دسمبر کی سیاروی گردش بہت کچھ تبدیل کرے گی

ہم نئے سال کے استقبال کے لیے تیار ہوں گے

پاکستان کے حوالے سے ہم اپنا تفصیلی آرٹیکل 2024 لکھ چکے ہیں ، بہت کچھ لکھنا چاہتے تھے جو نہیں لکھ سکے۔ہر مہینے کی سیارہ گردش کے مطابق حالات و واقعات کی نشان دہی کرنا بھی اب خاصا مشکل کام نظر آتا ہے، بلاشبہ ہم پاکستان کی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔
دسمبر کے آغاز میں سیارہ شمس اور مریخ کا قران زائچے کے دوسرے گھر میں جاری ہے جو اس بات کی نشان دہی ہے کہ عوام اور اپوزیشن مزید سختیاں اور پریشانیاں برداشت کریں گی، اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کوششیں مزید تیز ہوں گی، سیارہ عطارد زائچے کے آٹھویں گھر میں داخل ہوچکا ہے اور یہاں اسے رجعت ہوگی۔بارھویں گھر میں موجود زائچے کے فعلی منحوس سیارے مشتری کی نظر میں ہوگا۔ چناں چہ بڑے بڑے دانش وروں کی عقل خبط ہوکر رہ جائے گی، ان کی سمجھ میں نہیں آئے گا کہ ہو کیا رہا ہے اور جن کی سمجھ میں آئے گا ان میں جرات ہی نہیں ہوگی کہ حقیقت حال کا اظہار کھل کے کرسکیں۔دسمبر کے پہلے ہفتے میں مزید ایسے اقدام اور فیصلے متوقع ہیں جو یقینا نامناسب ہوں گے اور حالات کو مزید خراب کریں گے۔
ستمبر سے 29 نومبر تک راہو کیتو زیرو ڈگری برج حمل پر اسٹیشنری رہے۔یہ انتہائی سخت نظر تھی جو زائچہ پاکستان کو اور زائچہ عمران خان کو متاثر کر رہی تھی۔ پاکستان کے زائچے کے بارھویں ، دوسرے ، چوتھے ، چھٹے ، آٹھویں اور دسویں گھر راہو کیتو کی اس سخت نظر کا شکار تھے ۔ 29 نومبر کے بعد یہ سخت وقت ختم ہوا لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا کیوں کہ حالات جس بدترین ڈگر پر آچکے ہیں اور انھیں درست کرنے کے لیے جس طرح کی مخلص قیادت درکار ہے وہ مفقود ہے۔
16 دسمبر سے سیارہ شمس بھی آٹھویں گھر میں داخل ہوجائے گا اور اس کے بعد سیارہ مریخ بھی برج قوس میں داخل ہوگا، چناں چہ دسمبر کے آخر تک جو کچھ نہ ہوجائے کم ہے، خصوصاً عطارد کا لمبا عرصہ آٹھویں گھر میں قیام اور اس پر مشتری کی نظر نت نئے تماشے دکھائے گی، میڈیا وہی کچھ اور زیادہ کرے گا جو اب تک کرتا آیا ہے، افواہوں ، جھوٹی خبروں اور ریٹنگ کی دوڑ جاری رہے گی، ممکن ہے بعض جرات مند صحافی حکومت کے لیے مسئلہ بننے کی کوشش کریں اور انھیں اس کے نتائج بھی بھگتنا پڑےں۔ قصہ مختصر یہ کہ عقل و فہم کا قابل دید فقدان نظر آتا ہے، اس ساری صورت حال میں عدلیہ کا کردار اہمیت اختیار کرے گا، تمام سیاسی اور آئینی مسائل کا بوجھ عدلیہ کے کاندھوں پر ہوگا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور دیگر ہائی کورٹس کے جسٹس صاحبان اس صورت حال میں کس طرح انصاف کے تقاضوں سے عہدہ برا ہوں گے اس کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے کیوں کہ حق و انصاف کے متوالے ججز پاکستان کی تاریخ میں کم کم ہی نظر آتے ہیں۔

