میں اگر الیکشن ہوتے ہیں تو بہتر نتائج حاصل ہوسکیں گے اور وہ وزیراعظم بن سکیں گے لیکن گیارہ فروری کے بعد سیارہ شمس کا دور اصغر شروع ہوگا جوبارھویں گھر کا مالک ہونے کی وجہ سے انتہائی خراب اثرات دے گا جس کے نتیجے میں صحت کے مسائل ایک بار پھر پےچیدہ ہوسکتے ہیں اور انھیں دوبارہ لندن جانا پڑسکتا ہے۔اس صورت حال میں انھیں ایک قائم مقام وزیراعظم کی ضرورت پیش آسکتی ہے جو شہباز شریف بھی ہوسکتے ہیں اور مریم نواز بھی۔

ان کی صاحب زادی مریم نواز کا زائچہ بھی کچھ عرصہ پہلے ہم نے بنایا تھا اور ہماری ویب سائٹ پر بھی موجود ہوگا۔ان کا طالع پیدائش برج اسد ہے ، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس بار محترمہ مریم نواز زیادہ نمایاں ہوکر سامنے آئیں گی اور انھیں کوئی اعلیٰ عہدہ و منصب بھی حاصل ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں وہ اپنے والد سے زیادہ فعال اور تمام امور سیاست پر حاوی ہوں گی ۔ یہ ساری صورت حال ظاہر کرتی ہے کہ نواز شریف صاحب سیاست میں اپنی جانشینی کا فریضہ بھائی شہباز شریف کے بجائے بیٹی مریم نواز کے ہی سپرد کریں گے۔ ممکن ہے یہ صورت حال دونوں خاندانوں میں کسی تنازع کا سبب بن جائے۔ (واللہ اعلم بالصواب)

نومبر کی سیاروی گردش

نومبر کا آغاز چاند گہن سے ہورہا ہے۔ سیارہ شمس برج میزان میں حرکت کر رہا ہے۔17 نومبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا۔ سیارہ عطارد بھی برج میزان میں ہے اور 6نومبرکو برج عقرب میںداخل ہوگا۔سیارہ زہرہ برج اسد میں حرکت کر رہا ہے ، 3 نومبر کو اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں داخل ہوگا۔سیارہ مریخ بھی برج میزان میں ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔سیارہ مشتری بحالت رجعت برج حمل میں حرکت کر رہا ہے جب کہ سیارہ زحل بھی بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کر رہا ہے، 4 نومبر کو مستقیم ہوکر اپنی سیدھی چال پر آجائے گا۔سیارہ یورینس برج حمل میں، نیپچون برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں حرکت کریں گے۔ راہو اور کیتو پورا مہینہ بالترتیب برج حمل اور میزان میں مستقیم پوزیشن پر رہیں گے ۔29 نومبر کو برج حوت اور سنبلہ میں داخل ہوجائیں گے، یہ اس مہینے میں واقع ہونے والی ایک بڑی سیاروی تبدیلی ہوگی۔ خیال رہے کہ نومبر میں سیارگان کی گردش کا دبائو برج میزان اور برج حمل میں ہے

شرف قمر

اس ماہ قمر 2 بار اپنے درجہ ءشرف پر آئے گا۔ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پہلی بار 30 اکتوبر کو دوپہر 01:25 سے 03:10 تک درجہ شرف پر ہوگا اور اس کے بعد 26 نومبر کو رات 10:54 سے 27 نومبر شب 12:40 تک درجہ شرف پر ہوگا۔ اس عرصے میں اعمال نیک کیے جاسکتے ہیں ۔ اپنی جائز حاجتوں کے لیے دعا کی جاسکتی ہے۔ اس حوالے سے ہمارا مشہور عمل جو ہم اکثر دیتے ہیں یہ ہے۔اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھیں اور اللہ سے اپنے مقصد کے لیے دعا کریں۔

قمر در عقرب

اس ماہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 14 نومبر کو رات 12:24 سے 02:14 تک درجہ ہبوط پر ہوگا۔یہ وقت اعمال نحس کے لیے مناسب ہوتا ہے۔ اس وقت اپنی ضرورت کے مطابق اعمال و نقوش کیے جاسکتے ہیں۔ اس حوالے سے سورج اور چاند گہن کے لیے جو اعمال دئیے گئے تھے ، ان میں سے بھی کوئی عمل کیا جاسکتا ہے۔

ہبوط زہرہ

برج سنبلہ میں سیارہ زہرہ حالت ہبوط میں ہوتا ہے۔ 26 نومبرکو دوپہر01:41 سے 27 نومبر صبح 10:28 تک زہرہ درجہ ہبوط پر ہوگا۔ یہ بھی ایک نحس وقت ہے ، خصوصاً شادی بیاہ ، منگنی یا محبت کے معاملات کے لیے ۔ اس وقت میں ایسے اعمال کیے جاسکتے ہیں جن کا مقصد کسی زانی یا زانیہ کو زنا یا ناجائز تعلقات سے روکنا مقصود ہو۔
نوٹ : خیال رہے کہ سیارہ زہرہ اپنے برج ہبوط میں 3 نومبر صبح 04:42 پر داخل ہوگا اور 30 نومبر شب 12:35 تک یہاں رہے گا۔ یہ تمام وقت شادی بیاہ ، منگنی یا محبت کے معاملات کے لیے ناموافق ہے۔ اس دوران محتاط رہیں، جو لوگ اس عرصے میں شادی کریں گے انھیں ازدواجی زندگی میں پریشانی اور مسائل کا سامنا کرنا ہوگا۔

