اکتوبر کی سیاروی گردش، ایک اور اختلافی ستم گر مہینہ
سول و ملٹری بیوروکریسی میں مزید تبدیلیاں، نئے اہداف
ستمبر ایک نہایت سخت مہینہ رہا ہے جس میں ستم گری کے بہت سے پہلو نمایاں ہوئے، جرائم کی شرح میں بے پناہ اضافہ رہا، ملک میں پٹرول کی قیمتیں ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ چکی ہیں، ملک کا سیاسی ٹمپریچر عروج پر رہا ہے، 27ستمبر کو تحریک انصاف کی احتجاجی کال ، 20ستمبر کو جماعت اسلامی کی احتجاجی کال اور اس کے علاوہ بھی دیگر حلقوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، بہر حال جماعت اسلامی نے فی الحال اپنا احتجاج ملتوی کردیا ہے لیکن ملک میں امن و امان کی صورت حال ابھی تک اطمینان بخش نہیں ہے اور ستمبر کی ستم گری جاری ہے۔
اسلام آباد ملک کا دارالحکومت مکمل طور پر حفاظتی انتظامات کے سبب تقریباً بند ہے، اسلام آباد کی طرف جانے والے راستے بھی مخدوش ہیں، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان تادم تحریر کوئی ڈائیلاگ نہیں ہورہا، خیبر پختونخوا میں بھی صورت حال اطمینان بخش نہیں ہے، عوام مہنگائی کے شدید ترین دباوکا شکار ہے ۔ اخبارات اور سوشل میڈیا جرائم کی خبروں سے بھرے ہوئے ہیں۔
عزیزان من! ہم پہلے بھی سیارہ زہرہ کی غیر معمولی طور پر برج میزان میں طویل گردش کی نشان دہی کرچکے ہیں جو 3ستمبر کو برج میزان میں اور زائچہ پاکستان کے چھٹے گھر میں داخل ہوا تھا اور چھٹے گھر کا تعلق سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے نہایت اہم ہے، چناں چہ اس مہینے میں بعض ترقیاں اور تبادلے ہوئے ہیں اور آئندہ بھی ہوں گے۔زہرہ 3اکتوبرکو رجعت میں آئے گا اور پھر 6نومبر کو دوبارہ اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں داخل ہوگا، اس کے بعد 14نومبر کو مستقیم ہونے کے بعد 22نومبر کو دوبارہ برج میزان میں داخل ہوگا، غرض اس سال کے آخر تک برج میزان میں بحالت رجعت و استقامت اپنے خصوصی رنگ دکھائے گا۔
اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ ستمبر کے بعد اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے مہینے بھی غیر معمولی واقعات اور صورت حال کی نشان دہی کر رہے ہیں کیوں کہ اکتوبر کے تیسرے ہفتے سے سیارہ شمس بھی برج میزان میں داخل ہوجائے گا جب کہ عطارد پہلے سے میزان میں داخل ہوچکا ہوگا اور میزان ہی میں سے رجعت بھی ہوگی، گویا زہرہ کے ساتھ شمس ، عطارد بھی چھٹے گھر میں حرکت کریں گے۔
مزید طرفہ تماشا یہ کہ سیارہ مریخ زائچے کے تیسرے گھر میں رہتے ہوئے چھٹے گھر پر ناظر رہے گا۔ اس صورت حال کا مطلب یہ ہے کہ نئی تبدیلیاں ، ترقیاں اور تنزلیاں بھی دیکھنے میں آئیں گی اور مخالفتیں اور اختلافات بھی کھل کر سامنے آئیں گے، اس دوران میں 28ویں ترمیم بھی خصوصی طور پر موضوع بحث بن سکتی ہے۔
اکتوبر میں اسمبلی میں نئے صوبوں کے حوالے سے بحث و مباحثے کا آغاز بھی ہونا ہے، قصہ مختصر یہ کہ حکومتی سطح پر یہ مہینہ خاصا ہنگامہ خیز رہے گا۔ خیال رہے کہ چھٹے گھر کا تعلق عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی فنکشنل پوزیشن سے بھی ہے لہٰذا اس دوران میں عدلیہ بھی خاصی فعال رہے گی اور الیکشن کمیشن میں بھی اہم تبدیلیاں ممکن ہیں۔
