وقت کی تبدیلی کا عمل کبھی نہیں رکتا،یہ اپنی مقررہ رفتار سے ہمیشہ آگے کی سمت بڑھتا رہتا ہے، مثبت اور منفی حالات و واقعات ظہور پذیر ہوتے رہتے ہیں، یہی نظام قدرت ہے، ہمارے پروردگار نے وقت کو ہمارے لیے نہایت اہم بنادیا ہے لیکن ہم اپنے وقت کی قدر نہیں کرتے، اکثر اس کا درست فائدہ نہیں اٹھاتے، اسے ضائع کردیتے ہیں، ہمیں اپنے وقت کی قدروقیمت کا احساس ہونا چاہیے۔
ہر نیا سال ہمیں زندگی کے نئے پہلوؤں اور تجربات سے روشناس کراتا ہے اور ہم وقت کے ساتھ ساتھ بہت کچھ سیکھتے اور سمجھتے ہیں لیکن بہت سے لوگ اس کے برعکس بھی زندگی گزارتے ہیں یعنی وقت سے کچھ نہیں سیکھتے اور سمجھتے، اگر سمجھتے بھی ہیں تو بھی اپنی خواہشات کے غلام بن کر سب کچھ فراموش کرتے ہوئے زندگی گزارنا پسند کرتے،ایسے لوگ ترقی کی شاہراہ پر دوسروں سے پیچھے رہ جاتے ہیں اور پھر اپنی قسمت کا رونا روتے نظر آتے ہیں، ہمیں اپنے گزرے وقت سے سبق حاصل کرکے آنے والے وقت کو مثبت انداز میں گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے،خواہشات کے بھنور میں پھنس کر بے صبری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے، یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارے قدرتی نظام میں ہر کام کا ایک وقت مقرر ہے جسے ہم اپنی خواہش کے مطابق حاصل نہیں کرسکتے، البتہ اس کے لیے کوشش اور جدوجہد ضرور کرسکتے ہیں، ہماری لگن سچی ہو اور ہمارے مقاصد جائز ہوں تو بالآخر کامیابی مقدر ہوتی ہے۔
فروری کا مہینہ ایک مثبت اثر مہینہ ہے، اس مہینے میں سیاروی گردش مجموعی طور پر مثبت اثرات کی حامل رہے گی، ہم اپنی کوشش اور جدوجہد سے ان اثرات کے فوائد حاصل کرسکتے ہیں، وہ لوگ جو اپنے درست زائچہ ء پیدائش کے مطابق اپنے پیدائشی برج سے واقفیت رکھتے ہیں، علم نجوم سے حقیقی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں لیکن اکثریت جو اس علم سے دلچسپی رکھتی ہے، عام طور پر نہیں جانتی کہ ان کا پیدائشی برج کیا ہے، وہ صرف اپنے شمسی برج (Sun sign) سے واقف ہوتے ہیں اور اسی کے مطابق اپنے حالات و واقعات کا اندازہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں،یہ طریق کار درست نہیں ہے،حقیقی رہنمائی اس سے حاصل نہیں ہوتی، علم نجوم کا شوق رکھنے والوں کو اپنے پیدائشی برج (Birth sign) سے آگاہ ہونا چاہیے اور یہ تب ہی ممکن ہوتا ہے،جب مکمل تاریخ پیدائش کے ساتھ وقت پیدائش بھی آپ کے علم میں ہو۔
فروری کے مہینے میں پیدائشی برج سرطان، اسد اور دلو سے تعلق رکھنے والے افراد مسائل اور مشکلات کا سامنا کرسکتے ہیں، اس کے علاوہ دیگر تمام برجوں سے متعلق افراد کی پوزیشن بہتر رہے گی،وہ مختلف حوالوں سے کامیابی اور فوائد حاصل کرسکیں گے۔
پاکستان کے زائچے کے مطابق بھی مجموعی صورت حال مثبت رُخ اختیار کر رہی ہے، معیشت کی صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے، اگرچہ حکومت کے لیے ابھی بہت سے چیلنج موجود ہیں، نئے منی بجٹ میں عوامی مسائل کو اہمیت دی گئی ہے جس کا فائدہ یقیناً عوام تک پہنچے گا، فروری کا مہینہ عدلیہ اور آئینی و قانونی معاملات کے اعتبار سے اہم رہے گا، نئے چیف جسٹس کی عملی کوششوں کا مظاہرہ سامنے آئے گا، مجموعی طور پر عدلیہ کی سابقہ فعالیت برقرار رہے گی، اسی طرح انتظامی امور میں بھی اہم فیصلے اور اقدام سامنے آئیں گے، البتہ سیارہ عطارد کی خراب پوزیشن میڈیا کے حالات کو مزید خراب کرنے کا باعث رہے گی (واللہ اعلم بالصواب)
فروری کے ستارے
