کون سے ملک اور لوگ زیادہ متاثر ہوں گے؟ ایک مختصر جائزہ

علم نجوم میں دیگر گردش کرنے والے سیارگان کے علاوہ دو ’’پرچھائیں سیارے‘‘ بھی نہایت توجہ اور اہمیت کے حامل ہیں، عربی یا اردو میں انھیں راس و ذنب، انگلش میں ’’شمالی اور جنوبیگانٹھ‘‘ (Node) اور سنسکرت یا ہندی میں راہو کیتو کہا جاتا ہے، قدیم دیومالائی نظریات کے مطابق یہ ایک اژدھا ہے جس کے سر کو راہو اور دُم کو کیتو کہتے ہیں، جدید سائنسی تحقیق کے مطابق درحقیقت یہ چاند کے سائے ہیں جو دائرۂ بروج میں دیگر سیارگان کے برخلاف کلاک وائز گردش کر رہے ہیں،تمام سیارگان کی گردش دائرۂ بروج (Zodic Sign) میں اینٹی کلاک ہے، اپنی گردش کے دوران میں راہو کیتو رجعت و استقامت کے ساتھ کسی ایک برج میں تقریباً ڈیڑھ سال (19 ماہ) کا عرصہ گزارتے ہیں لیکن جب کسی ایک ہی درجے پر اپنی مستقیم پوزیشن میں معمول کی رفتار سے زیادہ دیر ٹھہر جائیں تو اس درجے پر گہرا اثر ڈالتے ہیں، کسی بھی زائچے میں اگر وہی درجہ پیدائش کے وقت طلوع ہو تو وہ راہو کیتو کی ایسی پوزیشن سے بری طرح متاثر ہوتا ہے، اسی طرح اگر زائچے کا کوئی پیدائشی سیارہ راہو کیتو کے محور میں مستقیم پوزیشن میں آجائے تو وہ بھی متاثر ہوگا اور سیارے سے متعلق برج پر بھی برے اثرات پڑیں گے، زائچہ کسی فرد کا ہو یا ملک و قوم کا، اس اصول کے تحت اس کے حالات پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔
علم نجوم کے ویدک سسٹم کے مطابق راہو کیتو 23 مارچ 2019 ء سے برج جوزا اور قوس میں داخل ہوگئے ہیں اور ان برجوں کے آخری درجات پر حرکت کر رہے ہیں، اپنی الٹی چال کی وجہ سے یعنی راہو برج جوزا کے 30 درجے پر ہے جب کہ کیتو جوزا کے بالمقابل برج قوس کے 30 درجے پر ، انہی دونوں برجوں میں اپنی الٹی سیدھی رفتار سے حرکت کرتے ہوئے یہ 19 ستمبر 2020 ء تک یہاں رہیں گے،اس تمام عرصے میں تین مرتبہ ایسے مواقع آئیں گے جب یہ کسی ایک ہی درجے پر تقریباً ڈھائی ماہ تک اپنی مستقیم پوزیشن میں قیام کریں گے۔
پہلی مرتبہ 23:30 درجہ پر برج جوزا اور قوس میں پانچ جون 2019 ء سے 17 اگست 2019 ء تک۔
دوسری مرتبہ 14:30 درجے پر 22 نومبر 2019 ء سے 27 جنوری 2020 ء تک۔
تیسری مرتبہ تقریباً 04:30 ڈگری پر 4 جون 2020 ء سے 6 اگست 2020 ء تک۔
کسی بھی زائچے کے مندرجہ بالا درجات اس صورت میں نہایت حساس پوائنٹس تصور ہوں گے جب طالع پیدائش کے درجات یہی ہوں گے، مثلاً کسی فرد یا ملک کے زائچے میں اگر برج جوزا یا قوس تقریباً 18:30 ڈگری سے 28:30 ڈگری طلوع ہے تو وہ اس سال 5 جون سے 17 اگست کے درمیان نحس اثرات کا سامنا کرے گا، اسی طرح دیگر مستقیم پوزیشن کے بارے میں بھی اندازہ کیا جاسکتا ہے۔
ایران کے زائچے میں برج سرطان 23 درجہ 42 دقیقہ طلوع ہے، گویا راہو کیتو جب زائچے کے بارھویں گھر اور چھٹے گھر میں اس درجے پر قیام کریں گے تو یقیناً ملک کو درپیش مسائل میں اضافہ ہوگا، ملک میں بے چینی اور انتشار بڑھے گا، دیگر ممالک سے اختلافات میں اضافہ ہوگا، حالتِ جنگ کی سی صورت حال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، حکومت میں تبدیلی یا حکومت پر شدید دباؤ کے امکان کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، حادثات و سانحات ، زلزلے نقصان پہنچاسکتے ہیں۔خصوصاً 15 جون سے 15 جولائی تک کا وقت نہایت متاثر کن ہوسکتا ہے، دیگر ممالک میں چائنا ، امریکا، اسرائیل، جرمنی، سعودی عربیہ اور ترکی وغیرہ بھی راہو کیتو کی مستقیم پوزیشن سے اس سال متاثر ہوں گے۔

