ہر سال آپ کے لیے ایک انفرادی اثر رکھتا ہے
بہت سال پہلے علم الاعداد کے حوالے سے کچھ مضامین لکھے تھے۔ اس کے بعد کبھی کبھی اس علم کے رموز ونکات پر سرسری نوعیت کی بات ہوتی رہی۔ حالانکہ ہمارے پڑھنے والے جو خاص طور سے علم الاعداد سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ فرمائش کرتے رہے کہ اس موضوع پر مزید لکھا جائے۔ مگر ہم چونکہ بے شمار موضوعات میں گھرے رہتے ہیں لہٰذا دوبارہ اس طرف توجہ دینے کی مہلت ہی نہ ملی۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ اعداد کا علم ایک نہایت دقیق وعمیق علم ہے۔ اعداد کی بازی گری کی آج ساری دنیا معترف ہے۔ بیس ویں صدی کو اگر علم ریاضی کے کمال کی صدی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یہ سب اعداد و شمار کا ہی تو کھیل ہے کہ انسان ‘زمین تو کیا خلا کی وسعتیں ناپ رہا ہے۔ کروڑوں نہیں اربوں میل کے فاصلے پر واقع خلا میں تیرتے ہوئے ستاروں کے حدود اربعہ کا جامع حساب پیش کر رہا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ علم ہندسہ میں کمال حاصل کئے بغیر انسان زندگی کے کسی بھی شعبے میں اور علم کی کسی بھی شاخ سے انصاف نہیں کر سکتا تو بجا ہوگا۔ قدیم ماہرین علم الاعداد نے اعداد کے باطنی خواص اور اسرار پر جو تحقیق وتجربات ماضی میں کئے تھے۔ جدید دور کے ماہرین علم الاعداد اس کی تصدیق کرتے ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بابل و مصر اور یونان کی قدیم تہذیبیں علوم و فنون کے میدان میں کیا مقام رکھتی تھیں۔
آج ہم اعداد سے کام لینے کا ایک ایسا ہی قدیم طریقہ بیان کر رہے ہیں جو صدیوں سے مروج ہے اور ماہرین علم الاعداد نے اسے تجربے کی کسوٹی پر بارہا پرکھا ہے۔ اس طریقے سے آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ کوئی تعلق آپ کیلئے کیسا ہے۔ وہ تعلق کسی جاندار شے سے ہو یا بے جان شے سے۔ مثلاً اگر آپ یہ جاننا چاہیں کہ کسی شخص سے آپ کے تعلقات کیسے رہیں گے اور مستقبل میں ان کی نوعیت کیا ہوگی تو یہ طریقہ اس میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ یا اگر آپ یہ معلوم کرنا چاہیں کہ کون سا شہر ملک یا مکان آپ کیلئے کیسا رہے گا؟ تو اس سلسلے میں بھی اس طریقہ کار سے مدد لی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ طریقہ زندگی کے کسی بھی سال کے بارے میں آپ کو مناسب گائیڈ لائن دے سکتا ہے۔ جس سے آپ یہ جان سکیں گے کہ فلاں سال آپ کیلئے کیسا رہے گا؟ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ایک نہایت ہی سادہ و آسان طریقہ ہے۔ اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے آپ کو کوئی بہت زیادہ محنت بھی نہیں کرنی پڑے گی۔ آئیے ہم آپ کو اس کا بنیادی اصول سمجھاتے ہیں۔
ہر انسان کی زندگی پر کچھ اہم اعداد اثرانداز ہو رہے ہیں۔ جن میں سرفہرست اس کی تاریخ پیدائش کے اعداد ہیں اور اس کے بعد نام کے اعداد‘ تاریخ پیدائش کے اعداد کو ہم پہلے نمبر پر اس لئے رکھتے ہیں کہ یہ اللہ کی طرف سے مقرر کردہ ہوتی ہے۔ جبکہ نام انسانوں کا رکھا ہوا ہوتا ہے جسے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ مگر تاریخ پیدائش کبھی تبدیل نہیں ہو سکتی۔
علم الاعداد کے اس طریقۂ کار میں سب سے پہلے آپ کو اپنی تاریخ پیدائش کی ضرورت ہوگی۔ یعنی پیدائش کے دن کی تاریخ اور مہینہ چاہئے ہوگا کیونکہ تاریخ اور مہینے کے عدد کی حاصل جمع سے جو عدد حاصل ہوگا وہ اس طریقۂ کار میں کلیدی کردار ادا کریگا۔ مثلاً آپ کی تاریخ پیدائش کسی بھی سال میں اگر 27 فروری ہے تو ہم 27 تاریخ کا مفرد عدد معلوم کرینگے جو 9=7+2 ہوگا۔ اب فروری کا عدد ہمیں معلوم ہے‘ 2 ہے۔ کیونکہ یہ سال کا دوسرا مہینہ ہے لہٰذا اسے بھی تاریخ پیدائش کے مفرد عدد میں جمع کر لیں گے اور 11=9+2 ہوگا۔ اسے ایک مرتبہ اور جمع کیا گیا تو 2=1+1 کا عدد حاصل ہوا۔ چنانچہ معلوم یہ ہوا کہ 27 فروری کو پیدا ہونے والے شخص کا کلیدی مقسومی عدد 2 ہے۔
اب اگر ہم یہ معلوم کرنا چاہیں کہ فلاں شخص سے اس کلیدی مقسومی عدد کے مالک کے تعلقات یا مستقبل کی شراکت یا ازدواجی رفاقت کیسی رہے گی؟ تو اس کے نام کا عدد معلوم کریں۔ نام کا عدد نکالنے کا طریقہ ہم کئی بار لکھ چکے ہیں اور اس سلسلے میں اردو اور انگریزی کی جو ابجد استعمال ہوتی ہے وہ بھی کئی بار دے چکے ہیں۔ ہماری کتاب مسیحا حصہ اوّل میں بھی اس کا تمام طریقہ کار موجود ہے لہٰذا اسے یہاں دہرانے کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہے۔
فرض کریں کہ جس شخص سے آپ اپنے تعلق کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اس کے نام کا عدد “4” ہے تو اس عدد کو اپنے کلیدی مقسومی عدد میں جمع کر دیں یعنی 6=2+4 ہوگا۔
