مہینے کے آخری دو ہفتے نہایت ہنگامہ بلکہ دھماکہ خیز ہوسکتے ہیں
جیسا کہ گزشتہ ماہ کی ابتدا میں بعض اندیشہ ہائے دور دراز کی نشان دہی کی گئی تھی اور زائچہ پاکستان کے حوالے سے عرض کیا تھاصورت حال اس سال کے شروع ہی سے خراب رہی ہے اور اب سال کے آخری مہینے بھی مزید نت نئے تماشے دکھائیں گے،یہ بھی نشان دہی کی گئی تھی کہ 25 ستمبر کا نیو مون چارٹ نہایت غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جس میں سیارہ عطارد کی پوزیشن بری طرح متاثر ہورہی ہے،میڈیا اور بچوں سے متعلق معاملات متاثر ہوسکتے ہیں، خیال رہے کہ سیارہ عطارد کا تعلق خبر سے ہے اور جب یورینس ،راہو قران جاری ہو تو جو خبر بھی سامنے آتی ہے وہ چونکا دینے والی اور توقع کے خلاف ہوتی ہے لہٰذا ہم دیکھ رہے ہیں کہ آڈیو لیکس کا چرچا میڈیا میں ہورہا ہے،مزید ایسے تماشوں کے لیے تیار رہیں، یورینس اور راہو کا قران دوبارہ شروع ہوچکا ہے،ساتھ ہی مشتری اور زہرہ کی نظر بھی قائم ہے جو مقتدر حلقوں کی فکر مندی اور پریشانی ظاہر کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ زائچہ پاکستان میں سیارہ زہرہ پہلے اور ساتویں گھر کا حاکم ہے،ستمبر کے آخر سے اپنے برج ہبوط سنبلہ میں داخل ہوا اور فوراً ہی سیارہ مشتری کے مقابل آگیا، یہ سول و ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے لیے شدید نوعیت کی ناموافق صورت حال ہے،حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی اس صورت حال سے پریشان ہوسکتے ہیں، چناں چہ اکتوبر میں کچھ ایسے غیر متوقع فیصلے ہوسکتے ہیں جن کا فی الحال دور دور تک امکان نظر نہیں آتا، اس حوالے سے ستمبر کا آخری ہفتہ اور اکتوبر کا پہلا ہفتہ نہایت اہم نظر آتا ہے۔
سیارہ مریخ 20 اکتوبر تک برج جوزا میں داخل ہوگا اور زہرہ اور شمس زائچے کے چھٹے گھر میں داخل ہوجائیں گے،گویا کسی نئے منظر نامے کے لیے میدان تیار ہوجائے گا، یہی وقت ہوگا جب نئے آرمی چیف کی تقرری کا سوال پورے زور و شور سے اٹھے گا، پاکستان کی سیاسی ، معاشی اور عوامی صورت حال پیش نظر ہوگی،مختلف نوعیت کے تنازعات عروج پر ہوں گے،ان تمام حالات کے پیش نظر اس امکان پر بھی غورہوگا کہ کوئی نیا چیف آف اسٹاف لایا جائے یا حاضر چیف آف اسٹاف جناب قمر جاوید باجوہ ہی کو مزید موقع دیا جائے کہ وہ اب تک کی ساری صورت حال سے بہتر طور پر واقف ہیں، نئے انتخابات تک وہی تمام صورت حال کی نگرانی کریں۔
سیارہ مریخ کی نئی پوزیشن نہایت اہمیت کی حامل ہے،برج جوز ا کے ابتدائی درجات پر ہی اسے رجعت ہوگی اور اپنی اسٹیشنری پوزیشن میں تقریباً 13 نومبر تک یہ زائچے کے دوسرے ، پانچویں،آٹھویں اور نویں گھر کو بری طرح متاثر کرے گا، گویا معاشی بحران میں اضافہ ہوگا، بوکھلاہٹ میں حکومت ایسے فیصلے اور اقدام کرسکتی ہے جو اس کے لیے مزید مسائل پیدا کرسکتے ہیں، اس عرصے میں کسی بڑے حادثے کا اندیشہ بھی موجود ہے،نہایت اہم صورت حال یہ ہوگی کہ اس وقت عدلیہ ، الیکشن کمیشن اور آئینی معاملات میں کوئی نیا تنازع بحران کی صورت اختیار کرسکتا ہے،غیر آئینی فیصلے اور اقدام ہوسکتے ہیں، اسمبلی کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے،اس وقت سیارہ شمس اور زہرہ بھی زائچے کے چھٹے گھر میں ہوں گے اور 25 اکتوبر کو سورج گہن ہوگا، گویا ٹرائیگر پر انگلی کا دباو¿ بڑھ جائے گا اور پھر کوئی بھی دھماکہ خیز صورت حال سامنے آسکتی ہے جسے کنٹرول کرنا حکومت کے بس میں نہیں ہوگا، یقینا مقتدر حلقوں کو خصوصی مداخلت کرنا پڑے گی، اکتوبر کے آخری ہفتے سے سورج گہن کے بعد حالات و واقعات میں بے حد تیزی نظر آتی ہے جو 8 نومبر کے چاند گہن تک اپنے عروج پر پہنچ جائے گی۔
