اپریل کی سیاروی پوزیشن ، ایک مشکل اور سخت وقت کا آغاز

اپریل کی سیاروی پوزیشن، ایک مشکل اور سخت وقت کا آغاز

برج حوت میں سیاروی اجتماع کس سمت لے جائے گا؟

اس میں کوئی دورائے نہیں ہے کہ پاکستان اپنے قیام کے بعد سے نہایت ہی سخت دور سے گزر رہا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ زائچہ پاکستان میں سیارہ زحل کا دور اکبر اور دور اصغر شروع ہوچکا ہے۔

۔29 مارچ کو سورج گہن کے ساتھ سیارہ شمس و قمر، عطارد و زہرہ، زحل و نیپچون اور راہو ایک ہی برج حوت میں مجتمع ہوئے۔ برج حوت زائچہ پاکستان کا گیارھواں گھر اور قمری زائچے سے تیسرا گھر ہے۔ یہاں پیدائشی زائچے کے مطابق سیارہ مریخ ابتدائی درجات پر ہے، گویا اس وقت بھی پیدائشی مریخ سے شمس و زحل اور زہرہ حالت قران میں ہیں۔

گہن کے ساتھ یہ سیاروی اجتماع غیر معمولی تبدیلیوں کی نشان دہی کر رہا ہے۔ یہ تبدیلیاں مثبت بھی ہوسکتی ہیں اور منفی بھی۔ مثبت اس صورت میں ہوں گی جب ملک میں مثبت فیصلے اور اقدام سامنے آئیں۔ زہرہ، زحل اور شمس کا پیدائشی مریخ سے قران کوئی نیک شگون نہیں ہے۔

ہمارے دو صوبے بلوچستان اور کے پی کے دہشت گردی کی زد میں ہیں اور آئے رو ز دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

بے شک ہماری محب وطن مسلح افواج ان حملوں کا جواب دینے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی ہماری سیاسی قیادت پر بھی کچھ اہم ذمے داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ اس مرحلے پر سیاسی طور پر بھی کوئی حل نکالنے کے بارے میں ایک پیچ پر آجائیں۔ بدقسمتی سے ایسے امکان نظر نہیں آرہے۔

زحل کا پیدائشی مریخ سے قران بدستور جاری رہے گا۔ گویا یہ صورت حال عوامی احتجاج کو جنم دے گی لیکن اس کے ساتھ ہی بحالت رجعت زہرہ کا مریخ سے قران دونوں جانب سے تشدد اور سخت گیری کی نشان دہی کر رہا ہے۔ گویا سیاسی حل نکلنا بہت ہی مشکل بلکہ ناممکن نظر آتا ہے۔

دوسری طرف مریخ سے یہ قران غیر ملکی مداخلت کی بھی نشان دہی کرتا ہے کیوں کہ پاکستان کی جنم راشی سے یہ قران تیسرے گھر میں ہے لہٰذا توقع رکھنا چاہیے کہ آئندہ نہایت ہی سخت اقدام متوقع ہیںجوانتشاراور خلفشار میں اضافے کا باعث ہوسکتے ہیں۔

اگر اس صورت حال کو آنے والے مہینوں کے تناظر میں دیکھا جائے تو جون تک کسی بھی نوعیت کا امن و امان نظر نہیں آتا کیوں کہ 15 اپریل سے  15مئی تک شمس، زہرہ اور عطارد زائچے کے بارھویں گھر میں حرکت کریں گے۔ گویا مئی تک صورت حال میں کسی بہتری کی امید رکھنا ممکن نہیں ہے۔

ملك میں جرائم اور کرپشن کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس کا سبب بھی ہماری نظر میں یہی سیاروی پوزیشن ہے۔لاقانونیت عروج پر ہے، اہم ادارے اپنے فرائض کی انجام دہی میں اکثر ناکام ہورہے ہیں، خصوصاً پولیس کے محکمہ کے بارے میں بہت سی شکایات سامنے آرہی ہیں۔

اس صورت حال میں صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے کہ رب کریم اپنا کرم فرمائے ۔ عام لوگوں کو بھی صدقہ و خیرات زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے ۔

