شرف آفتاب اور لوح شمس نورانی ،اوقات و طریق کار

عروج و ترقی ،عزت و مرتبہ،صحت و سلامتی کے لیے تحفہ ءخاص

سورج جب برج حمل میں داخل ہوتا ہے تو اسے شرف کی قوت حاصل ہوتی ہے، یہ وقت ہر سال تقریباً اپریل میں آتا ہے، سورج کو تمام سیارگان میں ایک شہنشاہ کا مقام حاصل ہے، زمین پر سب سے زیادہ طاقت ور اثر ڈالنے والا اور زندگی اور توانائی کا سرچشمہ۔
برج حمل میں اس کے داخلے سے دنیا میں موسم بہار کا آغاز ہوتا ہے، ماہرین علم جفر و نجوم اس کے شرف کی قوت کو تسخیر خلائق بلندی مراتب، قوت و اقتدار کی حصولیابی، مقدمات اور مقابلوں میں فتح یابی، رعب و دبدبہ، اعلیٰ حکام و افسران بالا کے سامنے عزت و مقام اور صحت و تندرستی کے اعمال کے لیے مفید و اہم سمجھتے ہیں لہٰذا اس وقت صحت و ترقی اور عزت و مرتبے کے لیے الواح و نقوش تیار کرتے ہیںلیکن اکثر اوقات شرف کے موثر ہونے میں علم نجوم سے مکمل آگاہی نہ ہونے کے سبب غلطیاں سرزد ہوتی ہیں،حقیقت یہ ہے کہ ہمارے ملک میں ایسے عامل و جفار کم ہیں جو وقت کی سعادت کا مکمل ادراک رکھتے ہوں،عام لوگ رسالوں اور جنتریوں میں شرف شمس کے اوقات دیکھ کر ان کی پیروی کرتے ہیں،حالاں کہ ضروری نہیں ہے کہ وہ اوقات موثر یعنی پرتاثیر بھی ہوں،ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے اور اس سال بھی جنتریوں اور رسالوں میں یونانی حساب سے دیے گئے اوقات اگرچہ درست تھے لیکن اسی دوران میں قمر در عقرب بھی تھا لہٰذا جن لوگوں نے بھی اس سال یونانی قواعد کے مطابق 08 اپریل سے 09 اپریل کے درمیان شرف شمس کے اعمال کیے،وہ قمر در عقرب کی وجہ سے ضائع ہوگئے،قمر کی سعادت و نحوست ہر قسم کے اعمال جفری میں نہایت اہمیت کی حامل ہے،خصوصاً الواح اور دیگر نقوش و طلسمات کے حوالے سے قمر کی بہتر پوزیشن کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،اس وضاحت کی ضرورت اس لیے پیش آئی کہ بے شمار لوگوں نے ہمیں فون کرکے شرف شمس کے اوقات کے بارے میں معلوم کیا اور جب ہم نے انھیں یہ بتایا کہ عام جنتریوں وغیرہ میں جو اوقات دیے گئے ہیں،اس وقت قمر چوں کہ برج عقرب میں ہوگا لہٰذا وہ اوقات غلط ہیں تو وہ بہت حیران ہوئے ،بہر حال وہ تمام لوگ جو جفری اعمال کا شوق رکھتے ہیں، انھیں چاہیے کہ صرف جنتریوں اور رسالوں میں دیے گئے شرف اور اوج وغیرہ کے اوقات پر آنکھیں بند کرکے بھروسا نہ کیا کریں ورنہ ان کی محنت بھی ضائع ہوگی اور پیسا بھی۔
