موجودہ سال 2021 اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے لیکن اس سال دنیا میں تبدیلی کا عمل گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید تیز تر ہوا ہے خصوصاً اگست میں افغانستان سے امریکا کی رخصتی اور کابل پر افغان طالبان کا مکمل قبضہ اور حکومت پوری دنیا کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر رہا ہے، وقت نے ثابت کردیا کہ موجودہ دور میں ماضی کا ”کالونیل نظام“ اب نہیں چل سکتا خصوصاً ایسی قوموں میں اس نظام کے لیے کوئی گنجائش نہیں جو حریت پسندی کے جذبے سے سرشار ہےں، افغان قوم نے پہلے سویت یونین کے خلاف مزاحمت کی اور اب گزشتہ بیس سال سے امریکا کے خلاف مزاحمت کا عمل جاری رکھا، بالآخر وہ امریکا کو اپنے ملک سے نکالنے میں کامیاب رہے۔
نئی صورت حال میں ملکوں کے نئے بلاک وجود میں آرہے ہیں، امکان یہی ہے کہ چائنا ، روس، ایران، افغانستان اور پاکستان مشرقی بلاک میں ہوں گے، مغربی بلاک میں امریکا کے ساتھ مڈل ایسٹ، سعودی عرب، بھارت وغیرہ ہیں، بہر حال یہ نقشہ اس سال کے آخر تک مزید واضح ہوجائے گا۔
پاکستان کی صورت حال رفتہ رفتہ مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، نیا مہینہ ستمبر اگرچہ بہت سے مسائل اور ناخوش گوار واقعات کا حامل ہے لیکن ان پر قابو پایا جاسکتا ہے، ستمبر کاآغاز ہی اگرچہ مشکل حالات سے ہوگا جو گزشتہ مہینے اگست کا تسلسل ہوں گے کیوں کہ اس مہینے میں سیارہ مشتری کی پوزیشن زائچے کے دوسرے ، چوتھے ، چھٹے اور دسویں گھر کو بری طرح متاثر کر رہی ہے، مزید یہ کہ زائچے میں گزشتہ ماہ سے بارھویں گھر کے حاکم سیارہ مریخ کا دور اصغر بھی شروع ہوچکا ہے، دور اکبر 2008 سے زائچے کے سب سے منحوس سیارے مشتری کا جاری ہے، گویا مریخ کا دور اصغر جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے، یہ بدترین دور آئندہ سال 17 جولائی 2022 ءتک جاری رہے گا، چناں چہ اس دور میں کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جاسکتی، البتہ سیاروی گردش سے حاصل ہونے والے مثبت زاویے وقتاً فوقتاً معاون و مددگار ثابت ہوتے رہیں گے۔
ستمبر کے آغاز میں معاشی مسائل ، مہنگائی اور عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا، حکومت کے لیے یقیناً یہ ایک نہایت سخت اور مشکل وقت ہوگا، ساتھ ہی افغانستان کی صورت حال کے پیش نظر حکومت کو اندرونی اور بیرونی دونوں محاذوں پر توجہ دینا ہوگی، اس مہینے میں فوج اور بیوروکریسی سے متعلق مسائل بھی سامنے آئیں گے،یہ ادارے اکھاڑ پچھاڑ اور انتظامی نوعیت کی تبدیلیوں سے دوچار ہوں گے لیکن 15 اگست کے بعد سے ایسی صورت حال پیدا ہوگی جب حالات پر قابو پانے میں آسانی ہوگی، گویا ستمبر کے پہلے 15 دن زیادہ مشکل اور حادثات و سانحات لانے والے ہوسکتے ہیں۔