اب نیا عدد 6 سامنے آیا۔ یہی وہ عدد ہے جو اس شخص سے یعنی متعلقہ فریق سے آپ کے تعلقات کو ظاہر کریگا۔ چنانچہ عدد 6 کی خصوصیات اور منسوبات کا مطالعہ کیجئے۔ مختصراً یہ کہ 6 کا عدد دوستی تعلقات اور محبت کا عدد لہٰذا یہ شراکت یا تعلق خاصا جذباتی نوعیت کا ہو سکتا ہے اس کے علاوہ بھی عدد 6 کی خصوصیات کا تفصیلی مطالعہ اس تعلق کے دیگر پہلوؤں پر روشنی ڈالے گا۔ اسی طرح کسی بھی مکان‘ شہر‘ ملک‘ کاروبار وغیرہ سے متعلق عدد معلوم کرکے اپنے کلیدی مقسومی عدد میں جمع کریں اور پھر جو مفرد عدد حاصل ہو اس سے رہنمائی حاصل کریں۔
اگر یہ معلوم کرنا مقصود ہوکہ زندگی کا فلاں سال کیسا ہوگا تو اس سال کا عدد حاصل کریں مثلاً موجودہ سال 2006ء کا مفرد عدد 8 ہے۔ عدد 8 کو اپنے کلیدی مقسومی عدد میں جمع کرلیں اور پھر جو مفرد عدد ظاہر ہو اس کے نتائج دیکھیں لیکن اس کیلئے اعداد کی تمام خصوصیات زیادہ رہنمائی نہیں کر سکیں گی۔
اس لئے ہم 1 سے 9 تک اعداد کی مخصوص خصوصیات دے رہے ہیں۔ جن سے آپ اپنی زندگی کے کسی بھی سال کے بارے میں جان سکتے ہیں کہ یہ کیسا ہوگا۔ یعنی اس سال میں کیسے حالات پیش آئیں گے اور آپ کو کس نوعیت کی کامیابیاں یاناکامیاں پیش آ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ذاتی خوبیوں اور خامیوں کی صورتحال کیا ہوگا؟
ہم یہاں 1 سے 9 تک تمام اعداد کے جو اثرات لکھ رہے ہیں وہ صرف مندرجہ بالا قاعدے کیلئے مخصوص ہیں۔ علم الاعداد کے کسی اور قاعدے کیلئے کارآمد نہ ہونگے۔ کسی بھی سال کے عدد اور اپنی تاریخ پیدائش اور مہینے کے عدد کے حاصل جمع سے جو مفرد حاصل ہوگا اس کے نتائج مندرجہ ذیل ہونگے۔
نمبر 1 کے تحت سال کا جائزہ
اس عدد کے تحت آپ کی خود اعتمادی اور حوصلے میں اضافہ ہوگا اور آپ کوئی نمایاں اور بڑا کام کرنے کے خواہش مند ہوں گے مگر ضروری ہوگا کہ مکمل غوروفکر اور منصوبہ بندی کے ساتھ کوئی قدم اٹھائیں اور اپنی توانائیاں اور صلاحیتوں کو کسی ایک ہدف پر مرتکز رکھیں۔ تب ہی یہ سال آپ کو کسی بڑی کامیابی سے ہمکنار کر سکتا ہے۔
اس سال آپ کیلئے یہی ضروری ہوگا کہ بعض معاملات کا ازسرنو جائزہ لیں اور بعض کاموں کو دوبارہ ابتدا سے شروع کریں۔ زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ اپنے کام میں نیاپن لائیں اور کوئی نیا آغاز کریں اس سال کچھ نئے لوگ اور کچھ نئے راستے آپ کے سامنے آئیں گے لیکن آپ کسی شراکت کے موڈ میں نہیں ہوں گے بلکہ اکیلے ہی کام کرنا پسند کریں گے۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 1‘ 10‘ 19‘ یا 28 ہے تو اس صورت میں یہ سال آپ کیلئے مزید اہمیت کا حامل ہوگا۔ آپ یقیناً کسی نئے کاروبار کی بنیاد رکھیں گے یا نئی ملازمت شروع کریں گے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ پہلے سے اگرکسی منصوبے پر کام کررہے تھے تو اس سال اسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ یہ سال ذاتی تعلقات کے حوالے سے بھی اہم ثابت ہوگا۔ آپ ایسے لوگوں سے ربط و ضبط بڑھانا پسند کریں گے جو معاشرے میں کوئی اعلیٰ مقام اور مرتبہ رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اپنے سے چھوٹے لوگوں سے بھی بہتر تعلقات کی ضرورت محسوس کریں گے۔ اگر آپ کی زندگی میں اس سے پہلے کسی تعلق یا رشتے میں اختلافات اور تنازعات موجود ہیں۔ ان کا خاتمہ کرنے کے بارے میں سوچیں گے۔ ایسے اختلافات محبت کے سلسلے میں پیدا ہوئے ہوں یا کاروباری نوعیت کے ہوں۔
1 نمبر کے زیراثر سال میں آپ کی ملاقات ایسے لوگوں سے ہو سکتی ہے جو برج حمل‘ اسد یا دلو سے تعلق رکھتے ہوں۔ یا پھر جن کے نام اور تاریخ پیدائش کا عدد 1‘ 4‘ 9‘ 10‘ 13‘ 18‘ 19‘ 22 اور 28 ہو۔
عدد 1 کے تحت یہ ایسا سال ہے جس میں آپ آزادی پسند ہونگے اور اپنے کیرئیر کیلئے نئے اور تازہ منصوبوں کو اپنائیں گے۔ آپ کے ارادے اور حوصلے بلند ہونگے۔ اس سال کامیابی کیلئے ضروری ہوگا کہ آپ کسی معاملے میں پہل کرتے ہوئے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں اور اپنے مفادات و مطالبات کے حصول کیلئے پوری خود اعتمادی کے ساتھ قدم آگے بڑھائیں۔ یہ بھی امکان ہے کہ اس سال آپ اپنے مقاصد و مطالبات کیلئے اتنے زیادہ پرجوش ہوجائیں کہ دوسروں سے جھگڑے مول لیں گے۔ بہرحال کوئی بھی صورت ہو آپ کامیاب رہیں گے اور دوسروں کو اپنی صلاحیتوں کے ذریعے متاثر کریں گے۔
نمبر 2 کے تحت سال کا جائزہ
نمبر 2 کے تحت اس سال تعلقات پر زور رہے گا اور آپ دوسرے لوگوں سے تعلقات قائم کرنے میں کوئی دشواری محسوس نہ کریں گے۔ آپ کیلئے یہ ایک ایسا سال ہے جو ڈپلومیسی کے ذریعے کامیابی کے راستے دکھائے گا۔ یعنی اس سال کو مصلحت آمیز دہرے پن‘ مفاہمت اور اپنی قابلیت سے کام لینا ہوگا۔ آپ نے گزشتہ سال جو بھی کام شروع کئے تھے انہیں تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ مگر کسی معجزے کے انتظار میں نہ رہیں اچانک اس کی رفتار کم ہو سکتی ہے۔
