اکتوبر کی سیاروی گردش، ایک نئی بساط کی تیاری

اکتوبر کی سیاروی گردش، ایک نئی بساط کی تیاری

ستائیسویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کی باز گشت

دنیا ایک نئے دور میں داخل ہورہی ہے جہاں ذاتی مفادات اور نفسا نفسی کا راج ہے، بین الاقوامی سطح پر نئے گروپ بن رہے ہیں، قطر پر اسرائیل کا حملہ اور اس کے بعد اسلامی ممالک کی اہم کانفرنس، پاکستان اور سعودی عربیہ کے درمیان غیر معمولی معاہدہ ، ستمبر میں تمام اسلامی ممالک کے سربراہان کا امریکا میں اجتماع نہایت غیر معمولی واقعات ہیں، انھیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

اس ساری صورت حال میں اس وقت بھارت نہایت پریشانی اور الجھن کا شکار ہے، ہم پہلے ہی نشان دہی کرچکے ہیں کہ 10ستمبر 2025سے بھارت کے زائچے میں بارھویں گھر کے حاکم سیارہ مریخ کا دور اکبر شروع ہوچکا ہے اور قمر کا دور اکبر اختتام کو پہنچا۔

عزیزان من! آج سے دس سال پہلے ہم نے اپنے ایک آرٹیکل میں نشان دہی کی تھی کہ قمر کا دور اکبر بھارت کو مذہبی انتہا پسندی کی طرف لے جائے گا اور ایسا ہی ہوا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوتوا کا نعرہ لگایا اور بہت مقبولیت حاصل کی، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک اختیار کیا گیا، اب اس صورت حال کا منفی نتیجہ ظاہر ہونے کا وقت آگیا ہے ۔

سیارہ مریخ کا سات سالہ دور اکبر بھارت کو بہت بری طرح متاثر کرے گا۔ اس دور میں بھارت میں قوموں کے باہمی تضادات ابھر کر سامنے آئیں گے اور داخلی صورت حال میں انتشار پیدا ہوگا، ساتھ ہی خارجہ امور میں بھی بھارت کو ناکامیوں کا سامنا دیکھنا پڑے گا جس کے نتیجے میں تجارتی نقصانات میں اضافہ ہوگا۔ آنے والے سال 2026میں وزیراعظم نریندر مودی اپنی مقبولیت کھوسکتے ہیں اور اپنے ہی اتحادیوں کے ساتھ اختلافات کا شکار ہوکر کسی عدم اعتماد کی تحریک کا سامنا کرسکتے ہیں، گویا آنے والا سال مودی حکومت کے لیے بہت سے نئے چیلنج لارہا ہے۔

زائچہ پاکستان

اکتوبر تا دسمبر نہایت ہی اہم وقت پاکستان کے زائچے میں نظر آرہا ہے، سیاروی گردش اس دوران میں زائچے کے تیسرے ، چھٹے اور ساتویں، آٹھویں گھر میں رہے گی جس کے نتیجے میں آئین ، عدلیہ کے علاوہ سول و ملٹری بیوروکریسی میں بھی نئے حالات و واقعات جنم لیں گے اور حکومت کے لیے نہایت ہی چیلنجنگ وقت ثابت ہوگا۔

کچھ عرصے سے 27ویں آئینی ترمیم کا چرچا ہورہا ہے۔ امکان ہے کہ راہو اور مشتری کے درمیان تثلیث کے باعث اندر ہی اندر جو کھچڑی پک رہی ہے، یہ اکتوبر کے مہینے میں سامنے آجائے گی اور اس ترمیم کے نتیجے میں آئین میں کسی نئی سیاسی بساط کے لیے راہ ہموار کی جاسکتی ہے۔ سیاست دانوں اور عدلیہ کی حیثیت مزید کمزور ہوسکتی ہے لیکن خیال رہے کہ سیارہ مریخ زائچے کے چھٹے گھر میں رہتے ہوئے تقریباً 9اکتوبر سے راہو کی نظر میں آجائے گا جو مقتدر حلقوں کے دائرہ کار پر سوال اٹھانے کا سبب ہوگااور سیارہ مشتری بھی 18اکتوبر کو برج سرطان میں داخل ہوگا تو نویں گھر کے ابتدائی درجات پر ہی تقریباً دو ماہ قیام کرے گا۔

