چاند کا ہماری زندگی میں غیر معمولی عمل دخل

تحریر: سید انور فراز

چاند کی گردش سے اپنی سرگرمیوں کو ہم آہنگ کرکے زیادہ کامیاب زندگی گزاری جاسکتی ہے

علم نجوم میں چاند کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ پیدائش کا زائچہ ہو یا نکاح کا، آپ کوئی نیا کام شروع کر رہے ہیں یا کوئی نیا سفر کرنا چاہتے ہوں الغرض زندگی کے ہر مسئلے میں چاند کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔اسے نظر انداز کرکے علم نجوم سے کوئی فائدہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔اگرچہ موجودہ زمانے میں علمِ نجوم نہایت ترقی یافتہ علوم میں شمار ہوتا ہے لیکن زمانہءقدیم میں بھی چاند کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاتا تھا۔
دنیا بھر میں اور ہمارے ملک میں بھی اخبارات اور رسائل میں شائع ہونے والے علمِ نجوم کے مضامین اور کالم چاند کے بجائے سورج کو مرکزی حیثیت دیتے ہیں کیوں کہ اپنے پڑھنے والوں کو وہ اسی طرح اس علم میں دل چسپی لینے پر مجبور کرسکتے ہیں۔ہر شخص اپنی تاریخ پیدائش کے مطابق با آسانی یہ معلوم کرسکتا ہے کہ اُس کی پیدائش کے وقت سورج کس برج میں تھا لہٰذا اس سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اخبارات و رسائل میں شمسی برج (SUN SIGN) پر انحصار کیاجاتا ہے اور آج ہر شخص جانتا ہے کہ اس کا شمسی برج کون سا ہے اور وہ فخریہ دوسروں کو بتاتا ہے کہ ”میرا اسٹار حمل، ثور، جوزا وغیرہ ہے“حالاں کہ یہ کہنا اصولاً غلط ہے ،حمل، ثور وغیرہ اسٹار نہیں ہیں بلکہ ”سائن“ ہیں مگر ہمارے معاشرے میں سائن یعنی برج کے لئے اسٹار کا لفظ رائج ہوگیا ہے جو بہر حال غلط ہے۔آپ کو بھی اس غلطی سے بچنا چاہیے۔
بات ہورہی تھی چاند کی، جس طرح شمسی برج ہماری شخصیت اور مزاج پر اثر انداز ہے اسی طرح قمری برج (MOON SIGN) ہماری پوری ذات اور فطرت پر اثر انداز ہے بلکہ یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ قمری برج کے اثرات شمسی برج سے بھی زیادہ گہرے اور دائمی ہوتے ہیں۔شمسی برج کے ہماری شخصیت اور مزاج پر اثرات میں ، زندگی کے مختلف مراحل میں کمی و بیشی ممکن ہے لیکن قمری برج کے اثرات بہت گہرے اور دائمی ہیں۔سیدھی سی بات ہے کہ انسان کی فطرت نہیں بدلتی، ہم قمری برج کے تحت جو فطرت لے کر پیدا ہوئے ہیں وہ کبھی تبدیل نہیں ہوگی۔یہ بات صدیوں کے تجربے اور مشاہدے سے ثابت ہے اور مذہب بھی اس کی تائید کرتا ہے۔
اکثر لوگ یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ ہم اپنے شمسی برج کی کچھ خصوصیات تو رکھتے ہیں لیکن بہت سی باتیں ہماری شخصیت اور مزاج کے مطابق نہیں ہیں بلکہ کسی دوسرے برج کے مطابق ہیں تو اس کی وجہ یہی ہوتی ہے کہ اپنے شمسی برج کے علاوہ ان کی زندگی پر ان کا قمری برج یا پیدائشی برج زیادہ گہرے اثرات ڈال رہا ہوتا ہے اور اپنے مسائل کو سمجھنے کے لئے انہیں اپنے مکمل زائچے سے استفادے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن یہاں ہمارا موضوع مکمل زائچہ ءپیدائش (BIRTH CHART) نہیں ہے، ہم صرف چاند پر بات کرنا چاہتے ہیں کیوں کہ ہماری نظر میں اگر آپ اپنے چاند کو سمجھ لیں اور اپنی روزانہ زندگی میں چاند سے فائدہ اٹھانے کا طریقہءکار جان لیں تو ہمیں یقین ہے کہ آپ ایک کامیاب زندگی گزار سکتے ہیں۔