ہم اس سال کی ابتدا ہی سے یہ گزارش کرتے چلے آرہے ہیں کہ اس سال اگر عوامی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ نہ دی گئی تو امکان ہے کہ اس سال نومبر میں سیاست کی ساری بساط ہی الٹ جائے لیکن تاحال عوام کی ریلیف سے متعلق کچھ بھی نہیں کیا گیا تو اس کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں صورت حال خاصی تشویش ناک ہوسکتی ہے جو پھر کسی کے سنبھالے نہ سنبھلے گی۔
ہماری سیاسی اشرافیہ ہر صورت میں اپنے ذاتی مفادات پر کاربند ہے اور وہ حالات کو جوں کا توں رکھنے پر زور دے رہی ہے بہر حال اس کا نتیجہ بھی وقت آنے پر بھگتنا ہوگا اور وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے ۔ (واللہ اعلم بالصواب)
اکتوبر کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج سنبلہ میں گردش کر رہا ہے، 17اکتوبر کو اپنے ہبوط کے برج میزان میں داخل ہوگا۔
سیارہ عطارد برج میزان میں ہے اور 24اکتوبر کو اسے رجعت ہوجائے گی، پورا مہینہ بحالت رجعت برج میزان ہی میں گزارے گا۔
سیارہ زہرہ برج میزان میں حرکت کر رہا ہے،3اکتوبر سے رجعت میں چلا جائے گا اور پورا مہینہ بحالت رجعت ہی حرکت کرے گا۔
سیارہ مریخ اپنے ہبوط کے برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔
سیارہ مشتری اپنے شرف کے برج سرطان میں حرکت کرے گا۔31اکتوبر کو برج اسد میں داخل ہوگا۔
سیارہ زحل بحالت رجعت برج حوت میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔
سیارہ یورینس بحالت رجعت برج ثور میں اور نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں جب کہ پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کریں گے ، پلوٹو 17اکتوبر کو مستقیم ہوجائے گا۔
راہو کیتو بالترتیب برج دلو او ر اسد میں پورا مہینہ حرکت کریں گے۔
قمر در عقرب
قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 13اکتوبر بہ روز منگل شام 06:42پر داخل ہوگااور 16اکتوبر بہ روز جمعہ صبح 06:17تک ہبوط زدہ رہے گا، اس دوران میں13اکتوبر کو رات 10:34سے 14 اکتوبر شب 12:34تک درجہ ہبوط پر ہوگا۔
ہر مہینے قمر در عقرب کا وقت نحس خیال کیا جاتا ہے، اس وقت میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے، اپنے روز مرہ کے فرائض کی ادائیگی تک ہی محدود رہنا چاہیے۔ خصوصاً منگنی و نکاح وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے یا کوئی نئی جاب کی جوائننگ وغیرہ بھی نہیں کرنی چاہیے، البتہ اس وقت میں علاج معالجہ کرانا بہتر ہوتا ہے یا برائیوں اور بری عادتوں سے چھٹکارے کے لیے خصوصی اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں۔
شرف قمر
قمر اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اس ماہ 27اکتوبر بہ روز منگل رات 08:36پر داخل ہوگا اور 29اکتوبر بہ روز جمعرات 09:30 تک برج ثور میں رہے گا، اس دوران میں اپنے درجہ شرف پر 27اکتوبر کو رات 11:51سے 28اکتوبر شب 01:29تک ہوگا۔
شرف قمر کا وقت سعد اور مبارک سمجھا جاتا ہے، اس وقت اہم کاموں کی انجام دہی فائدہ بخش ہوتی ہے لیکن خیال رہے کہ وہ شرف قمر زیادہ موثر اور مبارک ہوتا ہے جو چاند کی پہلی سے 14تاریخ تک آئے، چاند کی آخری تاریخوں میں آنے والا شرف قمر بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے مگر زیادہ نہیں، خصوصاً عملیات و وظائف کے سلسلے میں اس بات کو مدنظر رکھنا چاہیے ۔
سوال و جواب
آج کی نشست میں ایک دلچسپ ای میل کا تذکرہ ہوجائے، یہ ای میل ہمیں نیویارک ، امریکہ سے موصول ہوئی ہے،صاحب تحریر کو ایسٹرولوجی سے خصوصی دلچسپی ہے اور اس حوالے سے وہ پاکستان کے بڑے بڑے نامور ایسٹرولوجر سے رابطہ کرچکے ہیں،آیئے پہلے ان کی ای میل سے بعض اقتباسات پر نظر ڈال لی جائے۔
