رمضان المبارک کی آمد اور پاکستان کا رنگ بدلتامنظرنامہ

اعمال و وظائف برائے رمضان المبارک

عزیزان من! پاکستان کی صورت حال سے اب کون واقف نہیں ہے،گزشتہ سال اسی مارچ کے مہینے سے حالات نے جو کروٹ بدلی تھی وہ بد سے بدتر ہوتی چلی گئی،ذاتی مفادات اور خواہشات میں گرفتار ہمارے اہل سیاست اور مقتدر حلقے ملک کو تباہی و بربادی کے اس دہانے تک لے آئے ہیں جس کا کوئی مداوا اب کسی کے پاس نظر نہیں آتا خِضر بھی بے دست و پا، الیاس بھی بے دست و پا۔
سیاست میں نفرتوں کے وہ طوفان برپا ہوئے ہیں کہ سنجیدہ لوگوں کو سیاست ہی سے نفرت ہوگئی ہے،جمہوریت کے نام پر ملک میں جو کچھ ہورہا ہے اور عوام مہنگائی کا جو عذاب جھیل رہے ہیں وہ ناقابل برداشت ہے،بعض بین الاقوامی پابندیاں اگر پیش نظر نہ ہوتیں تو اب تک اس ملک میں مارشل لا نافذ ہوچکا ہوتا۔
تازہ صورت حال کے مطابق صوبہ پنجاب نئے انتخابات کا اعلان ہوچکا ہے لیکن برسراقتدار پارٹی ن لیگ اور مقتدر حلقے نہیں چاہتے کہ انتخابات ہوںکیوں کہ انھیں اپنی شکستِ فاش صاف نظر آرہی ہے،ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں اور مقتدرہ ہر صورت میں تحریک انصاف اور عمران خان سے کسی نہ کسی طور جان چھڑانا چاہتی ہیں اور اس حوالے سے وہ ہر حد تک جانے کی تیاری کرچکی ہیں لیکن کیا ایسا ممکن ہوسکے گا؟
عزیزان من! اس ماہ نیا چاند نہایت اہمیت کا حامل نظر آتا ہے کیوں کہ اجتمائے سیارگان برج حوت میں ہوگا،اہم ترین بات یہ ہے کہ 13 مارچ کو سیارہ مریخ ایک لمبے قیام کے بعد برج تبدیل کرے گا اور زائچہ پاکستان کے دوسرے گھر میں داخل ہوگا،مزید یہ کہ سیارہ زہرہ راہو کے ساتھ قران کرے گا،نئے چاند کے بعد قمر فوری طور پر راہو سے قران کرے گا،یہ تمام فلکیاتی آثار کسی بڑی نئی تبدیلی کی نشان دہی کر رہے ہیں،امکان ہے کہ ملک میں ایمرجنسی ٹائپ کوئی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں انتخابات ملتوی ہوسکتے ہیں،اس کا بھی امکان موجود ہے کہ موجودہ پی ڈی ایم حکومت کا بھی خاتمہ ہوجائے اور کوئی نیا عبوری سیٹ اپ وجود میں آجائے،خیال رہے کہ 15 اپریل سے 15 مئی تک گردش سیارگان کا دباو پاکستان کے زائچے کے بارھویں گھر میں ہوگا، یہ کوئی نیک فال نہیں ہے، مزید یہ کہ 20 اپریل کو ایک مکمل سورج گہن بھی ہوگا جو پاکستان میں نظر آئے گا ،یہ گہن نہایت گہرے اثرات کا حامل ہوگا،گویا اسی طرح ساری بساط الٹ جائے گی جیسے گزشتہ سال اپریل میں الٹ گئی تھی (واللہ اعلم بالصواب)
21 مارچ 2023 کو شب 10:22 pm پر قران شمس و قمر ہوگا، چناں چہ امکان ہے کہ رویت ہلال 22 مارچ کو ممکن ہوسکے، اس صورت میں 23 مارچ کو اس سال رمضان المبارک کا آغاز ہوسکتا ہے،اگر موسمیاتی خرابیوں کے سبب رویت ممکن نہ ہوسکی تو یقینی طور پر رمضان کا آغاز 24 مارچ کو ہوگا۔