برسوں پہلے ہم نے امریکہ کے ایک ارب پتی شخص کی داستانِ حیات پڑھی تھی، وہ ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوا اور پھر ترقی کرکے ایک بڑا بزنس مین بن گیا۔اُس کی شخصیت کے دل چسپ اور عجیب پہلوو ¿ں میں ایک عجیب بات یہ بھی تھی کہ وہ اپنے تمام اہم کام خصوصاً نئے معاہدات، نئے کاروباری تعلقات، نئی برانچوں کا افتتاح یا کسی نئی فیکٹری کی بنیاد وغیرہ چاند کی پہلی تاریخ سے 13 تاریخ تک کرتا تھا اس کے ساتھ کام کرنے والے لوگ اُس کی اس عادت پر حیران ہوتے تھے کیوں کہ چاند کی 14 سے اور آخری تاریخ تک وہ کوئی نیا کام نہیں کرتا تھا۔خواہ اس کام میں اسے کتنا ہی بڑا فائدہ نظر آرہا ہو۔
ہم نے غور کیا تو یہ بات سمجھ میں آگئی کہ یقیناً کسی ایسٹرولوجر نے اسے یہ مشورہ دیا ہوگا کیوں کہ ایسے کام جن میں ترقی مقصود ہو نئے اور چڑھتے ہوئے چاند میں کرنا فائدے مند ثابت ہوتا ہے۔ہمارے معاشرے میں بھی پرانے لوگ شادی بیاہ کی تاریخیں چڑھتے ہوئے چاند میں مقرر کرتے تھے۔قدیم زمانوں سے پرانے کسان یہ راز جانتے تھے کہ نئی فصل بونے کے لئے کون سی تاریخیں بہتر رہیں گی اور وہ ہمیشہ نئے چاند کے بعد فصل کی بوائی کا کام شروع کرتے تھے۔
چاند نہ صرف یہ کہ ہماری روز مرہ کی زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ ہمارے ماضی سے بھی اس کا گہرا تعلق ہے جو کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔دنیا کی ایک تہائی سے زیادہ آبادی آوا گون کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے لیکن اسلام اس کی نفی کرتا ہے۔آواگون کا فلسفہ بھی چاند کے اثرات سے جڑا ہوا ہے کیوں کہ چاند انسان کے ماضی پر حکمرانی کرتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے بعض بہت بڑے بڑے دانش ور ، فلسفی اور سائنس داں انسان کے ماضی کے حوالے سے آواگون کے نظریے کو اہمیت دیتے آئے ہیں۔ان میں فیثا غورث، سقراط، افلاطون، بینجمن فرنیکلن، ایمریسن، تھوریو، ٹالسٹائی، مارک ٹوئن، ہنری فورڈ، عظیم ماہرِ نفسیات کارل یونگ اور جارج پیٹن وغیرہ شامل ہیں۔
اگر ہم یہ کہیں کہ آپ کا قمری برج ایک عظیم الشان لائبریری ہے جس میں آپ کے ماضی کا سارا ریکارڈ محفوظ ہے تو آپ یقیناً حیران ہوں گے لیکن یہ بات غلط نہیں ہے کیوں کہ ہمارے دماغ اور ہماری یاد داشت کا تعلق چاند سے ہی ہے اگر آواگون کے فلسفے میں کوئی حقیقت ہے تو اس کا تعلق بھی چاند سے ہی ہوگا۔یوں سمجھ لیں کہ آپ کا چاند ایک بہت گہرا کنواں ہے اور جب تک اس کنویں کے پانی میں ہلچل پیدا نہ ہو، آپ کے جذبات اور احساسات کی دنیا میں بھی سکون اور ٹھہراو ¿ رہتا ہے۔کبھی کبھی یہ ہلچل اتنی شدید ہوجاتی ہے کہ ہمارا دماغ الٹ جاتا ہے، بعض لوگ پاگل ہوجاتے ہیں یا پھر ہمیں عجیب و غریب احساسات گھیر لیتے ہیں جو منفی بھی ہوسکتے ہیں اور مثبت بھی۔
