اگست میں فلکیاتی اثرات، مخالفین کے خلاف اقدام

عوام اور حکمران ، دونوں ہی حیران و پریشان

مئی جون سے مشتری اور یورینس نے اپنے بروج تبدیل کیے اور ہم نے دیکھا کہ ملک کے سیاسی اور انتظامی اور قانونی معاملات میں بہت تیزی آئی۔ یکم جولائی سے سیارہ زحل کو بھی رجعت ہوگئی تھی اور جولائی ہی میں مشتری اور کیتو کے درمیان خاصی طویل نظر بھی قائم ہوئی۔چناں چہ تمام معاملات میں تیزی نظر آئی۔ ملک میں دہشت گردی کی لہر بھی تیز ہوئی، مہنگائی کا طوفان مزید تیزہوا خصوصاً بجلی اور گیس کے بلوں نے گھر گھر ماتم برپا کردیا۔ یہ صورت حال بدستور جاری ہے ۔
ملک ایک ایسی صورت حال سے دو چار ہے جس میں پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیاں اور مقتدر حلقے اور عدلیہ ایک بند گلی میں پہنچ گئے ہیں۔سب ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اس بدترین صورت حال سے یقینا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل سکتا کیوں کہ مثبت نتائج صرف باہمی افہام و تفہیم کی فضا سے برآمد ہوتے ہیں جو مکمل طور پر مفقود ہے۔ایسی صورت حال ملک کے لیے نہ صرف یہ کہ نقصان دہ بلکہ نہایت خطرناک بھی ہے جس سے ہمارے بیرونی دشمن فائدہ اٹھاسکتے ہیںجیسا کہ ماضی میں بھی ہوچکا ہے۔
ملک کے وزیر دفاع جناب خواجہ آصف ملک میں آئینی بریک ڈاو¿ن کے خدشات ظاہر کر رہے ہیں۔ مختلف سیاسی تجزیہ کار بھی کسی ایمرجنسی وغیرہ کی بات کرتے نظر آتے ہیں۔حالاںکہ یہ سب تماشے ہم ماضی میں بھی دیکھ چکے ہیں اور ان کے نتائج بھی دیکھ چکے ہیں تو آخر ارباب حل و عقد کیا سوچ رہے ہیں؟ وہ کیا چاہتے ہیں؟ بہر حال یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ہم صرف فلکیاتی علم کی روشنی میں صورت حال کی سنگینی پر ہی روشنی ڈال سکتے ہیں اور یہ مشورہ دے سکتے ہیں کہ بغض اور نفرت کے جذبات پر قابو پایا جائے۔صرف اور صرف ملک کی بقا اور ترقی کے بارے میں سوچا جائے۔ذاتی مفادات کے لیے نت نئی چالیں اور نت نئے داو¿ پیچ سے گریز کیا جائے ، ایک بار پھر یاد دلاتے چلیں کہ اللہ رب العزت قرآن کریم میں کیافرماتا ہے اور اس کا فرمان کبھی غلط نہیں ہوسکتا ۔

“وہ اپنی چالیں چل رہے تھے اور اللہ اپنی چالیں چل رہا تھا اور وہ بے شک زیادہ بہتر چال چلنے والا ہے”