اعمال و وظائف برائے رمضان المبارک

رمضان المبارک کا روحانی مہینہ عام مسلمانوں کی روحانی تربیت کا نہایت پُرتاثیر مہینہ ہے،ہم ہر سال اس موقع پر عام انسانی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے نہایت مفید اور مجرب عملیات لکھتے رہے ہیں جن سے ہر سال بے شمار لوگ فیض حاصل کرتے ہیں،اس بار بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے چند وظائف و عمل پیش کر رہے ہیں۔

رویت ہلال رمضان المبارک

رمضان المبارک کا چاند دیکھ کر فوری طور پر تین مرتبہ اللہ اکبر کہنا اور 7 بار سورہ فاتحہ پڑھ کر دعا کرنا ایک مفید اور افضل عمل ہے ۔ اگر آپ نے اس وقت کوئی انگوٹھی کسی نگینے یا نقش کی پہنی ہوئی ہے تو اس پر بھی دم کریں۔ اس طرح اس کی تاثیر میں اضافہ ہوجائے گا ، اگر آپ کے پاس کوئی لوح یا نقش وغیرہ ہے تو اس پر بھی دم کرلیں ۔

ایک نادر عمل رویت ہلال

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا پورا سال حفظ و امان اور کامیابی اور خوش حالی کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ گزرے تو اس کے لیے یہاں ہم ایک مختصر سا بہت آسان عمل لکھ رہے ہیں۔ یہ عمل گزشتہ سال بھی دیا گیا تھا اور بے شمار لوگ اس سے ہر سال فائدہ اٹھاتے ہیں ۔
رمضان کا چاند دیکھ کر اپنا بنیادی مطلب اور مقصد دل میں رکھتے ہوئے 7 بار مندرجہ ذیل اسماءکا ورد کریں اور پھر اپنے مقصد کے لیے دعا مانگیں۔
یا اِسرافِیلُ یا مِیکائیلُ یا سَتَّارُ یا غَفَّارُ ۔
یہ عمل چاند دیکھنے کے بعد سات دن تک روزانہ کریں اور کوئی ناغہ نہ کریں۔ انشاءاللہ آپ کا مطلب و مقصد پورا ہوگا اور خیر و برکت کے دروازے کھل جائیں گے۔اس کے بعد ہر مہینے نیا چاند دیکھ کر اسی عمل کو دہراتے رہیں۔ یعنی نیا چاند دیکھنے کے بعد ہر ماہ سات روز تک یہ عمل کرتے رہیں تو اس طرح آئندہ سال دوسرے رمضان کے چاند تک اس عمل کا چلّہ پورا ہوجاتا ہے اور پھر اس عمل کی برکت سے زندگی بدل جاتی ہے۔ وہ لوگ اس عمل کو ضرور کریں جو طویل عرصے سے گو ناگوں مسائل کا شکار ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کی زندگی نامرادی اور ناکامی میں گزر رہی ہے۔ انشاءاللہ ایک سال بعد وہ اپنی زندگی کو بدلا ہوا پائیں گے۔

ایام بیض اور دعائے مُجِیر

رمضان المبارک کی تیرہ ، چودہ اور پندرہ تاریخ کو ایام بیض کہا جاتا ہے۔ ان تاریخوں میں اگر دعائے مجیر پڑھ لی جائے تو جملہ گناہوں کی معافی ، تمام آفات سے تحفظ ، قرضے سے نجات ، بیماری سے شفا ، قید سے رہائی ، حکام کے نزدیک عزت و مرتبہ ، عہدے میں ترقی ، کمائی میں خیرو برکت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام غم و فکر اور دشمنوں، ظالموں سے خلاصی ہوجاتی ہے۔ سال بھر میں صرف تین روز کی مختصر سی ریاضت بے شمار فوائد کا سبب بنتی ہے۔ دعائے مجیر یہ ہے ۔ اسے ہر نماز کے بعد جتنا ورد کرسکتے ہوںکریں۔ عشا کے بعد زیادہ کثرت سے پڑھیں۔

سُبحانکَ یا اللّٰہُ تعالِیتُ یا رحمٰنُ اَجِِرنَا مِنَّ النَارِ یا مُجِِِِِِیرُ۔
سُبحانکَ یا رحیمُ تعالِیتُ یا کریمُ اَجِِرنَا مِنَّ النَارِ یا مُجِِِِِِیرُُ ۔