اسی مہینے سے راہو کی مستقل نظر پیدائشی زائچے کے قمر کے ساتھ قائم ہوگی جو ایک لمبے عرصے تک قائم رہے گی، یہ اس بات کی نشان دہی ہوگی کہ ملک کے مقتدر حلقے زیادہ فعال پوزیشن میں آئیں گے اور ملک میں اہم فیصلے اور اقدام دیکھنے میں آئیں گے گویا سال کے آخر تک مختلف امور میں ہم بہت ہی نئی تبدیلیاں اور نئے اقدام دیکھیں گے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ خارجہ پالیسی کے محاذ پر پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی ہے جس کے نتیجے میں بھارت کو نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ خطے میں تنہائی کا شکار نظر آتا ہے، ہم نے پہلے بھی نشان دہی کی تھی کہ بھارت کے لیے موجودہ سال بہت ہی سخت مشکلات سے بھرپور رہے گا، جہاں تک ملک کے داخلی معاملات ہیں وہ خصوصاً ستمبر میں بھی مزید پیچیدگیوں کا شکار ہوں گے،مہنگائی میں اضافہ ، حادثات اور جرائم میں اضافہ، حسب اختلاف کے حکومت پر تابڑ توڑ حملے ، متحدہ اپوزیشن کو متحرک کرنے کی کوششیں وغیرہ۔
ستمبر کا مہینہ پاکستان میں آئینی، قانونی اور عدلیہ کے حوالے سے نئے مسائل سامنے لائے گا،عدالتی نظام کو متنازع بنانے کی کوششیں کوئی نیا رنگ دکھاسکتی ہیں، وزیراعظم عمران خان کے لیے 6 ستمبر تک کا وقت سخت ہے اور اس کے بعد 15 ستمبر سے 15 اکتوبر تک کا وقت مشکل حالات کی نشان دہی کرتا ہے، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاریاں زور پکڑ سکتی ہیں۔ (واللہ اعلم بالصواب)
رفتار سیارگان
سیارہ شمس اپنے ذاتی برج اسد میں حرکت کر رہا ہے، 17 ستمبر کو برج سنبلہ میں داخل ہوگا، شمس کی یہ پوزیشن برج حمل والوں کے لیے 17 ستمبر تک موافق و مددگار رہے گی، اس کے علاوہ ثور، جوزا، سرطان، اسد، سنبلہ، عقرب، قوس اور دلو والوں کے لیے بہتر ہوگی، میزان، جدی اور حوت والوں کے لیے ناموافق ثابت ہوگی۔
سیارہ عطارد اپنے ذاتی برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے، یہاں اسے شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے، 22 ستمبر سے برج میزان میں داخل ہوگا۔
برج سنبلہ میں اس کی موجودگی حمل، ثور، جوزا، سرطان، اسد، سنبلہ، عقرب، قوس، جدی، دلو اور حوت والوں کے لیے موافق و مددگار ہوگی جب کہ برج میزان میں اس کا سفر برج حمل، جوزا، سرطان، اسد،قوس، جدی اور حوت والوں کے لیے بہتر اثرات کا حامل ہوگا۔
سیارہ زہرہ برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے یہاں اسے ہبوط ہوتا ہے، 6 ستمبر سے یہ اپنے ذاتی برج میزان میں پورا مہینہ رہے گا، برج سنبلہ میں اس کی موجودگی کسی بھی برج کے لیے موافق اثر نہیں رکھتی، خصوصاً برج میزان والوں کے لیے ذاتی پریشانیوں اور الجھنوں کا باعث ہوگا،6 ستمبر کے بعد برج میزان میں زہرہ، میزان، قوس، جدی، دلو، حمل، جوزا، سرطان ، اسد اور سنبلہ والوں کے لیے موافق پوزیشن میں ہوگا۔
سیارہ مریخ برج اسد میں حرکت کر رہا ہے اور غروب ہے، سارا مہینہ غروب ہی رہے گا، اس کی یہ پوزیشن برج حمل والوں کے لیے پریشانی اور مشکلات کا سبب ہوگی اس کے علاوہ دیگر بروج بھی اس کی کمزوری سے متاثر ہوں گے۔