ہم گزشتہ کالم میں بھی راہو کیتو کی اسٹیشنری پوزیشن کے حوالے سے اشارہ دے چکے ہیں۔ راہو کیتو یکم فروری سے ایک ہی درجے یعنی تین ڈگری پر کھڑے ہیں اور پاکستان کے زائچے کی ابتدائی ڈگری تقریباً 2ہے۔

یہ دونوں پرچھائیں سیارے بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں رہتے ہوئے زائچے کے 6گھروں کو متاثر کر رہے ہیں یعنی پہلا گھر، پانچواں گھر اور نواں گھر کیتو کی نظر کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ملک کو نہ صرف یہ کہ دہشت گردی کا سامنا ہے بلکہ لاقانونیت اور جرائم میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

راہو زائچے کے تیسرے، ساتویںاور گیارھویں گھر کو متاثر کر رہا ہے جس کی وجہ سے حکومتی اقدام اور فیصلے غلط اور غیر موثر ہورہے ہیں۔ مخالفین یا ملک دشمن عناصر سر اٹھارہے ہیں۔

پاکستان مستقل معاشی طور پر کمزور ہورہا ہے۔ اسمبلی کی حیثیت اہم نہیں رہی ہے۔ یہ صورت حال اس وقت تک جاری رہے گی جب تک راہو کیتو گھر تبدیل نہیں کرلیتے اور ایسا 29مئی کو ہوگا۔ جب یہ دونوں بالترتیب برج اسد اور دلو میں داخل ہوجائیں گے۔

 گویا سیاروی پوزیشن کے اعتبار سے بھی مئی تک کا وقت نہایت ہی سخت اور جان لیوا ہے ۔ اس وقت میں کثرت سے استغفار کا ورد کرنا بھی افضل ہوگا۔

اپریل کی سیاروی پوزیشن

سیارہ شمس برج حوت میں حرکت کر رہا ہے اور 14اپریل کو اپنے شرف کے برج حمل میں داخل ہوگا۔سیارہ عطارد بھی برج حوت میں بحالت رجعت ہے اور 7اپریل کو مستقیم ہوگا۔ سیارہ زہرہ بھی برج حوت میں حرکت کر رہا ہے اور بحالت رجعت ہے۔ 13اپریل کو مستقیم ہوگا۔

سیارہ مریخ برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے ۔ 3اپریل کو برج سرطان میں دوبارہ داخل ہوگا۔ خیال رہے کہ برج سرطان میں یہ ہبوط زدہ رہے گا۔

سیارہ مشتری برج ثور میں ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔ سیارہ زحل 29مارچ کو برج حوت میں داخل ہوچکا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔

سیارہ یورینس برج ثور میں جب کہ نیپچون برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں پورا ماہ حرکت کریں گے۔راہو اور کیتو اسٹیشنری پوزیشن میں برج حوت اور سنبلہ میں ایک ہی درجے پر موجود ہیں۔ 15اپریل کو استقامت کی یہ پوزیشن ختم ہوگی۔

شرف شمس (بہ حساب یونانی)

بعض لوگوں کو شکایت ہوتی ہے کہ آپ تمام اوقات ویدک سسٹم کے مطابق ہی دیتے ہیں جب کہ ہمارے بہت سے قارئین یونانی سسٹم کو بھی فالو کرتے ہیں۔ چناں چہ ان کی فرمائش پر شرف شمس کے اہم اوقات یہاں دیے جارہے ہیں۔

یونانی سسٹم کے مطابق سیارہ شمس 20مارچ کو اپنے شرف کے برج حمل میں داخل ہوا اور درجہ ءشرف پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 7اپریل کو شام 06:57 سے 8اپریل 07:22تک رہے گا۔ اس عرصے میں سیارہ شمس کی ساعت کار آمد ہوں گی۔

اس دوران میں لوح شمس، لوح اسم اعظم اور خاتم اسم اعظم تیار کی جاتی ہیں۔ یہ الواح عروج و ترقی، اعلیٰ عہدہ و مرتبے کا حصول، لوگوں میں عزت و وقار اور صحت و تندرستی کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