ہم اس بحث میں نہیں پڑنا چاہتے کہ اوقات شرف و اوج یونانی یعنی مغربی سسٹم کے مطابق زیادہ درست اور موثر ہیں یا مشرقی ویدک سسٹم کے مطابق درست اور موثر ہیں،ہمارے نزدیک اہم بات یہ ہے کہ کوئی بھی سیارہ شرف میں ہو یا اوج کی حالت میںاس وقت باقوت ہو اور ساتھ ہی قمر بھی ہر قسم کی نحوست سے پاک اور طاقت ور ہو تب ہی الواح و نقوش میں تاثیر پیدا ہوسکتی ہے،چناں چہ ہم اسی مناسبت سے اوقات کا تعین کرتے ہیں،ہمارے نزدیک اس سال یکم مئی کا دن نہایت مناسب ہے،اس روز شمس و مریخ کے علاوہ سیارہ قمر بھی باقوت پوزیشن میں ہوگا لہٰذا شمس کی ساعتیں کارآمد ہوں گی اور وہ بھی صرف دن کی ساعتیں،آپ شرف شمس سے متعلق کوئی بھی عمل کرنا چاہیں تو دن کی ساعتوں میں کریں،اس روز اسلام آباد ٹائم کے مطابق پہلی ساعت شمس 09:50 am سے 10:58 am تک ہوگی جب کہ دوسری شام 05:42 pm سے 06:45 pm تک ہوگی۔
ہم یہاں ایک ایسی جامع چیز پیش کر رہے ہیں جسے تیار کرنے والا بے شمار مقاصد و فوائد حاصل کرسکتا ہے، یاد رہے کہ یہ لوح مبارک اوپر بیان کیے گئے فوائد کے ساتھ ہر قسم کے سحروجادو اور دشمنوں کی کارروائی سے محفوظ رکھنے کا بھی موثر اور طاقت ور ذریعہ ہوگا۔
اسمائے الٰہی میں” الحیّ“ اور ”القیوم“ کو اسم اعظم کہا گیا ہے، یہ اسمائے الٰہی آیت الکرسی میں ابتدا ہی میں موجود ہے، بعض روحانی سلاسل میں ان کا ورد بطور اسم اعظم مروج ہے، الحّی، ہمیشہ زندہ رہنے والا اور القیوم ہمیشہ قائم رہنے والا، صفاتی اسما میں یہ دونوں اسم مبارک جن صفات کا اظہار کر رہے ہیں، یہ بہت ہی بزرگ و برتر صفات ہیں اور کائنات میں اللہ رب العزت کے سوا کوئی دوسرا فرد یا کوئی دوسری شے ان صفات کے ہر گز لائق نہیں ہے، پہاڑ، دریا ، سمندر، زمین، سیارے، آسمان اور کہکشائیں سب ایک روز فنا ہوجائیں گے، خدا معلوم کس شاعر نے اتنی سادگی سے اس قدر سچی بات کہہ دی بس ہمیشہ رہنے والی وہ خدا کی ذات ہے۔
قصہ مختصر جس طرح سیارگان کے درمیان شمس بادشاہ کا درجہ رکھتا ہے، اسی طرح اسم ذات اللہ کے بعد اسمائے صفات میں یا حی یا قیوم کی نورانیت میں بھی کوئی شبہ نہیں ہے، شرف شمس کے موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہم نے یہی دو اسمائے الٰہی منتخب کیے ہیں، جفرونجوم کے ماہرین سیارہ شمس سے انہی اسمائے الٰہی کو منسوب کرتے ہیں، دونوں اسما کے اعداد کا مجموعہ 174 ہے۔
اب اگر عام قواعد کے مطابق ان اسما کا نقش تیار کیا جائے تو نقش کی مخصوص چال کی پابندی ضروری ہوگی، شمس کا نقش مسدس ہے یعنی چھتیس خانوں کا 6×6 نقش، اس کی مخصوص چال کے مطابق نقش تیار کرنا عام آدمی کا کام نہیں ہے، چناں چہ ہم نے مفاد عامہ کی خاطر اس کی ایسی لوح ترتیب دے دی ہے جس میں مشکل چال سے نجات مل جائے گی اور اثر پذیری برقرار رہے گی، وہ لوح یہ ہے۔