وظیفہ برائے روزگار

موجودہ دور میں عام انسان کی زندگی ایک جہد مسلسل کا نمونہ ہے اور جدوجہد کے دوران میں کون سے مسائل ہیں جو انسان کو درپیش نہیں ہیں لیکن سب سے بڑا مسئلہ غم روزگار ہے ۔ اگر آپ بے روزگار ہیں تو رمضان کے مہینے میں نوچندی جمعرات ، جمعہ ، اتوار یا پیر کے دن سے یہ وظیفہ شروع کریں اور خدا کی قدرت کا نظارہ کریں۔
روزہ کھول کر مغرب کی نماز پڑھیں اور دعا مانگنے سے پہلے 11 بار درود شریف پڑھ کر 129 مرتبہ اسم الٰہی ”یالطیفُ“ کا ورد کریں۔ اس کے بعد سورہ شوریٰ کی آیت نمبر 19 نو مرتبہ پڑھیں۔ آیت یہ ہے۔ اعراب وغیرہ قرآن کریم سے دیکھ کر درست کر لیں۔
اَﷲُ لَطِیفُ بِعِبَادِہِِ یَرزُقُ مَنَّ یَشَائَ وَھَوَ القَویُ العزیز
پھر 11 بار درود شریف پڑھ کر رزق و روزگار کی ترقی اور کاروبار کے لئے یا بے روزگاری سے نجات کے لئے دعا کریں۔ یہ وظیفہ 40 دن تک کریں انشاءاﷲ بہت خیر و برکت ہو گی اور روزگار سے متعلق مشکلات میں آسانی ہو گی ۔ خیال رہے کہ اس وظیفے کو اگر اس وقت تک جاری رکھا جائے جب تک خوش حالی نہ آ جائے تو بہت اچھی بات ہو گی ۔ کیونکہ رزق میں فراوانی کے لیے یہ بہت ہی مجرب عمل ہے جن لوگوں کے حالات ہمیشہ اپ اینڈ ڈاو¿ن کا شکار رہتے ہیں ۔ انہیں یہ وظیفہ لمبے عرصے تک جاری رکھنا چاہیے۔ اس کی برکت سے ان کی زندگی میں خوش حالی اور ترقی کے دروازے ہمیشہ کے لیے کھل سکتے ہیں مگر یقین کامل بھی ضروری ہے۔

وسعت و برکتِ رزق

اگر رزق میں برکت اور اضافہ نہیں ہے جو کچھ کماتے ہیں ، سب ختم ہوجاتا ہے بلکہ مہینے کے آخر میں اُدھار مانگنے کی نوبت آجاتی ہے، ہاتھ میں پیسہ نہیں رُکتا تو اس کے لیے ایک مجرب وظیفہ دیا جارہا ہے اس پر عمل کریں ، انشاءاللہ خیروبرکت بھی ہوگی اور رزق میں اضافہ بھی ہوگا۔
سب سے پہلے اپنے نام کے اعداد معلوم کریں اور پھر نوچندے اتوار ، پیر ، جمعرات یا جمعہ سے روزانہ عشاءکی نماز کے بعد یہ وظیفہ اول آخر درود شریف کے ساتھ شروع کریں اور بہتر یہ ہوگا کہ اسے کبھی ترک نہ کریں یعنی ہمیشہ پڑھتے رہیں۔یَا وَاسِعُ وُسعَتِی

عمل حل المشکلات

آپ اگر کسی مشکل میں ہےں۔ مشکل خواہ کسی نوعیت کی بھی ہو تو اس عمل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ رمضان کا چاند دیکھنے کے بعد اسی رات سے اس عمل کو شروع کریں۔ اگر خود چاند دیکھیں تو بہت اچھی بات ہے لیکن کسی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکے تو کم از کم آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ چاند ہو گیا ہے۔
چاند رات کو عشاءکے بعد دو رکعت نماز نفل برائے حاجت پڑھیں اور نفل کی ادائیگی کے بعد اپنی حاجت کے لیے دعا کریں۔ اس کے بعد گیارہ بار درود شریف اول و آخر کے ساتھ مندرجہ ذیل وظیفہ 473 مرتبہ پڑھیں اور پھر عاجزی اور انکساری کے ساتھ اللہ سے اپنی مشکل کے حل کے لیے دعا کریں۔ وظیفہ یہ ہے۔
کٓھٰیٰعٓصٓ کِفَایَتنَا – حٓمٓعٓسٓقٓ حِمَایَتنَا
اس وظیفے کو رمضان کی ستائیسویں شب تک جاری رکھیں اور پھر ستائیسویں شب جس قدر بھی گڑگڑا کر، آہ و زاری کے ساتھ دعا کر سکتے ہیں، کریں اور دوسرے دن حسب توفیق غریبوں میں صدقہ و خیرات کریں۔ ان شاءاللہ مشکل سے مشکل اور خواہ کتنا ہی تکلیف دہ مسئلہ ہو، ضرور حل ہو جائے گا۔