عزیزان من!8 نومبر کا چاند گہن کیسے عجیب اور حیران کن واقعات سامنے لاسکتا ہے اس کے بارے میں قبل از وقت کچھ کہنا مشکل ہے، صرف اتنا عرض کرنا کافی ہوگا کہ یہ وقت ہمارے مقتدر حلقوں کے لیے بھی نہایت اہم اور تشویش ناک ہوگا (واللہ اعلم بالصواب)
اکتوبر کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے،17 اکتوبر کو اپنے ہبوط کے برج میزان میں داخل ہوگا، یہ شمس کی نہایت کمزور اور ناقص پوزیشن ہے۔
سیارہ عطاردبھی بحالت رجعت برج سنبلہ میں ہے،2 اکتوبر کو مستقیم ہوگا اور 26 اکتوبر کو برج میزان میں داخل ہوجائے گا۔
سیارہ زہرہ بھی اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں ہے،16 اکتوبر کو اپنے ذاتی برج میزان میں داخل ہوگا، اس تمام عرصے میں شمس سے قریب ہونے کی وجہ سے غروب رہے گا۔
سیارہ مریخ برج ثور میں حرکت کر رہا ہے، 16 اکتوبر کو برج جوزا میں داخل ہوگا جب کہ 30 اکتوبر کو اسے رجعت ہوگی، بحالت رجعت 13 نومبر کو دوبارہ برج ثور میں واپس آجائے گا۔
سیارہ مشتری برج حوت میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،پورا مہینہ اسی برج میں بحالت رجعت رہے گا،سیارہ زحل برج جدی میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے،23 اکتوبر کو مستقیم ہوگا، راہو اور کیتو بالترتیب برج حمل اور میزان میں حرکت کر رہے ہیں۔
قمر در عقرب
اس ماہ پہلا قمر در عقرب پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 29 ستمبر بہ روز جمعرات 10:55 pm سے شروع ہوگااور 2 اکتوبررات 02:45 am تک جاری رہے گا، یہ نہایت نحس وقت ہوتا ہے، اس میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے،خاص طور پر منگنی و نکاح وغیرہ سے بھی گریز کرنا چاہیے،اس وقت میں بندش وغیرہ کے عملیات کیے جاتے ہیں، البتہ علاج معالجے کے لیے یہ وقت بہتر ہوتا ہے۔
اکتوبر کے مہینے میں دوسری بار قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 27 اکتوبر کو 06:01 am پر داخل ہوگا اور 29 اکتوبر 08:35 am تک برج عقرب میں رہے گا، گویا اس مہینے میں دو دفعہ قمر در عقرب ہوگا۔
جو لوگ اپنی جائز ضروریات کے لیے اس دوران میں عملیات و وظائف کرنا چاہتے ہیں،ان اوقات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، قمر در عقرب سے متعلق عملیات و وظائف ہماری ویب سائٹ پر جفر آثار کے لنک پر موجود ہیں۔
شرف قمر
قمر اس ماہ اپنے شرف کے گھر برج ثور میں بارہ اکتوبر کو 10:59 pm پر داخل ہوگا اور 15 اکتوبر 09:31 am تک شرف یافتہ رہے گا، یہ وقت سعد و مبارک ہے ، اس وقت میں اپنی جائز ضروریات کے لیے مخصوص اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں، ہم یہاں ایک موثر اور خاص وقت کی نشان دہی کر رہے ہیں۔