دسمبر کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج عقرب میں حرکت کر رہا ہے، 18دسمبر کو برج قوس میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد برج عقرب میں ہے ۔13 دسمبر کو اسے رجعت ہوگی اور 28 دسمبر کو بحالت رجعت دوبارہ برج عقرب میں واپس آئے گا۔سیارہ زہرہ اپنے برج ہبوط برج سنبلہ سے 30 نومبر کو نکل کر اپنے ذاتی برج میزان میں داخل ہوگا اور 25 دسمبر کو برج عقرب میں چلا جائے گا۔سیارہ مریخ برج عقرب میں حرکت کر رہا ہے، 27 دسمبر کو برج قوس میں داخل ہوگا۔سیارہ مشتری بحالت رجعت برج حمل میں رہے گا ، سیارہ زحل اپنے ذاتی برج دلو میں حرکت کرے گا۔سیارہ یورینس برج حمل میں بحالت رجعت حرکت کرے گا جب کہ نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں ہے ، 7 دسمبر کو مستقیم ہوگا۔سیارہ پلوٹو برج جدی میں ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا، راہو اور کیتو 29 نومبر سے بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں داخل ہوجائیں گے، گویا یہ ایک بڑی اہم تبدیلی اس سال نومبر میں واقع ہورہی ہے۔

قمر در عقرب

قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 11 دسمبر کو داخل ہوگا اور 13 دسمبر تک برج عقرب میں رہے گا۔اس عرصے میں درجہ ءہبوط پر 11 دسمبر کو صبح 9:17 سے 11:05 تک رہے گا۔قمر برج عقرب میں نحوست کا سبب ہوتا ہے۔اس تمام عرصے میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے۔ کسی شادی بیاہ، منگنی سے گریز کرنا چاہیے۔ہبوط کا جو وقت دیا گیا ہے اس وقت میں اعمال نحس کیے جاتے ہیں، بری عادتوں سے نجات، مخالفین کی زبان بندی، دشمنوں سے نجات کے لیے ضروری اعمال و نقوش کے لیے یہ وقت بہتر ہے، اس عرصے میں علاج معالجہ کرانا موافق ثابت ہوتا ہے۔

