برجوں کے طلسم کدے کی کڑوی کسیلی باتیں(2)

بارہ برجوں کی منفی خصوصیات اور علاج معالجے پر ایک نظر

حمل سے حوت تک بارہ برج ہیں اور سب اپنی انفرادی خوبیوں اور خامیوں کا مجموعہ ہےں، ان خوبیوں اور خامیوں میں کمی بیشی کسی کے انفرادی زائچے کی روشنی میں دیکھی جاسکتی ہے،عام طور پر خوبیوں کے بارے میں لکھا جاتا رہا ہے یا کمزوریوں کو بھی ایسے انداز میں بیان کردیا جاتا ہے تاکہ کسی کی دل شکنی نہ ہو لیکن ہمارا موضوع فی الحال اس کے برعکس ہے ۔
بارہ برجوں میں پائی جانے والی منفی خصوصیات کس نوعیت کی ہوسکتی ہےں، ہم اس کی نشان دہی کر رہے ہیں لیکن خیال رہے کہ انفرادی زائچے میں یہ منفی خصوصیات کم یا زیادہ ہوسکتی ہیں، زیادتی کی صورت میں ایسے لوگ نہایت خطرناک ،بدکردار یا مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث ہوسکتے ہیں،ممکن ہے آپ نے ایسے افراد کو دیکھا ہو اور آپ کو شدید حیرت ہوئی ہو کیوں کہ آپ کا اور ان کا برج ایک ہی تھا لیکن وہ آپ کے مقابلے میں ایک مختلف شخصیت ، فطرت اور کردار کے حامل تھے اور ایک منفی لائف گزار رہے تھے۔
یہ پہلے بیان کیا جاچکا ہے کہ مریخ خاص طور پر اپنی ناقص پوزیشن سے کوئی منفی بگاڑ پیدا کرتا ہے اور یہ کام کسی دوسرے انداز میں بعض دوسرے سیارگان بھی کرتے ہیں،مثلاً زحل ،شمس، زہرہ، عطارد، قمر، نیپچون ، یورینس وغیرہ ، بارہ برجوں کو یہ منفی انداز میں کس طرح متاثر کرتے ہیں،اس کی ایک جھلک یہاں پیش کی جارہی ہے۔

