اماں کیسی کہ موج خوں ابھی سر سے نہیں گزری
گزشتہ ماہ نشان دہی کی گئی تھی کہ جولائی اور اگست کے مہینے غیر معمولی ،چونکا دینے والے اور غیر متوقع واقعات و حالات کے مہینے ہیں کیوں کہ زائچہ پاکستان میں راہو بارھویں گھر میں حرکت کر رہا ہے اور غیر متوقع واقعات و حالات لانے والا سیارہ یورینس بھی برج حمل میں اس کے ساتھ ہے،مزید سونے پر سہاگا سیارہ مریخ کا اپنے ہی گھر میں رہتے ہوئے راہو اور یورینس کے ساتھ قران ہے،یہ قران اگست تک جاری رہے گا، اس کی شدت میں کمی گیارہ اگست کے بعد ہوگی جب مریخ برج ثور میں داخل ہوجائے گا، اس تمام عرصے میں جو کچھ بھی نہ ہوجائے کم ہے،چناں چہ ہم نے دیکھا کہ جولائی میں 17 جولائی کے ضمنی الیکشن میں پورے پاکستان کو حیران کردیا،تحریک انصاف نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی اور توقع کے برخلاف ن لیگ نے شکست کھائی جس کا اعتراف ن لیگ کی قیادت نے کھلے دل سے کیا لیکن پھر 22 جولائی کے وزارت اعلیٰ کے لیے ہونے والے الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ بھی چونکا دینے والا اور انتہائی غیر متوقع تھا، اتنا غیر متوقع کہ خود ق لیگی امیدوار پرویز الٰہی اور دیگر ارکان اسمبلی بھی اس کی توقع نہیں کر رہے تھے،وہ اپنی واضح برتری پر مطمئن تھے جب اچانک ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری نے چوہدری شجاعت حسین کا ایک خط ہوا میں لہرایا اور ق لیگ کے 10 ووٹوں کو مسترد کردیا، سنا ہے کہ یہ جناب آصف علی زرداری کی ایک چال تھی جس نے اچانک بازی پلٹ دی۔
ہم نے عرض کیا تھا کہ یورینس اور راہو کا قران بے شک نت نئی فنکاریاں ، چال بازیاں اور مکاریاں سامنے لاتا ہے لیکن بعد میں ان کے نتائج کبھی مثبت نہیں نکلتے،چناں چہ ایسا ہی ہوا ، سپریم کورٹ نے اس فنکاری کو ناکام بنادیا اور اب چوہدری پرویزالٰہی پنجاب کے وزیراعلیٰ ہیں ،خیبر پختونخوا ہ،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے بعد اب پنجاب بھی تحریک انصاف کے کنٹرول میںہے جب کہ فنکاریاں دکھانے والے سیاست داں اسلام آباد اور سندھ تک محدود ہوچکے ہیں۔
عزیزان من! ہم نے نشان دہی کی تھی کہ مریخ ، راہو، یورینس قران میں 27 جولائی سے شامل ہوگا اور اس کے نتیجے میں اس قران کی شدت میں اضافہ ہوگا، خفیہ منفی سرگرمیاں بڑھیں گی جن کے نتائج کسی صورت بھی بہتر نہ ہوں گے،سیاسی عدم استحکام ، محاذ آرائی، انتشار پیدا ہوگا، پنجاب حکومت ن لیگ کے ہاتھ سے نکل گئی، وفاقی حکومت بھی ہاتھ سے نکل سکتی ہے،ن لیگ کو اب غیر جذباتی ہوکر غوروفکر کرنے کی ضرورت ہے کہ اس ساری مہم جوئی کے نتیجے میں اس نے کیا حاصل کیا اور کیا کھویا،شاید ن لیگ کی اعلیٰ قیادت جناب نواز شریف جو سنا ہے کہ ابتدا ہی سے نئے الیکشن کے حامی تھے اور اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کرانا چاہتے تھے ، اب ان کی سوچ بدل رہی ہے لیکن اب بہت دیر ہوچکی ہے ،اپنے اتحادیوں خاص طور پر جناب آصف زرداری کی حکمت عملیوں پر بھروسا کرنا انھیں بہت مہنگا پڑا ہے جب کہ اس سارے کھیل میں تمام فوائد زرداری صاحب نے حاصل کیے اور آئندہ بھی وہ مزید فوائد کے حصول کے لیے پر امید ہیں۔
زائچہ پاکستان کے مطابق سیارہ مریخ بارھویں (خفیہ سرگرمیاں، سازشیں، بیرونی مداخلت، نقصانات اور خوف ) سے متعلق ہے،یورینس جیسا کہ عرض کیا ، اچانک اور غیر متوقع صورت حال ، انکشافات اور ایجادات سے متعلق سیارہ ہے، راہو سیاست ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی معاملات ، جھوٹ و فریب جیسی سرگرمیوں کا نمائندہ ہے،چناں چہ یہ صورت حال کسی طور بھی پاکستان کے لیے خوش کن نہیں ہے،اس عرصے میں جو کچھ بھی نہ ہوجائے وہ کم ہے، یہ بھی ذہن میں رہے کہ سیارہ مریخ کسی بھی زائچے میں فوج اور پولیس یا قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی متعلق ہے،چناں چہ یہ ممکن نہیں کہ اب مقتدر حلقے صورت حال لاتعلق رہ سکیں،حالات و واقعات یقینا ان کے لیے بھی تشویش ناک ہیں ۔