ہمارے پیدائشی چاند کی تحقیق اور تفتیش علیحدہ سے ایک علمی موضوع ہے گویا اس کنویں میں جھاکنا اور اس کے پانی کی موجوں کا مطالعہ کرنا ایک الگ ہی تحقیقی کام ہے جو بہر حال کوئی قابل ایسٹرولوجر ہی کرسکتا ہے لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ آسمان پر چمکنے والا چاند جو ہماری زمین کے گرد رات دن چکر لگارہا ہے ، یہ بھی ہماری زندگی اور زندگی کے بیشتر معاملات میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ خاص طور پر پورا چاند ہمارے جذبات پر بھرپور طریقے سے اثر انداز ہوتا ہے۔وہ مثبت برق پاروں کو جنم دیتا ہے جو ہماری جلد سے چمٹ کر ہمارے دماغ پر دباو ¿ ڈالتے ہیں۔مغرب میں دماغی صحت کے اداروں اور پولیس کے محکمے میں کام کرنے والے لوگوں نے اپنے مشاہدات بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پورے چاند کے دوران میں کچھ لوگ بہت زیادہ پریشان ہوجاتے ہیں یا ان کے دماغی دوروں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔اس دوران میں عام طور سے زیادہ حادثات جنم لیتے ہیں اور ذہنی امراض کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ایک پولیس آفیسر کا بیان ہے کہ ساحل سمندر پر لوگ پورے چاند کے دوران میں ایک دوسرے سے لڑ پڑتے ہیں۔دراصل چاند کی گردش سے جنم لینے والے برق پارے جو ہمارے دماغ پر دباو ¿ ڈالتے ہیں، سمندری سطح پر اکٹھا ہوتے ہیں۔ اگر ہم کسی بلند پہاڑ پر جائیں یا کسی بلند مقام پر قیام کریں تو خود کو زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں یا جب ہم غسل کرتے ہیں تو یہ برق پارے دھل جاتے ہیں اور ہم خود کو زیادہ ترو تازہ محسوس کرتے ہیں۔شاید ان برق پاروں کی زیادتی ہمارے دماغ پر اثر انداز ہوکر دماغی صلاحیتوں کو زیادہ متحرک بھی کرتی ہے یعنی دماغ کے زیادہ خلیے کام کرنے لگتے ہیں اور اس کے نتیجے میں غیر معمولی ذہانت اور فکرو فلسفے کا اظہار ہوتا ہے۔دنیا بھر میں ساحل سمندر کے نزدیک رہنے والے افراد خاصے تیز و طرار اور غیر معمولی طور پر ذہین پائے گئے ہیں، وہ زیادہ متحرک انداز میں زندگی گزارتے ہیں۔
برسوں پرانی بات ہے مگر آج ہمیں یاد آرہی ہے۔مشہور شاعر و ادیب اور اردو ادب کے ایک اہم نقاد جناب سلیم احمد (مرحوم) نے خدا معلوم کیوں یہ بات کہی تھی کہ بہترین ادب کی تخلیق کے لئے ساحلی علاقے زیادہ موزوں ہوتے ہیں۔
گھٹتے بڑھتے چاند کے اثرات کا مشاہدہ ہم اکثر مختلف معاملات میں کرتے رہتے ہیں اور یہ بھی ایک سائنسی حقیقت ہے کہ جب پورا چاند زمین کے کسی حصے کے سامنے ہوتا ہے تو وہ زمین کی سطح کو کھینچتا ہے اور زمین کی سطح ایک طرف سے بلند ہوجاتی ہے جب کہ دوسری طرف سے دب جاتی ہے گویا زمین سانس لے رہی ہو۔چاند کی کشش سمندروں، مدوجزر اور ہمارے خون کی روانی کو بھی کنٹرول کرتی ہے۔خواتین کے ماہانہ نظام پر بھی چاند کے اثرات نمایاں ہوتے ہیں۔پورے چاند کے دوران اگر زخم لگ جائے تو خون زیادہ بہتا ہے لہٰذا اس دوران میں آپریشن وغیرہ نہیںکرانا چاہیے۔نئے چاند کے فوراً بعد کھیتوں میں بیج ڈالنا یا نئے پودے وغیرہ لگانا بہت اچھی بات ہے کیوں کہ اس وقت چاند کی تازہ توانائی کے سبب وہ جلدی پھلتے پھولتے ہیں۔ اگر آپ نئے چاند کے فوراً بعد شیو کریں یا حجامت بنوائیں تو آپ کے بال زیادہ تیزی سے بڑھیں گے۔
چاند کی گردش کو مد نظر رکھتے ہوئے روز مرہ زندگی میں اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کا اپنا چاند کہاں ہے اور چاند کی حالیہ پوزیشن کیا ہے؟اپنا ذاتی چاند معلوم کرنے کے لئے آپ کو کسی ایسٹرولوجر سے رابطہ کرنا پڑے گا اور چاند کی حالیہ پوزیشن آپ کو کسی بھی معیاری جنتری یا تقویم سے معلوم ہوسکتی ہے۔

