پیدائشی زائچے کے بارہ گھروں میں قمر کے اچھے اور برے اثرات
نظام شمسی کی ملکہ ہونے کے ناتے چاند ایک نہایت اہم سیارہ ہے جو ذہنی سکون عطا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ۔ ایک طاقتور چاند، صاحب زائچہ کو بے پناہ ہمت اور جرات عطا کرسکتا ہے اور ترقی اور خوش حالی کے لئے جرات بہت ضروری ہے۔ ترقی اور خوش حالی کا انحصار چاند اور مشتری کی پوزیشن پر ہے جو دولت کی نشاندہی کرتا ہے۔ ویدک ایسٹرو لوجی ہو یا ویسٹرن ،چاند کو فطری طور پر فیض رساں تصور کیا جاتا ہے۔
اکثر لوگ جو علم نجوم میں دلچسپی لیتے ہیںوہ صرف اپنے شمسی برج (Sun sign) کو ہی سب کچھ سمجھ کر اسی کے مطابق اپنے حالات زندگی جاننے کی کوشش کرتے ہیں جو کہ صحیح نہیں ہے،ہماری پیدائش کے وقت شمس کے علاوہ دیگر سیاروں کی پوزیشن بھی اہمیت رکھتی ہے اور مختلف قسم کے نتائج ہماری زندگی میں ظاہر کرتی ہے،چاند کی پوزیشن بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے،پیدائش کے زائچے میں چاند کو دیکھیں کہ وہ زائچے کے کس گھر میں ہے اور کس برج میں کتنا مضبوط اور طاقت ور ہے،اسی کے مطابق ہماری زندگی میں اچھے یا برے نتائج ظاہر ہوں گے،ایک درست زائچہ تیار کرنے کے بعد ہی ہم اس راز سے واقف ہوسکتے ہیں، آئیے دیکھتے ہیں کہ زائچے کے مختلف گھروں میں چاند ہمیں کس طرح نوازتا ہے۔
طالع میں چاند
اگر چاند کسی شخص کے زائچے میں پہلے گھر میں ہو تو وہ مالدار، خوشیوں سے مالامال،حسین و جمیل اور پرکشش شخصیت کا مالک، ملنسار، تعلیم یافتہ، بے تکلف اور جنس مخالف کے لئے پسندیدہ ہوگا۔ اگر چاند کمزور یا کسی منحوس سیارے کے اثر میں ہو تو صاحب زائچہ اوسط درجے کا ذہین، کھانے میں اعتدال سے کام لینے والا، مائل بہ فربہی، بہت زیادہ سفر کرنے والا، بزدل اور غریب ہوگا۔ اس کی بات چیت نری لفاظی کی حامل ہے، اعضائے مخصوصہ اور کان میں بیماریاں، منسکر المزاج، اوباش، شرمیلا، ضدی، گھمنڈی، متلون مزاج اور سنکی ہوگا۔ اگر طالع ثور یا سرطان ہو تو صاحب زائچہ مالدار اور مشہور ہوگا،اس کے برعکس طالع عقرب میں چاند کی پوزیشن نہایت خراب ہوگی، صاحب زائچہ بے حد حساس ، جذباتی اور بدقسمت ہوگا۔
دوسرے گھر میں چاند
اگر مضبوط اور طاقت ور چاند زائچے میں دوسرے گھر میں ہوتو صاحب زائچہ مالدار، انتہائی ذہین ، وجیہہ و شکیل، دلکش ، پرکشش ، شاعرانہ طبیعت کا حامل، بے چین فطرت کا مالک، شرّی، برداشت کرنے والا اور ایک شہوت پرست ہوگا۔ وہ شیریں گفتار، معزز اور بے حد تعریف اور تحسین کے قابل ہوگا،دوسرے گھر پر برج عقرب قابض ہو یا چاند پر کسی منحوس سیارے کی نظر ہو تو صاحب زائچہ کا کرئر بری طرح متاثر ہوگا، وہ اولاد نرینہ سے محروم ہوسکتا ہے،ذاتی کاروبار میں جائز طریقوں سے کامیابی حاصل ہونا مشکل ہوگا، اگر چاند راہو کے ساتھ ہو یا اس پر راہو کی نظر ہو تو ایسا شخص ناجائز یا غیر قانونی طریقوں سے کرئر بنانے کی کوشش کرتا ہے،اگر کیتو بھی نظر ہو تو وہ بعد میں تارک الدنیا ہوسکتا ہے،اگر سیارہ عطارد کے ساتھ قران میں ہو یا عطارد کی اس پر نظر ہو تو ایسا شخص اپنی پیدائش کی جگہ سے دور جاکر قسمت آزمائے گا۔
