آئین پاکستان کی پچاسویں سالگرہ، اگست کی سیاروی گردش

اوج و عروجِ شمس اور لوح شمس نورانی کی تیاری کا طریقہ

اگست کا مہینہ ہر سال ہمیں آزادی اور پاکستان کے قیام کی یاد دلاتا ہے، اسی مہینے کی 14 اور 15 تاریخ کی درمیانی شب لاہور، پشاور اور ڈھاکا کے ریڈیو اسٹیشنز سے اعلان ہوا ”یہ ریڈیو پاکستان ہے“۔ لیکن بدقسمتی سے ہم اس عظیم تحفے کی حفاظت نہ کرسکے، 1971ء میں یہ ملک ٹوٹ گیا، اس کا دوسرا حصہ بنگلہ دیش بن گیا، موجودہ پاکستان کا نیا آئین 14 اگست 1973ء کو نافذ العمل ہوا اور اس سال اس آئین کی پچاسویں سالگرہ ہے۔ 1973 سے تادم تحریر آئین کے ساتھ کیسے کیسے کھلواڑ ہوئے، یہ ہمیں بتانے کی ضرورت نہیں ہے۔کئی بار یہ آئین معطل ہوا، اس میں تبدیلیاں بھی ہوئیں مگر الحمد اللہ ابھی تک یہ آئین برقرار ہے۔

گزشتہ 15 مہینوں میں پاکستان میں جو کچھ ہوا وہ سب جانتے ہیں۔ ایک حکومت گئی، دوسری آئی اور پورا ملک مسلسل خلفشار میں مبتلا رہا۔ آئین کی سالگرہ کا مذاق آئین سے روح گردانی کرتے ہوئے اڑایا گیا، ذاتی مفادات کو مدنظر رکھ کر آئین میں ترامیم کی گئیں اور یہ سلسلہ جاری ہے، شاید آئندہ بھی جاری رہے گا۔

اگست کی 12 تاریخ کو موجودہ قومی و صوبائی اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر رہی ہیں،اس کے بعد ایک عبوری حکومت قائم ہوگی اور اس کی ذمے داری نئے الیکشن کرانا ہوگا،کیا وہ الیکشن کراسکے گی؟پاکستان کے تمام صحافی و دانش ور یقین کے ساتھ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ہچکچاتے ہیں،پنجاب اور کے پی کے میں اسمبلیاں جنوری میں توڑ دی گئیں تھیں لیکن 90 دن گزرنے کے باوجود وہاں الیکشن نہیں ہوسکے اور تاحال ایک عبوری حکومت جو کوئی قانونی جواز نہیں رکھتی،برسراقتدار ہے،کیا ایسا ہی کوئی سیٹ اپ وفاق اور دوسرے صوبوں میں بھی آسکتا ہے ؟

قصہ مختصر یہ کہ اس وقت پاکستان کے سیاسی ،معاشی اور آئینی معاملات اس قدر پیچیدہ اور الجھے ہوئے ہیں کہ پورے یقین کے ساتھ کوئی بات کہنا ممکن نہیں ہے،آئیے علم نجوم کی مدد سے زائچہ پاکستان کے الجھے ہوئے حالات کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