دراصل عدد 2 تبدیلیوں کا مظہر ہے لہٰذا اس سال آپ کی زندگی میں کچھ نئی تبدیلیاں خصوصاً آپ کے کام یا رہائش کے حوالے سے آ سکتی ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ آپ ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کر جائیں۔ یعنی شہر یا ملک ہی تبدیل کر لیں یا اپنی کاروباری جگہ میں کوئی تبدیلی لائیں۔ اس سال آپ کے روحانی جذبات واحساسات بھی عروج پر ہونگے۔ مخالف جنس کی طرف سے آپ زیادہ کشش محسوس کریں گے۔ محبت‘ منگنی اور شادی کے مسائل میں کامیابی ہو سکتی ہے اور آپ کو اپنے خوابوں کی پسندیدہ تعبیر مل سکتی ہے۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 2‘ 20 یا 29 ہے تو اس بات کا یقین کر لیں کہ اس سال آپ کی زندگی میں یقیناًکوئی بڑی تبدیلی یا بڑا واقعہ رونما ہوگا۔
جیسا کہ ابتدا میں ہم لکھ چکے ہیں کہ اس سال تعلقات کا موضوع زندگی میں زیادہ اہم ثابت ہوگا لہٰذا آپ دوسرے لوگوں سے گہرے اور جذباتی تعلقات قائم کریں گے۔ مگر اسی وقت جب اس کی ضرورت محسوس ہوگی۔ خصوصاً محبت‘ دوستی اور کاروباری معاملات میں تعلقات کی اہمیت بڑھ جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی آپ کے معاملات میں جنس مخالفت کی مداخلت بھی بڑھے گی۔ اس سال ایسے لوگوں سے آپ کی ملاقات ہو سکتی ہے جو برج سرطان‘ ثوریامیزان سے تعلق رکھتے ہوں۔ اس کے علاوہ ایسے لوگ بھی زندگی میں آپ کے زیادہ قریب آسکتے ہیں جن کے نام یا تاریخ پیدائش کا عدد 2‘ 6‘ 7‘ 11‘ 15‘ 20‘ 24‘ 25 یا 29 ہو۔
کام اور کیرئیر کے حوالے سے یہ سال کسی بڑی تبدیلی کی نشاندہی کر رہا ہے ممکن ہے وہ تبدیلی عارضی طور پر آپ کیلئے سخت پریشانی کا باعث ہو مگر آپ کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ تبدیلیاں ہی ترقی کے نئے راستے کھول سکتی ہیں۔ اس سال اگر آپ کو ملازمت میں ٹرانسفر یا کاروبار میں کسی انقلابی اتارچڑھاؤ سے واسطہ پڑے تو تعجب کی بات نہ ہوگی۔ بہرحال آپ کیلئے ضروری ہے کہ اپنی زندگی کو آسان بنانے پر توجہ دیں اور ایسے کام نہ کریں کہ مشکلات میں اضافہ لانے کا سبب ہوں۔ کیونکہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ آپ کچھ زائد ذمہ داریاں قبول کر لیں۔ یا وہ آپ پر زبردستی ڈال دی جائیں۔ ایسی صورت میں پسپائی اختیار کرنا بھی درست نہ ہوگا کیونکہ اس سے آپ کی ساکھ اور حیثیت کو دھچکا پہنچ سکتا ہے۔ بہتر ہوگا کہ ایسے چیلنجوں کو قبول کرنے سے پہلے مستقبل کے فوائد کے بارے میں ضرور سوچ لیں۔ اگر وہ معقول نظر آئیں تو پھر محنت سے نہ گھبرائیں۔ باقی اعداد کے تحت سال بھر کا جائزہ انشاء اللہ آئندہ پیش کیا جائیگا۔
نمبر3کے تحت سال کا جائزہ
اگر آپ کی تاریخ پیدائش، مہینہ اور مطلوبہ سال مثلاً 2006 ء کے اعداد کی حاصل جمع سے مفرد عدد 3برآمد ہو تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اس سال کے دوران میں آپ کی تخلیقی اور تصوراتی صلاحتیں عروج پر ہوں گی اور اپنے آپ کو وسعت دینے اور نکھارنے کے مواقع ملیں گے آپ گہرا تاثر دینے کیلئے یعنی دوسروں پر گہرا اثر النے کیلئے اپنی شخصیت کونمایاں کرسکتے ہیں۔
جان لیجئے کہ آگے بڑھنے اور اپنے آپ کو وسعت وترقی دینے کی راہ پر ڈالنے کیلئے یہ ایک اچھا سال ہے۔ آپ کیلئے سماجی اور فنکارانہ فروغ دلچسپ اور سود مند ثابت ہوگا اور خوشیوں کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا ۔ آپ کے اندر اپنے آپ کو فروغ دینے یا اپنے امیج کو بہتر بنانے، اپنے وقار میں اضافہ کرنے یا اپنے ذہن کو نکھارنے کی زبردست خواہش جنم لے گی آپ کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور آپ اپنی مقبولیت سے خوش ہوں گے۔ کسی تخلیقی کام سے وابستگی فائدہ مند ثابت ہوگی اور اس سے آپ کوذاتی طور پراطمینان وسکون حاصل ہوگا۔ لیکن بہر حال یہ ضروریہے کہ آپ اپنے مزاج کوخوشگوار رکھیں۔ اس سے لوگ آپ کی طرف متوجہ ہوں گے اور آپ کی تمام صلاحیتوں کو سراہا جائے گا۔ جو کام آپ نے دو سال پہلے شروع کئے تھے اس سال آپ اس کا پھل کھائیں گے۔
اگر آپ برج حوت یا قوس کے تحت پیدا ہوئے ہیں یا آپ کی تاریخ پیدائش3 ،12 ، 21 یا 30 ہے تو یہ سال آپ کی کامیابی کیلئے بالخصوص بے حد اہم ہوگا۔
کام اور کیریئر
جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے کہ یہ سال عدد 3کے تحت آگے بڑھنے اور ذاتی فروغ کا ہے ۔ لہذا کسی بھی نئی بات یا نئی چیز کیلئے تیار رہیں۔ اس میں کوئی تعجیب نہیں کہ آپ کا کیریئر بہت روشن اور تابناک نظر آتا ہے۔ آپ یقیناً بہت پرعزم ہوں گے۔ اپنی سوچ مثبت رکھیں اور مواقع سے فائدہ ا ٹھائیں۔ اپنے فرائض سے نظریں نہ چرائیں۔ اس سال اپنے تمام فرائض اور ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔
آپ کوئی نیا کورس شروع کرسکتے ہیں یا نئی ملازمت تلاش کرسکتے ہیں۔ اس سال جمعرات اور جمعہ آپ کیلئے اہم دن ثابت ہوں گے۔ یہ دونوں آپ کے موافق اور بہترین دن ہیں۔ خاص طور پر فروری ،مارچ، جون، جولائی اور نومبر میں یہ دونوں دن نہایت مبارک ثابت ہونگے۔ اپنی زندگی میں وسعت کی توقع رکھیں اور ان وقتوں میں کوئی چانس لیں۔
آپ کی صحت
