حمل سے حوت تک بارہ بروج کے لیے فوائد اور نقصانات کا جائزہ
سال 2022 کئی اعتبار سے نہایت غیر معمولی سال ہے،عام طور پر ایسے سال خصوصیت کے حامل ہوتے ہیں جب اہم سیارگان مشتری اور زحل یا راہو اور کیتو برج تبدیل کرتے ہیں، ایسی صورت میں دائرئہ بروج کے تقریباً سارے ہی برج کسی نہ کسی طور متاثر ہوتے ہیں، مثبت انداز میں یا منفی انداز میں اور نتیجے کے طور پر قوموں، ملکوں اور عام افراد کی زندگی میں اُتار چڑھاو پیدا ہوتا ہے، جیسا کہ ہم سب دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان میں اس سال کی ابتدا ہی سے ملکی معاملات میں اور خاص طور پر سیاسی صورت حال میں ایک نئی لہر پیدا ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں اپریل میں ایک حکومت ختم ہوئی اور اب دوسری حکومت مسلسل دباو اور پریشانیوں کا شکار نظر آتی ہیں، نئے انتخابات کی باتیں ہورہی ہیں، پنجاب کی صورت حال بے حد پیچیدہ اور الجھی ہوئی ہے، تقریباً ایک ماہ سے پنجاب اسمبلی میں شدید نوعیت کا بحران جاری ہے،ملک میں انتخابی جلسوں کا آغاز ہوچکا ہے، حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان بدترین نوعیت کے اختلافات موجود ہیں،ساتھ ہی دہشت گردی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے،ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے،ماہرین معاشیات ملک کے دیوالیہ ہونے کا امکان ظاہر کر رہے ہیں، مہنگائی کا ایک طوفان ہے جو روز بہ روز بڑھتا جارہا ہے۔
عزیزان من! اس سال مارچ میں راہو کیتو نے برج تبدیل کیے، پھر 14اپریل کو سیارہ مشتری اپنے ذاتی برج حوت میں داخل ہوا اور 29 اپریل کو سیارہ زحل برج دلو میں داخل ہوا، اس سے پہلے 28 فروری کو برج جدی میں 6سیارگان کا ایک بڑا اجتماع ہوا ، یہ اس سال کی اہم ترین سیاروی پیش رفت تھی، پاکستان کے زائچے پر اس سیاروی پیش رفت کے حوالے سے ہم وقتاً فوقتاً اظہار خیال کرتے رہے ہیںلیکن آج ہمارا موضوع عام افراد ہیں، اس سیاروی صورت حال کے پیش نظر عام آدمی اپنے برج کے مطابق کس قسم کے مثبت یا منفی اثرات کا شکار ہوسکتا ہے، اس کا جائزہ پیش کیا جارہا ہے۔
راہو کیتو(راس و ذنب)
راہو کیتو درحقیقت سیارے نہیں ہیں،یہ دو پرچھائیاں ہیں جو ادائرئہ بروج میں ایک دوسرے کے مقابل اور سیاروی رفتاروں کے برعکس الٹی چال پر حرکت کرتی ہےں،کسی ایک برج میں ان کا قیام تقریباً 19 ماہ رہتا ہے،یہ دونوں آمنے سامنے جن برجوں میں حرکت کر رہے ہوتے ہیں،اس سال تقریباً تمام سورج اور چاند گہن انہی برجوں میں لگتے ہیں، گزشتہ 19 ماہ سے یہ اپنے شرف کے برج ثور اور عقرب میں حرکت کر رہے تھے، اس سال 14 مارچ سے یہ دونوں پرچھائیں سیارے راہو اور کیتو بالترتیب برج حمل اور میزان میں داخل ہوگئے ہیں اور آئندہ سال 30 نومبر 2023 