چاند یعنی سیارہ قمر ہماری زمین کا سب سے زیادہ قریبی ہمسایہ ہے ، دیگر سیارگان کے مقابلے میں یہ زیادہ تیز رفتار بھی ہیں اور عام طور پر 28 یا 29 دن میں 12 بروج کا دورہ مکمل کرلیتا ہے،ایک برج میں تقریبا ڈھائی دن اس کا قیام رہتا ہے،قمر کی نحوست اور سعادت کا سامنا ہمیں پورے مہینے رہتا ہے ،خاص طور پر جب یہ برج عقرب میں ہوتا ہے تو انتہائی منحوس اثر ظاہر کرتا ہے لیکن اس کے برخلاف جب یہ اپنے شرف کے برج ثور میں ہوتا ہے تو نہایت عمدہ اور مبارک اثر دیتا ہے، اسی لیے ہم ہر ماہ کی ابتداء میں شرفِ قمر اور قمر در عقرب کے اوقات پابندی سے دیتے رہتے ہیں اور اس وقت کی مناسبت سے ضروری وظائف بھی دیے جاتے ہیں۔
وہ لوگ جن کا شمسی ، قمری یا پیدائشی برج سرطان ہے، اُن کا ستارہ قمر ہے،قمر کی تیز رفتاری کی وجہ سے ایسے لوگوں کے موڈ جلدی جلدی تبدیل ہوتے رہتے ہیں، سرطان آبی برج ہے لہٰذا اس کا تعلق احساسات و جذبات سے ہے،قمر کے سعد اوقات تمام کاموں کے لیے موافق ہوتے ہیں اور نحس اوقات ناموافق رہتے ہیں،انسانی زندگی پر اور ہماری زمین پر قمری اثرات فوری طور پر اثر انداز ہوتے ہیں،سمندر میں اُتار چڑھاؤ چاند کی گردش کا مرہون منت ہے، انسانی جسم میں دوران خون میں تیزی یا سُستی بھی چاند کی گردش کے زیرِ اثر ہے،اس کے علاوہ جسم کے تمام ایسے گلینڈز جو رطوبات پیدا کرتے ہیں اور ہمارا دماغ بھی چاند کے زیر اثر ہے،چاند کی پہلی تاریخ سے 14 تاریخ تک چاند کا اثر مثبت اور قوی ہوتا ہے،اس دوران میں دماغی بیماریوں میں مبتلا افراد کے دورے شدید ہوجاتے ہیں جب کہ چاند کی 14 سے 30 تاریخ تک چاند کے اثرات کمزور و پست ہوتے ہیں۔
چاند پر ایک تفصیلی آرٹیکل ہم بہت پہلے لکھ چکے ہیں جس میں ہم نے کامیابی کے حصول کے لیے اپنے قارئین کو مشورہ دیا تھا کہ اپنا ہر نیا کام چاند کی پہلی سے 14 تاریخ کے درمیان شروع کرنے کی عادت ڈال لیں تاکہ چاند کے مثبت اثرات کے زیر اثر وہ کام آپ کے لیے فائدہ بخش ثابت ہو۔
سال میں کچھ مہینے ایسے ہوتے ہیں جب شرف قمر چاند کی ابتدائی تاریخوں میں آتا ہے یعنی پہلی تاریخ سے 14 تاریخ کے درمیان ، اس عرصے کو ’’عروج ماہ‘‘ کہا جاتا ہے اور چاند اس دوران میں نہایت طاقت ور اثرات ظاہر کرتا ہے،اس دوران میں شرف قمر کی سعادت کا حصول سونے پر سہاگا ہے،گزشتہ سال بھی عروج ماہ کے دوران میں آنے والے قمر کے شرف کی ہم نے نشان دہی کی تھی اور اپنے قارئین کو ’’برکاتی انگوٹھی‘‘ کی تیاری کا طریقہ بتایا تھا جو نہایت بابرکت ثابت ہوتی ہے،اسے پہننے والے کا ہاتھ کبھی پیسے سے خالی نہیں رہتا،اس کے علاوہ اس مبارک اور سعد وقت میں ’’لوح قمر‘‘ بھی تیار کی جاتی ہے جس کا طریقہ کار پہلے نہیں دیا گیا،لوح قمر برج سرطان والوں کے لیے عروج و ترقی اور دنیا میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک روحانی تحفہ ہے،اس کے علاوہ بھی لوح قمر کے بے شمار فوائد ہیں جن سے وہ لوگ بھی فائدہ اُٹھاسکتے ہیں جن کا برج سرطان کے علاوہ کوئی اور ہو،گویا یہ ایک عام فائدہ بخش لوح بھی ہے۔