تیسرے گھر میں چاند
اگر چاند زائچے میں تیسرے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ بے حد دولت مند ، تعلیم یافتہ، مشہور، سفر کرنے کا شوقین ، ذہین ، فعال ذہن کا حامل اور شاعری سے انبساط حاصل کرنے والا ہوگا لیکن اگر قمر نحس یا کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہو تو صاحب زائچہ بد ذات ہوگا اور اپنے بھائی کی جائداد تباہ و برباد کردے گا۔ صاحب زائچہ اتنی دھیمی آواز میں بات کرنے والا ہوگا کہ اس کی بات سننا نا ممکن ہے۔ وہ بیمار جیسا، بد ہضمی کا شکار بعد میں بوا سیر میں مبتلا ہوگا، اس کے نصیب میں محرومیاں اور مایوسیاں ہوں گی،تیسرے گھر پر اگر برج عقرب قابض ہو یا چاند پر راہو کیتو ، شمس،زحل یا مریخ کی نظر ہو تو صاحب زائچہ کو کاروبار میں نقصانات ، ملازمت میں ترقی نہ ملنا ،بڑے بھائیوں سے اختلافات اور تنازعات پیدا ہوسکتے ہیں، کوئی اس کا سچا دوست نہ ہوگا اور دوستوں کے ذریعے بھی اسے ضرر اور نقصان پہنچنے کا اندیشہ رہے گا۔
چوتھے گھر میں چاند
اگر قمر کسی شخص کے زائچے کے چوتھے گھر میں ہو تو متعلقہ شخص ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو اس سے محبت کرتے ہیں،خیال رہے کہ یہ قمر کا فطری گھر ہے، وہ بے پناہ دولت کا مالک ہوگا، عورتوں کا شوقین ہوگا، گوشت خور ہوگا، عمدہ گھر کا مالک ہوگا۔ اس کی ماں اس سے محبت کرنے والی ہوگی۔ وہ گاڑیوں کا مالک لیکن امراض میں مبتلا ہوگا، چوتھے گھر میں برج عقرب قابض ہو یا قمر کسی منحوس سیارے کے زیر اثر متاثرہ ہو توایک بیمار ماں کی دلالت کرتا ہے۔ ساتھ ہی وہ ناخوش گوار زندگی، منقطع تعلیم اور باپ کے لئے خطرہ ، تغیر پذیر پیشے، گھریلو جھگڑے اور غیر اطمینان بخش گھریلو زندگی کی نشاندہی کرتا ہے،صاحب زائچہ کو حاصل ہونے والی خوشیوں ، دولت اور اچھی رہائش یا اس کے برعکس متاثرہ قمر کی صورت میں دیگر خرابیوں کو جانچنے کے لیے قمر کی طاقت و کمزوری کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
پانچویں گھر میں چاند
اگر قمر کسی شخص کے زائچے کے پانچویں گھر میں ہوتو صاحب زائچہ مالدار، خوش اور قانع،نمودو نمائش کا دلدادہ، ذہین، چالاک اور اپنی بیوی کے زیر اثر اور اس کے کنٹرول میں ہوگا۔اس کی بہت سی بیٹیاں ہوں گی ۔ اسے چوپایوں کے ذریعے منافع حاصل ہوگا، نیز اعلیٰ سیاست سے منافع کمائے گا لیکن اگر قمر کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہوا تو وہ بیوی کی طرف سے حاصل ہونے والی خوشیوں ، بیٹوں ، پوتوں سے محروم رہے گا اور اس کی تعلیم کا سلسلہ ٹوٹتا رہے گا،پانچویں گھر میں اگر برج عقرب قابض ہو تو صاحب زائچہ کی دماغی صلاحیتیں کمزور ہوسکتی ہیں،وہ اپنی بے وقوفانہ حرکات کے سبب نقصانات اٹھاتا ہے، اس کا ہاضمہ کمزور ہوتا ہے،شعور کی کمی لیکن لاشعوری طور پر بہتر ہوتا ہے۔
چھٹے گھرمیں چاند