سوالات و جوابات

ناقابلِ معافی جُرم

م، ش، م ، جگہ نامعلوم سے لکھتے ہیں ”پہلے آپ کو اپنی مسلسل پریشانی اور بے روزگاری کے بارے میں بتایا تھا تو آپ نے جواب دیا تھا کہ میں غیر معمولی صلاحیت کا حامل ہوں،بہت آگے جاوں گا اور کامیابی حاصل کرسکتا ہوں،2022 ءمیں حالات بہتر ہونے کی پیش گوئی کی تھی ، آپ کا بہت بہت شکریہ، اللہ تعالیٰ کے حکم اور کرم سے آپ کی پیش گوئی دُرست ثابت ہوئی اور 2022 ءمیں مجھے سرکاری ملازمت مل گئی،اللہ نے مجھ پر بڑی مہربانی فرمائی، میرا اور میرے بچوں کا مستقبل روشن ہوگیا لیکن ایک مسئلہ جو کہ میرے قرض کا ہے جس کی وجہ سے شدید پریشانی سے دوچار ہوں،قرضہ ختم کرنے کے لیے کوئی وظیفہ بتائیں ، آپ نے مجھے فیروزہ چاندی کی انگوٹھی میں پہننے کا مشورہ دیا تھا وہ پہنی ہوئی ہے۔دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ میری بیوی نے ایک بڑی غلطی کی جس کا مجھے علم ہوا تو بڑا دکھ ہوا لیکن میں اُس سے اتنی محبت کرتا تھا کہ غلطی کو محبت پر قربان کرتے ہوئے اُسے معاف کردیا لیکن اس نے وہ غلطی دوبارہ دہرائی، میں نے پھر معاف کردیا ، ہماری شادی ارینج میرج ہے،وہ اپنی غلطی بار بار دہراتی رہتی ہے جس کی وجہ سے میری اُس سے محبت بھی کم ہوگئی ہے،میرے بار بار سمجھانے سے بھی وہ نہیں سمجھ پارہی،یہاں تک کہ میں نے اُس کو چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے جس پر وہ کہتی ہے ”بھلے مجھے چھوڑ دو“ آپ سے یہ معلوم کرنا ہے کہ کیا ہم آگے چل سکیں گے ، وہ سہی ہوجائے گی یا یہ رشتہ ختم ہوجائے گا؟“
جواب: عزیزم! پہلے آپ کے بارے میں ہم نے جو کچھ کہا تھا وہ دُرست ہے،اللہ کا شکر ہے کہ آپ کو ایک اچھی جاب مل گئی ہے،مگر واقعہ یہ ہے کہ آپ کی ازدواجی زندگی درحقیقت ناکام ہے،ہم نے آپ کی وائف کا زائچہ بھی دیکھا ہے ، وہ ٹھیک نہیں ہوسکتی، اُس کے بارے میں ہم زیادہ کچھ نہیں لکھنا چاہتے،بس اتنا سمجھ لیں ”مری تعمیر میں مضمر ہے اک صورت خرابی کی“
باقی آپ نے پہلی بار اور دوسری بار معاف کرکے اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیا مگر اب یہ جرم ناقابلِ معافی ہے اور آپ کو اس سلسلے میں کوئی بھی سخت قدم اٹھانے کا شرعی اختیار حاصل ہے۔
جہاں تک آپ کے قرض کا تعلق ہے تو اتنی بڑی رقم فوری طور پر کہاں سے آئے گی؟آہستہ آہستہ ہی قرض سے نجات مل سکے گی،آپ کے زائچے میں قسمت کا ستارہ اور پارٹنر یا لائف پارٹنر کا ستارہ منحوس اثرات کا شکار ہے،اس کا توڑ کرنے کی ضرورت ہے،آپ پابندی سے ہفتے کے روز بلیک کلر کی چیزوں کا صدقہ دیا کریں اور جمعرات کو زرد رنگ کی چیزوں کا صدقہ دیا کریں،لوح شرفِ زحل آپ کو ہمیشہ پاس رکھنا چاہیے اور لوح مشتری بھی آپ کے لیے ضروری ہے،آپ کا طالع پیدائش جوزا ہے،آپ نے فیروزہ پہنا ہے تو آپ کے ستارے کا پتھر یہی ہے مگر ساتواں گھر جو شادی اور لائف پارٹنر سے متعلق ہے اُس کا حاکم مشتری ہے جس کی زائچے میں پوزیشن خراب ہے لہٰذا دوسری شادی کا امکان موجود ہے، مشتری آپ کے زائچے میں ساتویں کے علاوہ دسویں گھر کا بھی مالک ہے جس کا تعلق عزت و وقار اور پروفیشن سے ہے لہٰذا مشتری کی خرابی کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے،زحل آپ کے زائچے میں آٹھویں نویں گھر کا مالک ہے،آٹھواں گھر ازدواجی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے اور نواں گھر قسمت کو، زحل ان گھروں کا مالک ہے اور وہ بھی زائچے میں منحوس اثرات قبول کر رہا ہے،امید ہے اتنی وضاحت کافی ہوگی۔