پاکستان کے زائچے میں مشتری، راہو اور یورینس بارھویں گھر میں حرکت کررہے ہیں،راہو تقریباً چار ڈگری پر ہے اور کیتو بھی چار ڈگری پر ہے،یہ زائچے کے حساس پوائنٹ ہیں،گویا راہو بارھویں گھر کے علاوہ چوتھے گھر (ہوم گراونڈ اور عوام) چھٹے گھر (سول و ملٹری اور عدلیہ و الیکشن کمیشن ) پانچویں گھر (خانہ ءحادثات )کو متاثر کر رہا ہے جب کہ کیتو چھٹے گھر میں رہتے ہوئے زائچے کے دسویں (حکومت اور کابینہ)دوسرے گھر (معاشی امور) کو متاثر کر رہا ہے،سیارہ شمس زائچے کے تیسرے گھر میں ہے جہاں سیارہ زہرہ 7 اگست کے بعد حالت رجعت داخل ہوگا اور سیارہ شمس سے قران کرے گا،گویا غروب ہوجائے گا،زہرہ کا تیسرے گھر میں حرکت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ ملک میں ہر قسم کی بالادستی اور احکام مقتدر حلقوں کے دائرئہ اختیار میں رہیں گے،سول حکومت 12 اگست کو ختم ہوجائے گی اور اس کے بعد آنے والی عبوری حکومت مکمل طور سے مقتدرہ کے زیر اثر ہوگی،چناں چہ ملک کی باگ دوڑ سیاست دانوں کے ہاتھ سے نکل جائے گی،الیکشن کرانے کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا ہے،اس کا نمائندہ بھی سیارہ زہرہ ہے جو رجعت میں ہے اور تیسرے گھر میں حرکت کرے گا اگر الیکشن کمیشن نئے انتخابات کے راستے میں رکاوٹیں محسوس کرے گا تو اپنی صوابدید پر الیکشن کو ملتوی کرسکتاہے،ملتوی کرنے کے بہت سے جواز ڈھونڈے جاسکتے ہیں۔

عزیزان من! ملک میں جاری کھیل تماشے خاصے دلچسپ نظر آتے ہیں،خاص طور پر راہو کیتو کی پوزیشن نومبر تک بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے،نومبر میں راہو کیتو برج تبدیل کریں گے لیکن اس سے پہلے حمل اور میزان کے آخری درجات پر ان کی اسٹیشنری پوزیشن نت نئے گل کھلائے گی،الیکشن کا التوا کے پی کے اور بلوچستان میں تشویشناک صورت حال اور پنجاب میں انتشار اور افراتفری ، حادثات و سانحات ،معاشی مسائل ، مہنگائی وغیرہ ، ہم آہستہ آہستہ غیر محسوس طریقے پر کسی بہت بڑی انارکی کی طرف بڑھ رہے ہیں،ضروری نہیں ہے کہ یہ انارکی اسی سال سامنے آئے،کوئی بڑا انقلابی تماشا 2024 میں بھی جنم لے سکتا ہے۔

بدقسمتی سے سیاست دانوں نے ہوشیاری اور ذمے داری کا ثبوت نہیں دیا اور ملک کو سالوں پیچھے دھکیل دیا، انتقامی سیاست عروج پر پہنچادی،ایسی صورت میں کسی دوسری قوت کو آگے آنے کا موقع ملتا ہے،یہ موقع فراہم کردیا گیا ہے،گویا اس ملک سے رہی سہی نام نہاد جمہوریت کی بساط لپیٹ دی گئی ہے۔

نواز شریف ،شہباز شریف، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمن اور عمران خان اونٹ کو سیاسی خیمے میں داخل ہونے سے نہیں روک سکے،اب جو اونٹ چاہے گا وہی ہوگا،وما علینا الالبلاغ۔

اگست کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے،17 اگست کو اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوگا،برج سرطان میں شمس کو اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے جب کہ برج اسد میں یہ عروج یافتہ ہوگا، سیارہ عطارد برج اسد میں حرکت کر رہا ہے،24 اگست کو اسے رجعت ہوگی،اس مہینے کے آخر تک اسی برج میں حرکت کرے گا،سیارہ زہرہ بحالت رجعت برج اسد میں ہے،7 اگست کو برج سرطان میں اس کی واپسی ہوگی اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا،سیارہ مریخ برج اسد میں حرکت کر رہا ہے،18 اگست کو برج سنبلہ میں داخل ہوگا،سیارہ مشتری برج حمل میں ہے اور سیارہ زحل بحالت رجعت برج دلو میں، سیارہ یورینس برج حمل میں جب کہ نیپچون برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں بحالت رجعت ہیں،راہو کیتو بالترتیب برج حمل اور میزان میں رہیں گے۔