قمری ردھم سے استفادہ

قمری گردش کو سمجھ کر اور اس کے ردھم سے اپنی سرگرمیوں میں ہم آہنگی پیدا کرکے آپ جو کچھ بھی حاصل کرنا چاہیں، کرسکتے ہیں اور بے حد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔چاند کی گردش دو اہم حصوں میں تقسیم ہے”بڑھتا چاند“ (نئے چاند سے پورے چاند تک) اور ”گھٹتا چاند“ (پورے چاند سے قران شمس و قمر تک)
بڑھتے چاند کی مدت نئے پروجیکٹ شروع کرنے اور بیرونی سمت کی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کے لئے بہترین ہے جب کہ گھٹتے چاند کی مدت ایسی سرگرمیوں کے لئے مناسب اور موزوں ہے جو سوچنے، غوروفکر کرنے یا منصوبہ بندی کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔اس مدت میں ادھورے کاموں کو پایہءتکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
قمری گردش میں نئے اور مکمل چاند کے دن اور تاریخوں کی خاص اہمیت ہے۔ نیا کام یا کوئی پروجیکٹ شروع کرنا ہو تو نئے چاند کے فوراً بعد شروع کریں(ترجیحاً 24 گھنٹے کے اندر اندر، قران شمس و قمر کے بعد۔واضح رہے کہ نئے چاند سے مراد رویت ہلال کمیٹی کا اعلان کردہ چاند نہیں ہے بلکہ قران شمس و قمر ہے)ایسا کرنے پر کامیابی یقینی ہے۔اس کے برعکس کامل چاند(FULL MOON) اندرونی کاوشوں ، مراقبہ، مسائل کے حل اور تخلیقی غوروفکر کے لئے زیادہ مناسب ہے، یہ عظیم بصیرت کا وقت ہوسکتا ہے۔
نئے اور مکمل چاند کی صلاحیت اور اس کی خصوصیات کو سمجھنے کے لئے اس برج کو اہمیت دینا ضروری ہے جس میں نیا چاند یا مکمل چاند موجود ہو۔
ہم روزنامہ جرا ¿ت میں روزانہ ”آج کا دن“ کے عنوان سے دن کے اثرات کی وضاحت کرتے ہیں اور چاند کی پوزیشن بھی لکھتے ہیں لہٰذا ہمارے قارئین اس سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
ہم ہر مہینے کی ابتدا سے پہلے پورے مہینے کی فلکیاتی صورت حال لکھتے ہیں اگر ہمارے قارئین چاند کی گردش کے مسائل کو سمجھ لیں تو مہینے بھر کے لئے چاند کی پوزیشن بھی ہر ماہ یا ہر ہفتے دی جاسکتی ہے۔ اسی طرح اگر آپ یہ معلوم کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کا پیدائشی چاند کہاں ہے تو اس کے لئے بھی آپ ہمیں ای میل کرسکتے ہیں لیکن اس کام کے لئے فون ہر گز نہ کریں۔ای میل یا پھر خط لکھنا ہی مناسب ہوگا۔

مختلف بروج میں چاند کی گردش اور اثرات کا مطالعہ

معلوم کیجئے کہ وقت آپ کی دلچسپیوں اور سرگرمیوں کے لئے موافق ہے یا نہیں؟
گزشتہ کالم میں چاند کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ چاند ہماری زندگی میں ایک نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے اگر ہم اپنے پیدائشی چاند سے واقف ہوں تو اپنے مزاج اور فطرت کی بہت سی پیچیدگیوں کا ادراک کرسکتے ہیں، اپنی بعض عجیب خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں جان سکتے ہیں۔اسی طرح اگر ہم چاند کی روزانہ گردش سے باخبر رہیں تو اپنی روز مرہ زندگی میں بہت سی غلطیوں سے بچ سکتے ہیں اور بہت سے اہم موقعوں سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے ہم نے وعدہ کیا تھا کہ آئندہ سے نہ صرف یہ کہ چاند کی روزانہ گردش یعنی چاند کے مختلف بروج میں داخلے اور قیام کے وقت اور تاریخ سے آگاہ کیا جائے گا بلکہ یہ بھی بتایا جائے گا کہ چاند جب کسی برج سے گزرتا ہے تو اُس وقت کون سے کام بہتر رہتے ہیں اور کون سے ناموافق ، لہٰذا اس بار اس نئے سلسلے کا آغاز کیا جارہا ہے مگر خیال رہے کہ چاند کے مختلف بروج میں داخلے اور قیام کی تاریخیں تو آئندہ بھی دی جائیں گی مگر مختلف بروج میں چاند کے اثرات بار بار نہیں لکھے جائیں گے۔چناں چہ اس کالم کو محفوظ کرلیں تاکہ آئندہ بھی آپ اس کی مدد سے چاند کے مختلف بروج میں اثرات کے بارے میں جان سکیں اور اپنی روزانہ زندگی کے معاملات میں اس سے کام لے سکیں۔

مختلف برجوں میں چاند کا اثر

ذیل میں چاند کے مختلف برجوں میں اثرات و خصوصیات اختصار کے ساتھ پیش کئے جارہے ہیں اگر ان کے ساتھ ساتھ چاند کے مختلف سیارگان سے نظرات کو بھی مد نظر رکھا جائے تو سونے پر سہاگہ ہے لیکن ظاہر ہے کہ عام آدمی کے لئے یہ تھوڑا سا مشکل کام ہے مگر بہر حال اس سے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