عام افراد

وہ لوگ جن کا پیدائشی برج حمل ، جوزا ، اسد، میزان، قوس اور دلو ہے، اس صورت حال سے اُس وقت زیادہ متاثر ہوں گے جب پیدائشی برج کے درجات تقریباً 18 درجے سے 28 درجے تک ہوں گے، خیال رہے کہ عام طور سے لوگ اپنے شمسی برج (Sun Sign) ہی کو اپنا برج سمجھتے ہیں، جب کہ حقیقی معنوں میں اہمیت پیدائشی برج کی ہوتی ہے جو پیدائش کی تاریخ، مہینہ، سال اور پیدائش کے وقت سے معلوم ہوتا ہے، اکثریت اس سے لاعلم رہتی ہے، وہ لوگ جو اپنا پیدائش کا زائچہ بنواکر پاس رکھتے ہیں وہ ہی اپنے پیدائشی برج اور اس کے درجات سے آگاہ ہوتے ہیں۔
بہر حال ہم یہاں شمسی برج کے حوالے سے بھی تھوڑی سی آگاہی دے رہے ہیں تاکہ عام لوگ جو اپنے حقیقی زائچے (Birth chart) کے بارے میں نہیں جانتے وہ بھی محتاط ہوجائیں، اس سلسلے میں ہم برج کا نام دینے کے بجائے تاریخ پیدائش کا عرصہ لکھ رہے ہیں۔
کسی بھی سال میں جو لوگ 5 مئی سے 10 مئی کے دوران میں پیدا ہوئے ہیں، وہ اس سال جون تا اگست صحت اور اپنی حیثیت کے دوسرے بعض مسائل کا سامنا کرسکتے ہیں، اسی طرح جن لوگوں کی پیدائش 5 جولائی سے 13 جولائی کے درمیان ہے وہ بھی سخت وقت دیکھیں گے، دیگر لوگوں میں 7 اگست سے 14 اگست ، 8 ستمبر سے 14 ستمبر، 7 اکتوبر سے 14 اکتوبر، 6 دسمبر سے 13 دسمبر،7 نومبر سے 13 نومبر، 6 جنوری سے 13 جنوری ، 5 مارچ سے 13 مارچ، 4 اپریل سے 12 اپریل کے درمیان میں پیدا ہونے والے افراد کو اس سال 5 جون سے 17 اگست کے درمیان کا عرصہ محتاط ہوکر گزارنا چاہیے اور اس دوران میں زیادہ سے زیادہ صدقات اور خیرات کرنا چاہیے۔

سیارہ زحل پر خصوصی اثرات

ویدک سسٹم کے مطابق سیارہ زحل برج قوس سے گزر رہا ہے، چناں چہ راہو کیتو کی برج جوزا اور قوس میں آمد خاص طور پر سیارہ زحل کو بری طرح متاثر کرے گی، وہ لوگ جن کا پیدائشی سیارہ زحل ہے، اس صورت حال سے خاص طور پر متاثر ہوں گے، اس حوالے سے برج جدی اور دلو کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد نمایاں ہیں۔
سیارہ زحل ہر ملک یا ہر شخص کے زائچے میں اپنی ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، چناں چہ وہ زائچے کے جس گھر پر بھی حکم ران ہے ، اس گھر سے متعلق معاملات یقیناً متاثر ہوں گے، مثلاً پاکستان ، انڈیا ، مصر ، میکسیکو اور ملائشیا کا پیدائشی برج (Birth Sign) ثور ہے، چناں چہ زائچے کا دسواں گھر برج دلو ہے، سیارہ زحل اس پر حکم ران ہے، کسی ملک کے زائچے کا دسواں گھر ملک کے سربراہ اور حکومت سے متعلق ہے، اس کی ساکھ سے متعلق ہے، عام افراد کے زائچے میں دسواں گھر عزت و وقار ، پیشہ ورانہ معاملات سے متعلق ہے، چناں چہ سیارہ زحل کی ناقص پوزیشن مندرجہ بالا تمام معاملات میں نقصان دہ ثابت ہوگی اور جون سے اگست تک کا عرصہ مشکلات لائے گا، خاص طور پر برج ثور سے تعلق رکھنے والے ملک یا افراد کے لیے 15اپریل سے 15 مئی تک کا وقت مشکل حالات و واقعات کی نشان دہی کرتا ہے۔

