صرف ایک شخص پر ساری توانائی ضائع کی جارہی ہے؟
زائچہ پاکستان میں سیاروی گردش زائچے کے نویں دسویں اور گیارھویں گھر میں اہمیت کی حامل ہے۔ یعنی سیارہ شمس و عطارد اور پلوٹو زائچے کے نویں گھر میں حرکت کر رہے ہیں جب کہ زحل دسویں گھر میں اور راہو، زہرہ اور نیپچون گیارھویں گھر میں ہیں۔ سیارہ مشتری پہلے گھر میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے۔ کیتو پانچویں گھر میں جب کہ سیارہ مریخ دوسرے گھر میں بحالت رجعت حرکت کریں گے۔
اس اعتبار سے فروری کا مہینہ اور آنے والے مہینے (تقریباً مئی تک) مزید اہمیت کے حامل ہوں گے۔ اس عرصے میں بہت سے نئے کام، نئے فیصلے اور اقدام دیکھنے میں آئیں گے۔ اس وقت سیارہ مشتری کی نظر شمس و عطارد پر ہے۔ چناں چہ ایک نہایت سخت قانون اسمبلی سے پاس ہوگیا ہے جس پر صحافتی تنظیمیں احتجاج کر رہی ہیں کیوں کہ ان کے خیال میں اس ’’کالے قانون‘‘ کی وجہ سے اظہار رائے کی آزادی مکمل طور پر ختم ہوجائے گی۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ وغیرہ میں بھی نت نئے تنازعات جنم لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے آئندہ بھی نت نئی خبریں گردش کرتی رہیں گی۔
سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ سیارہ زہرہ اپنے شرف کے برج حوت میں طویل قیام کے لیے داخل ہوچکا ہے۔ یہاں اس کا استقبال راہو کیتو کر رہے ہیں، چناں چہ یہ وقت اسٹیبلشمنٹ کے لیے سازگار نہیں ہے۔ اس وقت جو بھی فیصلے اور اقدام ہوں گے، وہ مفید ثابت نہیں ہوں گے بلکہ مزید نئے مسائل کو جنم دیں گے۔
زائچے میں بدترین پوزیشن راہو اور کیتو کی ہے جو ابتدائی درجات پر اسٹیشنری ہیں جس کی وجہ سے ایسے خطرات موجود ہیں جو ملک کے لیے اور حکومتی اقدام و فیصلوں کے لیے، آئین و قانون کے لیے، عدلیہ کے لیے، بیرون ملک تعلقات کے حوالے سے یقیناً تشویشناک ہیں۔
پاکستان کو بلوچستان اور کے پی میں جس نوعیت کی صورت حال کا سامنا ہے وہ بھی خاصی تشویش ناک ہے۔ اس حوالے سے تو اب کسی شک و شبہے کی گنجائش نہیں ہے کہ پاکستان کا جمہوری نظام مکمل طور پر تباہ و برباد ہوچکا ہے۔ سیاست داں اپنا وقار اور اپنی ساکھ کھوچکے ہیں جس کا بحال ہونا آسان نظر نہیں آتا، چناں چہ ایک غیر جمہوری نظام کب تک ملک کو سہارا دے سکے گا؟
سیارہ مریخ بحالت رجعت زائچے کے دوسرے گھر میں موجود ہے اور پانچویں، آٹھویں اور نویں گھر پر نظر ڈال رہا ہے لہٰذا میڈیا انٹرٹینمنٹ، بچوں سے متعلق معاملات بری طرح متاثر ہورہے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے۔ ملک میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، میڈیا اور سوشل میڈیا کی آواز دبانے کے لیے قانون سازی ہورہی ہے اور نئے ادارے تخلیق کیے جارہے ہیں۔ عدلیہ کے ہاتھ پاؤں کچھ پہلے باندھ دیے گئے تھے اور باقی کی کسر بھی شاید اب پوری کردی جائے۔ یہ سب کچھ کس لیے کیا جارہا ہے؟ صرف ایک شخص اور ایک پارٹی کو بے دست و پا کرنے کے لیے؟ گویا حکومت ملک اور عوام کے مسائل کا حل اپنی اسی حکمت عملی میں سمجھتی ہے؟
