انسان کی فطری خوبیوں، خامیوں اور جذباتی ،احساساتی زندگی پر قمری اثرات
ہماری پیدائش کے وقت چاند کی مختلف صورتیں اور کیفیات اب تک زیر بحث رہی ہیں لیکن اس کے علاوہ بھی بعض اہم صورتیں کسی بھی زائچے میں اپنااہم کردار ادا کرتی ہیں اور وہ یہ کہ چاند دیگر سیارگان کے ساتھ کس نوعیت کے تعلقات رکھتا ہے،اصطلاحاً ان تعلقات کو ”نظرات“ (Aspects) کہا جاتا ہے،ان نظرات کی بھی مختلف اقسام ہے،آئیے دیکھتے ہیں قمر کے دیگر سیارگان سے تعلقات کے نتیجے میں ہماری شخصیت ، کردار اور فطرت میں کیا تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں۔
قمر اور نیپچون کا قران
Moon Conjunct Neptune
اگرچہ یہ نظر وجدان کو توانائی دیتی ہے لیکن فیصلے میں غلطی کا رجحان لاتی ہے۔ اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر ہے تو آپ بے حد تاثر قبول کرنے والے ہیں اور جو لوگ، واقعات یا تجربات آپ کے جذبات کو تحرک دے سکیں ان سے بہت جلد متاثر ہو جاتے ہیں۔ آپ کے موڈبدلتے رہتے ہوں گے۔ ایک ساعت میں آپ ہر انسان سے شدید محبت محسوس کرتے ہیں اور دوسری ساعت میں اداس ہو کر خود اپنے مسائل تک سے لاتعلق ہو جاتے ہیں۔ آپ کے موڈ باقاعدگی سے بدلتے ہیں اور کبھی کبھی آپ اتنے الجھ جاتے ہیں کہ آپ کو یہ بھی علم نہیں ہوتا کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور کس چیز پر یقین رکھتے ہیں۔ آپ گہری جذباتی سپردگی محسوس کرتے ہیں لیکن وہ مستقل نہیں ہوتی اور اس کی اہمیت کسی نئی ہیجانی طلب میں ختم ہو جاتی ہے۔ آپ کی شخصیت میں خواب ناکی ہے۔ آپ میں کوئی نہ کوئی فن کارانہ صلاحیت، دوسروں کو سمجھنے کی وجدانی اہلیت کے ساتھ ساتھ موجود ہے۔ آپ ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں یا زندگی کو خواب دیکھنے میں گزارتے ہیں یہ آپ کی شخصیت کے نظم و ضبط پر منحصر ہے۔
آپ مثالیہ پسند، تصوراتی اور جذباتی ہیں اور جو لوگ بدقسمت ہیں ان سے بہت زیادہ ہمدردی محسوس کرتے ہیں۔ آپ اپنے اردگرد کے جذبات اور احساسات سے خوب واقف ہیں ان سے متعلق ان باریکیوں تک سے واقف ہیں جو دوسرے نظراندا زکر جاتے ہیں۔ ممکنہ طور پر آپ بہت خوش ذوق ہیں۔ اچھی موسیقی، رقص اور فلمیں اور کھانے جو آپ کے جذبات کو چھو لیتے ہوں، آپ کی حسیات کو اجاگر کر دیتے ہیں۔
آپ بے حد رومانیت پسند لیکن دھوکے باز ہیں۔ یہ پوزیشن بہت سارے اور غیرپابند رومانوی تعلقات کی خواہش کا اظہا رکرتی ہے۔ اگر کوئی تعلق آپ کی مثالیہ پسندی کے معیار پر پورا نہیں اترتا تو بے وفائی کرنا آپ کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ آپ لوگوں کا سامنا کرنا پسند نہیں کرتے البتہ اپنی راہ لگنا بہتر سمجھتے ہیں۔ آپ اپنے جذبات کا اور احساسات کا کھلا اور دیانت دارانہ اظہار کرنے کے قائل نہیں۔ آپ اداکاری اچھی کرتے ہیں خواہ وہ اسٹیج پر ہو یا زندگی میں۔ اس لیے آپ لوگوں کو ان جذبات کا بھی یقین دلا سکتے ہیں جو موجود نہیں ہیں۔