پیدائشی بروج پر اثرات کا جائزہ

ایک مکمل اور مستند زائچہ ہر شخص کی لازمی ضرورت ہے، علم نجوم سے درست رہنمائی حاصل کرنے کے لیے اپنا زائچہ ء پیدائش ضرور بنوائیں اور زائچے کے اہم بنیادی نکات سے باخبر رہیں، یاد رکھیں، پیدائش کا درست وقت عام طور سے لوگوں کو معلوم نہیں ہوتا، ایک اچھا اور قابل ماہر نجوم ہی آپ کے پیدائش کے وقت کو درست کرسکتا ہے، اگر آپ کے پاس اپنا درست زائچہ موجود ہے تو پیدائشی برج کے تحت آئندہ تقریباً 19ماہ کے دوران میں راہو کیتو زائچے کو کس طرح متاثر کریں گے ، اس کا مختصر جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔
برج حمل: راہو تیسرے گھر میں ہوگا اور کیتو نویں گھر میں، اس عرصے میں اہم مقاصد کے لیے پیش قدمی ممکن ہوسکے گی، البتہ کچھ ذہنی دباؤ محسوس کریں گے، خصوصاً اُس وقت جب سیارہ شمس برج سنبلہ، عقرب اور حوت میں ہوگا، اپریل 2019 ء سے اکتوبر 2019 ء تک مالی اور پیشہ ورانہ معاملات میں سست روی کا امکان ہے اور محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔
برج ثور: راہو دوسرے گھر میں اور کیتو آٹھویں گھر میں ہوگا، مالی حوالے سے فکر مندی رہے گی، ذہنی سکون ملنا مشکل ہوگا، البتہ سماجی پوزیشن بہتر رہے گی جب شمس برج میزان ، قوس اور حمل میں ہوگا تو زیادہ ذہنی دباؤ کا سامنا رہے گا، اپریل 2019 ء سے اکتوبر 2019 ء تک کا وقت اچانک اور ناقابل برداشت مشکلات پیشہ ورانہ زندگی میں لاسکتا ہے،اس کے علاوہ شدید نوعیت کی کسی بیماری کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔
برج جوزا: راہو آپ کے زائچے کے پہلے گھر میں رہتے ہوئے زائد توانائی اور ایک متحرک زندگی لائے گا،آپ بہت زیادہ پُرجوش اور پُرامید ہوں گے، جب کہ کیتو زائچے کے ساتویں گھر میں شریک حیات یا شریک کاروبار کی صحت کے معاملات کو متاثر کرے گا، دوسروں سے تعلقات متاثر ہوں گے، خیال رہے کہ اس سال صرف قسمت پر بھروسا کرکے کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی، جب شمس برج عقرب ، جدی اور ثور میں ہوگا تو ذہنی دباؤ بڑھ جائے گا، اپریل تا اکتوبر کا عرصہ والدین کی صحت کے مسائل لاسکتا ہے، اس عرصے میں آپ کی کوششوں میں رکاوٹ بھی آسکتی ہے۔
برج سرطان: راہو بارھویں منحوس گھر میں اور کیتو چھٹے منحوس گھر میں ہوں گے لہٰذا پورا سال ہی دباؤ لانے والا اور ناموافق ہوگا، مزاج میں چڑچڑاپن ، غصہ ، صحت کے مسائل، دوسروں سے اختلاف رائے جیسی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے، خصوصاً جب سیارہ شمس برج جوزا ، عقرب اور جدی میں ہوگا، راہو تعلقات کو خراب کرے گا اور ذہنی سکون تباہ ہوگا، پراپرٹی سے متعلق معاملات میں نقصان اور اضافی اخراجات سامنے آئیں گے،اپریل سے اکتوبر تک کا عرصہ آپ کو مقدمے بازی ، شدید بیماری میں مبتلا کرسکتا ہے، کیتو صحت پر خراب اثرات اور اچانک ذہنی صدمات دے سکتا ہے۔
برج اسد: راہو گیارھویں گھر میں اور کیتو پانچویں گھر میں رہے گا لہٰذا اضافی آمدن ، نئی دوستی اور نئے تعلقات ، خوش گوار سفر اور گھومنے پھرنے کے مواقع میسر ہوں گے، البتہ جب شمس برج جدی،حوت اور سرطان میں ہوگا تو کیتو کا اثر آپ کو پارٹنر شپ کے مسائل ، شریک حیات کی صحت میں خرابی، جذباتی تعلقات اور طویل المدت منصوبوں میں پریشان کرسکتا ہے،خصوصاً اس سال اپریل سے اکتوبر کے دوران میں احتیاط سے کام لینا ہوگا۔
برج سنبلہ: راہو دسویں اور کیتو چوتھے گھر میں ہوگا، راہو کی موجودگی کچھ پریشانیاں پیدا کرسکتی ہیں، جب سیارہ زہرہ اور شمس برج دلو ، حمل اور اسد میں ہوں گے،سیارہ مشتری کی پوزیشن اس سال زائچے میں موافق رہے گی جس کی وجہ سے پراپرٹی ، بینک بیلنس وغیرہ کی پوزیشن بہتر رہے گی،اپریل سے اکتوبر کا عرصہ صحت کے اچانک اور طویل مسائل لاسکتا ہے، قانونی مسائل، مقدمے بازی اور پراپرٹی سے متعلق بعض معاملات ذہنی سکون تباہ کرسکتے ہیں۔