اس دوران میں مشتری اور مریخ کے درمیان بھی ایک اہم نظر قائم ہوگی جس کے نتیجے میں ملک میں دہشت گردی اور جرائم میں اضافہ ہوگا اور بیرونی مداخلت کے امکانات بھی نمایاں ہوں گے، پاکستان کی مسلح افواج کو بیک وقت کئی محاذوں پر نئے چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف ملک کے اندر بھی سیاسی سطح پر انتشار اور خلفشار پیدا ہوسکتا ہے۔ امید کی جاسکتی ہے کہ مسلح افواج صورت حال کو کنٹرول کرنے میں کامیاب رہے گی اور ملک پر اپنی گرفت کو مزید مستحکم کرے گی ۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعاون کا معاہدہ ایک خو ش آئند واقعہ ہے، یقینا مستقبل میں اس کے دور رس اور کارآمد نتائج ظاہر ہوں گے، پاکستان کے دشمنوں کی حوصلہ شکنی ہوگی ۔

عزیزان من! وقت نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ نظام حکومت کسی طور بھی عوامی فلاح و بہبود کے لیے بہتر ثابت نہیں ہوسکا ہے لہٰذا اس نظام کو تبدیل کرنا ضروری ہوچکا ہے، اس حوالے سے بہت سی چہ مہ گوئیاں بھی ہورہی ہیں، ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر بھی گفتگو شروع ہوگئی ہے اور اس حوالے سے منفی و مثبت بحث مباحثہ بھی جاری ہے۔ بظاہر یہ ایک ناممکن سی بات نظر آتی ہے کیوں کہ پاکستانی سیاست دانوں کے مفادات موجودہ نظام سے جڑے ہوئے ہیں۔

کسی بھی نئی ایسی تبدیلی کو وہ برداشت نہیں کرسکتے مگر خیال رہے کہ وقت کا پہیہ جب گھومتا ہے تو بڑے بڑے حیران کن حالات و واقعات سامنے آتے ہیں، ناممکن ، ممکن ہوجاتا ہے، اس سال کے آخری تین مہینے اور آئندہ سال کی سیاروی گردش نہایت غیر معمولی ہے جس میں موجودہ سسٹم کی تبدیلی کے اشارے ملتے ہیں، اب یہ تبدیلی کس نوعیت کی ہوگی، اس کا اندازہ بھی آئندہ سال کے ابتدائی چار مہینوں میں ہوجائے گابہت کچھ ایسا سامنے آئے گا جس کے بارے میں کبھی سوچا بھی نہ ہو  محو حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہوجائے گی۔

اکتوبر کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے۔ 17اکتوبر کو اپنے برج ہبوط میزان میں داخل ہوگا۔ اس برج میں شمس کی پوزیشن نہایت کمزور ہوتی ہے، سیارہ عطارد بھی برج سنبلہ میں ہے جو اس کے شرف کا برج ہے۔ 3اکتوبر کو برج میزان میں داخل ہوگا اور 24اکتوبر کو اپنے برج اوج عقرب میں داخل ہوجائے گا۔

سیارہ زہرہ برج اسد میں حرکت کر رہا ہے اور راہو کیتو کے محور میں ہے، یہ زہرہ کے لیے خراب وقت ہے لہٰذا اس دوران میں منگنی ، شادی بیاہ یا دیگر زہرہ سے متعلق کاموں سے گریز کریں، خواتین کے لیے بھی یہ مسائل اور پریشانی لانے والا وقت ہے۔ 9اکتوبر کو سیارہ زہرہ اپنے برج ہبوط سنبلہ میں داخل ہوگا اور 2نومبر تک ہبو ط زدہ رہے گا، یہ تمام عرصہ بھی منگنی اور نکاح وغیرہ کے لیے ناموافق ہوگا، احتیاط کریں۔

سیارہ مریخ برج میزان میں حرکت کر رہا ہے اور 27اکتوبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا۔ سیارہ مشتری برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور راہو کی نظر کا شکار ہوجس کی وجہ سے مشتری کی پوزیشن تقریباً اگست کے مہینے سے کمزور ہے۔ اس عرصے میں مالی نوعیت کے معاملات میں محتاط رہنا چاہیے اور کوئی نئی انویسٹمنٹ نہیں کرنی چاہیے۔ کسی کو ادھار ، قرض نہ دیں، ترقیاتی نوعیت کے کاموں میں بھی رکاوٹ رہے گی۔