وہ لکھتے ہیں انتہائی غور سے میری ای میل کو پڑھیے گا، یہ میں صرف ”نالج شیئرنگ“ کے لیے آپ کو بھیج رہا ہوں، میں طویل عرصے سے بے روزگار ہوں، ہر ممکن کوشش کے باوجود کام نہیں ملا،میرا کیس کافی دلچسپ ہے،میرے اندر ایک کھوج ایک جستجو ہے کہ آخر معاملہ کیا ہے؟اس کے لیے میں نے کچھ مشہور پاکستانی ایسٹرولوجرز سے رابطہ کیا ، اس کی تفصیل درج ذیل ہے۔
بہت مشہور اور پاکستان میں بڑا نام ہے، فیس اگرچہ معمولی تھی لیکن چند رٹی رٹائی عام سی باتوں کے سوا وہ مجھے کچھ نہ بتاسکے،ایک دوسرے صاحب جو خیر سے ٹی وی اسٹار منجم ہیں،10 ہزار روپے فیس لیتے ہیں صرف 10 منٹ بات کرنے کی،انہوں نے کہا کہ آپ کا ٹائم خراب چل رہا ہے اور آپ کے زائچے میں زحل پرابلم کر رہا ہے،آپ نیلم پہنو، ہفتے کے روز 4 کالی چیزوں کا صدقہ دو،وغیرہ وغیرہ۔ایک اور بہت مشہور نام جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سیاست دانوں کے ایسٹرولوجر ہیں،خاصی معقول فیس اور صرف 15 منٹ بات کی،انہوں نے کہا کہ آپ کا خراب ٹائم چل رہا ہے اورآئندہ بھی چلتا رہے گا، آپ کا شمس کمزور ہے اور آپ کو گُڑ اور چنے کی دال کا صدقہ دینا ہے یا کوئی مرغا یا بکرا جو کالا یا سفید نہ ہو،پڑھنے کے لیے چند اسمائے الٰہی تجویز کیے، پکھراج کی انگوٹھی پہنو اور کچھ اخراجات دیگر بتائے جو تقریبا 50 ہزار تھے۔
ایک اور نام بہت مشہور ہے،ان کی اپنی ویب سائٹ بھی ہے صرف آدھا گھنٹہ بات کرنے کی فیس 15 ہزار ، ان صاحب نے میرے زائچے پر کوئی بات نہیں کی،ان کا اپنا ہی کوئی طریقہ ہے اس کے بعد حالات میں بہتری کے لیے جو اخراجات بتائے وہ تقریباً 1 لاکھ 8 ہزار کے قریب ہیں، مزے کی بات یہ ہے کہ تمام حضرات خرابی کی وجہ الگ الگ بیان کرتے ہیں اور علاج بھی الگ الگ تجویز کرتے ہیں، یہ پاکستان کے نمائندہ ایسٹرولوجرز ہیں، آپ سے اس لیے شیئر کر رہا ہوں کہ آپ علم اور دلیل سے بات کرتے ہیں، اب آپ ذرا چیک کریں اور بتائیں آخر معاملہ ہے کیا؟ اور علمی حساب سے یہ سب لوگ الگ کیوں ہیں؟“
جواب: عزیزم! ہمارے ایسٹرولوجرز صاحبان کی اکثریت شاید تمام معاملات کو سرسری انداز میں دیکھتی ہے، یہ ایسا ہی مسئلہ ہے جیسے بعض ڈاکٹر صاحبان مریض پر زیادہ توجہ نہیں دیتے، ہمارے نزدیک تو کسی کا درست زائچہ بنانا ہی ایک محنت طلب کام ہے کیوں کہ اکثر لوگوں کا وقت پیدائش درست نہیں ہوتا جس کی وجہ سے زائچہ ہی صحیح نہیں بنتا اور زائچے پر لگائے گئے احکامات بھی پھر صحیح نہیں ہوتے۔
کسی زائچے میں اس بات کی اہمیت بہت زیادہ ہے کہ طالع پیدائش یعنی کے درجات کیا ہیں؟ ہمارے ہاں تو لوگ خالی شمسی برج کی بنیاد پر گفتگو کرتے نظر آتے ہیں،پیدائشی برج کے ساتھ زائچے کے دیگر نمایاں پہلووں پر غوروفکر کم کم ہی لوگ کرتے ہوں گے اور کم از کم یہ کام 10,15 منٹ یا گھنٹے آدھے گھنٹے کا نہیں ہے،ہم اسی لیے فون پر صاف منع کردیتے ہیں کہ اس طرح ہم آپ کی معقول رہنمائی نہیں کرسکتے جب تک آپ کا درست زائچہ نہ بنالیں۔
آپ کے کیس میں بھی ہمارا خیال یہ ہے کہ آپ کا وقت پیدائش درست نہیں ہے کیوں کہ موجودہ وقت پیدائش کے مطابق طالع پیدائش تقریبا 24 ڈگری برج جوزا ہے جو ہمیں درست معلوم نہیں ہوتا اور اس کے لیے مزید تحقیق کرنا ہوگی، آپ کو اپنی شادی کی تاریخ اور کسی اور اہم واقعہ کی تاریخ لکھنا چاہیے تاکہ پیدائش کے وقت کی مزید درستی ہوسکے، انشاءاللہ اسی کالم میں آپ کا درست زائچہ پیش کیا جائے گا۔