آپ اپنے ماضی سے وابستہ رہتے ہیں۔ آپ کو ماضی کی رومانی یادیں اب بھی تحرک دیتی ہیں اور ان سے پیچھا چھڑانا آپ کے لیے آسان نہیں ہوتا۔ آپ دل چسپی کھونے کے باوجود اپنی محبت کے تعلق سے وابستہ رہتے ہیں اور محبوب سے کم از کم دوستی رکھنا پسند کرتے ہیں۔ جب اس میں ناکامی ہو تو شدید جذباتی اور اداس ہو جاتے ہیں۔
قمر،نیپچون تثلیث و تسدیس
Moon Trine Or Sextile Neptune
یہ نظر عام طور پر موسیقاروں کے زائچے میں ملتی ہے۔ اس نظر سے شدید حساسیت اور فن کارانہ صلاحیتیں منسوب ہیں۔ اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر ہے تو آپ بے حد وجدانی، ہمدرد اور دوسروں کا احساس کرنے والے ہیں۔ آپ میں تخئیلی اور تخلیقی صلاحیتیں ہیں اور آپ جذباتی طور پر مثالیہ پسند ہیں۔ اگر آپ نے کوشش کی تو آپ اس فن میں یا پُراسرار علوم میں یا نفسیات میں کافی آگے جا سکتے ہیں۔ ایسے لوگ فلم انڈسٹری سے وابستہ ہوتے ہیں۔ ناصرف جذباتی طور پر ڈرامائیت کا رجحان رکھتے ہیں بلکہ تعلقات میں بھی ڈرامائیت کے قائل ہوتے ہیں۔ یہ چیز ان کی زندگی کے نصف اوّل میں مسائل پیدا کرتی ہے جب حقیقت پسندی کا فقدان ہوتا ہے اور جذباتی اطمینان کے بجائے ہیجان انگیزی زیادہ پُرکشش محسوس ہوتی ہے۔ آپ کا جھکاﺅ تصورات کی طرف زیادہ ہوتا ہے۔ اگر آپ اسے حقیقتیں سمجھنے میں استعمال کریں تو یہ مثبت استعمال ہوگا۔ یہ امکان بھی ہے کہ آپ کی تخلیقی صلاحیت لاشعور کو چھو لے گی اور آپ کسی فن کی بلندی پر پہنچ جائیں گے۔ اگر آپ مکمل شخصیت نہیں رکھتے تو ساری صلاحیت خواب دیکھنے میں صرف کر دیں گے۔
تربیع قمر و نیپچون
Moon Square Neptune
اگرچہ ایسے لوگ فن کار ہو سکتے ہیں اس کے باوجود اس نظر کے نتائج پر قابو پانا دشوار ہے۔ فراریت کی طرف رجحان شدید ہے۔ فن کار اسے مثبت طور پر استعمال کر سکتا ہے۔ جب کہ اوسط آدمی زندگی سے فرار اختیار کرتا ہے۔ اکثر اس نظر کے تحت منشیات کا رجحان پایا جاتا ہے اور مادی معاملات سے نمٹنے میں دشواری ہوتی ہے۔
اگر آپ کے زائچے میں یہ نظر ہے تو آپ تاثر قبول کرنے والے، راز پسند اور ظاہر پرست ہیں۔ آپ ہر قسم کی دل فریبی میں کشش محسوس کرتے ہیں اور سطحی درخشانی میں دل چسپی لیتے ہیں۔ تعلقات میں آپ ہلکی پھلکی رومانویت کو گہری محبت پر فوقیت دیتے ہیں۔ آپ کی ظاہر پرستی کی وجہ سے آپ کے جذباتی تجربات اکثر مایوس کن ثابت ہوتے ہیں۔ جذباتی طور پر آپ پُرفریب، الجھے ہوئے اور ناخوش ہیں۔ برے وقت میں آپ اس حد تک تنہائی پسند ہو جاتے ہیں کہ دنیا آپ کو اجنبی لگنے لگتی ہے۔ اکثر آپ اپنے موڈ کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں جو آپ پر پوری طرح حاوی ہوتے ہیں۔ یہ نظر باطنی طور پر انتہائی خوش گوار زندگی دیتی ہے لیکن اسے اپنا رابطہ دنیا سے منقطع نہ کرنے دیں۔