وہ لوگ جن کا پیدائشی برج حمل ، اسد اور قوس ہے، ان کے لیے یہ لکی لوح بھی ہے۔لوح و خاتم کی تیاری کا طریقہ ہماری ویب سائٹ پر دیکھا جاسکتا ہے یا اس حوالے سے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں یکم اپریل بہ روز منگل داخل ہوگا اور 3اپریل بہ روز جمعرات پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شام05:51 تک رہے گا۔ اگرچہ اپنے برج شرف میں یہ شرف یافتہ ہے لیکن درجہ شرف پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق یکم اپریل شام 07:13 سے 08:50 تک رہے گا۔

یہ سعد وقت ہوتا ہے جس میں اپنے نیک و جائز مقاصد کے لیے اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں، چوں کہ شرف قمر عروج ماہ میں ہے لہٰذا زیادہ موثر ہوگا۔ اس وقت میں لوح شرف قمر نورانی اور برکاتی انگوٹھی وغیرہ تیار کی جاسکتی ہیں۔ دیگر اعمال و وظائف جو ہم پہلے بھی ہر مہینہ دیتے ہیں، اس وقت میں کیے جاسکتے ہیں۔

قمر در عقرب

قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 15 اپریل بہ روز منگل پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شام 07:56 پر داخل ہوگا اور 18 اپریل بہ روز جمعرات كو صبح 07:50 تک رہے گا۔

یہ تمام وقت نحس اثرات کا حامل ہوتا ہے، اس وقت میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں، منگنی شادی بیاہ وغیرہ سے گریز کریں۔ کوئی نیا ایگریمنٹ یا جوائننگ بھی نہ کریں۔

قمر اپنے درجہ ءہبوط پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 15اپریل شب 11:56 سے 16 اپریل كو شب 01:57 تک ہوگا۔ یہ بہت زیادہ نحوست کا وقت ہے۔

 اس عرصے میں ایسے اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں جو عاداتِ بد سے نجات ، مخالفین کی زبان بندی یا ان کے دل میں اپنے لیے جگہ بنانے کی کوشش اور دشمنوں کے خلاف اقدام شامل ہیں۔ اس حوالے سے بھی ہر مہینے مختلف طریقے لکھے جاتے رہے ہیں، ان سے کام لینا افضل ہوگا۔ یاد رہے کہ چاند یا سورج گہن کے دوران جو عملیات یا وظائف دیے جاتے ہیں وہ بھی اس وقت میں کیے جاسکتے ہیں۔

سورج گہن

جزوی سورج گہن برج حوت میں لگے گا۔ یہ گہن 29 مارچ بہ روز ہفتہ دوپہر01:50 پر شروع ہوگا جب کہ 03:47 پر مکمل ہوگا اور اس کا خاتمہ شام 05:43 پر ہوگا۔

یہ بھی امریکا، کینیڈا، گرین لینڈ، بیلجئم، جرمنی، ناروے ، سوئیڈن ، نیدر لینڈ، اسپین ، پرتگال ، آئرلینڈ اور روس کے کچھ شہروں میں دیکھا جاسکے گا۔ پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔

گہن کے اوقات میں حاملہ خواتین کو خصوصی احتیاط کرنا چاہیے۔ گہن کے پورے عرصے میں کوئی کام کاج نہ کریں، آرام سے بستر پر لیٹی رہیں اور بہتر ہے کہ استغفار کا ورد کرتی رہیں۔

گہن کی نحوست سے محفوظ رہنے کے لیے زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کریں۔ بہتر ہوگا کہ صدقہ گہن سے پہلے ہی ہفتہ اور منگل کے دن دینا شروع کردیں۔ ہفتہ کے روز بوڑھے اور معذور لوگوں کی مدد کریں اور منگل کے روز ذہنی پسماندہ افراد کی مدد کریں یا کسی چیریٹی نفسیاتی سینٹر کو ڈونیشن دیں۔