آمد ماہ رمضان المبارک اور اعمال و وظائف مجربہ

آمد ماہ رمضان المبارک اور اعمال و وظائف مجربہ

رمضان سے قبل عام ضروریات کے لیے مختلف وظائف کا تحفہ خاص

قران شمس و قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 10مارچ کو رات 09:14  پر ہوگا۔ چناں چہ 11 مارچ کو رویت ہلال کا امکان موجود ہے اور پہلا روزہ 12 مارچ بہ روز منگل ہوگا۔
سعادتوں اور روحانی لطافتوں کا مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ ہر سال یہ ماہ مبارک مسلمانوں کی روحانی اصلاح و تربیت کے لئے مخصوص ہے ۔ کائنات کی سب سے عظیم کتاب جو اس کائنات کے خالق عظیم کا کلام مقدس ہے، اسی ماہ مقدس میں اتاری گئی۔ اس ماہ کے 30 دنوں کے روزے مسلمانوں پر فرض کئے گئے اور اس ماہ کی تمام عبادات کی فضیلت دیگر تمام مہینوں پر مقدم کر دی گئی ۔ ہمارے تمام مسلم قارئین یقینا اپنی اپنی بساط کے مطابق اس ماہ کے فیوض و برکات سے مستفید ہوں گے اور ہمیں امید ہے کہ ہمیں بھی اپنی دعاﺅں میں یاد رکھیں گے ۔
چونکہ یہ دعاﺅں کی قبولیت کا مہینہ ہے ۔ اس کے آغاز کے ساتھ ہی تقریباً ہر مسلمان خواہ وہ اپنی عام زندگی میں کیسا ہی کیوں نہ ہو اس ماہ کی روحانی لطافت کو محسوس کر کے پاکیزگی کے جذبے سے سرشار ہو جاتا ہے ۔
عزیزان من! حسب روایت اس بار بھی ہم اس مقدس مہینے کی مناسبت سے بعض ایسے اعمال و وظائف لکھ رہے ہیں جو اپنے اثر میں تصدیق شدہ اور سالہا سال سے آزمودہ ہیں اور ہر سال لوگ اس مبارک مہینے میں ان وظائف سے فیض حاصل کرتے ہیں ۔

رویت ہلال رمضان المبارک

بدقسمتی سے ہمارے ہاں اکثر رویت ہلال پر اختلاف رائے ہوجاتا ہے۔ کیونکہ علم ہیئت (Astronomy)کے حسابات اور اصولوں کو اہمیت نہیں دی جاتی بلکہ نظری طور پر چاند کا وجود تسلیم کیا جاتا ہے حالانکہ اب بعض علمائے کرام اس کے برعکس بھی اپنا موقف رکھتے ہیں ۔ بہرحال یہ ایک علیحدہ مسئلہ ہے۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھ کر فوری طور پر تین مرتبہ اللہ اکبر کہنا اور 7 بار سورہ فاتحہ پڑھ کر دعا کرنا ایک مفید اور افضل عمل ہے ۔ اگر آپ نے اس وقت کوئی انگوٹھی کسی نگینے یا نقش کی پہنی ہوئی ہے تو اس پر بھی دم کریں۔ اس طرح اس کی تاثیر میں اضافہ ہوجائے گا ، اگر آپ کے پاس کوئی لوح یا نقش وغیرہ ہے تو اس پر بھی دم کرلیں ۔

ایک نادر عمل رویت ہلال

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا پورا سال حفظ و امان اور کامیابی اور خوش حالی کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ گزرے تو اس کے لیے یہاں ہم ایک مختصر سا بہت آسان عمل لکھ رہے ہیں۔ یہ عمل گزشتہ سال بھی دیا گیا تھا اور بے شمار لوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھ کر اپنا بنیادی مطلب اور مقصد دل میں رکھتے ہوئے 7 بار مندرجہ ذیل اسماءکا ورد کریں اور پھر دعا مانگیں۔

