سال 2022 میں اہم سیاروی گردش کے اثرات(2)

حمل سے حوت تک بارہ بروج کے لیے فوائد اور نقصانات کا جائزہ

برج سرطان (Cancer)

برج سرطان دائرئہ بروج کا چوتھا برج ہے، اس کا مالک سیارہ قمر ہے،سرطانی افراد کے زائچے میں راہو کیتو بالترتیب دسویں اور چوتھے گھر میں رہیں گے اور اس پوزیشن میںجب وہ دسویں گھر کے حساس پوائنٹ سے دور ہوں گے تو غیر ممالک سے رابطے اور کام کے ذریعے زیادہ فوائد حاصل کریں گے لیکن جب دسویں اور چوتھے گھر کے حساس پوائنٹ کے قریب ہوں گے تو سنجیدہ نوعیت کے چیلنج پیشہ ورانہ معاملات میں پیدا کریں گے جن کی وجہ سے سرطانی افراد کی ساکھ کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اسی طرح گھریلو یا خاندانی معاملات میں اور پراپرٹی کے امور میں پریشانیوں کا سامنا ہوسکتا ہے یا بعض کاموں میں رکاوٹ آسکتی ہے،انھیں پابندی سے ہفتہ اور منگل کے روز اپنا صدقہ دینا چاہیے۔
مشتری: سیارہ مشتری زائچے کے چھٹے اور نویں گھر کا حاکم ہوتے ہوئے زائچے کے نویں گھر میں حرکت کرے گا، سرطانی افراد کے لیے مشتری نحس اثر رکھتا ہے لیکن یہ نحس اثر اس وقت ظاہر ہوگا جب وہ نویں گھر کے حساس مقام کے قریب ہوگا، خاص طور پر ان لوگوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی جن کے طالع کے درجات 4 یا 14ڈگری ہیں۔
اس دوران میں مشتری صحت کے معاملات میں بہتری لائے گا، علاج معالجے کی معقول سہولیات حاصل ہوں گی اور مالی پوزیشن بہتر ہوگی، زیادہ کام کرنا پڑے گا لیکن جب حساس مقام پر ہوگا تو اس کے برعکس اثر دے گا، صحت خراب ہوگی ،قانونی نوعیت کے تنازعات کا سامنا ہوسکتا ہے یا دوسروں سے اختلاف رائے اور تنازعات سامنے آئیں گے، مزاج میں چڑچڑاپن اور جذباتی نوعیت کی عدم برداشت پیدا ہوگی، خواتین کو خاندانی لڑائی جھگڑوں کا سامنا ہوگا، ہر جمعرات کو صدقہ دینا مفید رہے گا۔
زحل: زحل آپ کے زائچے کے ساتویں ، آٹھویں گھر کا مالک ہے اور فعلی منحوس سیارہ ہے،جنوری 2020 سے زائچے کے ساتویں گھر میں حرکت کر رہا ہے جس کی وجہ سے بعض موقعوں پر دوسروں سے قریبی تعلقات میں خرابیاں اور بدمزگیاں رہی ہوں گی، خاص طور پر شریک حیات یا شریک کاروبار کے ساتھ اور گھریلو ماحول میں بھی تناو¿ کی کیفیت پیدا ہوئی ہوگی، اس سال 29 اپریل سے مختصر عرصے کے لیے آٹھویں گھر برج دلو میں داخل ہوگا تو ان لوگوں کے لیے بڑی پریشانیاں ، صدمات اور سانحات کا باعث بنے گا جن کا طالع پیدائش ابتدائی درجات پر ہے،ایسے لوگوں کو خصوصی طور پر ہفتے کے روز پابندی سے صدقات کی پابندی کرنا چاہیے۔
جولائی سے زحل واپس ساتویں گھر میں آجائے گاتو ان لوگوںکے لیے زیادہ فائدہ بخش ہوگا جو بیرون ملک قیام کے لیے کوشاں ہیں یا کسی بھی نوعیت کی شراکت چاہتے ہوں، خیال رہے کہ اس سال بیرون ملک معاملات کے ذریعے بھی انھیں فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
سرطانی افراد کے لیے 15جون سے 15 جولائی ،15 دسمبر سے جنوری اور 15 فروری سے 15 مارچ کا عرصہ زندگی میں مشکلات ،رکاوٹیں اور پریشانیاں لاسکتا ہے،اس تمام عرصے میں صدقات و خیرات زیادہ کریں۔

برج اسد (Leo).

