زائچہ عمران خان میں بدترین دور کا خاتمہ مگر مشکلات جاری

نومبر کی سیاروی گردش، حالات کے نئے رخ اور زاویے

گزشتہ ماہ سے سیارہ شمس اور مریخ اپنے ہبوط کے برج میزان اور سرطان میں داخل ہوچکے ہیں۔ سیارہ مشتری زحل، یورینس اور نیپچون رجعت میں ہیں، یہی صورت گزشتہ ماہ کی 20 تاریخ کو بھی تھی جب 26 ویں آئینی ترمیم منظور کی گئی اور اس کے نتیجے میں عدالتی نظام میں غیر معمولی تبدیلیاں عمل میں لائی گئیں۔ واضح رہے کہ سیارہ مشتری جس کا تعلق آئین و قانون اور عدلیہ یا الیکشن کمیشن وغیرہ سے ہے بحالت رجعت اچھے نتائج نہیں دیتا، چناں چہ 26 ویں آئینی ترمیم پر ماہرینِ قانون خاصی نکتہ چینی کر رہے ہیں۔ حکومت کو بھی یہ احساس ہے کہ جس جلد بازی میں یہ کام ہوا ہے، وہ اطمینان بخش نہیں ہے۔ بعض حلقے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اس کے بعد ایک اور ترمیم بھی آسکتی ہے۔
مشتری کی رجعت کی وجہ سے 26 ویں آئینی ترمیم پاکستان کی تاریخ میں متنازع ہی رہے گی اور آئندہ جب مشتری مستقیم ہوگا تو امکان ہے کہ اس ترمیم میں مزید ترمیم کی ضرورت کا احساس نمایاں ہوگا۔
شمس اور مریخ کا اپنے برج ہبوط میں سفر مقتدر قوتوں اور حکمرانوں کے لیے نئے مسائل اور چیلنج سامنے لائے گا۔ اس کے علاوہ سیارہ مریخ کی طویل عرصے تک برج سرطان میں موجودگی پاکستان میں بیرونی مداخلت میں اضافے کا باعث بنے گی۔ہماری خارجہ پالیسی اس سے متاثر ہوگی اور بعض معاملات میں بیرونی دباو قبول کرنا پڑے گا۔

زائچہ عمران خان

زائچہ عمران خان کے مطابق تحریک انصاف کے بانی عمران خان ایک طویل عرصے تک یعنی 24 جنوری 2022 سے ایک خراب دور سے گزر رہے تھے۔ اس سال اس خراب دور کا خاتمہ ہوگیا اور وہ زیادہ بہتر دور میں داخل ہوگئے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ فوراً ہی کسی بہتر پوزیشن میں یا اقتدار میں آسکیں گے۔ ابھی ان کے زائچے میں سیارہ مشتری اور مریخ کی پوزیشن بہتر نہیں ہے۔ مشتری کی پوزیشن آئندہ سال 14 مئی کے بعد بہتر ہوگی اور مریخ کی پوزیشن جون 2025 کے پہلے ہفتے میں بہتر ہوگی۔ اس وقت تک انھیں نت نئے مسائل کا سامنا رہے گا۔ انھیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان میں سیاست کے رنگ ڈھنگ نرالے ہیں لہٰذا انھیں بھی اپنی سیاست میں کوئی نیا رنگ بھرنے کی ضرورت ہے۔ صرف محاذ آرائی ہی ان کے مسائل کا حل نہیں ہے۔ سیاست میں سیاسی داو پیچ کی ضرورت ہوتی ہے۔ وہ اس اعتبار سے خوش قسمت ہیں کہ ان کا پیدائشی زائچہ خاصا مضبوط اور طاقت ور سیاروی کمبی نیشن رکھتا ہے جس کی وجہ سے وہ اگر خود پریشانیوں کا شکار ہیں تو ان کے مدمقابل قوتیں بھی ان کی وجہ سے خاصی پریشان اور مضطرب ہیں۔ انھیں سیاسی میدان سے مکمل طور پر آؤٹ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ ان کے مخالفین کو بھی اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہیے اور افہام و تفہیم کا کوئی راستہ اختیار کرنا چاہیے کیوں کہ مسلسل محاذ آرائی کی کیفیت پاکستان کی معیشت، سیاست اور نظام انصاف کے لیے کسی طور بھی بہتر نہیں ہے۔ امکان ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت ہوگی کیوں کہ مریخ کا مسلسل ہبوط زدہ رہنا مقتدر حلقوں کو کسی نئے انداز میں سوچنے پر مجبور کرسکتا ہے۔

