انسان کی فطری خوبیوں، خامیوں اور جذباتی ،احساساتی زندگی پر قمری اثرات
قمر و مشتری
سیارہ مشتری کو سعد اکبر کہا جاتا ہے،قمر جب مشتری کے ساتھ مختلف زاویے بناتا ہے تو ہماری شخصیت و فطرت میں نئے شگوفے کھلتے ہیں،ذیل میں مشتری کے ساتھ قمر کے مختلف زاویوں کی تفصیل دی جارہی ہے۔
قران قمر و مشتری
Moon conjuct jupiter
یہ خوش بختی کی نظر ہے، امکان ہے کہ آپ کے راستے میں ایسے بہت سے امکانات آئیں جو آپ کی کوشش کا نتیجہ نہ ہوںلیکن اس کے نتیجے میں سستی کا شکار نہیں ہونا چاہیے ورنہ خوش قسمتی کی یہ لہر اپنا راستہ تبدیل کرسکتی ہے۔
آپ کی شخصیت گرم جوشی،ا یمان داری، جذباتیت اور ہمدردی سے عبارت ہے، اگر یہ خاکی برج میں ہو تو ہمدردیاں اتنی سچی اور بے غرض نہیں ہوتیں جتنی نظر آتی ہیں، البتہ ایک بے حد متاثر کن اور پرکشش شخصیت ،ایک خود پرست شخصیت کے لیے نقاب کا کام کرتی ہے، امکان یہ ہے کہ آپ دوستی کی سرگرمیوں یا کسی فلسفیانہ مضمون کی طرف راغب ہوں گے، اس میں آپ کی کامیابی زائچے کی پوزیشن کے مطابق ہوگی، ایک تضاد یہ ہوگا کہ مادّی کامیابی اور انعامات کی خواہش ہوگی،آپ ضرورت سے زیادہ تعیش کے شوقین ہوسکتے ہیں،اگر قمر پر برے نظرات نہ ہوں تو آپ مادی کامیابی، خوش گوار شادی، خواتین سے فوائد اور والدین سے محبت پائیں گے،خواتین کے زائچے میں یہ نظر شوہر کی بھرپور محبت اور توجہ ظاہر کرتی ہے۔
تثلیث و تسدیس قمر و مشتری
Moon Trine or SXT Jupiter
یہ خوش بختی کی ایک غیر معمولی نظر ہے تاہم اس سے فوائد جب حاصل ہوتے ہیں جب فرد اپنی جامع اور مربوط کوشش کا بیج بوتا ہے، یہ مناسب وقت کے شعور، خوش قسمتی کے واقعات اور سود مندمواقع لانے والی نظر ہے،انعامی اسکیموں میں بھی فائدہ بخش ثابت ہوتی ہے، جب ان تمام چیزوں سے فائدہ اٹھایا جائے تو یہ بے پناہ دولت کی نشان دہی کرتی ہے۔
شخصیت کے اعتبار سے آپ مہربان ہیں، اچھی فطرت کے مالک ہیں اور ان لوگوں میں سے ہیں جو کسی کی مدد کرکے خوش ہوتے ہیں،آپ مثبت اور خوش امید شخص ہیں اور آپ میں حس مزاح اور مشکلات میں مضحکہ خیزی دیکھنے کا جوہر موجود ہے ،آپ کی مہربانی اور گرم جوشی لوگوں کو آپ کی طرف کھینچتی ہے، اپنی شخصیت کی ان مثبت خصوصیات کی بدولت آپ بہت مقبول ہیں، یہ نظر پبلک کے کاموں میں فائدہ دیتی ہے، آپ کو شادی سے مادی اور جذباتی دونوں طرح کے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں، یہ نظر اولاد سے مثبت تعلقات کا شگون بھی ہے۔
تربیع قمر و مشتری
Moon square jupiter
آپ کے منصوبے ہمیشہ بلند ہوتے ہیں لیکن لائحہ عمل نہ ہونے کے باعث ادھورے رہ جاتے ہیں، آپ لوگوں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، وعدے کرکے بھول جاتے ہیں اور کسی ایک واقعے کی بنیاد پر نظریات قائم کرلیتے ہیں، آپ زیادہ کھاتے ہیں، زیادہ باتیں کرتے ہیں، یہ صورت حال ہر کام کی ہے، شاید آپ کے ساتھ وزن کا مسئلہ ہے، قوت ارادی کا مسئلہ ہے، ڈسپلن کا مسئلہ ہے اور اشیا کے معمول کا مسئلہ ہے۔