راہو اور کیتو آئندہ سال 2023 تک آپ کے زائچے کے نویں اور تیسرے گھر میں رہیں گے، جب یہ ان گھروں کے زیادہ حساس مقام سے دور ہوں گے تو بیرون ملک سفر لائیں گے، اس کے علاوہ بھی سفر کے زیادہ موقعے ملیں گے، آپ کے اندر جوش و جذبہ اور کچھ زیادہ کرنے کی لگن موجود رہے گی، اپنی آمدن کو بڑھانے کے لیے آپ زیادہ سے زیادہ کوشش اور جدوجہد کریں گے اور کامیابیاں حاصل کریں گے لیکن جب راہو کیتو تیسرے اور نویں گھر کے حساس مقام پر ہوں گے تو پریشانیاں اور نئے مسائل سامنے لائیں گے، خصوصاًکاروبار، جاب ، بچوں اور فیملی لائف سے متعلق ،دوسروں سے تعلقات میں خرابی پیدا ہوگی، مالی ادائیگیوں میں رکاوٹ ہوگی، خاص طور پر 15 جولائی سے 15 اگست ،15مارچ سے 15 اپریل اور 15 جنوری سے 15 فروری کے دوران میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس دوران میں صدقہ و خیرات زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے۔
مشتری: برج اسد والوں کے لیے مشتری کی نئی پوزیشن زیادہ بہتر ثابت نہیں ہوگی کیوں کہ یہ سیارہ آئندہ سال اپریل 2023 تک برج حوت میں اور آپ کے زائچے کے آٹھویں گھر میں رہے گا جسے مصیبت کا گھر بھی کہا جاتا ہے، یہاں قیام کے دوران جذباتی معاملات کو متاثر کرے گا، اکثر معاملات میں مشکلات ، دوسروں سے وعدہ خلافیاں ،اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مسائل کا سامنا،اولاد کی پیدائش میں فکر مندی اور مایوسی جیسی صورت حال پیدا ہوگی، صحت کے حوالے سے جگر سے متعلق تکالیف اور شوگر کے مریضوں کی بیماری میں شدت کا امکان رہے گا، سرمایہ کاری یا انعامی اسکیموں میں نقصانات اور مایوسی کا سامنا ہوسکتا ہے،بچوں سے متعلق معاملات بھی زیادہ توجہ طلب رہیں گے۔
زحل : زائچے میں جنوری 2020 سے سیارہ زحل کی پوزیشن نامناسب چلی آرہی ہے،اس سال 29 اپریل سے 13 جولائی تک اس کی پوزیشن بہتر ہوگی، اس مختصر عرصے میں اگرچہ کسی بڑی تبدیلی یا کامیابی کا امکان نظر نہیں آتا مگر بیرون ملک سے متعلق یا شریک حیات اور شریک کار سے متعلق کوئی امید کی نئی کرن سامنے آسکتی ہے،البتہ آئندہ سال جنوری سے زحل مستقل طور پر زائچے کے ساتویں گھر میں آجائے گا، یہ زائچے میں زحل کی نہایت موافق و مددگار پوزیشن ہوگی، بیرون ملک مستقل قیام ، لائف پارٹنر یا کاروباری پارٹنر سے متعلق معاملات بہتر ہوں گے،آپ کی صحت بہتر ہوگی، قسمت ساتھ دے گی اور رہائش سے متعلق سہولیات حاصل ہوں گی،پراپرٹی سے متعلق رکے ہوئے کام انجام پائیں گے، بہتر ہوگا کہ 15 جنوری سے 15 فروری، 15 مارچ سے 15 اپریل اور 15 جولائی سے 15 اگست تک محتاط رہتے ہوئے وقت گزاریں ، اس عرصے میں کسی مہم جوئی سے گریزکریں اور صدقہ و خیرات زیادہ کریں۔