منفی خصوصیات

حمل مردوخواتین حادثاتی طور پر تشدد اور جرائم کی طرف راغب ہوتے ہیں اور یہ حادثہ عام طور پر اُس صورت میں پیش آتا ہے جب وہ غصے اور اشتعال میں ہوں یا انہیں اشتعال دلایا جائے ، چیلنج کیا جائے۔اگر انفرادی زائچے میں سیارہ مریخ زائچے کے 6,8,12گھروں میں ہو یا کسی منحوس اثر رکھنے والے سیارے سے متاثر ہو ، خاص طور پر راہو سے تو ایسا شخص تشدد ، لڑائی جھگڑے ، جنسی ہوس میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ ایسے افراد کی شادی جلد ہوجائے یعنی کم عمری میں تو بہتر ہوتا ہے۔
ثور افراد کا اشتعال اور غصہ اکثر گالم گلوچ تک محدود رہتا ہے، شاذونادر ہی یہ لوگ تشدد کا راستہ اپناتے ہیں۔ان کی ضد بلا کی ہوتی ہے، کھانے پینے کے شوقین ہوتے ہیں اور دوسروں کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہی خوش خوراک بھی ۔زائچے میں اگر سیارہ زہرہ کسی نحس سیارے سے خصوصاً راہو سے متاثر ہو تو یہ لوگ بھی جنسی مشاغل میں زیادہ مصروف ہوجاتے ہیں۔
جوزا والے نحس اثرات کے تحت چوری، جعلسازی، دھوکے بازی، جھوٹ بولنا اور مالی بدعنوانیوں میں ملوث ہوتے ہیں، خاص طور پر اس صورت میں جب ان کا حاکم سیارہ عطارد ، مریخ یا راہو کیتو کے ساتھ کسی ناموافق پوزیشن میں ملوث ہوتا ہے۔ان کا ذہن ہمیشہ منفی سوچوں کا شکار رہتا ہے۔
سرطانی افراد منشیات کے استعمال اور جنسی بے راہ روی میں حد سے بڑھ سکتے ہیں ، اگر مریخ ، نیپچون یا یورینس کے ناقص اثرات قمر کو متاثر کر رہے ہوں۔اس حوالے سے ویدک سسٹم میں ”چندر منگل یوگ“ بہت مشہور ہے ، یہ لوگ پیسا کمانے کے لیے نت نئے جائز و ناجائز طریقوں کی طرف راغب ہوتے ہیں، اکثر کیسوں میں اپنی ماں کے لیے پریشانی کا سبب بنتے ہیں۔
اسدی افراد بھی بلانوشی یعنی منشیات کا حد سے زیادہ استعمال ، دوسروں کو ڈرانا دھمکانا ، بسیار خوری کا رجحان رکھتے ہیں اور بعد میں خودکشی کا شکار ہوجاتے ہیں۔انفرادی زائچے میں سیارہ شمس کی خراب پوزیشن انھیں منفی سرگرمیوں میں ملوث کرتی ہے۔نئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس کی ایک مثال ہیں۔
سنبلہ والوں میں بُخل ، کنجوسی، مراق، منشیات کا استعمال اور بعض کیسوں میں دوسروں کو زہر دینے کا رجحان ہوسکتا ہے،خود اپنی صحت کے حوالے سے اکثر پریشان نظر آتے ہیں۔انفرادی زائچے میں سیارہ عطارد کی ناقص پوزیشن یا نحس اثرات ان لوگوں کو حد درجہ سفاک ، ظالم اور دوسروں کا حق مارنے والا بناتی ہے۔
میزانی افراد ہم جنس پرستی کی طرف مائل ہوسکتے ہیں، ان کی آئیڈیالوجی میں عجیب و غریب قسم کی تبدیلیاں آسکتی ہیں، سیارہ زہرہ اگر انفرادی زائچے میں کمزور یا ناقص پوزیشن رکھتا ہو یا کسی نحس سیارے سے متاثر ہو تو یہ لوگ منفی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی طرف راغب ہوسکتے ہیں، خصوصاً راہو سے نحس تعلق خواتین کے زائچے میں بہت ہی برا ثابت ہوتا ہے۔ ایسی لڑکیاں کم عمری میں ہی اپنا کنوار پن کھو بیٹھتی ہیں اور بڑھی ہوئی جنسی خواہش کی وجہ سے اکثر گھروں سے بھاگ جاتی ہیں۔ ان کی جلد شادی ہونا ان کے مسائل کا بہترین حل ہے۔