اگر چاند کسی کے زائچے میں چھٹے گھر میں ہو تو صاحب زائچہ جنس مخالف کا غلام ہوگا۔ وہ کاہل ، نکما ، گھمنڈی بد مزاج، ذہین، چوڑے جسم کا مالک، کمزور جنسی تعلقات ، بیواﺅں کا شکاری، غریب شرابی ہوگا۔اسے ہمیشہ پیٹ کی تکلیف لاحق رہے گی اور وہ شدید نوعیت کی بیماریوں کا شکار رہے گا اور ان بیماریوں کی وجہ سے پریشان رہے گا۔ اس گھر میں قمر صاحب زائچہ کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے کیوں کہ اسے بدپرہیز بناتا ہے لیکن اگر چاند مضبوط یا بہت اونچی پوزیشن میں ہوتو اثرات ہمیشہ اچھے اور مثبت ہوں گے،اگر برج عقرب چھٹے گھر پر قابض ہو تو ایسا شخص مالی طور پر پریشان حال رہے گااس کے ذرائع آمدن میں استحکام نہیں ہوگا،معاشرے میں اس کا مقام یا حیثیت نہیں ہوگی اور اپنی فیملی میں بھی عزت نہیں ہوگی۔
ساتویں گھر میں چاند
اگر قمر کسی کے زائچے میں ساتویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص بہت بے تاب ، عورتوں کا شائق ، ملنسار، کامیاب،حاسد، اور کئی معاملات میں قوی ہوگا۔ وہ ایک خوش قسمت شوہرہوگا، کیونکہ اس کی بیوی بڑی نیک، پاک دامن اور غیر معمولی ہوگی لیکن اگر قمر کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہوا تو اثرات بر عکس ہوں گے یعنی اس کی بیوی ہمیشہ بیمار رہے گی اور وہ خود خوشیوں اور لطف و کرم سے محروم رہے گا۔ اس کی ماں کی زندگی مختصر ہوگی۔ وہ تنگ نظر ہوگا، اگر برج عقرب ساتویں گھر پر قابض ہو تو صاحب زائچہ بدمزاج ،سست اور کاہل اور نکما ہوگا، عموماً غلط فیصلے کرے گا اور فضول کاموں میں وقت ضائع کرے گا۔
آٹھویں گھر میں چاند
اگر قمر کسی کے زائچے میں آٹھویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ غیر مستقل مزاج اور غیر صحت مند ہوگا، اسے اپنے والدین خصوصاً ماں کی طرف سے پریشانی اور فکرمندی رہے گی اور اگر چاند کسی منحوس سیارے کے زیر اثر ہو تو جلد موت واقع ہوجائے گی لیکن اگر چاند اس گھر میں کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہو تو صاحب زائچہ سانس کی تکلیف جیسے دمہ، برونکائٹس، ٹی بی وغیرہ کا شکار ہوگا،خواتین کے زائچے میںقمر آٹھویں گھر میں پستان کی نشوو نما میں رکاوٹ ڈالتا ہے اگر متاثرہ ہو تو غیر فطری جنسی حرکات کی نشاندہی کرتا ہے، اگر آٹھویں گھر پربرج عقرب قابض ہو تو والدین میں سے کسی ایک سے ابتدائی عمر میں جدائی ہوگی خصوصا اپنی ماں سے،وہ کبھی زمین و جائیداد کا مالک نہیں بن سکے گا اور نہ ہی اسے سواری کا آرام ملے گا۔
نویں گھر میں چاند
اگر قمر کسی کے زائچے میں نویں گھر میں ہو تو صاحب زائچہ مقبول ، تعلیم یافتہ، ذہین، مالدار، فعال، کثیر مطالعہ، فکشن کا شائق، خیراتی ادارے تعمیر کرنے والا، مذہبی، تصوف سے لگاﺅ رکھنے والا، خدا ترس، سفر کرنے کے رحجان کا حامل، شہوانی لذتوں کے پیچھے بھاگنے والا، بہت سی عورتوں سے فلرٹ کرنے والا ہوگا لیکن اگر قمر کمزور ہو تو وہ دولت اور غیر منقولہ جائداد سے لطف اندوز نہیں ہوسکے گا۔ وہ کسی بھی خوبی کا مالک نہیں ہوگا اور کند ذہن ہوگا،خصوصاً اگر نویں گھر کے برج عقرب قابض ہو تو اس میں شعور کی کمی ہوگی،زندگی کے خوشیوں سے محروم رہے گا،اعلیٰ تعلیم کا حصول ممکن نہ ہوگا،ہمیشہ محبت کامتلاشی رہے گا جو اسے نہ مل سکے گی،اولاد سے محرومی کا شکار ہوگا، ہمیشہ زندگی کے تاریک پہلووں پر نظر رکھے گا۔