شادی کب ہوگی؟

ٹی ، اے، جے‘کراچی: آپ نے کافی تفصیل کے ساتھ اپنے پہلے نکاح اور پھر دوسری منگنی اور تیسرے رشتے کے بارے میں حالات تحریر کیے ہیں، ہمارا خیال ہے کہ آپ کی والدہ اور خود آپ کا شمار بھی انہی لوگوں میں ہے جو شادی کو بہت زیادہ اہمیت دے رہے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ سارے مسائل کا حل آپ کی شادی ہے جب کہ یہ سوچ یکسر غلط ہے،آپ کی والدہ کا خیال یہ ہے کہ اُن کی زندگی کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں اور وہ جلد از جلد آپ کے فرض سے فارغ ہوجائیں، خواہ اس سلسلے میں کچھ بھی کرنا پڑے،پہلے بھی انہوں نے آنکھیں بند کرکے ایک نفسیاتی مریض کے ساتھ آپ کا نکاح پڑھوادیا تھا ، شکر ہے کہ رُخصتی نہیں ہوئی اور بعد میں حقیقت کا پتہ چل گیا اور آپ کو خلع لینا پڑا،دوسری مرتبہ بھی لڑکے کی حیثیت اور صلاحیت دیکھے بغیر منگنی کردی،اب تیسرا ممکنہ رشتہ محض فرضی ہے ، اُس کے بارے میں بھی آپ کو جو رپورٹس مل رہی ہیں وہ خاصی مایوس کُن ہےں،ہمارا آپ سے سوال یہ ہے کہ آپ شادی کا انتظار کرنے کے علاوہ کیا کر رہی ہیں ؟ آپ نے اس بارے میں کچھ نہیں لکھا کہ آپ کی تعلیم کتنی ہے اور آپ نے کوئی جاب وغیرہ کیوں شروع نہیں کی، ممکن ہے آپ کا جواب یہ ہو کہ ہمارے خاندان میں لڑکیوں کا جاب کرنا پسند نہیں کیا جاتا۔
آپ کا شمسی برج حوت اور پیدائشی برج میزان ہے جب کہ قمری برج بھی میزان ہے، آپ کے زائچے میں شادی میں تاخیر ظاہر ہوتی ہے اس کے علاوہ پسند کی شادی کا امکان بھی پایا جاتا ہے اور یہ خطرہ بھی موجود ہے کہ آپ کسی رومانی تعلق میں پھنس کر کوئی نقصان بھی اُٹھاسکتی ہیں لہٰذا آپ کو اس قسم کی سرگرمیوں میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے،آپ کو جاب کرنی چاہیے، آپ کی شادی غیروں میں ہوگی،بنیادی طور پر آپ کا زائچہ کمزور ہے،شادی میں تاخیر اور دیگر معاملات میں تاخیر کی وجہ یہی ہے، شادی کا امکان فروری 2024 ءسے ستمبر 2015 ءکے درمیان ہے۔
آپ کا لکی اسٹون پیلا پکھراج (یلو سفائر) ہے اس کے علاوہ آپ کو مرجان بھی پہننا چاہیے کیوں کہ ساتویں گھر کا مالک سیارہ مریخ ہے اور وہ زائچے میں کمزور ہے،اگر لوح مریخ پاس رکھیں تو یہ بھی بہتر ہوگا،جلد شادی کے سلسلے میں مددگار ثابت ہوگی،آپ کو اپنا صدقہ جمعہ کے روز دینا چاہیے اور صدقے میں سفید چیزیں چاول، انڈے وغیرہ دیا کریں یا کنواری لڑکیوں کی حسبِ توفیق جمعہ کے روز مالی مدد کیا کریں۔