شرف قمر

سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 9 اگست کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 07:14 am پر داخل ہوگا اور 11 اگست سہ پہر 04:29 pm تک برج ثور میں رہے گا،شرف قمر کے اوقات میں اعمال نیک کیے جاتے ہیں،رزق میں کشادگی ،باہمی محبت و یگانگت اور خیروبرکت کے وظائف مناسب ہوتے ہیں،اس موقع پر 10 اگست کو قمر کی ساعت 06:34 am سے 07:42 am تک ہوگی،اس کے بعد مشتری کی ساعت 08:49 am سے 09:57 am تک ہوگی،یہ دونوں ساعتیں ایسے کاموں کے لیے موافق ہیں۔

قمر در عقرب

قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 24 اگست کو شب 02:25 am پر داخل ہوگا اور 26 اگست صبح 08:08 am تک برج عقرب میں رہے گا،یہ وقت نہایت نحوست اثر ہے،اس وقت کوئی نیا کام شروع نہ کریں،اپنے معمول کے فرائض کی ادائیگی پر توجہ دیں،منگنی ، شادی بیاہ یا سفر شروع کرنا ،کوئی ایگریمنٹ یا وعدہ اس وقت نہ کیا جائے،اس کا انجام مثبت نہیں ہوگا،البتہ اس وقت میں علاج معالجہ کرانا بہتر ہے،قمر در عقرب کے اوقات میں بری عادتوں سے نجات ،مخالفین کی زبان بندی، دشمنوں سے بچاو کے لیے عمل و وظائف کیے جاتے ہیں،اس تمام عرصے میں ایسے عملیات کیے جاسکتے ہیں،دیے گئے اوقات میں اپنے کام اور ضروریات کے مطابق ساعتوں کا انتخاب کریں۔

اوج و عروج ِ شمس

سورج جب برج حمل میں داخل ہوتا ہے تو اسے شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے، یہ وقت ہر سال تقریباً اپریل میں آتا ہے، سورج کو تمام سیارگان میں ایک شہنشاہ کا مقام حاصل ہے، زمین پر سب سے زیادہ طاقت ور اثر ڈالنے والا اور زندگی اور توانائی کا سرچشمہ،سورج جب برج سرطان میں داخل ہوتا ہے تو اسے اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے،اسی طرح سورج جب اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوتا ہے،اسے عروج حاصل ہوتا ہے،اس سال سیارہ شمس جولائی اور اگست میں اپنے اوج اور عروج کے برج میں رہے گا، اس موقع پر لوح شمس نورانی یا خاتم شمس تیار کی جاسکتی ہیں،اس حوالے سے مناسب اور باقوت اوقات کی نشان دہی کی جارہی ہے۔

اس ماہ 27 اگست بہ روز اتوار ایسا وقت ہوگا جس میں یہ کام ممکن ہوسکے گا، اتوار کو پہلی ساعت صبح سورج نکلنے کے فوری بعد شمس کی ہوگی، اس کے بعد دوسری ساعت دوپہر میں شمس کی ہوگی،یہ دونوں ساعتیں کارآمد ہیں،اس کے علاوہ بھی جو لوگ علم الساعات سے واقفیت رکھتے ہیں ،مزید اوقات استخراج کرسکتے ہیں،ایسے لوگ جو خود یہ کام نہیں کرسکتے وہ براہ راست رابطہ کریں۔