عمل سورة القدر

سورہ قدر کا اس ماہ مبارک سے خصوصی تعلق ہے اور خصوصاً اس ماہ کے آخری عشرے کی طاق راتوں سے۔ اگر رمضان المبارک میں روزانہ 113 مرتبہ اس کی تلاوت کی جائے تو قلب و روح میں پاکیزگی پیدا ہوتی ہے اور خیالات فاسدہ سے نجات ملتی ہے، منفی سوچوں سے نجات اور نفسیاتی امراض سے چھٹکارا ملتا ہے۔
وہم، بدگمانی، مالیخولیا (Mood Disorder) ، خفقان، مراق، ہسٹیریا، شیزوفزینیا اور اس کے علاوہ سحر و جادو، جنات و آسیب وغیرہ کے مریضوں کو بھی اس سے فائدہ ہوتا ہے۔ اس سورة مبارکہ سے ایسے مریضوںکے علاج کا طریقہ یہ ہے۔
کوئی بھی خوشبودار پھول سفید رنگ کا لیں مثلاً چنبیلی، موتیا وغیرہ۔ پھول کا خوشبودار ہونا شرط ہے۔ سورة قدر کو 13 مرتبہ پڑھ کر پھول پر دم کریں اور مریض کو سنگھا دیں اور جب تک پھول میں خوشبو رہے وقتاً فوقتاً سنگھاتے رہیں۔ دوسرے دن پھر دوسرا تازہ پھول لے لیں اور اس پر حسب سابق دم کر کے سنگھاتے رہیں۔ 40 دن تک یہ عمل کریں انشاءاﷲ مرض جاتا رہے گا۔

دوسرا طریقہ

دوسرا طریقہ یہ ہے کہ عمدہ قسم کا چنبیلی یا زیتون کا تیل لے لیں اور رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں عشاءکی نماز کے بعد 40 بار سورہ القدر پڑھ کر تیل پر دم کرتے رہیں۔ آخری طاق رات کے بعد یہ تیل استعمال کے لئے تیار ہو گا۔ اس تیل کی مالش مریض کے سر میں کریں۔ روزانہ کسی ایک ٹائم تھوڑا سا تیل سر میں ڈال کر اچھی طرح مالش کر دیا کریں۔ اگر مرض نہایت سخت ہے اور بیس پچیس دن یا اس سے زیادہ عرصے میں بھی مکمل شفایابی نہیں ہو رہی لیکن افاقہ نظر آ رہا ہے اور بوتل میں تیل ختم ہونے لگے تو بچے ہوئے تھوڑے سے تیل میں چنبیلی یا زیتون کا مزید تیل ڈال کر بوتل پھر بھر لیں اور اس طرح پڑھے ہوئے تیل کو ختم نہ ہونے دیں۔ انشاءاﷲ مکمل شفا ہو گی۔