روحانی علاج

ڈبلیو، ایچ میرپورخاص سے لکھتی ہیں ”کبھی بخار ہوجاتا ہے، کبھی پیٹ میں درد ہوجاتا ہے،کھاتی پیتی بھی کم ہے،کمزور بھی ہے،کام کاج میں بھی سُستی کرتی ہے، کبھی نیند میں بولتی ہے، ڈیڑھ سال پہلے اسپتال میں رہی،پھر صحیح ہوگئی، اب کھانسی ہے، ڈاکٹری علاج بھی کروارہے ہیں لیکن کمزوری ابھی تک ہے، براہِ مہربانی کوئی روحانی علاج تجویز کریں ، کوئی پتھر وغیرہ تجویز کریں ، اس کے برج وغیرہ بھی بتادیں ، اللہ آپ کو اجرِ عظیم عطا فرمائے، ایک غریب انسان کے پاس صرف آپ کے لیے دُعا ہے“
جواب: ابتدا ہی سے بچی کا صحیح علاج نہیں ہورہا اور اُس کی وجہ یقیناً آپ کی غربت ہے،آپ نے یہ نہیں لکھا کہ سال ڈیڑھ سال پہلے وہ اسپتال میں کیوں رہی،اُس وقت اُسے کیا تکلیف ہوئی تھی؟ہمارے خیال میں اس کے دُرست ٹیسٹ بھی نہیں ہوسکے ہیں اور صحیح بیماری کا اندازہ نہیں کیا جاسکا ہے۔
بچی کا شمسی برج ثور اور پیدائشی برج قوس ہے،حاکم سیارہ مشتری ہے جو زائچے میں کمزور ہے،قمری برج جدی ہے،اس کا حاکم زحل بھی کمزور ہے،زائچے میں سیارہ عطارد منحوس اثرات کا شکار ہے اور اس کا تعلق پھیپھڑوں سے ہے لہٰذا پھیپھڑوں سے متعلق خرابیاں اور ٹی بی کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا لہٰذا صحیح ٹیسٹ وغیرہ کرائیں،زائچے میں راہو کا منحوس دور چل رہا ہے، اس کا توڑ کرنے کی بھی ضرورت ہے،اتوار کے علاوہ روزانہ چیونٹیوں کو سوجی چینی ملاکر ڈالا کریں اور تقریباً 5 کیریٹ وزن یا اس سے زیادہ وزن کا فیروزہ پہنائیں،اسمائے الٰہی یا علیُ یا عظیمُ روزانہ ایک تسبیح پڑھ کر دُعا کیا کرے۔

کروں تو کیا کروں؟

دانش اسلام، کراچی سے لکھتے ہیں ” جناب میرا مسئلہ میری سمجھ سے باہر ہے،تعلیم حاصل کر رہا ہوں تو اُس میں کامیابی نہیں ملی ، کاروبار والد کا ہے،وہ بھی لوز ہورہا ہے یعنی جو کچھ بھی کرلو نصیب میں نقصان ہی ہے، آپ کو پہلے بھی میل کی تھی، آپ نے جواب نہیں دیا کہ آخر میں کروں تو کیا کروں؟ میری زندگی تباہ ہورہی ہے، مہربانی فرماکر میری رہنمائی کریں“
جواب: عزیزم! آپ کا شمسی برج ثور اور طالع پیدائش یعنی برتھ سائن حمل ہے،اس کا حاکم سیارہ مریخ طاقت ور پوزیشن میں ہے لہٰذا آپ کی ذاتی صلاحیتوں سے انکار ممکن نہیں ہے،مجموعی طور پر آپ کا زائچہ کافی مضبوط ہے لیکن کچھ خرابیاں بھی موجود ہیں،جن کا علاج کرنے کی ضرورت ہے،پھر آپ یقیناً ایک کامیاب اور اعلیٰ درجے کی زندگی گزار سکیں گے۔
اعلیٰ تعلیم اور پروفیشنل تعلیم کے ستارے کمزور ہیں،کاروبار اور کاروباری مفادات کے ستارے منحوس اثرات کا شکار ہیں اور مزید سب سے بڑی خرابی یہ ہے کہ آپ کافی سرکش ، نافرمان، ضدی ، کٹ حجت اور باغیانہ خیالات کے مالک انسان ہیں،آپ دوسروں سے سیکھنے کے بجائے انہیں سکھانے اور پڑھانے کی کوشش شروع کردیتے ہیں لہٰذا لوگ آپ کی رہنمائی کرنے سے گریزکرتے ہیں،آپ کے زائچے پر تفصیلی روشنی ڈالنے کا مطلب ایک طویل بحث کا دروازہ کھولنا ہوگا اور یہ کالم اس کا متحمل نہیں ہوسکتا،ہم یہاں صرف علاج پر بات کریں گے۔
آپ کو اپنا صدقہ پابندی کے ساتھ جمعرات اور ہفتے کے روز دینا چاہیے،جمعرات کو زرد رنگ کی چیزوں کا صدقہ دیا کریں اور اپنے استادوں کا اور اہل علم افراد کا احترام کیا کریں،ہفتے کے روز بلیک کلر کی چیزوں کا صدقہ دیا کریں اور اپنے والد یا دیگر بزرگ افراد کی خدمت کریں اور اُن کا احترام کریں،منگل کے روز بعد دوپہر کتوں کو گوشت ڈالا کریں اور بدھ کے روز گرین کلر کی چیزوں کا صدقہ دیا کریں مثلاً سبزیاں وغیرہ اور خیال رہے کہ گرین کلر بالکل استعمال نہ کیا کریں۔
نیلم یا لاجورد یا بلیو ترملین آپ کے لیے لکی اسٹون ہیں جو کاروباری معاملات میں مددگار ثابت ہوگا،پیلا پکھراج یا گولڈن ٹوپاز تعلیم کے حصول میں مددگار ہوگا، خیال رہے کہ کوئی پتھر یا لوح وغیرہ پہننے کے لیے کسی سعد وقت کا انتخاب کرنا چاہیے، اس سلسلے میں ذاتی طور پر رابطہ کرکے مشورہ کرنا چاہیے۔
اس سال آپ کے لیے کامیابی کے موقعے موجود ہیں اگر اپنی اصلاح اور ضروری علاج پر توجہ دیں تو عمدہ نتائج حاصل ہوسکتے ہیں لیکن آئندہ سال 13 مارچ کے بعد ایک بہت خراب دور شروع ہوجائے گا جو جون 2016 ءتک رہے گا،اس میں آپ زیادہ نقصانات اُٹھاسکتے ہیں لہٰذا وقت سے پہلے احتیاطی تدابیر کرلینی چاہیے۔