نومبرکی سیاروی گردش

سیارہ شمس اپنے ہبوط کے برج میزان میں حرکت کر رہا ہے، یہاں یہ نہایت کمزور حالت میں ہوتا ہے۔ 16 نومبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا۔ سیارہ عطارد بھی برج میزان میں ہے، 29 اکتوبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا۔ برج عقرب میں اسے اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے۔ 26 نومبر کو اسے رجعت ہوجائے گی جو 16 دسمبر تک جاری رہے گی۔
سیارہ زہرہ برج عقرب میں حرکت کر رہا ہے۔ 7 نومبر کو برج قوس میں داخل ہوگا اور اسی برج میں پورا مہینہ حرکت کرے گا۔سیارہ مریخ اپنے ہبوط کے برج سرطان میں پورا مہینہ حرکت کرے گا۔
سیارہ مشتری بحالت رجعت برج ثور میں حرکت کر رہا ہے جب کہ سیارہ زحل بحالت رجعت برج دلو میں ہے۔ سیارہ یورینس بھی بحالت رجعت برج ثور میں حرکت کرے گا اور نیپچون بھی بحالت رجعت برج حوت میں جب کہ پلوٹو برج جدی میں رہے گا۔ راہو اور کیتو بالترتیب حوت اور سنبلہ میں حرکت کر رہے ہیں۔ یہ رفتار سیارگان ویدک سسٹم کے مطابق دی جارہی ہیں۔

قمر در عقرب

قمر اپنے برج ہبوط میں 2 نومبر رات 10:53 پر داخل ہوگا اور 5 نومبر بہ روز منگل صبح 09:15  تک برج عقرب میں رہے گا۔اس دوران میں نئے کام شروع کرنے سے گریز کریں، ان کے نتائج بہتر نہیں ہوتے۔ یہ نحس وقت ہوتا ہے، خاص طور پر منگنی و شادی، نئی جاب کی جوائننگ یا کوئی نیا ایگریمنٹ کرنا اس وقت میں ناموافق ہوتا ہے۔
قمر اپنے درجہء ہبوط پر 3 نومبر قبل طلوع آفتاب 02:48 پر پہنچے گا اور 04:46 تک رہے گا۔ یہ وقت بندش اور رکاوٹ وغیرہ کے اعمال کے لیے مناسب ہے۔ ضرورت کے مطابق اعمال و وظائف یہاں ہماری ویب سائٹ پر جفر آثار کے سیکشن میں دیکھے جاسکتے ہیں۔

شرف قمر

سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 16 نومبر بہ روز ہفتہ شب 02:46  پر داخل ہوگا اور 18 نومبر بہ روز پیر صبح 04 بجے تک شرف یافتہ رہے گا۔ یہ سعد وقت ہے، اس وقت میں اپنی جائز ضروریات کے لیے اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں۔ اس بار شرف قمر عروج ماہ میں ہوگا لہٰذا زیادہ طاقت ور ہوگا۔ اس وقت میں لوح قمر نورانی یا برکاتی انگوٹھی وغیرہ بھی تیار کی جاسکتی ہے۔
قمر اپنے شرف کے درجے پر 16 نومبر کو صبح 02:48 سے 04:46  تک رہے گا۔
آئیے اپنے سوال اور اس کے جواب کی طرف:

وجہ کیا ہے؟

ایم، اے حیدرآباد سے لکھتے ہیں ”محترم! آپ کا کالم ایک طویل عرصے سے پڑھ رہا ہوں،پہلی بار غالباً سن 99ء میں جب آپ نے برکاتی انگوٹھی کا نقش کالم میں دیا تھا تو میں نے بھی یہ انگوٹھی بنائی تھی۔ بعد میں آپ کے بتائے ہوئے دیگر نقوش اور عمل بھی میرے تجربے میں آئے۔ میں نے اُن سے فائدہ بھی اٹھایا اور اب تک اٹھا رہا ہوں۔ اللہ کا کرم ہے کہ مجھے کوئی مالی پریشانی نہیں ہے۔ میرا کاروبار بھی اچھا ہے۔ اپنا ذاتی مکان ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آج تک شادی نہیں ہوسکی۔ بچپن میں منگنی ہوگئی تھی جو تقریباً 25 سال بعد ختم ہوگئی۔ بد قسمتی سے منگیتر ایک مہلک بیماری کا شکار ہوکر فوت ہوگئی تھی اس کے بعد کئی جگہ کوشش کی مگر کہیں بات نہ بن سکی۔ اس سلسلے میں میں نے بہت سے لوگوں سے رابطہ کیا لیکن کوئی مجھے تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ میں یہ بھی واضح کردوں کہ مجھے بھی علم جفر اور روحانیت سے لگاؤ ہے۔ آپ کے کالم کی طرف بھی اسی شوق کی وجہ سے متوجہ ہوا تھا۔ لوگ وہی روایتی باتیں کرتے ہیں کہ سخت بندش ہے، جنات کی نظرِ بد ہے اور علم نجوم والے زحل کی نحوست بتاتے ہیں۔ آپ کے کالم پڑھ کر اب اتنا سمجھنے لگا ہوں کہ یہ سب باتیں محض ڈھکوسلہ ہیں، میں نے لوح زہرہ بھی تیار کرکے پاس رکھی اور لوح مشتری بھی میرے پاس ہے۔ 2011ء میں لوح شرف زحل بھی بنائی تھی۔ قصہ مختصر یہ کہ جس نے جو بھی بتایا اُس پر عمل کیا لیکن شادی نہ ہوئی۔ اس وقت میری عمر 40 سال ہوچکی ہے۔ آپ جیسے صاحب علم سے امید رکھتا ہوں کہ نہ صرف یہ کہ میرے مسئلے کا حل تجویز کریں بلکہ اب تک شادی نہ ہونے کے سبب پر بھی روشنی ڈالیں تو خصوصی طور پر احسان مند رہوں گا“۔
جواب: عزیزم! ہمیں نہیں معلوم آپ علم جفر، روحانیات یا علم نجوم سے کس حد تک واقف ہیں اور یہ بھی نہیں معلوم کہ آپ نے اب تک کن لوگوں سے مشورہ کیا تھا۔ بے شک زائچے میں زحل کی پوزیشن بعض اوقات ایسی ہوتی ہے جو شادی میں رکاوٹ کا باعث ہوسکتی ہے مگر اُس کا بھی حل موجود ہے۔ اصولی طور پر آپ کو براہ راست رابطہ کرنا اور اپنا زائچہ بنوانا چاہیے تھا کیوں کہ بالکل ذاتی نوعیت کے معاملات کا تفصیلی جواب کالم میں دینا ہم مناسب نہیں سمجھتے، سوائے اس کے کہ کوئی ایسی بات ذاتی مسئلے میں موجود ہو جو دیگر قارئین کے لیے بھی دلچسپی اور معلومات کا سبب ہوسکتی ہو۔ بہر حال ہم آپ کو ضرور بتائیں گے کہ آپ کی شادی اب تک نہ ہونے کا بنیادی سبب کیا ہے؟