برج سنبلہ(Virgo)

راہو کیتو آپ کے زائچے کے دوسرے اور آٹھویں گھر میںآئندہ سال نومبر 2023 تک قیام کریں گے،آپ کو اکثر معاملات میں خاص طور سے اپنی حیثیت و مرتبہ ،فیملی وغیرہ سے متعلق امور میں بہت محتاط رہنا ہوگا، خاندانی تنازعات ،مایوسی اور ذہنی دباو¿ کا باعث ہوں گے،جب یہ دونوں پرچھائیں سیارے زائچے کے حساس مقامات سے دور ہوں گے تو آپ کو روحانی یا پراسرار معاملات کی طرف متوجہ کرسکتے ہیں اور بیرون ملک سفر پرجاسکتے ہیں لیکن جب زائچے کے اہم گھروں کو متاثر کر رہے ہوں گے تو اچانک کوئی سیٹ بیک لاسکتے ہیں، خاص طور پر مالی معاملات میں اور آپ کے اندازوں کے حوالے سے ،بعض اندازے اور قیاس غلط ثابت ہوں گے،آپ کو خاص طور پر 15 فروری سے 15 مارچ اور 15 اپریل سے 15 مئی ،15 اگست سے 15 ستمبر کے دوران میں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں اور صدقہ و خیرات زیادہ سے زیادہ کریں۔
مشتری: سیارہ مشتری کی پوزیشن ایک سال کے لیے نہایت موافق و مددگار رہے گی، یہ زائچے کے ساتویں گھر میں بہتر پوزیشن میں رہے گا، مشتری آپ کے زائچے کا سعد و مبارک سیارہ ہے،جب یہ دوسرے منحوس عناصر سے غیرمتاثرہ ہوگا تو نہایت مثبت نتائج کا حامل رہے گا، خاص طور سے زندگی کی عام خوشیاںآپ کے سرمائے اور پراپرٹی میں اضافہ خصوصی نوعیت کے تعلیمی کورسز میں کامیابی، خاندان کی طرف سے موافقت اور ہم آہنگی وغیرہ لیکن جب دیگر نحس سیارگان سے متاثر ہوگا تو ذہنی دباو¿خاص طور پر گھریلو معاملات میں لائے گا، خاندانی تنازعات اور مسائل پریشان کریں گے،پراپرٹی سے متعلق امور میں بھی رکاوٹ اور دشواریاں پیدا ہوں گی،بہر حال مجموعی طور پر اس کی پوزیشن زائچے میں معاون و مددگار رہے گی۔
زحل: سیارہ زحل آپ کے زائچے کا فعلی منحوس سیارہ ہے،جنوری 2020 سے زائچے کے پانچویں گھر میں حرکت کر رہا ہے،زائد آمدن ، انعامی اسکیمیں اور اولاد سے متعلق مسائل وقتاً فوقتاً پریشانی کا باعث رہے ہوںگے،مختصر مدت کے لیے یہ زائچے کے چھٹے گھر میں داخل ہوگا تو صحت کے معاملات بہتر ہوں گے،لوگوں سے اختلافات ، تنازعات یا مقدمات جیسے معاملات میں اس وقت بہتری ہوگی جب یہ زائچے کے حساس مقامات سے دور ہوگا لیکن جب کسی حساس مقام پر ہوگا تو تنازعات بڑھیں گے ، مزاج میں چڑچڑاپن پیدا ہوگا، لڑائی جھگڑے اور مقدمات کا سامنا ہوسکتا ہے،خیال رہے کہ آئندہ سال جنوری سے زحل مستقل طور پر تقریباً سوا دو سال کے لیے زائچے کے چھٹے گھر میں آجائے گا لہٰذا آپ کو بہت پابندی سے ہفتہ کے روز اپنا صدقہ دینے کی ضرورت ہوگی۔