لوح شمس

شمس کی ساعت میں اس لوح کو سونے، چاندی یا ہرن کی جھلی پر لکھیں، اس طرح کہ پہلے چھ در چھ خانوں کا ایک نقش تیار کریںپھر پہلے 786 لکھ کر حیّ قیوم کے حروف اسی ترتیب سے لکھتے جائیں جس طرح ہم نے لکھے ہیں، یعنی پہلے خانے میں ”ح“ لکھیں پھر اس کے نیچے دو خانوں میں ”ی“ لکھیں پھر نیچے کے تین خانے ”ق“ لکھ کر بھردیں پھر اسی طرح”و“ اور ”م“ تک خانے بھردیں پھر اسی طرح خانے بھرتے ہوئے نیچے کی طرف اترتے چلے جائیں اور آخر میں سب سے نیچے کے خانے میں ”ح“ لکھ کر نقش پورا کرلیں، نقش بھرنے سے پہلے جب نقش کے خانے بنالیں تو نقش کے چاروں کونوں پر یہ چار لفظ لکھ دیں، پہلے کونے پر ”قولہ“ اور دوسرے پر ”الحق“ تیسرے پر ”ولہ“ پھر چوتھے پر ”الملک“، اسی طرح چاروں ملائکہ کے نام بھی ارد گرد لکھ دیں، پہلے جبرائیل پھر عزرائیل پھر میکائیل پھر اسرافیل۔
جب نقش مکمل ہوجائے تو اس کی پشت پر شمس کے موکلات اور طلسم لکھ دیں جو یہ ہیں” یاروقیائیل ابو عبداللہ المذہب“ اس کے ساتھ ہی اسمائے شمس بھی لکھے جائیں گے جو یہ ہیں ”ابرصا صبرصا صورصا صارصا“

طلسم کی شکل یہ ہے۔

طلسم برائے لوح شمس

اب 174 مرتبہ یا حیّ یا قیوم اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر نقش پر دم کردیں،کچھ زرد رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دیں اور لوح کو موم جامہ ، پلاسٹک کوٹڈ یالیمی نیشن کرکے اپنے پاس رکھیں،خیال رہے کہ موم جامہ خاصی پرانی روایت ہے، بہت سے لوگ تو اب جانتے ہی نہیں کہ موم جامہ کیا ہوتا ہے ،جدید طریقہ پلاسٹک کوٹڈ یا لیمی نیشن ہے۔
سمجھ لیں کہ آپ کے پاس ایک ایسی قوت آگئی ہے جو سحروجادو، آسیب و جنات اور دیگر بیماریوں کے خلاف جنگ میں مددگار ہوگی، اگر آپ کی ترقی رکی ہوئی ہے تو اعلیٰ افسران و حکام بالا آپ کی بات نہیں ٹال سکیں گے، عزت و مرتبہ میں اضافہ ہوگا، مقدمات میں کامیابی ملے گی، اگر کسی پر آسیب وغیرہ ہے یا سحروجادو کا اثر ہے تو اس لوح کو اس کے بازو پر باندھ دیں اور 174مرتبہ یا حیّ یا قیوم پڑھ کر اس کے دونوں کانوں میں دم کریں، ان شاءاللہ ٹھیک ہوجائے گا، لوح کو پانی میں ڈال کر اس کا پانی پلانے سے بھی بیماریوں میں شفا ہوگی، غرض اس کے بے شمار فوائد ہیں جس کے پاس یہ لوح ہوگی ، لوگوں پر اس کا رعب و دبدبہ رہے گا، عزت و احترام سے پیش آئیں گے، اس نقش معظم کو اگر گولڈن کاغذ پر مشک زعفران اور عرق گلاب سے لکھ کر فریم کرالیں اور گھر میں مشرق کی سمت لگادیں تو گھر تمام بلاوں سے محفوظ رہے گا، آخری بات یہ کہ جو لوگ علم النقوش سے واقفیت رکھتے ہیں اور مسدس نقش کی چال سمجھتے ہیں وہ اس چال کے مطابق تیار کریں، کسی مجبوری کے تحت اگر خود تیار نہ کرسکتے ہوں تو وقت سے پہلے ہم سے رابطہ کریں، وہ لوگ جن کا برج اسد ،ستارہ شمس ہے ان کے لیے یہ لوح عروج و ترقی ہے،اس لوح کو پاس رکھنے والا کبھی بھی زوال کا شکار نہیں ہوتا، زندگی کے اونچے نیچے راستوں پر اسے قدم قدم پر اللہ کے ان مقدس ناموں کی مدد حاصل رہتی ہے،بہترین بات یہ ہوگی کہ دونوں اسمائے الٰہی یا حیّ یا قیوم روزانہ صبح سورج نکلنے کے وقت 174 مرتبہ ضرور پڑھ لیا کریں تاکہ اس لوح کے موکلات ہمہ وقت آپ کے معاون و مددگار رہیں۔