اس بنیادی اصول کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے زائچے کے بارہ بروج (حمل تا حوت) کے لیے بارہ الواح جفری اصول و قواعد کے مطابق مرتب کی ہیں اور انہیں تجربے کی کسوٹی پر آزمایا ہے ‘ اس لوح کا نام ہم نے ”لوحِ سعادت الکبریٰ“ رکھا ہے‘ پہلی بار یہ الواح 2016 ءمیں شائع کی گئیںاور ہماری کتاب پیش گوئی کا فن حصہ دوم میں بھی شامل ہے
اہلِ علم و نظر کے لیے یہ بارہ الواح یقیناً دلچسپی اور غور و فکر کا باعث ہوں گی،ہر لوح زائچے کے سعد سیارگان کو مدنظر رکھ کر مرتب کی گئی ہے اور متعلقہ سیارگان کی مخصوص مثلثات کو استعمال کیا گیا ہے، لازم ہوگا کہ لوح کی تیاری کے وقت مطلوبہ سیارگان کے قوت و ضعف کو مدنظر رکھا جائے اور یہی سب سے اہم اور ضروری کام ہے، ایسے اوقات کا حصول عام طور پر نہایت مشکل اور بہت ہی عرق ریزی کا کام ہے،اکثر مہینوں ایسے اوقات ہاتھ نہیں آتے لہٰذا اس لوح کو مختلف اوقات میں جب مطلوبہ سیارہ سعد و باقوت ہو ، اس وقت سیارے کی مخصوص مثلث کو کندہ کرلیا جائے اور پھر دیگر سیاروں کی مخصوص مثلثات کو بھی اسی طرح مختلف سیاروی سعد و باقوت اوقات میں کندہ کیا جائے ۔
طریق کار
لوح کی تیاری کے طر یقے میں اس امر کو یقینی بنانا ضروری ہوگا کہ صاحب زائچہ کے لیے منتخب کردہ لوح کو ایسے وقت میں تیار کیا جائے جب زائچے کے سعد سیار گان مناسب و سعد گھروں میں مضبوط اور طاقت ور ہوں اور کسی قسم کے سیاروی بگاڑ کا شکار نہ ہوں‘ اس حوالے سے یونانی علم نجوم کے مروجہ اصول و قواعد کے بجائے ہماری کتاب ”پیش گوئی کا فن“ میں دیے گئے اصول وقواعد کو مدّنظر رکھا جائے یعنی سیارگان کے قوت و ضعف اور سعد ادوار کا تعین کتاب میں دیے گئے قواعد کے مطابق کیا جائے‘ بے شک ایسے اوقات کو پانا کوئی آسان کام نہیں ہے ‘ بعض اوقات اس کام میں نہایت عرق ریزی کے ساتھ مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے تب کہیں کوئی ایسا وقت ہاتھ لگتا ہے جس میں ضرورت کے مطابق لوح تیار ہو سکے ‘ وہی لوگ اس لوح کی تیاری میں کامیاب ہو سکتے ہیں جو ہماری کتابوں میں بیان کیے گئے جدید تجزیاتی طریقِ کار پر مکمل عبور حاصل کرلیں گے‘ اس حوالے سے مروجہ شرف یا اوج وغیرہ کے سیاروی اوقات کارآمد نہ ہوں گے۔
اس سلسلے میں ایک اور اہم نکتے کی وضاحت بھی ضروری ہے،اکثر لوگ اپنی تاریخ پیدائش کے مطابق اپنے شمسی برج (Sun sign) کو ہی اہم سمجھتے ہیں اور اُسی کو اپنا برج یا ”اسٹار“ کہتے ہیں، جب کہ اس کی اتنی اہمیت نہیں ہے،حقیقی اور مو¿ثر ترین کردار ادا کرنے والا برج پیدائشی برج (Birth sign) ہوتا ہے جو تاریخ پیدائش کے ساتھ وقت پیدائش اور مقام پیدائش کو مدنظر رکھ کر نکالا جاتا ہے لہٰذا لوح سعادت الکبریٰ اسی پیدائشی برج کے مطابق بنائی جائے گی اور اس کے لیے ویدک سسٹم سے مدد لی جائے گی،یونانی سسٹم اس طریق کار میں کارآمد نہیں ہوگا، جو لوگ اپنا پیدائشی برج معلوم کرنا چاہتے ہیں، وہ اپنی تاریخ پیدائش ، وقت پیدائش اور مقام پیدائش لکھ کر ہماری فری ای میل سروس سے استفادہ کرسکتے ہیں،انہیں پیدائشی برج سے آگاہ کردیا جائے گا، اگر تاریخ پیدائش یا وقت پیدائش معلوم نہیں ہے اور شادی ہوچکی ہے تو نکاح کی تاریخ ، وقت اور مقام لکھیں۔