آپ بنیادی طور پر کاہل ہیں، جب تک آپ کے پاس ضرورت کی ہر چیز موجود ہے، آپ کام کرنا پسند نہیں کریں گے، آپ تعیش پسند ہیں اور اس سے زیادہ یہ کہ اس تعیش کے حصول کے لیے آپ کو کام کرنا پسند نہیں، آپ احمقانہ حد تک فضول خرچ ہیں اور وہ بھی اوروں کو دکھانے کے لیے، بچوں کی طرح آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی ہر خواہش فوراً پوری ہوجائے اور خواہشات بھی آپ کم نہیں کرتے۔
آپ خوش امیدی کا غلط استعمال کرتے ہیں، خوش امیدی آپ کو اپنی زندگی پر حقیقت پسندانہ نظر ڈالنے سے روکتی ہے، جب تک زمین آپ کے قدموں تلے موجود ہے اور جب زمین قدموں تلے سے سر کر جائے تو آپ کو حقائق کا اعتراف کرنا پڑتا ہے، تب آپ کے ساتھ صرف آپ کی کمزوریاں رہ جاتی ہیں جو بالکل نمایاں نظر آتی ہیں، جذباتی اعتبار سے آپ اثر قبول کرنے والے، سطحی اور کسی ایسے شخص کے متلاشی ہیں جس کی بدولت آپ کے کام آئے لیکن اس تعلق میں آپ کا کیا حصہ ہوگا یہ آپ نے کبھی نہیں سوچا ہوگا، افسوس ناک بات یہ ہے کہ آپ اپنی غلطیوں سے سبق حاصل نہیں کرتے۔
مقابلہ قمر و مشتری
Moon opposition jupiter
امکان ہے کہ آپ دولت مند لوگوںاور خوش بختی کو متاثر کریں گے تاہم آپ کے کمزور فیصلے اور فضول خرچی نقصان دہ ہے، آپ کو اپنے جذبات کا غلام نہیں ہونا چاہیے، جو لوگ آپ کی ہمدردی جیتتے ہیں، وہ آپ سے غلط فائدے بھی اٹھاسکتے ہیں، اس کے ساتھ ہی آپ کی جذباتیت، آپ کے فیصلوں کو دھندلا کردیتی ہے اور آپ ایسی رومانی صورت حال میں پھنس سکتے ہیںجو آپ کے لیے نقصان دہ ہو، محبت کے معاملات میں جب آپ غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیار کریں اور ناممکن توقعات وابستہ کریں تو آپ کو مایوسی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگر آپ لوگوں کو جیسے کہ وہ ہیں، دیکھنے لگیں تو آپ کی زندگی سدھر جائے گی لیکن ہوتا یہ ہے کہ آپ لوگوں کو اس طرح دیکھتے ہیں جیسا کہ آپ دیکھنا چاہتے ہیں۔
سیارہ یورینس ایجادات اور انکشافات کا سیارہ ہے،یہ غیر متوقع اورچونکا دینے والی صورت حال لاتا ہے،قمر کے ساتھ اس کے نظرات خاصے دلچسپ ہیں۔
قران قمر و یورینس
Moon conjuct uranus