سیارہ مشتری بحالتِ رجعت برج دلو میں حرکت کر رہا ہے، 14 ستمبر کو اپنے ہبوط کے برج جدی میں داخل ہوگا، برج دلو میں اس کی پوزیشن حمل، جوزا ، اسد، میزان ، عقرب، قوس، جدی والوں کے لیے موافق و مددگار ہے، اپنے ہبوط کے برج جدی میں کسی برج کے لیے بھی موافق و مددگار نہ ہوگا۔
سیارہ زحل اپنے ذاتی برج جدی میں حرکت کر رہا ہے، اس کی پوزیشن برج حمل ، ثور، اسد، سنبلہ، میزان، عقرب، قوس، جدی والوں کے لیے موافق و مددگار ہے جب کہ برج جوزا، سرطان، اسد، دلو اور حوت کے لیے ناموافق اور پریشانیاں لانے والی ہے۔
راہو اور کیتو اپنے شرف کے برج ثور اور عقرب میں حرکت رہے ہیں، یہ اپنی نحوست کے لیے مشہور ہےں اور عام طور پر تمام بروج کے لیے نحس اثرات کے حامل ہیں۔
شرف قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 29اگست کو 09:34 am پر داخل ہوگا اور 31 اگست شب 10:40 pm تک برج ثور میں رہے گا، اس دوران میں 31 اگست کو شرف کے باقوت اوقات یہ ہوں گے۔
03:35 am قبل طلوع آفتاب سے 04:35 am قبل طلوع آفتاب تک۔
اس موثر وقت میں شرف قمر سے متعلق اعمال و وظائف کرنا افضل ہوگا، اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم 556 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے جائز مقاصد کے لیے دعا کریں۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 12 ستمبر کو صبح 03:44 am پر داخل ہوگا اور 14 ستمبر صبح 06:33 am تک ہبوط یافتہ رہے گا، یہ تمام وقت نحوست اثر ہے، اس وقت میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں، کوئی وعدہ یا معاہدہ یا کسی بھی کام کا آغاز خصوصاً شادی بیاہ وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے۔
قمر کی یہ پوزیشن علاج معالجے کے لیے بہتر ہوتی ہے، اس کے علاوہ اس وقت میں ایسے اعمال کیے جاتے ہیں جو بندش یا رکاوٹ کے لیے ہوں، بری عادتوں سے نجات، مخالفین اور دشمنوں کی زبان بندی، ناجائز تعلقات کا خاتمہ وغیرہ، اس سلسلے میں ہماری ویب سائٹ پر ضرورت کے مطابق عملیات موجود ہیں، ان سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، اس کا طریقہ یہ ہوگا کہ قمر در عقرب کے دورانیے میں اپنے مقصد کے مطابق سیاروی ساعت کا انتخاب کریں مثلاً زبان بندی کے لیے ساعت عطارد، خواب بندی یا دماغی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے قمر کی ساعت کا انتخاب کریں، کسی اعلیٰ عہدے دار، سرکاری افسر یا صاحب حیثیت افراد کی اصلاح و درستی کے لیے سیارہ شمس کی ساعت بہتر ہوگی، قیام و استحکام، قبضہ اور بھاگنے والے کو روکنے کے لیے ساعتِ زحل لی جائے، ناجائز تعلقات کے خاتمے کے لیے یا دشمن کے خلاف کارروائی کے لیے ساعت مریخ کا انتخاب مناسب ہوگا۔
شرف عطارد