عقرب والے جنسی جرائم ، جنسی کج روی،بلانوشی اور منشیات کے حد سے زیادہ استعمال کی طرف راغب ہوسکتے ہیں اور تشدد پسند ہوتے ہیں۔کسی بھی نوعیت کی انتہا پسندی جنم لے سکتی ہے۔انفرادی زائچے میں سیارہ مریخ کی ناقص پوزیشن اور نحس سیارگان سے متاثر ہونا بعض اوقات عجیب و غریب قسم کے غیر اخلاقی اور غیر قانونی مسائل پیدا کرتا ہے۔ یہ لوگ کسی کو قتل بھی کرسکتے ہیں اور خود کشی بھی کرسکتے ہیں۔
قوسی افراد میں جھوٹ، فراڈ ، خردبرد اور بڑے پیمانے پر چوری و ڈکیتی کا رجحان پیدا ہوسکتا ہے۔انفرادی زائچے میں سیارہ مشتری اگر ناقص پوزیشن میں ہو یا کسی نحس سیارے کے اثر میں ہو ، خصوصاً راہو کیتو تو یہ لوگ جھوٹ، فریب ، تشدد ، انتہا پسندی میں مبتلا ہوتے ہیں۔اپنے مخصوص نظریات پر سختی سے کاربند رہتے ہیں۔جرم کی دنیا میں بڑے بڑے کارنامے انجام دیتے ہیں۔
جدی والے ناقص اثرات کے زیر اثر منظم واردات ، مجنونانہ قتل، تشدد اور جرائم کی طرف راغب ہوتے ہیں۔انھیں حقیقی ڈکٹیٹر کہا جاسکتا ہے۔سیارہ زحل کی انفرادی زائچے میں کسی نحس سیارے سے متاثرہ پوزیشن انھیں بے ایمانی اور لاقانونیت کی طرف راغب کرتی ہے، یہ نہایت سفاک اور ظالم ہوسکتے ہیں۔
برج دلو والے دھوکے بازی اور غلط بیانی جیسے جرائم کرتے ہیں لیکن صرف اس صورت میں جب سیارہ زحل انفرادی زائچے میں ناقص پوزیشن رکھتا ہو یا کسی دوسرے نحس سیارے سے متاثر ہو ، ایسی صورت میں یہ لوگ شادی سے بھی بھاگتے ہیں اور ہم جنس پرستی یا دیگر غیر اخلاقی جنسی تعلقات میں مبتلا ہوتے ہیں۔بعض صورتوں میں یہ لوگ تبدیلی جنس کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔
حوت والوں کو اس نوعیت کے کسی بگاڑ سے بہت زیادہ خطرات ہوسکتے ہیں،وہ جھوٹ، دھوکا ، فریب ، خود ترسی ، مظلومیت کا لبادہ اوڑھ سکتے ہیں،نفسیاتی بگاڑ کوئی بھی عجیب رنگ اختیار کرسکتا ہے، حد سے زیادہ شراب نوشی ، منشیات کا استعمال اور جذباتی ہیجان انگیزی وغیرہ۔اگر انفرادی زائچے میں مشتری اور مریخ یا سیارہ زہرہ ناقص پوزیشن میں ہوں اور دوسرے نحس سیارگان سے بھی متاثر ہوں تو صورت حال بہت زیادہ خراب ہوسکتی ہے۔ کسی نہ کسی نوعیت کی ایب نارملٹی ان لوگوں میں دیکھی جاسکتی ہے۔ یہ کب کیا کریں گے اس کے بارے میں قبل از وقت کچھ کہنا بہت مشکل ہوگا۔ان لوگوں میں اعلیٰ درجے کی ارتکاز توجہ کی صلاحیت پیدائشی ہوتی ہے ،چناں چہ جب یہ کسی اچھائی یا برائی کی طرف متوجہ ہوتے ہیں تو کسی نہ کسی انتہا پر نظر آتے ہیں ۔ ان کے زائچے کا بگاڑاکثر آوٹ آف کنٹرول ہوتا ہے۔
آپ نے اکثر ایسے مرد و خواتین کو دیکھا ہوگا جو آپ کو نارمل نظر نہیں آئے ہوں گے،کوئی نہ کوئی غیر معمولی بات ، عادت یا حرکت آپ نے نوٹ کی ہوگی اور حیران ہوئے ہوں گے کہ آخر فلاں شخص ایسا کیوں کرتا ہے ؟ لیکن آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ درحقیقت اس کا مسئلہ کیا ہے؟