تک انہی دو برجوں میں اپنی الٹی اور سیدھی رفتار سے حرکت کریں گے،آئیے دیکھتے ہیں برج حمل اور میزان میں قیام کے دوران میں یہ 12 برجوں کو کس طرح متاثر کریں گے، واضح رہے کہ راہو کیتو اپنی فطرت میں نحس اثر رکھتے ہیں، ان سے خیر کی توقع کم ہی رکھی جاتی ہے اور جیسا کہ پہلے عرض کیا ہے کہ یہ جن بروج میں حرکت کر رہے ہوں ، سورج اور چاند گہن بھی انہی برجوں میں لگتے ہیں ۔
عام لوگ اپنے شمسی برج (Sun sign) کے مطابق اپنے حالات جاننے کی کوشش کرتے ہیں، ہمارا مشورہ یہ ہے کہ شمسی برج کو اپنے حالات سے واقفیت کے لیے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے بلکہ اپنے پیدائشی برج کے مطابق سیاروی گردش کا مطالعہ کرنا چاہیے،پیدائشی برج آپ کے پیدائش کے وقت سے معلوم ہوتا ہے جو ظاہر ہے کہ ایک عام آدمی معلوم نہیں کرسکتا لہٰذا کسی بھی ایسٹرولوجر سے اپنا مکمل زائچہ ءپیدائش بنواکر پیدائشی برج معلوم کرنا چاہیے تاکہ درست رہنمائی حاصل ہوسکے۔
برج حمل
وہ لوگ جن کا پیدائشی برج حمل ہے اور حاکم سیارہ مریخ ہے، راہو ان کے زائچے کے پہلے گھر میں آئندہ سال نومبر تک رہے گا جب کہ کیتو ان کے زائچے کے ساتویں گھر برج میزان میں حرکت کر ے گا، آئندہ تمام سورج اور چاند گہن برج حمل اور میزان ہی میں واقع ہوں گے، گویا حمل اور میزان افراد خصوصی طور پر راہو کیتو کے نحس اثرات سے متاثر ہوں گے، آپ کے ذاتی زائچے کا وہ درجہ اہمیت کا حامل ہے جو پیدائش کے وقت طلوع تھا، جب راہو اور کیتو اس درجے پر آئیں گے تو وہ زیادہ سخت اور مشکلات سے بھرپور ہوگا۔
برج حمل میں راہو کی موجودگی آئندہ 19 ما ہ تک آپ کی صحت کے معاملات کو متاثر کرسکتی ہے، اس کے علاوہ آپ کی شریک حیات یا آپ کے کاروباری پارٹنر کے صحت کے معاملات بھی متاثر ہوسکتے ہیں، اس عرصے میں کوئی تنازع یا پریشانی باہمی تعلقات میں بھی پیش آسکتی ہے جس کے نتیجے میں آپ کی آمدن کے معاملات بھی اُتار چڑھاو کا شکار رہیں گے، حمل افراد کو محتاط رہنا چاہیے جو اس تمام عرصے میں وہ بہت زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہوکر کسی معاملے میں کوئی رسک لے سکتے ہیں جس کا نتیجہ بعد میں بہتر نہیں ہوگا، انھیں خاص طور پر 15 مارچ سے 15 اپریل،15 ستمبر سے 15 اکتوبر اور 15 نومبر سے 15 دسمبر تک بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی کیوں کہ اس عرصے میں وہ زیادہ مسائل اور پریشانیوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔
مشتری: سیارہ مشتری برج حمل والوں کے نویں اور بارھویں گھر کا حاکم ہے،یہ اس سال بارھویں گھر میں حرکت کرے گا، گویا برج حمل کے حامل افراد کی زندگی میں بیرون ملک سفر کا امکان پیدا ہوگا وہ حج و عمرہ وغیرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے یا روزگارکے سلسلے میں بیرون ملک جاسکیں گے،ان کی زندگی میں اخراجات میں اضافہ ہوگا، انھیں اپنی والدین کی صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت ہوگی، خصوصاً والد کی صحت، انھیں ایکسپورٹ یا امپورٹ کے کاموں سے فائدہ حاصل ہوگا۔