برج میزان (Libra)

راہو کیتو آپ کے زائچے میں بالترتیب ساتویں اور پہلے گھر میں نومبر 2023 تک قیام کریں گے،جب یہ دونوں پرچھائیں سیارے زائچے کے حساس مقامات سے دور ہوں گے تو آپ کو دور دراز مقامات یا بیرون ملک قیام کے حوالے سے مددگار ثابت ہوں گے،شریک حیات کے انتخاب میں مدد ملے گی اور دیگر مادی امور میں بھی سہولیات حاصل ہوں گی لیکن جب یہ حساس مقامات پر ہوں گے تو طویل المدت مسائل اور پریشانیاں لائیںگے،خاص طور سے گورنمنٹ سے متعلق امور میں مشکلات پیدا ہوںگی اور شریک حیات یا شریک کار کے ساتھ ایسی پرابلمز ہوسکتی ہیں جو طویل المدت ہوں،فیملی میں صحت کے مسائل بھی پریشانی کا باعث ہوسکتے ہیں، آپ کی سماجی حیثیت بھی متاثر ہوسکتی ہے،اپنی صحت کے حوالے سے بھی آپ کو محتاط رہنا ہوگا، خاص طور پر 15 مارچ سے 15 اپریل، 15 مئی سے 15 جون اور 15 ستمبر سے 15اکتوبرکے عرصے میں خصوصاً محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اس عرصے میں پابندی سے صدقات و خیرات زیادہ کریں۔
مشتری: خیال رہے کہ سیارہ مشتری آپ کے زائچے کا سب سے زیادہ اہم اور لکی سیارہ ہے،اس سال اپریل سے آئندہ سال اپریل تک یہ زائچے کے چھٹے گھر برج حوت میں رہے گا، مشتری کی یہ پوزیشن کسی طرح بھی موافق و مددگار نہیں ہے، اس کا تعلق آپ کی کوششوں اور پہل کاریوں سے ہے ،تنازعات اور تاخیر سے ہے،آپ کو اس بات کی ضرورت ہوگی کہ اپنے طرز عمل اور خواہشات ، کوششوں وغیرہ سے متعلق احتسابی جائزہ لیتے رہےں، کہاں آپ غلط ہیں اور کہاں صحیح ہیں،اس حقیقت پر نظر رکھنے کی ضرورت ہوگی، جب مشتری کمزور ہوگا خصوصاً آپ کے پیدائشی زائچے میں یا متاثرہ ہوگا تو ایسے لوگوں کو کاروباری معاملات میں زیادہ نقصانات کا خطرہ رہے گا، مسائل میں اضافہ ہوگا اور قریبی لوگوں سے مشکلات پیش آئیں گی، اعلیٰ تعلیم سے متعلق امور میں بھی مشکلات ہوںگی،دوسروں سے تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں، مہلک بیماریوں میں مبتلا افرادکو خصوصاً محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی یا جگرسے متعلق خرابیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔

برج عقرب(Scorpio)