برج حمل میں چاند

برج حمل کا حاکم سیارہ مریخ ہے اور یہ چاند کا دوست ہے۔حمل دائرئہ بروج کا پہلا برج ہے اس کی خصوصیات میں پہل کاری ، جوش و جذبہ، جرا ¿ت و بہادری شامل ہیں۔جب چاند برج حمل سے گزرتا ہے تو مندرجہ بالا خصوصیات کا اظہار ہوتا ہے۔اس وقت نئی جدوجہد کا آغاز کریں، نئی جاب کے لئے درخواست دیں یا کوشش کریں۔ دوسروں کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں، نئے معاہدات اور سودے کریں، کوئی نیا آئیڈیا یا کام متعارف کرائیں، دھات سے بنی ہوئی اشیاءکی خریداری کریں، خاص طور پر مشینری کی خریدوفروخت بہتر رہے گی، اسپورٹس یا دیگر مقابلوں میں حصہ لیں، کسی ایسی مہم میں شامل ہوں جس میں جرا ¿ت کی ضرورت ہو۔اس وقت آپریشن کرانا یا نکاح کرنا بہتر نہیں ہوتا کیوں کہ زخم لگنے کی صورت میں خون کا اخراج زیادہ ہوتا ہے۔تیز دھار والی چیزوں کے استعمال میں محتاط رہیں، مشینری کی مرمت و درستگی کا کام بہتر ثابت ہوگا یا دیگر ٹیکنیکل کاموں کی انجام دہی۔

برج ثور میں چاند

برج ثور کا حاکم سیارہ زہرہ ہے۔ اس برج میں قمر کو شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے گویا یہ نہایت طاقت ور اور خوش گوار اثرات ظاہر کرتا ہے۔جب چاند برج ثور سے گزر رہا ہو تو اپنی آمدن بڑھانے کے لئے کوشش تیز کریں، زمین و جائیداد خریدیں، نیا بینک اکاو ¿نٹ کھولیں یا بینکوں سے متعلق معاملات پر توجہ دیں، مالی اسکیموں میں حصہ لیں یا مالی منصوبہ سازوں سے مشورہ کریں۔ وہ کام شروع کریں جو آپ چاہتے ہوں کہ دائمی اورپائیدار رہے، کسی جاب یا بزنس کی ابتدا، نکاح، نئے گھر میں شفٹ ہونا، نئے مکان کی بنیاد رکھنا، نئے کپڑوں یا زیورات کی خریداری، اعلیٰ درجے کی سجاوٹ کی چیزوں کی خریداری وغیرہ۔سوشل معاملات میں حصہ لیں یا تفریحی پروگرام بنائیں، موسیقی اور رومانس وغیرہ سے لطف اندوز ہوں، باغبانی کریں یا نئی فصل کی بوائی کریں۔

برج جوزا میں چاند

برج جوزا کا حاکم سیارہ عطارد ہے اور اس کی خصوصیات میں دوہرا پن، تبدیلی، ذہانت اور عدم استحکام شامل ہیں۔ جب چاند برج جوزا سے گزرتا ہے تو ذہانت اور ہوشیاری سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔کسی تبدیلی کے لئے ذہن آمادہ ہوتا ہے، اس وقت میں مختصر سفر، خط و کتابت، ٹیلی فونک رابطے اور بات چیت، نشرواشاعت یا اشتہار بازی فائدے مند رہتی ہے۔ذاتی معلومات میں اضافے کے لئے کوشش کرنی چاہیے، ہم جو جاننا چاہتے ہیں، جان سکتے ہیں۔دوسروں سے گفت و شنید بہتر رہتی ہے، ضروری نوعیت کی تبدیلیاں لانا اس وقت مناسب ہے لیکن خیال رہے کہ یہ وقت ایسے کاموں کے لئے موزوں نہیں ہیں جن میں استحکام کی ضرورت ہوتی ہے اور پائیداری ضروری ہوتی ہے۔قمر در جوزا میں کئے گئے کاموں میں آئندہ بھی تبدیلی اور درستگی کی ضرورت پیش آتی ہے۔انٹرویو، تعلیمی سرگرمیاں، سفر سے متعلق ضروری کاموں کی انجام دہی، اسکول، کالج یا کسی نئے کورس کے لئے داخلہ لینا اس وقت بہتر ہوتا ہے۔بچوں سے متعلق معاملات کو نمٹائیں، کسی ایسے کام کا آغاز کریں جس میں ہنر مندی اور کاریگری کی ضرورت ہو، کسی مسئلے کی چھان بین اور سوشل سرگرمیاں بھی اس وقت میں مناسب رہتی ہیں۔