چونکہ اس کا امکان ہے کہ آپ بہت مصروف ہوں گے لہذا کام کی زیادتی اور تھکن کے باعث صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں لیکن یہ آپ کے کنٹرول میں ہوں گے۔ البتہ اس کا بھی امکان ہے کہ کام کی زیادتی کے سبب آپ کے مزاج میں چڑچڑا پن آجائے اور کچھ جذباتی مناظر دیکھنے کو ملیں۔ لیکن آپ اتنے ہوش مند ضرورہوں گے کہ ایسی صورتحال کو شدت کومحسوس کرتے ہوئے ان پر قابو پانے کی کوشش کریں۔ آپ کیلئے بہترین مشورہ یہ ہے کہ انتہا پسندی سے گریز کریں جو آپ کے جسم اور ذہندونوں کو متاثر کرسکتی ہے۔جنوری ، مارچ، جون اوراکتوبر میں اپنا زیادہ خیال رکھیں خاص طور سے سردیوں کے مہینوں میں۔
نمبر 4کے تحت سال کا جائزہ
کلیدی مقسوی نمبر4 کے تحت اس سال بنیاد پر زور ہے۔ کم زوربنیادوں پر کوئی کام شروع نہ کریں۔ اپنے آپ کو منظم کریں اور معمول سے زیادہ محنت کرنے کیلئے خود کو تیار کریں۔ اسی طرح آپ اپنی بڑی مشکلات پر قابو پاسکیں گے۔
آپ کیلئے کوئی جامع منصوبہ بندی بہت ضروری ہے۔ بے سوچے سمجھے عجلت میں اور نتیجے کی پروا کئے بغیر کوئی کام نہ کریں۔ اسی طرح دل کے بہلاوے کیلئے بھی کوئی کام یا مشغلہ اختیار نہ کریں۔ اس بات کا امکان ہے کہ آپ بہت سی ذمہ داریاں اکٹھی کرلیں گے اور وقتاً فوقتاً ان سے الجھ کر اپنے بوجھ میں ا ضافہ کرلیں گے۔ یہ کہنا درست ہوگا کہ یہ سال آپ کی انفرادی زندگی میں ایک خاص حدود وقیود متعین کرے گا چاہے یہ جسمانی ہو، نفسیاتی ہو یا مالی۔ اب آپ کواپنی ہمت مجمع کرکے مزید ٹھوس بنیادوں پر خود کو استوار کرن ہے۔ اسوقت آپ کیلئے اپنا تحفظ بہت ضروری ہے۔
جب کسی منصوبے، آئیڈیے یا جاب کی بات ہوتو آپ کیلئے ضروریہے کہ صحیح سوال پوچھیں، یعنی حقیقت سے نظریں نہ چرائیں دوسرے لفظوں میں اپنا ہوم ورک کریں اور آنکھیں بند کرکے کنوئیں میں چھلانگ مت لگائیں ۔ ورنہ پریشانیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اگر آپ کا برج دلو یا اسد ہے یا آپ کسی مہینے کی 4 ،13 ،22یا 31تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں تو یہ سال انفرادی طور پر آپ کیلئے بے حد اہم ثابت ہوگا جسے آپ مدتوں یاد رکھیں گے۔
دوسروں سے تعلقات
آپ دیکھیں گے کہ اس مخصوص سال کے دوران میں خلاف معمول غیر رواتی ، منکی اور بے حد عجیب وغریب لوگ یا چیزیں آپ کی طرف کھینچی چلی آرہی ہیں۔ اس کا بھی قوی امکان ہے کہ وہ لوگ جن سے آپ کچھ عرصے سیہیں ملے، دوبارہ آپ کے حلقے میں داخل ہورہے ہوں۔ یا کوئی بزرگ ہستی یا آپ کے سماجی حلقے سے باہر کی کوئی مذہبی شخصیت بھی آپ کی جانب متوجہ ہوجائے جہاں تک آپ کی زندگی کے جذبات اور رومانوی پہلو کا تعلق ہے آپ ایک بار پھراس طرف کھینچیں گے جو خلاف معمول ہوگا۔ آپ کسی ایسی شخصیت سے بھی تعلقات استوار کرسکتے ہیں جو شاید آپ کیلئے اجنبی یا دور پار کا اور بالکل ہی مختلف پس منظر کا حامل ہوگا۔ ان لوگوں میں کوئی ایسی خلاف معمول بات ہوگی جو آپ کو بہت دلچسپ لگے گی اور آپ کے اندر تحریک پیدا ہوگی۔ جو آپ کو بہت دلچسپ لگے گی اور آپ کے اندر تحریک پیدا ہوگی۔ یہ بھی امکان ہے کوجوزا،اسد اور دلو اوراس کے ساتھ ساتھ 1 ،4 ، 5 یا 7کے پیدائشی عدد والے آپ کے پسندیدہ لوگ ہوں گے،فروری، اپریل ، اگست اور نومبر رومانس کے اعتبار سے بے حد پر جوش مہینے ہونگے۔غیر شادی شدہ افراد کی اس دوران میں منگنی یا شادی کیلئے کی گئی کوششیں بارآور ثابت ہوسکتی ہیں۔ گویا ان مہینوں میں عملی طور پر کچھ بھی پیش آسکتا ہے اس کیلئے تیار رہیں۔
کام اور کیریئر
زندگی کے اس پہلو میں بھی ایک بار پھر ’’خلاف معمول ‘‘ کا عمل دخل نظر آتا ہے۔ آپ اپنی پرانی ڈگر پر چل رہے ہوں گے کہ اچانک جیسے بجلی کو ند جائے اور آپ پر ہر طرف سے پیشکش کی بارش ہونے لگے گی۔ آپ یقیناً اس صورتحال پر بوکھلا اٹھیں گے اورآپ کی سمجھ میں نہیں آئے گا کہ کیا کریں‘ کیا نہ کریںِ؟ جبکہ ایسا وقت بھی گزرے گا جب کسی بھی معاملے میں کوئی خاص پیش رفت نظر نہیں آئے گی۔ مگر پھر اسی دوران اچانک آپ کا پروموشن یا کوئی سنسنی خیز چیلنج آپ کو ایک خوشگوار شہرت سے دوچار کردے گا۔ زندگی کے اس خاص چکر کے دوران میں آپ کے ساتھ عملی طور پرچھ بھی پیش آسکتا ہے۔ نمبر 4کے زیر اثر یہ سال آپ کو نئی ذمہ داری بھی سونپ سکتا ہے لکین آپ کیلئے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ وہ ذمہ داریاں دوسروں کے سر پر نہ تھوپ دیںیا ان سے بچ نکلنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ آپ کواس کا اضافی حصہ ملے گا اور اس سے نہ صرف آپ کے تجربات میں اضافہ ہوگا بلکہ آپے چل کر آپ کی ترقی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
اگر آپ کسی قسم کی میٹنگ‘ گفت وشنید یا مذاکرے میں شرکت کرنا چاہتے ہں یا کسی بھی قسم کی مراعات چاہتے ہوں تواس کے بہترین نتائج کیلئے پیر یا بدھ کا دن مقرر کریں ۔ خاص طورسے جنوری ‘ فروری ‘ اپریل‘ اکتوبر اورنومبر وہ مہینے ہیں کہ جب آپ ہر صورت میں موقع پرستی کا ثبوت دیں اور دفتر میں یا اپنے کاروبار میں ہر کام انجام دینے کیلئے تیار رہیں ۔ انکار کرنا فائدہ مند نہ ہوگا۔