 9اکتوبر کے بعد راہو کی نظر سے مشتری کو نجات مل جائے گی ۔ 18اکتوبر کو سیارہ مشتری اپنے شرف کے برج سرطان میں داخل ہوگا لیکن گیارہ نومبر کو اسے رجعت ہوگی اور پھر 5دسمبر کو واپس برج جوزا میں آجائے گا۔

سیارہ زحل بحالت رجعت برج حوت میں حرکت کر رہا ہے اور نیپچون کے ساتھ حالت قران میں ہے۔ سیارہ یورینس بحالت رجعت برج ثور میں جب کہ نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں اور پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کر رہے ہیں جب کہ راہو اور کیتو بالترتیب برج دلو اور اسد میں حرکت کریں گے، یہ رفتار سیارگان ویدک سسٹم کے مطابق ہےں۔

شرف قمر

سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 10اکتوبر بہ روز جمعہ کو داخل ہوگا اور 12اکتوبر بہ روز اتوارشب  01:54 تک اپنے شرف کے برج میں رہے گا، یہ تمام وقت سعادت افروز ہے ، اس دوران میں اہم کاموں کی انجام دہی مبارک ثابت ہوتی ہے، خیال رہے کہ یہ شرف قمر چاند کی 17تاریخ کو ہوگا۔

قمر اپنے درجہ شرف پر 10اکتوبر کو صبح قبل طلوع آفتاب 04:04پر پہنچے گا اور صبح 05:41 تک رہے گا۔ اس وقت میں اپنے جائز اور نیک مقاصد کے لیے اعمال و وظائف کرنا افضل ہوتا ہے، اس حوالے سے ضروری عملیات ہم پہلے دیتے رہے ہیں اور ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

قمر در عقرب

قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق بہ روز جمعرات 23اکتوبر کو رات 09:35پر داخل ہوگا اور 26اکتوبر بہ روز اتوار صبح 10:16تک ہبوط زدہ رہے گا۔ اس عرصے میں اپنے درجہ ءشرف پر 24اکتوبر کوشب 01:36 سے 03:38 تک ہوگا۔

یہ وقت نہایت نحس تسلیم کیا جاتا ہے لہٰذا اس عرصے میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں، خصوصاً منگنی ، نکاح ، کوئی نیا معاہدہ یا نئی جاب کی جوائننگ، نیا کاروبار ہر گز شروع نہ کریں ورنہ نتائج توقع کے خلاف ہوسکتے ہیں۔

البتہ اس وقت میں علاج معالجہ کرانا بہتر ہوتا ہے، بری عادتوں سے نجات کے لیے بھی اس دوران اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں ، دشمنوں کے خلاف اقدام کرنا بھی مناسب ہوتا ہے، اس حوالے سے ضروری عملیات ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔

:آئیے اپنے سوالات اور ان کے جوابات کی طرف

یک طرفہ محبت

ایس، اے، نیویارک ۔ عزیزم! آپ کا شمسی برج سرطان ہے اور قمری برج قوس لہٰذا آپ نہایت حساس اور جذباتی آدمی تو ہیں ہی،تھوڑے سے بے وقوف بھی ہیں، اس کے ساتھ ہی عشق و محبت کے مشہور ستارہ زہرہ اور مریخ آپ کے زائچے میں باہم بغل گیر ہو کر ایک ہی برج میں مقیم ہیں اور یہ برج بھی رومانس اور تفریح پسندی کا برج ہے لیکن ابھی آپ کی عمر ایسی نہیں ہے کہ آپ خود کو عشق کی آگ میں جلائیں۔

 اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور زبردستی کسی کے اوپر اپنی محبت تھوپنے کی کوشش نہ کریں اگر وہ لڑکی آپ کو پسند نہیں کرتی، آپ کو دیکھ کر منہ پھیر لیتی ہے، پیشانی پر بل ڈال لیتی ہے تو یہ اس کا حق ہے لیکن آپ کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ عملیات و وظائف کے ذریعے زبردستی اسے اپنا تابع اور فرماں بردار بنانے کی کوشش کریں۔