نئے سال کا دوسرا مہینہ شروع ہوا چاہتا ہے،سالانہ سیاروی گردش اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہی ہے،زائچہ ء پاکستان میں سیارے آہستہ آہستہ اب بہتر پوزیشن کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک میں مثبت فیصلوں اور اقدام کا امکان نظر آتا ہے، حکمرانی و اقتدار کا سیارہ شمس انوکھے اور روایت شکن برج دلو میں حرکت کر رہا ہے، 19 فروری کو اپنی گردش کے اختتامی برج حوت میں داخل ہوگا۔
آسمانی کونسل کا وزیر اطلاعات و نشریات سیارہ عطارد برج دلو میں حرکت کر رہا ہے اور غروب ہے، 10 فروری سے اپنے ہبوط کے برج حوت میں داخل ہوگا، گویا ہمارے میڈیا کی روز بہ روز بدتر ہوتی صورت حال مزید خرابی کا شکارہوگی۔
توازن اور ہم آہنگی ، محبت و دوستی کا سیارہ زہرہ برج قوس میں ہے، چار فروری کو برج جدی میں داخل ہوگا جہاں اس کی پوزیشن زیادہ بہتر ہوگی۔
قوت و توانائی کا سیارہ مریخ اپنے ذاتی برج حمل میں حرکت کر رہا ہے،14 فروری کو برج ثور میں داخل ہوگا،اپنے ذاتی برج میں موجودگی مختلف نوعیت کے کاموں خصوصاً ٹیکنیکل امور میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
وسعت اور ترقی کا سیارہ مشتری برج قوس میں ہے جو اس کا اپنا برج ہے، گزشتہ ماہ اس کی پوزیشن بہت بہتر نہیں تھی لیکن فروری میں یہ بھی اچھے اثرات ظاہر کرے گا۔
افرادی قوت و زراعت کا سیارہ زحل بھی گزشتہ ماہ غروب رہا، اب طلوع ہوچکا ہے اور بہتر پوزیشن میں ہے،برج جدی میں حرکت کر رہا ہے جو اس کا اپنا برج ہے،اختراعات و ایجادات اور چونکا دینے والے واقعات کا حامل سیارہ یورینس برج حمل میں حرکت کر رہا ہے،نیپچون برج حوت میں جب کہ پلوٹو برج جدی میں ہے،راس و ذنب بالترتیب برج سرطان اور جدی میں حرکت کر رہے ہیں، یہ سیاروی پوزیشن یونانی علم نجوم کے مطابق ہے۔
نظرات و اثراتِ سیارگان
فروری میں باہمی سیاروی زاویے زیادہ تر مثبت اثر رکھنے والے ہیں، اس اعتبار سے یہ سال کا پہلا مثبت اثر مہینہ ہے، اس مہینے میں نحس اثر کے حامل صرف دو زاویے تربیع کے ہیں، باقی تمام زاویے سعد اثر رکھتے ہیں، تثلیث کا ایک زاویہ چار قرانات اور تسدیس کے 9 زاویے تشکیل پارہے ہیں، جن کی تفصیل ترتیب وار درج ذیل ہے۔
2 فروری: مریخ اور پلوٹو کے درمیان تربیع کا نحس ترین زاویہ مہینے کی ابتدا ہی میں کسی ناخوش گوار صورت حال کی نشان دہی کر رہا ہے،پاکستان کو بیرونی دباؤ برداشت کرنا پڑے گا، ناپسندیدہ اور دشمن عناصر کی کارروائیوں میں اضافہ ہوگا، عام آدمی کی زندگی میں اگرچہ زاویہ فوری اثرات کا حامل نہیں ہوتا، البتہ اس وقت ٹھنڈے دل و دماغ سے کام لینے کی ضرورت ہوتی ہے، دوسروں پر بے جا دباؤ نہ ڈالیں اور اسی طرح ان کے ناجائز دباؤ کو بھی قبول نہ کریں۔
3 فروری: زہرہ اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ باہمی تعلقات اور محبت و دوستی سے متعلق معاملات میں نئی اور غیر متوقع پیش رفت لائے گا، یہ وقت نئے منصوبوں پر کام کرنے اور نئے آئیڈیاز پر غوروفکر کرنے کے لیے بہت بہتر ہوتا ہے،رومانی اور تفریحی نوعیت کی دلچسپیاں خوش گوار ہوں گی،بعض لوگوں کی منگنی یا شادی اچانک ہوسکتی ہے، بعض کی زندگی میں محبت کا عنصر بھی غیر متوقع طور پر نمودار ہوسکتا ہے۔
4 فروری: عطارد اور مشتری کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ میڈیا میں مثبت رجحانات اور نئے امکانات کا باعث ہوگا، بعض خرابیوں کو درست کرنے کا موقع ملے گا، عام لوگوں کے لیے یہ نظر کاروباری ترقی ، نئی جاب، سفر کا امکان ظاہر کرتی ہے لیکن عطارد غروب ہے لہٰذا یہ بھی ممکن ہے کہ کوئی کام ہوتے ہوتے رہ جائے۔
8 فروری: شمس اور مشتری کے درمیان تسدیس کا زاویہ اور ساتھ ہی عطارد اور مریخ کے درمیان تسدیس کا زاویہ نہایت اہم نظرات ہیں جن کے مثبت اثرات ملک میں نئے امکانات کی نشان دہی کر رہے ہیں، نئی قانون سازی کی راہ ہموار ہوسکے گی یا حکومت نئے قوانین متعارف کراسکتی ہے،عام لوگوں کے لیے بھی یہ وقت نئے کاموں کی ابتدا اور گورنمنٹ سے متعلق قانونی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا، ٹرانسپورٹ، مشینری سے متعلق کام بہتر طور پر انجام پائیں گے خاص طور پر ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں مدد ملے گی۔