قمر کا تعلق چوں کہ ہماری روز مرہ کی زندگی کی ضروریات سے ہے لہٰذا صحت و تندرستی ، جاب یا کاروباری اُمور اور روز مرہ کے کاموں میں آسانی کے لیے اس لوح کو پاس رکھنا مفید ثابت ہوتا ہے،وہ لوگ جو کسی نظرِ بد کا شکار ہوتے ہیں یا دماغی اور دورانِ خون سے متعلق بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں،جسمانی غدود کا فنکشن درست نہیں ہوتا جس کی وجہ سے بانجھ پن جیسی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اُن کے لیے بھی لوح قمر نہایت مبارک اور فائدے مند ثابت ہوتی ہے، دماغ سے متعلق بیماریوں میں بھی لوح قمر شفا بخش اثرات رکھتی ہے ۔
اکثر افراد جن کے زائچہ ء پیدائش میں قمر کی طاقت صفر ہوتی ہے اور اس کی وجہ سے زندگی میں بعض خرابیاں یا محرومیاں پیدا ہوتی ہیں،ایسے لوگوں کو سچا موتی پہننے کا مشورہ دیا جاتا ہے،ان کے لیے بھی لوح قمر ایک شاندار تحفہ ہے۔
لوح قمر نورانی
ہم پہلی مرتبہ حروفِ نورانی سے لوح قمر تیار کرنے کا طریقہ دے رہے ہیں تاکہ نومبر ، دسمبر اور جنوری کے شرف قمر میں اس سے فائدہ اُٹھایا جاسکے،بہتر ہوگا کہ اس آرٹیکل کو اپنے پاس محفوظ رکھیں،شرف کے اوقات کی نشان دہی ہم ہر مہینے کرتے ہیں اور شرف کا دُرست وقت بھی دیتے ہیں۔
عزیزان من! حروف نورانی کا یہ نقشِ معظم ایک بیش بہا قیمتی تحفہ ہے، اس کے فوائد بے شمار ہیں جو لوگ وقتِ مقررہ پر تیارکرکے پاس رکھیں گے وہی اس کا لُطف بھی اُٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ سیارہ قمر کا تعلق ملائکہ میں حضرت جبرائیل ؑ سے ہے اور اسماء الحسنیٰ یا رحمن یا رحیم ہیں،نقش مذکورہ کے ہر تین خانوں کی میزان 708 ہے اور یا ملک الرحمن الرحیم کے اعداد بھی 708 ہیں،حروف نورانی میں طٰسٓمٓ نٓ سیارہ قمر سے منسوب ہیں،اآآرٰ سیارہ شمس سے اور حٰمٓعٓسٓقٓ سیارہ زہرہ سے منسوب ہیں،نقش کے درمیان میں انگلش ہندسے نقش کی چال کو ظاہر کرتے ہیں یعنی پہلا خانہ کون سا ہے اور دوسرا، تیسرا کون سا ہے؟یہ اعداد نقش میں نہیں لکھے جائیں گے ۔
نویں خانے میں 313کے اعداد ہیں جو فتح و نصرت اور کامیابی سے متعلق ہیں،یہ راز بھی غور طلب ہے کہ تاریخ اسلام کا پہلا معرکہ ء حق و باطل غزوۂ بدر ہے جس میں شرکائے اسلام کی تعداد 313 تھی۔
لوح قمر نورانی کو شرف قمر کے دوران میں چاندی کی پلیٹ پر لکھا جائے کیوں کہ قمر کی دھات چاندی ہے۔ باوضو ہوکر رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھتے ہوئے(رجال الغیب کی سمت کسی بھی تاریخ کے لیے ہماری ویب سائٹ سے معلوم کی جاسکتی ہے) ، لوبان ‘کافور یا عود کی اگربتی کمرے میں جلائی جائے اور لباس میں کیوڑہ یا عرق گلاب کا عطر لگائیں، نقش کی پُشت پر قمر کے مؤکلاتِ علوی و سماوی تحریر کریں اور اپنا نام مع والدہ بھی لکھیں،بعد ازاں کچھ مٹھائی پر فاتحہ دیں اور بچوں میں تقسیم کردیں،نقش کو موم جامع یا پلاسٹک کوٹڈ کرالیں اور پیر کے روز صبح سورج نکلنے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر 708 مرتبہ یا مالک الرحمن الرحیم کا ورد کرکے لوح پر دم کریں اور اپنے پاس رکھیں،یہ کام نقش لکھنے کے فوراً بعد بھی کیا جاسکتا ہے۔
قمر کے مؤکلاتِ ارضی و سماوی یہ ہیں ۔یامیکائل ، یا شدحائل ابوالنور مرۃ الابیض بن الحارث