یا اِسرافِیلُ یا مِیکائیلُ یا سَتَّارُ یا غَفَّارُ ۔

یہ عمل چاند دیکھنے کے بعد سات دن تک روزانہ کریں اور کوئی ناغہ نہ کریں۔ انشاءاللہ آپ کا مطلب و مقصد پورا ہوگا اور خیر و برکت کے دروازے کھل جائیں گے۔ اس کے بعد ہر مہینے نیا چاند دیکھ کر اسی عمل کو دہراتے رہیں۔ یعنی نیا چاند دیکھنے کے بعد ہر ماہ سات روز تک یہ عمل کرتے رہیں تو اس طرح آئندہ سال دوسرے رمضان کے چاند تک اس عمل کا چلّہ پورا ہوجاتا ہے اور پھر اس عمل کی برکت سے زندگی بدل جاتی ہے۔ وہ لوگ اس عمل کو ضرور کریں جو طویل عرصے سے گو ناگوں مسائل کا شکار ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کی زندگی نامرادی اور ناکامی میں گزر رہی ہے۔ انشاءاللہ ایک سال بعد وہ اپنی زندگی کو بدلا ہوا پائیں گے۔

ایام بیض اور دعائے مُجِیر

رمضان المبارک کی تیرہ ، چودہ اور پندرہ تاریخ کو ایام بیض کہا جاتا ہے۔ ان تاریخوں میں اگر دعائے مجیر پڑھ لی جائے تو جملہ گناہوں کی معافی ، تمام آفات سے تحفظ ، قرضے سے نجات ، بیماری سے شفا ، قید سے رہائی ، حکام کے نزدیک عزت و مرتبہ ، عہدے میں ترقی ، کمائی میں خیرو برکت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام غم و فکر اور دشمنوں ظالموں سے خلاصی ہوجاتی ہے۔ سال بھر میں صرف تین روز کی مختصر سی ریاضت بے شمار فوائد کا سبب بنتی ہے۔ دعائے مجیر یہ ہے ۔ اسے ہر نماز کے بعد جتنا ورد کرسکتے ہوںکریں۔ عشا کے بعد زیادہ کثرت سے پڑھیں۔

سُبحانکَ یا اللّٰہُ تعالِیتُ یا رحمٰنُ اَجِِرنَا مِنَّ النَارِ یا مُجِِِِِِیرُ۔
سُبحانکَ یا رحیمُ تعالِیتُ یا کریمُ اَجِِرنَا مِنَّ النَارِ یا مُجِِِِِِیرُُ ۔

وظیفہ برائے روزگار

موجودہ دور میں عام انسان کی زندگی ایک جہد مسلسل کا نمونہ ہے اور جدوجہد کے دوران میں کون سے مسائل ہیں جو انسان کو درپیش نہیں ہیں لیکن سب سے بڑا مسئلہ غم روزگار ہے ۔ اگر آپ بے روزگار ہیں تو رمضان کے مہینے میں نوچندی جمعرات ، جمعہ ، اتوار یا پیر کے دن سے یہ وظیفہ شروع کریں ۔
روزہ کھول کر مغرب کی نماز پڑھیں اور دعا مانگنے سے پہلے 11 بار درود شریف پڑھ کر 129 مرتبہ اسم الٰہی ”یالطیفُ“ کا ورد کریں۔ اس کے بعد سورة شوریٰ کی آیت نمبر 19 نو مرتبہ پڑھیں۔ آیت یہ ہے۔ اعراب وغیرہ قرآن کریم سے دیکھ کر درست کر لیں۔

اَﷲُ لَطِیفُ بِعِبَادِہِ یَرزقُ مَنَّ یَشَائَ وَھَوَ القَوی العزیز

پھر 11 بار درود شریف پڑھ کر رزق و روزگار کی ترقی اور کاروبار کے لئے یا بے روزگاری سے نجات کے لئے دعا کریں۔ یہ وظیفہ 40 دن تک کریں انشاءاﷲ بہت خیر و برکت ہو گی اور روزگار سے متعلق مشکلات میں آسانی ہو گی ۔ خیال رہے کہ اس وظیفے کو اگر اس وقت تک جاری رکھا جائے جب تک خوش حالی نہ آ جائے تو بہت اچھی بات ہو گی کیوں کہ رزق میں فراوانی کے لیے یہ بہت ہی مجرب عمل ہے۔ جن لوگوں کے حالات ہمیشہ اپ اینڈ ڈاون کا شکار رہتے ہیں ۔ انہیں یہ وظیفہ لمبے عرصے تک جاری رکھنا چاہیے۔ اس کی برکت سے ان کی زندگی میں خوش حالی اور ترقی کے دروازے ہمیشہ کے لیے کھل سکتے ہیں مگر یقین کامل بھی ضروری ہے۔