کیا کروں، کیا نہ کروں ؟

آر، اے ، جگہ نا معلوم،لکھتے ہیں”میں موٹر سائیکل کا کام جانتا ہوںاور مزید تجربے کار ہونا چاہتا ہوں،کیا اسی کام کو سیکھ کر روزی کمانے کا کام کروں؟یا مجھے نیوی میں بھرتی ہونا چاہےے؟میں باہر ملک جا سکتا ہوں، اگر جا سکتا ہوں تو کب تک اور زندگی میں روپے کی ریل پیل ہے یا نہیں؟میں نے سیکنڈ ائیر کا امتحان دیا ہے،میری تعلیم مزید کہا ں تک ہے، میںکار مکینک کا کام سیکھوں یا نہیں”؟
جواب:عزیزم ! آپ کو سارے کاموں کو پس پشت ڈال کر اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہےے اور ابھی سے پیسہ کمانے کی ہوس میں مبتلا نہیں ہونا چاہےے، ابھی آپ کی عمر ہی کیا ہے کہ آپ روپے کی ریل پیل کے چکر میں پڑ گئے ہیں،آپ کا زائچہ بہت اچھا ہے اور آپ اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکتے ہیں مگر چونکہ آپ کا شمسی برج عقرب اور پیدائشی برج حمل ہے جس کا حاکم سیارہ مریخ ہے لہٰذا آپ کی طبیعت میں بے صبری، جلد بازی اورنا فرمانی کا عنصر بھی موجود ہے، ممکن ہے حالات بھی آپ کو فوری طور پر پیسہ کمانے کے لئے مجبور کررہے ہوں مگر یاد رکھیں جو لوگ اپنی تعلیمی اور تربیتی بنیادوں کے مضبوط ہونے سے پہلے ہی دولت کے پیچھے دوڑنا شروع کر دیتے ہیں وہ ساری زندگی پھر دوڑتے ہی رہتے ہیںکیونکہ ان کی بنیاد کمزور ہوتی ہے جس کی وجہ سے انہیں زندگی میں ملنے والے بہترین چانس حاصل نہیں ہوپاتے اور وہ اپنی تعلیمی کمی کی وجہ سے دوسروں سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔
اگر مالی مسائل کی وجہ سے آپ کار مکینک کا کام سیکھ رہے ہیں اسے ایک پارٹ ٹائم جاب کے طور پر کرتے رہیں مگر اپنا تعلیمی کرئر جاری رکھیں اسے کسی قیمت پر نہ چھوڑیں اگر نیوی میں کوئی چانس مل رہا ہے تو وہ بھی اچھا ہے لیکن ہمیں امید نہیں ہے کہ آپ کو فی الحال کوئی سرکاری جاب مل سکے گی، بے شک آپ مستقبل میں باہر بھی جا سکتے ہیں مگر باہر جا کر کیا کریں گے، ٹیکسی چلائیں گے یا کسی ہوٹل میں پلیٹیں صاف کریں گے؟آپ کے لئے بہترین مشورہ یہی ہے کہ اپنی تعلیم مکمل کریں خواہ اس کے لئے آپ کو کچھ بھی کرنا پڑے، بے شک آپ ٹیکنیکل مائنڈ ہیں لہٰذا اگر کمپیوٹر کورسز کریں تو زیادہ بہتر ہوگا، موٹر سائیکل یا کار مکینک ہونا آج کے زمانے میں زیادہ فائدہ بخش کام نہیں ہے۔

پیدائشی کمزوری

جے، ایچ ، حیدرآباد : عزیزم ! آپ کا زائچہ کافی کمزور ہے جس کی وجہ سے ابتداءہی سے زندگی میں مشکلات اور محرومیاں نظر آتی ہیں‘آپ کا شمسی برج جدی اور پیدائشی برج جوزا ہے جبکہ قمری برج قوس ہے زائچے کے آٹھوےں گھر میں شمس، زہرہ اور مریخ موجود ہیں جبکہ سیارہ مشتری بارھویں گھر میں ہے ۔چار اہم سیار گان زائچے میں اگر منحوس گھروں میں ہوں تو زندگی کافی مشکل ہو جاتی ہے، خوشیاں اورکامیابیاں خواب و خیال بن جاتی ہیں۔آپ کی تو ازدواجی زندگی بھی اطمینان بخش نظر نہیں آتی۔ آپ کا حاکم سیارہ عطارد ہے وہ زائچے کے ساتویں گھر میں کمزور ہے، آپ کے زائچے میں واحد طاقت ور سیارہ زحل ہے یا قمر ہے۔بہر حال ایسی صور ت حال میں خاتم زحل یقیناً فائدے مند ہو سکتی ہے مگر ایسے زائچوں کو دیکھتے ہوئے کچھ خصوصی روحانی علاج کی ضرورت ہوتی ہے جو بہر حال آسان نہیں ہوتا۔فی الحال سیارہ زحل آپ کے زائچے میں موافق پوزیشن میں ہے۔ اس وقت سے فائدہ اٹھائیں اور مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہر صورت میں تعلیمی سلسلہ جاری رکھیں، یہی بہتر ہوگا۔