ماہرین علم جفر و نجوم شمس کی قوت کو تسخیر خلائق بلندی مراتب، قوت و اقتدار کی حصولیابی، مقدمات اور مقابلوں میں فتح یابی، رعب و دبدبہ، اعلیٰ حکام و افسران بالا کے سامنے عزت و مقام اور صحت و تندرستی کے اعمال کے لیے مفید و اہم سمجھتے ہیں لہٰذا اس وقت صحت و ترقی اور عزت و مرتبے کے لیے الواح و نقوش تیار کرتے ہیںلیکن اکثر اوقات شرف کے موثر ہونے میں علم نجوم سے مکمل آگاہی نہ ہونے کے سبب غلطیاں سرزد ہوتی ہیں،حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ملک میں ایسے عامل و جفار کم ہیں جو وقت کی سعادت کا مکمل ادراک رکھتے ہوں،عام لوگ رسالوں اور جنتریوں میں شرف یا اوج شمس کے اوقات دیکھ کر ان کی پیروی کرتے ہیں،حالاں کہ ضروری نہیں ہے کہ وہ اوقات موثر یعنی پرتاثیر بھی ہوں،قمر کی سعادت و نحوست ہر قسم کے اعمال جفری میں نہایت اہمیت کی حامل ہے،خصوصاً الواح اور دیگر نقوش و طلسمات کے حوالے سے قمر کی بہتر پوزیشن کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ہم یہاں ایک ایسی جامع چیز پیش کر رہے ہیں جسے تیار کرنے والا بے شمار مقاصد و فوائد حاصل کرسکتا ہے، یاد رہے کہ یہ لوح مبارک اوپر بیان کیے گئے فوائد کے ساتھ ہر قسم کے سحروجادو اور دشمنوں کی کارروائی سے محفوظ رکھنے کا بھی موثر اور طاقت ور ذریعہ ہوگا۔

اسمائے الٰہی میں” الحیّ“ اور ”القیوم“ کو اسم اعظم کہا گیا ہے، یہ اسمائے الٰہی آیت الکرسی میں ابتدا ہی میں موجود ہے، بعض روحانی سلاسل میں ان کا ورد بطور اسم اعظم مروج ہے، الحّی، ہمیشہ زندہ رہنے والا اور القیوم ہمیشہ قائم رہنے والا، صفاتی اسما میں یہ دونوں اسم مبارک جن صفات کا اظہار کر رہے ہیں، یہ بہت ہی بزرگ و برتر صفات ہیں اور کائنات میں اللہ رب العزت کے سوا کوئی دوسرا فرد یا کوئی دوسری شے ان صفات کے ہر گز لائق نہیں ہے، پہاڑ، دریا ، سمندر، زمین، سیارے، آسمان اور کہکشائیں سب ایک روز فنا ہوجائیں گے، خدا معلوم کس شاعر نے اتنی سادگی سے اس قدر سچی بات کہہ دی بس ہمیشہ رہنے والی وہ خدا کی ذات ہے۔

قصہ مختصر جس طرح سیارگان کے درمیان شمس بادشاہ کا درجہ رکھتا ہے، اسی طرح اسم ذات اللہ کے بعد اسمائے صفات میں یا حی یا قیوم کی نورانیت میں بھی کوئی شبہ نہیں ہے، شرف شمس کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہم نے یہی دو اسمائے الٰہی منتخب کیے ہیں، جفرونجوم کے ماہرین سیارہ شمس سے انہی اسمائے الٰہی کو منسوب کرتے ہیں، دونوں اسما کے اعداد کا مجموعہ 174 ہے۔

اب اگر عام قواعد کے مطابق ان اسما کا نقش تیار کیا جائے تو نقش کی مخصوص چال کی پابندی ضروری ہوگی، شمس کا نقش مسدس ہے یعنی چھتیس خانوں کا 6×6 نقش، اس کی مخصوص چال کے مطابق نقش تیار کرنا عام آدمی کا کام نہیں ہے، چناں چہ ہم نے مفاد عامہ کی خاطر اس کی ایسی لوح ترتیب دے دی ہے جس میں مشکل چال سے نجات مل جائے گی اور اثر پذیری برقرار رہے گی، وہ لوح یہ ہے۔

شمس کی ساعت میں اس لوح کو سونے، چاندی یا ہرن کی جھلی پر لکھیں، اس طرح کہ پہلے چھ در چھ خانوں کا ایک نقش تیار کریںپھر پہلے 786 لکھ کر حیّ قیوم کے حروف اسی ترتیب سے لکھتے جائیں جس طرح ہم نے لکھے ہیں، یعنی پہلے خانے میں ”ح“ لکھیں پھر اس کے نیچے دو خانوں میں ”ی“ لکھیں پھر نیچے کے تین خانے ”ق“ لکھ کر بھردیں پھر اسی طرح”و“ اور ”م“ تک خانے بھردیں پھر اسی طرح خانے بھرتے ہوئے نیچے کی طرف اترتے چلے جائیں اور آخر میں سب سے نیچے کے خانے میں ”ح“ لکھ کر نقش پورا کرلیں، نقش بھرنے سے پہلے جب نقش کے خانے بنالیں تو نقش کے چاروں کونوں پر یہ چار لفظ لکھ دیں، پہلے کونے پر ”قولہ“ اور دوسرے پر ”الحق“ تیسرے پر ”ولہ“ پھر چوتھے پر ”الملک“، اسی طرح چاروں ملائکہ کے نام بھی ارد گرد لکھ دیں، پہلے جبرائیل پھر عزرائیل پھر میکائیل پھر اسرافیل۔