13 اکتوبر کو شام 06:07 pm سے 07:09 pm تک قمر کی ساعت ہوگی اس ساعت میں کوئی بھی عمل یا وظیفہ کرنا موثر ثابت ہوگا۔
شرف عطارد اور خاتم عطارد
سیارہ عطارد کو پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 16 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک شرف کی قوت حاصل ہوگی،اس حوالے سے عطارد کی اہم ساعات کی نشان دہی کی جارہی ہے،اس وقت میں خاتم عطارد کے علاوہ لوح عطارد بھی تیار کی جاسکتی ہے یا عطارد سے متعلق دیگر حسب ضرورت اعمال کیے جاسکتے ہیں۔
پہلی موثر ساعت عطارد 16 اکتوبر کو شب 12:27 am سے 01:25 am تک ہوگی جب کہ دوسری 16 اکتوبر کو صبح 07:09 am سے 08:21 am تک رہے گی اور تیسری ساعت عطارد دوپہر 02:29 pm سے 03:31pm تک رہے گی۔
عطارد ذہانت ‘ قوت حافظہ اور تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق ہے‘ سفر اور نشرو اشاعت کے معاملات بھی اس کے زیر اثر ہیں‘ وہ لوگ جو کند ذہنی‘ کمزور حافظہ اور تعلیمی امور میں عدم دلچسپی کی شکایات رکھتے ہیں،لازمی طور پر ان کے پیدائشی زائچے میں سیارہ عطارد کمزور ہوتا ہے،بعض لوگ غبی اور کم عقلی یا کم فہمی جیسی کمزوریوں میں مبتلا ہوتے ہیں،وہ بھی عطارد کی کمزوری ہے،عام طور پر جن لوگوں کے زائچے میں عطارد کمزور ہو وہ علم ریاضی میں ہمیشہ کمزور رہتے ہیں،بعض بچے سائنس کے سبجیکٹ میں اپنی ریاضی کی کمزوری کے سبب آگے نہیں جا پاتے، ان کے لیے یہ وقت نہایت فائدہ بخش ہے‘ اس وقت میں لوح عطارد نورانی کے علاوہ ”خاتم عطارد“ بھی تیار ہوتی ہے یعنی عطارد کا مخصوص نقش انگوٹھی پر یا کسی موافق اسٹون پر کندہ کرلیا جاتا ہے‘خاتم عطارد کا خصوصی نقش اس بار دیا جا رہا ہے‘ جو لوگ تیار کرنا چاہیں ‘ کر سکتے ہیں‘ یہ 9 خانوں کا مثلث نقش ہے‘ اسے چاندی کی انگوٹھی یا کسی ایسے پتھر پر لکھیں جو سبز یا فیروزی رنگ کا ہو‘ پتھر کو بعد میں انگوٹھی میں جڑوا لیں یا اس کا لاکٹ بنوا کر گلے میں بھی پہن سکتے ہیں‘ نقش یہ ہے ۔
عطارد سال میں کم از کم تین مرتبہ رجعت میں ہوتا ہے یا شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب رہتا ہے، خاتم عطارد اس صورت حال میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے، برج جوزا اور سنبلہ والوں کا ستارہ عطارد ہے،وہ بھی اس نقش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو لوگ خود تیار نہ کر سکیں وہ براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
نقش عطارد بہت سادہ اور آسان ہے ، نقش کا پہلا خانہ وہ ہے جس میں 4 کا عدد ہے، اسی خانے سے نقش کی چال کا آغاز ہوگا اور پھر بالترتیب 4 سے 11 تک نقش بھرا جائے گا، اوپر دیے گئے شرف کے وقت میں عطارد کی ساعت اس کام کے لیے مناسب ہوگی، نقش کندہ کرتے ہوئے باوضو ہوکر رجال الغیب کا خیال رکھ کر بیٹھیں،رجال الغیب سامنے یا دائیں ہاتھ پر نہ ہوں،رجال الغیب کی سمت معلوم کرنے کے لیے یہاں کلک کریں لوبان کی اگربتی جلائیں اور چنبیلی کا عطر استعمال کریں، کام مکمل ہونے کے بعد سبز رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دے کر چھوٹے بچوں میں تقسیم کریں اور پھر نوچندے بدھ کے روز صبح پہلی ساعتِ عطارد میں پہن لیں۔