بے شک یہ آیتِ کریمہ نبی اکرم ﷺ کو مخاطب کرکے اس وقت کے ایک واقعے کی نشان دہی کرتی ہے لیکن یہ بھی ثابت کرتی ہے کہ انسان اپنی خواہشات سے مغلوب ہوکر ، جائز و ناجائز کی پروا کیے بغیر جو فیصلے کرتا ہے ، ضروری نہیں ہے کہ اللہ انھیں کامیاب ہونے دے ۔ہمیں ماضی کی ایسی کی غلطیوں سے عبرت حاصل کرنی چاہیے۔
عزیزان من! پاکستان کے زائچے میں سیاروی گردش کے تیور بہت بدلے ہوئے اور سفاکانہ ہیں ۔ جون جولائی کے بعد اگست میں بھی یہ تسلسل جاری رہے گا۔جولائی کا آخری ہفتہ کیتو کی مریخ پر نظر کے حوالے سے صورت حال میں مزید غضب ناکی ظاہر کرتا ہے۔نہایت سخت اقدام اور فیصلے حکومت کرسکتی ہے۔5 اگست کے بعد سے مریخ اور مشتری کا قران شروع ہوجائے گا جو 15 اگست کو مکمل ہوگا اور تقریباً 25اگست تک کے اثرات جاری رہیں گے۔زائچہ پاکستان کے مطابق مریخ و مشتری دونوں فعلی منحوس سیارے ہیں ۔ مریخ کا تعلق فوج اور پولیس سے ہے جب کہ مشتری کاتعلق آئین و قانون ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے ہے لہٰذا محاذ آرائی مزید بڑھے گی اور ہر طریقے سے عدلیہ کو زیر دام لانے کی کوششیں ہوں گی۔شاید ایسے ہی کسی خدشے کے پیش نظر خواجہ آصف نے آئینی بریک ڈاو¿ن کاامکان ظاہر کیا ہے ۔دیگر سیاسی تجزیہ کار بھی ایسی ہی باتیں کر رہے ہیں اور فلکیاتی صورت حال بھی یہ خدشہ ظاہر کر رہی ہے۔
زائچہ پاکستان میں سیارہ عطارد جو میڈیا اور اہل دانش کا نمائندہ ہے وہ ساتویں گھر میں موجود ہے۔سیارہ مشتری اس کے مقابل ہے لہٰذا میڈیا اور سوشل میڈیا پر کنٹرول کے لیے نت نئے انتظامات ہورہے ہیں لیکن کیا اس طرح ملک و قوم کے حقیقی مسائل حل ہوسکیں گے؟اس امکان کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ اگست کے مہینے میں بعض صحافیوں کے ساتھ بھی سخت رویہ اختیار کیا جائے اور وہ قید و بند کا سامنا کریں۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ اگست کا مہینہ مکمل طور پر حکومت مخالف عناصر کے خلاف اقدام کا مہینہ ہوگا۔
عوام کی نمائندگی زائچے کے مطابق سیارہ شمس اور زحل کر رہے ہیں۔ زحل حالت رجعت میں ہے لیکن شمس کی پوزیشن بہتر ہے لہٰذا امکان یہ ہے کہ عوام کو کسی حد تک مطمئن کرنے کے لیے نئے فیصلے اور اقدام کی طرف بھی حکومت توجہ دے گی لیکن یہ فیصلے اور اقدام شاید اب عوام کو پوری طرح مطمئن نہ کرسکےں۔عوام میں غصہ اور اشتعال اور نفرت مزید بڑھے گی اور بالآخر وہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگی۔ اس کا امکان اگرچہ تیسرے اور چوتھے ہفتے میں نظر آتا ہے ، قصہ مختصر یہ کہ اگست کا مہینہ بھی کسی اعتبار سے بھی عوام یا حکمرانوں کے لیے اطمینان بخش اور پرسکون ہر گز نہیں ہے (واللہ اعلم بالصواب)

اگست کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج سرطان میں حرکت کر رہا ہے۔16اگست کو اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوگا اور اس مہینے کے آخر تک اسی برج میں رہے گا۔سیارہ عطارد برج اسد میں ہے اور 5اگست کو اسے رجعت ہوگی۔اپنی الٹی چال پر 22 اگست کو دوبارہ برج سرطان میں واپس آئے گا۔29 اگست کو مستقیم ہوگا اور دوبارہ 4 ستمبر کو برج اسد میں داخل ہوگا۔
سیارہ زہرہ برج اسد میں حرکت کر رہا ہے۔25اگست کو اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں داخل ہوگا۔ہبوط کی حالت میں یہ نہایت کمزور ہوتا ہے اور اپنی منسوبات کے سلسلے میں سپورٹنگ اور فائدہ بخش ثابت نہیں ہوتا۔برج سنبلہ میں اس کا قیام 18 ستمبر تک رہے گا لہٰذا اس تمام عرصے میں شادی بیاہ ، منگنی وغیرہ سے گریز کیا جائے کیوں کہ اس حوالے سے زہرہ کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔اس دوران میں جو منگنی یا شادی ہوگی وہ اپنے نتائج میں مسائل و پریشانیاں لائے گی۔
سیارہ مریخ برج ثور میں حرکت کر رہا ہے اور 26اگست کو برج جوزا میں داخل ہوگا۔اس دوران میں یہ سیارہ مشتری سے قران بھی کرے گا۔یہ قران بعض لوگوں کے لیے فائدہ بخش اور بعض کے لیے نقصان کا باعث ہوگا۔
سیارہ مشتری برج ثور میں ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔ سیارہ زحل بحالت رجعت برج دلو میں حرکت کرے گا جب کہ سیارہ یورینس برج ثور میں ، نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں اور پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کریں گے ۔ راہو اور کیتو بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں حرکت کریں گے۔