برج میزان: راہو نویں اور کیتو تیسرے گھر میں ہوگا، بہتر ہوگا کہ کسی بھی ایڈونچر سے گریز کریں ورنہ مشکلات میں اضافہ ہوگا، جب زہرہ اور شمس برج سنبلہ ، حوت اور ثور سے گزریں گے تو اپنی صحت کے حوالے سے محتاط رہیں گے،آپ کے زائچے میں مشتری ، زحل اور کیتو کی پوزیشن اس سال بہتر ہوگی جس کے نتیجے میں آپ کو حیران کن ترقی مل سکتی ہے،سرمایہ کاری سے فائدہ ہوگا، انعامی اسکیموں میں کامیابی مل سکتی ہے،بچوں سے خوشیاں ملیں گی لیکن آپ کو اپریل تا اکتوبر کا عرصہ محتاط ہوکر گزارنے کی ضرورت ہوگی، اس دوران میں صحت کے مسائل، بچوں کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں اور سرمایہ کاری کے لحاظ سے احتیاط کی ضرورت ہوگی۔
برج عقرب: راہو آٹھویں اور کیتو دوسرے گھر میں ہوگا ، کیتو اچھی جگہ ہے، زیادہ پریشان نہیں کرے گا، راہو کی آٹھویں گھر میں موجودی ذہنی سکون تباہ کرسکتی ہے، خانگی معاملات ڈسٹرب ہوں گے، جائیداد کے مسائل پریشان کن ہوسکتے ہیں، خصوصاً اپریل سے اکتوبر کے عرصے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی لیکن مجموعی صورت حال کنٹرول میں رہے گی،البتہ اُس وقت پریشانیاں بڑھ سکتی ہیں اور قابو سے باہر ہوسکتی ہیں جب سیارہ شمس برج میزان ، حمل اور جوزا میں ہوگا۔
برج قوس: کیتو آپ کے زائچے کے پہلے گھر میں سیارہ زحل کے ہمراہ رہے گا، جب کہ راہو ساتویں گھر میں حرکت کرے گا اور یہ دوسروں سے تعلقات اور صحت کے معاملات کے لیے نیک شگون نہیں ہے، خصوصاً اُس وقت جب آپ کے پیدائشی برج قوس کے درجات 18 سے 28 تک ہوں، اگر 22, 23,24 ڈگری ہو تو شدید نوعیت کے اثرات ہوسکتے ہیں، جب شمس برج عقرب ، ثور اور سرطان میں ہوگا تو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،بہتریہی ہے کہ اپریل سے اکتوبر کے عرصے میں کسی نئے بزنس، منصوبے یا ایڈونچر سے دور رہیں کیوں کہ اس عرصے میں غیر معمولی تاخیر ، زائد اخراجات اور ناکامیوں کا اندیشہ ہے۔
برج جدی: راہو چھٹے اور کیتو بارھویں منحوس گھروں میں ہوگا، مالی معاملات پر بری طرح منفی اثر پڑے گا، اس کے علاوہ تنازعات ، لڑائی جھگڑے، زائد اور بے کار نوعیت کے اخراجات کا سامنا ہوسکتا ہے،کسی نشے یا خواب آور ادویات سے دور رہیں ورنہ عادی ہوسکتے ہیں، طویل المدت یا دائمی بیماری کا خطرہ موجود ہے، خصوصاً جب شمس برج قوس، جوزا یا اسد میں ہو، اپریل سے اکتوبر کے دوران میں ضرورت ہے کہ خانگی مسائل پیشہ ورانہ حیثیت ، تنازعات، قانونی معاملات اور بیرونی ملک رہائش کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جائیں۔
برج دلو: راہو پانچویں اور کیتو گیارھویں گھر میں ہوگا، راہو مادّی معاملات میں کشادگی اور محبت کے حوالے سے کوئی خوشی دے سکتا ہے مگر خیال رہے کہ راہو کی موجودہ پوزیشن دھوکا ، فراڈ اور کوئی اسکینڈل بھی لاسکتی ہے، جب کہ کیتو سوشل سرکل اور مالی معاملات میں کمی لاسکتی ہے،کچھ دوست احباب زندگی سے نکل جائیں گے، خصوصاً اپریل سے اکتوبر کے دوران میں صحت اور پیشہ ورانہ معاملات میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہوگی، اس دوران میں کسی تنازع میں الجھنے سے گریزکریں اور صحت کے معاملات کو کسی صورت نظرانداز نہ کریں، جب شمس سرطان، سنبلہ اور جدی میں ہو تو احتیاط کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے، سال کے باقی حصوں میں معاملات آہستہ آہستہ بہتر ہوتے چلے جائیں گے۔
برج حوت: راہو چوتھے گھر میں اور کیتو دسویں گھر میں ہوگا، مشتری کی اچھی پوزیشن اس سال آپ کی معاون و مددگار ہے،یہ کیتو کے برے اثرات کو بھی کم کرے گی، راہو کا اثر مالی معاملات میں بہت زیادہ سرگرم کردے گا، آپ کی مصروفیات میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے، صحت کے حوالے سے فکر کرنے کی ضرورت ہوگی، خصوصاً جب شمس برج میزان ، دلو یا اسد میں ہوگا، اس سال انعامی اسکیموں اور بزنس کے معاملات کے علاوہ صحت کے مسائل میں خصوصاً اپریل سے اکتوبر کے دوران مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، کسی بڑی ناکامی یا قانونی سزا کی لپیٹ میں آنے کا اندیشہ موجود ہے، اپنی حد سے بڑھی ہوئی حساسیت اور جذباتیت کو اس سال کنٹرول میں رکھیں۔

