جون کی فلکیاتی گردش، ایک نیا موڑ لانے والا مہینہ

قافلے دلدلوں میں جاٹھہرے

گزشتہ دو ماہ سے ہم مسلسل زائچہ پاکستان کی روشنی میں سیاروی گردش کی تیزی اور طراری کے بارے میں لکھ رہے ہیں۔اپریل سے شروع ہونے والا وقت اہم سیارگان کی نئی پوزیشن اور دیگر قرانات و نظرات کے پیش نظر نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے اور یہ صورت حال بدستور جاری ہے۔
اپریل میں مشتری اور یورینس کا قران اور پھر یکم مئی کو مشتری کا زائچہ پاکستان کے پہلے گھر برج ثور میں داخلہ ، مئی میں سیارہ مریخ اور راہو کا قران اور اب 2جون سے سیارہ یورینس کا برج ثور میں داخلہ ایسی غیر معمولی گردش سیارگان ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔خیال رہے کہ پڑوسی ملک بھارت کا طالع پیدائش بھی برج ثور ہے۔وہاں انتخابات ہورہے ہیں اور وہاں بھی بڑی غیر یقینی صورت حال موجود ہے۔مودی سرکار جودعوے کر رہی ہے وہ ضروری نہیں ہیں کہ پورے ہوں ، بھارتی الیکشن بھی چونکا دینے والے نتائج دے سکتے ہیں۔
مشتری اور یورینس کے قران میں سب سے زیادہ عدلیہ اور آئین وقانون کے معاملات کو متاثر کیا ہے۔تاریخ میں پہلی بار عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ آمنے سامنے آگئے ہیں اور صورت حال بدستور پےچیدہ ہوتی جارہی ہے۔اسی طرح راہو اور مریخ کا قران بھی نہایت نحوست اثر ثابت ہوا ہے جس کی وجہ سے سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔عوامی سطح پر بھی ان کا امیج بری طرح متاثر ہورہا ہے جس سے نمٹنے کے لیے نت نئی قانون سازیاں کی جارہی ہیں لیکن جیسا کہ ہم نے عرض کیا تھا کہ اس وقت جو قانون سازیاں بھی کی جائیں گی وہ عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کرسکیں گی بلکہ حکومت کی بدنامی اور رسوائی کا باعث بنیں گی۔
جون کے مہینے میں سیارہ مریخ اپنے ذاتی برج حمل میں داخل ہوگا اور یورینس زائچے کے پہلے گھر ثور میں آجائے گا۔6 جون کو سیارہ قمر بھی برج ثور میں سیارہ شمس سے اور دیگر سیارگان سے قران کرے گا۔گویا زائچہ پاکستان کے پہلے گھر میں شمس قمر عطارد زہرہ ، مشتری اور یورینس کا اجتماع ایک نہایت اہم سیاروی پوزیشن ہے۔چناں چہ جون کے مہینے کو غیر معمولی حالات و واقعات کا مہینہ کہنا غلط نہیں ہوگا، اس سیاروی اجتماع کے اثرات جون سے شروع ہوکر سال کے آخر تک جاری رہیں گے اور یورینس کی وجہ سے نہایت چونکا دینے والے غیر معمولی حالات سامنے آئیں گے جو حیران کن بھی ہوسکتے ہیں۔
گزشتہ کالم میں بھی ہم نے نشان دہی کی تھی کہ عدلیہ کے علاوہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ میں بھی نئی تبدیلیاں متوقع ہیں۔عدلیہ کا جارحانہ موڈ ملک کو کسی سنگین صورت حال (ایمرجنسی ٹائپ) کی طرف لے جاسکتا ہے۔اس حوالے سے جون کے ابتدائی 15 دن نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
عزیزان من! تقریباً 6سیارگان کا زائچے کے پہلے گھر میں اجتماع ، سیارہ مریخ کا بارھویں گھر میں قیام ، سیارہ عطارد اور زہرہ کا مسلسل حالت غروب میں رہنا ظاہر کرتا ہے کہ اس موقع پر ہمارے مقتدر حلقوں کو اپنی موجودہ حکمت عملی پر نظرثانی کرنا پڑے گی۔شاید یہ ممکن نہ ہوسکے کہ طاقت کے زور پر مرضی کے مطابق نتائج حاصل کرلیے جائیں۔ طاقت کا استعمال زیادہ سنگین صورت حال کو جنم دے سکتا ہے جس کی ایک جھلک گزشتہ دنوں آزاد کشمیر میں ہم دیکھ چکے ہیں ا ور ماضی میں بھی ایسی مثالیں موجود ہیں، 2007 میں جنرل مشرف کو بہر حال پسپائی اختیار کرنا پڑی تھی اور اپنی وردی سے ہاتھ دھونا پڑے تھے لیکن اس وقت تک بہت تاخیر ہوچکی تھی ۔ مشتری کی پہلے گھر میں موجودگی اور اس کے ساتھ یورینس کا پہلے ، پانچویں ، ساتویں اور نویں گھر سے ناظر ہونا نہایت غور طلب ہے۔ ملک و قوم کی بھلائی اسی میں ہے کہ طاقت کے استعمال اور آئین و قانون کی خلاف ورزی سے گریز کیا جائے اور گفت و شنید اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا جائے۔ایسے مشیروں کی باتوں پر دھیان نہ دیا جائے جن کی انا اور ذاتی مفاد پرستیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہےں ورنہ یاد رہے جو کچھ سامنے آئے گا وہ درج ذیل شعر کے مطابق ہوگا