یہ نظر کبھی کبھی ہم جنس پرستوں کے زائچوں میں بھی ملتی ہے۔ باطن کی گہرائی میں جنس مخالف کے لیے شک کے شدید جذبات پائے جاتے ہیں۔
مقابلہ قمر و نیپچون
Moon Opposition Neptune
اس نظر کے تحت منشیات(تجربات بھی کبھی کبھی نشہ آور حیثیت اختیار کر لیتے ہیں) کی طرف جھکاﺅ پایا جاتا ہے۔ وفاداری بہت دشوار ہوتی ہے۔ آپ محنت سے منصوبے بناتے ہیں، دوسروں سے زیادہ وعدے کرتے ہیں اور زیادہ وقت جذباتی الجھاﺅ میں گزارتے ہیں۔
اکثر ایسا شخص ناصرف دوسروں سے بلکہ خود سے بھی دیانت داری نہیں برتتا۔ یہاں فراریت کا رجحان شدید ترین ہے۔ یہ نظر بہت زیادہ فنی اہلیت بھی دیتی ہے۔ جذباتیت کا اظہار اس کا بہترین تحفہ ہے۔ ایسے لوگ اداسی اور دکھ کے الفاظ میں تصویر کھینچنے کی بہترین صلاحیت رکھتے ہیں اور یہی فرار کی بہترین صورت بھی ہے۔
مقابلے کی اس نظر کا تعلق تعلقات کے مسائل سے ہے۔ لہٰذا ایسا شخص تعلقات کے زوال سے قطعاً بے خبر رہتا ہے۔ ایسا شخص اپنے لیے تباہ کن رویے رکھتا ہے۔ ایسا شخص اپنے اعمال پر نظر نہیں رکھتا۔ اسے جذباتی صدمات سے بچنے کے لیے واقفیت پسندی اور نظم و ضبط اختیار کرنا چاہیے۔
قران قمر و پلوٹو
Moon Conjunct Pluto
جذباتی اعتبار سے آپ ایسے گرم جوش شخص ہیں جو زندگی کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے۔ آ کی سوچوں اور احساسات کی پے چیدگی آپ کی من چاہی خوشیوں کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ آپ باطنی طور پر خوف زدہ رہتے ہیں، تکلیف پہنچنے سے، مسترد ہونے سے اور مایوسی سے۔
اگر آپ کا قمر سرطان میں ہے تو آپ میں اظہارِ جذبات کی آزادی ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود آپ محتاط اور دفاعی ہیں۔
دوسرے بروج میں آپ کے گہرے جذبات خوف، ناراضی اور افسوس کے جذبات کو دبانے کا رجحان پایا جاتا ہے جو بعد میں ڈپریشن کی صورت ذہنی سطح پر نمودار ہو جاتے ہیں، آپ بہت موڈی ہیں، بعض اوقات مایوسی اور لاچاری کے جذبات آپ کو نااہلی کی حد تک پہنچا دیتے ہیں، جب آپ دیکھیں کہ آپ کسی کو کھونے والے ہیں تو تنگ نظری اور آدم بے زاری کا شکار ہو جاتے ہیں۔
آپ میں بدترین توقعات رکھنے اور خود کو ان کے لیے تیار رکھنے کا رجحان ہے۔ آپ واقعات، لوگوں اور صورتِ احوال پر بھروسا کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ وجدانی ہونے کی وجہ سے کبھی کبھی آپ کے اندازے درست ہوتے ہیں لیکن عام طور پر وہ آپ کی منفی سوچ کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