برج سرطان میں چاند

برج سرطان چاند کا اپنا برج ہے۔ اس کا تعلق گھر، خاندان اور ماں سے ہے۔یہ آبی برج ہونے کی وجہ سے بہت حساس بھی ہے۔چاند جب اپنے ذاتی برج سرطان سے گزرتا ہے تو ہمارے جذبات اور احساسات اپنے گھر اور خاندان سے جڑ جاتے ہیں۔اس وقت میں کاروبار یا گھر سے متعلق ایسے کام کرنا بہتر ہے جو کاروبار یا گھر کی بہتری کے لئے ہو، مثلاً فرنیچر کی تبدیلی، گھر میں راشن ڈالنا اور دیگر ضروریات زندگی خریدکر لانا، رہائشی آرام و سکون کے لئے اقدام کرنا، خاندانی یا ازدواجی زندگی کے مسائل کو حل کرنا، نئے مکان میں شفٹ ہونا، بحری سفر کا پروگرام بنانا، خوراک ذخیرہ کرنا، چاندی کی بنی ہوئی چیزیں خریدنا، صحت اور علاج کے معاملات کی چھان بین کرنا، جڑی بوٹیوں اور پھلوں،سبزیوں سے استفادہ کرنا، نوادرات خریدنا بھی اس وقت فائدے مند ثابت ہوتا ہے۔اپنے والدین خاص طور پر والدہ سے ملاقات اور ان کی دعائیں لینا بہتر بات ہے کیوں کہ اُس وقت ان کے جذبات میں خاصی گرم جوشی ہوگی۔اپنے بچوں پر توجہ دینا اور انہیں بہتر نصیحت و مشورہ دینا۔

برج اسد میں چاند

شاہانہ مزاج برج اسد کا حاکم سیارہ سورج ہے اور چاند، سورج ہی سے روشنی حاصل کرتا ہے۔برج اسد کی خصوصیات میں برتری کا احساس، انانیت، عیش و آرام پسندی، زیادہ خود اعتمادی، جرا ¿ت، فن کاری، ڈرامائی انداز شامل ہیں۔چاند جب برج اسد سے گزرتا ہے تو ہمارے جذبات و احساسات مندرجہ بالا خصوصیات سے بھرپور ہوتے ہیں۔اپنی ذات اور حیثیت کا نیا احساس پیدا ہوتا ہے۔اس وقت میں اعلیٰ افسران و حکام سے رابطہ و ملاقات کریں، اپنے جائز مطالبات پیش کریں، سونا اور سونے سے بنے ہوئے زیورات خریدیں،اعلیٰ درجے کے لباس کی خریداری کریں، فلم ، تھیٹر، ٹی وی پروگرام دیکھیں، کسی میوزیم کی سیر کریں، اس وقت میں عشقیہ جذبات عروج پر ہوتے ہیں اور عاشق مزاجی کا اظہار ہوتا ہے۔ہم اپنی تعریف چاہتے ہیں، انا کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، سوشل مصروفیات، سیروتفریح، اسپورٹس وغیرہ میں حصہ لینا بہتر ہوگا، کھلونے یا بچوں کی دلچسپی کا سامان خریدیں، کسی کو قیمتی تحفہ دیں تو وہ بہت خوش ہوگا، اس وقت میں پرعزم رہ کر جرا ¿ت مندانہ انداز میں کام کریں اور اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کریں۔

برج سنبلہ میں چاند

برج سنبلہ کا حاکم سیارہ عطارد ہے اور یہ برج بھی دوہری خصوصیات کا حامل ہے۔ اس کی خصوصیات میں کام اور صحت کے معاملات نمایاں ہیں اور ہر بات اور ہر معاملے کا باریک بینی سے تجزیہ چاہتا ہے۔جب چاند برج سنبلہ سے گزرتا ہے تو ہم زیادہ پریکٹیکل ہوجاتے ہیں اور ہر مسئلے کا تنقیدی نظر سے جائزہ لیتے ہیں۔اس وقت میں تعلیمی سرگرمیاں جن سے قابلیت میں اضافہ ہو، بہتر رہتی ہیں۔نئی ملازمت کی تلاش یا صحت میں بہتری کے لئے قدم اٹھانا مناسب ہے، کسی میٹنگ میں شرکت، بحث و مباحثہ، دوسروں سے تبادلہءخیال وغیرہ کرنا فائدے مند ثابت ہوتا ہے۔اپنے حسابات کو چیک کرنا، پچھلے کاموں پر نظرثانی کرنا اور دوسروں کے معاملات کا تجزیہ کرنا بہتر رہتا ہے۔اس وقت پالتو جانوروں کی دیکھ بھال یا نئے پالتو جانور خریدنا بھی مناسب ہے، ڈاکٹر سے مشورہ یا کوئی ہنر مندی کا کام وغیرہ۔ایسے لوگوں سے ملاقات کریں جو سفر یا ادبی معاملات سے منسلک ہوں، ریسرچ کے کام کریں۔