قمر در عقرب

سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں منگل 13 اگست پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سہ پہر 03:45  پر داخل ہوگا اور 15اگست كو 12:22 تک ہبوط زدہ رہے گا۔یہ نہایت منحوس وقت تصور کیا جاتا ہے۔اس عرصے میں کوئی نیا کام شروع کرنا ، شادی، بیاہ، منگنی وغیرہ ، نئے معاہدات وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے۔البتہ علاج معالجے کے لیے یہ وقت موزوں ہوتا ہے، اس کے علاوہ اس وقت میں بری عادت و اطوار سے نجات کے لیے یا مخالفین کی مخالفت سے محفوظ رہنے کے لیے عمل و نقوش تیار کیے جاتے ہیں۔
اس ماہ قمر اپنے درجہ ءہبوط پر 13 اگست کو صبح 07:36  سے 09:33  تک ہبوط زدہ ہوگا۔اس وقت میں تحفظ، بری عادتوں سے نجات ، مخالفین کی زبان بندی یا ان کے شر سے محفوظ رہنے کے لیے نقوش و طلاسم لکھے جاسکتے ہیں۔یہاں ایک مجرب عمل کسی کے دل میں محبت پیدا کرنے یا اسے اپنے حق میں کرنے کے لیے دیا جارہا ہے ۔

خواب بندی

بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ واللہ من ورآءھم محیط۔بل ھوا قرآن مجید فی لوحِ محفوظ۔خواب بندی فلاں بنت فلاں فی حق فلاں بن فلاں العجل العجل العجل الساعة الساعة الساعة۔ط ا د ع ا ا ا ما مک سرام

 

 

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 25 اگست پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 09:59 پر داخل ہوگااور 28 اگست 03:11  تک برج ثور میں شرف یافتہ رہے گا۔اپنے درجہ ءشرف پر 26اگست شب 01:25سے 03:09 تک ہوگا۔
قمر کی اپنے شرفی برج میں موجودگی سعادت اثر ہوتی ہے۔اس وقت اعمال نیک کرنا چاہئیں۔مثبت نوعیت کے کاموں پر توجہ دینی چاہیے تاکہ اچھے نتائج حاصل ہوسکیں ۔شرف قمر میں برکاتی انگوٹھی بھی تیار کی جاتی ہے جسے پہننے والے کا ہاتھ کبھی پیسے سے خالی نہیں رہتا۔ اس انگوٹھی کی تیاری کا طریقہ ہماری ویب سائٹ پر موجود ہے۔دیگر ضروری اعمال کے لیے ہماری ویب سائٹ پر وزٹ کرسکتے ہیں۔فی الحال ایک مجرب عمل یہاں پیش کیا جارہا ہے ۔
شرف قمر کے اوقات میں بسم اللہ الرحمن الرحیم 786 مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھیں اور ایک کلو چینی پر دم کردیں، بعد میں یہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملادیں، پورا گھر یہی چینی استعمال کرے ۔ جب چینی ختم ہونے لگے اور تھوڑی سی رہ جائے ، اس میں مزید چینی ڈال لیں اور اس چینی کو کبھی ختم نہ ہونے دیں۔اس عمل سے ان شاءاللہ خاندان میں محبت و خلوص پیدا ہوگا۔ باہمی اختلاف رائے اور ناچاقی کا خاتمہ ہوگا۔
یہی عمل کسی کی ناراضی دور کرنے یا مخالفین کے دلوں میں محبت کرنے کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے۔اس کے لیے 786 بار بسم اللہ الرحمن الرحیم طریقے کے مطابق پڑھ کر کچھ مٹھائی پر دم کرکے مخالفین کے گھر بھیج دیں یا کھیر پکائیں اس پر دم کردیں اور وہ تحفتاً مخالفین کے گھر بھیج دیں۔ اگر مسئلہ دو افراد کا ہو یعنی میاں بیوی میں ناچاقی رہتی ہو تو مٹھائی کے ایک ٹکڑے پر دم کریں اور آدھی آدھی دونوں کو کھلادیں، ان شاءاللہ بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