آپ کی صحت
اس سال آپ کو جن بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اس کا تعلق ذہنی تناؤ سے ہے لہذا آپ کیلئے بہت ضروری ہے کہ وقت پرکھانا کھائیں ‘ الجھے ہوئے معاملات کو ذہن پر سوار نہ کریں اور خود کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ اس بات کابھی امکان ہے کہ وہ لوگ بدکردار اور بددیانت ہوں جنہیں آپ اپنے تئیں بہت اچھا سمجھتے تھے۔ یا جنہیں آپ اچھی طرح جانتے تھے۔ چنانچہ کوئی ایسا انکشاف آپ کے قدم ڈگمگادے گا۔
ڈاکٹر کے پاس جاتے ہوئے بھی احتیاط برتیں ۔ یاد رکھیں کہ ڈاکٹر بھی انسان ہوتے ہیں اور انسان ہونے کے ناطے وہ بھی غلطیاں کرسکتے ہیں۔ جب تک آپ سو فیصد مطمئن نہ ہوں ۔ کسی اہم مسئلے پر آگے قدم نہ بڑھائیں۔ دوبارہ غوروفکر کریں اور دوسروں سے تبادلہ خیال کریں۔ خود اپنے بارے میں شک وشبہے کی گنجائش رکھیں اور بہت زیادہ پراعتمادی کا مظاہرہ نہ کریں کیونکہ آپ معمول سے زیادہ متلون مزاج ہونگے۔ فروری‘مئی اور ستمبر آپ کی خصوصی توجہ چاہتے ہیں۔
نمبر5کے تحت سال کا جائزہ
اس سال اگر آپ کلیدی مقسومی عدد5 کے زیر اثر ہیں توسمجھ لیں کہ یہ ایک غیر یقینی کیفیت کا حامل سال ہے۔ بے شک آپ کے اردگرد حالات وواقعات میں تیز رفتاری نظرآئے گی اور آپ کو نئے مواقع بھی ملیں گے۔ مگریہ مواقع ایسے ہوں گے جن سے آپ کی زندگی سنورب ھی سکتی ہے اور بگڑ بھی سکتی ہے۔ اب یہ آپ پرمنحصرہوگا کہ آپ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کس انداز میں کرتے ہیں۔ یہ سال زائد سفر بھی لائے گا گویا آپ کو سال کے بڑے حصہ میں سفر سے متعلق مسائل کا سامنا رہے گا اور نئی تبدیلیوں کے عمل سے گزرنا پڑیگا۔
نمبر5 کے تحت اس بات کا امکان موجود ہے کہ آپ کسی پرانی غلطی کو دوبارہ دہرائیں یا ماضی کے کسی ادھورے چھوڑے ہوئے کام یا منصوبے کی طرف متوجہ ہوجائیں ۔ اس سلسلے میں آپ عملی قدم اٹھائیں گے۔ آپ نے اچھی طرح غوروفکر کے بعد قدم آگے بڑھایا اور ثابت قدمی سے مصروف عمل رہے تو یقیناً کامیابی آپکے قدم چومے گی۔ خیال رہے کہ یہ سال مقبولیت اور شہرت کیلئے بھی بہتر ثابت ہوگا۔ آپ عام لوگوں کے درمیان زیادہ وقت گزاریں گے لہذا خیال رہے کہ عوامی مصروفیات ایسی نہ ہوں جن کی وجہ سے آپ کا قیمتی وقت برباد ہوا اور ضروری کام پڑے رہ جائیں۔ دوسرے لوگ بھی چاہیں گے کہ آپ انہیں زیادہ سے زیادہ وقت دیں اور پ کوا پنی تقریبات اور دلچسپیوں میں شامل کریں۔ ایسی صورت میں یہ آپ پر منحصر ہوگا کہ آپ کام اور تفریح میں کس کا انتخاب کرتے ہیں۔
اگر آپ کا شمسی برج جوزا یا سنبلہ ہے ‘ یا آپ کی تاریخ پیدائش5 ‘4 اور23ہے تو اس سال کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی اور یہ سال آپ کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
دوسروں سے تعلقات
محبت یا منگنی کے حوالے سے یہ سال خاصا دلچسپ ثابت ہوسکتا ہے آپ کے حلقہ احباب میں اضافہ ہوگا اور لوگ آپ کی طرف خودبخود متوجہ ہوں گے۔جن غیر شادی شدہ لڑکے اور لڑکیوں کے رشتے میں رکاوٹ اور مسائل کا سامنا ہے ان کے رشتے طے ہوسکتے ہیں۔لیکن اس معاملے میں احتیاط کی ضرورت ہوگی۔کیوں کہ ایسے تعلقات میں خاصی جلد بازی کا مظاہرہ دیکھنے میں آئے گا۔لہٰذا کوئی غلط تعلق بھی قائم ہوسکتا ہے۔
تعلقات کے حوالے سے آپ کا رجحان زیادہ تر اپنے سے کم عمر یا برابر کی عمر کے افراد سے زیادہ رہے گا۔ممکن ہے اس سال کوئی ثور‘جوزا‘سنبلہ اور میزان شخصیت خصوصیت سے آپ کی توجہ کا مرکز بن جائے۔ یا پھر جن لوگوں کی تاریخ پیدائش یا نام کا عدد2‘5یا6ہوںآپ زیادہ کشش محسوس کریں۔تعلقات کے حوالے سے اس سال کے اہم مہینے جنوری‘مارچ‘جون‘اکتوبر اور دسمبر ہیں۔
کام اورکیرئیر
جیسا کہ ہم نے ابتداء میں بتایا ہے کہ اس سال بہترین مواقع آپ کے منتظر ہیں اور آپ بھی صرف اپنی ذات کی بہتری اور مفادات کی طرف توجہ دیں گے خاص کر پیشہ ورانہ معاملات میں ممکن ہے آپ کا رویہ خاصا خود غرضانہ ہوجائے جس کی وجہ سے کچھ لوگوں کو آپ سے چکایت بھی پیدا ہوسکتی ہے۔بہرحال اس سال آپ کو ایسے مواقع مل سکتے ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر آپ اپنے لئے بہتر مقام حاصل کر سکتے ہیں۔لوگ آپ کی کامیابی کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کریں گے۔گویا یہ سال آپ کے لئے اس اعتبار سے نہایت شان دار ہے کہ آپ خود کو دوسروں کی توجہ کا مرکز بنا سکیں اور انہیں متاثر کر سکیں۔
جمعہ اور بدھ کے دن کسی نئی مہم جوئی یعنی ملازمت کی تلاش یا ترقی کی کوشش کیلئے موافق ثابت ہوں گے۔اس طرح مارچ‘مئی‘ستمبر اور دسمبر بھی موافق مہینے ہوں گے۔
آپ کی صحت