برج میزان میں چاند

برج میزان کا حاکم سیارہ زہرہ ہے اور یہ برج دوستی، محبت، توازن اور ہم آہنگی کی خصوصیات رکھتا ہے۔میزان کو سفارت کار بھی کہا جاتا ہے یعنی دو افراد یا پارٹیوں کے درمیان بہتر مثبت کردار ادا کرتا ہے۔چاند جب برج میزان سے گزر رہا ہو تو ازدواجی اور سماجی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کوشش کرےں، کوئی نئی پارٹنر شپ قائم کریں یا شراکتی نوعیت کے کاموں پر توجہ دیں، گفت و شنید کریں، کوئی تنازع یا جھگڑا نمٹائیں، کپڑے،سامانِ حسن و آرائش، زیورات، گھریلو آرائش اور سجاوٹ کی اشیاءکی خریداری کریں، آرٹسٹک سرگرمیوں میں حصہ لیں، موسیقی، شو بزنس وغیرہ کے کاموں میں حصہ لیں، اپنے گھر کی تزئین و آرائش کا کام کریں، کسی پارٹی میں شریک ہوں یا اپنے گھر پر پارٹی کریں، ناراض محبوب کو منانے کے لئے بھی یہ اچھا وقت ہے۔

برج عقرب میں چاند

برج عقرب کا حاکم سیارہ پلوٹو اور قدیم علم نجوم میں مریخ ہے۔چاند اس برج میں کمزور ہوتا ہے اور منفی خصوصیات ظاہر کرتا ہے لہٰذا مثبت سرگرمیاں اور کام متاثر ہوتے ہیں۔بیماری کے خلاف جدوجہد اور کوشش کرنا چاہیے، ایسے معاملات پر توجہ دیں جن کی وجہ سے آپ کسی پریشانی میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ٹیکس یا دیگر ادائیگیاں، جائیداد اور وراثت کے معاملات نمٹائیں، شراکتی مفادات پر توجہ دیں، قرض اور قرض داروں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں، اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو کام میں لائیں، کسی معاملے میں تحقیق و تفتیش کے لئے بہتر وقت ہوگا، اپنے پروگرام پر نظر ثانی کریں اور فوری فیصلے کریں، اس وقت میں فہم و فراست سے کام لینا بہتر ہوتا ہے۔خفیہ معاملات پر توجہ دیں، مخالفین کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں پر نظر رکھیں اور ان سے تحفظ کے بارے میں غورو فکر کریں، یاد رہے کہ برج عقرب کا تعلق نئی پیدائش اور موت سے بھی ہے اور یہ سیکس کا برج بھی کہلاتا ہے۔اس وقت رومانی ملاقاتوں میں احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔

برج قوس میں چاند

برج قوس کا حاکم سیارہ مشتری ہے، مذہب، آئین و قانون، بیرون ملک، معاملات یا سفر ، اعلیٰ تعلیم اور اسپورٹس کی سرگرمیاں وغیرہ برج قوس کی بنیادی خصوصیات ہےں۔ چاند جب برج قوس سے گزرتا ہے تو بیرونی سرگرمیوں میں حصہ لینا بہتر ہوگا۔مذہبی امور کی انجام دہی، عبادات، بیرون ملک معاملات، قانونی مسائل یا اسپورٹس سے متعلق دلچسپیاں اور اعلیٰ تعلیمی کے لئے کوششیں کرنا چاہیے۔وکیل سے ملاقات یا کسی عالم سے ملاقات و مشورہ بہتر رہے گا، کسی طویل سفر کا آغاز یا منصوبہ بندی کریں، اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے داخلے کی کوشش کریں، ویزا یا امیگریشن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے قدم اٹھائیں اور اس سلسلے میں متعلقہ افراد سے ملاقات و مشورہ کریں،مستقبل کی منصوبہ بندی کریں اور اس سلسلے میں قابل لوگوں سے مشورہ کریں۔

