انسان کی فطری خوبیوں، خامیوں اور جذباتی ،احساساتی زندگی پر قمری اثرات
پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں جولوگ علم نجوم سے دلچسپی رکھتے ہیں اور اس علم سے رہنمائی لینے کے شوقین بھی ہیں، وہ تمام اپنے شمسی برج (Sun sign) کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں اور عام طور پر اسے اپنا ”اسٹار“ کہتے ہیں حالاں کہ یہ بھی غلط بات ہے،اسٹار کا مطلب ستارہ ہے چناں چہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ میرا اسٹار حمل ، ثور،جوزا یا سرطان وغیرہ ہے تو وہ غلطی کرتے ہیں،حمل سے حوت تک بارہ برج انگریزی میں Sign کہلاتے ہیں اور ہندی میں راشی لہٰذا انھیں کہنا چاہیے کہ میرا برج حمل یا ثور وغیرہ وغیرہ ۔
ہم پہلے بھی یہ بات کئی بار لکھ چکے ہیں ، اس موضوع پر ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کراچکے ہیں کہ آپ کا شمسی برج آپ کی ظاہری شخصیت کی خوبیوں اور خامیوں پر روشنی ڈالتا ہے،یہ آپ کی زندگی کے حالات یا آپ کی فطری خوبیوں اور خامیوں کی نشان دہی نہیں کرتا، اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے کردار و عمل میں اور اپنی کوشش اور جدوجہد میں کیسے ہیں ؟اس کا جواب آپ کا پیدائشی برج (Birth sign) ہی دے سکتا ہے جو صرف آپ کی تاریخ پیدائش سے معلوم نہیں ہوتا بلکہ پیدائش کے وقت سے معلوم کیا جاتا ہے،اسی طرح آپ کا ایک اور برج بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے اور وہ ہے قمری برج (Moon sign) آپ کی پیدائش کے وقت پر قمر یعنی چاند کس برج میں تھا یہ بہت ہی اہم سوال ہے،قمری برج آپ کی فطری خوبیوں اور خامیوں کی نشان دہی کرتا ہے۔
سیارہ قمر دیگر تمام سیارگان میں سب سے زیادہ تیز رفتار اور ہماری زمین سے قریب ترین سیارہ ہے لہٰذا ہمارے جذباتی ،روحانی اور دیگر اہم ترین فطری معاملات پر اس کے اثرات بہت زیادہ گہرے ہوتے ہیں، یہ کسی ایک برج میں تقریباً ڈھائی دن رہتا ہے،دو گھنٹے کے اندر دائرئہ بروج کا ایک درجہ طے کرلیتا ہے،ایک مہینے سے بھی کم وقت میں یعنی تقریباً 28 دن میں پورے دائرئہ بروج کا دورہ مکمل کرتا ہے،اس کے گھٹنے اور بڑھنے سے سمندر میں مدوجزر پیدا ہوتا ہے،ہر مہینے یہ سیارہ شمس سے قران کرتا ہے،اس کے بعد ہی نیا چاند نمودار ہوتا ہے جو ہمارے ہجری اسلامی کیلینڈر کی بنیاد ہے،چاند کی پہلی تاریخ سے 29 یا 30 تاریخ تک اس کی کیفیات مختلف ہوتی ہے،زیر نظر مضمون چاند یعنی قمر کے اثرات اور خصوصیات کو مدنظر رکھ کر تحریر کیا گیا ہے،یقینا اس کا مطالعہ آپ کو اپنی زندگی کے کچھ نئے پہلوو¿ں سے آشنا کرے گا۔
نیا چاند(New Moon)