آپ اعلیٰ ذہانت، تیز ذہن اور زندگی کے متعلق حقیقت پسندانہ انداز رکھتے ہیں، آپ کی شخصیت خود مختار، آزادی پسند، جذباتی طور پر لاتعلق، مقناطیسیت سے بھرپور اور اکثر بے چین ہے، آپ ہیجان انگیزی، نیا پن، غیر معمولی افراد، غیر معمولی تجربات اور پابندی کے بغیر زندگی گزارنے کی آرزو کرتے ہیں، کبھی کبھی آپ کا ذہن ڈانواڈول، بے صبرا، تغیر پذیر اور نروس ہوتا ہے، آپ اپنے ملنے والوں کے لیے پیچیدہ ہوجاتے ہیں، کبھی کبھی آپ کے لیے خود کو سمجھنا دشوار ہوتا ہے، اگر چہ آپ سوجھ بوجھ رکھنے والے اور اختراعی خیالات کے مالک ہیں لیکن آپ کی بے چینی اور اعصابی کشیدگی کبھی کبھی آپ کی ناکامی کا باعث ہوجاتی ہے، اس کی وجہ سے آپ کے لیے کسی منصوبے کو مکمل کرنا اسے شروع کرنے کے مقابلے میں زیادہ تکلیف دہ ہوجاتا ہے۔
محبت کے معاملات میں آزادی آپ کے لیے اہمیت رکھتی ہے چاہے آپ اسے تسلیم نہ کریں، یہی وجہ ہے کہ آپ ڈانوا ڈول افراد کی طرف راغب ہوتے ہیں جو مکمل سپردگی آسانی سے اختیار نہیں کرتے، اگرچہ یہ نظر جذباتی تعلقات میں اختلاف، علیحدگی اور طلاق کی نشان دہی کرتی ہے تاہم ایسا ہونا کچھ ضروری نہیں کیوں کہ آپ بہت زیادہ قربت اور سپردگی سے گھبراتے ہیں، اس لیے جن لوگوں کو آپ پسند کرتے ہیں وہ بھی آپ ہی کا عکس ہوتے ہیں، جب اس کے ساتھ اچھے نظرات ہوں تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ ایسا شخص فلم، ٹیلی ویژن، نجوم، ادویات، کمپیوٹرز اور ہوائی و فلائی انجینئرنگ میں با صلاحیت ہوتا ہے، کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ ایسے شخص نے خود میں نظم و ضبط کس حد تک پیدا کیا ہے۔
تثلیث و تسدیس قمر و یورینس
Moon trine or SXT uranus
آپ ایسا وجدانی ذہن رکھتے ہیں جو انسانیت نواز ہے اگرچہ غیر جذباتی ہے، آپ کی شخصیت معاشرتی، متحرک،عجوبہ پسند اور غیر معمولی لوگوں اور واقعات کی شائق ہے، شاذونادر ہی آپ زندگی کو مختلف نقطہ ءنظر سے دیکھتے ہیں اور شاید ہی کبھی اپنے احساسات کے متعلق عمل کرتے ہیں، یہ نظر عام طور پر منجمین، معاشرتی معالجین اور انقلابیوں کے زائچوں میں پائی جاتی ہے، ایسے لوگ عام طور پر اپنے حدود سے آگے ہوتے ہیں، واقفیت پسندی اور دوسروں کو سمجھنے کی صلاحیت آپ کو نفسیات داں بھی بناسکتی ہے۔
محبت کے معاملات میں متنوع تعلقات میں بہت مختلف قسم کے لوگوں سے خوش رہتے ہیں، آپ محبوب کے طور پر ایسے شخص کا انتخاب کرتے ہیں جو آپ کے ساتھ دوستانہ تعلق بھی رکھتا ہو،آپ قابضانہ فطرت کے لوگوں سے گریز کرتے ہیں جو آپ کی آزادی کو محدود کردے، جب آپ کو ایسی قربت اور اظہار کی بے تکلفی میسر آجائے تو آپ بھروسا کرلیتے ہیں، ہر معاملے میں آپ تصویر کے دونوں رخ دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، آپ بہت متجسس ہیں اور اچھے سامع بھی ہیں، آپ غیر روایتی موضوعات اور ماضی سے مسحور ہوتے ہیں، زندگی آپ کو فلم کی طرح محسوس ہوتی ہے، اسی سبب سے آپ فلم یا فوٹو گرافی میں بھی دلچسپی لیتے ہیں۔
تربیع قمر و یورینس
Moon square uranus