زحل: سیارہ زحل اس سال کے آغاز سے ان کے زائچے کے دسویں پیشہ ورانہ امور سے متعلق گھر میں حرکت کر رہا ہے، 29 اپریل کو مختصر مدت کے لیے زحل برج دلو میں داخل ہوگا تو کاروباری معاملات میں زائد فوائد حاصل ہوں گے،جولائی سے دوبارہ برج جدی میں آجائے گا ، جدی اور دلو دونوں پیشہ ورانہ امور اور کاروباری فوائد سے متعلق گھر ہیں، یہاں موجودگی کاروبار یا جاب کے معاملات میں بہتر ثابت ہوگی۔
برج ثور
ثور دائرئہ بروج کا دوسرا برج ہے، اس کا حاکم سیارہ زہرہ ہے،گزشتہ 19 ماہ سے راہو کیتو بالترتیب برج ثور اور عقرب میں رہے ہیں، ثور راہو کے شرف کا برج ہے اور عقرب میں کیتو کو شرف ہوتا ہے، اب یہ دونوں پرچھائیں سیارے برج ثور والوں کے بارھویں اور چھٹے گھر میں حرکت کریں گے، گویا آئندہ سورج اور چاند گہن ان کے زائچے کے بارھویں اور چھٹے گھر میں لگیں گے،اس سال یکم مئی کو لگنے والا سورج گہن بارھویں گھر میں لگاتھا۔
ثور افراد خاصے مضبوط اور مستقل مزاج ہوتے ہیں، سختیوں کو برداشت کرنے کا حوصلہ اور ہمت رکھتے ہیں، بارھویں اور چھٹے گھر میں راہو کیتو کی موجودگی کسی صورت بھی خوش گوار نہیں ہے لہٰذا آئندہ 19 ماہ تک ان کے لیے ایک چیلنجنگ ٹائم رہے گا، اس دوران میں انھیں بری صحبت سے بچنے کی بھی ضرورت ہوگی، صحت کے مسائل سرفہرست نمایاں رہیں گے، انھیں جدوجہد اور محنت کرنا ہوگی، ڈاکٹروں سے رابطہ بڑھے گا اور مستقل طور پر دواو¿ں کی ضرورت ہوگی، دوسروں سے اختلافات ، لڑائی جھگڑے ، مقدمات وغیرہ کا سامنا بھی ہوسکتا ہے، انھیں ٹھنڈے دل و دماغ سے کام کرنے کی ضرورت ہوگی، خاص طور پر انھیں 15 اپریل سے 15 مئی ، 15 اکتوبر سے 15 نومبر اور 15 دسمبر سے 15 جنوری تک زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔
مشتری: سیارہ مشتری زائچے کے آٹھویں اور گیارھویں گھر کا حاکم ہے،اس سال گیارھویں گھر میں قیام کرے گا تو مالی معاملات کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، جن لوگوں کے پیدائشی زائچے میں مشتری مضبوط اور طاقت ور ہے انھیں فائدہ دے گا،خاص طور پر ان کے والد یا لائف پارٹنر یا کاروباری پارٹنر کے لیے زیادہ فائدے مند ہوگا، خیال رہے کہ برج ثور کے لیے سیارہ مشتری ایک فعلی منحوس سیارہ ہے لہٰذا کاروباری یا جاب سے متعلق معاملات میں اُتار چڑھاو¿ لائے گا، ان لوگوں کو اپنے شریک حیات یا کاروباری پارٹنر اور بچوں کی صحت کے حوالے سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، جمعرات کے روز صدقات وغیرہ کی پابندی کرنا چاہیے۔