اگر آپ کی پیدائش نئے چاند کے دوران میں ہوئی ہے تو زندگی ایک ایسی کلی کی طرح ہے جو سدا کھلی رہتی ہے۔جذباتی طور پر آپ غیر محفوظ، کسی چیز کو جلد قبول کرنے والے اور کسی حد تک بے صبرے ہیں۔ زندگی کی طرف آپ کا طرزِعمل منطقی ہونے کی نسبت جبلی ہے جو آپ کو وجدانی اعتبار سے دوسروں پر فوقیت دلاتا ہے۔ کبھی کبھی احساسات آپ کی اپنی شناخت کے احساس کو معدوم کر دیتے ہیں اور زندگی ایک بڑی جذباتی جدوجہد بن کر رہ جاتی ہے۔ کیوں کہ آپ ہر تجربے میں اپنے جذبات کے ساتھ شامل ہوتے ہیں لہٰذا آپ پہلے بغیر سوچے سمجھے عمل کرتے ہیں۔ وجوہات آپ کی گہرائی میں چھپی آپ کی ضروریات کا نتیجہ ہوتی ہیں، بعض اوقات ایک ایسا جبر آپ کے عمل کا سبب ہوتا ہے، جسے آپ سمجھ بھی نہیں سکتے لیکن وہ آپ کو ایک مخصوص سمت میں رویہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ آپ کا اپنے وجود کا احساس اور خود حفاظتی احساس اکثر ایک ایسے احساس سے نبردآزما ہوتے ہیں جو بڑی قوت رکھتا ہے۔
امکان ہے کہ آپ کا زیادہ وقت اپنی زندگی کے تجربات اور ان سے متعلق اپنے جذباتی ردعمل کو سمجھنے میں گزرتا ہے۔ اکثر آپ اپنی شخصیت کو اوروں پر بھی چسپاں کر دیتے ہیں اور ان کو ان خامیوں کا ذمے دار ٹھہراتے ہیں، جو ان میں نہیں بلکہ آپ میں موجود ہیں۔ آپ انا کی ضروریات اور جذباتی ضروریات کو ملا دیتے ہیں جس کا نتیجہ لوگوں سے تعلقات میں مسائل لاتا ہے۔
آپ میں خود کو مکمل طور سے کسی بھی تجربے میں شامل کرنے کا رجحان اگرچہ ایک مثبت خصوصیت ہے لیکن آپ میں تناسب باطنی(Perspective) کی کمی ہے۔ آپ وہ یقین رکھتے ہیں، جورکھنا چاہتے ہیں اور وہ دیکھتے ہیں جو آپ کا جی چاہے۔ یہ ضروری بھی نہیں ہے کہ جو کچھ آپ دیکھ رہے ہیں،و ہ حقیقت ہے۔
آپ کے لیے واقعیت پسند ہونا بہت دشوار ہے کیوں کہ آپ ہر تجربے کو بالآخر خود سے منسوب کر لیتے ہیں۔ اگر آپ دوسروں کے نقطہ¿ نظر پر بھی غور کریں اور دیگر اہم معاملات پر حقیقت پسندانہ طرزِ عمل اختیار کریں تو آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔
ثابت بروج (Fixed sign)میں چاند کی یہ ہیئت شخصیاتی مسائل کو بڑھا دیتی ہے۔ ایسے لوگ سخت گیر ہوتے ہیں اور کسی مقصد کے حصول کے لیے بے پناہ، انتھک اور طویل جدوجہد کر سکتے ہیں۔ ذوجسدین بروج کے لوگ اس پوزیشن میں ذہنی اعتبار سے متغیر ہوتے ہیں۔ منقلب برج میں حرکات کی بے ساختگی اور بے تکلفی ہوتی ہے اور یہ عمل مادی کامیابی کی طرف بہت قوی ہوتا ہے۔
ہلال
اگر آپ چودھویں کے چاند میں پیدا ہوئے ہیں تو بنیادی طور پر آپ کی زندگی ماضی سے فرار کی ایک جدوجہد ہے جب کہ آپ کی شخصیت جزوی طور پر اس طرف جھکتی ہے۔ آپ کی ظاہری شخصیت پُراعتماد اور قوی ہے۔ کئی اعتبار سے آپ نے اپنی شخصیت کوا یسا اعتماد بخشا ہے جو تعلقات میں آپ کو رہنمائی کا اعزاز بخشتا ہے۔ ذہنی طور پر مستقبل کے بارے میں آپ کا رویہ مثبت ہے۔ کائنات کی ارتقائی حیثیت آپ کے نزدیک مسلم ہے۔ متناقص طور پر آپ کی شخصیت کی گہرائی میں ایک حصہ ماضی کی طرف جھکتا ہے کہ کسی ناخوش گوار تجربے کا حل تلاش کرے یا اس سے جان چھڑائے، جو آپ کو ابتدائی زندگی میں ہوا تھا۔ امکان یہ ہے کہ آپ کے آپ کی ماں سے تعلقات جن کا تعلق آپ کی خود حفاظتی ضروریات سے تھا آپ کا دردسر ہیں۔ آپ سوچتے ہیں کہ ماضی میں پہنچ کر آپ وہ تحفظ حاصل کر لیں گے جس کی آپ کو خواہش ہے اور جس سے آپ محروم ہیں۔ جب یہ اندرونی وجود جذباتی اعتبار سے آپ پر قابض ہو جاتا ہے تو آپ مستقبل اور اس کے ممکنہ تجربات سے خوف زدہ ہو جاتے ہیں۔ آپ جانے پہچانے اور محفوظ تجربوں کی آرزو کرتے ہیں اور ناقابل قیاس تبدیلی سے خوف کھاتے ہیں۔ یہ احساسات فطری طور پر آپ کی شخصیت کا جز ہیں۔ آپ کے لیے بہتر ہے کہ آپ ان کو اتنا بے لگام نہ ہونے دیں کہ یہ آپ کے جذبات کے اظہار کے ارتقا کو روک دیں۔ اگر آپ ماضی کے تلخ تجربات کو موقع دیں گے کہ وہ آپ کی حالیہ حرکات کو اپنے اشاروں پر چلائیں یا آپ کو غیر متحرک کردیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ خود اپنی زندگی سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ ماضی کے تکلیف دہ تجربات اور مستقبل سے وابستہ توقعات میں اس طرح توازن اور مطابقت پیدا کریں کہ ان میں سے کوئی بھی دوسرے پر فوقیت نہ حاصل کر سکے۔ عملی اعتبار سے اگر آپ کے اپنی ماں سے خوش گوار تعلقات نہیں رہے یا آپ کی محبت ناکام ہوگئی جو یقینا ناقابل فراموش ہے تو آپ جدوجہد کریں کہ ان پچھلے تجربات کی تکلیف دہ دسترس سے نکل کر نئے اور مثبت تعلقات کی جانب قدم بڑھا سکیں۔ اپنی توانائی کو اس کوشش میں صرف کریں کہ آپ کو نئی اور اطمینان بخش صورتِ حال کو معرض وجود میں لانا ہے، نہ کہ اس توانائی کو ماضی کی یادوں پر گنوا دیا جائے جن کا اب کوئی مثبت مصرف نہیں۔
پہلی تربیع
First Quarter Moon
اگر چاند کی پہلی تاریخ کے ایک ہفتہ بعد پیدائش ہوئی ہے تو چاند کی یہ ہیئت انتہائی قوت آفریں ہے، نیا چاند ہونے کے بعد تقریباً ایک ہفتے میں قمر اور شمس کے درمیان تربیع (Square) کا زاویہ بنتا ہے،عام زبا ن میں اسے چڑھتا چاند کہا جاتا ہے۔اس پوزیشن کے تحت پیدا ہونے والے عمل اور حرکت کو زندگی کے بحران حل کرنے کا سبب سمجھتے ہیں جو بیرونی دنیا کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ بحران اکثر تھکادینے والی ایسی صورت میں نمودار ہوتے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے شخصیت کو مکمل طور پر سامنے لانا ہوتا ہے۔ اکثر تعلقات، لائحہ عمل اور عقیدہ، یہاں تک کہ پیشہ ورانہ پسندیدگی بدلنی پڑتی ہے۔
اگر آپ اس پوزیشن میں پیدا ہوئے ہیں تو آپ اپنی زندگی کے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں چیلنج بڑی خوشی سے قبول کرتے ہیں۔ آپ اپنی ذات، اپنے وجود کا اظہار کرنے والے ہیں اور آپ کو اپنے وجود کا اظہار دنیا پر کرنے کی ناقابل فراموش ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ منفی نظرات کی صورت میں آپ آگے بڑھنے کی شدید خواہش محسوس کرتے ہیں اور اسے پورا کرنے کے لیے آپ کسی کو بھی خاطر میں نہیں لاتے۔ اس کی مثال ڈکٹیٹرز اور وہ سیاست دان ہیں جو اپنی گہرائی میں دبی ہوئی انا کے ہاتھوں مجبور رہتے ہیں۔
نیم بریں چاند
Gibbous Moon