فروری کا نصف ہاف تقریباً ایسی ہی صورت حال کی نشان دہی کرتا ہے۔ البتہ دوسرے ہاف میں کچھ مثبت اشارے نظر آتے ہیں یعنی سیاسی مذاکرات کی ٹیبل دوبارہ سج سکتی ہے اور کچھ دو اور کچھ لو کی بنیاد پر آگے قدم بڑھائے جاسکتے ہیں۔ شاید مقتدر حلقے بھی اس حقیقت سے واقف ہیں کہ وہ ایک مقبول لیڈر کو زیادہ عرصہ پابند سلاسل نہیں رکھ سکتے۔ اس کا کوئی نہ کوئی حل انھیں نکالنا ہی پڑے گا۔
عزیزان من! اس سال بعض اہم سیارگان کی پوزیشن تبدیل ہونے جارہی ہے، سیارہ زحل 29 مارچ کو برج تبدیل کرے گا اور برج حوت میں یعنی پاکستان کے زائچے کے گیارھویں گھر میں قدم رکھے گا۔ سیارہ مشتری 14 مئی کو برج جوزا میں داخل ہوگا جو زائچے کا دوسرا گھر ہے جب کہ طویل قیام کے بعد سیارہ مریخ بھی 7 جون کو برج اسد میں داخل ہوجائے گا۔ اسی طرح 29 مئی سے راہو کیتو بھی گھر تبدیل کرلیں گے۔ یہ ایسی تبدیلیاں ہیں جو آنے والے دو سالوں میں ملکی سیاست و معیشت کا نقشہ ایک بار پھر تبدیل کردیں گی۔ (واللہ اعلم بالصواب)
فروری کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج جدی میں حرکت کر رہا ہے اور بارہ فروری کو برج دلو میں داخل ہوگا۔ سیارہ عطارد بھی برج جدی میں ہے اور گیارہ فروری کو برج دلو میں داخل ہوجائے گا۔ شمس کی قربت کی وجہ سے غروب ہے جب کہ 27 فروری کو اپنے ہبوط کے برج حوت میں داخل ہوگا اور اسی برج میں رجعت کے سبب طویل قیام کرے گا یعنی مارچ اور اپریل کے مہینے بھی اسی برج میں گزارے گا۔
سیارہ زہرہ اپنے شرف کے برج حوت میں داخل ہوچکا ہے اور اس بار اس کا قیام بھی طویل ہوگا یعنی برج حوت میں داخلہ 29 جنوری کو ہوا اور قیام 31 مئی تک رہے گا۔ سیارہ عطارد کے طویل قیام کے بعد اس سال زہرہ کا قیام بھی اپنے شرف کے برج میں خاصا طویل ہوگا۔ دلچسپ صورت حال یہ ہے کہ عطارد کا طویل قیام ہبوط زدہ ہوگا جب کہ زہرہ کا طویل قیام شرف یافتہ۔
سیارہ مریخ برج جوزا میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے۔ 24 فروری کو مستقیم ہوگا اور اپنی سیدھی رفتار پر گامزن ہوجائے گا۔
سیارہ مشتری برج ثور میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے، 4 فروری کو مستقیم ہوگا اور اپنی سیدھی رفتار پر گامزن ہوجائے گا۔
سیارہ زحل برج دلو میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔
سیارہ یورینس بحالت رجعت برج حمل میں حرکت کرے گا جب کہ نیپچون پورا مہینہ برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں رہیں گے۔
راہو اور کیتو بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں اسٹیشنری پوزیشن میں پورا مہینہ رہیں گے۔
شرف قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں جمعرات 6 فروری کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شب 01:45 پر داخل ہوگا اور 8 فروری بروز ہفتہ صبح 05:51 تک برج ثور میں رہے گا۔ اپنے درجہ شرف پر 6 فروری صبح 05:10 سے 06:55 تک ہوگا۔
یہ سعد وقت ہے جس میں نئے کاموں کی ابتدا مبارک رہتی ہے۔ بہترین بات یہ ہے کہ اس ماہ بھی عروج ماہ یعنی چاند کی ابتدائی تاریخوں میں قمر شرف یافتہ ہوگا۔ اس وقت میں اپنے نیک اور جائز مقاصد کے لیے عملیات و وظائف کرنا زود اثر ہوتا ہے۔ برکاتی انگوٹھی یا لوح قمر نورانی اس وقت میں چاندی کی تختی پر کندہ کرانا نہایت فائدہ بخش ہوگا۔
اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم اس وقت میں 556 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے جائز اور نیک مقاصد کے لیے دعا کرنا بھی زود اثر ہوگا۔
دیگر وظائف میں بسم اللہ الرحمن الرحیم 786 مرتبہ پڑھ کر چینی پر دم کرلیں اور یہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی دوسری چینی میں ملا دیں اور جب چینی ختم ہونے لگے تو مزید چینی اس میں ڈال دیں تاکہ پڑھی ہوئی چینی ختم نہ ہو۔ اس عمل سے گھر کے تمام افراد کے درمیان اخلاص و محبت اور یگانگت پیدا ہوگی، باہمی اختلافات اور لڑائی جھگڑے ختم ہوں گے۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 20 فروری بہ روز جمعرات كو صبح 06:19 پر داخل ہوگا اور 22 فروری شام 05:10 تک اسی برج میں رہے گا۔اپنے درجہ ہبوط پر 20 فروری صبح 10:17 سے 12:18 تک ہوگا۔
قمر کا برج عقرب میں قیام نہایت نحس اثرات کا حامل خیال کیا جاتا ہے۔ اس وقت میں کوئی نیا کام شروع کرنا، شادی بیاہ یا منگنی وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے۔ البتہ علاج معالجے کے لیے یہ موزوں وقت ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بری عادات کی بندش یا مخالفین کی زبان بندی، دشمنوں سے نجات وغیرہ کے لیے بھی اس وقت عملیات و وظائف کرنا افضل ہے۔ یہاں ایک عمل دیا جارہا ہے اس کے علاوہ دیگر ضروریات کے لیے ہماری ویب سائٹ سے بھی مدد لی جاسکتی ہے اور براہ راست بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
بندشِ طلاق
اکثرایسی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے کہ شوہر یا شوہر کے گھر والے طلاق دینے پر آمادہ ہوجاتے ہیں۔ بعض شوہر ذرا ذرا سی بات پر بیوی کو طلاق کی دھمکی دیتے رہتے ہیں۔ ایسی صورت حال میں طلاق کو روکنے کے لیے درج ذیل نقش لکھ کر وزنی چیز کے نیچے دبائیں۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور بستم ارادئہ طلاق فلاں بن فلاں (یہاں اس کا نام مع والدہ لکھیں جس سے طلاق کا خطرہ ہو) فی حق فلاں بن فلاں( اپنا نام مع والدہ) یا حراکیل العجل العجل العجل الساعة الساعة الساعة۔
شرف زہرہ
سیارہ زہرہ اپنے شرف کے برج حوت میں داخل ہوچکا ہے اور جیسا کہ پہلے بھی بتایا جاچکا ہے کہ اس بار اس کا قیام اپنے شرف کے برج حوت میں خاصا طویل ہوگا۔ یہاں اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ جب کوئی سیارہ اپنے شرف یا ہبوط کے برج میں داخل ہوتا ہے تو پورے برج میں شرف یافتہ یا ہبوط زدہ ہی تصور کیا جاتا ہے۔ ہمارے نزدیک اس شرف یا ہبوط سے فائدہ اٹھانے کے لیے کسی مخصوص درجے کی قید مناسب نہیں ہے۔ البتہ اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ شرف یافتہ سیارہ اس وقت کسی کمزوری یا نحوست کا شکار نہ ہو یعنی اس پر کسی دوسرے نحس سیارے کی نظر نہ ہوبہ صورت دیگر کتنا بھی تیر بہ ہدف عمل یا نقش ہو، ضائع ہوجائے گا۔