عجیب عمل محبت

آپ کا کوئی دوست، محبوب، عزیز، رشتہ دار، بہن، بھائی، بیوی یا شوہر آپ سے ناراض ہے یا دشمنی رکھتا ہے تو اسے راہ راست پر لانے کے لئے یہ عمل عجیب اثر رکھتا ہے۔ رمضان کی 3 تاریخ سے 10 تاریخ تک جفت تاریخوں میں شروع کریں اور اپنی سہولت کے مطابق کوئی ایک وقت فرصت کا مقرر کر لیں۔ اس وقت میں علیحدہ کمرے میں پاک صاف باوضو بیٹھیں اور ایک سفید کاغذ پر اس ناراض شخص کا نام صاف، واضح، تھوڑا سے بڑا کر کے لکھیں اور اپنے سامنے رکھ لیں پھر اس نام پر نظر جما کر سورة روم میں دوسرے رکوع کی یہ آیت پڑھیں۔ومن ایتہ ان خلق سے یتفکرون تک۔
پڑھنے کا طریقہ یہ ہو گا کہ پہلے 7 بار درود شریف اور پھر 10 مرتبہ یہ آیت پڑھ کر اس نام پر پھونک مار دیں پھر 10 بار آیت کی تلاوت کریں اور نام پر پھونک مار دیں۔ نظر نام پر جمی رہے۔ اس طرح 7 بار اس نام پر دم کریں۔ گویا سورة روم کی یہ آیت شریف کل 70 مرتبہ تلاوت کرنا ہو گی۔ آخر میں پھر 7 بار درود شریف پڑھ لیں۔ گویا آیت کی 70 بار تلاوت کے دوران میں ہر 10 مرتبہ کے بعد ناراض شخص کے نام پر پھونک مارنی ہے۔ بعد ازاں اس کاغذ کو قرآن کریم میں سورة روم کے اندر ہی رکھ دیں۔ دوسرے دن پھر اسی طرح عمل کریں۔ 21 دن کا عمل ہے۔ ممکن ہے 7 دن یا 14 دن ہی میں اثر ظاہر ہو جائے لیکن آپ 21 دن پورے کریں۔ بعد ازاں کچھ مٹھائی پر فاتحہ دے کر بچوں میں تقسیم کریں اور حسب استطاعت صدقہ و خیرات کریں۔ باقی اس عمل میں کوئی پرہیز نہیں، سوائے اس کے کہ دوران عمل میں کچّا لہسن اور پیاز نہ کھائیں۔فاتحہ کے وقت ایصالِ ثواب کرتے ہوئے حضرت کاش البرنیؒ کو نہ بھولیں کہ یہ اعمال اُن کے ذریعے ہی ہم تک پہنچے ہیں۔

قید و بند سے رھائی

اس مجرب وظیفے کو بیان کرنے کی ضرورت اس لیے محسوس ہو رہی ہے کہ اکثر لوگ بذریعہ فون کسی ناگہانی کیس میں پھسنے اور حوالات یا جیل میں بند ہونے کے بارے میں بتاتے رہتے ہیں۔ یہ درست ہے کہ ایسے تمام معاملات میں سب سے پہلے مادی طور طریقوں سے ہی مدد لینی چاہیے اور قانونی معاملات کو قانونی طریقوں سے ہی حل کرنا چاہیے لیکن جو لوگ بے قصور ہیں یا دانستہ یا نادانستہ کسی غلطی کے مرتکب ہو کر قید و بند کی مصیبت کا شکار ہوئے ہوں ، ان کے لیے بہترین وظیفہ ہمارے تجربے کے مطابق یہی ہے کہ وہ بلا تعداد چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے وضو بے وضو آیتہ الکریمہ کا ورد اگلی آیت تک کریں یعنی “لا الہ الا انت سبحانک” سے اگلی آیت کے اختتام “وکذالک ننجل مومنین” (سورہ الانبیائ) تک پڑھیں، ان شاءاللہ جلد قید سے رہائی کے لیے کوئی ذریعہ پیدا ہو جائے گا ۔ اگر اس دوران میں ہفتے کے دن پرندوں کو آزاد کرنے کا صدقہ بھی دیتے رہیں تو بہترین بات ہو گی ۔

برائے ترک عاداتِ بد

بچوں کی یا کسی بھی چھوٹے بڑے کی کوئی بری عادت چھڑانے کے لیے ایک نہایت آسان عمل ہم لکھ رہے ہیں ، رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو بعد نماز جمعہ 100 مرتبہ اسمِ الٰہی ”اَلتَوَّاب“اول آخر سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کریں اور یہ پانی پلادیں، یہ عمل روزانہ 21 دن تک کریں، انشاءاللہ کوئی بھی بری عادت ہو وہ ختم ہوجائے گی۔