زائچہ پاکستان میں سیارہ عطارد اور مشتری ساتویں گھر میں ہیں، مریخ ان دونوں کو بھی ناظر ہوگا اور آٹھویں گھر میں موجود پیدائشی شمس پر بھی اثر ڈالے گا جس کے نتیجے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی بڑھے گی، مزید یہ کہ مقتدر حلقے بھی حکومت پر دباو ڈالیں گے جس کے نتیجے میں بالآخر حکومت کو نئے انتخابات کی طرف جانا پڑے گا جن کا امکان اکتوبر کے آخر میں ممکن ہے۔
ملک میں مہنگائی کا تاریخی طوفان عوام کی زندگی عذاب قرار ہے اور اس پر طرفہ تماشا موجودہ مون سون سیزن ثابت ہوا ہے،بلوچستان ، چترال،کے پی کے ،جنوبی پنجاب، سندھ اور کراچی کی صورت حال نہایت تشویش نا ک ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں سیاسی محاذ آرائی میں مصروف ہیں انھیں عوامی پریشانیوں اور مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، بہر حال اگست کا مہینہ یقینا مزید غیر متوقع چونکا دینے والے واقعات لائے گا لیکن عوام کے لیے بہر حال کوئی اطمینان بخش صورت حال نظر نہیں آتی(واللہ اعلم بالصواب)
اماں کیسی کہ موج خوں ابھی سر سے نہیں گزری
گزر جائے تو شاید بازوئے قاتل ٹھہر جائے
اگست کی سیاروی گردش
سیارہ شمس اپنے برج اوج میں حرکت کر رہا ہے،17 اگست کو اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد بھی برج سرطان میں ہے اور یکم اگست کو برج اسد میں داخل ہوگا، سیارہ زہرہ برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے،7 اگست کو برج سرطان میں داخل ہوگا، سیارہ مریخ اپنے ذاتی برج حمل میں حرکت کر رہا ہے،10 اگست کو برج ثور میں داخل ہوگا،سیارہ مشتری برج حوت میں ہے،29 جولائی کو رجعت میں چلا جائے گا اور پھر اسی برج میں بحالت رجعت حرکت کرے گا، سیارہ زحل بحالت رجعت برج جدی میں رہے گا، راہو اور کیتو بالترتیب برج حمل اور میزان میں حرکت کریں گے،سیارہ یورینس برج حمل میں جب کہ نیپچون برج حوت میں اور پلوٹو برج جدی میں رہیں گے۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں اس ماہ 6 اگست کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 11:38 am پر داخل ہوگا اور 8 اگست دوپہر 01:15 pm تک ہبوط یافتہ رہے گا، یہ نحس وقت شمار کیا جاتا ہے، اس وقت کوئی بھی نیا کام شروع نہ کریں،خصوصاً شادی بیاہ ،منگنی وغیرہ سے بھی گریز کریں،اس نحس وقت میں بندش اور رکاوٹ کے اعمال مناسب ہوتے ہیں، بری عادتوں سے نجات ،مخالفین کی زبان بندی،دشمنوں کے خلاف کارروائی وغیرہ کے لیے مناسب وقت ہے، اس کے علاوہ علاج معالجہ کرانا بھی اس دوران میں بہتر ہوتا ہے،ہماری ویب سائٹ پر جفر آثار کا لنک موجود ہے جس میں ایسے آرٹیکل موجود ہیں جن سے آپ رہنمائی لے سکتے ہیں۔
شرف قمر
سیارہ قمر اس ماہ اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 19 اگست کو 5:31 am پر داخل ہوگا اور21 اگست شام 05:38 pm تک شرف یافتہ رہے گا،اس تمام عرصے میں مناسب وقت دیکھ کر اعمال خیر کیے جاسکتے ہیں،یہاں ایک خاص وقت کی نشان دہی ہم کر رہے ہیں ،20 اگست بہ روز ہفتہ دوپہر 12:35 pm سے 01:39 pm تک زیادہ مناسب اور موثر ترین وقت ہوگا، اس وقت میں کوئی بھی خیروبرکت سے متعلق ، باہمی اتحاد و یگانگت سے متعلق ضروری عمل کیا جاسکتا ہے۔
شرف عطارد
بہ حساب یونانی سیارہ عطارد کو شرف کی قوت برج سنبلہ میں حاصل ہوتی ہے،اکثر لوگ ویدک اصولوں کے بجائے یونانی طریقہ کار کے مطابق عملیات کرنا پسند کرتے ہیں، ان کی خاطر یہاں شرف عطارد کا وقت دیا جارہا ہے۔
سیارہ عطارد اپنے درجہ شرف پر 13اگست شب 10:31 am پر پہنچ جائے گا اور14 اگست کو سہ پہر 03:15 pm تک رہے گا، اس عرصے میں عطارد کی ساعت میں اپنی ضرورت کے مطابق اعمال شرف عطارد کیے جاسکتے ہیں ۔