راہو کیتو آئندہ سال نومبر تک آپ کے زائچے کے چھٹے اور بارھویں گھروں میں حرکت کریں گے، یہ زیادہ چیلنجنگ صورت حال ہوگی، خاص طور پر اُس وقت جب یہ دونوں زائچے کے حساس مقامات کے قریب ہوں گے لیکن جب اس مقام سے دور ہوں گے تو مادی طور پر مثبت اثر ظاہر کریںگے،البتہ جب حساس مقامات پر ہوں گے تو مالی پریشانیاں اور منفی نوعیت کے مسائل لائیں گے،قانونی مسائل ، مقدمات ،دوسروں سے اختلافات ،ازدواجی زندگی میں تنازعات ، قرض وغیرہ کے مسائل کا سامنا ہوگا، ایسی صورت حال 15 اپریل سے 15 مئی ،15 جون سے 15 جولائی اور 15 اکتوبر سے 15 نومبر کے درمیان ہوسکتی ہے،اس دوران میں زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کرنا چاہیے،ان اوقات میں صحت کے معاملات بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
مشتری: سیارہ مشتری آپ کے زائچے کا نہایت اہم سیارہ ہے،دوسرے گھر کا حاکم ہے جس کا تعلق آپ کی حیثیت ، ذرائع آمدن اور فیملی لائف سے ہے،برج حوت میں رہتے ہوئے یہ زائچے کے پانچویں گھر میں ہوگا اور اچھی پوزیشن پر ہوگا جس کی وجہ سے پروفیشنل ایجوکیشن ، حیثیت و مرتبہ ،آمدن میں اضافہ جیسے معاملات میں معاون و مددگار ہوگا، خاص طور سے نئی سرمایہ کاری یا انعامی نوعیت کی اسکیموں میں شرکت فائدہ بخش ثابت ہوگی، اگر پیدائشی زائچے میں کمزور ہوگا تو فوائد کے حصول میں کمی ہوگی۔
زحل: سیارہ زحل زائچے کے تیسرے چوتھے گھر کا حاکم ہے اور آپ کے لیے نہایت اہم سیارہ ہے،جنوری 2020 سے زائچے کے تیسرے گھر میں حرکت کر رہا ہے اور آپ کی کوششوں اور جدوجہد میں اضافے کا باعث ہے،اس سال 29 اپریل سے 13 جولائی تک زائچے کے چوتھے گھر میں رہے گا، یہ بھی موافق پوزیشن ہوگی، آپ اپنے رہائشی معاملات یا سواری اور پراپرٹی سے متعلق مسائل کے حل پر توجہ دیں گے ، اس سال جولائی سے آئندہ سال جنوری تک یہ دوبارہ سابقہ پوزیشن پر آجائے گا تو آپ کو اپنے جاری منصوبوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی،آمدن میں اضافے کے لیے نئی کوشش و جدوجہدکریں گے۔

برج قوس(Libra)

راہو کیتو آپ کے زائچے کے پانچویں اور گیارھویں گھر میں آئندہ سال نومبر تک رہیں گے جب یہ زائچے کے حساس مقام سے دور ہوں گے تو انویسٹمنٹ کے ذریعے فائدہ بخش ثابت ہوں گے،تخلیقی نوعیت کی سرگرمیوں میں کامیابی ملے گی،جذباتی نوعیت کے معاملات اور ڈپلومیٹک سرگرمیوں میں کامیابی دیں گے لیکن جب حساس مقامات کو متاثر کریں گے تو فیملی کی صحت کے معاملات اور دوسروں سے تعلقات خاص طور سے دوستوں سے خراب ہوسکتے ہیں،آپ سے بعض ایسی غلطیاں ہوسکتی ہیں جو مستقبل میں پریشانی کا باعث بنیں، خصوصی طور پر 15 مئی سے 15 جون ،15 جولائی سے 15 اگست اور 15 نومبر سے 15 دسمبر کے درمیان محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی اور صدقات و خیرات زیادہ کرنا ہوں گے۔
مشتری: سیارہ مشتری آپ کا ذاتی سیارہ ہے ،آئندہ سال اپریل تک یہ زائچے کے چوتھے گھر میں رہے گا جو اس کا ذاتی گھر ہے،یہ آپ کے لیے بہت سپورٹنگ اور فائدہ بخش پوزیشن ہے،اگر پیدائشی زائچے میں طاقت ور ہے تو غیر معمولی فوائد کا باعث ہوگا، صحت بہتر رہے گی،پیشہ ورانہ معاملات میں کامیابیاں ہوں گی، کاروباری فوائد حاصل ہوں گے،ذاتی سرمائے میں اضافہ ہوگا، پسندیدہ سواری کا حصول اور رہائش سے متعلق امور میں بہتری آئے گی ،البتہ جن دنوں یہ کمزور ہوگا یا نحس سیارگان سے متاثرہ ہوگا تو بعض چیلنج پیشہ ورانہ امور میں صحت کے معاملات میں اور خاندانی امور میں درپیش ہوں گے۔
زحل: آپ کے زائچے کے دوسرے اور تیسرے گھر کا حاکم سیارہ زحل زائچے میں اچھی پوزیشن رکھتا ہے،گزشتہ دو سالوں میں ذرائع آمدن اور آپ کی کوششوں کے سلسلے میں اُتار چڑھاو¿ لایا ہوگا، اس سال مختصر مدت کے لیے تیسرے گھر میں داخل ہوگا اور پھر جولائی میں واپس دوسرے گھر میں آجائے گا، زحل اگر آپ کے پیدائش کے زائچے میں مضبوط اور طاقت ور ہے تو اس تمام عرصے میں آپ کی کوشش اور جدوجہد رنگ لائے گی اور آپ مستقبل کی منصوبہ بندی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے،امکان ہے کہ اس سال کوئی نئی بات ، کوئی نیا خیال، کوئی نیا آئیڈیا آپ کو کامیابی حاصل کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگاجس کی تکمیل آئندہ سال 2023میں ممکن ہوسکے گی۔