آپ خطرات مول نہیں لیتے اور زندگی کے بارے میں حقیقت پسندانہ طرزعمل اختیار نہیں کرتے۔ آپ اپنی پسند اور ناپسند کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور فیصلے کرنے کے شائق ہیں۔ دنیا میں کچھ ہی لوگ ہیں، جن کے بارے میں آپ گہرے جذبات رکھتے ہیں۔ ان لوگوں کے بارے میں بہرحال آپ وفادار اور قابل بھروسا ہوتے ہیں اور ان کے لیے سپردگی محسوس کرتے ہیں۔ آپ ان سے بھی جواب میں یہی کچھ طلب کرتے ہیں۔
محبت میں آپ رقیبانہ جذبات رکھتے ہیں ،گہرے جذباتی اور قابضانہ فطرت والے ثابت ہوتے ہیں۔ پختہ ہونے پر آپ ایثار پیشہ اور ہمدرد ثابت ہوتے ہیں۔ آپ کی دوسروں کو سمجھنے کی صلاحیت بھی آپ کو بہت فائدہ پہنچاتی ہے۔ اگر کوئی شخص آپ کو دھوکا دے تو آپ باآسانی اسے اپنی زندگی سے خارج کر دیتے ہیں۔
جذباتی پختگی کی حد تک پہنچنے تک آپ میں یہ رجحان ہو سکتا ہے کہ آپ دوسروں میں جھانکنے کی صلاحیت کو لوگوں پر اور خصوصاً جنس مخالف کو متاثر کرنے میں استعمال کریں۔ پختہ ہونے کے بعد آپ کی انسان دوستی حدود کی پابند نہیں رہتی۔ یہ امکان ہے کہ آپ کی زندگی پر آپ کی ماں نے گہرے اثرات چھوڑے ہیں، اچھے ہوں یا برے۔ آپ میں اپنے گھرانے کے اثرات سے دور رہنے کی خواہش شدید ہے۔
ایک بالغ شخص کی حیثیت میں آپ ہر چیز کو ذاتی طور پر لیتے ہیں۔ آپ میں اداسی کا اور کسی بھی پچھلے جذباتی تجربے پر اچھے خاصے عرصے کے بعد غور کرنے کا رجحان موجود ہے۔ کبھی کبھی آپ اپنے اردگرد رکاوٹیں کھڑی کر کے دنیا سے کٹ جاتے ہیں۔ آپ صرف ان لوگوں کو اپنے قریب آنے کا موقع دیتے ہیں جو آپ سے باطنی طور پر بھی واقف ہوں۔ آپ کے جذبات پے چیدہ اور ذہن تیز ہے۔ اس گہرائی اور دوسروں کو سمجھنے کی صلاحیت کی مدد سے آپ بہت سی کامیابیاں، بہت سی خوشیاں حاصل کر سکتے ہیں لیکن پہلے آپ کو اپنی منفی سوچوں پر فتح حاصل کرنا ہوگی اور یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ حالات آپ کے عمل کا ردعمل ہوتے ہیں۔ آپ کو اپنے مسائل سے لاتعلقی برتنی ہوگی اور یہ جاننا ہوگا کہ مسائل صرف آپ کے ساتھ نہیں، اوروں کے ساتھ بھی ہیں اور مسائل بالآخر حل ہوجاتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ آپ دوسروں پر اور ان کے مسائل پر توجہ دیں۔ ایک محاورہ ہے کہ ”جس وقت مجھے خود پر ترس آرہا تھا کہ میرے پیروں میں جوتے نہیں، میں ایک ایسے شخص سے ملا جس کے پیر نہیں تھے۔“
تثلیث قمر و پلوٹو
Moon Trine Pluto