برج جدی میں چاند

برج جدی کا حاکم سیارہ زحل ہے جسے نظم و ضبط کا ستارہ بھی کہا جاتا ہے، یہ انسان کو آزمائشوں میں ڈالتا ہے تاکہ وہ کسی قابل بن سکے۔چاند برج جدی میں زوال کا شکار ہوتا ہے اور سیارہ زحل کی توانائی کا اسیر ہوتا ہے۔اس وقت میں حدودو قیود کی پابندی کرنا چاہیے اور کسی معاملے میں تجاوز سے گریز کرنا چاہیے، با اثر لوگوں سے ملیں اور اصول و قواعد پر زور دیں، کاروبار یا گھریلو معاملات میں نظم و ضبط کا خیال رکھیں، عملی کوششوں پر بھروسہ کریں اور عملی اقدام کریں۔اپنے کریئر کے مفادات کو مد نظر رکھیں،فرائض اور ذمہ داریوں پر سمجھوتا نہ کریں، اس وقت میں زراعت ، کان کنی، زمین و جائیداد، معدنیات، مینجمنٹ یا آرگنائزیشن اور سرکاری مفادات کے حصول کے لئے کوشش کریں، اپنی زندگی کی سمت کا ازسر نو جائزہ لیں،یہ وقت کریئر کے معاملات میں عدم اطمینان لاتا ہے اور زیادہ باریکی کے ساتھ معاملات کی چھان بین کا تقاضا کرتا ہے۔

برج دلو میں چاند

برج دلو کا حاکم سیارہ جدت طراز یورینس ہے، چاند اس برج سے گزرتے ہوئے امید و خواہشات اور آزادی کے جذبات کو ابھارتا ہے اور نئی تبدیلیوں کے رجحانات پیدا کرتا ہے، برج دلو کا تعلق دوستی، خواہشات، سماجی تعلقات اور اجتماعی سرگرمیوں سے ہے،جب چاند برج دلو سے گزر رہا ہو تو اجتماعی کوششوں پر زور دیں، دوستوں سے ملاقات کریں، اپنی خواہشات اور امیدوں کا جائزہ لیں،کسی نئے کلب یا سوسائٹی کی ممبر شپ حاصل کریں، اپنے ہم خیال لوگوں سے رابطہ رکھیں اور نئی دلچسپیوں اور نئی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔برقی آلات کی خریداری یا مرمت بہتر رہے گی،نئی سوچ اور نئے آئیڈیے کے مطابق کام کرنا فائدہ دے گا، اس وقت میں لکیر کے فقیر بنے رہنا نقصان دہ ہوتا ہے۔ایسی تبدیلیاں جو آپ کو دوسروں سے ممتاز بناتی ہوں، بہتر ثابت ہوں گی۔خصوصاً آزادی کے حصول کے لئے کوشش کرنا بہتر ثابت ہوگا۔

برج حوت میں چاند

دائرئہ بروج کا آخری برج حوت ہے اور اس کا حاکم سیارہ پر اسرار نیپچون ہے، حوت آبی برج ہے اور ہمارے احساسات اور ہمارے ماضی سے گہرا تعلق رکھتا ہے، جب چاند برج حوت سے گزرتا ہے تو ہمیں اپنا ماضی یاد آتا ہے یا ماضی کے ایسے واقعات و معاملات جو ہمارے لئے بہت اہم ہیں، اس وقت احساسات میں شدت پیدا ہوتی ہے لہٰذا اپنی خود اعتمادی میں اضافہ کریں اور خوش امید رہیں، ڈپریشن سے بچیں، یہ وقت سستی ، کاہلی اور تنہا پسندی کی طرف راغب کرتا ہے لہٰذا زیادہ پریکٹیکل ہونے کی ضرورت ہے، اپنے ذاتی مسائل پر غالب آئیں، اپنے اندرونی خوف کی وجوہات کو تلاش کریں، پریشانیوں اور شکوک و شبہات کے اسباب ڈھونڈیں، نیک کاموں پر توجہ دیں، دوسروں سے ہمدردی کریں، محبت کے معاملات میں رازداری کا خیال رکھیں،اس وقت روحانی مشاغل بہت فائدے مند رہتے ہیں، عبادات کریں یا مراقبہ کریں اور دنیا داری سے الگ تھلگ ہوکر اپنی روحانی توانائی میں اضافہ کریں،بیماروں کی عیادت کریں اور قیدیوں سے ملاقات کریں، تخلیقی نوعیت کے کام کریں، میوزک سے لطف اندوز ہوں۔
عزیزان من! مختلف بروج سے گزرنے کے دوران میں چاند کے اثرات مختصر انداز میں بیان کردیے گئے ہیں۔انہیں اپنے پاس محفوظ کرلیں اور اپنے روزانہ کاموں میں ان سے مدد لیں تو آپ دیکھیں گے کہ زندگی میں بہتر تبدیلیاں آنے لگیں گی اور آپ زیادہ آسانیاں محسوس کرنے لگیں گے۔اس بار 31 جولائی تک چاند کی روزانہ پوزیشن واضح کردی گئی ہے، انشاءاللہ آئندہ اگست کے بارے میں بھی بتادیا جائے گا۔