برائے منصب و مرتبہ اور لیگل اسٹیٹس

اسم الٰہی ”یا لطیف“ اس روحانی مہینے کی مناسبت سے بڑا ہی موثر اسم ہے ۔ وہ لوگ جن کی ترقی رکی ہوئی ہو یا کسی خاص عہدے یا منصب کے طالب ہوں یا ہمارے غیر ممالک میں مقیم قارئین جنہیں لیگل اسٹیٹس کے سلسلے میں دشواریوں کا سامنا ہو، مقدمات میں الجھے ہوئے ہوں، ان کے لئے مندرجہ ذیل وظیفہ انشاءاﷲ مفید ثابت ہو گا ۔ اگرچہ اس میں تھوڑی محنت زیادہ ہے ۔ اب جو ہمت اور پابندی کر لے گا وہ پھل بھی پائے گا ۔
اس کا طریقہ کار یہ ہو گا کہ اپنی سہولت کے مطابق نماز فجر، عصر، مغرب یا عشا کے بعد کا کوئی ٹائم مقرر کر لیں ۔ نماز سے فارغ ہو کر 11 بار درود شریف پڑھ لیں اس کے بعد سورہ¿ ملک کی آیت نمبر 14 ایک بار پڑھیں جو یہ ہے۔

لایعلم من خلق وھو اللطیف الخبیر

ایک بار آیت پڑھ کر 129 بار یا لطیف کا ورد کریں پھر آیت پڑھیں پھر 129 بار یا لطیف کا ورد کریں اسی طرح آیت اور اسم الٰہی کا ورد 129 بار کریں۔ گویا آیت اور 129 بار اسم الٰہی ملا کر 129 بار ہی پڑھنا ہے۔ اس کے بعد 11 بار درود شریف پڑھ کر اپنے مقصد کے لئے دعا کریں۔ اس وظیفے کی مدت 21 دن ہے اور اسے بھی رمضان کے پہلے پیر، جمعرات ، جمعہ یا اتوار سے شروع کریں۔

عمل حل المشکلات

آپ اگر کسی مشکل میں ہےں۔ مشکل خواہ کسی نوعیت کی بھی ہو تو اس عمل سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ رمضان کا چاند دیکھنے کے بعد اسی رات سے اس عمل کو شروع کریں۔ اگر خود چاند دیکھیں تو بہت اچھی بات ہے لیکن کسی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکے تو کم از کم آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ چاند ہو گیا ہے۔
چاند رات کو عشاءکے بعد دو رکعت نماز نفل برائے حاجت پڑھیں اور نفل کی ادائیگی کے بعد اپنی حاجت کے لیے دعا کریں۔ اس کے بعد گیارہ بار درود شریف اول و آخر کے ساتھ مندرجہ ذیل وظیفہ 473 مرتبہ پڑھیں اور پھر عاجزی اور انکساری کے ساتھ اللہ سے اپنی مشکل کے حل کے لیے دعا کریں۔ وظیفہ یہ ہے۔

کٓھٰیٰعٓصٓ کِفَایَتنَا – حٓمٓعٓسٓقٓ حِمَایَتنَا

اس وظیفے کو رمضان کی ستائیسویں شب تک جاری رکھیں اور پھر ستائیسویں شب جس قدر بھی گڑگڑا کر، آہ و زاری کے ساتھ دعا کر سکتے ہیں، کریں اور دوسرے دن حسب توفیق غریبوں میں صدقہ و خیرات کریں۔ انشاءاللہ مشکل سے مشکل اور خواہ کتنا ہی تکلیف دہ مسئلہ ہو، ضرور حل ہو جائے گا۔