اچھی اور پرسکون نیند اس سال آپ کا سب سے بڑا مسئلہ ہوگا۔کیوں کہ مصروفیات کی نوعیت اور زیادہ غور و فکر کی وجہ سے آپ بے خوابی یا نیند میں خلل سے دوچار ہوسکتے ہیں۔یہ بھی ممکن ہے کہ آپ جلد یا درست وقت پر نہ سو سکیں۔اور اس طرح ایک بھر پور نیند سے محروم رہیں جس کے نتیجے میں چڑچڑے پن اور کسی قسم کی الرجی وغیرہ کا شکار ہوجائیں۔لہٰذا بہتر ہوگا کہ بیک وقت دو تین سمتوں میں یا دو تین کاموں میں خود کا نہ الجھائیں بلکہ مرحلہ وار کسی ایک کام پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے اسے مکمل کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے اوقات کار اور خوراک و آرام کے اوقات میں توازن کا خیال رکھیں یقیناََ یہ سال آپ کو بہت متحرک اور تیز رو بنائے گا۔مگر آپ کو توازن کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے اس بات کا بھی امکان ہے کہ آپ اگ کوئی نشہ آور چیز مثلاََ سگریٹ‘پان یا مسکن دوا استعمال کرتے ہیں تو اس کی مقدار بڑھ جائے گی۔لہٰذا احتیاط کی زیادہ ضرورت ہو گی۔
نمبر 6کے تحت سال کا جائزہ
اگر اس سال آپ کا کلیدی مقسومی عدد 6ہے تو سمجھ لیں کہ آپ کی نجی زندگی زیادہ اہمیت کی حامل ہوگی۔ اور آپ کا واسطہ نئی تبدیلیوں اور کچھ اضافی ذمہ داریوں سے پڑھے گا آپ کی زندگی میں دوستوں‘عزیزوں اور محبت کرنے والوں کے مسائل اہمیت اختیار کریں گے اور آپ ان کی مدد کرنا اپنا فرض سمجھیں گے۔
اس سال آپ ایسی چیزوں کو اپنائیں گے جن کی طرف آپ کی دلی رغبت ہوگی اور جو آپ کی نظروں کو اچھی لگیں گی۔ دوسرے معنوں میں ان چیزوں یا شخصیات کی طرف آپ کا جھکاؤ ہوگا جو آپ کے لئے روحانی اور جذباتی سکون کا باعث ہو۔محبت‘زمین و جائداد‘رہائش اور خاندان کے معاملات زیادہ آپ کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔
اس سال چونکہ گھریلو معاملات پر زیادہ توجہ رہے گی لہٰذا اس بات کا بھی امکان موجود ہے کہ آپ رہائش کی جگہ تبدیل کریں یا پھر موجودہ رہائش گا کو زیادہ آرام دہ اور پر آسائش بنانے پر توجہ دیں۔اعلیٰ تعلیم یا کوئی غیر معمولی کورس بھی آپ شروع کر سکتے ہیں۔جس سے آپ کی حیثیت و عزت میں اضافہ ہو اور آپ کے ذہن کو وسعت ملے۔
یہ سال سماجی مصروفیات میں بھی اضافہ لائے گا۔ آپ تقریبات یا تفریحات میں زیادہ شرکت کریں گے۔ یا پھر سماجی نوعیت کے کاموں میں دلچسپی لیں گے۔بہرحال اس قسم کی دلچسپیاں اور مصروفیات آگے چل کر آپ کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گی ۔ اگر آپ کسی بھی مہینے کی 6 ‘15 اور 24 تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں یا آپ کا برج ثور‘ سرطان یا میزان ہے تو یہ سال پ کے لئے توقع سے بڑھ کر مثبت تبدیلیاں لے کر آئے گا۔
دوسروں سے تعلقات
عدد 6 کے زیر اثر سال آپ کے لئے محبت ‘ دوستی‘ منگنی یا شادی کی خوشیاں لارہا ہے۔ مگر اس سال کا تعلقات کے حولے سے ایک منفی پہلو بھی ہے۔ اگر آپ محبت‘ دوستی یا ازدواجی زندگی میں اپنے موجودہ تعلق سے مطمئن نہیں ہیں اور متنازعہ مسائل کا شکار ہیں تو پھر یہ سال علیحدہ یا طلاق کے خدشات ظاہر کررہا ہے لہذا بہتر ہوگا کہ باہمی اختلافات کودور کرنے اور تعلقات کو مزید بہتر بنیادوں پر استوار کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ اپنی فیملی میں اضافے کے خواہاں ہیں یعنی مزید اولاد چاہتے ہیں تواس سال آپ کی یہ خواہش پوری ہوسکتی ہے۔
فروری ‘مئی ‘ ستمبر اورنومبراس سال کے اہم مہینے ثابت ہوسکتے ہیں جن میں آپ کو اپنی شخصیت کونمایاں کرنے اور تعلقات کووسعت دینے کے مواقع مل سکتے ہیں۔
کام اور کیریئر
یہ سال ماضی کی کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کے دروازے کھولے گا، ایسے کاموں کا صلہ ملے گا جو آپ نے گزشتہ سالوں میں انجام دیئے تھے،۔ ملازمت میں اگر آپ کی ترقی رکی ہوئی ہے تو اس سال آپ کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا ۔ بہتر ہوگا کہ مایوسی اور نا امیدی کا شکار نہ ہوں جس طرح اب تک کام کرتے آئے ہیں اسی طرح اپنا کام جاری رکھیں اور اپنے فرائض کو پورا کرنے میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔ یقیناً آپ کے اعلیٰ افسران یا باس یاساتھ کام کرنے والے دوسرے افراد آپ کی کارکردگی اور ذمہ دارانہ رویے کو محسوس کریں گے اورسراہیں گے۔ اس کے نتیجے میں آپ کو اپنی محبت کا پھل ضرور ملے گا۔
اس سال کسی بھی مہینے کے پیر‘ جمعرات اور جمعہ موافق ترین دن ہوں گے۔ نئی ملازمت کی تلاش یاانٹرویو اہم لوگوں سے ملاقات کے لئے ان دنوں کا انتخاب کریں۔ اسی طرح فروری ‘ اپریل‘ا گست‘ ستمبر اورنومبر کے مہینے نئے مواقع لائیں گے۔
آپ کی صحت
اس سال ناک‘ حلق اور گلے کے غدودوں سے متعلق تکالیف آپ کو پریشان کرسکتی ہیں۔ متوازن غذا‘ ورزش ‘ دھوپ اور تازہ ہوا اس سال آپ کے لئے ضروری ہے۔ اس کے علاوہ آؤٹ اور تفریحات سے بھی آپ کی صحت پر اچھا اثر پڑے گا اور صاف پانی کا زیادہ استعمال بھی آپ کے لئے مفید رہے گا کیونکہ گردے اور مثانے سے متعلق شکایات بھی پیدا ہوسکتی ہیں۔ مارچ‘ جولائی ‘ ستمبر اور دسمبرمیں صحت کے معاملات پرزیادہ توجہ دیں۔
نمبر 7کے تحت سال کا جائزہ