علاج و تدبیر

ایسا نہیں ہے کہ یہ لوگ لاعلاج ہیں ، ان کا بھی معقول علاج ہوسکتا ہے،اس نوعیت کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ماہرین نفسیات نے بہت تحقیق کی ہے اور علاج کے طریقے بھی مقرر کیے ہیں،مشہور ماہر نفسیات کارل یونگ نے اس حوالے سے بہت کام کیا، اس کا کہنا ہے کہ میں نے انسانی نفسیات کی پیچیدگیوں کو سمجھنے میں ایسٹرولوجی سے مدد لی،بعد ازاں اس کے بعض شاگردوں نے ایسٹرولوجی کی مخالفت میں یونگ کے اس قول کو چھپانے کی کوشش بھی کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔
علم نفسیات کو ایک سائنس کا درجہ دلانے کے لیے ماضی کے ماہرین نفسیات نے انسانی نفسیات کے مابعدالطبیعاتی مسائل کو نظر انداز کیا لہٰذا مروجہ نفسیاتی علاج معالجہ محض مادّی کوششوں تک محدود ہوکر رہ گیا،ایسے علاج معالجے کے تسلی بخش نتائج سے مریض محروم رہ جاتے ہیں کیوں کہ جو خرابیاں انسانی روح میں پیوست ہوں وہ بہر حال مادّی طریقہ ءعلاج سے مکمل شفایابی حاصل نہیںکرپاتیں، البتہ سائیکولوجی کے ساتھ پیراسائیکولوجی کا طریقہءکار زیادہ موثر ثابت ہوا ہے، ایسے علاج معالجے میں سب سے زیادہ دُرست تشخیص کی ضرورت ہوتی ہے جو عام مروجہ طریقوں سے ممکن نہیں ہے، ایک ماہر ایسٹرولوجسٹ ہی اصل خرابی کی نشان دہی کرسکتا ہے۔
ایسٹرولوجی میں صرف تشخیص ہی نہیں ہے بلکہ علاج و تدبیر کے حوالے سے بھی تحقیق ہوئی ہے لیکن عام لوگ اس طریقہ کار سے زیادہ واقفیت نہیں رکھتے اور خاص طور پر ہمارے ملک میں ایسے معاملات پر غوروفکر کرنے کا رجحان ہی نہیں ہے،ہر پیچیدہ مسئلے کو جن بھوت اور سحر و جادو قرار دے کر کچھ دوسرے ہی کھیل تماشے شروع کرادیے جاتے ہیں۔
پیراسائیکولوجی اور ایسٹرولوجیکل ٹریٹمنٹ کے بعد ہومیو پیتھی ایسا طریقہ علاج ہے جو نفسیاتی پیچیدگیوں پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے کیوں کہ ہومیو پیتھی کے بانیوں نے اپنی دواوں کے تجربات جانوروں پر نہیں کیے بلکہ براہِ راست انسان پر کیے ہیں اور ان تجربات کے دوران میں جو حیرت انگیز حالات و واقعات سامنے آئے ،انہیں نوٹ کیا گیا،اس طرح انسانی نفسیات کی پیچیدگیوں کے بارے میں ہومیو پیتھی نے بہت سے راز فاش کیے اور مشکل ترین گتھیاں سلجھائیں،اگر ہم آپ کو یہ بتائیں کہ ہومیو پیتھی میں عشق کا بھوت اتارنے ، تشدد میں کمی لانے،غصہ یا غصے کے مابعد اثرات ختم کرنے، جنسی بے راہ روی کو کنٹرول کرنے،جنات کو بھگانے ، سحری اثرات ختم کرنے یا دیگر اخلاقی برائیوں کا علاج کرنے کے لیے بھی دوائیں موجود ہیں تو شاید آپ ہماری بات کا یقین نہ کریں اور اسے ایک مذاق سمجھیں گے۔