عمل سورة القدر

سورہ قدر کا اس ماہ مبارک سے خصوصی تعلق ہے اور خصوصاً اس ماہ کے آخری عشرے کی طاق راتوں سے۔ اگر رمضان المبارک میں روزانہ 113 مرتبہ اس کی تلاوت کی جائے تو قلب و روح میں پاکیزگی پیدا ہوتی ہے اور خیالات فاسدہ سے نجات ملتی ہے، منفی سوچوں سے نجات اور نفسیاتی امراض سے چھٹکارا ملتا ہے۔
وہم، بدگمانی، مالیخولیا (Mood Disorder) ، خفقان، مراق، ہسٹیریا، شیزوفزینیا اور اس کے علاوہ سحر و جادو، جنات و آسیب وغیرہ کے مریضوں کو بھی اس سے فائدہ ہوتا ہے۔ اس سورة مبارکہ سے ایسے مریضوںکے علاج کا طریقہ یہ ہے۔
کوئی بھی خوشبودار پھول سفید رنگ کا لیں مثلاً چنبیلی، موتیا وغیرہ۔ پھول کا خوشبودار ہونا شرط ہے۔ سورة قدر کو 13 مرتبہ پڑھ کر پھول پر دم کریں اور مریض کو سنگھا دیں اور جب تک پھول میں خوشبو رہے وقتاً فوقتاً سنگھاتے رہیں۔ دوسرے دن پھر دوسرا تازہ پھول لے لیں اور اس پر حسب سابق دم کر کے سنگھاتے رہیں۔ 40 دن تک یہ عمل کریں انشاءاﷲ مرض جاتا رہے گا۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ عمدہ قسم کا چنبیلی کا تیل لے لیں اور رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں عشاءکی نماز کے بعد 40 بار سورة القدر پڑھ کر تیل پر دم کرتے رہیں۔ آخری طاق رات کے بعد یہ تیل استعمال کے لیے تیار ہو گا۔ اس تیل کی مالش مریض کے سر میں کریں۔ روزانہ کسی ایک ٹائم تھوڑا سا تیل سر میں ڈال کر اچھی طرح مالش کر دیا کریں۔ اگر مرض نہایت سخت ہے اور بیس پچیس دن یا اس سے زیادہ عرصے میں بھی مکمل شفایابی نہیں ہو رہی لیکن افاقہ نظر آ رہا ہے اور بوتل میں تیل ختم ہونے لگے تو بچے ہوئے تھوڑے سے تیل میں چنبیلی کا مزید تیل ڈال کر بوتل پھر بھر لیں اور اس طرح پڑھے ہوئے تیل کو ختم نہ ہونے دیں۔ انشاءاﷲ مکمل شفا ہو گی۔

استخارہ سورة القدر

استخارے کے نام پر ہمارے ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ اس اسلامی اور سنت طریقے کا جس طرح مذاق اڑایا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے۔ ہمارے علمائے کرام کو اس سلسلے میں کھل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بے شک استخارہ ایک امر مسنون ہے لیکن یہ اس لیے نہیں ہے کہ اس کے ذریعے سحر، جنات، بھوت، پریت، لکی نمبرز یا لوگوں کی کاروباری بندشوں، شادی نہ ہونے کی وجوہات کا حال معلوم کیا جائے بلکہ استخارے کی اجازت ایسے مواقع پر ہے جب آپ کو کسی اہم کام کی انجام دہی کے سلسلے میں یہ تشویش ہو کہ اس کام کو کیا جائے یا نہ کیا جائے۔ ایسی صورت میں ضرور استخارہ کریں تاکہ اﷲ سے رہنمائی مل سکے۔ یہاں ہم سورة القدر کا ایک مجرب استخارہ لکھ رہے ہیں۔ یہ استخارہ رمضان المبارک میں یا کسی اور بھی مہینے میں ہمیشہ طاق راتوں میں کریں یعنی چاند کی طاق تاریخیں ہوں۔ وہ یکم بھی ہو سکتی ہے یا 3، 5، 7،9، 11 وغیرہ اور رمضان کے عشرے کی آخری طاق راتیں ہوں تو کیا کہنا۔
جب سونے کے لئے لیٹنے لگیں تو 3 بار درود شریف پڑھ کر 40 مرتبہ سورة القدر کی تلاوت کریں پھر 3 بار درود شریف پڑھ کر دعا کریں کہ یا اﷲ میں فلاں کام کے سلسلے میں تجھ سے مدد و مشورہ مانگتا ہوں اسے کروں یا نہ کروں؟ اس کے بعد سو جائیں۔ انشاءاﷲ ایک ہی رات میں آپ کو مشورہ مل جائے گا۔