قافلے دلدلوں میں جا ٹھہرے
رہنما پھر بھی رہنما ٹھہرے

عزیزان من! یقینا جون ایک نہایت اہم موڑ لانے والا مہینہ ہے۔ یہ موڑ مثبت ہوگا یا منفی اس کا فیصلہ ابھی ممکن نہیں ہے، ملکی سیاست اور مقتدر حلقوں کے فیصلے اور اقدام ظاہر کریں گے کہ آنے والا نیا موڑ مثبت ہوگا یا منفی ۔جیسا کہ ہم نے عرض کیا کہ یورینس کا برج ثور میں داخلہ اور زائچے کے ابتدائی درجے پر سال کے آخر تک قیام ایک نہایت غیر معمولی پوزیشن ہے، چناں چہ جون کے بعد آنے والے مہینے بھی نہایت اہمیت کے حامل ثابت ہوسکتے ہیں اور وہ کچھ ہوسکتا ہے جس کے بارے میں سوچا بھی نہ ہو

یہ تو سوچا بھی نہ تھا جان ِ بہار
پھول مہکیں گے نہ تو بولے گا

جون کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج ثور میں حرکت کر رہا ہے، 14 جون کو برج جوزا میں داخل ہوگا۔سیارہ عطارد بھی برج ثور میں ہے، یہ بھی 14 جون کو ہی برج جوزا میں داخل ہوگا گویا دونوں کے قریب ہونے کی وجہ سے سیارہ عطارد غروب رہے گا۔سیارہ زہرہ بھی برج ثور میں حرکت کر رہا ہے اور 12 جون کو برج جوزا میں داخل ہوجائے گا۔یہ بھی غروب حالت میں پورا مہینہ رہے گا۔
سیارہ مریخ یکم جون تک برج حوت میں ہے۔2 جون سے اپنے ذاتی برج حمل میں داخل ہوجائے گا اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔سیارہ مشتری برج ثور میں حرکت کر رہا ہے جب کہ سیارہ زحل برج دلو میں اور یورینس 2 جون سے برج ثور میں داخل ہوگا۔سیارہ نیپچون اپنے ذاتی برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں حرکت کریں گے۔ راہو اور کیتو بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں رہیں گے۔یہ سیاروی رفتاریں ویدک سسٹم کے مطابق ہیں۔

شرف قمر

سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 5 جون کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سہ پہرصبح 3:45  پر داخل ہوگا اور 7 جون کو صبح 07:25  تک شرف یافتہ رہے گا۔اس دوران میں درجہ شرف پر 5 جون کو صبح 7:05  سے 08:04  تک ہوگا ، یہ سعد وقت ہوگا جس میں اپنے نیک مقاصد کے لیے ضروری اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں۔

قمر در عقرب

سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 19 جون کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 10:35  پر داخل ہوگا اور 21 جون کو شام 05:48  تک برج عقرب میں رہے گا۔یہ تمام وقت نحوست کا ہے، اس وقت کوئی نیا کام شروع نہ کریں، اپنے معمول کے فرائض کی ادائیگی پر توجہ دیں۔اس نحس وقت میں شروع کیے گئے کام کبھی مفید ثابت نہیں ہوتے، البتہ اس وقت میں علاج معالجہ کرانا یا کسی مخالف کے خلاف کارروائی کرنا بہتر ہوتا ہے۔اس نحس وقت میں اعمال بندش کیے جاتے ہیں۔خصوصاً بری عادتوں یا بیماریوں وغیرہ سے نجات کے لیے عملیات و طلسم تیار کیے جاتے ہیں۔ہماری ویب سائٹ سے ایسے ضروری عملیات کے لیے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

مریخ در حمل

سیارہ مریخ اس ماہ اپنے ذاتی برج حمل میں عروج یافتہ ہوگا۔خصوصاً 9 جون سے طاقت ور پوزیشن میں آئے گا، چناں چہ سیارہ مریخ سے متعلق الواح و طلسم اس ماہ تیار کیے جاسکتے ہیں۔مریخ کا تعلق توانائی اور قوت سے ہے، اپنی ذاتی قوت میں اضافے یا دشمنوں پر غلبہ پانے کے لیے اس وقت میں اعمال کیے جاسکتے ہیں۔ ایسے ضروری عملیات ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کسی خصوصی عمل کے لیے براہ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اس دوران میں لوح مریخ بھی تیار کی جاسکتی ہے ۔ یہ لوح ان لوگوں کے لیے نہایت توانائی بخش ہوتی ہے جن کے زائچے میں سیارہ مریخ کمزور ہواور وہ اپنی دنیاوی زندگی میں مریخی توانائی کی کمی کی وجہ سے سستی، کاہلی اور ناکامیوں کا شکار ہوں۔ برج حمل والوں کے لیے خصوصاً یہ لکی لوح ہوگی۔