10 فروری: عطارد اور یورینس کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ملک میں میڈیا کے مسائل کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، نئی چونکا دینے والی مثبت خبریں سامنے آئیں گی، عام لوگوں کے لیے غیر روایتی انداز میں کام کرنا فائدہ بخش ثابت ہوگا، کسی نئی تبدیلی یا نئے آغاز کے لیے اچھا وقت ہوگا، یہ وقت نئی پروڈکٹس کو متعارف کرانے کے لیے بھی موافق ہے، آئی ٹی سے متعلق بزنس یا جدید الیکٹرونکس کی مصنوعات کو سامنے لانے کے لیے بہتر ہوگا۔
13 فروری: مریخ اور یورینس کے درمیان تربیع کا زاویہ ملے جلے اثرات کا حامل ہے جو مثبت بھی ہوسکتے ہیں اور منفی بھی، اس وقت بہت غوروفکر اور دانش مندی سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،اچانک کیے گئے فیصلے نقصان دہ ہوتے ہیں، یہ وقت حادثات و سانحات کا باعث بھی ہوسکتا ہے،عام لوگ لڑائی جھگڑے اور بحث و تکرار سے گریز کریں، مشینری اور الیکٹرونکس آلات کے استعمال میں بھی محتاط رہیں۔
17فروری: زہرہ اور نیپچون کے درمیان تسدیس کا زاویہ مثبت اثر رکھتا ہے،تخلیقی اور فنکارانہ نوعیت کے کاموں کے لیے بہتر وقت ہے،رومانی اور تفریحی دلچسپیاں خوش گوار اور پرلطف ثابت ہوتی ہیں، خواتین سے تعلقات بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے، اسی طرح خواتین کو بھی اس کے مثبت فوائد حاصل ہوتے ہیں لیکن انھیں اپنے جذبات پر قابو رکھنے کی ضرورت ہوگی۔
18 فروری: شمس اور یورینس کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ اور اس کے ساتھ زہرہ اور زحل کا قران بھی موجود ہے،دونوں مثبت اثر رکھنے والے زاویے ہیں، ملک میں حکومت کے چونکا دینے والے غیر متوقع فیصلے اور اقدام سامنے آسکتے ہیں جو مثبت ہوں گے،عام افراد اور خصوصاً خواتین کے حوالے سے حکومت اچھے اعلانات کرسکتی ہے،اس وقت گورنمنٹ کے ذریعے فوائد حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، یہ وقت ازدواجی زندگی کے استحکام اور دوسروں سے تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی معاون و مددگار ہے۔
19 فروری: عطارد اور نیپچون کا قران زبردست نوعیت کی تخلیقی انرجی پیدا کرتا ہے، اس وقت نئے آئیڈیاز پیدا ہوتے ہیں جو مثبت بھی ہوسکتے ہیں اور منفی بھی، منفی خیالات اور آئیڈیاز سے بچنے کی ضرورت ہوگی، اس وقت میں غیر معمولی تخلیقات وجود میں آتی ہیں، انسان کی وجدانی قوتیں بے دار ہوتی ہیں، گہرے اور پیچیدہ نوعیت کے معاملات پر غوروفکر کے لیے مناسب وقت ہے۔
20 فروری: عطارد اور زحل کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ ملک میں عام لوگوں کی بہتری اور بھلائی کے لیے فیصلے اور اقدام لاسکتا ہے، عام افراد کے لیے سفر میں سہولت یا کسی رکاوٹ کا خاتمہ، اہم معاہدات کی تکمیل کا باعث ہوگا، یہ وقت نئے معاہدات کے لیے بھی بہتر ہوگا۔
23 فروری: عطارد اور مشتری کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ قائم ہوگا، کاموں میں رکاوٹ خصوصاً سفر اور تعلیمی نوعیت کی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں، تحریری و تقریری معاملات میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، غلطیوں کا امکان ہے، قانونی امور میں الجھاؤ پریشانی کا باعث بن سکتا ہے،کوئی فیصلہ خلاف آسکتا ہے۔