عجیب عمل محبت

آپ کا کوئی دوست، محبوب، عزیز، رشتہ دار، بہن، بھائی، بیوی یا شوہر آپ سے ناراض ہے یا دشمنی رکھتا ہے تو اسے راہ راست پر لانے کے لیے یہ عمل عجیب اثر رکھتا ہے۔ رمضان کی 3 تاریخ سے 10 تاریخ تک جفت تاریخوں میں شروع کریں اور اپنی سہولت کے مطابق کوئی ایک وقت فرصت کا مقرر کر لیں۔ اس وقت میں علیحدہ کمرے میں پاک صاف باوضو بیٹھیں اور ایک سفید کاغذ پر اس ناراض شخص کا نام صاف، واضح، تھوڑا سے بڑا کر کے لکھیں اور اپنے سامنے رکھ لیں پھر اس نام پر نظر جما کر سورة روم میں دوسرے رکوع کی یہ آیت پڑھیں۔
ومن ایتہ ان خلق سے یتفکرون تک۔
پڑھنے کا طریقہ یہ ہو گا کہ پہلے 7 بار درود شریف اور پھر 10 مرتبہ یہ آیت پڑھ کر اس نام پر پھونک مار دیں پھر 10 بار آیت کی تلاوت کریں اور نام پر پھونک مار دیں۔ نظر نام پر جمی رہے۔ اس طرح 7 بار اس نام پر دم کریں۔ گویا سورة روم کی یہ آیت شریف کل 70 مرتبہ تلاوت کرنا ہو گی۔ آخر میں پھر 7 بار درود شریف پڑھ لیں۔ گویا آیت کی 70 بار تلاوت کے دوران میں ہر 10 مرتبہ کے بعد ناراض شخص کے نام پر پھونک مارنی ہے۔ بعد ازاں اس کاغذ کو قرآن کریم میں سورة روم کے اندر ہی رکھ دیں۔ دوسرے دن پھر اسی طرح عمل کریں۔ 21 دن کا عمل ہے۔ ممکن ہے 7 دن یا 14 دن ہی میں اثر ظاہر ہو جائے لیکن آپ 21 دن پورے کریں۔ بعد ازاں کچھ مٹھائی پر فاتحہ دے کر بچوں میں تقسیم کریں اور حسب استطاعت صدقہ و خیرات کریں۔ باقی اس عمل میں کوئی پرہیز نہیں، سوائے اس کے کہ دوران عمل میں کچّا لہسن اور پیاز نہ کھائیں۔

قید و بند سے رھائی

اس مجرب وظیفے کو بیان کرنے کی ضرورت اس لیے محسوس ہو رہی ہے کہ اکثر لوگ بذریعہ فون کسی ناگہانی کیس میں پھسنے اور حوالات یا جیل میں بند ہونے کے بارے میں بتاتے رہتے ہیں۔ یہ درست ہے کہ ایسے تمام معاملات میں سب سے پہلے مادی طور طریقوں سے ہی مدد لینی چاہیے اور قانونی معاملات کو قانونی طریقوں سے ہی حل کرنا چاہیے لیکن جو لوگ بے قصور ہیں یا دانستہ یا نادانستہ کسی غلطی کے مرتکب ہو کر قید و بند کی مصیبت کا شکار ہوئےں ہوں ، ان کے لیے بہترین وظیفہ ہمارے تجربے کے مطابق یہی ہے کہ وہ بلا تعداد چلتے پھرتے اٹھتے بیٹھتے وضو بے وضو آیتہ الکریمہ کا ورد اگلی آیت تک کریں ۔ یعنی “لا الہ الا انت سبحانک” سے اگلی آیت کے اختتام “وکذالک ننجل مومنین” (سورہ الانبیائ) تک پڑھیں، انشاءاللہ جلد قید سے رہائی کے لیے کوئی ذریعہ پیدا ہو جائے گا ۔ اگر اس دوران میں ہفتے کے دن پرندوں کو آزاد کرنے کا صدقہ بھی دیتے رہیں تو بہترین بات ہو گی ۔