یہ باطنی فروغ کا سال ہے اور اس کا بھی کہ آپ کو کیا ناگوار گزرتا ہے اور آپ کس بات سے خوش ہوتے ہیں ۔ اس انفرادی سال میں خود آگاہی اور دریافت پر بھی زور ہے۔
آپ کو اپنی ذاتی زندگی اور اپنی بہتری پر زور دینے کا پورا پورا موقع ملے گا ایسے بہت سے مواقع آئیں گے جب آپ اپنے پیچھے محرکات اور افعال کا تجزیہ کرسکیں گے۔ اور اپنی ذاتی ضروریات‘اہداف اور خواہشات پر بھی زیادہ توجہ دے سکیں گے۔ اور ایسے بھی بہت سے مواقع آئیں گے جب آپ الجھنوں اور شور وغل سے نجات حاصل کرنا چاہیں گے ۔ تنہائی میں گزارا جانیوالا وقت رائیگاں نہیں جائیگا۔ یہ آپ کو سوچنے اور غور کرنے کا موقع دیگا آپ اب تک ٹھیک ٹھیک کہاں تک پہنچے ہیں اور مستقبل میں کہا جانا چاہتے ہیں ۔ یہ بہت اہم ہے کہ آپ اس کے بارے میں اپنا ذہن بنالیں کہ آپ اس مخصوص سال سے کیا چاہتے ہیں ۔ کیونکہ آپ ایکمرتبہ ایسا کرکے اپنے وہ عزائم پورے کرسکتے ہیں ۔ اس میں ناکامی کا مطلب یہ ہوگا کہ آپ اپنے ہی سائے کا تعاقب کرتے ہوئے انجام کو پہنچ گئے اور یہ وقت اور توانائی کا سراسرضیاع ہے۔ آپ پر اپنے راز بھی عیاں ہوں گے اور اس سال کے دوران دوسرے لوگ بھی نمودار ہو رہے ہوں گے۔ اگر آپ برج حوت یا سرطان کے تحت یا 7‘16یا 25تاریخ کو پیدا ہوئے ہیں تو یہ خاص طورپر ایک حیرت انگیز سال ہوگا ۔
دوسروں سے تعلقات
یہ کہنا پڑتا ہے کہ محبت یاروحانی دلچسپی کے لئے یہ بہترین سال نہیں ہے۔غوروفکر کرنے کی شدید ضرورت کا مطلب ہوگا کہ آپ کوتنہائی میں وقت گزارنا پڑے گا۔ اس سال اگرکوئی محبت پروان چڑھی بھی تو یہ آپ کی توقعات پرپوری نہیں اترے گی۔ لیکن اگرآپ اچھنبے میں پڑے بغیر معاملات کوجوں کا توں قبول کرلیں گے تو آپ کودکھ نہیں ہوگا اورآپ لطف اندوز ہوں گے ۔فیصلہ کریں کہ آپ کے ذہن میں ٹھیک ٹھیک کیاہے اورپھر اس کے حصول کی کوشش کریں۔اس سال رومانی دلچسپی کا امکان ان لوگوں کے لئے ہے جو4`2یا 7تاریخ کویا برج سرطان یاحوت کے تحت پیدا ہوئے ہوں۔ رومانی یا شادی کے مواقع کے لئے جنوری ‘اپریل ‘اگست اوراکتوبر کودھیان میں رکھیں۔
کام اورکیریئر
جب ہم اس مخصوص انفرادی گردش سے گزرتے ہیں جونمبرسات کے زیراثر ہے توزندگی میں دوباتیں پیش آسکتی ہیں۔شہرت سے کنارہ کشی اور عمومی سرگرمی میں کمی لوگ یا توطویل رخصت پرچلے جاتے ہیں یا ازسرنو اپنی تربیت کرتے ہیں ۔اس کا بھی امکان ہے کہ آپ اپنی پیشہ ورانہ مہارت اوراہلیت سے زیادہ آگاہ ہوسکیں گے۔ اپنی زندگی کے صحیح مقصد کوسمجھنے لگیں گے اوراپنے آپ کوپہلے سے زیادہ باشعور اورروشن خیال تصور کرنے لگیں گے۔اگرآپ ادھر کچھ عرصے سے بھٹکتے رہے تھے تووہ اہداف ایک بارپھر جی اٹھیں گے جنہیں آپ حاصل کرنے کے آرزو مند تھے۔ اس پورے سال آپ کا رویہ چھان بین کرنے والا ہوناچاہئے آپ کواپنے کام کے معاملے میں چھان بین کرنی پڑے گی۔ اگرآپ گفت وشنید یا انٹرویو یا میٹنگ کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے ‘سومواریاجمعہ کا دن مقررکریں۔یہ دونوں دن آپ کے لئے مبارک ہیں ۔جنوری‘مارچ‘جولائی ‘اگست‘ اکتوبر اوردسمبر ذاتی ترقی کیلئے بالخصوص اچھے مہینے ہیں۔
صحت کے مسائل
گزشتہ سالوں کے مقابلے میں یہ ایک پرسکون سال ہوگا۔صحت کے معمولی مسائل درپیش ہوں گے۔ بعض مسائل پریشانی اورچڑچڑے پن سے پیداہوں گے اوران کے بچنے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ خاموش اور پرسکون رہیں۔اس پرسکون ذہنی کیفیت سے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔اس میں ناکامی سے غیرضروری مسائل پیدا ہوں گے۔ جس سے آپ کے تصورات قابو سے باہرہوجائیں گے۔ آپ کوغورو فکر کرنے اوراپنی صحت بحال کرنے کیلئے یہ سال مددگار ہے۔اگرصحت میں کوئی تبدیلی واقع ہوئی تو فروری ‘جون ‘اگست اورنومبر میں ہوگی۔
نمبر8کے تحت سال کا جائزہ
یہ کامیابی حاصل کرنے‘اہم پیش رفت کرنے اور تبدیلیاں لانے کاسال ہے اوریہ ایک ایسا وقت بھی ہے جب آپ اختیارات حاصل کرسکتے ہیں اورآپ کی صلاحیتیوں کوبھی تسلیم کیاجائے گا۔
یہ انفرادی سال آپ کوسوچنے کا زیادہ موقع دیتا ہے۔ یہ ایک ایسا وقت ہے کہ جب آپ شہرت ‘مقبولیت اورطاقت حاصل کرسکتے ہیں اگر آپ 8‘17 یا 26 تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں یا برج جدی کے تحت آتے ہیں تو اس سال پرتوجہ دیجیے اوراس امرکویقینی بنائیے کہ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔ آپ کوچاہئے کہ اپنے اندر اوربھی شعور اوراعتماد کا سچا احساس پیدا کریں وقت کی گردش کے اس حصہ کا تعلق کیریئر‘عزم اورپیسے سے ہے لیکن پچھلے قرض بھی چکانے پڑیں گے۔ مثال کے طورپر کوئی پرانی ذمہ داری یاقرض جسے ادا کرنے سے آپ پچھلے کئی برسوں سے گریز کرتے رہے ہیں۔اب آپ کوپریشان کریں گے۔ بہرحال آپ ان بارہ مہینوں کے درمیان کچھ بھی کریں۔ عزم بلند رکھیں‘اعلیٰ سوچیں‘کامیابی کاسوچیں اورسب سے بڑھ کر یہ کہ مثبت سوچیں۔
دوسروں سے تعلقات