برج جدی (Capricoron)

راہو کیتو آئندہ سال نومبر تک آپ کے زائچے کے چوتھے اور دسویں گھر میں حرکت کریں گے، دونوں سیارے زائچے میں اچھے مقام پر ہیں اور رہائش ، پراپرٹی ، سواری ،بیرون ملک سفر وغیرہ سے متعلق معاملات میں معاون و مددگار ہوں گے لیکن زائچے کے حساس مقامات کے قریب ہوں گے تو اس وقت آپ کے اثاثہ جات ، زمین وجائیداد کے معاملات کے حوالے سے پریشانی کا باعث ہوسکتے ہیں، آپ کی جاب یا کاروباری معاملات میں بھی کوئی اپ سیٹ یا تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں، آپ کی ساکھ اور عزت و وقار کے لیے بھی وہ وقت مشکل ثابت ہوسکتاہے، ضروری ہوگا کہ ایسے اوقات میں نظم و ضبط قائم رکھا جائے اور ضروری واجبات کی ادائیگی بروقت کی جائے ، اخراجات کی زیادتی کا بھی امکان اور مالی نقصان کا خدشہ رہے گا، خاص طور پر 15 دسمبر سے 15 جنوری ،15 جون سے 15جولائی،15 اگست سے 15 ستمبر کے درمیان زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، صدقہ و خیرات کی پابندی کریں۔
مشتری: طالع برج جدی کے لیے سیارہ مشتری ایک فعلی منحوس سیارہ ہے جو زائچے میں بارھویں گھر کا حاکم ہے،اس سال اپریل سے آئندہ سال اپریل تک یہ زائچے کے تیسرے گھر میں حرکت کرے گا،اس دوران میں یہ آپ کے لیے بیرون ملک قیام یا سفر وغیرہ کے امور میں معاون و مددگار ثابت ہوگا لیکن جب زائچے کے حساس مقامات کے قریب ہوگا تو صورت حال برعکس ہوگی ، دوسروں سے تعلقات میں دشواری اور ذہنی دباو¿ کا سامنا کرنا پڑے گا، خاص طور سے پارٹنر شپ سے متعلق امور میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،اچانک اور غیر متوقع اخراجات اور نقصانات کا سامنا ہوسکتا ہے،اس سال نئی سرمایہ کاری کرتے ہوئے پہلے صورت حال کا اچھی طرح جائزہ لینا ضروری ہوگا،دوستوں ،بھائیوں یا فیملی ممبران کی طرف سے بھی ذہنی دباو¿ میں رہیں گے،بہتر ہوگا کہ اس تمام عرصے میں زیادہ پابندی کے ساتھ صدقات و خیرات کریں اور کاروباری معاملات میں کوئی نیا رسک نہ لیں۔
زحل: سیارہ زحل آپ کا اپنا حاکم سیارہ ہے،زائچے کے پہلے گھر میں جنوری 2020 سے حرکت کر رہا ہے،اس سال مختصر عرصے کے لیے زائچے کے دوسرے گھر برج دلو میں داخل ہوگا، یقینا کوئی ایسی نئی صورت حال یا نئی بات سامنے آسکتی ہے جو مستقبل میں آپ کے لیے اور آپ کی حیثیت کے لیے خوش امیدی کا باعث ہو، ذرائع آمدن کے نئے مواقع سامنے آسکتے ہیں، بعض جدی افراد کی زندگی میں محبت کے معاملات یا اولاد سے متعلق امور میں کوئی خوش خبری ہوسکتی ہے،خیال رہے کہ جولائی میں دوبارہ زحل اپنی سابقہ پوزیشن پر واپس آجائے گا یعنی زائچے کے پہلے گھر میں رہے گا، یہ وقت بھی آپ کی صحت کے لیے بہتری ، سواری اور رہائش کے امور میں مددگار ،دوسروں سے تعلقات میں بہتری اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں کامیابیاں دے گا۔