عملیات و وظائف اس لیے ہر گز نہیں ہوتے کہ آپ ان سے اپنی اس نوعیت کی ذاتی خواہشات پوری کریں اور دوسروں کا ذاتی استحقاق مجروح کریں، اگر ایسا ہوتا تو پھر تو بڑی تباہی آتی۔ جس کا دل چاہتا اپنی پسند کے لڑکے یا لڑکی کو اپنا فرماں بردار اور اپنے عشق میں گرفتار کر لیتا۔ بے شک ہمارے کم علم اور نام نہاد پیروں، فقیروں اور عاملوں، کاملوں نے ایسی گمراہ کن باتیں پھیلا رکھی ہیں لیکن ان باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔ اعمال عشق محبت میں بھی جذب و کشش کا مخصوص قانون کارفرما ہے جہاں یہ قانون موجود نہ ہو، وہاں ناکامی ہوتی ہے۔

آپ کو چاہیے کہ اپنی زندگی کے اصل مقصد یعنی اپنی تعلیم و تربیت پر پہلے توجہ دیں اور اپنا کرئر بنا کر خود کو اس بات کا اہل بنائیں کہ وہ لڑکی آپ کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے اور خود آپ کی شخصیت میں اپنے لیے دلچسپی محسوس کرے پھر شرعی تقاضے کے مطابق اپنے ماں باپ کو راضی کریں اور اس کے گھر اپنا رشتہ بھیجیں باقی ساری باتیں اس کے بعد کی ہیں۔ یہ کون سی معقولیت ہے کہ اپنی عمر کے تقاضوں کے خلاف اپنی ایک نامناسب خواہش کے غلام بن گئے ہیں۔ بہتر ہو گا کہ اپنی محبت کو غلط اور منفی رخ نہ دیں اور صرف وہ کام کریں جس کا آپ حق رکھتے ہیں اور جو آپ کے لیے ضروری ہے۔

ازدواجی ناچاقی

م، ن، حیدرآباد: آپ نے اپنا نام اور مقام لکھنے کی کوئی زحمت نہیں کی۔ خط کے آخر میں ایک مجبور بہن لکھ دیا ہے۔ بہرحال چونکہ اپنی اور شوہر کی تاریخ پیدائش لکھ دی ہے لہٰذا آپ کے مسئلے کا جواب ہم دے رہے ہیں۔

بنیادی طور پر ایسا نہیں ہے کہ آپ دونوں کے درمیان موافقت اور ہم آہنگی نہ ہو۔ آپ کا شمسی برج قوس اور شوہر کا شمسی برج میزان ہے۔ یہ دونوں باہمی موافقت اور ہم آہنگی رکھنے والے بروج ہیں اور شاید یہی وجہ ہے کہ یہ گاڑی خاصی کامیابی کے ساتھ اب تک چل رہی ہے اور ماشاءاﷲ اب تو بچے بھی بڑے ہو چکے ہیں۔

آپ کا جو مسئلہ ہے اس کا تعلق آپ دونوں کے مزاج سے نہیں، فطرت سے تعلق رکھتا ہے۔ دونوں کا قمری برج آبی ہے اور آپ کے مقابلے میں آپ کے شوہر زیادہ حساس اور جذباتی ہیں۔ ان کی یہ حساسیت منفی رخ پر ہے جس کی وجہ سے وہ دنیا کے ہر معاملے کو ایک منفی انداز سے دیکھتے ہیں خصوصاً ایسے معاملات ان کے لیے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں جن کا تعلق ان کی انتہائی نجی زندگی سے ہو اور آپ بھی ان کا ایک ایسا ہی معاملہ ہیں لہٰذا آپ کی ذرا سی بات بھی انہیں بہت زیادہ محسوس ہوتی ہے اور وہ اسے بہت زیادہ منفی انداز میں دیکھتے ہیں۔

چونکہ ان کی یہ خصوصیت ان کی فطرت کا حصہ ہے لہٰذا کبھی تبدیل نہیں ہو سکی بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی چلی گئی اور اب بہت پختہ ہو چکی ہے۔ بہرحال ان کی عادات بد کو روکنے کے لیے آپ حروف صوامت سے کام لے سکتی ہیں اس کے لیے بہترین موقع ہرماہ قمر در عقرب کا جو وقت دیا جاتا ہے اس میں عمل کیا جاسکتا ہے،اس عرصے میں آ پ تالے والا عمل کر سکتی ہیں یا اور بھی ایسے طریقوں سے کام لے سکتی ہیں جو ہم اکثر چاند یا سورج گرہن کے موقع پر دیتے رہے ہیں۔