سیارہ عطارد کو اپنے ہی برج سنبلہ میں شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے، اس سال پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ عطارد برج سنبلہ میں 26 اگست کو داخل ہوا ہے لیکن شرفی قوت کے حصول کے لیے درست وقت کا آغاز 29 اگست شب 09:23 pm پر ہوگا اور 10:18 pm تک رہے گا، اس دوران میں لوح عطارد یا خاتم عطارد تیار کی جاسکتی ہے اس کے علاوہ دیگر اوقات درج ذیل ہیں۔
30 اگست شب 10:52pm سے 11:28 pm تک۔
31 اگست شب 10:53 pm سے 11:30 pm تک۔
02 ستمبر شب 12:55 am سے 01:38 am تک۔
شرف عطارد
واضح رہے کہ قرآن کریم میں حروف مقطعات کی اصل تعداد 14 ہے اور یہی حروف نورانی ہیں ، اللہ رب العزت نے ان حروف سے قران کریم کی حفاظت فرمائی ہے، 14 حروف نورانی میں سے 2 کا تعلق سیارہ عطارد سے ہے ، طٰہٰ اور قٓ ، اس کے علاوہ دو حروف مقطعات سیارہ شمس کے ہیں اور ہم نے ان حروف نورانی کی روحانی توانائی سے مدد لی ہے ، اس لوح میں دیگر بھی بہت سے راز پوشیدہ ہیں جنہیں اہل علم و نظر ہی سمجھ سکتے ہیں ۔
برج جوزا اور سنبلہ والوں کے لےے تو یقینا یہ ” لوح عروج و ترقی “ ہے مگر دیگر افراد بھی جو اپنی ذہنی صلاحیتوں میں کمی یا زائچے میں عطارد کی کم زوری سے پیدا ہونے والی خرابیوں سے پریشان ہیں اس لوح مبارک سے فیضیاب ہو سکتے ہیں۔ ” لوح مبارک “ یہاں دی جا رہی ہے ۔
لوح کی پیشانی پر حروفِ نورانی طٰہٰ، حٰمٓ، آلٓمٓرٰ اور قٓ قائم ہیں،نقش کی میزان 433 ہے جو ”اسمع السامعین“ اور ”محی الباقی المنعم“ کے اعداد ہیں،نقش کی چال ذوالکتابت ہے، شرف کے اوقات میں سیارہ عطارد کی ساعات یا ہمارے دیے ہوئے مندرجہ بالا اوقات کارآمد ہوں گی جو اپنے شہر کے طلوع و غروبِ آفتاب کو مدنظر رکھ کر استخراج کی جائیں۔
ساعتِ عطارد میں باوضو ہوکر چاندی کی پلیٹ پر کندہ کریں یا ہرن کی جھلّی یا عمدہ سفید کاغذ پر بھی زعفران ، عنبر اور عرقِ گلاب کی روشنائی سے لکھ سکتے ہیں ،عمدہ قسم کے عطرِ مجموعہ کی خوشبو سے معطر کریں، نقش لکھتے ہوئے لوبان یا صندل کی اگر بتی جلائیں ، رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھیں کہ وہ پُشت پر یا بائیں ہاتھ پر ہوں۔نقش کی پُشت پر موکلاتِ علوی و سماوی و ارضی کے نام لکھیں ۔
”اَقسمتُ عَلَیکُم یا جبرائیل یا نوائیلُ ابوالعجائب برقانُ بحق طٰہٰ حٰمٓ الٓمٓرٰ قٓ ترقی و عروج، صحتِ کاملہ وحل المشکلات العجل الساعة“
نقش کی تیاری کے بعد قاعدے کے مطابق کچھ سبز شیرینی پر فاتح دےں اور نقش پہننے کے بعد حسبِ توفیق صدقہ و خیرات کریں خصوصاً معصوم بچوں کو،سمجھ لیں ایک ایسا تحفہ آپ نے پالیا ہے جو زندگی بھر معاون و مددگار رہے گا،نقش کو پہلی بار پہننے یا پاس رکھنے کے لیے نوچندے بدھ کی پہلی ساعت کا انتخا ب کریں یعنی سورج نکلنے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر پہن لیں، اپنے روزانہ کے ورد و وظائف میں اسمائے الٰہی یا اسمع السامعین اور یا محی الباقی المنعم 433 مرتبہ پڑھا کریں،انشاءاللہ کوئی مسئلہ ، مسئلہ نہیں رہے گا۔
نوٹ: جو لوگ لوح عطارد نورانی ہم سے تیار کروانا چاہیں تو وہ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