برج دلو(Aquarius)

راہو کیتو آئندہ 19 ماہ کے لیے آپ کے زائچے میں تیسرے اور نویں گھر میں آگئے ہیں جن کا تعلق کسی پہل کاری ، نئے اقدام اور فیصلے کے علاوہ سفر سے ہے اور آپ کی قسمت کے معاملات بھی اس سے جڑے ہوئے ہیں لہٰذا آپ کی کوشش اور جدوجہد بزنس یا جاب کے حوالے سے نئے فیصلے یا اقدام لائے گی، مذہبی یا روحانی رجحانات میں اضافہ ہوگا،حج و عمرہ یا زیارات کے حوالے سے سفر کا امکان موجود ہے لیکن جب یہ دونوں زائچے کے حساس مقامات پر آئیں گے تو کاروباری یا جاب سے متعلق معاملات میں یا شادی یا ازدواجی زندگی سے متعلق امور میں مشکلات لائیں گے،کاروباری شراکت داری میں بھی مسائل پیدا ہوں گے،خاص طور پر 15 جنوری سے 15 فروری ،15 جولائی سے 15 اگست اور 15 ستمبر سے 15 اکتوبر کے درمیان محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، ان اوقات میں کوئی رسک نہ لیں یا کوئی نیا کام شروع نہ کریں، صدقات و خیرات کی پابند ی کریں۔
مشتری: سیارہ مشتری آپ کے مالی معاملات پر حکمران ہے،زائچے کے دوسرے گھر میں اپریل 2023 تک رہے گا، اس کا قیام آپ کی پروفیشنل حیثیت میں اضافے کا باعث ہوگا، سوشل حلقوں میں اضافہ ہوگا، شہرت اور مقبولیت حاصل ہوگی، مالی پوزیشن بہتر ہوگی، اگر آپ کاروباری یا اپنی جاب کے حوالے سے عدم اطمینان کا شکار ہیں تو مشتری کی موجودہ پوزیشن آپ کے مسائل کے حل میں معاون و مددگار ہوگی،امکان ہے کہ آپ اپنی آمدن میں اضافے کے لیے نئے فیصلے اور اقدام کریں گے۔
زحل: سیارہ زحل جنوری 2020 سے آپ کے زائچے میں ناموافق پوزیشن میں رہا ہے جس کی وجہ سے نقصانات اور رکاوٹوں سے واسطہ رہا ہوگا، اب 29 اپریل سے 13 جولائی تک مختصر عرصے کے لیے زائچے کے پہلے گھر میں آئے گا، بعض رکے ہوئے کاموں یا منصوبوں کے حوالے سے کوئی نئی امید یا نئی پیش رفت سامنے آسکتی ہے لیکن ضروری نہیں ہے کہ اتنے مختصر عرصے میں کوئی بہت بڑی کامیابی حاصل ہوجائے،البتہ جنوری 2023 سے جب یہ مستقل طور پر برج دلو میں ہوگا تو آئندہ تقریباً دو سال تک کامیابیاں اور استحکام دے گا۔