ایک دلچسپ واقعہ

بہت پرانا واقعہ ہے ، ہومیو پیتھی سے ہماری دلچسپی ابھی ابتدائی مراحل میں تھی کہ ہمارے ایک واقف نے بتایا کہ ایک 14,15 سال کی لڑکی کو جنات پریشان کر رہے ہیں،آپ میرے ساتھ چلیں ، اس زمانے میں ہم ایسے معاملات سے خود کو دور ہی رکھتے تھے لیکن ان کے شدید اصرار پر جانا پڑا، ایک بڑے سے کمرے میں اچھا خاصا تماشا ہورہا تھا،لڑکی اپنی ماں سے لپٹی جارہی تھی اور بار بار کہہ رہی تھی ”وہ مجھے مار دیں گے، میں نہیں بچوں گی، وہ مجھے لینے آئے ہیں، کمرے میں چاروں طرف پھیلے ہوئے ہیں، اپنے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں“ وغیرہ وغیرہ۔
ہمارے پوچھنے پر لڑکی کی ماں نے بتایا کہ دو روز پہلے شب برات کے سلسلے میں یہ رات بھر عبادت میں مشغول رہی اور اس کے بعد اس کی طبیعت خراب ہوگئی، اب دو روز سے نہ کچھ کھایا پیا ہے اور نہ سوتی ہے، اس کو چاروں طرف عجیب چہروں والے لوگ نظر آرہے ہیں جو اسے اپنے ساتھ لے جانا چاہتے ہیں اس لیے ایک منٹ کے لیے بھی مجھ سے علیحدہ نہیں ہورہی، ا س کے ساتھ میں بھی دو روز سے جاگ رہی ہوں ، سارا گھر پریشان ہے۔
ہمارے جو واقف ہمیں ساتھ لے گئے تھے ، ہم نے باہر آکر ان سے کہا کہ آپ ہومیو پیتھک میڈیسن ایکونائیٹ نیپلس 1000 طاقت میں لے آئیں تو وہ حیرت سے ہمارا منہ دیکھنے لگے کیوں کہ وہ تو یہ توقع رکھتے تھے کہ ہم وہاں بیٹھ کر کوئی پڑھائی وغیرہ کریں گے یا کوئی نقش تعویذ لکھ کر دیں گے، ہم ان کا مسئلہ سمجھ گئے ،ہمیں معلوم تھا کہ صرف دوا دینے کے لیے یہ لوگ تیار نہیں ہوں گے لہٰذا ہم نے انہیں تسلیّ دی اور کہا کہ آپ دوا لے آئیں، اس کی بھی ضرورت ہے اور ایک بوتل میں پاک پانی بھی لے آئیں اس پر ہم دم کردیں گے،اس طرح انہیں کچھ اطمینان ہوا اور بہر حال وہ دوا لے آئے،ہم نے بوتل کے پانی پر سورئہ فاتحہ اور چاروں قل پڑھ کر دم کردیا اور کہا کہ یہ پانی دو دو گھنٹے سے پلاتے رہیں لیکن جو دوا منگوائی گئی ہے اس کی بھی ایک خوراک لڑکی کی زبان پر دو تین قطرے ٹپکادیے جائیں۔
بہر حال ہمارے کہنے پر عمل ہوا اور شام کو انہوں نے آکر رپورٹ دی کہ فائدہ شروع ہوگیا ہے ، اب لڑکی کو جنات پورے نظر نہیں آرہے، صرف ان کی ٹانگیں نظر آرہی ہیں ، ہم نے کہا کہ پانی پلاتے رہیں اور نیند کی کوئی گولی بھی کھلادیں تاکہ وہ سوجائے اور جب سو کر اٹھے تو اس دوا کی ایک خوراک اور زبان پر ڈال دیجئے گا۔
دوسرے روز لڑکی جب سوکر اٹھی تو بھلی چنگی تھی، اسے بھوک بھی لگ رہی تھی، اس نے کھانا کھایا اور اب اسے کوئی جن بھوت نظر نہیں آرہا تھا یعنی سب بھاگ گئے تھے۔
بات صرف اتنی تھی کہ لڑکی نے دن میں روزہ رکھا اور روزہ کھولنے کے بعد کھانا بھی نہیں کھایا پھر ساری رات عبادت میں مشغول رہی، نتیجے کے طور پر بلڈ پریشر لو ہوگیا اور اس ریاضت کے نتیجے میں روح کی کثافت کم ہوگئی،لطافت بڑھ گئی اور اسے لاشعوری دنیا میں لے گئی، اب وہ جو کچھ نہ دیکھ لیتی کم تھا اور ایسے موقعوں پر انسانی لاشعور وہی کچھ دیکھتا ہے جو پہلے سے تحت الشعور میں موجود ہوتا ہے ،ان لوگوں کا فیملی بیک گراونڈ کچھ زیادہ ہی جن بھوت اور سحروجادو والا تھا، لڑکی کی والدہ پر بھی ہر جمعرات کو حاضری ہوتی تھی لہٰذا اس بیک گراونڈ کے ساتھ لاشعوری مناظر میں جنات وغیرہ ہی دیکھ رہی تھی، ہم نے جو دوا دی وہ ایک زہر سے بنائی گئی ہے اُس نے روح میں کثافت و لطافت کا توازن درست کردیا لہٰذا لڑکی نارمل ہوگئی۔