راہو کیتو سے متعلق صدقات

واضح رہے کہ راہو کیتو عام طور پر منحوس اثرات کے لیے مشہور ہیں، کسی بھی زائچے میں ان کے ناقص اور نقصان دہ اثرات سے بچنے کے لیے ضروری صدقات کی پابندی کرنا چاہیے، وہ لوگ جن کے زائچے میں اس سال راہو کیتو خصوصی طور پر نحس اثرات ڈالیں گے انھیں نہایت پابندی سے پورا سال چیونٹیوں اور دیگر حشرات الارض کو خوراک ڈالنا چاہیے، اس کے علاوہ ہفتے کے روز زیادہ عمر کے غریب افراد ، مزدور لوگ اور معذور افراد کی مدد کرنا چاہیے اور یہ کام دل کھول کر کرنا چاہیے ، اسی طرح منگل کے روز آوارہ کتوں کو خوراک ڈالیں اور ایسے اداروں کو مالی امداد دیں جہاں ذہنی پسماندہ یا نفسیاتی مریضوں کی مفت دیکھ بھال کی جاتی ہو، یہ کام انفرادی طور پر بھی کیا جاسکتا ہے۔
وظیفہ ردّ نحوست
اگر نئے چاند کی ابتدائی تاریخوں میں کسی بھی ہفتہ یا منگل سے یہ وظیفہ شروع کیا جائے تو ان شاء اللہ راہو کیتو اور دیگر دوسری نحوستوں کا بھی خاتمہ ہوگا، فجر ، عصر یا عشاء کے بعد پورا پانچواں کلمہ 111 مرتبہ اول آخر تین بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ سے عاجزی و انکساری کے ساتھ نحوستوں سے نجات کی دعا کریں ، یہ عمل پورا سال جاری رکھیں۔