اگر پیدائش کا دن دوسرے ہفتے میں ہوئی ہے تو آپ کو ہر تجربے میں چھپی معنویت پر شک ہوتا ہے۔ نتیجتاً آپ کی زندگی فلسفیانہ جستجو ہے جس میں آپ قدر کے معیار کو جانچتے اور اس کی حد بندی کرتے ہیں۔ آپ ارتقا میں بہت دل چسپی محسوس کرتے ہیں اور معاشرے کے متعلق بہت ہمدردانہ نظریات رکھتے ہیں۔ یہ پوزیشن فلسفوں، انسانیت پرستوں اور دنیا کے ایسے لیڈروں میں نظر آتی ہے جو ذاتی طاقت کے بجائے اجتماعی ارتقا میں دل چسپی لیتے ہیں۔ اگر ارتقا کا عمل محتاط طور پر نہ ہو، پرانی قدروں اور نظریوں کو رد کر دیا جائے، جذباتی ہم آہنگی کا موقع نہ دیا جائے اور ذاتی ارتقا کو یکسر نظرانداز کر دیا جائے تو منفی شخصیات جنم لیتی ہیں۔
دوسری تربیع
Last Quarter Moon
اگر آپ کی پیدائش چاند کے مہینے کے آخری ہفتے میں ہوئی ہے تو اگر آپ اس پوزیشن کے تحت پیدا ہوئے ہیںتو اصول آپ کے لیے غیرمعمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ آپ بے انتہا تاثرانگیز شخصیت کے مالک ہیں جو کسی آئیڈیل تک محدود ہے اورجس کا مطمع نظر ہمیشہ کوئی آئیڈیل ہوتا ہے۔ اکثر اوقات آپ انتہائی غیرلچک دار ہوتے ہیں اور تنقید برداشت کرنا آپ کے لیے محال ہوتا ہے۔ تاہم یہی سخت گیری حصول مقصد میں آپ کی معاونت کرتی ہے۔ آپ فلسفیانہ تصورات اور اصولوں کے قائل ہیں جنہیں آپ عملی صورت حال میں بھی استعمال کرتے ہیں۔ آپ کو اپنی مثالیہ پسندی کی وجہ سے دشواریاں بھی ہوتی ہیں اور اکثر یہ مثالیہ پسندی آپ کے ضمیر کو بحران میں مبتلا کر دیتی ہے۔
زرخیز چاند
Disseminating Moon
اگر آپ کی پیدائش چاند کی آخری تاریخوں میں ہوئی ہے تو مثبت صورت میں چاند کی یہ ہیئت نئے خیالات، نودریافت کردہ سچائیاں، فلسفیانہ تصورات اورگہری معنویت، تجربات میں دوسروں کو شریک کرنے کا رجحان لاتی ہے۔ اس کی وجہ ذاتی منفعت بھی ہو سکتی ہے اور دوسروں کو شریک کرنے کی خوشی بھی۔ اظہار کا یہ جذبہ آپ سے کتابیں بھی لکھوا سکتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر کسی تحریک کا موجب بھی ہو سکتا ہے۔ منفی صورت میں یہ ہیئت ایسی دیوانگی اور تعصب لاتی ہے جو اسباب سے ہٹ کر گفتگو نہیں کرنے دیتی۔ ایسے لوگ اس طرح کے بکواسی ہوتے ہیں کہ انہیں کسی موقعے پر بھی خاموش ہونا نہیں آتا۔ ایسا شخص صرف اپنی بات کو درست جانتا ہے۔ ہٹلر اس پوزیشن کی بہترین مثال ہے۔ اس پوزیشن میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی خواہش بے حد شدید ہوتی ہے۔ یہ اظہار منفی صورت میں بھی ہو سکتا ہے اور مثبت صورت میں بھی۔ اس بات سے بھی غرض نہیں ہوتی کہ نتائج مثبت ہوں گے یا منفی۔ اظہار ہر حال میں اولیت رکھتا ہے۔
معطر چاند
Balsemic Moon
اگر پیدائش عین قران شمس و قمر کے وقت ہوئی ہے تو بلند ترین سطح پر ایسی شخصیت بے انتہا انسانیت نواز ہوتی ہے جو خود کو ایک عظیم کل کے معتبر ترین جز کی حیثیت سے شناخت کرتی ہے۔ ایسی شخصیات میں الوہیت ہوتی ہے جو کسی فلسفے یا کسی سبب سے مکمل طور پر وابستہ ہوتی ہے۔ ایسی شخصیت حال کی صورت حال سے غیرمطمئن اور مستقبل کی اصلاحات کے بارے میں اپنے ذہن میں پہلے سے ایک طے شدہ نظریہ رکھتی ہے۔ ایسے لوگ تعلق کے بے غرض پہلو کی تبلیغ کرتے ہیں اور کسی عظیم مقصد یا سبب کے لیے اپنا وجود تک قربان کر سکتے ہیں۔ منفی صورت میں یہ ذہنی اور جذباتی عدم توازن لاتی ہے اور ایسا شخص دیوانہ اور مجذوب بھی ہو سکتا ہے۔