دعائے امان

ایسے لوگ جو کسی بھی نوعیت کی سختی کا شکار ہوں۔ گردش سیارگان یعنی وقت کی خرابی چل رہی ہو۔ سیارہ زحل کی نحوست کا شکار ہوں یا سالانہ زائچہ نحس اثرات سال بھر کے لیے ظاہر کرتا ہو اور خصوصاً ان کے کاموں میں رکاوٹیں اور مشکلات پیدا ہو رہی ہوں یا نقصانات اور حادثات سے واسطہ پڑ رہا ہو، انہیں “دعائے امان” کو مستقل اپنے ورد میں رکھنا چاہیے اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ ہر روز صبح گھر سے نکلنے سے پہلے 7 بار، 9 بار یا 11 بار اس چھوٹی سی دعا کو پڑھ لیا کریں اور اپنے سینے پر دم کر لیا کریں پھر دونوں ہاتھوں پر دم کر کے چہرے پر پھیر لیا کریں۔
دعائے امان یہ ہے۔
بِسمِ اللّٰہِ الاعظمِِِ الذی لا یَضُّرُ مَع اِسمہِ شیً فی الارضِ ولا فی السَمائِ وَ ھُو السَّمیعُ العلیم
اگر مشکلات اور نحوست کچھ زیادہ ہی چل رہی ہو تو اس سے نجات کے لیے اس دعا کو اپنے نام اور والدہ کے نام کے اعداد کے مطابق روزانہ پڑھیں اور اگر وظیفے کے طور پر اس کا آغاز کرنا ہو تو پھر نو چندے ہفتے سے شروع کریں اور 9 دن، 18 دن، 27 دن یا 90 دن تک پڑھیں۔ نو چندہ ہفتہ وہ ہو گا جو چاند کی 3 تاریخ کے بعد پہلا ہفتہ ہو گا۔ اگر اس مبارک مہینے میں کوئی شروع کرنا چاہے تو کسی بھی ہفتے سے شروع کر سکتا ہے۔
اپنے نام اور والدہ کے نام کے اعداد نکالنے کا طریقہ ہم پہلے کئی بار دے چکے ہیں۔ ہماری کتاب مسیحا میں بھی موجود ہے اور ہماری ویب سائٹ (www.maseeha.com) پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈراونے خواب

بعض لوگ شکایت کرتے ہیں کہ انہیں خوفناک قسم کے ڈراو¿نے خواب دکھائی دیتے ہیں انہیں چاہیے کہ رمضان کا چاند جس روز ہو اسی رات سے یہ وظیفہ شروع کریں اور اختتامِ رمضان تک جاری رکھیں،انشاءاللہ یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
اپنے بستر کو پاک صاف رکھیں اور بستر پر لیٹنے سے پہلے وضو کرلیں ، پہلے تین بار اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم پڑھیں پھر ایک بار آیت الکرسی پڑھیں اور جب آخری آیت پر پہنچیں جو یہ ہے ”ولا یعودُ حِفظُھما وھُوَ العلی العظیم“ تو اس کو مزید تین بار دہرائیں اور سوجائیں ، انشاءاللہ کوئی ڈراو¿نا خواب نہیں آئے گا اور اگر یہ مرض اثراتِ بد کی وجہ سے ہے تو اس سے بھی نجات مل جائے گی، خیال رہے کہ اُن لوگوں کو بھی ڈراو¿نے یا بے ہودہ نوعیت کے خواب دیکھنے کی شکایت ہوتی ہے جو کھانا کھانے کے فوراً بعد سونے کے لیے لیٹ جاتے ہیں،لہٰذا کھانا کھانے کے کم از کم دو گھنٹے بعد بستر پر جانا چاہیے۔

سخت دل شوہر یا بیوی

اکثر خواتین یا بعض مرد یہ شکایت کرتے ہیں کہ اُن کا شوہر یا بیوی نہایت سخت دل اور بے پروا ہے،خاص طور پر یہ شکایت خواتین کو ہوتی ہے کہ شوہر محبت نہیں کرتا، خیال نہیں رکھتا، مالی طور پر پریشان کرتا ہے یا مارپیٹ کرتا ہے، بچوں کی ضروریات بھی پوری نہیں کرتا وغیرہ وغیرہ۔
اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نہایت آسان وظیفہ دیا جارہا ہے،رمضان کے پہلے جمعہ کو صبح طلوعِ آفتاب کے وقت پانی کی ایک بوتل پر پوری سورئہ یٰس پڑھ کر دم کردیں،یہ کام روزانہ 21 دن تک کریں،یعنی پہلے جمعہ سے شروع کریں اور 21 دن پورے کریں،اگر درمیان میں ناغہ کے دن آجائیں تو وظیفہ چھوڑ دیں اور بعد میں 21 دن پورے کریں،اس کے بعد یہ پانی روزانہ تھوڑا تھوڑا خاوند کو پلانا شروع کردیں،پانی تھوڑا سا رہ جائے تو مزید پانی ڈال کر بوتل دوبارہ بھر لیں،انشاءاللہ اس کا دل نرم ہوجائے گا اور گھر اور بچوں سے محبت پیدا ہوجائے گی،آپ کا خیال رکھے گا۔