جب نقش مکمل ہوجائے تو اس کی پشت پر شمس کے موکلات اور طلسم لکھ دیں جو یہ ہیں” یاروقیائیل ابو عبداللہ المذہب“ اس کے ساتھ ہی اسمائے شمس بھی لکھے جائیں گے جو یہ ہیں ”ابرصا صبرصا صورصا صارصا“

طلسم کی شکل یہ ہے:

اب 174 مرتبہ یا حیّ یا قیوم اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر نقش پر دم کردیں،کچھ زرد رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دیں اور لوح کو موم جامہ ، پلاسٹک کوٹڈ یالیمی نیشن کرکے اپنے پاس رکھیں،خیال رہے کہ موم جامہ خاصی پرانی روایت ہے، بہت سے لوگ تو اب جانتے ہی نہیں کہ موم جامہ کیا ہوتا ہے ،جدید طریقہ پلاسٹک کوٹڈ یا لیمی نیشن ہے۔

سمجھ لیں کہ آپ کے پاس ایک ایسی قوت آگئی ہے جو سحروجادو، آسیب و جنات اور دیگر بیماریوں کے خلاف جنگ میں مددگار ہوگی، اگر آپ کی ترقی رکی ہوئی ہے تو اعلیٰ افسران و حکام بالا آپ کی بات نہیں ٹال سکیں گے، عزت و مرتبہ میں اضافہ ہوگا، مقدمات میں کامیابی ملے گی، اگر کسی پر آسیب وغیرہ ہے یا سحروجادو کا اثر ہے تو اس لوح کو اس کے بازو پر باندھ دیں اور 174مرتبہ یا حیّ یا قیوم پڑھ کر اس کے دونوں کانوں میں دم کریں، ان شاءاللہ ٹھیک ہوجائے گا، لوح کو پانی میں ڈال کر اس کا پانی پلانے سے بھی بیماریوں میں شفا ہوگی، غرض اس کے بے شمار فوائد ہیں جس کے پاس یہ لوح ہوگی ، لوگوں پر اس کا رعب و دبدبہ رہے گا، عزت و احترام سے پیش آئیں گے، اس نقش معظم کو اگر گولڈن کاغذ پر مشک زعفران اور عرق گلاب سے لکھ کر فریم کرالیں اور گھر میں مشرق کی سمت لگادیں تو گھر تمام بلاوں سے محفوظ رہے گا، آخری بات یہ کہ جو لوگ علم النقوش سے واقفیت رکھتے ہیں اور مسدس نقش کی چال سمجھتے ہیں وہ اس چال کے مطابق تیار کریں، کسی مجبوری کے تحت اگر خود تیار نہ کرسکتے ہوں تو وقت سے پہلے ہم سے رابطہ کریں، وہ لوگ جن کا برج اسد ،ستارہ شمس ہے ان کے لیے یہ لوح عروج و ترقی ہے،اس لوح کو پاس رکھنے والا کبھی بھی زوال کا شکار نہیں ہوتا، زندگی کے اونچے نیچے راستوں پر اسے قدم قدم پر اللہ کے ان مقدس ناموں کی مدد حاصل رہتی ہے،بہترین بات یہ ہوگی کہ دونوں اسمائے الٰہی یا حیّ یا قیوم روزانہ صبح سورج نکلنے کے وقت 174 مرتبہ ضرور پڑھ لیا کریں تاکہ اس لوح کے موکلات ہمہ وقت آپ کے معاون و مددگار رہیں۔