جذباتی طور پر آپ نروس ہیں اور شدید اتار چڑھاو سے دوچار رہتے ہیں، اگر آپ عورت ہیں تو فریبی اور پرپیچ شخصیت کے مالک یادور رہنے والے مرد کوپسند کریں گی جو خود پسند بھی ہوگا، اگر مرد ہیں تو فوری شیفتگی خود پر طاری کرلیتے ہیں اور جذباتی مہمان انگیزی کی تسکین کے لیے عارضی تعلقات قائم کرتے ہیں تاکہ نئے پن کا احساس قائم رہے۔
ضروری نہیں کہ یہ پہچان پسندی منفی ہو، اگر یہ کسی دلچسپ موضوع کے ذریعے حاصل کی جائے لیکن جب اسے قریبی تعلقات کے نعم البدل کے طور پر حاصل کیا جائے تو یہ منفی ہوتی ہے، اگر آپ اس سوچ کے اسیر ہیں تو آپ کو اپنے رومانی تعلقات کا تجزیہ کرنا چاہیے، شاید آپ لین دین میں توازن کے قائل ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی آپ کو اپنی آزادی بھی عزیز ہے، اس بات کا شعوری اعتراف کیجیے پھر یہ بھی جانیے کہ دنیا میں آپ جیسی سوچ اور لوگوں کی بھی ہے،ایسے لوگوں سے تعلقات قائم کرنا آپ کے لیے بہتر ہوگا، امکان یہ ہے کہ آپ باصلاحیت، وجدانی اور ہمہ گیر ذہن کے مالک ہیں، چاہے آپ اسے پوری طرح استعمال کریں یا نہ کریں، آپ معمول سے ہٹی ہوئی ہر چیز میں کشش محسوس کرتے ہیں،وہ کوئی موضوع ہو یا انسان، آپ کو ہیجان انگیز تربیتیں پسند ہیں اورآپ بور کرنے والے لوگوں سے دور رہتے ہیں۔
مقابلہ قمر و یورینس
Moon opposition uranus
آپ نروس رہتے ہیں، آپ پر اچانک چڑچڑے پن کا حملہ ہوتا ہے، اتنا اچانک کہ خود آپ کو بھی حیران کردیتا ہے،آپ کے لیے اپنے ذہن پر کنٹرول ضروری ہے ورنہ آپ کا دل اور اعصابی نظام دونوں پر زبردست بوجھ پڑسکتا ہے، آپ کی شخصیت میں تقریباً ہمیشہ دو متضاد خواہشات متصادم رہتی ہیں،کبھی کبھی سپردگی آپ کے لیے پابندی اور قید کے مترادف ہوتی ہے، آپ میں نئے پن کی جستجو ،مختلف لوگوں سے مختلف قسم کے رومانی تعلقات کا رجحان لاتی ہے جس میں آپ انوکھا پن تلاش کرتے ہیں، عام طور پر ایسے مرد بظاہر عیاش طبع ہوتے ہیں اور جذباتی اعتبار سے مرد اور عورت دونوں دوہری شخصیت رکھتے ہیں۔
کبھی کبھی آپ خود اپنی سوچ سے الجھ جاتے ہیں اور کبھی ان کا اچانک پن آپ کو قید کرنے والا محسوس ہوتا ہے، جب تک آپ ان کا علاج نہ ڈھونڈیں،ا ٓپ کے لیے مستقل تعلقات میں منسلک ہوناتقریباً ناممکن ہوتا ہے، کبھی آپ خود پیچھے ہٹ جاتے ہیں اور کبھی متعلقہ شخص آپ کے متلون رویے سے گھبراکر پیچھے ہٹ جائے گا، اکثر عورتیں جن کے زائچے میں یہ نظر ہو اور جن کی ازدواجی زندگی ناخوش گوار ہو جو نہ خود سے لڑسکتی ہوں اور نہ علیحدگی کی ہمت رکھتی ہوں وہ عام طور پر خاوند کو موت یا بدکاری کے نتیجے میں کھودیتی ہیں،کچھ نیا یا انوکھا پانے کی خواہش انھیں غیر فطری دلچسپیوں کی جانب لے جاتی ہے، ا یسے لوگوں میں پیش بینی کی صلاحیت بھی ہوتی ہے اور وہ بہت آگے کی بات کرتے ہیں جو عموماً عام لوگوں کی سمجھ میں نہیں آتی۔