یہ وہ مخصوص انفرادی سال ہے جوپیدائش‘طلاق اورشادی جیسی حقیقتوں سے جڑا ہواہے جن سے ہمیں گزرنا پڑتاہے۔ محبت کی فہم رکھنے والے آپ سے زیادہ تجربہ کار‘عمرکے لوگ یا اثرورسوخ کے مالک یااختیاراورطاقت وراوردولت مندحضرات آپ کے لئے بہت پرکشش ہوں گے۔اس سال ماضی کے پرانے دوستوں ‘ساتھیوں‘شریک کاروں ‘رفیقوں سے رابطہ ہوگا۔ یہاں تک کہ پرانی محبتیں بھی ایک بارپھرنمودارہوں گی اس سال رومانس کے حوالے سے آپ کوزیادہ پریشانیاں نہیں اٹھانی پڑیں گی۔ خاص طورسے اگرآپ کوبرج جدی یامیزان والوں سے یاان لوگوں سے معاملات کرناپڑیں جو6`8اور26تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں۔محبت پروان چڑھانے کیلئے مارچ‘جولائی‘ستمبراوردسمبربہترین مہینے ہیں۔
کام اورکیریئر
نمبر8کے تحت سال پیسے کے معاملے میں سب سے اچھا سمجھاجاتاہے۔یہ تنخواہ میں اضافے یا پروموشن یااختیارات کے مطالبے کے لئے بھی بہت اچھا ہے۔یہ ترقی اورکامیابی کے زینے پرقدم رکھنے کا بھی سال ہے جوغالباً آپ کی پچھلی کوششوں کا نتیجہ ہے۔آپ کوصلہ ملے گا۔مالی کامیابی کی بھی ضمانت دی جاسکتی ہے بشرط یہ کہ آپ اپنے ارادوں پرقائم رہیں۔یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے لئے اہم اہداف مقررکریں۔ اورآہستہ آہستہ ان کی طرف بڑھیں۔آپ یہ دیکھ کرحیران رہ جائیں گے کہ وہ منصوبے کتنی آسانی سے پورے ہوئے ہیں۔اگرآپ کام کی تلاش میں ہیں توانٹرویو یامیٹنگ وغیرہ کے لئے ترجیحاً سنیچر ‘جمعہ یا جمعرات کا دن مقررکریں جوآپ کے لئے مبارک ترین دن ہیں ۔فروری جون‘جولائی‘ستمبراورنومبربھی آپ کے لئے قدرے بہترہیں۔
صحت کے مسائل
آپ ڈپریشن اورتنہائی کے احساس کی طرف سے محتاط رہ کرصحت کے بہت سے مسائل خصوصاً سرکے درد‘قبض اورجگرکی شکایتوں سے بچ سکتے ہیں۔اگرآپ ان مسائل سے دوچارہوں توضروری ہے کہ ان کی طرف سے دھیان ہٹانے کے لئے اپنے آپ کومصروف رکھیں۔سوچ سمجھ کرکھائیں اورزندگی کے بارے میں پرجوش اورمثبت نقطہ نظررکھیں۔سب ٹھیک ہوجائے گا۔آپ کوجنوری‘مئی‘جولائی اوراکتوبر میں اپناخاص خیال رکھناپڑے گا۔
نمبر9کے تحت سال کا جائزہ
یہ کمرکسنے کا وقت ہے۔آرزوؤں کے پورے ہونے کاامکان ہے۔ معاملات کا فوری نتیجہ برآمد ہوگا۔زیادہ سفرکا بھی امکان ہے۔
9نمبر کے تحت سال شاید سب سے کامیاب سال ہے یہ معاملات کی تکمیل کی نمائندگی کرتاہے۔چاہے ان کی نوعیت‘ کام ‘کاروبار یا ذاتی معاملات کی ہو۔آپ میں عادتوں کو‘لوگوں کواورمنفی حالات یا صورت احوال کوجوآپ کوروکے ہوئے تھیں نظراندازکرنے کی اہلیت بہت پختہ ہے ۔آپ کے کردارمیں ہمدردانہ اورانسانیت کا پہلو بھی ابھرتاہے۔اورآپ کسی صلے کی پرواکئے بغیر لوگوں کے کام آتے ہیں۔ آپ جوبھی نیک کام کرتے ہیں اس سے آپ کواطمینان قلب اورشاید مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا۔اگرآپ برج حمل یا عقرب کے تحت یا مہینے کی18`9یا27تاریخ کوپیداہوئے تویہ آپ کے لئے بہت اہم سال ہوگا۔
دوسروں سے تعلقات
9نمبرکے تحت سال ایک ایسا چکر ہے جوکشش اور اس کے ساتھ ہی اثرپذیری عطا کرتاہے۔ لہٰذا اس کے سبب آپ صنف مخالف کے کسی ایسے فرد سے جذباتی طور پر وابستہ ہوں گے جوآپ کی برادری یالسانی گروپ سے تعلق نہیں رکھتا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اس مخصوص عدد کا تعلق انسانیت سے ہے اورسوبات کی ایک بات یہ ہے کہ عشق نہ پوچھے ذات۔آپ پریہ بھی عیاں ہوگاکہ حمل‘ اسد اورعقرب والوں کا اوراس کے ساتھ ساتھ 1`3`9 تاریخ کوپیدا ہونے والوں کا آپ کے گھر یلو معاملات میں عمل داخل رہے گا۔تعلقات کے لئے فروری ‘جون ‘اگست اورنومبر اہم مہینے ہیں۔ یہ رومانی نقطہ نظر سے بہت مصروف اورمعنی خیز ہوں گے۔ اوران اوقات میں آپ ہوش وحواس سے بیگانہ ہوجائیں گے۔یعنی رومانس کا جادو سرچڑھ کر بولے۔
کام اورکیریئر
یہ وہ سال ہے کہ جب آپ کے بہت سے خواب اورارادے پایہ تکمیل کوپہنچیں گے۔ مزید یہ کہ اگرآپ مارکیٹنگ سے وابستہ ہیں تو یہ کامیابی کا وقت ہے جس میں آپ اپنی صلاحیتوں ‘مہارتوں اوراہلیت کوبہت وسعت دے سکتے ہیں۔ مثال کے طورپر آپ بیرون ملک کاروبار کووسعت دینے کے بارے میں سوچتے رہے ہیں اور اگر ایساہے تواچھی بات ہے۔ آپ یہ دیکھیں گے کہ اپنے رفیق اورشریک کاروں سے آپ کی ہم آہنگی پہلے سے زیادہ اورآسان ہے اوریہ آپ کے خوابوں اورعزائم کی تکمیل میں معاون ہوگی۔ انٹرویو یامیٹنگ وغیرہ کے لئے منگل اورجمعرات بہت مبارک دن ہوں گے۔کوئی بھی کام شروع کریں تو ان 2دنوں کومدنظررکھیں۔ جنوری‘ مئی ‘ جون ‘اگست اوراکتوبر کے دوران ملازمت یا کاروبار میں تبدیلیاں واقع ہوسکتی ہیں۔
صحت کے مسائل
آپ کے ساتھ اس سال واحد جسمانی مسئلہ کسی حادثے کے نتیجے میں پیش آسکتا ہے ۔لہٰذا احتیاط برتیں۔ لوگوں سے خواہ مخواہ الجھنے اورذہنی تناؤکا شکار ہونے سے بچیں ۔جب سڑک پرہوں تو اپنا خاص خیال رکھیں۔ آپ خود اپنے بدترین دشمن کا کردارادا کرکے ہی اپنے لئے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں۔ کچن اورباتھ روم میں ہوں تواپنا خاص خیال رکھیں۔ ان جگہوں پرتیز دھار آلوں سے آپ زخمی ہوسکتے ہیں لہٰذا احتیاط برتیں۔۔