اسی روز زہرہ اور پلوٹو کے درمیان قران ہے اور عطارد و پلوٹو تسدیس کی نظر بنائیں گے، گویا 23 فروری کے آس پاس خاصے محتاط انداز میں فیصلے اور اقدام کریں، بہتر ہوگا کہ اہم نوعیت کے امور کو کسی اور وقت پر ٹال دیں، اس وقت ناجائز دباؤ بھی آسکتا ہے اور آپ زیادہ جارحانہ موڈ میں بھی ہوسکتے ہیں، زہرہ اور پلوٹو کی نظر خواتین کو زیادہ جذباتی اور جارح بناسکتی ہے، انھیں اپنے غصے پر قابو پانے کی ضرورت ہوگی۔
28 فروری: شمس اور مریخ کے درمیان تسدیس کا زاویہ مثبت اثر رکھتا ہے، حکومت و فوج کے درمیان ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا، مشترکہ نوعیت کے اقدام سامنے آئیں گے، صحت کے مسائل کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی، عام آدمی کو اپنی پروموشن یا حکومت سے متعلق بزنس کے لیے کوشش تیز کرنی چاہیے، یہ وقت مددگار ہے، اپنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بھی کوشش کرنا مفید ثابت ہوگا۔
شرف قمر
سیارہ قمر ہمارا قریبی ہمسایہ ہے لہٰذا اس کے اثرات کرۂ ارض پر فوری اثر ظاہر کرتے ہیں، مزید یہ کہ دیگر سیارگان کے اثرات کو بھی کرۂ ارض پر منتقل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے،اس ماہ یہ اپنے شرف کے برج ثور میں 11 فروری کو داخل ہوگا اور درجہ ء شرف پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 10:19 am سے 12:13 am تک رہے گا، جب کہ جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق صبح 05:19 am سے 07:13 am تک ہوگا، دیگر ممالک کے لوگ پاکستان ٹائم سے یا جی ایم ٹی ٹائم سے اپنے ملک کا فرق معلوم کرکے اس وقت کو درست کرسکتے ہیں۔
قمر کا شرف سعادت اثر ہے، اس وقت کارخیر کے لیے اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں، یہ شرف قمر چاند کی شروع تاریخوں میں ہونے کی وجہ سے عروج ماہ کا شرف ہے جو زیادہ پُرتاثیر اور باقوت ہے، اس وقت میں برکاتی انگوٹھی یا لوح شرف قمر نورانی وغیرہ اور دیگر قمر سے متعلق ضروری عملیات و وظائف کرنا مفید ثابت ہوگا، اس وقت سے وہ لوگ بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں جو کسی ذہنی اور دماغی بیماری کی وجہ سے پریشان ہوں یا جن کے زائچہ پیدائش میں سیارہ قمر کی پوزیشن خراب ہو۔
اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم سیارہ قمر سے منسوب ہے، ان کے کل اعداد 556 ہیں، شرف کے وقت میں یہ اسمائے الٰہی اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے نیک اور جائز مقاصد کے لیے دعا کرنا افضل اور معتبر ہے،برسوں سے یہ وظیفہ ہم اپنے قارئین کو بتارہے ہیں اور ہزاروں افراد اس سے فائدہ اٹھاچکے ہیں۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر کو شرف کی بہتر پوزیشن اگر برج ثور میں حاصل ہوتی ہے تو اس کے برعکس برج ثور کے مقابل برج عقرب میں یہ اپنی بدترین حالت میں ہوتا ہے جسے ہبوط (Debilated) کہا جاتا ہے، اس ماہ سیارہ قمر برج عقرب میں 23 فروری کو داخل ہوگا لیکن اپنے ہبوط کے درجے پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 24 فروری کو رات 12:22 am سے 02:05 am تک رہے گا ، جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 23 فروری کو 07:22 pm سے 09:05 pm تک درجہ ء ہبوط پر ہوگا۔
شرف کے برعکس یہ نہایت نحس اثر رکھنے والا وقت ہے، اس وقت کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے، اس دوران میں کسی نیک عمل کا فائدہ نہیں ہوتا، البتہ اس وقت برائیوں، خرابیوں سے نجات کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوتاہے، خصوصاً ایسے اوقات میں بری عادتوں اور برے کاموں کی بندش کی جاتی ہے، گزشتہ دنوں چاند اور سورج گہن کے حوالے سے جو عملیات و وظائف دیے گئے تھے وہ اس وقت کیے جاسکتے ہیں۔