دسویں گھر میں چاند
اگر قمر کسی شخص کے زائچے میں دسویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص محبت میں پرجوش اور دل سوز، مخیّر، دلیر، شاطر، زانی، باتد بیر، پر عزم، مذہبی اداروں کا ٹرسٹی اور اچھے لوگوں پر احسان کرنے والا ہوگا۔ اس کے بہت سے دوست ہوں گے۔ وہ مالدار، ہر دلعزیز اور غیر معمولی امیر کبیر ہوگا۔اس کی زندگی خوش گوار اور قانع ہوگی لیکن اگر قمر کسی منحوس یا بد اندیش سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ کمزور جسم کا مالک ہوگا اور کھانسی کا مریض ہوگا۔ اگرچہ اس کے پاس دولت ہوگی اور والدین بھی ہوں گے لیکن وہ نکما ہوگا،اگر برج عقرب دسویں گھر پر قابض ہو تو اس کی صحت ہمیشہ خراب رہے گی،کارکردگی ناقص ہوگی،بہت سی ملازمتیں تبدیل کرے گا،اسے دوسروں کے ساتھ مل جل کر کام کرنے میں اختلافات کا سامنا رہے گا۔
گیارہویں گھر میں چاند
اگر قمر کسی شخص کے زائچے میں گیارہویں گھر میں ہو تو متعلقہ شخص بے پناہ دولت میں کھیلے گا اور ایک پرُ تعیش زندگی گزارے گا۔ وہ طاقت ور، انسان دوست ، شائستہ،مدد گار، بااثر ، مہذب ، مخیّر ، صنف نازک میں ہر دلعزیز اور با اصول ہوگا۔ اس کے بہت سے بچے اور بہت سے دوست ہوں گے۔ وہ بہت اعلیٰ حیثیت اور ساکھ کا مالک ہوگا۔ اس کی زمینیں ہوں گی اور وہ آسانی سے کامیابی حاصل کرے گالیکن اگر قمر کمزور ہو یا نحس سیارگان کے زیر اثر ہو تو متعلقہ شخص پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ وہ ناخوش اور رنجیدہ ہوگا،اگر گیارھویں گھر پر برج عقرب قابض ہو تو اس کی شادی میں تاخیر ہوگی یا شادی نہیں ہوگی،اس کی بیوی اکثر بیمار رہے گی او ر کسی مہلک مرض میں مبتلا ہوگی،دوسرے لوگوں سے اس کے تعلقات کبھی اچھے نہیں رہیں گے، خود بھی تنہا رہنا زیادہ پسند کرے گا ، خود غرض ہوگا۔
بارہویں گھرمیں چاند
اگر قمر کسی شخص کے زائچے میں بارہویں گھر میں ہوتو صاحب زائچہ نحیف، کمزور اور بیمار جسم کا مالک ہوگا اور غریب ہوگا لیکن اس کے برعکس اگر قمر کسی سعد سیارے کے زیر اثر ہوتو صاحب زائچہ میں کوئی خاص برائی نہیں ہوگی اور وہ مخیّر ہوگا ۔ اگر چہ اس کا جسم کمزور ہوگا تاہم وہ ایک پرمسرت اور قانع زندگی بسر کرے گا،بعض صورتوں میں صاحب زائچہ اپنے پیدائش کے مقام سے دور کسی اور ملک میں رہائش اختیار کرے گا اور زیادہ کامیاب رہے گا،وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے بھی کسی دوسرے ملک جاسکتا ہے،اس کے ذرائع آمدن کسی نہ کسی طور بیرون ملک سے جڑے رہیںگے،اگر برج عقرب بارھویں گھر پر قابض ہو تو اسے وراثت سے محروم ہونا پڑے گا،شادی میں تاخیر ہوگی اور ازدواجی تعلقات کی خوشیوں سے محروم رہے گا،ایک سے زیادہ شادیوں کا امکان پیدا ہوگا،خواتین کے زائچے میں بھی ایسی پوزیشن نہایت منحوس اثر رکھتی ہے،وہ بانجھ پن کا شکارہوسکتی ہیں،بے اولادی مقدر ہوسکتی ہے۔