مہلک یا سخت بیماریاں

ٹی ، ایچ، نواب شاہ سے لکھتے ہیں”مسئلہ یہ ہے کہ میرے والد کو ہیپاٹائٹس ”سی“ تقریباً 2 سال سے ہے اور اس دوران میں شوگر بھی ہوگئی ہے، انہوں نے کوئی بھی ایلوپیتھک دوائی نہیں لی اور نہ ہی ویکسینز لگوائی ہیں لیکن وہ کمزور ہوگئے ہیں،والد اور والدہ دونوں ہومیو پیتھک علاج پر یقین رکھتے ہیں، آپ سے گزارش ہے کہ کوئی ہومیو پیتھک دوائی جو حیدرآباد یا نوابشاہ میں آسانی سے مل سکے ، بتادیں اور کوئی روحانی علاج بھی؟“
جواب : عزیزم! ایسی بیماریاں جو کافی سخت اور گہرا اثر ڈالتی ہیں اس طرح ٹھیک نہیں ہوتیں کہ کوئی ایک دوا بتادی جائے اور وہ مریض کو صحت مند بنادے،ہیپاٹائٹس ایک خطرناک بیماری ہے اور پھر مزید یہ کہ انہیں شوگر بھی ہوگئی ہے، بغیر ڈاکٹر کی نگرانی کے علاج مشکل ہے اور آج کل جعلی دواو¿ں کا زور ہے،ہومیو پیتھی میں بھی یہ سلسلہ چل پڑا ہے،اس لیے ہمارا مخلصانہ مشورہ یہ ہے کہ کسی اچھے ہومیو پیتھک ڈاکٹر سے رجوع کریں اور اُس کی نگرانی میں مناسب دوائیں استعمال کریں،ہم اگر کسی دوا کا نام لکھ بھی دیں تو ضروری نہیں ہے کہ آپ کو بازار سے صحیح دوا مل جائے اور اس معاملے میں کسی ایک دوا سے کام نہیں ہوگا،مختلف دوائیں استعمال ہوں گی جن میں سے بعض دوائیں آسانی سے اصلی دستیاب ہی نہیں ہوتیں،ہمیں خود اس معاملے میں خاصی پریشانی کا سامنا ہوتا ہے، آپ فون پر رابطہ کریں تو ہم آپ کو حیدرآباد کے ایک معقول ڈاکٹر کا پتہ بتادیں گے۔