عزیزان من! زہرہ کا برج حوت میں حالت شرف میں سفر اس سال خاصا طویل ہے۔ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق برج حوت میں داخلہ 28جنوری صبح 06:31 amپر ہوا تھا اور اس کا قیام 31مئی 11:03 amتک رہے گا۔ اس دوران میں 2مارچ کو اسے رجعت ہوگی اور پھر 13اپریل کو مستقیم ہوگا لہٰذا اس دوران میں اہم اعمال و وظائف ، نقش طلسم وغیرہ کے لیے کئی مواقع مل سکتے ہیں جن کی تفصیل ان شاءاللہ آئندہ دی جائے گی۔ اس موقع پر لوح تسخیر نورانی اور لکی انگوٹھی تیار کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی ضرورت کے مطابق دیگر اعمال زود اثر ثابت ہوتے ہیں۔
سوال و جواب
ایف، اے ایم، ہالا سے لکھتے ہیں ”عرضِ فقیر یہ ہے کہ کافی سالوں کے بعد آپ کو خط لکھ رہا ہوں کیوں کہ آپ کالم میں جواب عنایت کر رہے ہیں۔ امید ہے مجھے بھی جواب سے نواز دیں گے۔ میری دو بہنوں اور ایک بھائی کا رشتہ کچھ سال پہلے ایک خاندان میں ہوا ہے وہ قریبی رشتے دار نہیں ہیں۔ بھائی اور بہنوں کی شادی میں کافی رکاوٹیں آرہی ہیں جب بھی شادی کا ارادہ کرتے ہیں، کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے۔ آپ اس مسئلے کو دیکھیں اور مجھے کوئی مفید مشورہ دیں“۔
جواب: ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا سب سے بڑا مسئلہ پوری دنیا سے الگ تھلگ رہنا ہے یعنی اس وقت جب کہ ساری دنیا ٹیلی فون، موبائل، انٹرنیٹ کے بغیر زندگی گزارنے کا تصور بھی نہیں رکھتی تو آپ خط و کتابت پر گزارا کر رہے ہیں۔ ہماری یادداشت کے مطابق آپ ہمارے تقریباً پندرہ بیس سال پرانے قارئین میں سے ہیں لیکن آج تک آپ نے کبھی فون پر رابطہ نہیں کیا، صرف خط لکھنے پر ہی اکتفا کیا ہے۔ آج کے دور میں گاؤں دیہات میں بھی موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے، ایک منٹ میں آپ پاکستان سے امریکا تک بات چیت کرسکتے ہیں، اپنا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ ہمیں نہیں معلوم آپ نے یہ خط ہمیں کب لکھا اور کب ہمارے دفتر میں موصول ہوا؟ خدا کے بندے زندگی کے نئے تقاضوں اور ضروریات کے لیے جدید سہولیات سے فائدہ اٹھاؤ تاکہ آپ کے کاموں میں تاخیر نہ ہو۔
آپ نے اپنے خط میں اپنے مسائل کی جو نشان دہی کی ہے اس کی تفصیل ہم نے حذف کردی ہے۔ یہ سارے مسائل بھی آپ کی کم علمی اور جدید سہولیات سے محرومی کے ساتھ قدیم روایات سے چپکے رہنا ہے۔ آپ نے شکایت کی ہے کہ بھائی اور بہنوں کی شادی میں کافی رکاوٹیں آرہی ہیں تو آپ اس صورت حال کو اس طرح کیوں نہیں دیکھتے کہ یہ رکاوٹیں شاید اللہ کی طر ف سے ایک اشارہ ہوں اور آپ کو وارننگ دی جارہی ہو کہ جو رشتے آپ نے طے کیے ہیں وہ مناسب نہیں ہیں لہٰذا انھیں ختم کردیا جائے اور نئے رشتے تلاش کیے جائیں۔
آپ کے بقول کچھ سال پہلے مطلوبہ جگہ شادی کا پروگرام بنا تو بھائی بیمار ہوگیا اور ایسا بیمار ہوا کہ جان کے لالے پڑ گئے! اور ابھی تک اس کی شادی نہیں ہوسکی۔ ہمارے نزدیک تو بہتر بات یہی ہوگی کہ اس رشتے کو ختم کردیا جائے۔
آپ کی بہن نازلی کا نام اس کی تاریخ پیدائش سے میچ نہیں کرتا بہتر ہوگا کہ آگے نازیہ کا اضافہ کردیں یعنی پورا نام نازلی نازیہ کردیں تو اس کے معاملات کافی بہتر ہوجائیں گے۔ باقی رہی وظیفے کی فرمائش تو بہتر ہوگا کہ اس بار شرف قمر کے موقع پر جو وظیفہ دیا گیا ہے اس سے فائدہ اٹھائیں اور آئندہ خط لکھنے کے بجائے واٹس ایپ پر رابطہ کریں تاکہ آپ کو فوری جواب دیا جاسکے۔