شادی سے خوف

ایس، کے جگہ نامعلوم ، لکھتی ہیں ”میں ہمیشہ سے ایک اچھی اسٹوڈنٹ رہی ہوں لیکن ایف ایس سی میں میرے نمبر نہیں تھے لہٰذا بی بی اے اسٹارٹ کیا وہاں ایک لڑکا انٹرسٹڈ ہوگیا،اس کی فیملی والے نہیں مانتے تھے،ہمارا پیار پانچ سال رہا،بالآخر اس کے گھر والوں نے اس کا نکاح کسی اور جگہ کرادیا لیکن وہ پھر بھی دلچسپی لیتا رہا، آخر اس کی رخصتی ہوگئی اور پھر میں نے محسوس کیا کہ وہ تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے میں نے علیحدہ ہونا بہتر سمجھا،اب ان حالات کے بعد مجھے بہت غصہ آتا رہتا ہے،میرے مزاج میں بھی بہت فرق آیا ہے،نیگیٹیو سوچ چلتی ہے دماغ میں، لوگوں سے ڈر لگتا ہے،خوف آتا ہے ، میں نے بی بی اے کیا ہے ، اب آگے پڑھنا چاہتی ہوں اور ایم فل کرنا چاہتی ہوں، فی الحال کوئی مناسب رشتہ بھی نہیں ہے، میں باہر بھی جانا چاہتی ہوں تاکہ وہاں سیٹل ہوسکوں اس وقت میں اس کنڈیشن میں ہوں کہ میری سمجھ میں کچھ نہیں آرہا، میں مزید کوئی غلطی کرنے سے ڈرتی ہوں، شادی سے بھی ڈرتی ہوں، کوئی غلط بندہ نہ مل جائے“
جواب: عزیزم! آپ کا شمسی برج اور طالع پیدائش دونوں اسد ہیں لہٰذا انا کے مسائل آپ کے ہاں بہت ہےں اور یہی مسائل آپ کی موجودہ کیفیت کا سبب ہےں،آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے، پانچ سال کی رفاقت کے بعد اُس شخص نے اپنے گھر والوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے اور آپ سے منہ موڑ لیا،آپ کو نظر انداز کیا،بس یہی وہ زخم ہے جو آپ کی روح کو مجروح کرگیا ہے اور آپ کو کسی صورت سکون نہیں لینے دے رہا،سب سے پہلے ہم آپ کو اس کا علاج بتارہے ہیں،اس پر عمل کرکے آپ اپنی موجودہ کیفیت سے نجات پالیں گی۔
ہومیو پیتھک میڈیسن اسٹیفی سگیریا 1m یعنی ایک ہزار طاقت میں ایک خوراک لیں اور پھر ایک ماہ بعد دوسری خوراک لیں ، انشاءاللہ آپ اس کیفیت سے نکل جائیں گی، اس کے علاوہ ایک اور دوا بھی ساتھ میں استعمال کریں ، ایسڈ فارس 200 کی ایک خوراک ہفتے میں ایک بار لے لیا کریں،انشاءاللہ یہ زخم بھر جائے گا اور آپ نارمل ہوکر اپنے بہتر مستقبل کے لیے آگے قدم بڑھاسکیں گی۔
آپ کے زائچے میں 3 سیارے شدید متاثرہ ہے ، قمر ، عطارد اور زہرہ یہ تینوں ہی شادی اور ازدواجی زندگی کے ساتھ فیملی مسائل کی نشان دہی کرتے ہیں،آپ کو چاہیے کہ پیر کے روز اور جمعہ کے روز سفید چیزوں کا صدقہ دیا کریں جب کہ بدھ کے روز گرین کلر کی چیزوں کا صدقہ دیا کریں،زمرد یا پیری ڈوٹ ، سفید پکھراج اور سچا موتی ، یہ تین اسٹون آپ کی خرابیوں کا علاج ہےں لیکن انہیں پہننے کے لیے دُرست وقت کا انتخاب ضروری ہوگا،اس کے لیے آپ مشورہ کرسکتی ہیں بیک وقت تین پتھروں کے استعمال سے بچنے کے لیے دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اپنے لیے ”لوح فطرت“ تیار کروائیں اور اسے پابندی سے پہنیں۔

ذاتی کاروبار

ہمشیرہ وجاہت، کراچی، لکھتی ہیں ”میرا چھوٹا بھائی جاب کرتا ہے اور وہ اب جاب کے ساتھ اپنا کام بھی شروع کرنا چاہتا ہے، آپ سے یہ پوچھنا تھا کہ یہ کام اس کے لیے کیسا رہے گا اسے یہ کام شروع کرنا چاہیے کہ نہیں ؟ پلیز جواب ضرور دیں“
جواب: آپ نے وہی غلطی کی ہے جو اکثر لوگ کرتے ہیں یعنی بھائی کا وقت پیدائش نہیں لکھا بہر حال ہمارا مشورہ یہ ہے کہ نیا کام شروع کرنے میں جلد بازی نہ کریں،ابھی حالات ایسے نہیں ہیں کہ کوئی نیا کاروبار شروع کیا جائے، بہتر ہوگا کہ وہ کم از کم آئندہ سال جولائی تک صبر سے کام لے اور پیسے کو سنبھال کر رکھے،البتہ دوسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ بہت چھوٹے پیمانے پر کام شروع کیا جائے اور زیادہ توقعات وابستہ نہ کی جائیں تاکہ آہستہ آہستہ آئندہ سال تک اسے کاروبار کی اونچ نیچ کا اندازہ ہوسکے۔