آپ ایک تیز ذہن کے مالک ہیں اور آپ اپنے گردوپیش کے لوگوں پر مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔ آپ کی ذہانت تمام پردوں سے آگے کسی بھی شخص صورتِ حال یا تجربے کی حقیقت کو جان لیتے ہیں۔ آپ کی انسانی نیت اور اسباب کو باطنی طور پر جھانک لینے کی صلاحیت آپ کی شخصیت کا سرمایہ ہے۔ آپ ہمدرد، مہربان، خیال رکھنے والے اور دوسروں کے مسائل کو اپنا سمجھنے والے ہیں۔ باطنی طور پر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی ضرورت محسو س کی جائے، اس لیے ان لوگوں کی طرف جھکتے ہیں جن کو آپ کی ضرورت ہو۔ آپ گہری محبت کرنے والے، حساس اور کبھی کبھی جذباتی ہیں۔ کیوں کہ آپ کے احساسات گہرے اور مثبت ہیں، اس لیے آپ اپنے قریبی لوگوں کے لیے تحریکی قوت ہیں۔ آپ کا ذہن فلسفیانہ ، مذہبی اور شدید روحانی ہے۔ آپ اس پر یقین رکھتے ہیں کہ انسان کی خوشیوں کی لامحدود صلاحیت اس کے ذہن میں پوشیدہ ہے۔ جب آپ مثبت توانائی اور خوش امیدی کی مدد سے اپنے مسائل سے بالاتر ہوتے ہیں تو آپ انسانی قوتوں کی مثال ہو جاتے ہیں۔ آپ کو ہر پابندی چیلنج کرتی ہے۔ آپ اپنی قوت ارادی کے ذریعے اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں آپ کا کیا ہوا ہر کام غیرمعمولی قوتِ حیات کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ لوگ آپ کو سراہتے ہیں، آپ کی عزت کرتے ہیں اور اکثر آپ کی اس ذاتی قوت پر رشک کرتے ہیں۔
تربیع قمر و پلوٹو
Moon Square Pluto
اگرچہ آپ بے حد جذباتی ہیں لیکن آپ اپنے محسوسات کو نہ صرف دوسروں سے بلکہ خود سے بھی چھپانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ ایسی کسی صورتِ حال کی طرف کھنچتے ہیں جس میں آپ بے بس اور غیرمحفوظ ہیں۔ ایسا آپ غیرشعوری طور پر کرتے ہیں۔اکثر یہ نظر عدم تحفظ لاتی ہے۔ تحرک آپ میں غیرمعمولی مقدار میں ہے اور آپ کا ذہن مادے پر حکمرانی کرتا ہے۔
آپ کی شخصیت راز چھپانے والی، محتاط اور بھروسا نہ کرنے والی ہے۔ اس کے باوجود آپ وفادار اور قابل اعتماد ہیں۔ آپ کو محبت کی شدید ضرورت ہے لیکن آپ کا غرور آپ کو اپنی ضرورت کا اظہار کرنے اور اپنے احساسات کا اظہار کرنے سے روکتا ہے۔ کبھی کبھی لوگ آپ کو اور آپ کی سردمہری کوخود غرضی سمجھتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ وقتاً فوقتاً خو دکو اپنی ذات میں قید کر لیتے ہیں اور کسی ہیجانی جدوجہد کے ذریعے سکون حاصل کرتے ہیں۔