چودھویں کا مکمل چاند
Full Moon
اس ہیئت کی بلند سطح آپ کو ناصرف اپنے نفس ،روح کی بلکہ دوسروں کے نفس ،روح کی خارجی آگہی سے نوازتی ہے۔ آپ میں خود سے باہر نکل کر اپنی ضروریات کو نظرانداز کر کے اپنے باطن کا خارجی اظہار کرنے کی خواہش محسوس ہوتی ہے۔ آپ دانش سے منور ہیں اور دوسرے لوگوں کے مقاصد اور ضروریات سے شدت سے آگاہ ہیں۔ آپ کی زندگی میں تعلقات کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ تعلقات آپ کے لیے باعث تسکین اور کامیاب بھی ہوتے ہیں کیوں کہ آپ اپنی ضروریات اور طلب کو دوسروں پر قربان کر دینے کی اہمیت سے بھی خوب واقف ہیں۔ آپ سمجھوتا کرنے کے فن میں بے حد طاق ہیں اور کسی بھی صورتِ حال کے بارے میں فیصلہ صادر کرنے سے پہلے اسے پوری طرح سمجھتے ہیں۔ جذباتی طور پر آپ متوازن اور محفوظ ہیں۔ آپ کی شخصیت جذباتی اعتبار سے کامل ہے۔ بنیادی طور پر آپ لینے سے زیادہ دینے کے قائل ہیں۔
اس ہیئت کی نچلی سطح پر دوسروں کی جانب آپ کے جذباتی ردعمل پر آپ کی انا کا قبضہ ہے۔ آپ کے تعلقات میں شدید اتار چڑھاﺅ کے مسائل پیدا ہوتے رہتے ہیں اور آپ ان کی ذمے داری بھی قبول نہیں کرتے۔ اپنی خوشی کے لیے آپ اچانک دوسروں سے کھنچ جانے میں عار محسوس نہیں کرتے۔ ایسے لوگ ناصرف دوسروں سے بلکہ خود سے بھی ذہنی جنگ میں مصروف رہتے ہیں اور اس کا احساس ان کی شخصیت کی انتہائی گہرائیوں میں جاگزیں رہتا ہے۔ وہ حقائق سے گریز کرتے ہیں اور محسوس کرتے ہیں کہ دوسروں نے ان کودبا رکھا ہے۔ اکثر وہ اپنے نفسیاتی مسائل کو دوسروں پر مسلط کرتے ہیں ۔ تعلقات کی شکستگی(جس کا سبب وہ خو د ہوتے ہیں) دراصل ان کے باطنی مسائل کا عملی اظہار ہوتا ہے۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ وہ زندگی کو اسی طرح دیکھتے ہیں جس طرح دیکھنا چاہتے ہیں اور حقیقت پسندی سے گریز کرتے رہتے ہیں۔ وہ ماضی کے تجربات سے کوئی سبق حاصل نہیں کرتے۔ ایسی صورت میں آپ کے لیے لازمی ہے کہ آپ اپنے اندر زیادہ حقیقت پسندی کو فروغ دیں خواہ اس کے لیے آپ کو اپنی تحلیل نفسی کرنا پڑے۔ وگرنہ آپ اپنی زندگی کو خود سے مسلسل جنگ میں ضائع کر رہے ہیں۔ انتہائی مواقع پر آپ کی شخصیت منتشر ہو جاتی ہے اور آپ کی دنیا سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت مفقود ہوجاتی ہے، جب تک آپ اپنی انا کے قیدی ہیں آپ کے تعلقات اس سے متاثر ہوتے رہیں گے اور آپ کو جذباتی تسلی نہ دے سکیں گے اور آپ فرسٹریشن کا شکار رہیں گے۔
نوٹ: اس مضمون سے حقیقی فوائد کا حصول اسی وقت ممکن ہے جب آپ کو معلوم ہو کہ آپ کا قمر کس برج میں ہے اور وہ برج کس نوعیت کا ہے،بہتر بات تو یہی ہوتی ہے کہ اپنا زائچہ بنواکر پاس رکھیں،اگر یہ ممکن نہ ہو تو واٹس ایپ پر اپنی مکمل تاریخ پیدائش،وقت پیدائش اور پیدائش کا شہر لکھ کر ہمیں بھیج دیں تو ہم آپ کو بتادیں کہ آپ کا پیدائشی قمر کہاں ہے اور کس قسم کے برج میں ہے،اس خدمت کی کوئی فیس نہیں ہوگی۔( جاری ہے)