زحل: سیارہ زحل کا تعلق برج ثور سے متعلق افراد کے لیے پیشہ ورانہ سرگرمیوںسے ہے،زحل اس سال زائچے کے نویں گھر اور دسویں گھر میں حرکت کرے گا، اس کی یہ پوزیشن پیشہ ورانہ امور میں ترقی کا باعث ہوگی اور بیرون ملک سفر یا کاروباری معاملات میں بھی معاون ہوگی۔
برج جوزا
برج جوزا دائرئہ بروج کا تیسرا برج ہے،اس کا حاکم سیارہ عطارد ہے جو زائچے کے چوتھے گھر کا بھی حاکم ہے،راہو کیتو زائچے میں پانچویں اور گیارھویں گھر میں حرکت کریں گے،جن کا تعلق زائد آمدنی ، انعامی اسکیموں ، بچوں کے معاملات اور کاروباری مفادات سے ہے لہٰذا ان معاملات میں اکثر اُتار چڑھاو¿ کا سامنا رہے گا، بہت زیادہ فوائد کے ساتھ بہت زیادہ نقصانات کا بھی امکان رہے گا، جوزا افراد تقریباً 2020 سے قسمت کے رحم و کرم پر ہیں، یہی صورت حال اس سال بھی رہے گی، اس سال ان کی زندگی میں نئے دوستوں کا اضافہ ہوگا، بہتر ہوگا کہ خراب صحبت سے دور رہیں اور غیر قانونی سرگرمیوں سے اجتناب کریں، عارضی نوعیت کے فوائد کو اہمیت نہ دیں بلکہ مستقبل کے پائیدار فوائد کو مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کریں۔
مشتری: سیارہ مشتری ایک سال کے لیے زائچے کے دسویں گھر میں پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں اضافہ لائے گا، وہ اپنے کاروبار یا جاب سے متعلق معاملات میں شہرت اور عزت کمائیں گے، زندگی میں ترقی کے نئے راستے کھلیں گے، صحت بہتر ہوگی، رہائش سے متعلق مسائل کے حل میں مدد ملے گی یا پراپرٹی سے متعلق معاملات میں بہتری آئے گی، کاروباری یا جاب سے متعلق معاملات میں زیادہ سفر کریں گے، بیرون ملک سفر یا قیام کے سلسلے میں بھی مشتری کی پوزیشن معاون و مددگار ہوگی۔
زحل: زحل زائچے کے آٹھویں، نویں گھر کا حاکم ہے اور برج جوزا والوں کا لکی سیارہ ہے،گزشتہ دو سال سے آٹھویں گھر میں مقیم ہے جس کی وجہ سے جوزا فراد اپنے مستقبل کے منصوبوں میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں کرسکے ہوں گے،اس سال مختصر مدت کے لیے سیارہ زحل 29 اپریل کو نویں گھر میں آئے گا تو بعض رکے ہوئے معاملات کے سلسلے میں امید کی نئی کرن پیدا ہوگی لیکن جولائی سے دوبارہ آٹھویں گھر میں چلا جائے گا، جوزا والوں کو اپنی کوششیں جاری رکھنا چاہئیں، اس سال جو نئی امیدیں پیدا ہوں گی ان کی تکمیل آئندہ سال 2023 میں ہوسکے گی، جوزا فراد کے لیے 15 مئی سے 15 جون ، 15 نومبر سے 15 دسمبر اور 15 جنوری سے 15 فروری کا عرصہ مشکلات و مسائل کا باعث ہوسکتا ہے،اس عرصے میں صدقات و خیرات زیادہ کریں۔
برج سرطان