برج حوت(Pieses)

راہو کیتو آئندہ سال نومبر تک زائچے کے دوسرے اور آٹھویں گھر میں حرکت کریں گے، آٹھواں گھر مشکلات اور سختی کی نشان دہی کرتا ہے اور خاص طور پر جب یہ دونوں زائچے کے حساس مقام کے قریب ہوں گے تو مختلف قسم کی پرابلمز مادّی خواہشات اور کامیابیوں کے سلسلے میں لاسکتے ہیں ، بعض امور میں مالی نقصانات کسی جرمانے یا غفلت کے نتیجے میں ہوسکتے ہیں، اس عرصے میں کوئی سیٹ بیک بھی ہوسکتا ہے جو آپ کی ساکھ اور اعتماد کو نقصان پہنچانے کا باعث ہوگا، مالی نوعیت کے معاملات میں آپ کو کوئی بڑا رسک اس تمام عرصے میں لینے سے گریز کرنا چاہیے اور والدین کی صحت کے معاملات پر بھی خصوصی توجہ دینا چاہیے،البتہ جب یہ حساس مقامات سے دور حرکت کررہے ہوں گے تو فائدہ بخش ثابت ہوں گے،آپ کی سوشل حیثیت میں اضافے اورمالی امور میں کامیابی کا سبب ہوں گے،آپ کو خاص طور پر 15 فروری سے 15 مارچ ،15 اگست سے 15 ستمبر اور 15 اپریل سے 15 مئی کے دوران میں خصوصی طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، ان اوقات میں کوئی رسک نہ لیں، کسی ایڈونچر سے خود کو دور رکھیں اور پابندی سے صدقہ و خیرات کرتے رہیں۔
مشتری: سیارہ مشتری زائچے کے پہلے گھر برج حوت میں آئندہ سال اپریل تک حرکت کرے گا، یہ آپ کے پیشہ ورانہ معاملات اور عزت و وقار پر بھی حکمران ہے،اگر آپ کے پیدائش کے زائچے میں اچھی پوزیشن رکھتا ہے تو اس دوران میں ترقی کے نئے مواقع لائے گا، کاروباری امور ہوں یا جاب سے متعلق معاملات ،تمام امور میں موافق اور معاون ثابت ہوگا، خاص طور پر جب زائچے کے حساس مقام پر ہوگا تو خصوصی طور پر کامیابیاں اور خوشیاں حاصل ہوں گی،اس دوران میں شادی یا ازدواجی زندگی کی خوشیاں بھی حاصل ہوسکیں گی،زندگی میں استحکام حاصل ہوگا۔
زحل: سیارہ زحل آپ کے زائچے کا فعلی منحوس سیارہ ہے، گزشتہ جنوری 2020 سے گیارھویں گھر میں حرکت کر رہا ہے لہٰذا مالی اور کاروباری امور میں مسائل اور مشکلات کا باعث رہا ہوگا، مختصر مدت کے لیے 29 اپریل سے 13 جولائی تک زائچے کے بارھویں گھر برج دلو میں داخل ہوگا تو نئی امیدیں جاگیں گی،بعض رکے ہوئے کام ہوسکیں گے لیکن پھر دوبارہ واپس گیارھویں گھر میں آجائے گا تو صورت حال حسب سابق ہوگی، اس عرصے میں آپ بیرون ملک سفر کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں یا آئندہ مستقل طور پر بیرون ملک قیام کے حوالے سے منصوبہ بندی کرسکتے ہیں، آئندہ سال جنوری سے یہ مستقل طور پر بارھویں گھر میں ہوگا تو یقینا ایسے کاموں سے فائدہ ہوسکے گا جن کا تعلق بیرون ملک سے ہو ۔