آپ کا شمسی برج جوزا اور پیدائشی برج دلو ہے، اس کا حاکم سیارہ زحل زائچے کے بارھویں گھر میں برج جدی میں اگرچہ طاقت ور ہے مگر کیتو یعنی ذنب سے قران کرکے نحوست کا شکار ہے۔ زائچے کے تیسرے گھر کا مالک مریخ ہے، یہ چوتھے گھر میں ہے اور کیتو کی نظر اُس پر بھی بھرپور ہے۔ خیال رہے کہ پہلا گھر آپ کی ذات ہے اور تیسرا گھر آپ کی کوشش اور جدوجہد کو ظاہر کرتا ہے۔ زائچے کے ساتویں گھر کا مالک سیارہ شمس کمزور حالت میں پانچویں گھر میں بیٹھا ہے۔ شادی کا منسوبی کوکب زہرہ ہے۔ یہ ساتویں گھر میں موجود ہے اور کمزور ہے۔ مشتری طالع میں طاقت ور ہے، اُس کی سعادت آپ کو حاصل ہے۔
آپ کے ذوق و شوق کو مد نظر رکھتے ہوئے اس قدر تفصیلی تجزیہ کیا جارہا ہے۔ یاد رکھیں زائچہ کا سب سے اہم گھر پہلا گھر ہے، اگر اُس کا حاکم کسی نحس جگہ اور کسی منحوس سے متاثرہ ہے تو زندگی میں کوئی نہ کوئی محرومی ضرور رہتی ہے۔ آپ کا طالع پیدائش برج دلو بہت آزادی پسند ہے۔ یہ لوگ عموماً جلد شادی کی طرف راغب نہیں ہوتے، اپنی دیگر دلچسپیوں میں جو انوکھی اور عجیب ہوسکتی ہیں، مصروف رہتے ہیں۔ شادی میں تاخیر کی ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے۔ طالع کے مالک زحل پر کیتو کی نظر اور اس کی بارھویں گھر میں موجودگی سونے پر سہاگا ہے یعنی ایسے کاموں میں دلچسپی جو آپ کے لیے یا آپ کے مستقبل کے لیے فائدہ بخش نہ ہوں۔
تیسرے گھر کا حاکم مریخ کا متاثر ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ اپنے مقصد کے لیے جو کوششیں کرتے ہیں اُن میں ناکامی آپ کے غلط طریقہء کار کی وجہ سے ہے یعنی بہت سے رشتے اگر آپ کو پسند نہیں آئے ہوں گے تو بہت سے لوگوں نے آپ کو نا پسند کیا ہوگا۔ تیسرے گھر کے مالک کی خرابی ذہنی سوچ کی خرابی ظاہر کرتی ہے۔ اب آپ اپنی سوچ اور خیال میں کہاں غلط ہیں، یہ سوچنا آپ کا کام ہے۔
ساتواں گھر شریک حیات کا ہے اس کا مالک شمس نہ صرف یہ کہ کمزور ہے بلکہ زندگی میں مزید بے پروائی اور سطحی نوعیت کے جذبات کو فروغ ملتا ہے۔ گویا آپ جو بھی کام کرتے ہیں، اس کی نوعیت عارضی ہوتی ہے۔ پوری توجہ اور لگن کے ساتھ کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کا مزاج آپ کا نہیں ہے۔ ان وجوہات کی بنیاد پر اب تک آپ کی شادی نہیں ہوسکی ہے۔ امید ہے آپ کی سمجھ میں وجہ آگئی ہوگی اور اتنی باریک بینی سے اس کی وضاحت آپ کی فرمائش پر کی گئی ہے۔
آپ نے حل بھی پوچھا ہے تو سب سے پہلے آپ کو سُرخ مرجان ایسے وقت میں پہننا چاہیے جب مریخ طاقت ور اور نحوست سے پاک ہو۔ منگل اور ہفتہ کو اپنا صدقہ بھی دینا چاہیے۔ دوسری بات یہ کہ نیلم کم از کم 5 کیرٹ وزن میں ایسے وقت میں پہنیں جب سیارہ زحل طاقت ور ہو۔ آخری بات یہ ہے کہ اپنی آئیڈیالوجی کو ایک طرف رکھ کر جو بھی مناسب رشتہ سامنے آئے اسے قبول کرلیں اور یقین رکھیں کہ اللہ اس میں آپ کے لیے کوئی نہ کوئی خیر کا پہلو ضرور رکھے گا۔