برج سرطان دائرئہ بروج کا چوتھا برج ہے، اس کا مالک سیارہ قمر ہے،سرطانی افراد کے زائچے میں راہو کیتو بالترتیب دسویں اور چوتھے گھر میں رہیں گے اور اس پوزیشن میںجب وہ دسویں گھر کے حساس پوائنٹ سے دور ہوں گے تو غیر ممالک سے رابطے اور کام کے ذریعے زیادہ فوائد حاصل کریں گے لیکن جب دسویں اور چوتھے گھر کے حساس پوائنٹ کے قریب ہوں گے تو سنجیدہ نوعیت کے چیلنج پیشہ ورانہ معاملات میں پیدا کریں گے جن کی وجہ سے سرطانی افراد کی ساکھ کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اسی طرح گھریلو یا خاندانی معاملات میں اور پراپرٹی کے امور میں پریشانیوں کا سامنا ہوسکتا ہے یا بعض کاموں میں رکاوٹ آسکتی ہے،انھیں پابندی سے ہفتہ اور منگل کے روز اپنا صدقہ دینا چاہیے۔
مشتری: سیارہ مشتری زائچے کے چھٹے اور نویں گھر کا حاکم ہوتے ہوئے زائچے کے نویں گھر میں حرکت کرے گا، سرطانی افراد کے لیے مشتری نحس اثر رکھتا ہے لیکن یہ نحس اثر اس وقت ظاہر ہوگا جب وہ نویں گھر کے حساس مقام کے قریب ہوگا، خاص طور پر ان لوگوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی جن کے طالع کے درجات 4 یا 14ڈگری ہیں۔
اس دوران میں مشتری صحت کے معاملات میں بہتری لائے گا، علاج معالجے کی معقول سہولیات حاصل ہوں گی اور مالی پوزیشن بہتر ہوگی، زیادہ کام کرنا پڑے گا لیکن جب حساس مقام پر ہوگا تو اس کے برعکس اثر دے گا، صحت خراب ہوگی ،قانونی نوعیت کے تنازعات کا سامنا ہوسکتا ہے یا دوسروں سے اختلاف رائے اور تنازعات سامنے آئیں گے، مزاج میں چڑچڑاپن اور جذباتی نوعیت کی عدم برداشت پیدا ہوگی، خواتین کو خاندانی لڑائی جھگڑوں کا سامنا ہوگا، ہر جمعرات کو صدقہ دینا مفید رہے گا۔
زحل: زحل آپ کے زائچے کے ساتویں ، آٹھویں گھر کا مالک ہے اور فعلی منحوس سیارہ ہے،جنوری 2020 سے زائچے کے ساتویں گھر میں حرکت کر رہا ہے جس کی وجہ سے بعض موقعوں پر دوسروں سے قریبی تعلقات میں خرابیاں اور بدمزگیاں رہی ہوں گی، خاص طور پر شریک حیات یا شریک کاروبار کے ساتھ اور گھریلو ماحول میں بھی تناو کی کیفیت پیدا ہوئی ہوگی، اس سال 29 اپریل سے مختصر عرصے کے لیے آٹھویں گھر برج دلو میں داخل ہوگا تو ان لوگوں کے لیے بڑی پریشانیاں ، صدمات اور سانحات کا باعث بنے گا جن کا طالع پیدائش ابتدائی درجات پر ہے،ایسے لوگوں کو خصوصی طور پر ہفتے کے روز پابندی سے صدقات کی پابندی کرنا چاہیے۔
جولائی سے زحل واپس ساتویں گھر میں آجائے گاتو ان لوگوںکے لیے زیادہ فائدہ بخش ہوگا جو بیرون ملک قیام کے لیے کوشاں ہیں یا کسی بھی نوعیت کی شراکت چاہتے ہوں، خیال رہے کہ اس سال بیرون ملک معاملات کے ذریعے بھی انھیں فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔
سرطانی افراد کے لیے 15جون سے 15 جولائی ،15 دسمبر سے جنوری اور 15 فروری سے 15 مارچ کا عرصہ زندگی میں مشکلات ،رکاوٹیں اور پریشانیاں لاسکتا ہے،اس تمام عرصے میں صدقات و خیرات زیادہ کریں۔(جاری ہے)