آپ کی زندگی میں ایسے وقفے آتے ہیں جب آپ تنہائی پسند ہو جاتے ہیں اور تنہائی اختیار کرتے ہیں، ایسا جذباتی انتشار کے دنوں میں ہوتا ہے۔ آپ اپنے مزاج کے باقاعدہ تغیرات کو سمجھنے کے بجائے انہیں دباتے ہیں۔ اس کی تہ میں خوف ہوتے ہیں، ناکامی کا خوف، دھوکا دہی کا خوف، روکے جانے کا خوف اور نامعلوم تباہی کا خوف۔ آپ مادی کامیابیوں کے باوجود محبت کی کامیابی سے محروم رہتے ہیں کیوں کہ آپ اس گرم جوشی، محبت کے جسمانی اظہار اور اس محبت کا مظاہرہ نہیں کر سکتے جس کی خود آپ کو ضرورت ہے۔ بے تکلفی سے محبت کا اظہار آپ کو آسان نہیں معلوم ہوتا۔ آپ کے لیے گرم جوش اظہار کے مقابلے میں یہ ظاہر کرنا زیادہ آسان ہے کہ آپ کو محبت کی ضرورت ہی نہیں۔ آپ کی زندگی بہتر ہو سکتی ہے اگر آپ ان لوگوں کی ضروریات پوری کریں جن سے آپ کو محبت درکار ہے۔
مقابلہ قمر اور پلوٹو
Moon Opposition Pluto
آپ ایک ضدی شخصیت ہیں اور اپنی جذباتی غلطیاں دہراتے ہیں۔ اگر آپ کا پلوٹو اسد میں ہے تو آپ غیر متعلق لوگوں سے محبت طلب کرتے ہیں اورجب ان کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں ملتا تو تکلیف محسو س کرتے ہیں۔ یہ نظر روحانی ناکامیاں لاتی ہے۔ کبھی کبھی ایسا لگتا ہے کہ آپ سب کچھ دے کر بھی کچھ نہیں پا رہے ہیں۔وقت گزر جانے پر پتا چلتا ہے کہ آپ خود اپنے ساتھ زیادتیاں کر رہے ہیں۔ آپ خود جذباتی طور پر فرار پسند ہیں۔ آپ کسی سے جذباتی قربت کی خواہش بھی کرتے ہیں اور اس سے خوف زدہ بھی رہتے ہیں۔
امکان یہ ہے کہ آپ خود اپنی زندگی میں وہی رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں جو آپ کو اپنی ماں کے ساتھ تعلقات میں پیش آتی رہی ہیں۔ جب تک آپ یہ پرانا مسئلہ حل نہیں کریں گے رومانی تعلقات آپ کے لیے مایوس کن ثابت ہوں گے۔ امکان یہ ہے کہ آپ کی ماں یا تو بہت تحکم پسند تھیں یا انھوں نے آپ کو وہ جذباتی توجہ اور قربت نہیں دی جس کی آپ کو ضرورت تھی۔
آپ بلوغت کی زندگی کے تعلقات میں جذباتی معاملات پر کنٹرول میں کمی کا وہی خوف محسوس کرتے ہیں۔ اس لیے غیرشعوری طور پر آپ وہی رومانی تعلقات قائم کرتے ہیں ناکامی جن کا مقدر ہو۔ آپ کو یہ سیکھنا چاہیے کہ آپ کس طرح اعتماد کریں اور اپنے محسوسات کا کھل کر اظہار کریں۔ آپ کے ساتھ رکاوٹ یہ ہے کہ آپ جس سے محبت کرتے ہیں اس پر بڑے پے چیدہ طریقے سے قابض ہونا چاہتے ہیں، ویسے ہی جیسے آپ کی ماں نے آپ پر قابو پایا تھا۔ آپ اس سے نمٹنے کا ابتدائی طریقہ یہ اختیار کرتے ہیں کہ محسوسات کا اس حد تک تجزیہ کریں کہ آپ انہیں محسوس نہ کرسکیں۔ دوسرے لفظوں میںاپنے محسوسات کو آپ خیالوں میں منتقل کرلیں جنہیں آپ اپنے ذہن میں دہراتے رہیں۔ اس طرح آپ کسی مایوس کن محبت کی ناکامی میں اپنا کردار بھول جاتے ہیں،جان لیں کہ جذباتی مسرت آپ کی ہو سکتی ہے بشرطیکہ آپ اپنی گہرائی میں چھپے خوف سے لڑیں۔ آپ میں ذہانت اور دوسروں میں جھانکنے کی بے پناہ صلاحیت ہے لیکن آپ اس سے استفادہ اپنی رومانی زندگی کو پُرسکون اور کامیاب بنانے کے بعد کر سکتے ہیں۔